Tag: یونیورسٹی

  • سندھ کی تمام جامعات میں یوم سیاہ منانے کا اعلان

    سندھ کی تمام جامعات میں یوم سیاہ منانے کا اعلان

    کراچی: فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن (فپواسا) اور انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے رہنماؤں نے سندھ کی تمام جامعات میں کل یوم سیاہ منانے کا اعلان کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی یونیورسٹی اسٹاف کلب میں آج منگل کو ایک مشترکہ پریس کانفرنس کی گئی، جس میں سندھ کی تمام یونیورسٹیوں میں بدھ کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا گیا۔

    اساتذہ کی تنظیموں نے سندھ حکومت کو ایک دن کی مہلت دیتے ہوئے سیکریٹری جامعات اینڈ بورڈز کی فوری برطرفی کا مطالبہ کر دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ اگر مطالبات نہ مانے گئے تو جمعرات کو سندھ بھر کی تمام جامعات میں تعلیمی تدریسی عمل معطل کر دیں گے۔

    انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے صدر شاہ علی القدر نے کہا کہ سیکریٹری بورڈ کو فوری طور پر ان کے عہدے سے ہٹایا جائے، سندھ کی تمام سرکاری جامعات کو بیل آؤٹ پیکج دیا جائے، انھوں نے کہا سندھ بھر کی جامعات کے اساتذہ کو آدھی تنخواہیں دی جاتی ہیں، جس کی وجہ سے جامعات مالی مسائل کے حل کے لیے فیسوں میں اضافہ کر دیتی ہیں۔

    انھوں نے کہا کل جامعہ کراچی میں یوم سیاہ منایا جائے گا، حکومت کو مزید ایک دن کی مہلت دیتے ہیں، مطالبات منظور نہ ہوئے تو جمعرات سے ایک دن کے لیے سندھ بھر کی تمام سرکاری جامعات میں کلاسوں کا بائیکاٹ ہوگا۔

    فپواسا پاکستان کے صدر نیک محمد شیخ نے کہا کہ حکومت سندھ نے جامعات کی خود مختاری کو چیلنج کیا ہے، کل وزیر جامعات کے ساتھ اساتذہ کے مذاکرات ہیں، اگر مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو سندھ کی جامعات میں تدریسی عمل کا بائیکاٹ کر دیا جائے گا۔

    پروفیسر اختیار نے کہا کہ سیکریٹری جامعات کے اساتذہ سے رویے اور قوانین میں مداخلت کی ہم مذمت کرتے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ سیکریٹری جامعات کو برطرف کیا جائے، سیکریٹری جامعات کی جانب سے قوانین میں مداخلت کا خط بھی واپس لیا جائے، اور سندھ کی تمام جامعات میں مستقل وائس چانسلرز تعینات کیے جائیں۔

    انھوں نے کہا جامعات میں اساتذہ کی شدید کمی ہے، تمام جامعات کو قوانین کے مطابق سلیکشن بورڈز کرنے دیے جائیں، جامعات شدید مالی بحران سے بھی دوچار ہیں، پروفیسر اختیار نے کہا کہ جامعات تین اتھارٹیز کے ماتحت ہیں، وفاقی ایچ ای سی، سندھ ایچ ای سی اور محکمہ بورڈز، اب ان میں سے ہم کس کی بات مانیں۔

  • ڈھائی ہزار سال قدیم دنیا کی پہلی یونیورسٹی جو پاکستان میں بنی

    ڈھائی ہزار سال قدیم دنیا کی پہلی یونیورسٹی جو پاکستان میں بنی

    کیا آپ جانتے ہیں دنیا کی پہلی باقاعدہ یونیورسٹی ڈھائی ہزار سال قبل آج کے پاکستان میں قائم کی گئی تھی جہاں سے سینکڑوں ایسی شخصیات نے تعلیم حاصل کی جنہوں نے مذہبی و سیاسی، ثقافتی اور سماجی تاریخ کا رخ موڑ دیا۔

