Tag: یو این سیکریٹری جنرل

  • پاک بھارت کشیدگی، انتونیو گوتریس کا تناؤ میں کمی کے ہر اقدام کی حمایت کا اعلان

    پاک بھارت کشیدگی، انتونیو گوتریس کا تناؤ میں کمی کے ہر اقدام کی حمایت کا اعلان

    پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے تناؤ میں کمی کے ہر اقدام کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں اہم نکتہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکل ترین مسائل بھی معنی خیز اور مثبت بات چیت سے حل کیے جا سکتے ہیں۔

    بر صغیر کے دو پڑوسی ممالک کے درمیان جاری کشیدگی پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اپنے بیان میں کہا ’’ہم کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان اور بھارت کے لیے قابل قبول کسی بھی اقدام کی حمایت کریں گے۔‘‘

    انھوں نے کہا ’’ہر اس اقدام کی حمایت کریں گے جس سے پاک بھارت تناؤ میں کمی آئے، اور بات چیت دوبارہ شروع ہو، مشکل ترین مسائل بھی معنی خیز اور مثبت بات چیت سے حل کیے جا سکتے ہیں۔‘‘


    پاکستانی مشن کے قونصلر جواد اجمل کا بھارتی مندوب کے بے بنیاد الزامات کا کرارا جواب


    انتونیو گوتریس نے فریقین سے اپیل کی کہ کشیدگی کو روکنے کے لیے دونوں ممالک انتہائی تحمل سے کام لیں۔

    واضح رہے جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد بھارت نے پاکستان کو بے بنیاد الزامات کے نشانے پر رکھا ہوا ہے، پاکستان نے افسوس ناک واقعے میں ملوث ہونے کے الزامات سختی سے مسترد کر دیے ہیں، وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے تحقیقات میں تعاون کی پیشکش بھی کی ہے۔

    تاہم، بھارت کی جانب سے اشتعال انگیزی کرتے ہوئے انڈس واٹر ٹریٹی کی معطلی کا یک طرفہ اور غیر قانونی اعلان کیا گیا، جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان صورت حال مزید کشیدہ ہو گئی۔

  • یو این سیکریٹری جنرل نے جعفر ایکسپریس حملے کی شدید مذمت کر دی

    یو این سیکریٹری جنرل نے جعفر ایکسپریس حملے کی شدید مذمت کر دی

    یو این سیکریٹری جنرل نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس حملے کی شدید مذمت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

    گوتریس نے کہا ہم بلوچستان میں جعفر ایکسپریس ٹرین کی ہائی جیکنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں، اور یرغمال بنائے گئے افراد کے بارے میں گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک کا کہنا ہے کہ گوتریس نے واضح کیا ہے کہ شہریوں پر حملے ناقابل قبول ہیں، اور بین الاقوامی برادری کو ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔

    جعفر ایکسپریس حملہ، یرغمالی مسافروں کیساتھ خودکش بمبار بیٹھے ہونے کا انکشاف

    یاد رہے کہ پاکستان کے صوبے بلوچستان میں منگل کو مسلح افراد نے ایک مسافر ٹرین پر فائرنگ کی، اور پھر ٹرین کو مسافروں سمیت یرغمال بنا لیا، سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 104 مسافروں کو بازیاب کرا لیا گیا ہے جب کہ 16 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    جعفر ایکسپریس حملہ: 104مسافر بازیاب، 16 دہشت گرد ہلاک

  • سیکریٹری جنرل پر اسرائیلی پابندی، اقوام متحدہ کا رد عمل سامنے آ گیا

    سیکریٹری جنرل پر اسرائیلی پابندی، اقوام متحدہ کا رد عمل سامنے آ گیا

    اقوام متحدہ نے یو این سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پر اسرائیل کی جانب سے سفری پابندی کو اسرائیلی حکومت کی طرف سے اپنے عملے پر ایک اور حملہ قرار دیا ہے۔

