Tag: یوٹیلیٹی اسٹورز

  • یوٹیلیٹی اسٹورز ختم! ملازمین  کا کیا ہوگا؟ اہم خبر آگئی

    یوٹیلیٹی اسٹورز ختم! ملازمین کا کیا ہوگا؟ اہم خبر آگئی

    اسلام آباد : سیکریٹری صنعت و پیداوار کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے 10 سے 11 ہزار ملازمین میں سے صرف 300 ملازمین کو برقرار رکھا جائے گا جبکہ باقی ملازمین کو خصوصی مراعاتی پیکج کے تحت فارغ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس فاروق ستار کی زیر صدارت ہوا، جس میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا گیا۔

    کمیٹی کی رکن سحر کامران نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش سے ہزاروں ملازمین بے روزگار ہو رہے ہیں، اسی طرح پی آئی اے کے ملازمین کے حوالے سے بھی خدشات موجود ہیں۔

    اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری صنعت و پیداوار نے بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے تمام اسٹورز سیل کر دیے گئے ہیں اور ان کے مالی معاملات اب مزید سبسڈی کے بغیر نقصان میں جا رہے ہیں

    ان کا کہنا تھا کہ جب تک سبسڈی ملتی رہی، یوٹیلیٹی اسٹورز بہترین انداز میں چلتے رہے۔

    مزید پڑھیں : یوٹیلیٹی اسٹورز کرپشن کی وجہ سے بند کیے گئے، وفاقی وزیر

    سیکریٹری نے کمیٹی کو بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے 10 سے 11 ہزار ملازمین ہیں، تاہم صرف 300 ملازمین کو برقرار رکھا جائے گا جبکہ باقی ملازمین کو خصوصی مراعاتی پیکج کے تحت فارغ کیا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ملازمین کے لیے 27 ارب روپے کے پیکج کی منظوری کل اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) سے لی جائے گی۔

    سحر کامران نے مؤقف اپنایا کہ اس وقت جتنے لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں، اتنے نئے روزگار پیدا نہیں کیے جا رہے، جو ایک تشویشناک صورتحال ہے۔

  • یوٹیلیٹی اسٹورز کرپشن کی وجہ سے بند کیے گئے، وفاقی وزیر

    یوٹیلیٹی اسٹورز کرپشن کی وجہ سے بند کیے گئے، وفاقی وزیر

    شیخوپورہ : وفاقی وزیر غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز میں کرپشن اور بدعنوانی کی وجہ سے ریلیف عوام تک نہیں پہنچ رہا تھا۔

    شیخوپورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹور بندش کا فیصلہ وزیراعظم اور کابینہ کا ہے جو بہت سوچ سمجھ کر کیا گیا ہے۔

    رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ عوام تک اس کا ریلیف نہیں پہنچ رہا تھا جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز کا مقصد صرف اور صرف عوام کو ریلیف فراہم کرنا تھا۔

    وفاقی وزیر نے بتایا کہ کرپشن اور بدعنوانی کی وجہ سے ریلیف عوام تک نہیں پہنچ پارہا تھا، عوام لمبی قطاروں میں لگ کر بھی ناقص اشیاء حاصل کرتے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ عوامی ریلیف کرپشن کی نذر ہورہا تھا، پے در پے شکایات پر وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کا فیصلہ کیا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے عوام کو ماہ رمضان میں ریلیف کا سلسلہ ختم نہیں کیا گیا، رواں سال رمضان میں عوام کو 30 ارب روپے ڈیجیٹل والیٹ کے ذریعے دیے گئے۔

    ،مزید پڑھیں : ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند کر دیا گیا

    وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے عوامی ریلیف کا سلسلہ بند نہیں ہوگا یہ بدستور جاری رہے گا۔

  • شرجیل میمن نے یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کے فیصلے کو غیر دانشمندانہ قرار دے دیا

    شرجیل میمن نے یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کے فیصلے کو غیر دانشمندانہ قرار دے دیا