    راولپنڈی سے 22 میل کے فاصلے پر شمال مغرب کی جانب موجود شہر ٹیکسلا ایک تاریخی شہر ہے جو 600 قبل مسیح میں قائم کیا گیا، تاریخ کے اوراق میں اس کا نام ٹکشاشلا ملتا ہے۔

    2600 سال قبل یہاں قائم کی جانے والی درسگاہ کو دنیا کی پہلی یونیورسٹی قرار دیا جاتا ہے۔

    اس یونیورسٹی میں 16 مختلف ممالک کے 10 ہزار سے زائد طالب علم زیر تعلیم رہے، جنہیں ہندو وید، فلکیات، فلسفہ، جراحت، سیاسیات، جنگ، تجارت اور موسیقی کی تعلیم دی گئی۔

    بدھ ازم کی مقدس کتابوں جتاکا میں اس یونیورسٹی کو صدیوں قدیم علمی مرکز کے نام سے یاد کیا گیا ہے۔ ہندو مذہب کی طویل ترین اور منظوم داستان مہا بھارت میں بھی، جسے مذہبی صحیفے کی حیثیت حاصل ہے، اس یونیورسٹی کا ذکر ہے۔

    یہاں سے تعلیم حاصل کرنے والے مختلف شعبوں کے ماہر، مختلف ریاستوں کے راجا اور جنگی سپہ سالار بنے جن میں سے چند قابل ذکر نام یہ ہیں۔

    چانکیہ ۔ وشنو گپت جو بعد میں چانکیہ کے نام سے مشہور ہوا، تاریخ کا مشہور جنگی حکمت ساز، مدبر اور فلسفی ہے جس نے ارتھ شاستر جیسی معرکۃ الآرا کتاب لکھی، جنگی اور معاشی حکمت سازی پر لکھی گئی یہ کتاب آج بھی عسکری و سیاسی فیصلہ سازی میں استعمال کی جاتی ہے۔

    جتوپل ۔ قدیم بنارس کا کمانڈر ان چیف بنا

    جیواکا ۔ گوتم بدھ کا طبیب بنا

    پنینی ۔ ماہر لسانیات جس نے سنسکرت زبان میں خاصی تبدیلیاں کیں

    چراکا ۔ قدیم طبی طریقہ علاج آیور ویدا کے بانیوں میں سے ایک

    اس عظیم درسگاہ کے کھنڈرات آج بھی ٹیکسلا میں موجود ہیں۔

  • وزیر اعظم نے سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ کو یونیورسٹی بنانے کی منظوری دے دی

    وزیر اعظم نے سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ کو یونیورسٹی بنانے کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: ‏وزیر اعظم عمران خان نے گورنر پنجاب کی درخواست پر سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ملاقات کی جس میں ‏زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ کو جامعہ بنانے کی منظوری دی گئی۔

    ملاقات میں گورنر پنجاب نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ کو باقاعدہ یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے۔

    وزیر اعظم نے گورنر پنجاب کی درخواست پر یونیورسٹی کے قیام کو منظور کر لیا، وزیر اعظم نے یونیورسٹی کے قیام کے لیے تمام فنڈز فراہم کر نے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔

    گورنر پنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے عوام سے یونیورسٹی کے قیام کا وعدہ پورا کر رہے ہیں، یونیورسٹی کی منظوری دینے پر وزیر اعظم کا بھی شکر یہ ادا کرتا ہوں۔

    یاد رہے کہ جون میں گورنر پنجاب چوہدری سرور نے زرعی یونیورسٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ کیمپس میں سولر سسٹم کا افتتاح بھی کیا تھا۔ انھوں نے اس موقع پر کہا تھا کہ سولر انرجی کاحصول آج کے دور میں ناگزیر ہے، توانائی کی ضروریات کو بہ آسانی پورا کرنے کے لیے شمسی توانائی بہترین متبادل ہے۔

