Tag: یوٹاہ

  • امریکا میں ایک ڈالر کی بینک ڈکیتی پر لوگ حیران

    امریکا میں ایک ڈالر کی بینک ڈکیتی پر لوگ حیران

    یوٹاہ: امریکی ریاست یوٹاہ میں ایک شخص نے بینک میں داخل ہو کر ڈکیتی کی واردات کی لیکن اس نے صرف ایک ڈالر لوٹا، جس پر لوگ حیران رہ گئے ہیں۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوٹاہ میں پولیس حکام نے ایک ایسی بینک ڈکیتی کے بارے میں بتایا جس میں ایک شخص نے بینک میں داخل ہو کر صرف ایک ڈالر لوٹنے کی کوشش کی تھی، جس پر اسے گرفتار کر لیا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق 65 سالہ ڈونلڈ سانٹاکروس 6 مارچ کی صبح سالٹ لیک سٹی کے ویلز فارگو بینک میں داخل ہوا، اس نے ہاتھ سے لکھا ہوا ایک نوٹ کیشیئر کو دیا جس پر لکھا تھا ’’پلیز مجھے ایسا کرنے پر معاف کیجیے گا، لیکن یہ ایک ڈکیتی ہے، مجھے ایک ڈالر دیں، شکریہ۔‘‘

    معمر شخص کی اس عجیب و غریب واردات پر لوگ بینک والے بھی حیران رہ گئے، کیشیئر نے اسے ایک ڈالر تھما دیا اور پھر جانے کا کہہ دیا لیکن سانٹاکروس نے انکار کیا، اور وہیں فرش پر بیٹھ کر کہا کہ پولیس کو بلائیں میں نے بینک لوٹا ہے۔

    پولیس کے پہنچنے میں دیر ہونے پر وہ بینک ملازمین سے شکایت بھی کرنے لگا کہ وہ یہاں آنے میں بہت زیادہ وقت لے رہے ہیں، دوسری طرف بینک منیجر نے ملازمین کی حفاظت کے پیش نظر انھیں ایک پچھلے کمرے میں لے جا کر بٹھایا۔

    جب پولیس اہل کار پہنچے تو سانٹاکروس نے ڈالر ان کے حوالے کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انھیں وفاقی جیل بھیجا جائے۔ حکام کا کہنا تھا کہ چوں کہ بینک ڈکیتی ایک وفاقی جرم ہے اس لیے سانٹاکروس نے وہاں جانے کے لیے یہ راستہ اختیار کیا۔

    پولیس اہل کاروں نے سانٹاکروس کو حراست میں لے کر ڈکیتی کے جرم میں سالٹ لیک کاؤنٹی میٹرو جیل بھیج دیا، تاہم بدھ کو انھیں چھوڑ دیا گیا، یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ سانٹاکروس وفاقی جیل کیوں جانا چاہ رہا تھا۔

  • امریکی طیارے کو خوف ناک حادثہ، باسکٹ بال ٹیم سوار تھی

    امریکی طیارے کو خوف ناک حادثہ، باسکٹ بال ٹیم سوار تھی

    یوٹاہ: امریکا میں ایک طیارہ پرندوں کا غول ٹکرانے کے باعث خوف ناک حادثے کا شکار ہوتے ہوتے رہ گیا، طیارے میں یوٹاہ جاز باسکٹ بال ٹیم سفر کر رہی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق منگل کے روز دوپہر کو ڈیلٹا ایئر لائن کے ایک بوئنگ 757 طیارے کو امریکی ریاست یوٹاہ کے سالٹ لیک سٹی سے پرواز کے فوراً بعد ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑ گئی۔

    طیارے کے انجن سے پرواز کے فوراً بعد ہی پرندوں کا غول ٹکرایا تھا، جس کے باعث انجن کو شدید نقصان پہنچا، طیارہ یوٹاہ جاز باسکٹ بال کی ٹیم کے لیے چارٹر کیا گیا تھا۔

    ایوی ایشن ذرائع کے مطابق امریکی شہر میمفس کے لیے طیارے نے ٹیک آف کیا ہی تھا کہ چند منٹ کے دوران پائلٹ نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کر کے طیارے کے بائیں جانب کے انجن میں شدید گڑ بڑ کی نشان دہی کی، جس پر پائلٹ کو فوری طور پر جہاز واپس اتارنے کی ہدایت کی گئی۔

    پرندوں کا غول ٹکرانے سے طیارے کو شدید نقصان پہنچا، جب کہ ایک انجن ناکارہ ہو گیا، واقعے کے بعد پائلٹس طیارے کو بہ حفاظت واپس زمین پر اتارنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

    رپورٹس کے مطابق واقعے میں جہاز کے بائیں انجن کی باڈی کئی فٹ تک اکھڑی ہوئی تھی، اس پر خون تھا اور پرندوں کی باقیات انجن کے اندر تک گھس چکی تھیں۔

    طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے، بتایا گیا کہ واقعے کے وقت طیارہ 7800 فٹ کی بلندی پر اور 230 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار پر تھا۔

  • لانگ ڈرائیو پر لے جا کر ماں نے بچے کو گولی ماردی

    لانگ ڈرائیو پر لے جا کر ماں نے بچے کو گولی ماردی

    امریکا میں ایک ماں نے اپنے شیر خوار بیٹے کو فائرنگ کر کے قتل کردینے کے بعد خود کو بھی گولی مار لی، پولیس نے زخمی ماں کو گرفتار کرلیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق واقعہ امریکی ریاست یوٹاہ میں پیش آیا جہاں 40 سالہ ماں نے اپنے 2 سالہ بیٹے پر فائرنگ کردی۔

    شیرف آفس کے مطابق خاتون رات کے وقت اپنے شیر خوار کو لے کر لانگ ڈرائیو پر نکلیں اور مختلف سڑکوں پر گھومتی رہیں، اس دوران ایک جگہ پر رک کر انہوں نے رائفل سے اپنے 2 سال کے بچے کو گولی مار دی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

    اس کے بعد انہوں نے خود کو بھی گولی ماری اور زخمی حالت میں ڈرائیو کرتی رہیں، بالآخر ایک جگہ بے ہوش ہوگئیں۔

    مقامی پولیس کو بچے کی لاش اور ماں زخمی حالت میں گاڑی کے اندر ملے۔

    پولیس نے فوری طور پر ماں کو اسپتال منتقل کیا جہاں اسے حراست میں رکھا گیا ہے، اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد اسے حوالات منتقل کردیا جائے گا۔

  • گاڑی ٹرائی کرنے والا گاڑی لے کر فرار!

    گاڑی ٹرائی کرنے والا گاڑی لے کر فرار!

    امریکی ریاست یوٹاہ میں ایک شخص نے ڈیلر شپ سے گاڑی لے کر اسی گاڑی میں سیلز مین کو اغوا کرلیا، پولیس نے مذکورہ شخص کو گرفتار کرلیا۔

    یوٹاہ پولیس کا کہنا ہے کہ 43 سالہ گبسن نامی شخص نے ٹیسٹ ڈرائیو کے لیے لی گئی گاڑی واپس دینے سے انکار کردیا تھا اور خطرناک اسپیڈ پر گاڑی چلائی۔

    مذکورہ شخص ڈیلر شپ (نئی اور پرانی گاڑیوں کی خرید و فروخت کا مرکز) سے گاڑی لے کر اس کی ٹیسٹ ڈرائیو کر رہا تھا اور گاڑی میں اس کے ساتھ سیلز ایسوسی ایٹ بھی موجود تھا۔

    گاڑی کچھ دور چلانے کے بعد سیلز مین نے کہا کہ گاڑی کو واپس موڑ لیا جائے تاہم گبسن نے گاڑی واپس لے جانے سے انکار کردیا۔

    جب سیلز مین 911 کو فون کر رہا تھا تب اس نے 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی بھگائی اور اس دوران اونچی آواز میں میوزک بھی چلا دیا۔

    بعد میں گبسن نے پولیس کو بیان دیا کہ وہ گاڑی روکنے سے خوفزدہ تھا کیونکہ سیلز مین اس پر زور زور سے چلا رہا تھا اور اسٹیئرنگ کے ساتھ بھی زور آزمائی کر رہا تھا۔

    پولیس نے گبسن پر اغوا کا الزام عائد کر کے اسے حراست میں لے لیا ہے۔