Tag: یو این سیکریٹری جنرل

  • یو این سیکریٹری جنرل کا دورہ مکمل کر کے پاکستان سے روانگی کے بعد ٹوئٹ

    یو این سیکریٹری جنرل کا دورہ مکمل کر کے پاکستان سے روانگی کے بعد ٹوئٹ

    اسلام آباد: یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دورہ مکمل کر کے پاکستان سے روانگی کے بعد ٹوئٹ کرتے ہوئے پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں پاکستان کا دورہ مکمل کر کے واپس جا رہا ہوں، اس دورے میں عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیے گئے شاہی قلعے اور بادشاہی مسجد گیا۔

    انتونیو گوتریس نے لکھا کہ انھوں نے لاہور کی وسیع تاریخ اور متحرک ثقاقت سے لطف اندوز ہونے کے بعد دورہ ختم کیا، ایک شان دار دورے پر پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    قبل ازیں، یو این سیکریٹری جنرل دورہ پاکستان مکمل کر کے لاہور ایئر پورٹ سے واپس روانہ ہوئے تھے، اقوام متحدہ میں مستقل پاکستانی مندوب منیر اکرم نے سیکریٹری جنرل کو رخصت کیا، انتونیو گوتریس نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا، اور دہشت گردی کو شکست دینے پر پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی۔

    لاہوریوں کی مہمان نوازی کا لطف برسوں نہیں بھلا پاؤں گا، انتونیو گوتریس

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سیکریٹری جنرل نے لاہور میں حضوری باغ میں اپنے اعزاز میں وزیر اعلیٰ پنجاب اور گورنر کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں کہا تھا کہ پنجاب ثقافتی حسن سے مالا مال ہے، لاہوریوں کی مہمان نوازی کا لطف برسوں نہیں بھلا پاؤں گا۔ عشائیے میں بلوچی، چولستانی، پنجابی موسیقی اور ثقافتی شو بھی پیش کیا گیا تھا۔

  • اقوام متحدہ نے نوجوانوں کے لیے حالیہ اقدامات کو مثبت پیش رفت قرار دے دیا

    اقوام متحدہ نے نوجوانوں کے لیے حالیہ اقدامات کو مثبت پیش رفت قرار دے دیا

    اسلام آباد: اقوام متحدہ نے نوجوانوں کے لیے حالیہ حکومتی اقدامات کو مثبت پیش رفت قرار دے دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومتی کوششوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا، اقوام متحدہ نے نوجوانوں کے لیے حالیہ اقدامات کو مثبت پیش رفت قرار دیا۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار اور سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کے درمیان غیر رسمی ملاقات ہوئی جس میں سیکریٹری جنرل نے نوجوانوں کے لیے شروع کیے گئے پروگرامز کو سراہا۔

    یو این سیکریٹری جنرل نے نوجوانوں کی تعمیر و ترقی کے لیے پاکستان سے تعاون کی پیش کش کی، انتونیو گوتریس نے ملاقات میں کہا کہ کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کے روزگار کا بہترین منصوبہ ہے، اقوام متحدہ ایسے منصوبوں میں تعاون کا خواہاں ہے، یو این پلیٹ فارم پاکستانی نوجوانوں کی ترقی کے لیے پہلے بھی اشتراک کرتا رہا ہے۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے یو این کی جانب سے تعاون کی پیش کش کا خیر مقدم کیا، اور کہا کہ نوجوانوں کے لیے یہ جامع پروگرام وزیر اعظم کی ہدایت پر ترتیب دیا گیا ہے، اس کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو روزگار دے کر اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، یہ ہنر اور تربیت کی فراہمی کے لیے سب سے بڑا اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام ہے، اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر نوجوان طبقے کے لیے اہم اقدامات کریں گے۔

  • یو این سیکریٹری جنرل کا بہادر پاکستانی خواتین کو خراج تحسین

    یو این سیکریٹری جنرل کا بہادر پاکستانی خواتین کو خراج تحسین

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بہادر پاکستانی خواتین اور مردوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سیکریٹری جنرل یو این انتونیو گوتریس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ یو این امن مشنز میں پاکستان سب سے بڑا شراکت دار ہے۔

    سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ انھوں نے اس امن مشن میں خدمات انجام دینے والے کچھ بہادر پاکستانی خواتین اور مردوں کے ساتھ ملاقات کی، جو متاثر کن رہی۔ انتونیو گوتریس نے پاکستانی بہادر خواتین اور مردوں کی قربانی اور خدمات کے لیے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    پاکستان کے دستے امن کے لیے بہترین کام کر رہےہیں: انتونیو گوتریس

    خیال رہے کہ انتونیو گوتریس پاکستان میں افغان مہاجرین کے لیے منعقدہ کانفرنس میں شرکت کے لیے پانچ روزہ دورے پر آئے ہیں، گزشتہ روز انھوں نے وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔

    سیکریٹری جنرل نے گزشتہ روز نسٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی دستوں نے دوسروں کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پاکستان کے دستے امن کے لیے بہترین کام کر رہے ہیں، پاکستان کے ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد جوانوں نے امن مشنز میں کام کیا، پاکستانی افسران امن مشن میں فرسٹ کمانڈر کے طور پر کام کر رہے ہیں، امن مشنز میں پاکستانی افواج کے 157 جوانوں نے شہادت پائی، پاکستانی افواج ، پولیس اور سویلینز کا عزم امن مشن کے لیے شان دار ہے۔

  • افغان امن کے ذریعے لاکھوں لوگوں کی زندگی تبدیل کی جاسکتی ہے ،یو این سیکریٹری جنرل

    افغان امن کے ذریعے لاکھوں لوگوں کی زندگی تبدیل کی جاسکتی ہے ،یو این سیکریٹری جنرل

    اسلام آباد : اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیوگوتریس کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کےحق میں ہے، افغان امن کے ذریعے لاکھوں لوگوں کی زندگی تبدیل کی جاسکتی ہے اور تمام مسائل کاحل افغان سرزمین سے ہی ممکن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغان مہاجرین پر عالمی کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس السلام علیکم سے اپنے خطاب کا آغاز کیا اور کہا 40سال سے افغان عوام مسائل کا شکار ہیں اور پاکستان 40سال سے افغان مہاجرین کی میزبانی کررہا  ہے۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فراخ دلی دہائیوں پر محیط ہے، پاکستان نے افغان مہاجرین کیلئے اپنے دروازے کھلے رکھے، یہ افغان مہاجرین کا دوسرابڑا میزبان ملک ہے، پاکستان اور ایران افغان مہاجرین کو پناہ دینےوالے بڑے ممالک ہیں۔

    انتونیوگوتریس نے کہا کہ پاکستان کےافغان مہاجرین کو رجسٹر کرنے کے اقدام کو سراہتے ہیں، پاکستان کی خدمات کے اعتراف میں عالمی تعاون محدود ہے ، افغان مہاجرین کے لیے عالمی امدادبہت اہمیت رکھتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اندرونی مسائل کے باوجود پاکستان نےافغان مہاجرین کیلئے اقدامات کئے، قرآن پاک نے مہاجرین کنونشن سے کہیں پہلے برابری کی بات کی، اقوام متحدہ افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کےحق میں ہے۔

    یو این سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ افغان امن کےذریعےلاکھوں لوگوں کی زندگی تبدیل کی جاسکتی ہے، افغانستان کےتمام مسائل کاحل افغان سرزمین سے ہی ممکن ہے۔

  • وزیر خارجہ کی یو این سیکریٹری جنرل سے ملاقات، مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر تبادلہ خیال

    وزیر خارجہ کی یو این سیکریٹری جنرل سے ملاقات، مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر تبادلہ خیال

    نیویارک: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم بھی موجود تھے، ملاقات میں مشرق وسطیٰ اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو ملاقات میں مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا، اس سلسلے میں انھیں دورہ ایران اور سعودی عرب سے متعلق تفصیلات بتائی گئیں، وزیر خارجہ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کسی نئی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ جب کہ انتونیو گوتریس نے قیام امن کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔

    بعد ازاں، نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سلامتی کونسل میں پانچ ماہ کے دوران دوسری بار مسئلہ کشمیر پر بات ہوئی ہے، مقبوضہ کشمیر کے حالات پر تین اجلاس منعقد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں، سلامتی کونسل میں ساتھ دینے پر چین کے بھی شکر گزار ہیں۔

    سلامتی کے دشمن بھارت کی سلامتی کونسل میں پھر سبکی

    ان کا کہنا تھا کہ انتونیو گوتریس نے قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی، انھیں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش ہے۔ عالمی برادری کشمیروں کو بھارتی جبر سے نجات دلانے کے لیے کردار ادا کرے۔

    شاہ محمود نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوشش نہیں کر رہے، خواہش ہے کہ خطے میں امن قائم ہو۔ خطے میں کافی کشیدگی تھی، جس میں کمی کے لیے پاکستان جو کردار ادا کر سکتا ہے کر رہا ہے، سعودی عرب اور ایران کے دورے اچھے رہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ سلامتی کونسل کے صدر کو عمران خان کے احساس پروگرام سے بھی آگاہ کریں گے۔ کشمیر کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں تشویش ناک ہیں، 80 لاکھ کشمیری 5 اگست سے لامتناہی کرفیو کا سامنا کر رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی بلیک آؤٹ سے حقائق چھپائے جا رہے ہیں۔

  • مقبوضہ کشمیر میں تشویش ناک صورت حال پر نظر ہے: یو این سیکریٹری جنرل

    مقبوضہ کشمیر میں تشویش ناک صورت حال پر نظر ہے: یو این سیکریٹری جنرل

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تشویش ناک صورت حال پر ان کی نظر ہے، اقوام متحدہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے مقبوضہ کشمیر پر بیان جاری کر دیا ہے، انتونیو گوٹیریس نے مقبوضہ جمّوں و کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی کی صورت حال پر ان کی نظر ہے، اس سلسلے میں اپنا کردار اقوام متحدہ ادا کرتا رہے گا۔

    قبل ازیں، وزیر خارجہ شاہ محمود نے یو این سیکریٹری جنرل سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گفتگو کی گئی اور بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں یک طرفہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، خطے میں امن و امان کی مخدوش صورت حال پر بھی گفتگو کی گئی۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  دنیا نے آج پھر بھارتی فسطائیت کا چہرہ دیکھ لیا: شاہ محمود قریشی

    شاہ محمود نے کہا کہ بھارت نے 20 دن سے مقبوضہ کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن کر رکھا ہے، مقبوضہ وادی میں ذرایع مواصلات پر پابندی عاید ہے، بھارتی اقدامات یو این قراردادوں، عالمی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہیں، راہول گاندھی کو سری نگر ایئر پورٹ سے واپس بھیج دیا گیا۔

    انھوں نے بتایا کہ عالمی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے تشویش ناک رپورٹس آ رہی ہیں، انسانی جان بچانے والی ادویات، خوراک کی شدید قلت ہے، اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو صورت حال پر کردار ادا کرنا ہوگا، نہتے کشمیریوں کو بھارتی بربریت سے بچانے کے لیے کردار ادا کریں۔

    سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں تشویش ناک صورت حال پر ان کی نظر ہے، اقوام متحدہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

  • کشمیر کے اسٹیٹس کا فیصلہ یو این چارٹر کے مطابق ہوگا: سیکرٹری جنرل یو این

    کشمیر کے اسٹیٹس کا فیصلہ یو این چارٹر کے مطابق ہوگا: سیکرٹری جنرل یو این

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر اہم ترین بیان آ گیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ کشمیر کے اسٹیٹس کا فیصلہ یو این چارٹر کے مطابق ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم وادی کی صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کا کہنا ہے کہ اس خطے سے متعلق یونائیٹڈ نیشنز کی پوزیشن اقوام متحدہ کے چارٹر اور سیکورٹی کونسل کے قابل اطلاق قراردادوں کے تابع ہے۔