  • پختونخواہ میں یونیورسٹیز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا کام شروع

    پختونخواہ میں یونیورسٹیز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا کام شروع

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں جامعات کو سولرائز کرنے پر کام شروع کردیا گیا، یونیورسٹی آف انجینیئرنگ پشاور کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف انجینیئرنگ پشاور میں جامعہ کی سولرائزیشن سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ کے معاونین خصوصی کامران بنگش، حمایت اللہ اور وائس چانسلر نے شرکت کی۔

    اجلاس میں جامعہ کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

    معاون خصوصی کامران بنگش کا کہنا تھا کہ دیگر 9 جامعات کو بھی یو ای ٹی ماڈل پر سولرائز کریں گے، وزیر اعلیٰ محمود خان کی قیادت میں جامعات مضبوط بنانا ہمارا مشن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سولرائزیشن سے جامعات دیرپا مالی خود مختاری کی جانب جائیں گی، سولرائز کرنے سے جامعہ کو 9.5 ملین روپے سالانہ بچت ہوگی۔

    کامران بنگش کا مزید کہنا تھا کہ یو ای ٹی سولرائزیشن کے لیے انرجی سپلائی کمپنی ماڈل اپنائیں گے، 6 مہینے کی مدت میں یو ای ٹی سولرائزیشن مکمل ہوگا۔

  • دہشت گردوں کے لیے فنڈنگ: کراچی میں یونیورسٹی کا طالبعلم گرفتار

    دہشت گردوں کے لیے فنڈنگ: کراچی میں یونیورسٹی کا طالبعلم گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کی معروف انجینیئرنگ یونیورسٹی کے طالبعلم کو دہشت گردوں کی فنڈنگ کے جرم میں گرفتار کرلیا گیا، ملزم شام اور پاکستان میں داعش کے دہشت گردوں سے رابطے میں تھا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد تنظیم کی فنڈنگ میں ملوث مرکزی ملزم عمر بن خالد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزم کراچی کی معروف انجینیئرنگ یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھا۔

    ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی کو عمر بن خالد کے موبائل فونز سے اہم شواہد ملے تھے، ملزمان شام اور پاکستان میں داعش کے دہشت گردوں اور ان کے اہلخانہ سے رابطے میں تھا جبکہ مختلف ذرائع سے داعش کی فنڈنگ کرتا تھا۔

    سی ٹی ڈی نے گزشتہ روز فرانزک رپورٹ کے بعد مقدمہ درج کیا جس کے بعد آج ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم کے ساتھیوں جنید، ضیا اور اویس کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

    ذرائع کے مطابق عمر بن خالد کو اس سے قبل گزشتہ برس طارق روڈ سے حراست میں لیا گیا تھا تاہم ملزم کے خلاف ثبوت نہ ہونے پر ذاتی مچلکے پر اسے رہا کر دیا گیا تھا۔

    سی ٹی ڈی نے ملزم سے 2 موبائل فونز قبضے میں لے کر فارنزک کے لیے بھیجے تھے جہاں سے رپورٹ موصول ہوجانے کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

  • وزیراعظم ہاؤس میں یونیورسٹی کے قیام میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے، اسد عمر

    وزیراعظم ہاؤس میں یونیورسٹی کے قیام میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے، اسد عمر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس میں یونیورسٹی کے قیام میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت وزیر اعظم ہاؤس میں یونیورسٹی کے قیام پر اجلاس ہوا جس میں پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے شرکا کو یونیورسٹی کے قیام میں پیشرفت سے آگاہ کیا۔

    اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ یونیورسٹی میں 3 سینٹر آف ایکسیلنس اور 8 ڈیپارٹمنٹ ہوں گے، جدید ٹیکنالوجی کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی، ابتدائی فزیبلٹی اسٹڈی کے لیے 200 ملین روپے درکار ہیں۔

    وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کو یونیورسٹی سے متعلقہ ٹیکنالوجی پر خصوصی کمیٹی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ مینوفیکچرنگ شعبے کومسابقتی بنانےکیلئےٹیکنالوجی سےروشناس کرنےکی ضرورت ہے، وزیراعظم ہاؤس میں یونیورسٹی کے قیام میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں وفاقی کابینہ نے وزیراعظم ہاؤس میں یونیورسٹی قائم کرنے کے لیے دارالحکومت کے ماسٹر پلان میں مخصوص تبدیلی کی منظوری دی تھی۔

  • پاکستان کی نائیجیریا میں سائنس و ٹیکنالوجی یونیورسٹی بنانے کی پیشکش

    پاکستان کی نائیجیریا میں سائنس و ٹیکنالوجی یونیورسٹی بنانے کی پیشکش

    جدہ: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے نائیجیرین ہم منصب سے ملاقات کے دوران نائیجیریا میں سائنس و ٹیکنالوجی یونیورسٹی بنانے کی پیشکش کی۔

    تفصیلات کے مطابق جدہ میں سائنس ڈپلومیسی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے شرکت کی۔

    ورکشاپ میں مختلف مسلم ممالک کے سائنسدانوں اور سائنسی منتظمین نے شرکت کی۔

    اس موقع پر وفاقی وزیر فواد چوہدری کی نائیجیریا کے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں سائنس اور ٹیکنالوجی میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون پر بات چیت ہوئی۔

    وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان کے تعاون کی پیشکش کی، پاکستان نے نائیجیریا میں سائنس و ٹیکنالوجی یونیورسٹی بنانے کی پیشکش کی۔

    انہوں نے کہا کہ نائیجیریا کے وزیر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

    نائیجیرین وزیر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے، پاکستان سے قریبی دوستانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے سائنس کے شعبے میں پاکستان کی ترقی کو بھی سراہا۔

  • میرٹ کا سسٹم نیچے جانے سے پاکستان پیچھے چلا گیا: وزیر اعظم

    میرٹ کا سسٹم نیچے جانے سے پاکستان پیچھے چلا گیا: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ میرٹ کا سسٹم نیچے جانے سے پاکستان پیچھے چلا گیا، تعلیم کے شعبے میں ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے نسٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری کی ٹی وی پر پرفارمنس لوگوں نے دیکھی ہے، لوگ کہتے تھے آپ سنجیدہ نہیں انہیں سائنس و ٹیکنالوجی کا وزیر کیوں بنایا۔ اچھے کپتان کو پتہ ہوتا ہے اچھے پلیئرز کو کس وقت کھلانا ہوتا ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے لیے جو جنون فواد چوہدری نے دکھایا اس پر داد دیتا ہوں۔ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ اس یونیورسٹی میں کتنا زبردست کام ہو رہا ہے۔ ہر چیز ایک وژن سے شروع ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے پاکستان کی اہمیت بڑھتے اور گرتے ہوئے بھی دیکھی، ہمارے اسکول کے زمانے میں پاکستانیوں میں اعتماد ہوتا تھا۔ بھارت میں کرکٹ کھیلنے جاتے تو احساس ہوتا تھا کہ بڑے اہم ملک سے آئے ہیں، میرٹ کا سسٹم نیچے جانے سے پاکستان پیچھے چلا گیا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی ٹاپ یونیورسٹی نسٹ کے طالب علموں پر بڑی ذمہ داری ہے، تعلیم کے شعبے میں ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔ ہمیں معلوم ہی نہیں ہوتا کہ ہم کیا بن سکتے ہیں اور کیا بن گئے۔

