Tag: یو اے ای کی امداد

  • یو اے ای کی کراچی میں جلنے والی جھگیوں کے متاثرین کے لیے امداد

    یو اے ای کی کراچی میں جلنے والی جھگیوں کے متاثرین کے لیے امداد

    کراچی: متحدہ عرب امارات کی جانب سے کراچی میں جل کر راکھ ہونے والی جھگیوں کی بستی کے لیے امداد آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے تین ہٹی کے قریب جھگیوں میں آگ لگنے کے افسوس ناک واقعے میں متاثرین کی امداد کے لیے کراچی میں واقع یو اے ای قونصل خانے نے اہم قدم اٹھا لیا۔

    متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل سالم الخدیم نے متاثرہ جگہ کا دورہ کیا، اس موقع پر کمشنر کراچی افتخار شالوانی بھی ان کے ہم راہ تھے، قونصل جنرل نے متاثرین کے مسائل سنے اور ان میں امدادی اشیا تقسیم کیں۔ امدادی سامان میں کمبل، کھانے پینے کی اشیا اور گرم کپڑے شامل تھے، متاثرین میں عارضی ٹینٹ بھی تقسیم کیے گئے۔

    قونصل جنرل متحدہ عرب امارات نے اس موقع پر متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم آپ کے ساتھ ہیں، بحالی کے سلسلے میں ہم آپ کی ہر ممکن مدد کریں گے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ امدادی سرگرمیوں کے سلسلے میں اماراتی ہلال احمر کا کام سال بھر جاری رہتا ہے۔

    کراچی، تین ہٹی پل کے نیچے جھگیوں میں آگ بھڑک اٹھی، 2 افراد زخمی

    خیال رہے کہ منگل کے روز کراچی کے علاقے تین ہٹی پل کے نیچے واقع جھگیوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی، جس کے باعث 150 جھونپڑیاں جل کر راکھ ہو گئی تھیں۔ سندھ حکومت اور پولیس کی جانب سے متاثرین کو خیمے، خوارک کے سلسلے میں فوری امداد پہنچا دی گئی تھی، بعد ازاں پی ٹی آئی رہنماؤں نے بھی جا کر امدادی سامان تقسیم کیا، سندھ رینجرز کی جانب سے بھی متاثرین میں خیمے تقسیم کیے گئے۔

    جھگیوں میں آگ کیسے لگی؟

    کس کی غلطی سے درجنوں جھونپڑیاں سامان سمیت جل کر راکھ ہو گئی تھیں، اے آر وائی نیوز نے حادثے کے ذمے دار کا اعترافی بیان نشر کیا تھا، جھگیوں میں مقیم ایک رہایشی برجو نے کہا کہ وہ 22 سال سے تین ہٹی جھونپڑ پٹی میں رہایش پذیر ہے، آٹھ سالہ بھتیجی ممتا نے جھونپڑی میں بھگوان اور دیوی کے نام کا دیا جلایا، میں اس وقت گھر پر ہی موجود تھا لیکن اس دوران ممتا باہر چلی گئی، تھوڑی دیر بعد میں نے اپنی جھونپڑی کے دروازے کو کس کر بند کیا، اور روٹی لینے چلا گیا۔

    برجو کے بیان کے مطابق جب وہ روٹیاں لے کر واپس آیا تو آدھی سے زیادہ بستی جل چکی تھی، سب نے کہا تمھاری وجہ سے آگ لگی جس کی وجہ سے میں ڈر کر بھاگ گیا، آگ جان بوجھ کر نہیں لگائی، یہ ایک حادثہ تھا، پہلے پردے پھر جھونپڑی کو آگ لگی، میری والدہ نے جہیز کے لیے پیٹی میں 2 لاکھ روپے رکھے تھے وہ بھی جل گئے۔

  • یواے ای سے اسٹیٹ بینک کو1 ارب ڈالر مالی تعاون کی پہلی قسط مل گئی

    یواے ای سے اسٹیٹ بینک کو1 ارب ڈالر مالی تعاون کی پہلی قسط مل گئی

    کراچی: متحدہ عرب امارات سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو 1 ارب ڈالر مالی تعاون کی پہلی قسط مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق یو اے ای کی جانب سے پاکستان کو مالی تعاون کے سلسلے میں ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط مل گئی ہے۔

    متحدہ عرب امارات نے 3 ارب ڈالر کی مالی تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔

    واضح رہے کہ دو دن قبل پاکستان اور یو اے ای میں 3 ارب ڈالر کے قرض کا معاہدہ ہوا ہے، یہ معاہدہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ابوظبی فنڈز فار ڈیولپمنٹ کے مابین ہوا، جس میں پاکستان کی جانب سے گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ اور یو اے ای کی طرف سے ابوظبی ڈیولپمنٹ فنڈ کے چیئرمین نے دستخط کیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی سے یو اے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم کی ملاقات

    آج اسلام آبادمیں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی سے یو اے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم نے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔

    شاہ محمود نے کہا ’دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم اور گہرے ہو رہے ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات مذہبی، ثقافتی اور تاریخی نوعیت کے ہیں، پاکستان اپنے برادر ملک یو اے ای سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔‘