Tag: یوٹیوب

  • عاصم اظہر کو یوٹیوب کی جانب سے تحفہ

    عاصم اظہر کو یوٹیوب کی جانب سے تحفہ

    معروف پاکستانی گلوکار عاصم اظہر کو ویڈیو شیئرنگ سائٹ یوٹیوب کی جانب سے سلور بٹن مل گیا، عاصم کو یہ بٹن ان کے یوٹیوب چینل پر 1 لاکھ سبسکرائبرز ہونے پر ملا ہے۔

    عاصم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام کی اسٹوری پر اس بٹن کے بارے میں بتایا، انہوں نے کہا کہ اس بٹن کو آئے ہوئے کافی دن ہوگئے تھے لیکن اسے شیئر نہیں کیا۔

    انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل پر جلد ہی 10 لاکھ سبسکرائبرز ہونے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

    اس سے قبل انسٹا گرام پر اپنی ایک پوسٹ میں عاصم نے لکھا کہ سال 202 اتنا بھی برا نہیں رہا، اس سال میں نے اپنے 5 گانے بھی ریلیز کیے جن میں ہمراہ، تم تم، سوہنیا، عشقیہ اور سسی شامل ہیں۔

    انہوں نے اپنے مداحوں سے یہ بھی پوچھا کہ انہیں کون سا گانا سب سے زیادہ پسند آیا جس پر مداحوں نے مختلف جوابات دیے۔

  • وزیر اعظم عمران خان سے یوٹیوب کی سی ای او کی ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان سے یوٹیوب کی سی ای او کی ملاقات

    ڈیوس: وزیر اعظم عمران خان سے یوٹیوب کی چیف ایگزیکٹو آفیسر سوزن ووجکیکی اور سیمنز کے سی ای او جوئی کائیسر کی ملاقاتیں ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے ڈیوس میں آٹو میشن کمپنی سیمنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جوئی کائیسر کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد، معاون خصوصی زلفی بخاری اور معاون برائے اور سیز سرمایہ کاری علی جہانگیر صدیقی موجود تھے۔

    ملاقات میں ٹیکنالوجی کے فروغ اور سرمایہ کاری پر مبنی مہارت کی منتقلی پر تبادلہ خیال ہوا۔

    بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان سے یوٹیوب کی چیف ایگزیکٹو آفیسر سوزن ووجکیکی کی بھی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے پاکستان میں سیاحت و سرمایہ کاری کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔

    اس سے قبل ڈیوس میں پاکستان اسٹریٹجی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان سیاحوں کی جنت ہے جہاں مذہبی سیاحت کے مقامات کو کبھی فروغ نہیں ملا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کی سرزمین کئی قدیم تہذیبوں کا مسکن ہے، سیاحت کو فروغ دے کر ملکی معیشت کو ترقی دی جا سکتی ہے۔ پاکستان زراعت اور قدرتی وسائل سے بھی مالا مال ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ملکی صنعتی ترقی کے لیے منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ 70 کی دہائی میں قومیائی گئی صنعتوں کے باعث ترقی کو نقصان پہنچا۔

  • غیرقانونی طریقے سے بچوں کی ویڈیو حاصل کرنے پر گوگل کو بھاری جرمانہ عائد

    غیرقانونی طریقے سے بچوں کی ویڈیو حاصل کرنے پر گوگل کو بھاری جرمانہ عائد

    نیویارک: سرچ انجن گوگل پر نیویارک میں بچوں کی ویڈیوز غیرقانونی طریقے سے حاصل کرنے پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا۔

    ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق انٹرنیٹ کی دنیا میں منفرد اور اہم شناخت بنانے والی کمپنی گوگل پر یوٹیوب سے بچوں کی ویڈیوز غیرقانونی طریقے سے حاصل کرنے پر(170 ملین ڈالر) 12 کروڑ 24 لاکھ 3 ہزار 383 ڈالر جرمانہ عائد کردیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق گوگل چائلد پرائیویسی قانون کی خلاف ورزی پر جرمانہ کی ادائیگی کے لیے راضی بھی ہوگیا ہے، گوگل کے خلاف فیڈرل ٹریڈ کمیشن اور نیویارک کے اٹارنی جنرل کی جانب سے چائلڈ پرائیویسی کی خلاف ورزی بے نقاب کی گئی تھی۔