    انہوں نے کہا کہ اللہ نے انسان کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے، اپنی صلاحیت کو استعمال کرنے کے لیے بڑا خواب چاہیئے، کوئی بھی بڑا وژن ہوتا ہے وہ اپنی ذات سے بڑھ کر ہوتا ہے۔ دنیا کی تاریخ اسے جانتی ہے جس نے پیسے سے انسانوں کے لیے کچھ کیا ہو، جنون صرف دل میں ہوتا ہے ہمیشہ اپنے دل کے راستے پر چلو۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر ٹیلنٹ اور جنون کا مقابلہ ہو تو جنون اس کو ہرا دیتا ہے، جب کوئی مشکل آتی ہے تو وہ آپ کو سیکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ برا وقت جب بھی آتا ہے تو کئی دفعہ حوصلہ شکنی کا شکار بناتا ہے۔ جب آپ کشتیاں جلا دیتے ہیں اس وقت صحیح معنوں میں طاقت سامنے آتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں میرٹ اور احتساب کا اہم کردار ہوتا ہے، بادشاہت کبھی جمہوریت کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ خاندانی سیاست جمہوریت کی نفی ہے۔ خون پر لیڈر بنیں گے تو یہ جمہوریت کی نفی ہوگی۔

  • سندھ کی سرکاری جامعہ سے طالبہ کو اغوا کرنے کی کوشش

    سندھ کی سرکاری جامعہ سے طالبہ کو اغوا کرنے کی کوشش

    خیرپور: سندھ کے ضلع خیرپور کی سرکاری درس گاہ شاہ عبدالطیف یونیورسٹی سے طالبہ کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نامعلوم اغوار کار یونیورسٹی طالبہ کو اغوا کرکے لے جارہے تھے کہ اس دوران وہاں موجود طلبا کے شور مچانے پر ملزمان فرار ہوگئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اغوا کار سرکاری گاڑی میں سوار تھے اور طالبہ کو بے ہوش کرکے اغوا کرنے کی کوشش کررہے تھے۔

    ذرائع کے مطابق جامعہ میں موجود دیگر طلبا نے یہ منظر دیکھا تو شور مچا دیا جس پر مزید افراد بھی جمع ہوگئے اور اغوا کار طالبہ کو چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔

    طالبہ کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز طبی معائنہ کررہے ہیں، واقعے کے حوالے سے یونیورسٹی انتظامیہ اور مقامی پولیس کو اطلاع کردی گئی ہے۔

    پولیس نے واقعے سے متعلق طلبا سے تفصیلات حاصل کی ہیں تاہم متاثرہ طالبہ سے بیان ریکارڈ نہیں کیا جاسکا۔

    https://videos.arynews.tv/khairpur-attempt-of-kidnapping-fails-in-slab-university/

  • جب تک زندہ ہوں این آر نہیں دوں گا: وزیر اعظم عمران خان

    جب تک زندہ ہوں این آر نہیں دوں گا: وزیر اعظم عمران خان

    ننکانہ صاحب: وزیر اعظم عمران خان نے دو ٹوک اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلیک میلنگ کے لیے اکٹھے ہوں یا مارچ کریں، جب تک زندہ ہوں این آر او نہیں دوں گا، حکومت کی کامیابی کے خوف سے آزادی مارچ والے استعفیٰ مانگ رہے ہیں، میں اپنی زندگی کی ضمانت نہیں دے سکتا کسی اور کی کیسے دوں؟

    تفصیلات کے مطابق بابا گرونانک یونیورسٹی کے سنگ بنیاد کی تقریب سے وزیر اعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو نئی ٹیکنالوجیز آ رہی ہیں وہ بھی اس یونی ورسٹی میں ہوں گی، یہاں دنیا بھر کی سکھ برادری تعلیم حاصل کر سکے گی، ہر درگاہ کے پاس اوقاف کی زمین پر یونیورسٹیز اور اسپتال بنائے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ آپ نے یونیورسٹی کے قیام سے گرونانک کو خراج عقیدت پیش کیا، دنیا کی تاریخ میں کسی معاشرے نے تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کی، ایک وقت تھا جب ہم تعلیم میں سب سے آگے تھے، ماضی میں ملک کے سربراہوں نے تعلیم کو ترجیح نہیں دی۔