    کراچی : صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کے فیصلے کو غیر دانشمندانہ قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کے فیصلے کو غیر دانشمندانہ قرار دے دیا۔

    صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ادارے بنانا اور انہیں چلانا مشکل جبکہ بند کرنا سب سے آسان کام ہوتا ہے، اگر کسی محکمے میں کمی یا کوتاہی ہے تو اسے بہتر گورننس کے ذریعے درست کیا جائے، نہ کہ ادارے بند کر دیے جائیں۔

    انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ یوٹیلیٹی اسٹورز شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں 1971 میں قائم کیے گئے تھے اور آج بھی تقریباً 20 ملین افراد ان سے مستفید ہو رہے تھے۔

    شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے حکومتیں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر قابو پانے میں ناکام رہتی ہیں، ایسے میں یوٹیلیٹی اسٹورز تنخواہ دار طبقے اور غریب عوام کے لیے امید کی کرن ہوتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش سے نہ صرف بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے بلکہ عوام کی امیدوں کو بھی ٹھیس پہنچی ہے۔ اگر کسی ادارے میں کوتاہی ہو تو وہاں اہل افراد کو تعینات کیا جائے۔

    انہوں نے گندم کی قیمتوں پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مقامی گندم 4 ہزار میں دستیاب تھی، اب 9 ہزار روپے فی ٹن کی گندم یوکرین سے درآمد کرنے کی بات کی جا رہی ہے، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر پر بوجھ پڑے گا۔

    شرجیل میمن نے چینی کی برآمد اور درآمد کی پالیسیوں کو بھی غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو سنجیدہ اور مستقل مزاج فیصلے کرنا ہوں گے تاکہ معیشت اور عوام دونوں کو ریلیف مل سکے۔

  • یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کی حتمی تاریخ کا اعلان !  ملازمین کا کیا ہوگا؟

    یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کی حتمی تاریخ کا اعلان ! ملازمین کا کیا ہوگا؟

    اسلام آباد : یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کی حتمی تاریخ کا اعلان کردیا گیا تاہم ملازمین کا کیا ہوگا؟ اس حوالے سے بڑی خبر آگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر یوٹیلیٹی اسٹورز 31 جولائی کو بند کرنے کی ڈیڈلائن طے ہوگئی۔

    ذرائع صنعت وپیداوار نے بتایا کہ جولائی کے اختتام پر یوٹیلٹی اسٹورز کو بند کردیا جائے گا اور اسٹورز کے تمام ملازمین کو رضاکارانہ سیپریشن اسکیم آفر کی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر نجکاری کمیشن یوٹیلیٹی اسٹورز کونجی شعبے کے حوالے کرے گا اور خسارے کا شکار تمام یوٹیلیٹی اسٹورز برانچز کو بند کردیاجائے گا۔

    ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے 28 جون کو یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کیلئے حتمی اجلاس کیا تھا، نجکاری کمیشن تمام ضابطےکی کارروائی پر وزیر اعظم کو بریفنگ بھی دے گا۔

    مزید پڑھیں : یوٹیلیٹی اسٹورز کے مستقل ملازمین سے متعلق اہم خبر

    یاد رہے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے اسٹوروں کی بندش کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا اسٹوروں سے 16 ہزار ملازمین کے خاندان کا روزگار وابستہ ہے۔

    واضح رہے اخراجات میں کمی کیلئے ملک بھر میں 446 یوٹیلیٹی اسٹوروں کو بند کر دیا گیا تھا ذرائع نے بتایا تھا کہ مزید 500 سے زائد اسٹوروں کو بند کرنے کا پلان ہے۔