    ترجمان سیکریٹری جنرل اسٹیفن ڈجارک نے کہا ہے کہ انتونیو گوتریس سے متعلق پابندی کا بیان اقوام متحدہ کے عملے پر اسرائیلی حکومت کی جانب سے سے ایک اور حملہ ہے۔

    ترجمان نے اسرائیل کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ گوتریس نے حماس کی کارروائیوں کی ہمیشہ مذمت کی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی وزیر خارجہ نے انتونیو گوتریس کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے ان کے لیے ملک کے دروازے بند کر دیے۔

    خیال رہے کہ اسرائیل غزہ جنگ کے آغاز ہی سے نہ صرف اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پر الزامات عائد کرتا رہا ہے، بلکہ یو این کے مختلف پناہ گزین کیمپوں اور اسکولوں پر بمباری بھی کرتا رہا ہے۔

    اسرائیل نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا ملک میں داخلہ بند کر دیا

    الجزیرہ کے مطابق انتونیو گوتریس نے عالمی ادارے کی طاقت ور سلامتی کونسل کو بتایا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی ناگزیر ہو گئی ہے۔

    بدھ کو گوتریس نے کونسل کے ہنگامی اجلاس میں کہا غزہ میں اسرائیل کی بمباری اور لبنان پر حملوں میں خطے کے شہری ایک خوف ناک قیمت ادا کر رہے ہیں جس کی میں مکمل مذمت کرتا ہوں۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ لبنان میں ’’ہمہ جہت جنگ‘‘ کو روکنا ضروری ہے، جس کے تباہ کن نتائج ہوں گے۔

    مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کا وقت آپہنچا ہے، اقوام متحدہ

  • آرمی چیف نے  یو این سیکریٹری جنرل  سے ملاقات میں مسئلہ کشمیر اور غزہ کا مسئلہ اٹھادیا

    آرمی چیف نے یو این سیکریٹری جنرل سے ملاقات میں مسئلہ کشمیر اور غزہ کا مسئلہ اٹھادیا

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گورتریس سے ملاقات میں مسئلہ کشمیر اور غزہ کا مسئلہ اٹھادیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کے جاری دورے کے دوران آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس سے ملاقات کی۔

    اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر نیویارک میں ملاقات کے دوران یو این سیکرٹری جنرل نے آرمی چیف کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دستوں کے دنیا کے امن اور استحکام کے لئے تعاون کو سراہا۔

    آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اقوام متحدہ کے ساتھ ہر سطح پر پاکستان کے تعاون کی توثیق کی اور اپنی بات چیت کے دوران خاص طور پر کشمیر اور غزہ کے جاری مسائل پر روشنی ڈالی۔

    آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کئے بغیر ناگزیر رہے گا۔

    جنرل سید عاصم منیر نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرنے کی یکطرفہ اور غیر قانونی بھارتی کوششوں کی بھی مذمت کی اور قرار دیا کہ یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

    آرمی چیف نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے یو این سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ غزہ میں جاری لڑائی کے فوری خاتمے کے لیے عالمی برادری کو متحرک کریں تاکہ کسی بڑے انسانی المئے کو رونما ہونے سے روکا جا سکے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ فلسطین کے مسئلے کا پائیدار حل دو ریاستی حل میں موجود ہے۔

    جنرل سید عاصم منیر نے خصوصا” بے گناہ معصوم شہریوں کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا جنہیں بے دردی سے نشانہ بنایا جا رہا ہے اور انہیں خاطر خواہ انسانی امداد فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔

    یو این سیکرٹری جنرل نے جنرل سید عاصم منیر کے خدشات سے اتفاق کیا۔

  • یو این سیکریٹری جنرل نے توسیع ناکافی قرار دے دی، غزہ میں مستقل جنگ بندی کا مطالبہ

    یو این سیکریٹری جنرل نے توسیع ناکافی قرار دے دی، غزہ میں مستقل جنگ بندی کا مطالبہ

