Tag: یوگنڈا

  • ہیکرز نے بینک سے ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالر چرالیے

    ہیکرز نے بینک سے ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالر چرالیے

    ہیکرز نے مشرقی افریقی ملک یوگنڈا کے مرکزی بینک کو ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا چونا لگا دیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہیکرز نے بینک آف یوگنڈا کے آئی ٹی سسٹمز تک رسائی حاصل کرکے یہ رقم دوسرے اکاؤنٹ میں منتقل کرلی۔

    رپورٹس کے مطابق جنوب مشرقی ایشیا میں واقع ہیکنگ گروپ نے چوری کی رقم کا کچھ حصہ جاپان منتقل کردیا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ بینک چوری شدہ رقم کا آدھا حصہ ریکور کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے جبکہ یوگنڈا کے صدر یویری موسیوینی کے حکم پر سائبر حملے سے متعلق مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    اس سے قبل پاکستان میں پنڈی بھٹیاں کے علاقے میں ہیکرز اے ٹی ایم سے 58لاکھ سے زائد رقم لے اڑے تھے۔

    بینک ذرائع نے بتایا کہ ہیکرز نے ڈیوائس سے 5 ہزار والے نوٹوں کے ٹرے کو ہیک کیا، ڈیوائس کا رابطہ منقطع ہوا تو اے ٹی ایم خود کار طریقے سے بندہوگئی۔

    جرمن صحافیوں کی بے دخلی پر برلن نے روسی سفیر کو طلب کر لیا

    ذرائع نے بتایا کہ ہیڈآفس سے الرٹ بھی جاری ہوا، بینک کا گارڈ مشین تک پہنچا لیکن مشین خالی ملی، واقعے کا مقدمہ درج کروادیا گیاہے۔

  • ٹی 20 ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز نے یوگنڈا کو 134 رنز سے شکست دے دی

    ٹی 20 ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز نے یوگنڈا کو 134 رنز سے شکست دے دی

    آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 18ویں میچ میں عقیل حسین کی تباہ کن بولنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز نے یوگنڈا کو 134 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

    آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا 18واں میچ گیانا میں کھیلا گیا جہاں گروپ سی کے میچ میں ویسٹ انڈین کپتان روومان پاؤل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

    ویسٹ انڈیز نے پہلے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے، جانسن چارلس 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ برینڈن کنگ 13، نکولس پورن 22،  رومان پاؤل 23 اور رتھر فورڈ 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

    یوگنڈا کی جانب سے مسابا نے 2، رام جانی، کوسماس اور نکرانی نے ایک ایک وکٹ لی، ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیے گئے 174 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یوگنڈا کی پوری ٹیم 12 اوور میں 39 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

    ویسٹ انڈیز کی جانب سے عقیل حسین نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 11 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، یوگنڈا کی جانب سے جما میاگی 13 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز ایونٹ میں اب تک دو میچ کھیل کر دو کامیابیاں سمیٹ چکا ہے جبکہ یوگنڈا نے 3 میں سے ایک میچ جیتا ہے اور دو میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

  • ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، افغانستان نے  یوگنڈا کو جیت کیلئے 184 رنز کا ہدف دیدیا

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، افغانستان نے یوگنڈا کو جیت کیلئے 184 رنز کا ہدف دیدیا

    افغانستان نے یوگنڈا کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پانچویں میچ میں جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف دے دیا۔

    امریکی ریاست رہوڈ آئیلینڈ کے شہر پروویڈنس میں گروپ سی کی دونوں ٹیمیں زور آزمائی کررہی ہیں، یوگنڈا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    افغانستان نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز اسکور کئے، اوپننگ بلے بازوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 154 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔

    افغانستان کی جانب سے ابراہیم زردان 70 رنز اور رحمت اللّٰہ گرباز 76 بناکر نمایاں رہے، جبکہ محمد نبی 14 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

    براعظم افریقا سے نمیبیا کے بعد یوگنڈا دوسری ٹیم تھی جس نے امریکا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔

    یاد رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے چوتھے میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

    ٹی 20 ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو شکست دے دی

    نیویارک میں کھیلے گئے گروپ ڈی کے میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کی جانب سے دیا جانے والا 78 رنز کا ہدف 16.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

  • یوگنڈا نے زمبابوے کو شکست دے کر تاریخ رقم کردی

    یوگنڈا نے زمبابوے کو شکست دے کر تاریخ رقم کردی

    افریقی ریجن کوالیفائر ایونٹ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے نوآموز یوگنڈا کی ٹیم نے انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹیم زمبابوے کو شکست سے دوچارکردیا۔