    وزیراعظم عمران خان نے بابا گرو نانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں طبقاتی قانون ہے، امیروں اور غریبوں کیلئے الگ الگ، طبقاتی نظام کی وجہ سے اللہ تعالیٰ کی برکت ہم پر نہیں آتی، مدینہ کی ریاست پہلے دن یا پہلے سال نہیں بنی، یہ ایک جدوجہد ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ نظام پر ایلیٹ کا ٹیک اوور ہے، اس طرح آگے نہیں بڑھ سکتے، سب انسان اللہ کی مخلوق ہیں اور اللہ ہم سب کا ہے، قانون کے سامنے سب برابرہیں، ریاست سب کیلئے ایک ہے، چاہتے ہیں طبقاتی نظام ختم کریں، دو نہیں ایک ریاست ہو۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نبی ﷺکہتے تھے میری بیٹی بھی جرم کرے تو اسے بھی سزا دو، جہاں قانون کی بالادستی نہیں ہوتی وہ قوم کبھی آگے نہیں بڑھ سکتی، کہا جاتا ہے بھارت کشمیر میں مظالم کررہا اور آپ کرتارپور کھول رہے ہیں، کرتارپورسکھ برادری کا مدینہ اور ننکانہ صاحب ان کا مکہ ہے۔

    انہوں نے متعلقہ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہردرگاہ کے پاس اوقاف کی زمین پریونیورسٹیز اور اسپتال بنائے جائیں، اللہ عزت اس کو دیتا ہے جو انسانیت کی خدمت کرتاہے، تاریخ کسی امیر انسان کو یاد نہیں کرتی اسکے بچے بھی بھول جاتے ہیں، دنیا انھیں یاد کرتی ہے جو انسانوں کی خدمت کرتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمارے نبیﷺ ہم سب کے لئے مثال ہیں، مدینہ جائیں تو معلوم ہوگا لوگ نبیﷺ سے کتنا عشق کرتے ہیں، مدرسے کے بچوں کو دین کے علاوہ دنیاوی تعلیم بھی فراہم کریں گے۔

    وزیراعظم کی اپوزیشن پر کڑی تنقید

    عمران خان نے ماضی کی حکومتوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پہلے دن کہا تھا، ایک وقت آئے گا جب تمام کرپٹ اکٹھے ہوجائیں گے، وزیراعظم بنتے ہی ایک پیش گوئی کی تھی، سب نے مل کر ملک لوٹا، 4سال میں قرضہ 6سے30ہزار ارب پر پہنچا دیا۔

    انہوں نے بتایا کہ جتنا ٹیکس ہم نے اکٹھا کیا آدھا قرضوں کی قسطوں میں چلا گیا، ہمارے ہاں طاقتور کے لیے وی آئی پی سسٹم ہے۔ سوئزرلینڈ، سنگاپور، یورپ دیکھ لیں سب ہم سے آگے ہیں، خوشحال ممالک میں قانون سب کیلئے ایک ہے، سب کوپتہ تھا کہ یہ ملک کو کنگال کرکے گئے ہیں۔

    عمران خان کا آزادی مارچ پر ردعمل

    وزیراعظم نے مولانا کے آزادی مارچ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا، ان کا کہنا تھا کہ مارچ والے کس وجہ پر وزیراعظم کااستعفیٰ لینے آرہے ہیں؟ آزادی مارچ کرنے والوں کا مقصد یہ نہیں کہ حکومت فیل ہورہی ہے، بلکہ یہ ان کا خوف ہے کہ حکومت کامیاب ہورہی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ چوروں نے کرنٹ اکاؤنٹ ڈیفیسٹ میں خسارہ، ریلوے اور پی آئی اے کا دیوالیہ نکال دیا، پہلے دن سے شور مچانا شروع کردیا کہ حکومت فیل ہوگئی جبکہ اے ڈی بی اور آئی ایم ایف سمیت سب کہہ رہے ہیں معیشت مستحکم ہوگئی ہے۔