    گوگل پر الزام تھا کہ انہوں نے یو ٹیوب سے بچوں کی غیرقانونی طریقے سے حاصل کرکے بھاری منافع کمایا اور اس اقدام کے لیے بچوں کے والدین کی اجازت لینا بھی ضروری نہیں سمجھا۔

    رپورٹ کے مطابق گوگل سرچ انجن اپنے اس اقدام پر 136 ملین یوٹیوب اور 34 ملین ڈالر اسٹیٹ آف نیویارک کو ادا کرے گا۔

    ایف ٹی سی اور سی او پی پی اے قانون کانگریس کی جانب سے 1998 میں منظور کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: فرانس نے گوگل پر 5 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کردیا

    ایف ٹی سی کے چیئرمین جوئی سمنز نے گوگل کی جانب سے معاملات طے کرنے کے لیے ووٹ دیا، یوٹیوب قانون کی خلاف ورزی پر کوئی عذر قبول نہیں کیا گیا۔

    کوپا قانون کے مطابق سائٹس اپنے ڈیٹا کو شیئر کرنے کے حوالے سے 13 اور اس سے بڑے بچوں کی ویڈیو کو غیرقانونی طور پر استعمال نہیں کرسکتے ہیں۔

    یو ٹیوب کا کہنا تھا کہ گوگل سرچ انجن اور دیگر ویب سائٹ پر اس طرح کے اقدامات کے حوالے سے خصوصی نظر رکھی جاتی ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل فرانس کی جانب سے گوگل پر معلومات کی فراہمی میں ناکامی پر 5 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

    فرانس کے مانیٹرنگ ادارے کی جانب سے 5 کروڑ ڈالر سے زائد رقم کا جرمانہ اس لیے عائد کیا گیا کیوں کہ گوگل اپنی پالیسی کے مطابق معلومات فراہم نہیں کرسکا تھا۔

  • امریکی پابندیوں سے پریشان ایرانی چینلز نے یوٹیوب کا سہارا لےلیا

    امریکی پابندیوں سے پریشان ایرانی چینلز نے یوٹیوب کا سہارا لےلیا

    تہران : رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ا مریکی پابندیوں کے باعث ایرانی چینلز پیسے کمانے کے لیے پروڈیوسروں کی شناخت مخفی رکھ کران کاتیار کردہ فلمی مواد یوٹیوب پرچلارہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران پرعایدکردہ اقتصادی پابندیوں نے تمام سرکاری شعبوں کو بری طرح متاثر کرنا شروع کیا ہے، پابندیوں کے باعث سپریم لیڈر کے ماتحت ایرانی ٹیلی ویڑن کارپوریشن بھی زبوں حالی کا شکار ہے اور کارپویشن نے مالی کمی پوری کرنے کے لیے بین الاقوامی شہرت یافتہ ویڈیو شیئرنگ ویب سائیٹ یوٹیوب کا سہارا لینا شروع کیا ہے۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایرانی ٹی وی چینل پر نشرہونے والا مواد یوٹیوب پرپوسٹ کرکے اس پر اشتہارات حاصل کیے جاتے ہیں اوران اشتہارات کی مد میں حاصل ہونے والی آمدنی کوا خراجات پورے کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یوٹیوب پرموجود ایک دوسرے چینل کو’عصرجدید’ کا نام دیا گیا ہے، اس یوٹیوب چینل کے 10 ہزار فالورز ہیں اور اس کی ویڈیوز اب تک 30 لاکھ ناظرین دیکھ چکے ہیں۔ایران کی مشہورایچ ڈی فلمیں بھی اشتہارات کے ذریعے پیسے کے حصول کے لیے یوٹیوب پر پوسٹ کی جاتی ہیں۔