    زمبابوے کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے۔ کپتان سکندر رضا نے 39 گیندوں پر 48 رنز اسکور کیے۔

    ہدف کے تعاقب میں یوگنڈا کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ایک اوور قبل ہی 5 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنا کر جیت اپنے نام کی۔

    یوگنڈا کو ایک مرحلے پر 56 بالز پر 76 رنز درکار تھے مگر رضاعت علی شاہ نے 28 بالز پر 42 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کے لیے کامیابی کی راہ ہموار کی۔

    اس وقت زمبابوے کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر موجود ہے جبکہ اسے مزید تین میچز کھیلنا ہیں۔ نمیبیا اور کینیا کی ٹیمیں اپنے تینوں میچز جیت کر پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

    افریقن ریجن کوالیفائر ایونٹ میں حصہ لینے والی سات ٹیموں میں سے یوگنڈا اس وقت تیسرے نمبر پر ہے جس نے تنزانیہ کو شکست دی تھی اور اب زمبابوے کو بھی دھول چٹائی ہے۔ زمبابوے کے بقیہ میچز روانڈا، نائیجیریا اور کینیا سے ہونے ہیں۔

    یوگنڈا کو نمیبیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ یوگنڈا کا کسی فل ممبر انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی کے خلاف پہلا میچ تھا جسے انھوں نے اپنی پرفارمنس سے یادگار بنا لیا۔

    واضح رہے کہ افریقہ ریجن کوالیفائر میں سرفہرست دو ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کریں گی، جس کی میزبانی ویسٹ انڈیز اور امریکا جون 2024 میں کریں گے۔

  • یوگنڈا کے جنرل کے دلچسپ ٹویٹس موضوع بحث بن گئے

    یوگنڈا کے جنرل کے دلچسپ ٹویٹس موضوع بحث بن گئے

    مشرقی افریقی ملک یوگنڈا کے صدر کے بیٹے، جو جنرل کے عہدے پر فائز ہیں، اپنے غیر سنجیدہ ٹویٹس کی وجہ سے مشہور ہیں، تجزیہ نگاروں کے مطابق ان کے ٹویٹس کے پیچھے سوچی سمجھی سیاسی حکمت عملی کار فرما ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یوگنڈا کے صدر یوویری موسیوینی کے بیٹے موحوزی کینیرو گابا نے کہا ہے کہ وہ اپنے والد کی جگہ صرف اس وقت تخت نشین ہوں گے اگر ان کے ٹویٹ کو زیادہ لائکس مل گئے۔

    کینیرو گابا جو اپنے ملک کی فوج میں جنرل کے عہدے پر فائز ہیں، ٹویٹر پر بہت زیادہ سرگرم ہیں۔

    انہوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ چلیں، اگر آپ میں سے جو چاہتے ہیں کہ میں اپنے والد کی جگہ صدر بنوں وہ اس ٹویٹ کو ری ٹویٹ اور لائک کریں۔ اگر آپ مجھے قائل کر سکے تو میں یہ کر لوں گا۔

    اس ٹویٹ کو 2 ہزار 400 صارفین نے ری ٹویٹ کیا جبکہ ساڑھے 7 ہزار سے زائد لائکس ملے۔

    کینیرو گابا کو عام طور پر ان کے نام کے پہلے حصے سے جانا جاتا ہے جس کا مطلب ہے، بدلہ لینے والا، وہ پرجوش ٹویٹس کا ٹریک ریکارڈ رکھتے ہیں۔

    مثال کے طور پر انہوں نے اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی کو 100 گایوں کا تحفہ دینے کی پیشکش کی تھی، انہوں نے لکھا کہ ہماری ثقافت میں آپ جس لڑکی کو پسند کرتے ہیں اس کو گائے کا تحفہ دیتے ہیں۔

    انہوں نے کینیا پر حملہ کرنے کے امکان کے بارے میں موسیقی بھی شیئر کی تھی۔

    یوگنڈا کے صدر پر بیٹے کی ٹویٹس کی وجہ سے تنقید بھی کی جاتی ہے اور کئی بار ان کی غیر سنجیدہ ٹویٹس پر پابندی لگانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

    اسی طرح کے ایک مطالبے پر کینیرو گابا نے ٹویٹ کیا کہ وہ بالغ ہیں اور ان پر کوئی پابندی نہیں لگا سکتا۔

