Tag: یو ایس ایڈ

  • یو ایس ایڈ پاکستانی ماوں اوربچوں کی زندگی بچانے کے لئے کوشاں

    یو ایس ایڈ پاکستانی ماوں اوربچوں کی زندگی بچانے کے لئے کوشاں

    کراچی: امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی(USAID)  دو ٹی وی اشتہارات ، معلوماتی مواد اور تصویری کتابچے کے ذریعے ماوں کو حمل اور بچے کی پیدائش کے دوران احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہی فراہم کررہا ہے۔

    اس موقع پر منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کراچی میں امریکی قونصل جنرل برائن ہتھ نے کہا کہ اگر خواتین اور ان کے اہلخانہ کو غذائیت ، حفاظتی تدابیر کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے تو زچگی اور نوزائیدہ بچوں کی اموات کو کافی حد تک روکا جاسکتا ہے۔

    امریکی قونصل جنرل نے مزید کہا کہ سینٹر فارکمیونکیشن پروگرامز CCP اور امریکہ کی جان جان ہپکنز یونیورسٹی کے ساتھ جڑا ادارہ جھیپیکو ان مقاصد کے حصول کے لئے یو ایس ایڈ کے زچہ و بچہ کی صحت کے پروگرام کیلئے سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے۔

    USAID

    وزیر صحت سندھ جام مہتاب ڈاہر نے امریکی حکومت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے تعاون پر شکریہ ادا کیا ،ان کا کہنا تھا کہ یو ایس ایڈ کا ماں اور بچے کی صحت کا پروگرام سندھ میں زچہ و بچہ کی صحت کی خدمات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔

    تقریب میں سیکریٹری محکمہ بہبود آبادی سلیم رضا ، سیکریڑی محکمہ صحت سندھ سعید مگنیچو، CCP پروگرام کے سربراہ شعیب خان، کنٹری ڈائریکٹر جھیپکو فرید مدحت اور یو ایس ایڈ اور سندھ حکومت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

  • سندھ میں تعلیم کا فروغ : یو ایس ایڈ اور اینگرو کارپوریشن کے درمیان معاہدہ

    سندھ میں تعلیم کا فروغ : یو ایس ایڈ اور اینگرو کارپوریشن کے درمیان معاہدہ

    کراچی : امریکہ کے بین الاقوامی ترقیاتی ادارے یو ایس ایڈ، محکمہ تعلیم اور سندھ میں تعلیم کے فروغ کیلئے کوشاں اینگرو کارپوریشن نے سندھ میں تعلیم کے معیار کی بہتری کیلئے ایک یاد داشت پر دستخط کئے ہیں۔

    معاہدے کا مقصد صوبہ سندھ میں تعلیم کا فروغ ہے۔ اس موقع پر سیکریٹری تعلیم فضل اللہ پیجو ہو، یو ایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر جان گرو رک اور سینیئر نائب صدر اینگرو کارپوریشن روحیل محمد امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ اور دیگر بھی موجود تھے۔

    اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ نے کہا کہ یہ معاہدہ سندھ میں بچوں تک  تعلیم کی بہتر رسائی میں دور رس اثرات مرتب کرے گا۔

    یو ایس ایڈ پاکستان ، سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے اطلاق میں محکمہ تعلیم سندھ کو معاونت فراہم کر رہا ہے، جس کے ذریعے سندھ کے سات اضلاع اور کراچی کے پانچ ٹاؤنز میں ایک سو بیس سرکاری اسکول قائم کئے جا رہے ہیں۔

  • یو ایس ایڈ کے سربراہ راجیو شاہ اپنے عہدے سے مستعفی

    یو ایس ایڈ کے سربراہ راجیو شاہ اپنے عہدے سے مستعفی

    نیویارک: یو ایس ایڈ کے سربراہ راجیو شاہ نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے، راجیو شاہ تیس جنوری کو اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے۔

    بھارتی نژاد امریکی شہری راجیو شاہ گزشتہ پانچ سال سے یو ایس ایڈ کے سربراہ کے طور پر کام کر رہے ہیں اور صدر براک اوباما کی ٹیم کے بہترین بیو روکریٹ سمجھے جاتے ہیں۔

     امریکی میڈیا کے مطابق راجیو شاہ کا اگلا قدم کانگریس کی جانب پیش قدمی ہو سکتا ہے،راجیو شاہ کو اس وقت بھی کیوبا میں ایک ناکام پروجیکٹ کا آغاز کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، کیوبا میں یو ایس ایڈ کے منصوبے میں انھوں نے ایک نئی سماجی ویب سائٹ کی بنیاد رکھی تھی جس کا مقصد وہاں کے نوجوانوں کو کاسترو حکومت کے خلاف اکھٹا کرنا تھا۔

  • شیل گیس کے ذخائر کی تلاش کیلئے یو ایس ایڈ کے تعاون سے ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا

    شیل گیس کے ذخائر کی تلاش کیلئے یو ایس ایڈ کے تعاون سے ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا

    اسلام آباد: پاکستان میں شیل گیس کے ذخائر کی تلاش کیلئے یو ایس ایڈ کے تعاون سے ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا گیا ہے۔

    اُوجی ڈی سی ایل کے سالانہ مالی نتائج پرپریس بریفنگ دیتےہوئےمنیجنگ ڈائریکٹرمحمد رفیع اورچئیرمین زاہد مظفرنےبتایا کہ ورکنگ گروپ یوایس ایڈ،اُو جی ڈی سی ایل اورپی پی ایل کےحکام پرمشتمل ہے، یہ گروپ پاکستان میں شیل گیس کی تلاش اوراسے نکالنے کا طریقہ کار وضع کرے گا۔

    اُوجی ڈی سی ایل نے29 نئےبلاکس میں تیل وگیس کی تلاش کیلئے معاہدے کرلئے ہیں جبکہ تیل وگیس کی تلاش کیلئےمزید سترہ بلاکس کی نشاندہی کرلی گئی ہے،اُنہوں مزید بتایا کہ مالی سال دوہزارتیرہ چودہ میں اُوجی ڈی سی ایل کے خالص منافع میں چھتیس فیصد اضافہ ہواہے، کمپنی نےشئیرہولڈرزکوفی حصص تین روپےنقد منافع دینےکا اعلان کیا ہے،کمپنی کی فی حصص آمدنی اکیس روپےسےبڑھکر اُنتیس روپےتک پہنچ گئی ہے۔