کراچی: شہر قائد کو دو مزید یونیورسٹیاں ملنے کو تیار ہے، چودہ دسمبر کو نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کیمپس کا کراچی میں افتتاح ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول کی کوششوں سے دسمبر میں دو مزید یونیورسٹیاں کراچی کو ملیں گی، چودہ دسمبر کو نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کیمپس کا کراچی میں افتتاح ہوگا۔
وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دسمبر میں ہی نیشنل اسکلز یونیورسٹی کا کیمپس بھی کراچی کو دینے جارہے ہیں۔
وفاقی وزیر تعلیم نے میرپور خاص کی عوام کے لیے بھی بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا اگلے سال مارچ میں میرپورخاص میں وفاقی یونیورسٹی کیمپس کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
خالد مقبول کا کہنا تھا کہ کیمپس سے میرپورخاص سمیت سانگھڑ، عمر کوٹ اور تھرپارکر اضلاع کے طالبعلم بھی کیمپس میں تعلیم حاصل کرسکیں گے۔
انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ملک بھر میں جامعات قائم کرکے علم و آگہی کی روشنی پھیلائے گی، یونیورسٹی کیمپس کے لیے جگہیں دیکھ رکھی ہیں لیکن زمین حاصل کرنے میں مشکلات اور رکاوٹیں ہیں۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ایسی جگہیں بھی ہیں جو دس دس سال سے بند پڑی ہیں لیکن انکو حاصل کرنا مشکل بنایا جارہا ہے ، سندھ کو بیس یونیورسٹیاں وفاق سے دینے کا وعدہ پورا کروں گا۔
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب کے ہر ضلع میں یونیورسٹی بنائیں گے، 8 یونیورسٹیوں پر اسی سال کام شروع ہو چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت سنبھالنے کے بعد پنجاب کی یونیورسٹیوں کی اصلاحات پر کام کیا۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ 16وی سیز، ٹاپ مینجمنٹ میرٹ پر لائے، نئے کورسز تیار کیے اور امتحانی نظام کی بہتری کے لیے پلاننگ کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ یونیورسٹی، انٹرنیشنل اسٹینڈرڈ کی یونیورسٹی بنائیں گے، 8 یونیورسٹیوں پراسی سال کام شروع ہو چکا ہے، بنیادی قانونی ضروریات بھی پوری کی جا چکی ہیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں کوہسار یونیورسٹی مری، راولپنڈی یونیورسٹی، نارتھ پنجاب یونیورسٹی چکوال، تھل یونیورسٹی بھکر، میانوالی، باباگرونانک، ساؤتھ پنجاب لیہ، آئی ٹی یونیورسٹی راولپنڈی بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور اسی مقصد کو پورا کرنے کے لیے 8 نئی یونیورسٹیاں بنا رہی ہے۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ یہ یونیورسٹیاں ان علاقوں میں بنائی جائیں گی جہاں اعلیٰ تعلیم کی مناسب سہولیات نہیں ہیں۔
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ شمالی، جنوبی وسطی پنجاب میں3 اعلیٰ معیارکی یونیورسٹیاں قائم کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزادر سے نوجوانوں کے وفد نے لاہور میں ملاقات کی۔
اس موقع پر سردار عثمان بزدار نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، نوجوانوں کو معیاری تعلیمی مواقع کی فراہمی ترقی کے لیے ناگزیرہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کوہنرمند بنا کر روزگارکے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں میں نکھارکی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں، نوجوانوں کی تربیت کے لیے اسکل ڈویلپمنٹ کے منصوبوں پرکام جاری ہے۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ شمالی، جنوبی وسطی پنجاب میں3 اعلیٰ معیارکی یونیورسٹیاں قائم کی جائیں گی، یونیورسٹیو ں کے قیام کے لیے فزیبلٹی اسٹڈی کرائی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام کا معیارزندگی بلند کرنا اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی ترجیحات ہیں، نئے پاکستان کی تعبیرکوعملی شکل دینے کے لیے محنت سےکام کررہے ہیں۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا مشن صرف اور صرف عوام کی خدمت ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کرپشن کا خاتمہ اور میرٹ کا بول بالا ہوگا۔