    اگرچہ کینیرو گابا کے تازہ ترین ٹویٹ کو کئی افراد نے غیر سنجیدہ قرار دیا تھا تاہم بعض مبصرین کے مطابق وہ ایک سوچی سمجھی سیاسی حکمت عملی کے تحت ایسی باتیں کر رہے ہیں۔

    یوگنڈا کے صدر یوویری موسیوینی کی عمر 78 برس ہے اور موحوزی کینیرو گابا ان کے جانشین کے طور پر اقتدار سنبھال سکتے ہیں، اور اان کی ٹویٹ کو اسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔

    افریقہ پالیسی انسٹیٹیوٹ کے صدر اور سی ای او پیٹر کاگوانجا کا کہنا ہے کہ یہ خاندان یوگنڈا کو کنٹرول کرتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ کینیرو گابا شہزادہ ہے، اس کا باپ صدر اور ماں کابینہ میں ہے۔ وہ اپنے والد کی جگہ اقتدار سنبھالنے کے وقت کا انتظار کر رہا ہے۔

    ان کے مطابق محوزی اشتعال انگیز بات کرتے ہیں، پھر ان کے والد جا کر معافی مانگنے کا بندوبست کرتے ہیں، اور اس طرح وہ اہم سیاسی حلقوں میں متعارف ہو جاتے ہیں۔

  • بچے کے کپڑے اسمگلنگ میں استعمال کرنے والی خاتون

    بچے کے کپڑے اسمگلنگ میں استعمال کرنے والی خاتون

    کمپالا: مشرقی افریقا کے ملک یوگنڈا میں بچے کے کپڑے میں غیرقانونی کاسمیٹکس لے جانے والی خاتون کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یوگنڈا میں کسٹم آفیسر نے بچے کے بھیس میں ممنوعہ کاسمیٹکس اسمگل کرنے والی خاتون کو گرفتار کر لیا۔ یوگنڈا ریونیو اتھارٹی نے ٹویٹر پر تصاویر جاری کیں جس میں خاتون کی پیٹھ پر بچہ نظر آ رہا ہے۔

    کسٹم حکام نے بتایا کہ بچہ ممنوعہ کاسمیٹکس سے بھرے پجامے کا ایک سیٹ نکلا۔ حکام نے بتایا کہ خاتون ایک بس میں ڈیموکریٹک جمہوریہ کانگو سے کاسمیٹکس اسمگل کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔

    کسٹم حکام نے بتایا کہ خاتون اسمگلر سے پکڑے جانے والے کاسمیٹکس کے سامان پر یوگنڈا میں پابندی عائد ہے۔

  • یوگنڈا: انوکھا ملک، جہاں 1400 سال سے سحر و افطار کے اوقات تبدیل نہیں ہوئے

    یوگنڈا: انوکھا ملک، جہاں 1400 سال سے سحر و افطار کے اوقات تبدیل نہیں ہوئے

    کمپالا: خط استوا پر واقع افریقی ملک یوگنڈا میں‌ ماہ و سال بدلتے ہیں، مگر دن اور رات کے اوقات میں کوئی تبدیلی نہیں‌ آتی.

    تفصیلات کے مطابق یوگنڈا میں‌ موسموں کی تبدیلی بھی اوقات کی تبدیلی پر اثرا انداز نہیں ہوتی، جس کی وجہ سے گزشتہ چودہ صدیوں سے سحر و افطار کے اوقات بھی تبدیل نہیں ہوئے.

    ماہرین کے مطابق جیسے جیسے ہم قطب شمالی کی طرف بڑھتے جائیں گے، دن بڑا اور راتیں مختصر ہوتی جائیں گی، اس کے برعکس قطب جنوبی کی جانب سفر کرنے سے دن چھوٹا اور رات طویل ہوتی جاتی ہے۔ ساتھ ساتھ سال کے چاروں موسم بھی تبدیل ہوتے جاتے ہیں۔

    سحری اور افطار کے اوقات کے حوالے سے ہونے والے مباحثوں‌ کے دوران انکشاف ہوا کہ دنیا کا ایک ایسا ملک بھی ہے، جہاں اسلام کی آمد کے بعد سے اب تک روزے کا وقت تبدیل نہیں ہوا، یہ یوگنڈا ہے، جہاں‌ ہر سال مسلمان 12 گھنٹے کا روزہ رکھتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: افطار میں ٹھنڈا ٹھار املی اور آلو بخارے کا شربت بنائیں

    یوگنڈا خط استوا پر واقع ہے، جہاں سال بھر دن اور رات کے اوقات میں کوئی فرق نہیں آتا، نہ ہی موسم اوقات کار پر اثر انداز ہوتے ہیں.

