ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں گزشتہ رات ہولناک ٹریفک حادثے میں 2 اماراتی نوجوان جاں بحق ہوگئے۔
ابوظبی پولیس کے مطابق حادثہ مغرب سے کچھ دیر قبل پیش آیا، گاڑی میں تین دوست سوار تھے جو ابوظبی سے لیوا کی جانب جارہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق حادثے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے، جاں بحق افراد کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
حادثے میں زخمی شخص کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے وہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج ہے، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ تینوں دوست نئے سال کے جشن میں شرکت کے لیے تیاریوں میں مصروف تھے۔
مزید پڑھیں: ابوظبی، خوفناک ٹریفک حادثہ، 3 بچے اور خاتون جاں بحق
یاد رہے کہ ابوظبی میں گزشتہ سال جون میں خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 بچے جاں بحق ہوگئے تھے، حادثہ تیز رفتاری کے سبب پیش آیا جب خاتون گاڑی کو کنٹرول نہیں کرسکیں اور گاڑی پول سے ٹکرا گئی۔
لیفٹیننٹ کرنل عبداللہ السعودی کا کہنا تھا کہ گاڑی چلانے والی خاتون کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہیں تھا، ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانا قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانا آرٹیکل 51 کی خلاف ورزی ہے جس کی صورت میں مذکورہ شخص کو 3 ماہ قید کی سزا اور 5 ہزار درہم جرمانے کا سامنا کرنا پڑٖتا ہے۔