    اگرچہ یہاں پر عام صارفین کو مفت میں یہ مواد دکھایا جاتا ہے مگر اس پرچلنے والے اشتہارات ایران کے سرکاری ٹی وی چینل کی آمدن کاذریعہ ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایران بین الاقوامی کاپی رائیٹ معاہدے میں شامل نہیں مگر اس کے باوجود ایران میں فلم پروڈیوسروں کے حقوق کا تحفظ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

    اخبارکے مطابق ایرانی میڈیا کمپنیاں اصل پروڈیوسروں کی شناخت مخفی رکھ کران کا تیار کردہ فلمی مواد یوٹیوب پرچلاتی ہیں۔

  • یوٹیوب نے خطرناک ویڈیوز پر پابندی لگا دی

    یوٹیوب نے خطرناک ویڈیوز پر پابندی لگا دی

    واشنگٹن : یوٹیوب انتظامیہ کی جانب سے خطرناک، تکلیف دہ اور جذباتی مواد پر مبنی ویڈیوز پر پابندی عائد کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق آن لائن ویڈیوز کے سب سے بڑے پورٹل یوٹیوب کی انتظامیہ نے پرینک کے نام پر اسے ویڈیوز اپلوڈ کرنے پر پابندی لگادی ہے جو کسی بھی طرح صارفین کے جذبات کو مجروح کرتی ہو۔

    یوٹیوب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایسی ویڈیوز پر پابندی ہوگی جو کسی ایسے مذاق کی ترغیب دیتی ہو جو کسی کےلیے نقصان دہ ثابت ہو۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ یوٹیوب انتظامیہ کی جانب سے پابندی ان نام نہاد یوٹیوب چینلز کے باعث لگائی گئی ہے جس کی ویڈیوز میں ایسے افراد کو دکھایا جاتا ہے جو خود کو نقصان پہنچاتے ہیں یا ان کی موت واقع ہو جاتی ہے۔

    یوٹیوب انتطامیہ کا کہنا ہے کہ خطرناک اور تکلیف دہ مواد کی یوٹیوب پر کوئی جگہ نہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے پابندی کے باوجود یوٹیوب پر ایسی ویڈیوز موجود ہیں جن کا مواد انتہائی خطرناک ہے۔

    خیال رہے کہ کچھ روز قبل یوٹیوب پر برڈ باکس چیلنج کی ایک ویڈیو گردش کررہی تھی جس میں آنکھوں پر پٹی باندھ کر گاڑی چلانی ہوتی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ 12 جنوری کو برطانیہ میں ایک کار حادثے کا شکار ہوئی تھی جس کا کم عمر ڈرائیور برڈ باکس چیلنج پورا کرنے کی کوشش کررہا تھا تاہم ڈرائیور خوش قسمتی سے زندہ بچ گیا لیکن گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھی۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جو صارف یوٹیوب پالیسیوں کی مخالفت کرتے ہوئے خطرناک ویڈیوز اپلوڈ کرے گا اس کا اکاؤنٹ تین ماہ کےلیے بند کردیا جائے گا۔

  • یوٹیوب سے 2 ارب 69 کروڑ کمانے والا سات سالہ بچہ

    یوٹیوب سے 2 ارب 69 کروڑ کمانے والا سات سالہ بچہ

    لاس ایجنلس: امریکا کے مشہور کاروباری جریدے فوربز کے مطابق سات سالہ بچے نے یوٹیوب چینل کی مدد سے 17 کروڑ یورو بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

    فوربز کے مطابق 7 سالہ رایان اسکول کا طالب علم ہے اور اُس نے تین سال قبل یوٹیوب پر چینل بنایا تھا جس پر وہ صرف بچوں کے کھلونوں سے متعلق ویڈیوز ڈالتا ہے۔رایان کا نام دنیا کی سب سے زیادہ کمانے والی فہرست میں شامل ہوگیا۔

    امریکی جریدے کے مطابق سات سالہ بچے کے یوٹیوب پر 17 کروڑ کے قریب فالوورز ہیں اور اُس نے ایک سال کے دوران ویڈیوز شیئر کر کے 17 کروڑ یورو کمائے جو پاکستانی کرنسی کے حساب سے 2 ارب 69 کروڑ روپے سے زائد بنتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: برطانوی خاتون ملکہ الزبتھ سے دس گنا زیادہ امیر