    یوگنڈا مسلمان اکثریتی ملک نہیں. البتہ وہاں ایک کروڑ سے زاید مسلمان بستے ہیں، جو کل آبادی کا 27 سے 30 فی صد ہیں ۔

    روزوں کے ساتھ ساتھ نمازوں کے اوقات کار میں‌ بھی کوئی تبدیلی نہیں آتی. اس کے برعکس دنیا بھر میں سحر اور افطار کے اوقات میں تبدیلی آتی رہتی ہے.

  • یوگنڈا، اقوام متحدہ کی امن فوج کیمپ پر حملہ، 14 جاں بحق، 53 فوجی زخمی

    یوگنڈا، اقوام متحدہ کی امن فوج کیمپ پر حملہ، 14 جاں بحق، 53 فوجی زخمی

    برازویلا : افریقی ملک کانگو میں دہشت گردوں کی فائرنگ میں اقوام متحدہ کی امن فوج کے 14 اہلکار جاں بحق ہو گئے ہیں.

    تفصیلات کے مطابق افسوناک واقعہ اُس وقت پیش آیا جب نامعلوم مسلح افراد نے چاروں سے گھیر کر اقوام متحدہ کے فوجی کیمپ کو نشانہ بنایا، حملہ اتنا اچانک تھا کہ فوجیوں کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں ملا.

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دہشت گردوں نے مشرقی کانگو کے شمالی کیوو میں واقع فوجی مرکز پر منظم حملہ کیا جس کے لیے انہوں نے کافی دنوں سے تیاری کر رکھی تھی.

    غیر ملکی خبررساں ایجنسی نے مقامی انتظامیہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ حملے میں 14 فوجی اہلکار جاں بحق ہوئے ہیں جن کا اقوام متحدہ کی امن فوج سے تھا جب کہ اسی مشن سے تعلق رکھنے والے 53 فوجی اہلکار زخمی ہو ئے ہیں.

    کونگو کے وزارت صحت نے کہا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق و زخمی ہونے فوجی اہلکاروں کو مرکزی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے.

    یوگنڈا انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تاحال ہلاک و زخمی ہونے والے اقوام متحدہ کی امن فوج کے اہلکاروں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے جس کے لیے اقوام متحدہ کی امن فوج کے افسران سے مسلسل رابطہ ہے.

    یوگنڈا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پہلی ترجیح زخمیوں کو طبی امداد مہیا کرنا ہے جب کہ دہشت گردی کے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے تاہم ابھی تک کسی شدت تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے.

  • چینی باشندوں کا یوگنڈا کی خواتین سے شادیوں کا رجحان

    چینی باشندوں کا یوگنڈا کی خواتین سے شادیوں کا رجحان

    کمپالا: مشرقی افریقہ کے ملک یوگنڈا کے شہری اپنے ملک میں چینیوں کی آمد میں بے تحاشہ اضافے سے از حد پریشان ہوگئے ہیں۔ ان چینی شہریوں میں یوگنڈا کی خواتین سے شادی کا رجحان فروغ پا رہا ہے۔

    گزشتہ ایک دہائی سے جہاں چین نے دنیا بھر کی مارکیٹوں اور معیشت پر اپنا قبضہ جما لیا ہے وہیں افریقی ممالک بھی چینیوں کی اس اقتصادی مداخلت سے محفوظ نہیں۔

    چین کئی افریقی ممالک میں بھاری سرمایہ کاری کر چکا ہے جس کی وجہ سے چینی باشندوں کی بڑی تعداد ان ممالک میں رہائش بھی اختیار بھی کر رہی ہے۔

    تاہم یوگنڈا میں چینی شہریوں نے مقامی خواتین سے شادیاں بھی شروع کردی ہیں اور اب اس رجحان میں اس قدر اضافہ ہوگیا ہے کہ یوگنڈا کے مرد اور حکام تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

    شادیوں کی وجہ؟

    بین الاقوامی اخبارات کی رپورٹس کے مطابق چینی افراد کے یوگنڈا کی خواتین سے شادی کرنے کی وجہ وہاں اپنے کاروبار میں وسعت اور معاشی فوائد میں اضافہ کرنا ہے۔

    یہ شادیاں بعض اوقات جھوٹی بھی ثابت ہوتی ہیں جب شادی کرنے والی خواتین اور ان کے اہل خانہ کو علم ہوتا ہے کہ اس کے چینی شوہر کی چین میں بھی بیوی اور بچے موجود ہیں۔

    یوگنڈا کے حکام نے کئی ایسے چینی شہریوں کو گرفتار بھی کیا ہے جنہوں نے جھوٹی شادیاں کیں تاہم ان کے ملک سے فرار ہونے سے قبل ہی انہیں حراست میں لے لیا گیا۔

    حکام اب مسلسل، اور مستقل بنیادوں پر دھوکے باز چینی شہریوں کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں، ان میں کئی چینی باشندے غیر قانونی طور پر بھی یوگنڈا میں مقیم ہیں۔

  • نمونیا کی تشخیص کرنے والی جیکٹ تیار

    نمونیا کی تشخیص کرنے والی جیکٹ تیار

    کمپالا: افریقی ملک یوگنڈا میں انجینئرز نے ایسی اسمارٹ جیکٹ ایجاد کی ہے جس کے ذریعہ نہایت کم وقت میں نمونیا کی تشخیص کی جاسکے گی۔

    اس ایجاد ک خالق اولیویا کوبورونگو نامی طالبہ ہے جسے اس ایجاد کا خیال اس وقت آیا جب اس کی دادی اس مرض کا شکار ہوگئیں اور مرض کی درست تشخیص نہ ہونے کے باعث وہ انہیں ایک سے دوسرے اسپتال تک لے کر گھومتے رہے۔

    مزید پڑھیں: نمونیا اور اس کی علامات سے آگاہی حاصل کریں

    اولیویا نے اس خیال کا اظہار کچھ انجینئرز اور ڈاکٹرز کے ساتھ کیا اور کچھ ہی عرصہ بعد ’ماما اوپ‘ (مدرز ہوپ ۔ ماں کی امید) نامی میڈیکل کٹ تخلیق کرلی گئی۔

    اس کٹ میں ایک اسمارٹ جیکٹ اور موبائل فون ایپلی کیشن شامل ہے جو نمونیا کی تشخیص کر سکتی ہے۔

    :استعمال کا طریقہ کار

    نمونیے کی تشخیص کے لیے اس جیکٹ کو متاثرہ بچے کو پہنایا جائے گا جس کے بعد جیکٹ میں موجود سینسرز بچے کے پھیپھڑوں کی آواز، اس کے درجہ حرارت اور سانس کی آمد و رفت کی رفتار سے مرض کی تشخیص کریں گے۔

    اس کے بعد یہ سینسرز بلو ٹوتھ کے ذریعہ جمع شدہ ڈیٹا کو موبائل فون کی ایپ میں بھیجیں گے جو اسی مقصد کے لیے تشکیل دی گئی ہے۔ ایپ میں موصول شدہ ڈیٹا کی جانچ کے بعد مرض کی نوعیت اور اس کی شدت کا اندازہ لگایا جاسکے گا۔

    uganda-1

    واضح رہے کہ نمونیا، ملیریا اور ٹی بی کی تشخیص کا واحد ذریعہ اسٹیتھو اسکوپ کے ذریعہ پھیپڑوں کی آواز سننا ہے جو ان تینوں امراض میں غیر معمولی ہوجاتی ہے۔ سانس سے متعلق امراض میں پھیپھڑوں سے چرچرانے کی آوازیں آتی ہیں۔

    یکساں طریقہ تشخیص کے باعث اکثر نمونیا کو ملیریا سمجھ کر اس کا علاج کیا جاتا ہے اور اس دوران وہ وقت گزر جاتا ہے جس میں نمونیا کا بروقت علاج کر کے اسے جان لیوا ہونے سے بچایا جاسکتا ہے۔

    اس سے قبل عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ افریقی ممالک میں 5 سال سے کم عمر بچوں کی اموات کی سب سے بڑی وجہ نمونیا ہے۔ ان ممالک میں انگولا، عوامی جمہوریہ کانگو، ایتھوپیا، نائجیریا اور تنزانیہ شامل ہیں۔

    دوسری جانب یونیسف کا کہنا ہے کہ صرف یوگنڈا میں ہر سال 24 ہزار سے زائد بچے نمونیا کے باعث موت کا شکار ہوجاتے ہیں۔ ان میں اکثر بچوں کی درست تشخیص نہیں ہو پاتی اور ان کے نمونیے کو ملیریا سمجھ کر اس کا علاج کیا جاتا ہے۔