Tag: یوکرینی طیارہ

  • ایران نے یوکرینی طیارہ گرنے کی وجہ بتا دی

    ایران نے یوکرینی طیارہ گرنے کی وجہ بتا دی

    تہران: ایرانی حکومت کا کہنا ہے کہ یوکرین کے مسافر طیارے کو ریڈار کی سمت میں غلطی کی وجہ سے مار گرایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی حکومت نے کہا ہے کہ ایئر ڈیفنس سسٹم کے ایک ریڈار کو جوڑنے میں غلطی یوکرین کے مسافر طیارے کو گرانے کی وجہ بنی۔

    ایران کے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق ریڈار کو جوڑنے کے لیے پروسیجر کو فالو کرنے میں غلطی کی وجہ سے سسٹم میں 107 ڈگری کا ایرر واقع ہوا۔اس غلطی کی وجہ سے جہاز گرنے سے پہلے اور بھی غلطیاں ہوئیں۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق جہاز کی طرف داغے گئے دو میزائل ایئر ڈیفنس یونٹ کے آپریٹر کی طرف سے تھے جنہوں نے کوارڈینیشن سینٹر سے ہدایات لیے بغیر ایسا کیا۔

    یاد رہے کہ یوکرین انٹرنیشنل ایئر لائن کا طیارہ رواں برس 8 جنوری کو تہران کے ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 176 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    مسافر طیارے میں عملے کے 9 افراد بھی سوار تھے جبکہ مرنے والوں میں ایران کے 82، کینیڈا کے 63، یوکرین کے 11، سوئیڈن کے 10، 4 افغانستان اور جرمنی و برطانیہ کے تین، تین شہری موجود تھے۔

    بعدازاں ایران نے اعتراف کیا تھا کہ یوکرین کا مسافر طیارہ غلطی سے میزائل حملے کا نشانہ بنا۔

  • یوکرین طیارہ ایرانی میزائل سے تباہ ہوا، بورس جانسن اور جسٹن ٹروڈو کا بھی دعویٰ

    یوکرین طیارہ ایرانی میزائل سے تباہ ہوا، بورس جانسن اور جسٹن ٹروڈو کا بھی دعویٰ

    لندن: یوکرین طیارے کی تباہی سے متعلق بورس جانسن اور جسٹن ٹروڈو کا بھی دعویٰ سامنے آ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی اور کینیڈین وزرائے اعظم نے بھی دعویٰ کر دیا ہے کہ یوکرین طیارہ ایرانی میزائل لگنے سے تباہ ہوا ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم بورس جانسن نے بیان دیا کہ اطلاعت ہیں کہ مسافر طیارہ ایرانی میزائل سے تباہ ہوا، طیارہ تباہ ہونے سے ہلاک افراد میں 4 برطانوی بھی شامل ہیں، خطے میں کشیدگی میں کمی کے لیے تمام فریقین اقدامات کریں۔

    ادھر کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی کہا ہے کہ یوکرین کا طیارہ ایرانی میزائل کا نشانہ بنا، ممکن ہے مسافر طیارے پر میزائل دانستہ نہ مارا گیا ہو تاہم انٹیلی جنس کے پاس طیارہ میزائل سے تباہ ہونے کے شواہد موجود ہیں۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی عالمی سطح پر تحقیقات کرائی جائیں، جب تک انصاف ہوتا نہیں دکھے گا چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

    یوکرینی طیارے کی تباہی کا معاملہ، ایران نے امریکی دعویٰ مسترد کردیا

    خیال رہے کہ ایران میں یوکرین کا طیارہ گر کر تباہ ہونے کے واقعے سے متعلق گزشتہ روز امریکی ہفتہ روزہ میگزین نیوز ویک نے دعویٰ کیا کہ طیارے کو ایران نے غلطی سے تباہ کیا تھا، طیارے کو اینٹی ایئر کرافٹ میزائل لگا تھا، پینٹاگون اور عراقی انٹیلی جنس کے اعلیٰ حکام نے اس حادثے سے متعلق آگاہ کیا، طیارے کو جو میزائل لگا وہ روسی ساختہ زمین سے فضا میں مار کرنے والا میزائل ٹی او آر ایم ون تھا۔

    نیوز ویک نے کہا کہ پینٹاگون حکام کے مطابق واقعہ غلطی کے باعث پیش آیا تھا، سیٹلائٹ کے ذریعے بھی میزائل فائر کرنے کے شواہد ملے ہیں، جب کہ ایرانی حکام نے طیارے کو میزائل لگنے کی تردید کی ہے۔ خیال رہے ایران میں یوکرینی طیارہ گرا تھا جس میں 176 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

  • یوکرینی طیارے کی تباہی کا معاملہ، ایران نے امریکی دعویٰ مسترد کردیا

    یوکرینی طیارے کی تباہی کا معاملہ، ایران نے امریکی دعویٰ مسترد کردیا

    تہران: یوکرینی طیاہ حادثے سے متعلق امریکی جریدے کی رپورٹ ایران نے مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی جریدے نیوزویک نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین کا طیارہ ایران کے میزائل حملے کے نتیجے میں گرا جس کے ردعمل میں تہران حکومت نے دعوے کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایران نے نیوزویک کے دعوے کی تردید کردی۔ ایرانی سول ایوایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ میزائل کا طیارے سے ٹکرانا ناممکن ہے، امریکی جریدہ افواہوں سے کام لے رہا ہے۔

    خیال رہے کہ امریکی جریدے نیوزویک کا کہنا ہے کہ یوکرین کے طیارے کو ایران نے غلطی سے تباہ کیا تھا، یوکرینی طیارے کو اینٹی ایئرکرافٹ میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔

    ’’یوکرینی طیارے کو ایران نے تباہ کیا‘‘

    نیوزویک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پینٹاگون وعراقی انٹیلی جنس کے اعلیٰ حکام نے حادثے سے متعلق آگاہ کیا، طیارے کو روسی ساختہ ٹی اوآرایم ون میزائل سے نشانہ بنایا گیا، پینٹاگون حکام کے مطابق واقعہ غلطی کے باعث پیش آیا تھا۔

    جریدے کے مطابق طیارے کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے نشانہ بنایا گیا تھا، سیٹ لائٹ کے ذریعے بھی میزائل فائر کرنے کے شواہد ملے ہیں۔ ایرانی حکام نے طیارے کو میزائل لگنے کی تردید کی ہے۔