کراچی: پاکستان کی دو جامعات نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور یونیورسٹی آف مینیجمنٹ سائنسز ایشیا کی 100 بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست میں شامل ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق کیو ایس کی جانب سے سال 2019 کی بہترین جامعات کی فہرست جاری کی گئی جس میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی( Nust ) اسلام آباد اور لاہور کی یونیورسٹی آف مینیجمنٹ سائنسز (Lums) شامل ہے۔
یو ایس ایشیا کی جانب سے جاری ہونے والی رینکنگ میں نیشنل یونیورسٹی آف سائسنز اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد 95ویں اور لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائسنز 87 ویں نمبر پر آئیں۔
دونوں جامعات نے ریکنگ میں ترقی کی کیونکہ سال 2018 کی فہرست میں نسٹ 112 ویں جبکہ لمس 103 ویں نمبر پر تھی۔
علاوہ ازیں قائد اعظم یونیورسٹی جو گزشتہ برس جاری ہونے والی فہرست میں 133 ویں نمبر پر تھی اُس کی بھی رینکنگ بہتر ہوئی اور اب وہ ترقی کرتے ہوئے 109ویں نمبر پر آگئی جبکہ کراچی یونیورسٹی بھی معمولی بہتری دکھانے کے بعد 260 سے 251 ویں نمبر پر آ گئی۔
فہرست میں سنگاپور کی نیشنل یونیورسٹی سرفہرست رہی جبکہ دوسرے نمبر پر دی یونیورسٹی آف ہانگ کانگ ، تیسرے پر نین یانگ ٹیکنالوجیکل (سنگا پور)، چوتھی، پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر چین کی جامعات جگہ بنانے میں کامیاب ہوئیں جن میں ژن گوا یونیورسٹی، فیوڈان شامل ہے اس کے علاوہ کوریا ایڈوانس انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آٹھویں، دی چائنیز آف ہانگ کانگ نویں اور سیول نیشنل یونیورسٹی دسویں پوزیشن حاصل کرسکی۔
رینکنگ ایجنسی کیو ایس کی جانب سے شائع ہونے والی ایشیا کی 500 بہترین جامعات کی فہرست میں پاکستان کی 23 یونیورسٹیاں جگہ بنانے میں کامیاب رہیں۔
کیو ایس کی جانب سے ریکنگ کی ترتیب کے وقت 6 باتیں مدنظر رکھی جاتی ہیں جن میں نصاب، اساتذہ کی کارکردگی، طالب علموں کو دی جانے والی سہولیات، تعلیمی شعبہ جات اور وہ عالمی شعبے جن میں غیر ملکی طالب علموں کی بڑی تعداد دلچسپی لیتی ہے۔
نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی: یونیورسٹی ترقی پسند اور جدید نقطہ نظر کے ساتھ پاکستان کی معروف یونیورسٹی ہے، جسے سائنسز، تحقیق اور ترقی کے لیے جدید مرکز کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ اس یونیورسٹی کا قیام 1991ء میں ہوا ۔
لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز: پاکستان کی اس مشہور یونیورسٹی کو ناصرف پاکستان بلکہ ایشیائی خطے کی ٹاپ یونیورسٹیوں میں شامل کیا گیا، 1984ء میں قائم ہونے والی یونیورسٹی کا شمار ایک نجی تحقیقی جامعہ کے طور پر ہوتا ہے۔
قائد اعظم یونیورسٹی جسے اسلام آباد یونیورسٹی کے نام سے جانا جاتا تھا، اس کا قیام 1967ء میں عمل میں آیا، دو برس قبل اس جامعہ نے اقوام متحدہ اور ٹوکیو یونیورسٹی سمیت مختلف تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون شروع کیا ہے۔
کراچی یونیورسٹی: کراچی یونیورسٹی کوعصر حاضر میں برصغیر کی تیسری اور دنیا میں تعلیم و تحقیق کے حوالے سے اہم مرکز کی حیثیت حاصل ہے، یہاں پر تدریسی امور سرانجام دینے والے اساتذہ کی بڑی تعداد عالمی شناخت کی مالک ہے، جامعہ کراچی کو اعلیٰ سطح کا تحقیقی مرکز ہونے کے علاوہ ملک کی بڑی یونیورسٹی ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے، یہاں 800 سے زائ ماہرین تعلیم 26 ہزار سے زائد طلبہ کو تعلیم دے رہے ہیں۔