Tag: یو اے ای کی خبریں

  • وزیرِ اعظم عمران خان متحدہ عرب امارات پہنچ گئے

    وزیرِ اعظم عمران خان متحدہ عرب امارات پہنچ گئے

    دبئی: وزیرِ اعظم عمران خان سعودی عرب کا دورہ مکمل کر کے متحدہ عرب امارات پہنچ گئے، دبئی ائیر پورٹ پر ولیٔ عہد شہزادہ شیخ محمد بن زائد النہیان نے استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم اپنے پہلے دو روزہ غیر ملکی سرکاری دورے کے دوسرے مرحلے پر یو اے ای پہنچ چکے ہیں، امارات کے ولیٔ عہد نے ان سے ملاقات کی۔

    دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا اور تعلقات کی موجودہ سطح پر باہمی تعاون پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے انھیں مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

    وزیرِ اعظم عمران خان اور ولیٔ عہد شیخ محمد بن زائد النہیان نے ملاقات میں باہمی دل چسپی کے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کرتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا کہ باہمی اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط کیا جاسکتا ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب مکمل، جدہ سے روانہ


    ملاقات میں سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا، رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھائی جاسکتی ہے۔

    دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی اہمیت کے معاملات پر یکساں مؤقف رکھنے پر اظہارِ اطمینان کیا، دوسری طرف خطے کے موجودہ مسائل پر بھی تبادلہٗ خیال کیا گیا۔

    عمران خان کے ساتھ ملاقات میں یو اے ای کے ولیٔ عہد کے ساتھ امارات کے نائب وزیرِ اعظم، وزیرِ داخلہ، وزیرِ خارجہ، نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر اور وزیر برائے صدارتی امور بھی موجود تھے۔

  • ابوظہبی میں دھند، کیا موسمِ سرما آرہا ہے؟

    ابوظہبی میں دھند، کیا موسمِ سرما آرہا ہے؟

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے متعدد علاقوں میں آج دھند چھائی رہی اور مطلع کہر آلود رہا، شہریوں کو لگتا ہے کہ امارات میں موسمِ سرما کی شروعات ابھی سے ہورہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج پیر کی صبح ابو ظہبی سمیت کئی اماراتی شہر وں میں دھند چھائی رہی جس کے سبب محکمہ موسمیات نے حدِ نظر کم ہونے کی وارننگ جاری کردی تھی۔

    امارات کے محکمہ موسمیات کے مطابق ابو ظہبی کے مغربی علاقے الغیاتی میں دھند کا زور شدید رہا جس کے سبب ڈرائیورز کو پریشانی پیش آنے کا امکان تھا تاہم کسی حادثے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

    ابوظہبی کے دیگر علاقے بھی دھند کی لپیٹ میں رہے جن میں الدھافرا، الرویس، بینوا اور السلہ شامل ہیں۔ حدِ نگاہ کم ہوجانے سےصبح پانچ بجے کے قریب کا ر سواروں کے لیے پہلے پیلی اور پھر سرخ وارننگ جاری کی گئی۔

    ملک میں کم سے کم درجہ حرارت صبح 6 بج کر 15 منٹ پر کوہِ جائیس کے مقام پر23.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے یو اے ای میں درجہ حرارت پچا س ڈگری سینٹی گریڈ تک چلا گیا تھا اور ابھی بھی اماراتی شہریوں کو گرم موسم برداشت کرنا ہے ، آج بھی درجہ حرارت 35 ڈگری تک جانےکا امکان ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ دھند جو کہ عموماً موسم سرما میں ہوتی ہے اس کی آمد کا کوئی امکان نہیں تاہم ہوا میں نمی میں اضافے کے سبب آج شام اور آئندہ صبح بھی دھند متعدد علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

  • متحدہ عرب امارات میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب

    متحدہ عرب امارات میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب جا پہنچا۔ محکمہ موسمیات نے رات کے وقت ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی ہے جس سے موسم کی شدت میں کمی واقع ہونے کا امکان ہے۔

