Tag: یو اے ای

یو اے ای

متحدہ عرب امارات سے تازہ ترین خبریں اور معلومات

یو اے ای

  • ابوظبی پر حوثیوں‌ کا ڈرون حملہ، پاکستانی سمیت 3 افراد جاں بحق

    ابوظبی پر حوثیوں‌ کا ڈرون حملہ، پاکستانی سمیت 3 افراد جاں بحق

    ابوظبی: یمن کے حوثیوں نے ابوظبی میں‌ ڈرون حملہ کیا ہے، متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ اسے شبہ ہے کہ ایندھن کے ٹرکوں کو ڈرون نے نشانہ بنایا۔

    روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق پیر کے روز ابوظبی کے ہوائی اڈے کے قریب ایندھن کے تین ٹرک پھٹ گئے اور آگ لگ گئی، یمنی حوثی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملہ ان کی جانب سے کیا گیا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق ڈورن حملوں میں 3 افراد کی جاں بحق جب کہ 6 زخمی ہو گئے ہیں، مرنے والوں میں ایک پاکستانی اور 2 بھارتی شامل ہیں، یو اے ای حکام نے حملے کی تحقیقات شروع کر دی۔

    ابوظبی پولیس نے بتایا کہ تیل کی فرم ADNOC کی اسٹوریج کی سہولیات کے قریب صنعتی مصفح کے علاقے میں ایندھن کے تین ٹینکر ٹرک پھٹ گئے اور ابوظبی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ایک تعمیراتی مقام پر آگ بھڑک اٹھی۔

    پولیس نے سرکاری خبر رساں ایجنسی پر ایک بیان میں کہا ابتدائی تحقیقات میں ایک چھوٹے طیارے کے پرزے ملے ہیں جو ممکنہ طور پر دونوں جگہوں پر ڈرون ہو سکتے ہیں جو دھماکے اور آگ کا سبب بنے۔

    واضح رہے کہ حوثی متحدہ عرب امارات پر مشتمل سعودی زیر قیادت اتحاد سے لڑ رہے ہیں، گروپ نے اکثر سعودی عرب پر سرحد پار سے میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں، تاہم اس نے اب تک متحدہ عرب امارات پر ایسے چند ہی حملوں کا دعویٰ کیا ہے، جن کی زیادہ تر اماراتی حکام نے تردید کی ہے۔

  • متحدہ عرب امارات میں دفتری اوقات کار میں کمی کر دی گئی

    متحدہ عرب امارات میں دفتری اوقات کار میں کمی کر دی گئی

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں دفتری اوقات کار میں کمی کر دی گئی ہے، اب یو اے ای میں جمعہ کو آدھی چھٹی ہوگی اور ہفتہ، اتوار کو پوری چھٹی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات نے ہفتہ اور اتوار کو باضابطہ ویک اینڈ کے طور پر مان لیا ہے، نئے ویک اینڈ کا اطلاق یکم جنوری سے ہوگا۔

    متحدہ عرب امارات نے اپنی معیشت کو عالمی منڈیوں کے ساتھ بہتر طریقے سے ہم آہنگ کرنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا ہے، اور اگلے سال کے آغاز سے یو اے ای میں ہفتہ اور اتوار کی چھٹی کے ساتھ ساڑھے چار دن کا ورکنگ ہفتہ ہوگا، یعنی جمعہ کی سہ پہر سے ویک اینڈ کا آغاز ہوگا اور ہفتہ اور اتوار تک رہے گا۔

    واضح رہے کہ یو اے ای عرب ممالک کا پہلا ملک ہے جہاں پانچ روز کی بجائے ساڑھے چار روزہ ورکنگ ویک ہوگا، پندرہ برس قبل یو اے ای میں جمعرات اور جمعہ کو وینک اینڈ کی چھٹی ہوتی تھی، پھر 2006 میں جمعہ اور ہفتے کو ویکلی آف کر دیا گیا تھا۔

    اب یو اے ای میں پیر سے جمعرات تک سرکاری کام کے اوقات صبح 7:30 بجے سے سہ پہر 3:30 بجے تک ہوں گے، جب کہ جمعہ 4.5 گھنٹے کا دن ہوگا، اور صبح 7:30 بجے سے دوپہر 12 بجے تک اوقات کار ہوں گے۔