    رایان مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش ہونے والے کھلونوں کے ریوویوز کی ویڈیوز شیئر کرتا ہے، مختلف کمپنیاں سات سالہ بچے سے اپنی پروڈکٹ کی تشہیر کرواتی ہیں۔اسکول کے طالب علم نے مارچ 2015 میں اپنی پہلی ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے اپنی بہن اور والدہ کی طرف سے ملنے والے کھلونے کے فوائد بتائے تھے۔

    امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رایان کا کہنا تھا کہ ’میں نہ صرف خود مزاحیہ ہوں بلکہ لوگوں کو ویڈیوز کے ذریعے تفریح فراہم کرنے کا موقع بھی دیتا ہوں‘۔

    رایان کی والدہ کا کہنا ہے کہ ’میں ایک اسکول میں کیمسٹری کی ٹیچر تھی مگر جب بیٹے کی انٹرنیٹ پر شہرت دیکھی اور آمدنی حاصل ہونا شروع ہوئی تو ملازمت چھوڑ دی‘۔

    یہ بھی پڑھیں: سلمان خان اور دپیکا سب سے زیادہ کمانے والے بھارتی اداکار

    اُن کا کہنا تھا کہ ’ایک دن بیٹے نے مجھ سے پوچھا میں یوٹیوب پر کیسے مشہور ہوسکتا ہوں؟ کیونکہ بچے تو ویڈیوز بنا ہی نہیں سکتے‘۔ والدہ کا کہنا تھا کہ ہم نے کبھی نہیں سوچا تھا رایان اتنا مشہور ہوجائے گا اور اُس کا شمار دنیا کی امیر ترین شخصیات میں ہوگا۔

    فوربز میگزین کی رپورٹ کے مطابق رایان کی طرف سے شیئر کی جانے والی ویڈیوز تقریباً اُسی کے ہم عمر بچے دیکھتے ہیں جن کے ذریعے اُس نے 15 فیصد سے زائد رقم کمائی۔

  • یوٹیوب کا موبائل صارفین کے لیے نیا فیچر

    یوٹیوب کا موبائل صارفین کے لیے نیا فیچر

    نیویارک: انٹرنیٹ کی سب سے بڑی ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے موبائل صارفین کے لیے نیا فیچر متعارف کرادیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیٹ صارفین کی خاصی بڑی تعداد ویڈیوز تلاش یا شیئر کرنے کے لیے یوٹیوب ویب سائٹ کا سہارا لیتی ہے، ایک محتاط اندازے کے مطابق یومیہ لاکھوں لوگ یوٹیوب پر آتے اور ویڈیوز دیکھتے ہیں۔

    یوٹیوب کی جانب سے صارفین کے لیے وقتاً فوقتاً نت نئے فیچرز متعارف کرائے جاتے ہیں تاکہ سبقت کی دوڑ میں ویب سائٹ سرفہرست رہے۔

    کمپنی نے گزشتہ برس صارفین کے لیے ’ڈارک تھیم‘ نامی فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا جسے اب خاموشی سے موبائل ایپ میں شامل کردیا گیا۔

    یوٹیوب ’ڈارک تھیم‘ نامی فیچر  کے بعد اب صارفین ایپلیکشن کے بیک گراؤنڈ کو آسانی کے ساتھ دیکھ سکیں گے، قبل ازیں سفید رنگ کی وجہ سے دھوپ اور کم روشنی میں ویڈیوز دیکھنے میں مشکلات پیش آتی تھیں مگر اب یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔

    فیچر ایکٹیو کرنے کا طریقہ

    یوٹیوب ایپ کھولیں اور پھر اوپر کی جانب دائیں ہاتھ پر نظر آنے والے آپشن پر کلک کریں، ایسا کرنے کے بعد نیچے ایک بار کھل جائے گی جہاں سیٹنگز کا آپشن نظر آئے گا۔

    اب سیٹنگز کے آپشن پر کلک کر یں جس کے بعد General نظر آئے گا، اس پر کلک کرنے کے بعد صارف کے سامنے ‘ڈارک تھیم‘ کا آپشن نظر آئے گا جسے آن کریں گے تو بیک گراؤنڈ سیاہ ہوجائے گا۔

    ٹیکنالوجی کے ماہرین کا ماننا ہے کہ اس فیچر کو استعمال کرنے سے موبائل کی بیٹری ٹائمنگ بڑھ جائے گی۔

  • یوٹیوب کا صارفین کو متنبہ کرنے کے لیے نیا فیچر

    یوٹیوب کا صارفین کو متنبہ کرنے کے لیے نیا فیچر

    نیویارک: انٹرنیٹ کی سب سے بڑی کمپنی گوگل نے ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر صارفین کے وقت کو بچانے کے لیے نیا فیچر متعارف کرادیا جو انہیں بار بار متنبہ کرتا رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیٹ صارفین کی خاصی بڑی تعداد ویڈیوز تلاش یا شیئر کرنے کے لیے یوٹیوب ویب سائٹ کا سہارا لیتی ہے، ایک محتاط اندازے کے مطابق یومیہ لاکھوں لوگ یوٹیوب پر آتے اور ویڈیوز دیکھتے ہیں۔

    گوگل انتظامیہ کا ماننا ہے کہ صارفین انٹرنیٹ استعمال کرتے اور خصوصاً ویڈیوز دیکھتے ہوئے اپنا قیمتی وقت ضائع کرکے ضروری کام تک کو بھول بیٹھتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: یوٹیوب نے آف لائن سروس فراہم کردی

    گوگل نے انٹرنیٹ پر صارفین کے وقت دینے کے حوالے سے ہونے والی حالیہ تحقیق کے نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے ویڈیو شیئرنگ کی ویب سائٹ پر ایسا فیچر متعارف کرادیا جو بار بار خبردار کرے گا۔

    گوگل کے اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ ٹیکنالوجی سے لوگ استفادہ حاصل کریں اور اپنی توجہ کو فضول کاموں کی طرف گامزن نہ کر سکیں، اس ضمن میں گوگل نے یوٹیوب میں یاد دہانی کا فیچر شامل کیا۔

    اب یوٹیوب پر ویڈیوز دیکھنے کے دوران صارفین کی اسکرین پر بار بار میسج آتا رہے کہ آپ کافی دیر سے ویڈیو دیکھ رہے ہیں لہذا اپنا کام کرلیں، یہ فیچر صارف کو اپنی مرضی کے مطابق سیٹ کرنا ہوگا۔

    فیچر استعمال کرنے کا طریقہ

    یوٹیوب ایپ کی پروفائل سیٹنگ میں جاکر جنرل میں آپ کو ریمائنڈر می ٹو بریک کے نام سے ایک آپشن نظر آئے گا جس پر کلک کرنے کے بعد آپ ٹائم سیٹ کرسکیں گے۔ مثلا اگر آپ نے 15 منٹ کا آپشن سلیکٹ کیا تو وقت گزرتے ہی موبائل اسکرین پر میسج نمایاں ہوجائے گا۔

    یوٹیوب کا یہ اقدام اس لیے بھی حیران کُن قرار دیا جارہا ہے کہ ویب سائٹس انتظامیہ کی کوشش ہوتی ہے کہ صارف اُن کے فارم پر زیادہ سے زیادہ وقت گزارے تاکہ اشتہار کی مد میں انہیں کمانے کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر ہوں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • یوٹیوب پر سالانہ 11 ملین ڈالر کمانے والا 6 سالہ بچہ

    یوٹیوب پر سالانہ 11 ملین ڈالر کمانے والا 6 سالہ بچہ

    لندن : چھ سالہ بچہ ریان نے مقبول ترین ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر سب سے زیادہ پیسے کما کر سب کو حیران کردیا۔