  • یوٹیلیٹی اسٹورز کے مستقل ملازمین سے متعلق اہم خبر

    یوٹیلیٹی اسٹورز کے مستقل ملازمین سے متعلق اہم خبر

    سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں اگلے ماہ جولائی سے یوٹیلیٹی اسٹورز کے مستقل پانچ ہزار ملازمین کی تنخواہیں بند ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سینیٹر عون عباس کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی برائے صنعت وپیداوار کا اجلاس ہوا جس میں حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے 4060 کنٹریکٹ و ڈیلی ویجز ملازمین فارغ جب کہ مستقل 5 ہزار ملازمین برقرار ہیں۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 25 ارب بقایا جات اور جولائی تک سیل اور تنخواہیں بند ہونے کا خدشہ ہے۔

    حکام نے بتایا کہ اس سال یوٹیلیٹی اسٹورز پر سبسڈی ختم کر دی گئی تھی اور رمضان پیکیج بی آئی ایس پی ڈیٹا سے دیا گیا تھا۔ 1925 خسارے والے اسٹورز بند کر دیے گئے ہیں جب کہ یوٹیلیٹی اسٹورز نجکاری لسٹ پر ہیں۔ اگر نجکاری نہ ہوئی تو سالانہ تنخواہ کی مد میں 7 ارب روپے دینے پڑیں گے۔

    ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے بتایا کہ خسارے والے اسٹورز بند کرنے سے پہلے ماہانہ خرچ ایک ارب 7 کروڑ روپے تھے۔ اب ماہانہ خرچ 70 کروڑ رہ گیا ہے۔

    ایم ڈی کے مطابق رمضان میں 12 سے 13 ارب کی سبسڈی ملتی تھی، اسی سے وینڈرز کا قرض ادا کرتے تھے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز میں پڑا سامان دو ماہ میں ختم ہو جائے گا۔ حکومت کو کہا ہے کہ بجٹ میں تنخواہیں شامل کرے۔

    اس موقع پر ارکان کمیٹی نے سوال اٹھایا کہ اگر یہی صورتحال رہی اور تمام اسٹورز بند ہو گئے تو پھر نجکاری کس کی ہوگی۔

    ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے بتایا کہ وفاقی حکومت سے 7 ارب روپے مانگے ہیں۔ ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک نہ دیا تو 2.7 ارب اور تنخواہوں کی مد میں سالانہ 7 ارب خرچ ہوں گے۔

    https://urdu.arynews.tv/utility-stores-to-shut-down-operations-terminate-employees/

  • بڑی خبر! مزید یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کا فیصلہ ، کن ملازمین کو  فارغ کیا جائے گا؟

    بڑی خبر! مزید یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کا فیصلہ ، کن ملازمین کو فارغ کیا جائے گا؟

    اسلام آباد : رواں مالی سال کے اختتام تک مزید ایک ہزار یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کا فیصلہ کرلیا،کن ملازمین کو فارغ کیا جائے گا؟

    تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کے نئے آپریشنز بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، دستاویز میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے اختتام تک مزید ایک ہزار یوٹیلیٹی اسٹوروں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    یوٹیلیٹی اسٹورز میں کام کرنیوالے ڈیلی ملازمین کو بھی نوکری سے فارغ کیا جائے گا، مجموعی طور پر5500 میں سے 1500 یوٹیلیٹی اسٹور باقی رہ جائیں گے۔

    مالیاتی لحاظ سے باقی رہ جانے والے یوٹیلیٹی اسٹوروں کی نجکاری کی جائے گی، ابھی تک 2237  ملازمین کو نوکری سے نکالا جاچکا ہے۔

    مزید پڑھیں : قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کی مخالفت کر دی

    حکام مالیاتی لحاظ سے کمزور ایک ہزار یوٹیلیٹی اسٹورز کو مزید بند کرنا ہے، اسٹورز کو گزشتہ مالی سال 38 ارب روپے کی سبسڈی ملی تھی اور رواں مالی سال کیلئے مختص 60 ارب کی سبسڈی نہیں ملی۔

    یاد رہے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے اسٹوروں کی بندش کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا اسٹوروں سے 16 ہزار ملازمین کے خاندان کا روزگار وابستہ ہے۔

    واضح رہے اخراجات میں کمی کیلئے ملک بھر میں 446 یوٹیلیٹی اسٹوروں کو بند کر دیا گیا تھا ذرائع نے بتایا تھا کہ مزید 500 سے زائد اسٹوروں کو بند کرنے کا پلان ہے۔