  • متحدہ عرب امارات نے خواتین کے حوالے سے اہم سنگِ میل حاصل کر لیا

    متحدہ عرب امارات نے خواتین کے حوالے سے اہم سنگِ میل حاصل کر لیا

    دبئی: متحدہ عرب امارات خواتین کے حوالے سے اہم سنگِ میل حاصل کرتے ہوئے صنفی توازن کے 9 اشاریوں میں پہلے نمبر پر آ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی مسابقتی اور شماریاتی مرکز (FCSC) نے اعلان کیا ہے کہ (پائیدار ترقی کے اہداف 2021) کے ہدف 5 میں حاصل ہونے والی پیش رفت میں، یو اے ای صنفی توازن کے 9 اشاریوں میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے، جو کہ امارات میں صنفی توازن کا واضح ثبوت ہے۔

    یو اے ای نے صنفی عدم مساوات کو تیزی سے کم کیا ہے، اس حوالے سے بھی اس نے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے انڈیکس میں گزشتہ برس 8 درجے بہتری حاصل کر لی ہے۔

    حکام کے مطابق یو اے ای نے صنفی عدم مساوات کو ختم کرنے کے لیے کئی سطح پر بڑے اقدامات کیے، پارلیمنٹ میں خواتین کو نمائندگی دی، کام کی جگہ پر جنسی و صنفی امتیاز کو ختم کیا، ہراسانی کے خلاف قوانین بنائے، بچے کی پیدائش پر ماں کے ساتھ ساتھ والد کے لیے بھی چھٹی کا قانون متعارف کرایا گیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کے علاوہ گھریلو تشدد کے خلاف بھی قانون سازی کی گئی، حاملہ خواتین کو کام سے نکالنے پر پابندی لگائی گئی، اب خواتین بھی مردوں کی طرح با اختیار ہو کر کاروبار کر سکتی ہیں، ان اقدامات کی وجہ سے یو اے ای عالمی سطح پر 9 اشاریہ جات میں پہلے نمبر پر آیا۔

    واضح رہے کہ 2019 میں صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان نے FNC میں خواتین کی نمائندگی کو 50 فی صد تک بڑھانے کے لیے قرارداد نمبر 1 جاری کی تھی، ایف این سی کو ایک مثبت ماڈل سمجھا جاتا ہے، جس نے اپنے صنفی توازن کے اہداف حاصل کر لیے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات کی صنفی توازن کونسل نے (Gender Balance Guidelines) بھی شائع کیے ہیں جو کام کی جگہوں پر صنفی توازن کی حمایت کرنے کے لیے دنیا میں اپنی نوعیت کی پہلی اشاعت ہے جو صنفی فرق کو ختم کرنے، متحدہ عرب امارات کے وژن 2021 کی حمایت اور پائیدار ترقی کے اہداف 2030 کے حصول میں سرکاری اور نجی شعبے کے حکام کے لیے ایک اہم حوالے کے طور پر نمائندگی کرتی ہے۔

  • یو اے ای: پاکستان کے لیے نئی ہدایات جاری

    یو اے ای: پاکستان کے لیے نئی ہدایات جاری

    ابوظبی: پاکستان سے ابوظبی جانے والے مسافروں میں کرونا وائرس کی تشخیص کا معاملہ سامنے آنے کے بعد اماراتی سول ایوی ایشن حکام نے پاکستان کے لیے نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظبی ایئر پورٹ حکام کی جانب سے قومی ایئر لائن سمیت تمام ایئر لائنز کو وارننگ جاری کی گئی ہے کہ 7 مسافر کرونا مریض نکلنے پر متعلقہ ایئر لائن پر 2 دن کی پابندی لگائی جائے گی۔

    اس سلسلے میں اماراتی سول ایوی ایشن کی جانب سے ایک ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اگر ایک ہفتے کے دوران 2 دفعہ 7 یا زیادہ کرونا مریض نکلے تو ایئر لائن پر ایک ہفتہ پابندی عائد کر دی جائے گی۔

    متحدہ عرب امارات میں 4 تعطیلات، ایئرلائنز کے خصوصی کرایے

    ہدایت نامے کے مطابق اگر پابندی لگ گئی تو پھر متعلقہ ایئر لائن متحدہ عرب امارات کے ایئر پورٹس پر لینڈنگ نہیں کر سکے گی۔

    ہدایت نامے میں فضائی مسافروں کے کرونا ٹیسٹ اور ریپڈ پی سی آر رپورٹس کی چیکنگ لازمی قرار دے دی گئی ہے۔

  • امارات میں بچوں کے لیے فائزر ویکسین منظور

    امارات میں بچوں کے لیے فائزر ویکسین منظور

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں 5 سے 11 برس کے بچوں کے لیے فائزر ویکسین منظور کر لی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پیر کو یو اے ای وزارت صحت نے پانچ سے گیارہ سالہ بچوں کے لیے فائزر کرونا ویکسین کی منظوری دی ہے۔