    یوٹیوب جہاں انٹرنیٹ صارفین کے لیے تفریح کا ذریعہ ہے وہیں بہت سے افراد کے لیے کمائی کا ایک ذریعہ بھی ہے، امریکی جریدے فوربس نے یوٹیوب کی معروف شخصیات کی فہرست جاری کردی ہے، جس میں ایک چھ سالہ بچے کی بڑی دھوم ہے۔

    یہ بچہ سالانہ گیارہ ملین ڈالر کما رہا ہے، جو پاکستانی ایک ارب 10 کروڑ روپے بنتے ہیں، چھ سالہ بچہ یو ٹیوب پر کھلونوں کے ریویوز کی ویڈیوز بناتا ہے، جو دنیا بھر میں مقبول ہیں۔

    فوربز کی یوٹیوب سیلیبرٹی کی فہرست میں ریان کا 8 واں نمبر ہیں۔

    ٹوئے ریویوز کے نام سے یوٹیوب پر پروگرام کرنے والا یہ ننھا میزبان ریان اس وقت کروڑ پتی ہے اور یوٹیوب پر اس بچے کے دس ملین سبسکرائبرز ہیں۔

    ریان 3 برس کی عمر سے مختلف کھلونوں پر تجزیاتی ویڈیوز بنا رہا ہے اور یوٹیوب پر شیئر کررہا ہے۔

    ریان کو یوٹیوب سے پیسے کمانے والی کم عمر ترین شخصیات میں سے ایک ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • بہادر دریائی گھوڑوں نے مگر مچھ کے منہ سے اس کا نوالہ چھین لیا

    بہادر دریائی گھوڑوں نے مگر مچھ کے منہ سے اس کا نوالہ چھین لیا

    گو کہ انسان کو اشرف المخلوقات کا درجہ حاصل ہے، لیکن جانور، جانور ہونے کے باوجود محبت، ’انسانیت‘ اور ہمدردی کی ایسی مثالیں قائم کر جاتے ہیں جنہیں دیکھ کر عقل دنگ رہ جاتی ہے۔

    حال ہی میں یوٹیوب پر اپ لوڈ کی جانے والی ایک ویڈیو نے سب کی توجہ حاصل کرلی جس میں 2 دریائی گھوڑے نہایت بہادرانہ انداز میں ایک جانور کو مگر مچھ کے خطرناک جبڑوں سے چھڑا رہے ہیں۔

    افریقہ میں پایا جانے والا بکری اور بھیڑ کی نسل کا ایک جانور وائلڈ بیسٹ اس وقت مگر مچھ کے شکنجے میں آگیا جب وہ دریا سے پانی پی رہا تھا۔ مگر مچھ نے مضبوطی سے اس کی ٹانگ اپنے خوفناک جبڑوں میں جکڑ لی۔

    گو کہ وہاں زیبروں اور وائلڈ بیسٹس کا اچھا خاصا جھنڈ موجود تھا مگر انہوں نے اس جھگڑے میں اپنی ٹانگ پھنسانے سے گریز کیا اور آرام سے گھاس چرتے رہے۔

    بے بس جانور کئی منٹوں تک پوری قوت سے مگر مچھ سے بچنے کی کوشش کرتا رہا، اور قریب تھا کہ وہ ناکام ہوجاتا، کہ اچانک کہیں سے 2 دریائی گھوڑے نمودار ہوئے۔

    انہوں نے جب یہ منظر دیکھا تو فوراً اس جانور کی مدد کے لیے دوڑے۔ ایک دریائی گھوڑے نے مگر مچھ کے اوپر چھلانگ لگائی جس سے بالآخر اس نے وائلڈ بیسٹ کی ٹانگ چھوڑ دی۔

    دو جثیم دریائی گھوڑوں کو اپنے مدمقابل دیکھ کر مگر مچھ نے بھی واپس پانی میں جانے میں ہی اپنی عافیت سمجھی اور سطح آب سے غائب ہوگیا۔

    بے چارہ وائلڈ بیسٹ پانی سے دور جا کر لیٹ گیا اور گہرے سانس لینے لگا جبکہ دریائی گھوڑے بھی خوشی سے اسے دیکھنے لگے۔

    یوٹیوب پر اس انوکھی ویڈیو کو اب تک 20 لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