    متحدہ عرب امارات کے ویدر بیورو کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کچھ علاقوں میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی بڑھ گیا۔

    یہ درجہ حرارت پیر کے روز ریکارڈ کیا گیا۔

    اس کے بعد آج کے دن بھی صبح 11 بجے تک درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد ریکارڈ کیا گیا۔

    اس سے قبل علی الصبح بھی درجہ حرات اپنی انتہا پر یعنی 23 اعشاریہ 1 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

    ویدر بیورو کے مطابق بعض علاقوں میں بادل بھی چھائے رہے جس کی وجہ سے ساحلی علاقوں میں موسم ہلکا سا ابر آلود رہا۔

    محکمہ موسمیات نے رات کے وقت ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی ہے جس سے موسم کی شدت میں کمی واقع ہونے کا امکان ہے۔

  • مودی یاترا کا ثمر، متحدہ عرب امارات کا پہلا مندر 2020 میں بنے گا

    مودی یاترا کا ثمر، متحدہ عرب امارات کا پہلا مندر 2020 میں بنے گا

    ابوظہبی: مودی یاترا کا ثمر سامنے آ گیا، ابوظہبی میں ہندوؤں کی پہلی عبادت گاہ 2020 میں بنے گی، یہ متحدہ عرب امارات کا پہلا مندر ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق مندر کی تعمیر کے لیے پتھر بھارت میں مندر کے خصوصی کاریگر تراشیں گے جنھیں متحدہ عرب امارات میں جوڑا جائے گا۔

    خلیجی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مندر کی تعمیر کے لیے مقامی حکومت کے پاس قانونی طور پر رجسٹریشن کر دی گئی ہے، ایک عالمی ہندو مذہبی تنظیم بوشاسن واسی اکشر پرشوتم سنستھا کو اس کی تعمیر اور انتظام کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

    یو اے ای کے دارالحکومت میں مندر کی تعمیر کا منصوبہ ابو ظہبی حکومت نے 2015 میں وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کے دوران منظور کیا تھا۔

    مندر کی تعمیر کے لیے بنائی گئی کمیٹی تعمیر کا کام شروع کرنے لیے درکار قانونی ضرورت کے مطابق آئندہ ایک ماہ میں کنسلٹنٹس مقرر کرے گی، یہ کنسلٹنٹس مقامی قواعد و ضوابط کے مطابق مزید اقدامات اٹھائیں گے۔

    چین سے مضبوط تعلقات پر متحدہ عرب امارات فخر کرتا ہے: یو اے ای حکام

    الرحبہ میں ابو مریخہ کے مقام پر 14 ایکڑ زمین پر تعمیر کیا جانے والا یہ مندر سات میناروں پر مشتمل ہوگا جو یو اے ای کی سات امارات کی نمائندگی کریں گے۔

    مشرقِ وسطیٰ میں عالمی ہندو مذہبی تنظیم کے انچارج سادھو برہما نے کہا ’مندر کی کمیٹی کو امید ہے کہ تعمیر کا کام 2020 تک مکمل ہو جائے گا۔‘ یو اے ای میں بھارتی سفیر نودیپ سنگھ سوری نے کہا ’کمیٹی اب لوگوں سے عطیات کے حصول کے لیے بینک اکاؤنٹ کھول سکتی ہے۔‘


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • چینی صدر تین روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے

    چینی صدر تین روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے

    ابوظہبی: چینی صدر شی جن پنگ تین روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے، جہاں ان کا استقبال  حاکم الشیخ محمد راشد بن المکتوم ودیگر نے کیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق دوبارہ صدر منتخب ہونے کے بعد پہلی بار چینی صدر شی جن پنگ تین روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے، امارات پہنچنے پر سول و عسکری قیادت نے چینی صدر کا استقبال کیا۔

    چینی صدر کے دورے کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ طویل مدتی منصوبوں پر بھی بات چیت کی جائے گی، چینی صدر ابوظہبی کلچرل ایکسچینج کا دورہ کریں گے جسے اہمیت کا حامل قرار دیا جارہا ہے۔

    شیخ محمد بن راشد کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں 2 لاکھ چینی شہری رہائش پذیر ہیں اور چار ہزار چائنیز ٹریڈنگ کمپنیز متحدہ عرب امارات میں سرمایہ کاری کررہی ہیں جبکہ چین کے ساتھ طویل مدتی منصوبوں پر عملدرآمد ہمارے لیے اہمیت کا حامل ہوگا۔

    شیخ محمد بن النہیان اور ڈپٹی سپریم کمانڈر یو اے ای کا کہنا تھا کہ چین خطے اور اس کے معاشی مستقبل کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

    چینی زبان میں ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء

    دوسری جانب چینی صدر کے دورے سے قبل متحدہ عرب امارات کی جانب سے پہلی بار چینی زبان میں ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء کیا گیا ہے۔

    شرطة أبوظبي تصدر رخصة قيادة للمركبات بـ ” اللغة الصينية ” . . أصدرت شرطة أبوظبي، أول رخصة قيادة للمركبات باللغة الصينية، بمناسبة زيارة الرئيس الصيني شي جين بينغ، لدولة الإمارات التي تبدأ اليوم "الخميس” لمدة ثلاثة أيام على رأس وفد رفيع المستوى. وقال العميد إبراهيم ناصر الشامسي، مدير مديرية ترخيص السائقين والآليات، بقطاع العمليات المركزية، إن هذه الخطوة تعبر عن عمق العلاقات التاريخية بين البلدين الصديقين، وتميزها في جميع المجالات. ‏@UAEEmbChina ‏‎⁧‫#الرئيس_الصيني_يزور_الإمارات‬⁩ ‏‎⁧‫#الأسبوع_الإماراتي_الصيني‬⁩ ‏‎⁦‪#欢迎中国主席来访阿联酋‬⁩‬⁩ ⁦‪#UAE_China_Week

    A post shared by Abu Dhabi Police شرطة أبوظبي (@adpolicehq) on

    بریگیڈیئر ابوظہبی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ اقدام دوستانہ ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

    واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں سرکاری سطح پر عربی زبان بولی جاتی ہے اور تمام دستاویزات بھی عربی میں ہی ہیں تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ حکومت نے چینی زبان میں ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء کیا ہے۔

    ابوظہبی پولیس کی جانب سے ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں چین اور متحدہ عرب امارات کی مضبوط سفارتکاری اور اقتصادی تعلقات کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • متحدہ عرب امارات میں منی بسوں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ

    متحدہ عرب امارات میں منی بسوں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں منی بسوں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، رواں سال منی بسوں کے 24 حادثات رونما ہوئے جن میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

    عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات میں منی بسوں میں سفر کرنے والے مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر انتظامیہ نے منی بسوں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، رواں سال منی بسوں کے حادثات میں 7 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

    فیڈرل ٹریفک کونسل کی جانب سے منی بسوں کو بند کرنے کی درخواست گزشتہ سال مارچ میں دی گئی تھی، امکان ہے کہ درخواست رواں سال منظور کرلی جائے گی۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ منی بسوں کو اس صورت میں چلانے کی اجازت دی جائے جب وہ سامان کی ترسیل کے لیے استعمال ہوں۔

    دبئی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وین میں سفر کرنے والے مسافروں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق تھے جن کی حفاظت کے پیش نظر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔

    دبئی پولیس ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کے مطابق دبئی میں ہونے والے 24 خطرناک حادثات میں منی بسیں شامل ہیں، ان حادثات میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وین کے بڑھتے ہوئے حادثات کی وجہ یہ ہے کہ ڈرائیور غفلت کا مظاہرہ کرتے ہیں اور دوسری گاڑیوں کے درمیان مخصوص فاصلہ نہیں رکھتے۔

    رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی سڑکوں پر پچاس ہزار منی بسیں رواں دواں ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی دبئی سے شارجہ جانے والی شاہراہ پر وین اور ٹرک کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • دبئی: ٹرک اور وین میں تصادم، 3 افراد جاں بحق، 8 زخمی