    وزارت صحت نے کہا کہ فائزر ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز کے نتائج بتاتے ہیں کہ یہ ویکسین بچوں میں بھی محفوظ ہے، اور پانچ سے گیارہ سال کی عمر کے بطوں میں اس ویکسین سے مضبوط قوتِ مدافعت پیدا ہوتی ہے۔

    وزارت صحت نے شہریوں سے کہا ہے کہ جنھوں نے فائزر یا اسپوتنک ویکسین لگوائی ہے، وہ اب تیسری یعنی بوسٹر ڈوز لگوا سکتے ہیں، واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں سائنوفارم ڈوز لینے والوں ہی کو بوسٹر ڈوز لگائی جا رہی تھی۔

    فائزر کرونا ویکسین پانچ سے 11 برس کے بچوں کے لیے محفوظ؟

    یو اے ای میں اس سے قبل تین سال کے بچوں سے لے کر 17 سال کے نوجوانوں کے لیے صرف سائنوفارم ویکسین کی منظوری دی گئی تھی۔

    امارات کی وزارت صحت روس کی تیار کردہ کرونا وائرس ویکسین ‘اسپوتنک لائٹ’ کے استعمال کی منظوری بھی دے چکی ہے، اسپوتنک لائٹ کے سنگل ڈوز کو بہ طور بوسٹر ڈوز منظوری دی گئی تھی، جب کہ جنوری 2021 میں 2 ڈوزز پر مبنی اسپوتنک V ویکسین کی منظوری دی گئی تھی۔

  • دبئی ایکسپو: صدر عارف علوی کل امارات روانہ ہوں گے

    دبئی ایکسپو: صدر عارف علوی کل امارات روانہ ہوں گے

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ صدر مملکت عارف علوی کل متحدہ عرب امارات کے 2 روزہ دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق صدر عارف علوی یو اے ای کی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے، اور دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستانی پویلین کا افتتاح کریں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دبئی ایکسپو 2020 خطے کی سب سے بڑی اور متنوع نمائش ہے، جس میں 192 ممالک، اور کاروباری ادارے شرکت کر رہے ہیں، یہ ایکسپو یکم اکتوبر سے 31 مارچ 2022 تک جاری رہے گی۔

    ترجمان کے مطابق ایکسپو میں پاکستان پویلین نمائش کے اہم احاطے میں سب سے بڑا پویلین ہے، جس کا موضوع "پوشیدہ خزانہ” ہے جو پاکستان کی غیر دریافت دولت کو ظاہر کرتا ہے۔

    یو اے ای میں صدر پاکستان معروف تاجران، سرمایہ کاروں، آئی ٹی کمپنیوں سے ملیں گے، وہ پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گے۔

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان، یو اے ای سفارتی تعلقات کے قیام کے 50 سال کی تکمیل پر ہو رہا ہے، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات استوار ہیں، اور یہ دونوں دوطرفہ روابط، مشترکہ عقیدے، تاریخ، اور ثقافتی وابستگیوں سے جڑے ہیں۔

  • یو اے ای نے اسپوتنک لائٹ ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی

    یو اے ای نے اسپوتنک لائٹ ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی

    ماسکو: روسی ادارے کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے کرونا ویکسین اسپوتنک لائٹ کے استعمال کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق یو اے ای کی وزارت صحت نے روس کی تیار کردہ کرونا وائرس ویکسین ‘اسپوتنک لائٹ’ کے استعمال کی منظوری دے دی۔

    اسپوتنک لائٹ سے متعلق روسی ادارے رشین ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فنڈ کا کہنا ہے کہ اسے کرونا ویکسینیشن کے علاوہ بوسٹر ڈوز کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    متحدہ امارات نے اسپوتنک لائٹ کے سنگل ڈوز کو بھی بہ طور بوسٹر ڈوز منظوری دے دی ہے۔

    یو اے ای حکام نے جنوری 2021 میں 2 ڈوزز پر مبنی اسپوتنک V ویکسین کی منظوری دی تھی، یہ کرونا وائرس کے خلاف رجسٹرڈ ہونے والی دنیا کی پہلی ویکسین تھی۔

    روسی ادارے کے مطابق اسپوتنک V ویکسین کرونا وائرس کے خلاف طویل اور زیادہ پائیدار قوت مدافعت پیدا کرنے میں کام یاب رہی ہے، ویکسین کی کامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے روس نے دیگر ویکسین پروڈیوسرز کے ساتھ ویکسینز کے کمبنیشن پر مشترکہ ریسرچ شروع کر دی ہے، ان کمبنیشنز میں اسپوتنک V کو پہلے جز کے طور پر رکھا گیا ہے۔