    انھوں نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر 1972 کے معاہدے، جسے شملہ معاہدہ بھی کہا جاتا ہے، کا ذکر کیا، جس میں لکھا گیا ہے کہ جموں و کشمیر کی حتمی حیثیت اقوام متحدہ کے میثاق کے مطابق امن پر طریقوں سے طے کی جائے گی۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  پاکستان کا بھارتی اقدامات کے خلاف سلامتی کونسل میں جانے کا فیصلہ

    سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جن سے جموں و کشمیر کے اسٹیٹس پر فرق پڑے۔

    انھوں نے مقبوضہ کشمیر میں پابندیوں سے متعلق رپورٹس پر بھی تشویش کا اظہار کیا، کہا پابندیوں سے خطے میں انسانی حقوق کی صورت حال مزید بد تر ہو سکتی ہے۔

    سیکریٹری جنرل نے کہا کہ فریقین زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے اقدام پر سلامتی کونسل میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • اقوام متحدہ کے سربراہ کا لیبیا میں جاری لڑائی فوری طور پر روکنے کا مطالبہ

    اقوام متحدہ کے سربراہ کا لیبیا میں جاری لڑائی فوری طور پر روکنے کا مطالبہ

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے لیبیا میں جاری لڑائی کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یو این سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے لیبیا میں جاری لڑائی کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ لیبیا کے تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔

    انٹونیو گوٹیرش کا کہنا تھا کہ متحارب فریقین کو فوری طور پر مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل تلاش کرنا چاہیے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گوٹیرش کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ لیبیا کے تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اور متحارب فریقین کو فوری طور پر مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل تلاش کرنا چاہیے۔

    یہ بھی پڑھیںـ  باغی دارالحکومت طرابلس کے مضافات میں موجود

    انھوں نے کہا کہ خود ساختہ لیبین نیشنل آرمی کے سربراہ اور جنگی سردار خلیفہ حفتر کی فورسز طرابلس پر قبضے کی کوشش میں ہیں۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی طرف سے یہ مطالبہ لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں گزشتہ روز شدید لڑائی اور شہر کے مرکزی ایئر پورٹ پر حملے کے بعد سامنے آیا ہے۔ واضح رہے کہ طرابلس میں اس وقت صرف یہی ایئر پورٹ کام کر رہا ہے۔

  • آصف زرداری کا بیان عوامی مینڈیٹ کی توہین کے مترادف ہے: شاہ محمود قریشی

    آصف زرداری کا بیان عوامی مینڈیٹ کی توہین کے مترادف ہے: شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے پی پی چیئرمین آصف علی زرداری کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے اسے عوامی مینڈیٹ کی توہین قرار دیا، کہا سندھ کے عوام ایک بار پھر ان پر بھروسا کر کے قیمت چکا رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام دی رپورٹرز میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود نے کہا کہ سندھ کے علاوہ دیگر صوبوں نے پیپلز پارٹی کو مسترد کیا ہے، عمران خان نے عوام کے اعتماد پر 2 جماعتی سسٹم کو اکھاڑ پھینکا۔

    [bs-quote quote=”پنجاب کی نئی حکومت آہستہ آہستہ اپنے قدم جما رہی ہے، ان کو موقع ملنا چاہیے۔” style=”style-8″ align=”left” color=”#dd3333″ author_job=”شاہ محمود قریشی”][/bs-quote]

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا نوجوان طبقہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ سے لا تعلق ہو گیا ہے، پی پی کے ارادے اچھے ہوتے تو پی ٹی آئی کی حکومت ہی نہ آتی، آنے والے دنوں میں پی ٹی آئی سندھ میں بھی اپنا مقام رکھے گی، پی ٹی آئی کے آنے کی پیپلز پارٹی تیاری کرے۔

    وزیر خارجہ نے کہا سندھ کے لوگ پیپلز پارٹی کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں لیکن وہ مختلف بہانوں سے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بیوروکریسی کے بڑے طبقے کو یقین تھا کہ پنجاب میں ن لیگ کی حکومت رہے گی، لیکن اب پنجاب کی نئی حکومت آہستہ آہستہ اپنے قدم جما رہی ہے، ان کو موقع ملنا چاہیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاک بھارت کشیدگی، اقوام متحدہ نے ثالثی کردار کی پیش کش کردی

    وزیر خارجہ نے پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے بتایا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا میرے خط کے جواب میں مثبت جواب آیا ہے، انھوں نے بھی کہا ہم کشیدگی ختم کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں، اب کسی کو تیار ہونا ہے تو وہ بھارت ہے جسے بات چیت کے لیے آگے آنا ہوگا۔

    شاہ محمود نے کہا کہ فاروق عبداللہ نے بھی کہا الزام لگانا آسان ہے مگر حالات اس طرح ٹھیک نہیں ہوں گے، بھارت کے اندر سے آوازیں اٹھنا شروع ہو گئی ہیں، آوازیں اٹھ رہی ہیں کہ پلوامہ حملہ بھارتی حکومت کی نا کام پالیسی کا ثبوت ہے۔

  • یو این سیکریٹری جنرل نے جمال خاشقجی کی گمشدگی سے متعلق سچ کا مطالبہ کردیا

    یو این سیکریٹری جنرل نے جمال خاشقجی کی گمشدگی سے متعلق سچ کا مطالبہ کردیا

    نیویارک : اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مطالبہ کیا ہے کہ محمد بن سلمان کو ہدف تنقید بنانے والے سعودی صحافی کی گمشدگی سے متعلق واضح جواب دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے معاملے پر کہا ہے کہ ’مجھے ڈر تھا کہ ایسی گمشدگیاں باقاعدگی سے شروع ہوجائیں گی اور معمول بن جائیں گی‘۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت اور ولی عہد محمد بن سلمان کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنانے والے صحافی جمال خاشقجی 2 اکتوبر کو استنبول میں سعودی سفارت خانے سے لاپتہ ہوئے تھے۔

    دوسری جانب سعودی حکام کی جانب سے مسلسل معروف امریکی اخبار میں صحافتی ذمہ داریاں انجام دینے والے صحافی کے اغواء اور قتل کی تردید کرتے ہوئے افواہوں کو جھوٹ قرار دے رہا ہے۔

    سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے گذشتہ روز کہا تھا کہ ریاست بہت جلد جمال خاشقجی کی گمشدگی سے متعلق حقائق کو بے نقاب کرے گی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ریاست پر لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔

    ترک سیکیورٹی حکام نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ’ترکی کے سیکیورٹی ایجنسیوں کے پاس دی واشنگٹن پوسٹ کے لیے تحریر لکھنے والے جمال خاشقجی کے سعودی سفارت خانے میں قتل ہونے کے آڈیو اور ویڈیو ثبوت موجود ہیں‘۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ’ہمیں حقائق جاننے کی ضرورت ہے تاکہ واقعے کا اصل ذمہ دار کون اس کا پتہ لگایا جاسکے‘۔

    انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی حکومت کو جمال خاشقجی کی گمشدگی سے متعلق مناسب انداز میں ’واضح جواب‘ دینا ہوگا۔

    سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ میرا ماننا ہے کہ قانونی نظام کو احتساب کی ضمانت دینے کے قابل ہونا چاہیے، لیکن ان کا مزید کہنا تھا کہ ’مجھے خوف محسوس ہوتا ہے کہ گمشدگی کے واقعات معمول نہ بن جائیں‘۔

    یاد رہے کہ برطانوی وزیر خارجہ جیمری ہنٹ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سعودی عرب پر دباؤ ڈالتے ہوئے جمال خاشقجی کے معاملے میں وضاحت دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ ولی عہد محمد بن سلمان کی پالیسیوں پر تنقید کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع ہونے کے بعد جمال خاشقجی خود ساختہ جلا وطنی ہوکر امریکا منتقل ہوگئے تھے جہاں وہ مشہور اخبار واشنگٹن پوسٹ میں صحافتی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