    دبئی: ٹرک اور وین میں تصادم، 3 افراد جاں بحق، 8 زخمی

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں ٹرک اور وین کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔

    عرب میڈیا کے مطابق حادثہ دوپہر ایک بجے امارات سے شارجہ جانے والی شاہراہ پر تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا، حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر موجود لوگوں نے مقامی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو مطلع کیا جس کے بعد زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

    اسپتال منتقل کیے جانے والے 8 میں سے 3 شدید زخمی ہونے والے افراد راستے میں ہی دم توڑ گئے جبکہ دو کو تشویشناک حالت کے باعث انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

    مقامی انتظامیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ ’حادثہ تیز رفتاری اور غفلت برتنے کی وجہ سے پیش آیا، دونوں گاڑیوں کے ڈرائیورز نے مخصوص فاصلہ نہیں رکھا تھا‘۔

    محکمہ پولیس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ہائی وے پر آنے والے ڈرائیورز کو متنبہ کیا جاچکا ہے کہ وہ گاڑی چلانے کے دوران احتیاط اور حاضر دماغی سے کام لیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’ہم ٹریفک حادثات سے بچنے کے لیے لوگوں کو آگاہی دیتے ہیں اور سرکاری سطح پر اقدامات بھی کرتے ہیں تاہم ابھی تک سارے عوام کو شعور نہیں دیا جاسکا‘۔

    واضح رہے کہ حادثات کی روک تھام کے سلسلے میں دبئی حکام کی جانب سے نیا قانون بھی متعارف کروایا گیا تھا جس کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کی گاڑیوں کو مالک کے گھر کے باہر ہی کھڑا کردیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ دبئی میں ٹریفک قوانین کے خلاف ورزی کرنے پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ گاڑیاں بھی ضبط کی جاچکی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • حاکم دبئی نے شامی خاندان کی مدد کرنے والے کسٹم افسر کو ترقی دے دی

    حاکم دبئی نے شامی خاندان کی مدد کرنے والے کسٹم افسر کو ترقی دے دی

    دبئی: حاکم دبئی نے شیخ محمد بن راشد ال مکتوم نے متحدہ عرب امارات کے ایک کسٹم افسر کو اومان کے ساتھ سرحد پر واقع حتا چیک پوائنٹ پر پھنس جانے والے شامی خاندان کی بروقت مدد کرنے پر اگلے گریڈ میں ترقی دے دی۔

    شیخ محمد بن راشد ال مکتوم نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی اس میں ایک ریڈیو نیوز کاسٹر فاتح نامی شامی شخص سے گفتگو کررہا تھا کہ کیسے اماراتی افسر نے اومان سرحد کے نزدیک ان کی کار خراب ہونے کے بعد انہیں اپنی کار کی پیش کش کی تھی۔

    دبئی میڈیا آفس کے مطابق سالم عبداللہ بن نہیان کو یکم شوال عید کے پہلے دن سے افسر رینک سے فرسٹ افسر کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔

    فتح نے جواب میں ریڈیو نیوز کاسٹر کو بتایا کہ جمعہ کو عید کے پہلے دن صبح سات بجے کے قریب ہم مسقط جارہے تھے لیکن اچانک ہماری کار خراب ہوگئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ کسٹم افسر نے ہمیں کار کھڑی کرنے کے لیے کہا اور پھر اس کار کو کسی ٹیکسی یا ٹرک کے ساتھ باندھ کر لے جانے کے لیے گاڑیوں کو رکنے کا اشارہ کیا تاکہ ہم اپنے گھر پہنچ سکیں لیکن کسی نے بھی مثبت جواب نہیں دیا کیونکہ یہ عید کا پہلا روز اور ابتدائی وقت تھا۔

