Tag: یونیورسل ہیلتھ کوریج

  • پاکستان میں ’یونیورسل ہیلتھ کوریج‘ اسکور میں نمایاں بہتری آ گئی، کون سے ضلع کا اسکور سب سے زیادہ؟

    پاکستان میں ’یونیورسل ہیلتھ کوریج‘ اسکور میں نمایاں بہتری آ گئی، کون سے ضلع کا اسکور سب سے زیادہ؟

    اسلام آباد: دنیا بھر میں 12 دسمبر کو یونیورسل ہیلتھ کوریج ڈے منایا جاتا ہے، جس کا مقصد پوری دنیا کے لوگوں کو بغیر کسی امتیاز کے صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے، پاکستان بھی آج یونیورسل ہیلتھ کوریج ڈے منا رہا ہے۔

    وزارت صحت نے پاکستان میں علاج کی سہولیات کے حوالے سے یو ایچ سی انڈیکس جاری کر دیا، کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے پاکستان کے لیے UHC کے تازہ ترین نتائج کا اعلان کیا ہے۔

    ڈاکٹر مختار بھرتھ کے مطابق یو ایچ سی کوریج انڈیکس کا اعلان برطانوی حکومت کی تکنیکی معاونت سے کیا گیا ہے، قومی سطح پر یونیورسل ہیلتھ کوریج سروس 2015 میں 40 کے اسکور پر تھا، 2023 میں یہ 53.9 تک بہتر ہوا، 2015 کے بعد سے اس میں قابل ستائش اضافہ ہوا ہے۔

    اسلام آباد نے 63.9 پر تمام صوبوں اور علاقوں میں سب سے زیادہ اسکور کیا ہے، اس کے بعد پنجاب 55.5 کے اسکور کے ساتھ، خیبر پختونخواہ 51، سندھ 50.7 اور بلوچستان 38.4 اسکور کے ساتھ نمایاں ہے۔

    مجموعی طور پر، پاکستان کے 45 اضلاع کا یو ایچ سی سروس کوریج انڈیکس اسکور 40 سے کم ہے، 57 اضلاع کا اسکور 50 اور 59 کے درمیان ہے، ملک کے صرف 11 اضلاع نے یو ایچ سی سروس کوریج انڈیکس اسکور 60 یا اس سے زیادہ حاصل کیا ہے، ضلع جہلم تولیدی، زچگی، نوزائیدہ اور بچے کی صحت کے زمرے میں 78.4 کے مجموعی اسکور کے ساتھ سرفہرست ہے۔

    جاپان نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے میں مدد کے لیے بڑا اعلان کر دیا

    یہ اسکور 2030 تک پائیدار ترقی کے ہدف کو حاصل کرنے کے پاکستانی عزم کی طرف بڑی پیش رفت ہے۔ ڈاکٹر مختار بھرتھ کا کہنا ہے کہ سالانہ 1.34 کروڑ پاکستانی مہنگے طبی اخراجات کے باعث غربت کا شکار ہو سکتے ہیں، اس لیے ہر شخص تک صحت کی سہولیات کی رسائی ہمارا ایجنڈا اور مشن ہے، اور حکومت یونیورسل ہیلتھ کوریج کو یقینی بنانے کے لیے پر عزم ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج میں سرمایہ کاری ایک منصفانہ معاشرے کی تشکیل کے لیے اہم قدم ہے، جہاں ہر شہری کو معیاری صحت کی سہولیات تک رسائی حاصل ہو، حکومت صحت کے شعبے میں تعاون پر گورنمنٹ آف برطانیہ اور برٹش ہائی کمشن کی شکر گزار ہے۔

  • وزیر اعظم کی موجودگی میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کے معاہدے

    وزیر اعظم کی موجودگی میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کے معاہدے

    اسلام آباد: ہر شہری کو صحت کی سروسز بلاامتیاز اور مفت فراہمی کا وزیر اعظم کا خواب حقیقت بن گیا ہے، وزیر اعظم کی موجودگی میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کے معاہدے طے پا گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت، پنجاب اور اسٹیٹ لائف انشورنس کے درمیان یونیورسل ہیلتھ کوریج کے معاہدے ہوئے ہیں، اور اس سلسلے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

    معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل، یاسمین راشد اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے، وزیر اعظم نے رواں سال پنجاب میں صحت سہولت پروگرام کا اعلان کیا تھا۔

    یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام کے تحت پنجاب کے تمام شہریوں کو اسپتال میں داخل ہونے پر مفت علاج ملے گا، ہر خاندان کو سالانہ 10 لاکھ کی ہیلتھ انشورنس مفت فراہم کی جائے گی۔

    صحت کارڈز سے اوپن ہارٹ سرجری، انجیوپلاسٹی، کینسر کا علاج مفت ممکن ہوگا، نیورو سرجری، جلنے، حادثہ یا ڈائیلاسز کے لیے ہیلتھ کارڈ پر مفت علاج ہوگا۔

    انتہائی نگہداشت، ڈیلیوری، زچگی آپریشن،گردے کی پیوندکاری و دیگر علاج بھی مفت کیا جائے گا۔

  • پاکستان بیماریوں پر قابو پانے کی ترجیحات رکھنے والا پہلا ملک بن گیا ہے: ظفر مرزا

    پاکستان بیماریوں پر قابو پانے کی ترجیحات رکھنے والا پہلا ملک بن گیا ہے: ظفر مرزا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ پاکستان بیماریوں پر قابو پانے کی ترجیحات رکھنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے یونیورسل ہیلتھ کوریج پیکج سے متعلق منعقدہ تقریب سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

    ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان بیماریوں پر قابو پانے کی ترجیحات رکھنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔ شعبہ صحت میں شواہد پر مبنی فیصلہ سازی کے لیے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایجنڈا 2030 پر عملدر آمد کا پختہ عزم کر رکھا ہے، یونیورسل ہیلتھ کو یقینی بنانے کے لیے صحت انصاف کارڈ انقلابی قدم ہے۔

    ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ صحت انصاف کارڈ کا دائرہ کار پورے ملک تک پھیلا دیا، اسلام آباد کو ہیلتھ کے حوالے سے ماڈل سٹی بنا رہے ہیں۔ حکومت پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو مستحکم کر رہی ہے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر ظفر مرزا نے کہا تھا کہ حکومت ہیپاٹائٹس اور ایڈز کی روک تھام کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے، انجکشن سیفٹی کے حوالے سے جامع منصوبہ ترتیب دیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ انجکشن سیفٹی کی ٹاسک فورس مستعدی کے ساتھ منصوبے پر بھی کام کر رہی ہے۔