  • عوام کے لیے نئی مشکل ! چینی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو کا مزید اضافہ

    عوام کے لیے نئی مشکل ! چینی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو کا مزید اضافہ

    اسلام آباد : یوٹیلیٹی اسٹورز  پر چینی کی قیمت میں پانچ روپے فی کلو کا مزید اضافہ ہوگیا، جس کے بعد قیمت 145 روپے سے بڑھا کر 150 روپے فی کلو ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو کا مزید اضافہ کردیا گیا، ذرائع نے بتایا کہ اسٹورز پر قیمت 145روپے سے بڑھا کر150 روپےفی کلو کردی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں بھی اسٹورز پر  قیمت میں5 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا تھا، ڈیڑھ ہفتے میں مجموعی طور پر شوگر 10 روپے فی کلو مہنگی کی گئی۔

    مزید پڑھیں : رمضان المبارک سے قبل چینی مزید کتنی مہنگی ہونے کا امکان؟

    ذرائع یوایس سی نے کہا کہ  اسٹورز پر ڈیڑھ ہفتے قبل شوگر  کی قیمت140  روپے فی کلو مقرر تھی تاہم اوپن مارکیٹ میں قیمتیں مزید بڑھنے کے باعث شوگر 10 کی قیمت میں اضافہ کیا لیکن مزید اضافے کے باوجود اسٹورز پر شوگر اوپن مارکیٹ سے سستی ہے۔

    خیال رہے وفاقی حکومت نے اگست 2024 میں چینی سمیت 5 بنیادی اشیاء پر سبسڈی روک دی تھی۔

  • قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کی مخالفت کر دی

    قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کی مخالفت کر دی

    اسلام آباد : قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کی مخالفت کر دی اور کہا اسٹوروں سے 16 ہزار ملازمین کے خاندان کا روزگار وابستہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سید حفیظ الدین کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی صنعت و پیداوار کمیٹی کا اجلاس ہوا ،کمیٹی اجلاس میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی بندش کا معاملہ زیر غور آیا۔3

    پیپلز پارٹی اراکین نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی بندش کی تجویز کی مخالفت کر دی ، اراکین کمیٹی نے کہا کہ اسٹورز سے 16 ہزار ملازمین کے خاندان کا روزگار وابستہ ہے، وفاقی وزیر پارلیمنٹ کے فلور پر کہہ چکے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن بند نہیں کریں گے، اس کے باوجود اگر حکومت نے فیصلہ کیا تو ایوان کا استحقاق مجروع ہوگا۔

    چیئرمین کمیٹی سید حفیظ الدین کا کہنا تھا کہ حکومت نے کہا تھا کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن بند نہیں کر رہے، کابینہ میں یہ ہار بار آتا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز بند کرنے کی بات ہورہی ہے۔

    راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اگر کرپشن کی بنیاد پر اداروں کو بند کریں گے تو پھر پورا ملک بند کرنا پڑے گا،بہتر تھا کہ اس ادارے میں اگر کوئی خرابی ہے تو اس ک خرابی کو دور کریں۔

    رکن کمیٹی کا کہنا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹوروں ایک اہم ادارہ ہے جہاں سے لوگوں کو ریلیف دیاجاتا ہے،ہم یوٹیلٹی سٹورز بند کرنے کی شدید مزمت کرتے ہیں، یہ درست نہیں کہ چند لوگ بیٹھ کر ادارہ بند کرنے کا فیصلہ کریں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ یوٹیلٹی اسٹوروں پر کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل پارلیمنٹ میں بات ہونی چاہیے تھی،رانا تنویر حسین کے خلاف پارلیمنت کی توہین کا نوٹس ہونا چاہیے، راجہ پرویز اشرف