    یو این سیکریٹری جنرل نے غزہ میں جنگ بندی میں توسیع ناکافی قرار دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ نے غزہ میں امداد کی فراہمی کے لیے دو دن کی توسیع کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    امریکی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے بھی کہا ہے کہ امریکا جنگ بندی میں مزید توسیع چاہتا ہے، امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ وہ مزید توسیع کے لیے قطر، مصر اور اسرائیلی رہنماؤں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

    فسلطینی وزیرِ خارجہ نے میڈیا کو بتایا کہ جنگ بندی میں توسیع کے لیے مصر، قطر، امریکا اور اسپین نے کرداد ادا کیا ہے۔

    غزہ میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی میں توسیع کا معاہدہ ہوگیا

    جان کربی نے اپنے بیان میں حماس کو حقیقی خطرہ قرار دیا اور کہا کہ جنگ بندی کا فائدہ حماس ہی کو ہوگا، انھوں نے کہا کہ جنگ بندی کی توسیع کے اگلے دو دن میں حماس مزید 20 افراد کو رہا کرے گا۔

    واضح رہے کہ مصیبت زدہ غزہ کے شہریوں کو مزید دو روز کا سکون مل گیا ہے، غزہ جنگ میں دو روز کی توسیع ہو گئی ہے، وائٹ ہاؤس اور حماس نے بھی اس کی تصدیق کر دی ہے، ترجمان حماس کے مطابق دو روزہ توسیع میں شرائط پہلے جیسی ہی ہیں۔

    گزشتہ روز حماس نے غزہ میں عارضی جنگ بندی کے تحت 11 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا تھا، اسرائیل نے بھی 3 خواتین اور 30 بچوں کو چھوڑا، 4 روزہ عارضی جنگ بندی پاکستانی وقت کے مطابق آج صبح 10 بجے ختم ہونا تھی۔

  • یہ سچائی کا لمحہ ہے، تاریخ ہم سب کا فیصلہ کرے گی، یو این سیکریٹری جنرل

    یہ سچائی کا لمحہ ہے، تاریخ ہم سب کا فیصلہ کرے گی، یو این سیکریٹری جنرل

    غزہ میں لاکھوں انسانوں کی تباہی پر افسردگی کے عالم میں اپنے سوشل میڈیا پر جاری کئے گئے پیغام میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ تاریخ ہم سب کا فیصلہ کرے گی۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یو این سیکریٹری جنرل نے کہا کہ یہ سچائی کا لمحہ ہے، تاریخ ہم سب کا فیصلہ کرے گی، سب اپنی ذمہ داریاں ادا کریں، غزہ میں 20 لاکھ انسانوں کو تباہی کا سامنا ہے، شہریوں کیلئے ناقابل تصور تباہی ہے۔

    انتونیو گوتریس نے مشرق وسطیٰ میں فوری جنگ بندی اور یرغمالیوں کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں زندگی بچانے والے سامان کی ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔

    دوسری جانب قابض اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر غزہ پر زمینی اور فضائی حملے شروع کردیئے ہیں، جس کے باعث بڑے پیمانے پر شہادتوں اور تباہی کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، شدید بمباری کے باعث مواصلاتی نظام تباہ ہوچکا ہے، جس کے باعث غزہ کا دنیا بھر سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہوچکا ہے۔

    اسرائیلی فورسز نے غزہ میں بھرپور طاقت کے ساتھ آپریشن اور وحشیانہ بمباری کا آغاز کیاہے، جس کے باعث غزہ کی پٹی میں مواصلاتی نظام مکمل تباہ ہوگیا ہے۔

    عرب میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ غزہ میں 100 سے زائد فضائی طیاروں کی جانب سے بمباری کی جارہی ہے، جبکہ ٹینکس اور توپوں کے ذریعے بھی بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔

    الجزیزہ کے مطابق فلسطینی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی جوال کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے آخری بچنے والی انٹرنیشنل کیبل بھی تباہ ہوگئی ہے، جس کے باعث غزہ کا رابطہ دنیا سے کٹ گیا ہے۔

