Tag: یو این

  • اقوام متحدہ نے پاکستان میں سیلاب سے متعلق ابتدائی رپورٹ تیار کر لی

    اقوام متحدہ نے پاکستان میں سیلاب سے متعلق ابتدائی رپورٹ تیار کر لی

    اسلام آباد (01 ستمبر 2025): اقوام متحدہ نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے متعلق ابتدائی رپورٹ تیار کر لی۔

    سیلاب کے نقصانات سے متعلق رپورٹ یو این او سی ایچ اے کی تیار کردہ ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ یو این او سی ایچ اے نے رپورٹ حکومت پاکستان کو بھجوا دی ہے، جو 26 جون سے 30 اگست تک ہونے والے نقصانات پر مشتمل ہے۔

    رپورٹ کے مطابق 26 جون تا 30 اگست سیلاب سے 829 اموات ہوئیں، اور 1116 افراد زخمی ہوئے، اس دوران سیلاب سے 8975 گھروں کو نقصان پہنچا، اور 6138 مویشی ہلاک ہوئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 26 جون تا 30 اگست سیلاب سے 655 کلومیٹر سڑکوں، اور 238 پلوں کو نقصان پہنچا، خیبرپختونخوا میں 432، آزاد کشمیر میں 201 کلو میٹر شاہرات کو نقصان پہنچا، گلگت بلتستان میں 17.6، بلوچستان میں 3.6 کلو میٹر شاہرات کو سیلاب سے نقصان پہنچا، آزاد کشمیر 94، جی بی 87، کے پی 52، اسلام آباد 3 پلوں کو نقصان ہوا۔

    ممکنہ سیلاب کا خدشہ ، سندھ کے حساس اضلاع کیلئے امدادی سامان روانہ

    سیلاب سے خیبرپختونخوا میں 5406 مویشی، آزادکشمیر میں 237 مویشی، سندھ میں 231، پنجاب میں 121، جی بی میں 67، بلوچستان میں 22 مویشی ہلاک ہوئے۔

    سیلاب سے کے پی میں 4659 گھروں، آزادکشمیر میں 2010 مکانات، گلگت بلستان میں 1253، بلوچستان 671، پنجاب میں 226، سندھ میں سیلاب سے 91، اور اسلام آباد میں 65 مکانات کو نقصانات پہنچا۔

    رپورٹ کے مطابق کے پی میں سیلاب سے 479 اموات ہوئیں، اور 350 زخمی ہوئے، اسلام آباد میں سیلاب سے 8 اموات، 3 شہری زخمی، پنجاب میں 191 اموات، 599 زخمی، سندھ میں 57 اموات، 78 زخمی، بلوچستان میں 24 اموات، 5 زخمی، جی بی میں 41 اموات، 52 زخمی، اور آزاد کشمیر میں سیلاب سے 29 اموات، 28 زخمی ہوئے۔

  • حالات بہتر ہوتے ہی پاکستان کی امداد وصول کی جائے گی، یو این ادارے کی سینیٹر مشتاق کو یقین دہانی

    حالات بہتر ہوتے ہی پاکستان کی امداد وصول کی جائے گی، یو این ادارے کی سینیٹر مشتاق کو یقین دہانی

    قاہرہ: جماعت اسلامی کے رہنما سینیٹر مشتاق احمد نے دورہ مصر کے دوران اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی مہاجرین کی سربراہ سے ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے رہنما سینیٹر مشتاق احمد خان فلسطینی شہریوں کی امداد کے سلسلے میں دورہ مصر پر ہیں، جہاں انھوں نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی مہاجرین کی سربراہ سحر الجبوری سے ملاقات کی، جس میں غزہ میں ریلیف سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    مشتاق احمد خان نے کہا کہ غزہ میں 14 لاکھ افراد بے گھر اور ہزاروں محاصرے میں ہیں، ادارہ برائے فلسطینی مہاجرین کے 72 اہلکار مارے جا چکے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا ادارہ غزہ میں 23 لاکھ افراد کو خوراک فراہم کرتا تھا، اسرائیلی وحشیانہ کارروائیوں کے باعث غزہ کے عوام کے لیے امداد رک گئی ہے، سینیٹر مشتاق نے کہا کہ ہم نے ادارہ برائے مہاجرین کو بتایا کہ ہم پاکستان سے مدد لانا چاہتے ہیں، جس پر انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ حالات بہتر ہوتے ہی پاکستان کی امداد وصول کی جائے گی۔

    سینیٹر مشتاق احمد نے ہلال احمر مصر کے سی ای او ڈاکٹر رامی سے بھی ملاقات کی، سی ای او نے کہا کہ انسانی امداد پہنچانے کے لیے فوری سیز فائر ناگزیر ہے۔

  • اقوام متحدہ کی پاکستان میں خود کش دھماکے کی مذمت، ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ

    اقوام متحدہ کی پاکستان میں خود کش دھماکے کی مذمت، ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ

    نیو یارک: اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل، سیکریٹری جنرل اور صدر نے پاکستان میں خود کش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل نے باجوڑ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہر قسم اور شکل کی دہشت گردی عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دے دیا، سیکیورٹی کونسل نے حکومت پاکستان اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا، اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

    سیکیورٹی کونسل نے تمام متعلقہ ممالک سے باجوڑ واقعے کے مجرمان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی پر زور دیا، اور اعلامیے میں کہا ملوث تمام کرداروں، مالی معاونین، اور سہولت کاروں کو جلد کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہیے، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ ممالک عالمی قوانین کے تحت مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے میں پاکستان سے تعاون کریں۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا، انتونیو گوتریس نے پاکستانی حکام سے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ بھی کیا۔ انھوں نے کہا ہم دہشت گردی کے واقعات اور شہریوں کے خلاف جان بوجھ کر ٹارگٹ حملوں کی مذمت کرتے ہیں، دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے صدر کابا کوروسی نے پاکستان میں خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ متاثرین کے خاندانوں، حکومت، اور پاکستان کے عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ صدر جنرل اسمبلی نے کہا دہشت گردی اپنی تمام شکلوں اور مظاہر میں مجرمانہ اور ناقابل جواز ہے، عالمی برادری دہشت گردی کی لعنت سے نمٹنے کے لیے اپنی کوششوں کو مضبوط بنائے، اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔

  • اقوام متحدہ کی اقوام عالم کو طالبان سے متعلق اہم ہدایت

    اقوام متحدہ کی اقوام عالم کو طالبان سے متعلق اہم ہدایت

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے تمام ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ طالبان کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ جاری رکھیں، دہشت گردی روکنے کے لیے طالبان سے بات چیت ضروری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے ایف پی کو دیے گئے انٹرویو میں انتونیو گوتریس نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ طالبان کے حکومت میں آنے سے افریقی ممالک میں موجود جہادیوں کو تقویت مل سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تمام رکن ممالک کو افغان عوام کے ساتھ یک جہتی کرتے ہوئے طالبان کے ساتھ بات چیت جاری رکھنی چاہیے، تاکہ انھیں اصولوں سے براہ راست آگاہ کیا جا سکے۔

    سیکریٹری جنرل نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ افغانستان میں معاشی بحران پیدا نہ ہونے دیں، انھوں نے عالمی پابندیوں اور افغانستان کے مالی ذخائر کے منجمند ہونے کا ذکر کیے بغیر کہا کہ مالیاتی اقدامات سے افغانستان کی معیشت کے لیے آسانیاں پیدا ہوں گی۔

    امریکی سیکریٹری دفاع افغان طالبان سے پُرامید

    انتونیو گوتریس نے کہا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کے نتائج سے متعلق کوئی گارنٹی نہیں دی جا سکتی لیکن اگر ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان دہشت گردی کا گڑھ نہ بنے، خواتین اور لڑکیاں وہ تمام حقوق نہ کھوئیں جو انھوں نے گزشتہ عرصے میں حاصل کیے، اور تمام نسلی گروہوں کی برابر نمائندگی ہو، تو بات چیت ضروری ہے۔

    سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اب تک جتنی بھی بات چیت ہوئی ہے اس میں کم از کم طالبان کی جانب سے آمادگی کا اظہار کیا گیا ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ میں افغانستان کے سفیر غلام اسحاق زئی نے تمام رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ طالبان پر پابندیاں عائد کریں۔

  • یورپی یونین 2020 تک 2 کروڑ افراد کو غربت سے نکالنے میں ناکام

    یورپی یونین 2020 تک 2 کروڑ افراد کو غربت سے نکالنے میں ناکام

    برسلز: یورپی یونین گزشتہ برس 2020 تک 2 کروڑ افراد کو غربت سے نکالنے میں ناکام رہی۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین میں غربت کے حوالے سے ایک یو این رپورٹ جاری ہوئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ای یو میں غربت کے شکار افراد کی تعداد 9 کروڑ 24 لاکھ ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ہر 5 میں سے ایک شخص غربت کا شکار ہے، مجموعی آبادی کا 21.1 فی صد غربت کے باعث سماجی اخراج کے خطرے سے دوچار ہے، یعنی 92.4 ملین (9 کروڑ 24 لاکھ) افراد۔

    رپورٹ کے مطابق یونین بھر میں ایک کروڑ 94 لاکھ بچے غربت میں جی رہے ہیں، اور 2 کروڑ چالیس لاکھ مزدور غربت کے خطرے سے دوچار ہیں۔

    اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے انتہائی غربت و انسانی حقوق کے لیے نمائندہ خصوصی اولیوئیرڈی سخوتر نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کہا کہ کرونا وائرس نے ایسے بے شمار لوگوں کی زندگیوں کو متاثر کیا جنھوں نے پہلی بار بھوک دیکھی۔

    انھوں نے کہا یورپی یونین کے 2020 تک 20 ملین افراد کو غربت سے نکالنے کے عزم کو دھچکا لگا ہے، اگر غربت کے خاتمے کے اپنے عزم پر قائم رہنا ہے تو یورپی یونین کو دلیری کے ساتھ اپنی سماجی و معاشی گورننس پر نظر ثانی کرنی ہوگی۔

  • جوہری ہتھیاروں کے امتناع کا معاہدہ تمام فریقین کے مفادات کو ساتھ لے کر چلنے میں ناکام رہا: دفتر خارجہ

    جوہری ہتھیاروں کے امتناع کا معاہدہ تمام فریقین کے مفادات کو ساتھ لے کر چلنے میں ناکام رہا: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: پاکستان نے جوہری ہتھیاروں کے امتناع کے معاہدے پر اعتراض کرتے ہوئے اسے تمام فریقین کے مفادات کو ساتھ لے کر چلنے میں ناکام قرار دیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کے امتناع کا معاہدہ 2017 میں اختیار کیا گیا تھا، اس معاہدے پر مذاکرات یو این تخفیف اسلحہ فورمز سے بالا ہی بالا ہوئے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کسی جوہری اسلحہ رکھنے والی ریاست نے ان مذاکرات میں حصہ نہیں لیا، یہ معاہدہ تمام فریقین کے مفادات کو ساتھ لے کر چلنے میں ناکام رہا، بہت سے غیر جوہری ہتھیار رکھنے والے ممالک بھی معاہدے کے فریق نہیں بنے۔

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ جب یو این جوہری تخفیف اسلحہ سے متعلق پہلا خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا تو اس میں یہ طے کیا گیا تھا کہ تخفیف اسلحہ اقدامات کے دوران ہر ملک کی سلامتی کا حق ذہن میں رکھا جائے گا، یہ بھی طے کیا گیا تھا کہ تمام ریاستوں کی سیکیورٹی، اسلحہ، اور فوج کو برقرار رکھا جائے گا۔

    ترجمان نے کہا یہ مقصد اسی وقت حاصل ہو سکتا ہے جب فریقین پر مشتمل پراسیس میں انڈر ٹیکنگ ہو، جس میں سب ریاستوں کے لیے مساوی سیکیورٹی کو مد نظر رکھا جائے۔

    پاکستان نے مطالبہ کیا کہ تخفیف اسلحہ کا قدم ہر ریاست کے سیکیورٹی عوامل کو مدنظر رکھ کر اٹھایا جائے، دفتر خارجہ نے کہا پاکستان مذکورہ معاہدے کی کسی بھی شق کے حوالے سے پابند نہیں، یہ معاہدہ عالمی قوانین کی طرح طے نہیں کیا گیا اور نہ اس کاحصہ ہے۔

  • یو این کی مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں سیز فائر کی اپیل

    یو این کی مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں سیز فائر کی اپیل

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں سیز فائر کی اپیل کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دنیا بھر کے متنازعہ علاقوں میں جنگ بندی کی اپیل کی ہے، انھوں نے کہا کہ یہ اپیل کشمیر میں ایل او سی پر بھارتی خلاف ورزیوں کے متعلق بھی ہے۔

    ترجمان انتونیو گوتریس نے کہا کہ بھارت مستقل طور پر کشمیر میں ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارت خلاف ورزیاں کر کے پاکستان کو جانی و مالی نقصان پہنچا رہا ہے۔

    ایل او سی پر فضائی حدود کی خلاف ورزی، پاک فوج نے بھارتی ڈرون مار گرایا

    ترجمان نے بتایا کہ جنگ بندی کی اپیل دنیا کے ہر خطے سے متعلق ہے، یو این سیکریٹری جنرل کا پیغام پوری دنیا کے لیے تھا، 23 مارچ کو بھی یو این سیکریٹری جنرل نے کرونا سے نمٹنے کے لیے جنگ بندی کی اپیل کی تھی، اپیل کے باوجود بھارتی فورسز کی جانب سے ایل او سی پر فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔

    دنیا بے مقصد جنگیں بند کر کے کرونا کے خلاف جنگ کرے: اقوام متحدہ

    خیال رہے کہ ایل او سی کی خلاف ورزی پر پاکستان نے بھارت سے احتجاج بھی کیا، پاکستان نے یو این ملٹری آبزرور گروپ میں شکایات بھی درج کرائیں۔ واضح رہے کہ آج بھی لائن آف کنٹرول کے سنکھ سیکٹر پر ایک بھارتی ڈرون 600 میٹر تک پاکستان کی حدود میں گھس آیا تھا، جس پر پاک فوج نے بھارتی کواڈ کاپٹر کو مار گرا دیا۔

  • اقوام متحدہ نے امریکا طالبان معاہدے کی توثیق کر دی

    اقوام متحدہ نے امریکا طالبان معاہدے کی توثیق کر دی

    نیویارک: یو این سیکورٹی کونسل نے امریکا طالبان معاہدے کی توثیق کر دی ہے، امریکا کی جانب سے پیش کردہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پیش کردہ قرارداد میں طالبان، افغان حکومت پر اعتماد سازی کے لیے اقدامات جاری رکھنے پر زور دیا گیا، بتایا گیا کہ افغان صدر نے طالبان قیدیوں کی رہائی کے حکم نامے پر دستخط کر دیے۔

    ادھر افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ طالبان قیدیوں کی رہائی بائیو میٹرک کے بعد ہوگی، قیدیوں کو دوبارہ جنگ نہ کرنے کی یقین دہانی کرانا ہوگی، اور قیدیوں کی رہائی امریکا، افغان معاہدے کے تحت ہی ہوگی۔

    افغان طالبان نے 5ہزار قیدیوں کی فہرست امریکا کو دے دی

    افغان میڈیا کے مطابق طالبان قیدیوں کی رہائی کا آغاز 14 مارچ کو پروان جیل سے ہوگا، معاہدے کے مطابق 1500 افغان طالبان قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔

    گزشتہ روز طالبان ترجمان سہیل شاہین نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ 5 ہزار افغان طالبان قیدیوں کی فہرست امریکا کو اس شرط کے ساتھ دے دی گئی ہے کہ افغان طالبان قیدیوں کو ویران علاقے میں حوالے کیا جائے، اور رہائی کے لیے دیے گئے ناموں کو طالبان کا وفد جیل میں چیک کرے گا۔

    دوسری طرف امریکا اور طالبان کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد برسوں سے خانہ جنگی کے شکار ملک افغانستان سے امریکی افواج کا انخلا بھی بالآخر شروع ہو رہا ہے، افغانستان میں امریکی افواج کے ترجمان کرنل سونی لیگیٹ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ معاہدے کے تحت امریکی افواج کی تعداد میں مشروط کمی کر رہے ہیں، افغانستان میں 12 سے 13 ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں، ابتدائی طور پر امریکی افواج کی تعداد گھٹا کر 8600 کی جائے گی۔

  • اقوام متحدہ میں پاکستان کی بھارت پر زبردست تنقید

    اقوام متحدہ میں پاکستان کی بھارت پر زبردست تنقید

    نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان نے بھارت پر زبردست تنقید کی ہے، مستقل مندوب منیر اکرم نے مودی سرکار کی مسلم دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، بی جے پی حکومت آر ایس ایس نظریے کو فروغ دے رہی ہے۔

    مودی سرکار کی مسلم دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کرتے ہوئے منیر اکرم نے کہا کہ بھارت میں مسلم شناخت اور ورثے کو مٹایا جا رہا ہے، کشمیر میں بھارتی اقدامات ہندو تنگ نظری اور اسلام دشمنی کا نتیجہ ہیں، کشمیر میں بڑے پیمانے پر خون ریزی اور نسل کشی کا خطرہ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت مودی کی قیادت میں ہندو بالا دستی کی طرف بڑھ رہا ہے: وزیر اعظم

    پاکستانی مندوب نے بھارت پر زبردست تنقید کرتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ سنجیدہ اقدامات کے ذریعے بھارت کو مسلمانوں کی نسل کشی سے روکا جائے۔

    خیال رہے کہ بھارتی لوک سبھا اور راجیہ سبھا نے شہریت کا ترمیمی بل منظور کر لیا ہے، جس کے مطابق مسلمانوں کے علاوہ تمام غیر قانونی تارکین وطن کو بھارتی شہریت دی جا سکے گی، شہریت کے اس متنازع بل میں مسلمان تارکین وطن کو شہریت کا حق نہیں دیا گیا۔

    گزشتہ روز یونین مسلم لیگ پارٹی نے شہریت کا یہ متنازع بل بھارتی سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ بل کے خلاف پڑوسی ملک بھارت میں احتجاج بھی زور پکڑ گیا ہے، انڈین میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت کے مختلف شہروں میں بل کی منظوری کے خلاف ہڑتال کی جا رہی ہے۔

  • مقبوضہ کشمیر: نیو یارک میں موبائل ٹرک پر کرفیو کلاک آویزاں

    مقبوضہ کشمیر: نیو یارک میں موبائل ٹرک پر کرفیو کلاک آویزاں

    نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے قبل یو این آفس کے باہر بھارتی مظالم کے خلاف آوازیں اٹھنے لگی ہیں، کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف سمندر پار پاکستانیوں نے احتجاج شروع کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے دفتر اور بھارتی قونصلیٹ کے سامنے گشت کرتے ایک موبائل ٹرک پر کرفیو کلاک آویزاں کر دیا گیا ہے جس کا مقصد دنیا کو یہ بتانا ہے کہ کشمیری کتنے دن سے بھارتی فوج کے لگائے گئے بد ترین کرفیو کے نرغے میں ہیں۔

    یہ موبائل ٹرک یو این آفس اور بھارتی قونصلیٹ کے سامنے گشت کر رہا ہے، اس پر نصب ڈیجیٹل اسکرین پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے کلپس دکھائے جا رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر پر دنیا میونخ کی طرح اب محض لا علمی کا بہانہ نہیں کر سکتی: وزیر اعظم

    موصولہ اطلاعات کے مطابق موبائل ٹرک پر چلتے ویڈیو کلپس ہزاروں لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی نہایت مخدوش صورت حال سے متعلق ایک اہم ٹویٹ کر کے عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر دنیا میونخ کی طرح اب محض لا علمی کا بہانہ نہیں کر سکتی، آج مودی کی بھارتی فورسز کا مقبوضہ کشمیر پر قبضے کا 32 واں دن ہے۔

    انھوں نے سوال کیا کہ جب مسلمانوں پر ستم کے پہاڑ توڑے جاتے ہیں تو کیا اقوام عالم کی انسانیت دم توڑ دیتی ہے؟