    رکن کمیٹی نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹور کا مقصد عوام کو سستی اشیا کی فراہمی تھا، اس میں صلاحات کی ضرورت ہے، مگر اس کو بند کرنا اسکا کوئی حل نہیں ، وزیراعظم سمیت کابینہ کے اراکین پارلیمنٹ کے رکن ہیں، سٹورز کے معاملے پر پارلیمنٹ کو کھڑا ہونا ہوگا۔

    اجلاس میں رکن کمیٹی مہرین بھٹو نے کہا کہ کسی بھی صورت یہ ادارہ بند نہیں ہونا چاہیے، مایوسی ہوئی ہے یہ دیکھ کر وفاقی وزیر اور سیکرٹری اجلاس میں موجود نہیں، کمیٹی ہدایت دے کہ یوٹیلٹی سٹورز کو بند نہیں ہونا چاہیے۔

    قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے أئندہ اجلاس میں وزیر خزانہ کو بلالیا ،چیئرمین کمیٹی حفیظ الدین نے کہا کہ وزیر خزانہ کیوں اس ادارے کے پیچھے پڑے ہیں تاہم قائمہ کمیٹی نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن بند کرنے کی مخالفت کی۔

  • یوٹیلیٹی اسٹورز میں بھی چینی مہنگی، فی کلو قیمت کیا ہوگئی

    یوٹیلیٹی اسٹورز میں بھی چینی مہنگی، فی کلو قیمت کیا ہوگئی

    اسلام آباد : یوٹیلیٹی اسٹورز میں بھی چینی 5 روپے فی کلو مہنگی ہوگئی، جس کے بعد قیمت 145 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے چینی 5 روپے فی کلومہنگی کردی ، ذرائع نے بتایا کہ اسٹورز پر چینی کی قیمت 140 سے بڑھا کر 145 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔

    ذرائع یو ایس سی نے کہا کہ اوپن مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کے باعث چینی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے، اضافے کے باوجود یوٹیلیٹی اسٹوروں پرچینی اوپن مارکیٹ سے سستی ہے۔

    خیال رہے وفاقی کابینہ نے گزشتہ ہفتے یوٹیلیٹی اسٹوروں کے آپریشنزبند کرنےسےمتعلق کمیٹی تشکیل دی تھی ، وفاقی وزیر برائے صنعت وپیداوار کو کمیٹی کا سربراہ مقررکیا گیا ، کمیٹی کوایک ہفتے کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    یاد رہے چینی کی قیمت میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے، چند دنوں میں چینی کی قیمت میں 18 روپے کلو اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق چینی کی ایکس مل کا ریٹ 140 سے 143 روپے تک ہے، دسمبر میں چینی کی ایکس مل کا ریٹ 125 روپے کلو تھا تاہم فروری کیلئے فیوچر ٹریڈ نے 145 روپے مقرر کر دیا جبکہ چھوٹی دکانوں میں چینی150 روپے کلو فروخت ہورہی ہے۔

  • ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند کر دیا گیا

    ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند کر دیا گیا

    اسلام آباد : ملک بھر میں 446 یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند کر دیا گیا اور مزید 500 سے زائد اسٹورز بند کرنے کا پلان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹورز کیلئے سبسڈی بند کرنے کے اثرات نمایاں ہونے لگے۔

    اخراجات میں کمی کیلئے ملک بھر میں 446 یوٹیلیٹی اسٹوروں کو بند کر دیا گیا، ذرائع نے بتایا کہ مزید 500 سے زائد اسٹوروں کو بند کرنے کا پلان ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹوروں کی بندش کے باوجود کسی ملازم کو نہیں نکالا جائے گا، صرف نقصان والے اسٹورز کو بند کیا گیا ہے۔

    ذرائع نے کہا کہ جن یوٹیلیٹی اسٹوروں کی آمدنی کم اور نقصان زیادہ تھا ان کو بند کیا گیا، ملک کے دیہی علاقوں میں قائم زیادہ تر اسٹورز بندش کی زد میں آئے۔

    ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے اس سال اگست میں یوٹیلیٹی اسٹوروں کے لیے سبسڈی بند کردی تھی۔