Tag: یوکرین پر حملہ

  • روس نے میڈیا ویب سائٹس تک رسائی محدود کر دی

    روس نے میڈیا ویب سائٹس تک رسائی محدود کر دی

    ماسکو: روس نے بی بی سی سمیت کئی میڈیا ویب سائٹس پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روس کے میڈیا واچ ڈاگ نے جمعے کو بتایا کہ اس نے روس کے یوکرین پر حملے کے ایک ہفتے بعد انٹرنیٹ پر کنٹرول سخت کرتے ہوئے بی بی سی سمیت متعدد آزاد میڈیا ویب سائٹس تک رسائی کو محدود کر دیا ہے۔

    پراسیکیوٹرز کی جانب سے درخواست ملنے پر یہ کارروائی کی گئی ہے، جس میں بی بی سی کی ویب سائٹس، آزاد نیوز ویب سائٹ میڈوزا، جرمن براڈکاسٹر ڈوئچے ویلے، اور امریکی فنڈ سے چلنے والے ریڈیو فری یورپ/ریڈیو لبرٹی، سووبوڈا کی روسی زبان کی ویب سائٹ تک رسائی محدود کر دی گئی ہے۔

    روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بی بی سی کو امن خراب کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، ماسکو کا مؤقف ہے کہ برطانیہ سمیت غیر ملکی میڈیا دنیا کے سامنے جزوی نظریہ پیش کر رہا ہے، تاہم مغربی حکومتیں اس دعوے کو مسترد کر رہی ہیں، اور روسی سرکاری میڈیا پر تعصب کا الزام لگا رہی ہیں۔

    خیال رہے کہ گوگل نے یورپ بھر میں پلے ایپ اسٹور سے روسی میڈیا آر ٹی اور اسپوتنک سے منسلک ایپس کو بلاک کر دیا ہے، اور یوکرینی عوام کو حملوں سے بچانے کے لیے گوگل نے میپ فیچر بھی بند کر دیا ہے۔

  • عالمی عدالت میں روس کے خلاف درخواست دائر

    عالمی عدالت میں روس کے خلاف درخواست دائر

    کیف: یوکرین نے عالمی عدالت میں روس کے خلاف درخواست جمع کرا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلینسکی نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ یوکرین نے آئی سی جے میں روس کے خلاف درخواست جمع کرا دی ہے، روس جارحیت اور نسل کشی کا جواب دے۔

    یوکرینی صدر نے لکھا کہ انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس سے استدعا کی گئی ہے کہ روس نے اپنی جارحیت کا جواز پیش کرنے کے لیے نسل کشی کے تصور کے ساتھ ہیرا پھیری کی ہے، جس کے لیے اسے جواب دہ ہونا چاہیے۔

    یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ ہم عالمی عدالت انصاف سے فوری فیصلے کی درخواست کرتے ہیں، عالمی عدالت فوری طور پر روس کو یوکرین میں فوجی سرگرمی بند کر کے واپس جانے کا حکم دے۔

    ولودیمیر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ انھیں توقع ہے کہ اگلے ہی ہفتے عدالت میں روس کا ٹرائل شروع ہو جائے گا۔

    ادھر تازہ ترین اطلاعات کے مطابق روسی میڈیا نے کہا ہے کہ یوکرین نے مذاکراتی وفد بیلاروس بھیجنے پر رضا مندی ظاہر کر دی، جس سے وہ اس سے قبل انکار کر رہے تھے۔

    یوکرینی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ خار کیف شہر میں روسی افواج داخل ہوگئی ہیں، جب کہ یوکرینی میڈیا نے ایک روسی ہیلی کاپٹر کیف کے شمال میں گر کر تباہ ہونے کی اطلاع دی ہے۔

    یوکرین کا کہنا ہے کہ اس نے روس، بیلاروس اور سرحدی گزرگاہوں کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔

  • روس کے ہاتھوں سے چیمپیئنز لیگ فائنل کی میزبانی نکل گئی

    روس کے ہاتھوں سے چیمپیئنز لیگ فائنل کی میزبانی نکل گئی

    مانچسٹر: روس کے ہاتھوں سے 2022 چیمپیئنز لیگ فائنل کی میزبانی نکل گئی، یوکرین پر حملے کی وجہ سے روس سے چیمپیئنز لیگ فائنل کی میزبانی واپس لے لی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق یورپین فٹبال ایسوسی ایشن نے روس سے میزبانی واپس لے لی، چیمپیئنز لیگ کا فائنل اب پیرس میں ہو گا، اس سلسلے میں یورپین فٹبال ایسوسی ایشن نے ایگزیکٹو کمیٹی کا غیر معمولی اجلاس طلب کیا تھا۔

    ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں روس سے فائنل کی میزبانی واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا۔واضح رہے کہ یورپ کے سب سے باوقار کلب مقابلے کا فائنل 28 مئی کو سینٹ پیٹرزبرگ میں کھیلا جانا تھا۔

    جمعے کو ہونے والی یورپین فٹبال ایسوسی ایشن کی تقریب

    جمعہ کو ہونے والی میٹنگ کے بعد، یو ای ایف اے نے تصدیق کی کہ یہ میچ گیز پروم ایرینا میں نہیں ہوگا، بلکہ اس کی بجائے یورپی فٹ بال کی گورننگ باڈی نے فیصلہ کیا ہے کہ اسے پیرس کے اسٹیڈ ڈی فرانس میں منعقد کیا جائے گا۔

    فائنل کے لیے پیرس کا انتخاب فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی جانب سے بحران میں کھیل کو بحران سے محفوظ رکھنے کی حمایت پر کیا گیا، ایسویسی ایشن کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ کھلاڑیوں اور اُن کے خاندانوں کو محفوظ رکھنے کے لیے تمام اقدامات کرے گی۔

    اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ مقابلوں میں حصہ لینے والے روسی اور یوکرینی کھلاڑی اگلے فیصلے تک تمام ہوم میچز غیر جانب دار مقامات پر ہی کھیلیں گے۔

  • روس کا یوکرین پر حملہ ، چین کا سخت ردعمل سامنے آگیا

    روس کا یوکرین پر حملہ ، چین کا سخت ردعمل سامنے آگیا

    بیجنگ : چین نے یوکرین میں افراتفری کا ذمہ دار امریکا کو ٹھہرادیا اور کہا واشنگٹن نے کشیدگی کو ہوا دی اور جنگ کے خطرات کو بھڑکایا۔

    تفصیلات کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے یوکرین پر روسی حملے کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ یوکرین روس تنازع کو بات چیت سے حل کرنا ہوگا ، تنازع پر صورتحال کاجائزہ لے رہے ہیں۔

    چینی وزارت خارجہ نے امریکا کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا واشنگٹن نے کشیدگی کو ہوا دی اور جنگ کے خطرات کو بھڑکایا،جنگ کوبڑھاوادینے والےتمام اقدامات پرشدیداعتراض ہے، امریکا یوکرین کو ہتھیار دے کر معاملے کو بڑھا رہاہے۔

    چین نے امریکا کی جانب سے روس پر پابندیوں اور یوکرین کو اسلحے کی فراہمی کے اعلان کی مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو خطے میں جنگ کے مترادف قرار دیا اور کہا جوبائیڈن انتظامیہ یوکرین کے معاملے کو ہوا دے رہی ہے۔

    ترجمان ہوا چوئیننگ نے امریکا کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی جلتی پر تیل ڈالے اور اس کا الزام بھی دوسروں پر دھرے تو یہ غیر زمہ دارانہ اور غیر اخلاقی عمل کہلائے گا۔

    ترجمان وزارت خارجہ نے یہ بھی کہا کہ یوکرین تنازع پر تمام فریقین کو ایک دوسرے کو اہمیت دیں اور ایک دوسرے کے سیکیورٹی خدشات کو دور کریں تاکہ مشاورت اور مذاکرات سے اس مسئلے کا پُرامن حل نکل سکے۔