    انہوں نے کہا کہ پھر کسٹم افسر نے ہمیں اپنی ذاتی کار کی چابیاں دیں اور کہا کہ وہ اس کار پر مسقط جاسکتے ہیں، امارتی افسر پہلے حتا میں اپنے گھر تک گئے، وہاں اپنا سامان اتارا اور انہیں کہا کہ وہ اب وہاں سے اپنی جائے منزل تک جانے کے لیے اپنا سفر جاری رکھ سکتے ہیں۔

    شامی شہری کا کہنا تھا کہ واپسی پر کسٹم افسر نے ہمیں دبئی میں واقع ہمارے گھر پہنچایا اور پھر خراب کار کو ایک ٹرک سے باندھ کر ایک مکینک کے پاس پہنچادیا تاکہ وہ اس کو ٹھیک کرسکے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • دبئی میں عید کے موقع پر مفت پارکنگ سروس کا اعلان

    دبئی میں عید کے موقع پر مفت پارکنگ سروس کا اعلان

    دبئی: دبئی میں عید الفطر کی تعطیلات کے موقع پر شہریوں کے لیے مفت پارکنگ کا اعلان کردیا گیا۔

    دبئی کی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کے مطابق عید الفطر کی تعطیلات میں دبئی کے تمام عوامی مقامات پر پارکنگ مفت ہوگی سوائے کثیر المنزلہ پارکنگ ٹرمنلز کے۔

    فری پارکنگ کا آغاز 29 رمضان سے ہوگا جو 3 شوال تک جاری رہے گا، 4 شوال سے پارکنگ فیس دوبارہ فعال ہوجائے گی۔

    آر ٹی اے کے اعلامیہ میں دبئی میٹرو سروس کے اوقات کار بھی دیے گئے ہیں جس کے مطابق ریڈ اور گرین لائن میٹرو سروس ان اوقات کار میں چلیں گی۔

    14 جون: صبح ساڑھے 5 بجے سے رات 2 بجے تک
    15 جون: صبح 10 بجے سے رات 2 بجے تک
    16 سے 18 جون: صبح ساڑھے 5 بجے سے رات 2 بجے تک

    جبکہ ٹرام سروس ہفتے سے جمعرات تک صبح 6 سے رات 1 بجے تک اور جمعے کے روز صبح 9 سے رات 1 بجے تک فعال ہوگی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • یو اے ای نے بھارت سے فروٹ اور سبزیوں کی درآمد پر پابندی لگادی

    یو اے ای نے بھارت سے فروٹ اور سبزیوں کی درآمد پر پابندی لگادی

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں رہنے والے شہریوں کی صحت کو یقینی بنانے کے لیے بھارتی شہر کیرالہ سے تازہ پھلوں اور سبزیوں کی امپورٹ پر پابندی عائد کردی گئی ہے، جبکہ جنوبی افریقہ سے زندہ جانوروں کی درآمد بھی بند کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق  یہ فیصلہ وزارت برائے     ماحولیات  نے شہریوں کو  نپاح  نامی خطرناک وائرس اور رفٹ ویلی بخار کو ملک میں داخل ہونے اور پھیلنے سے روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔

    منسٹری کا کہنا ہے کہ ’’ اس فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم اپنے شہریوں کی صحت  اور انہیں صحت بخش غذا کی فراہمی کے سلسلے میں مستعد ہیں اور  بائیو سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر اقدامات کریں گے اور وائرس کو ملک میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک لیں گے‘‘۔

    کیرالہ سے آنے والے فروٹ اور سبزیوں کو ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے نپاح نامی وائرس کی روک تھا م کے لیے  پابندی کی فہرست میں ڈالا گیا ہے ، کہا جارہا ہے کہ یہ وائرس چمگادڑوں کے ذریعے آم ، کیلے اور کھجور میں منتقل ہورہا ہے تاہم اس کے بارے میں حتمی تحقیق ابھی سامنے نہیں آئی ہے۔

    دوسری جانب جنوبی افریقہ سےآنے والے جانوروں کو بھی ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی وارننگ کے بعد پابندی کی فہرست میں ڈالا گیا ہے  تاکہ رفٹ ویلی بخار کو ملک میں داخل ہونے سے روکا جاسکے۔


    خبرکے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں