Tag: یوٹیلیٹی اسٹورز

  • یوٹیلیٹی اسٹورز کی جانب سے شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری

    یوٹیلیٹی اسٹورز کی جانب سے شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری

    اسلام آباد: یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے مزید 170 سے زائد اشیا کی قیمتوں میں کمی کر دی ہے.

    تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایک سو ستّر سے زائد اشیا کی قیمتوں میں 10 روپے سے لے کر 190 روپے تک کی کمی کر دی گئی ہے۔

    ترجمان یوٹیلیٹی اسٹور کے مطابق 170 سے زائد اشیا کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہوگا، جن اشیا کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے، ان میں چائے، مختلف مصالحے اور دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پہلے بھی یوٹیلٹی اسٹورز پر 800 سے زائد اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی، ترجمان نے مزید بتایا کہ تمام یوٹیلیٹی اسٹورز پر خریداری کے لیے کسی قسم کی کوئی شرط لاگو نہیں ہے، اور ملک بھر کے تمام شہری یوٹیلیٹی اسٹورز سے خریداری کر سکتے ہیں۔

  • یوٹیلیٹی اسٹورز سے خریداری کرنے والوں کے لئے بڑی خوشخبری آگئی

    یوٹیلیٹی اسٹورز سے خریداری کرنے والوں کے لئے بڑی خوشخبری آگئی

    اسلام آباد : یوٹیلیٹی اسٹورز سے خریداری کرنے والوں کے لئے بڑی خوشخبری آگئی، 800 سےزائد اشیا کی قیمتوں کمی کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز نے 800 سےزائد اشیا کی قیمتوں میں10 فیصد تک کمی کردی ، گھی ،کوکنگ آئل سمیت مختلف اشیاکی قیمتوں میں 8 سے 60 روپے تک کمی کی گئی۔

    ترجمان نے بتایا کہ مختلف48 برانڈز کی تمام ورائٹی کے دستیاب پروڈکٹس پر کمی کی گئی ہے، مختلف برانڈز کے گھی ، کوکنگ آئل، چائے، سرف،نوڈلز،کیچ اپ،ٹیٹراپیک دودھ سستا ہوا جبکہ خشک دودھ،مصالحے،اچار، صابن، ٹوتھ پیسٹ ودیگر اشیاکی قیمتوں میں کمی
    ہوئی۔

    اسٹورز کارپوریشن نے قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، قیمتوں میں کمی کا اطلاق آج سے ہوگا۔

    ترجمان نے بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹوروں پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سبسڈی فی الحال بند ہے، جلد سبسڈی نئےطریقہ کار کے تحت بحال ہو جائے گی۔

    صارفین بلاکسی دقت،دشواری، شرائط کےیوٹیلیٹی اسٹورز سےخریداری کرسکتے ہیں، دیگر اشیاکی قیمتوں میں بھی کمی لانے کے لئے اقدامات کئےجارہے ہیں۔

  • یوٹیلیٹی اسٹورز ختم کرنے کا فیصلہ منسوخ کیا جائے، اسلم غوری

    یوٹیلیٹی اسٹورز ختم کرنے کا فیصلہ منسوخ کیا جائے، اسلم غوری

    کراچی: ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز ختم کرنے کا فیصلہ منسوخ کیا جائے، غریب کے منہ سے نوالہ چھینا جارہا ہے۔

    جمعیت علمائے اسلام کے ترجمان اسلم غوری کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کو ختم کرنے کا فیصلہ غریب عوام کے منہ سے نوالہ چھیننے کے مترادف ہے، ملک کی اشرافیہ کو مراعات دی جارہی ہیں اور غریب سے جینے کا حق چھینا جارہا ہے۔

    اسلم غوری نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز سے عام آدمی کو روزمرّہ کی اشیا معقول نرخوں پر میسر ہیں، اسٹورز کے خاتمے سے ہزاروں ملازمین بے روزگار ہو جائیں گے۔

    وفاقی حکومت نے ملک بھر میں چلنے والے یوٹیلیٹی اسٹورز مکمل طور پر بند کرنے اور بینظیر انکم سپورٹ کے تحت ملنے والی سبسڈی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ اسٹوروں کو بند کرنے کا فیصلہ فنڈز کی کمی کے باعث کیا گیا ہے، دوسری جانب عوام کے ساتھ ساتھ اسٹورز پر ملازمت کرنے والے ملازمین بھی اس فیصلے پر پریشان ہیں۔

    یوٹیلیٹی اسٹورز دو ہفتوں میں بند کرنے کے فیصلے پر ملازمین احتجاج کر رہے ہیں، ملازمین کا کہنا تھا کہ حکومت یوٹیلیٹی اسٹوروں کو ہمارے حوالے کرے، ہم ٹیکس اور تنخواہیں دیں گے۔

    ملازمین نے کہا کہ حکومت نے اسٹوروں کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا مگر ہزاروں ملازمین کے حوالے سے کچھ نہیں سوچا، حکومت کو اپنا فیصلہ واپس لینا پڑے گا۔

    دوسری جانب عوام کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگی بجلی اور ٹیکسز کے بوجھ تلے دبے عوام سے یوٹیلیٹی اسٹوروں پر ملنے والا ریلیف بھی چھینا جارہا ہے۔

  • یوٹیلیٹی اسٹورز 2 ہفتوں میں بند کرنے کا اعلان، ملازمین سراپا احتجاج

    یوٹیلیٹی اسٹورز 2 ہفتوں میں بند کرنے کا اعلان، ملازمین سراپا احتجاج

    لاہور : وفاقی حکومت کے زیرانتظام چلنے والے یوٹیلیٹی اسٹورز دو ہفتوں میں بند کرنے کے فیصلے پر ملازمین سراپا احتجاج ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ملک بھر میں چلنے والے یوٹیلیٹی اسٹورز مکمل بند کرنے اور بینظیر انکم سپورٹ کے تحت ملنے والی سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ اسٹوروں بند کرنے کا فیصلہ فنڈز کی کمی کے باعث کیا ہے۔

    دوسری جانب عوام کے ساتھ ساتھ اسٹورز پر ملازمت کرنے والے ملازمین بھی اس فیصلے پر پریشان ہیں۔

    یوٹیلیٹی اسٹورز دو ہفتوں میں بند کرنے کے فیصلے پر ملازمین احتجاج کر رہے ہیں۔

    ملازمین نے آج سے اسٹور بند کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت یوٹیلیٹی اسٹوروں کو ہمارے حوالے کرے، ہم ٹیکس اور تنخواہیں دیں گے۔

    ملازمین کا کہنا ہے کہ حکومت نے اسٹوروں کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا مگر ہزاروں ملازمین کے حوالے سے کچھ نہیں سوچا، حکومت کو اپنا فیصلہ واپس لینا پڑے گا۔

    ملازمین نے مزید کہا کہ حکومتی فیصلے سے نہ صرف غریب عوام کی سبسڈی بند ہوگی بلکہ اٹھارہ ہزار ملازمین بھی بے روزگار ہوجائیں گے۔

    ملازمین نے وزیراعظم اور صدر سے فیصلہ واپس لینے کی اپیل کردی ہے۔

    دوسری جانب عوام کا کہنا ہے کہ پہلے ہی سے مہنگی بجلی اور ٹیکسز کے بوجھ تلے دبے عوام سے یوٹیلیٹی اسٹوروں پر ملنے والا ریلیف بھی چھینا جارہا ہے۔

  • یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش : ہزاروں ملازمین کا حکومت سے اہم مطالبہ

    یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش : ہزاروں ملازمین کا حکومت سے اہم مطالبہ

    لاہور : حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو بند کرنے فیصلے کے بعد ہزاروں ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

    اپنے روزگار کو ختم ہوتا دیکھ کر ملازمین نے اسکیم موڑ زونل آفس کے سامنے شدید احتجاج کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ فیصلے کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔

    اس موقع پر نمائندہ اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے ملازمین کا کہنا تھا کہ اس محکمے میں 14ہزار ملازمین ہیں اور یہ ایسا حکومتی ادارہ ہے جس کا شمار منافع بخش اداروں میں ہوتا ہے۔

    مظاہرین نے کہا کہ اس فیصلے سے صرف ہم ہی نہیں بلکہ ان کمپنیوں کے ملازمین بھی جو ہمیں مال سپلائی کرتے ہیں وہ بھی بے روزگار ہوجائیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز ہر سال حکومت کو ٹیکس فراہم کرتا ہے، حکومت اگر یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کا فیصلہ واپس نہیں لیتی تو ہمارے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ملک بھر میں قائم تمام یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    یوٹیلیٹی اسٹور انتظامیہ کے مطابق وفاقی حکومت نے ہم کو 2 ہفتے کا وقت دیا ہے جب کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر دستیاب اشیاء پر سبسڈی پہلے ہی ختم ہوچکی ہے۔

    انتظامیہ کا بتانا ہے کہ اسٹورز بند ہونے کی خبر کے بعد ہزاروں ملازمین میں تشویش پائی جاتی ہے، 6 ہزار مستقل جب کہ دیگر ملازمین کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز پر ہیں۔ رپورٹ کے مطابق وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ٹائم لائن کے مطابق تمام یوٹیلیٹی اسٹورز بند کردیے جائیں گے۔

     

  • عوام کے لئے بڑی خبر ! کیا حکومت یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے جا رہی ہے؟

    عوام کے لئے بڑی خبر ! کیا حکومت یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے جا رہی ہے؟

    اسلام آباد : ملک میں یوٹیلیٹی اسٹورز بند ہونے کے حوالے سے عوام کے لئے بڑی خبر آگئی، جس سے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ملک میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن بند کرنے کا فیصلہ کرلیا، سیکرٹری صنعت وپیداوار نے بتایا کہ وفاقی حکومت یوٹیلیٹی اسٹوروں بند کرنے کا فیصلہ کررہی ہے، رائٹ سائزنگ کمیٹی نے تجاویز تیار کی ہیں جس میں مختلف وزارتیں شامل ہیں۔

    سیکریٹری کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کےپاس پیسےنہیں ہیں جس کےباعث یہ فیصلہ کیاجارہا ہے ، کابینہ کی منظوری کے بعد جو ٹائم لائن طےہوگی اس پر اسٹورز بند ہو جائیں گے۔

    سیکریٹریرائٹ سائزنگ کمیٹی کی دیگر اداروں کو بند کرنے تجویزکی منظوری کابینہ دے گی۔

    سینیٹ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹرسیف اللہ نیازی نے سوال کیا کیا حکومت یوٹیلیٹی اسٹوروں بند کرنے جا رہی ہے؟ تو سیکرٹری صنعت و پیداوار  نے کہا کہ جی حکومت یوٹیلیٹی اسٹوروں بند کرنے پر غورکر رہی ہے، ملازمین کو دوسرے اداروں میں بھیجنے کیلئے کام جاری ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ حکومت غیرضروری کاروبارسے باہر نکلنا چاہتی ہے، اسٹوروں پر ریلیف دینے سے مقابلے کی فضا ختم ہوجاتی ہے۔

  • یوٹیلیٹی اسٹورز کو دی جانے والی سبسڈی پر ٹرن اوور ٹیکس عائد

    یوٹیلیٹی اسٹورز کو دی جانے والی سبسڈی پر ٹرن اوور ٹیکس عائد

    اسلام آباد : یوٹیلیٹی اسٹورزکو دی جانے والی سبسڈی پر ایک اعشاریہ دو پانچ فیصد ٹرن اوور ٹیکس عائد کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورزکو دی جانے والی سبسڈی پر ٹرن اوور ٹیکس عائد کردیا گیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ رواں مالی سال یوٹیلیٹی اسٹورز کی سبسڈی پر ایک اعشاریہ دو پانچ فیصدٹیکس عائد ہوگا، رواں مالی سال ایف بی آر کو مجموعی طورپر ساٹھ ارب کی سبسڈی دی جائے گی ، جس پرتقریباً ایک ارب ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورزکودی گئی سبسڈی کو آمدن سمجھ کر ٹیکس لگایاگیا ہے۔

    ایف بی آر نے گذشتہ مالی سال یوٹیلیٹی اسٹورز کے اکاؤنٹ اٹیچ کرکے چار ارب روپے نکالے تھے۔

    ذرائع نے کہا کہ ایف بی آر اور یوٹیلیٹی اسٹورز کے درمیان سبسڈی پر ٹیکس کا تنازع ہے، سبسڈی پرٹیکس عائد کرنے کیلئے رواں مالی سال فنانس بل کاحصہ بنا دیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق نقصان میں چلنے والی کمپنیوں کی آمدن پر ایک اعشاریہ دو پانچ فیصد ٹرن اوورٹیکس عائد ہے۔