  • روس یوکرین پر کب حملہ کر سکتا ہے؟ امریکا نے ایک خاص وقت کا ذکر کر دیا

    روس یوکرین پر کب حملہ کر سکتا ہے؟ امریکا نے ایک خاص وقت کا ذکر کر دیا

    واشنگٹن: جب دنیا کی نظریں بیجنگ اولمپکس پر ہوگی، تب کیا روس یوکرین پر حملہ کر دے گا؟ امریکا نے نیا دعویٰ کر دیا ہے کہ روس یوکرین پر بیجنگ اولمپکس کے دوران حملہ کر سکتا ہے۔

    روئٹرز کے مطابق جمعے کو آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے پریس کانفرنس میں کہا یوکرین پر روسی حملہ بیجنگ میں جاری موسم سرما کے اولمپکس کے دوران بھی ہو سکتا ہے۔

    انھوں نے کہا روس نے یوکرین کی سرحد پر مزید فوجی بھیج دیے ہیں اور وہ کسی بھی وقت حملہ کر سکتا ہے، ہمیں روسی پیش قدمی سے مسلسل تکلیف دہ مناظر نظر آ رہے ہیں، جن میں یوکرین کے بارڈر پر مزید فوجیوں کی منتقلی بھی شامل ہے۔

    اینٹنی بلنکن نے کہا ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں، ہمیں روس کا حملہ واضح طور پر دکھائی دے رہا ہے، محکمہ خارجہ نے یوکرین میں موجودہ امریکی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر ملک چھوڑ دیں۔

    دوسری جانب روس نے مغربی ممالک کے خدشات سے انکار کیا ہے کہ وہ سوویت یونین کے سابقہ حصے پر حملے کی تیاری کر رہا ہے۔

    خیال رہے کہ بیجنگ کی میزبانی میں ہونے والے اولمپکس 20 فروری تک جاری رہیں گے، گزشتہ ہفتے موسم سرما کے اولپمکس کے افتتاح کے موقع پر چین اور روس نے مل کر اعلان کیا تھا کہ ان کی ’دوستی کی کوئی حدود نہیں‘ جب کہ یوکرین اور تائیوان کے معاملے پر ایک دوسرے کا ساتھ دینے اور مغرب کے خلاف متحدہ ہونے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا تھا۔

  • یوکرین پر روس کے حملے سے متعلق امریکا کے پاس کیا خفیہ معلومات ہیں؟

    یوکرین پر روس کے حملے سے متعلق امریکا کے پاس کیا خفیہ معلومات ہیں؟

    واشنگٹن: کیا امریکا کے پاس واقعی ایسی خفیہ معلومات موجود ہیں، جن سے یہ ظاہر ہوتا ہو کہ روس جلد ہی یوکرین پر حملہ کرنے والا ہے، امریکا اس بارے کئی بار دعویٰ کر چکا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکا نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ روس یوکرین پر آئندہ چند ہفتوں میں حملہ کر سکتا ہے، جس کے لیے اس نے 70 فی صد تیاری بھی مکمل کر لی ہے۔

    امریکی حکام نے اپنے الزامات کے حوالے سے کوئی شواہد پیش نہیں کیے، تاہم ان کا اصرار ہے کہ یہ معلومات خفیہ اطلاعات کے سبب حاصل ہوئی ہیں، معاملہ حساس ہونے کے سبب وہ میڈیا کو اس ضمن میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کر سکتے۔

    امریکی حکام کے مطابق یوکرین پر روس حملہ کرنے کے لیے تیار ہے اور وہ جنگی تیاریوں کے لیے فروری کے وسط تک مزید بھاری ہتھیار اور سامان یوکرین کی سرحد تک منتقل کر سکتا ہے۔

    امریکی حکام نے دعویٰ کیا کہ 15 فروری سے مارچ کے اختتام تک کا موسم روس کو بھاری جنگی سازو سامان سرحدوں تک منتقلی کے لیے پیک ٹائم ہو گا۔

    واضح رہے کہ روس نے یوکرین کی سرحد کے نزدیک ایک لاکھ فوجی اہل کار تعینات کر رکھے ہیں تاہم روس نے یوکرین پر حملے کے خدشے کو مسترد کر دیا ہے۔