اسلام آباد (31 اگست 2025): وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں بند جانے والے یوٹیلٹی اسٹورز کے ہزاروں ملازمین کیلیے بڑے پیکیج کا اعلان کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ آج سے یوٹیلٹی اسٹورز کی تمام سروسز کو ملک بھر میں بند کر دیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے یوٹیلٹی اسٹورز کے ملازمین کے لیے بڑے پیکیج کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز کے ملازمین کی تعداد 11 ہزار سے زائد ہے، ان کے لیے وزیراعظم کی جانب سے 19.5 ارب روپے کی مجموعی گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز 1971 میں قائم کیے گئے تھے اور 2009 میں انہیں یونین کونسل کی سطح پر پورے ملک میں پھیلایا گیا۔ یوٹیلٹی اسٹورز پاکستانی معیشت میں اہم کردار ادا کرتے رہے۔
وفاقی حکومت نے گزشتہ برس ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس فیصلے کے خلاف اسٹورز کے ملازمین نے وفاقی دارالحکومت میں کئی روز تک احتجاج بھی کیا، مگر ان کا مطالبہ پورا نہ ہوا۔
گزشتہ دنوں وفاقی کابینہ اور کل اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بھی اس کی منظوری دے دی جس کے بعد آج سے یہ یوٹیلٹی اسٹورز کی تمام سروسز مکمل طور پر بند کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن 1971 میں قائم کی گئی تھی۔ جس کا مقصد کم آمدنی والے طبقے کو اشیا خورو نوش کی قیمتوں میں ریلیف دینا تھا۔
ابتدا میں ملک میں صرف 20 اسٹور کھولے گئے تھے، جو اسٹاف ویلفیئر آرگنائزیشن نامی تنظیم سے حاصل کیے گئے تھے۔ تاہم نصف صدی کے دوران ان کی تعداد میں اضافہ ہوتا گیا اور یہ ملک کے گوشے گوشے میں پھیل گئے۔
ایک رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں چار ہزار سے زائد یوٹیلٹی اسٹورز قائم تھے اور مجموعی طور پر 17 ہزار ملازمین کام کر رہے تھے۔
https://urdu.arynews.tv/utility-stores-employees-laid-off-imf/