  • یو این سیکریٹری جنرل نے فلسطینیوں کے انخلا کا الٹی میٹم تشویشناک قرار دیدیا

    یو این سیکریٹری جنرل نے فلسطینیوں کے انخلا کا الٹی میٹم تشویشناک قرار دیدیا

    سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ غزہ میں محاصرہ جاری ہے، 10 لاکھ لوگوں کوایسی جگہ منتقل کرنا جہاں خوراک، پانی یا رہائش نہیں انتہائی خطرناک ہے۔

    سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ خالی کرنے کے الٹی میٹم پرنظر ثانی کرے، عالمی انسانی قانون کے قوانین کا احترام کرناچاہیے، ہر جنگ کے اصول ہوتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ متاثرہ فلسطینی علاقے ایندھن، بجلی، پانی اور خوراک سے بھی محروم ہیں، انخلا کا حکم کم ازکم 11 لاکھ فلسطینیوں پر لاگو ہوگا، متاثرہ علاقے پہلے ہی اسرائیلی محاصرے اور بمباری کی زد میں ہیں۔

    یو این سیکرٹری جنرل نے کہا کہ متاثرہ فلسطینی علاقے پہلے ہی اسرائیلی بمباری سے ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ انخلا کے اسرائیلی حکم کا نفاذ ہزاروں بچوں پر بھی ہوگا، غزہ کی تقریبا آدھی آبادی 18 سال سے کم عمر افراد پرمشتمل ہے اور غزہ کا شمار دنیا کے سب سے زیادہ گنجان آباد مقامات میں ہوتا ہے۔

    یو این سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں 2 لاکھ سے زائد لوگ اقوام متحدہ کے تحت پناہ گاہوں میں زندگی گزار رہے ہیں، لوگوں کو اسکولوں، ہیلتھ سینٹرز اور کلینکس میں بھی رکھا گیا ہے۔

    دوسری جانب سعودی عرب کے بعد اب ایک یورپی یونین کے رکن ملک ناروے نے بھی اسرائیل کی طرف سے غزہ کے محاصرے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔

    ناروے کی وزیر خارجہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ اسرائیل کو اپنے دفاع کاحق حاصل ہے مگر اسے یہ حق نہیں کہ اپنے دفاع کے نام پر جو چاہے کرے۔

    انہوں نے کہا کہ میں غزہ کے غیر انسانی محاصرے کی مذمت کرتی ہوں، غزہ کے لوگوں کو خوراک اور ادویات تک کی فراہمی ناممکن ہوگئی ہے۔ سکنڈے نیوین ملک نے حماس کے اسرائیل پر حملوں کی بھی مذمت کی ہے۔

  • عالمی ادارے پاکستان سے کیے گئے وعدے پورے کرے: یو این سیکریٹری جنرل

    عالمی ادارے پاکستان سے کیے گئے وعدے پورے کرے: یو این سیکریٹری جنرل

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ عالمی اداروں کو سیلاب کے بعد پاکستان سے کیے گئے وعدے پورے کرنے چاہئیں۔

    تفصیلات کے مطابق یو این سیکریٹری جنرل نے ایک ٹوئٹ میں ایک بار پھر عالمی اداروں کو سیلاب متاثرہ پاکستان کی طرف متوجہ کیا ہے، انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے، تباہ کن سیلاب کی وجہ سے پاکستان میں بدترین معاشی بحران پیدا ہوا۔

    انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا کہ گزشتہ سال موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوبا تھا، میں ایسی تباہی کو کبھی نہیں بھول سکتا، نقصانات کے ازالے کے لیے عالمی برادری کے تعاون کی ضرورت ہے۔

    سیکریٹری جنرل نے کہا بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ جلد از جلد بحالی کی کوششوں کے لیے فنڈز کے وعدوں کو پورا کریں۔ انھوں نے کہا کہ عالمی اداروں کو سیلاب کے بعد پاکستان سے کیے گئے وعدے پورے کرنے چاہئیں، عالمی مالیاتی ادارے ترقی پذیر ممالک کی ہر ممکن مدد کریں، ماحولیاتی انصاف کے لیے پاکستان ’’لٹمس ٹیسٹ‘‘ کی حیثیت رکھتا ہے۔

    اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ اقوام متحدہ پاکستان سے کیے گئے امداد کے وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔ واضح رہے کہ عالمی برادری نے پاکستان کی تعمیر نو اور بحالی کے لیے 16.4 ارب ڈالر کی یقین دہانی کرائی ہے۔

  • پاکستانی حکام قانون کی حکمرانی کا احترام کریں، یو این سیکریٹری جنرل کا عمران خان کی گرفتاری پر رد عمل

    پاکستانی حکام قانون کی حکمرانی کا احترام کریں، یو این سیکریٹری جنرل کا عمران خان کی گرفتاری پر رد عمل

    سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد پاکستان کی صورتحال پر سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے ترجمان کا بیان سامنے آیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتو نیو گوتیرس نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے نتیجے میں احتجاج، ہنگاموں کے بجائے پر امن احتجاج کیا جائے۔

    انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ تمام فریقین تشدد کی کارروائیوں سے گریزکریں، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے پرامن اجتماع کے حق کے استعمال پر زور دیا ہے۔

     یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ حکام قانون کی حکمرانی کا احترام کریں۔

    سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستانی حکام پر زور دیا کہ حکام عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی میں مناسب طریقہ کار اپنائیں۔

    واضح رہے کہ منگل کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار کیا۔

    عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں۔

  • کراچی میں اسپیشل یونٹ کے افسران یو این سیکریٹری جنرل کے کمرے میں زبردستی گھس گئے

    کراچی میں اسپیشل یونٹ کے افسران یو این سیکریٹری جنرل کے کمرے میں زبردستی گھس گئے

    کراچی: شہر قائد میں اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کے افسران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے کمرے میں زبردستی گھس گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی کراچی آمد کے موقع پر ایک نہایت ناخوش گوار واقعہ پیش آیا، جس پر وزارت خارجہ نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

    چیف سیکریٹری سندھ کو وزارت خارجہ کی جانب سے لکھے گئے خط کے مطابق ایس ایس یو پولیس نے خود نمائی کے لیے سیکیورٹی داؤ پر لگا دی تھی، اور افسران نے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی موجودگی کو یونٹ کی تشہیر کا ذریعہ بنانے کی کوشش کی۔

    وزارت خارجہ کے مطابق ایس ایس یو کے افسران زبردستی سیکریٹری جنرل کے لاؤنج میں گھس گئے تھے جہاں ان کی بالکل ضرورت نہیں تھی، افسران نے کمرے میں زبردستی اپنے فوٹوگرافر کو انٹری دلوائی۔

    وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایس ایس یو افسران نے رمادا ہوٹل میں غیر ملکی نشریاتی ادارے کو سیکریٹری جنرل کے انٹرویو کے دوران مداخلت کی کوشش کی ہے، مہمان کے سیکیورٹی اسٹاف نے ایس ایس یو اہل کاروں کو متعدد بار ایسی حرکتوں سے باز رہنے سے روکا تھا، لیکن ایس ایس یو کے 6 افراد انتہائی ڈھٹائی اور کم ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے معزز مہمان کے سوئٹ میں غیر قانونی طور پر گھس گئے۔

    وزارت خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے سیکیورٹی اسٹاف کی مزاحمت کے باوجود ایس ایس یو اہل کار کمرے میں داخل ہوئے، افسران نے سیکریٹری جنرل کو بلا اجازت تحائف پیش کیے اور متعدد تصاویر بنوائیں۔

    اسپیشل برانچ کے عملے نے بھی مہمان کی آمد پر انتہائی غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا، اسپیشل برانچ کے افسران نے اپنے کمروں میں چیک ان ہونے کے بعد مہمان کے کمرے سے قریب رہنے کی زحمت بھی گوارہ نہیں کی تھی۔

    وزارت خارجہ نے مراسلے میں کہا کہ سرکاری مہمان کی آمد پر سیکیورٹی اہل کاروں کا ایسا رویہ پروٹوکول کی سنگین خلاف ورزی ہے، احتیاط کرنے کی ہدایت دی جائے۔