Tag: یوگا گرو

  • یوگا گرو بابا رام دیو کی کمپنی کے گمراہ کن اشتہار پر عدالت برہم

    یوگا گرو بابا رام دیو کی کمپنی کے گمراہ کن اشتہار پر عدالت برہم

    نئی دہلی: یوگا گرو بابا رام دیو کی کمپنی کے گمراہ کن اشتہار پر بھارتی سپریم کورٹ نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ نے ایلوپیتھک دوائیوں اور ڈاکٹروں کے خلاف گمراہ کن اشتہار کے لیے بابا رام دیو کی کمپنی ’پتنجلی‘ کی سخت سرزنش کی ہے۔

    عدالت نے پتنجلی آیوروید کو مستقبل میں ایسے اشتہارات سے بچنے کی تنبیہ کی اور کہا کہ اگر بات نہ مانی گئی تو ہر پروڈکٹ کے لیے ایک کروڑ روپے کا جرمانہ لگایا جائے گا۔

    عدالت میں اس کیس کی آئندہ سماعت 5 فروری 2024 کو ہوگی۔ سپریم کورٹ کے جسٹس احسان الدین امان اللہ اور جسٹس پرشانت کمار کی بنچ نے ایلوپیتھک دوائیوں کے خلاف گمراہ کن اشتہار کو لے کر پتنجلی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اسے مستقبل میں اس طرح کے گمراہ کن اشتہار شائع کرنے سے بچنا چاہیے۔

    عدالت نے ہدایت کی کہ پتنجلی آیوروید مستقبل میں ایسا کوئی اشتہار شائع نہیں کرے گا اور یہ یقینی بنائے گا کہ پریس میں اس کی طرف سے اس طرح کے بیان نہیں دیے جائیں۔

    واضح رہے کہ انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کی طرف سے عدالت میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی کہ پتنجلی کے گمراہ کن اشتہارات سے ایلوپیتھی دوائیوں کی بدنامی ہو رہی ہے۔ دراصل کمپنی نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے پروڈکٹ ’کورونل‘ اور ’سوساری‘ سے کرونا کا علاج ہو سکتا ہے، ساتھ ہی کمپنی نے ایلوپیتھی دوائیوں اور علاج پر بھی سوال کھڑے کیے تھے۔

  • بھارت: یوگا گرو سے بیان واپس لینے کا مطالبہ

    بھارت: یوگا گرو سے بیان واپس لینے کا مطالبہ

    نئی دہلی: بھارتی وزیر صحت نے ملک کے نامور یوگا گرو بابا رامدیو سے طبی عملے کی حوصلہ شکنی پر مبنی بیان واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے نامور یوگی گرو بابا رامدیو نے طبی کارکنان پر ملک میں کرونا وائرس کی بڑھتی اموات کا الزام لگایا تھا، جس پر ڈاکٹرز کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔

    بیان پر سخت رد عمل کے بعد وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے ایک خط لکھ کر بیان واپس لینے کے لیے کہا ہے، وزیر صحت نے لکھا کہ آپ نے نہ صرف کرونا کے خلاف لڑنے والوں کی تذلیل کی ہے بلکہ ملک کے لوگوں کو دکھ بھی دیا ہے۔

    وزیر صحت نے بابا رامدیو سے اس بارے میں گہرائی سے سوچنے اور اپنا بیان مکمل طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

    اس سے قبل انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے حکومت سے بابا رامدیو کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا، تنظیم کے سیکریٹری ڈاکٹر جیش نے میڈیا کو بتایا کہ ہم نے یوگا گرو کے خلاف کیس دائر کر رکھا ہے، انھیں قانونی نوٹس بھی بھجوایا گیا، رامدیو کا بیان طبی کارکنان کی حوصلہ شکنی تھا، اور یہ کرونا وائرس کے خلاف لڑائی کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

    تنظیم کا مؤقف ہے کہ یوگا گرو رامدیو کے بیانات سے لوگ متاثر ہوں گے، اور وہ اسپتال جانے سے ہچکچائیں گے، علاج کو ٹالیں گے اور اس طرح وائرس کا شکار بنیں گے، اس لیے حکومت کو ان کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔

    یاد رہے کہ گرو رامدیو کو بھارت میں ایک بڑی تعداد مانتی ہے، جمعرات کو انھوں نے شمالی انڈیا کے شہر ہریدوار میں طبی کارکنان کو ملک میں کرونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران اموات کی بڑی تعداد کے لیے قصور وار ٹھہرایا تھا۔

    اپنے عقیدت مندوں سے انھوں نے کہا تھا کہ لاکھوں مریض ایلوپیتھک دواؤں کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں، آکسیجن کی کمی کے باعث نہیں۔ خیال رہے کہ بابا رامدیو کا ہریدوار میں ایک یوگا سینٹر ہے جہاں وہ آیورویدک دواؤں کا 10 کروڑ ڈالر کا کاروبار بھی سنبھالتے ہیں۔