  • وفاقی کابینہ نے 5 سالہ نجکاری پروگرام کی منظوری دے دی

    وفاقی کابینہ نے 5 سالہ نجکاری پروگرام کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے 5 سالہ نجکاری پروگرام کی منظوری دے دی۔

    ذرائع کے مطابق 2024 تا 2029 پروگرام کے تحت 24 اداروں کی نجکاری کی جائے گی اور جائزے کے بعد مزید ادارے بھی نجکاری پروگرام میں شامل کیے جائیں گے۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ پروگرام کے تحت 3 مراحل میں اداروں کی نجکاری کی جائے گی جبکہ پی آئی اے، ہاوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کا نجکاری عمل جلد مکمل کیا جائے گا۔

    ذرائع نے بتایا کہ اس مرحلے میں سرکاری بجلی تقسیم کار اور پیداواری کمپنیوں کی نجکاری کی جائے گی، پہلے مرحلے میں فیصل آباد، اسلام آباد، گوجرانوالہ پاور کمپنیز کی نجکاری ہوگی، دوسرے مرحلے میں لیسکو، میپکو، پیسکو، ہیسکو، سیپکو، حیسکو کی نجکاری ہوگی۔

    ذرائع نے بتایا کہ اس کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن اور اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی نجکاری ہوگی جبکہ پاکستان ری انشورنس کمپنی کی نجکاری بھی فہرست میں شامل ہے، تاہم نجکاری کے لیے منظور شدہ اداروں کا جامع نجکاری پلان کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔

  • سستی چینی سے متعلق اچھی خبر

    سستی چینی سے متعلق اچھی خبر

    اسلام آباد: وزیر اعظم پیکج کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر کئی ہفتوں سے بند چینی کی فروخت شروع ہو گئی۔

    ذرائع یوٹیلیٹی اسٹورز کے مطابق اسٹورز پر گزشتہ کئی ہفتوں سے چینی کی فروخت بند تھی، تاہم اب اسٹورز کو چینی کی سپلائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک سے دو روز میں ملک بھر کے اسٹورز پر چینی کی دستیابی یقینی ہو جائے گی۔

    یوٹیلیٹی اسٹورز نے فی کلو 15 روپے ایف ای ڈی کی وجہ سے چینی کی فروخت بند کی تھی، تاہم اب اسٹورز اور ایف بی آر کے درمیان چینی پر ایف ای ڈی کا معاملہ حل ہو گیا ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز پر فروخت کی حد تک چینی کی فراہمی پر ایف ای ڈی لاگو نہیں ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز نے ایف ای ڈی کی وضاحت کے لیے ایف بی آر سے ایڈوائس مانگی تھی، جس پر ایف بی آر نے کارپوریشن کو مانگی گئی ایڈوائس پر جواب دے دیا۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ کارپوریشن کے پاس اس وقت وافر مقدار میں چینی دستیاب ہے۔

  • یوٹیلیٹی اسٹورز نے وزیر اعظم ریلیف پیکج کے تحت چینی کی فروخت بند کر دی

    یوٹیلیٹی اسٹورز نے وزیر اعظم ریلیف پیکج کے تحت چینی کی فروخت بند کر دی

    اسلام آباد: بجٹ میں چینی کی سپلائی پر فی کلو 15 روپے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) کے اثرات سامنے آ گئے، یوٹیلیٹی اسٹورز نے وزیر اعظم ریلیف پیکیج کے تحت چینی کی فروخت بند کر دی۔

    ترجمان یوٹیلیٹی اسٹورز کا کہنا ہے کہ انھوں نے چینی پر فی کلو 15 روپے ایف ای ڈی کی وضاحت کے لیے ایف بی آر سے ایڈوائس مانگی ہے، ایف بی آر سے ایڈوائس ملنے کے بعد چینی کی ترسیل شروع کی جائے گی۔

    ترجمان کے مطابق کارپوریشن کے پاس اس وقت وافر مقدار میں چینی دستیاب ہے، تاہم فی کلو 15 روپے نئی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وجہ سے چینی کی فروخت بند کی گئی ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ جیسے ہی ایف بی آر کلیئر کرتا ہے چینی کی ترسیل فوری شروع ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر عام صارفین کے لیے چینی کی فی کلو قیمت 155 روپے ہے، جب کہ بی آئی ایس پی صارفین کے لیے چینی کی فی کلو قیمت 109 روپے مقرر ہے۔