    اس سلسلے میں مختلف ممالک میں طبی تحقیقات جاری ہیں، جن میں متحدہ عرب امارات، روس، آذربائیجان، ارجنٹائن اور دیگر ممالک شامل ہیں۔

  • یو اے ای کا پاکستانی ایئر پورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کے معیار پر اظہار تشویش

    یو اے ای کا پاکستانی ایئر پورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کے معیار پر اظہار تشویش

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پاکستانی ایئر پورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کے معیار کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کی جانب سے اظہار تشویش پر اہم قدم اٹھاتے ہوئے وفاقی وزارت صحت اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کو خط لکھ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یو اے ای کی جانب سے پاکستانی ایئر پورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کے معیار پر تشویش کے اظہار کے بعد این سی او سی نے وفاقی وزارت صحت اور سی اے اے کو خط لکھ کر ناقص ٹیسٹ کرنے والی لیبارٹریز کے خلاف نوٹس لینے کا حکم دے دیا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ یو اے ای کی سی اے اے نے پاکستانی ایئر پورٹس پر ٹیسٹ کو غیر معیاری قرار دیا ہے، اگست 2021 میں پاکستان سے 75 ہزار مسافر یو اے ای گئے، ان سب کے پاکستانی ایئر پورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کیا گیا تھا، جنھیں غیر معیاری قرار دیا گیا۔

    خط میں این سی او سی نے کہا ہے کہ غیر معیاری ٹیسٹ رپورٹس سے بیرون ملک پاکستان کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے، اس لیے ریگولیٹری اتھارٹی ایئر پورٹس پر لیبارٹریز کی مانیٹرنگ کو یقینی بنائے۔

  • یو اے ای  جانے والے مسافروں کیلئے  ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی فیسوں کے حوالے سے بڑا اعلان

    یو اے ای جانے والے مسافروں کیلئے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی فیسوں کے حوالے سے بڑا اعلان

    اسلام آباد : پاکستان سے دبئی،شارجہ،ابوظہبی جانے والے مسافروں کے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ فیسوں میں کمی کا اعلان کردیا گیا اور تمام ایئرلائنوں کے ریپڈپی سی آر ٹیسٹ کےچارجز 5ہزار روپےمختص کردیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے متحدہ عرب ممالک جانےوالےمسافروں کیلئے اچھی خبر آگئی ، دبئی،شارجہ،ابوظہبی جانےوالےمسافروں کےریپڈ پی سی آر ٹیسٹ فیسوں میں کمی کردی گئی اور تمام ایئرلائنوں کےریپڈپی سی آر ٹیسٹ کےچارجز 5ہزار روپےمختص کردیے گئے ہیں۔

    سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ یواےای جانےوالےتمام مسافر5ہزار روپےمیں اپناٹیسٹ کرواسکیں گے، اس حوالے سے ایئرپورٹ پرموجودتمام لیبارٹریوں کوباضابطہ مطلع کردیاگیا ہے۔

    یاد رہے اس سے قبل فیصل آباد انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر بھی ریپڈ پی سی آر کے چارجز ساڑھے 6ہزار سے کم کرکے 5ہزارکر دیے تھے، جس کے بعد متحدہ عرب امارات جانے والے 5ہزار روپے میں ٹیسٹ کراسکیں گے۔

    خیال رہے متحدہ عرب امارات اتھارٹی نے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ سے متعلق نیا ہدایت نامہ جاری کیا تھا ، نیا ہدایت نامہ پاکستان، بھارت، نیپال، نائیجیریا، سری لنکا کے شہریوں کے لیے جاری کیا گیا۔

    نئے ہدایت نامے میں ٹیسٹ کی ٹائمنگ 4 سے بڑھا کر 6 گھنٹے کردی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ تمام ایئر لائنز نئی ہدایت پر عملدرآمد کی پابند ہوں گی، مسافروں کو یو اے ای آمد سے قبل ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کرانا لازمی ہوگا، 17 اگست سے یو اے ای آنے والے مسافروں کو ٹیسٹ کرانا ہوگا۔

  • یو اے ای خلائی مشن کے لیے 2 خلا بازوں کے ناموں کا اعلان

    یو اے ای خلائی مشن کے لیے 2 خلا بازوں کے ناموں کا اعلان

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے اینالاگ مشن 1 کے لیے پہلے دو اماراتی خلابازوں کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق محمد بن راشد خلائی مرکز (ایم بی آر ایس سی) نے متحدہ عرب امارات کے اینالاگ مشن 1 کے لیے پہلے اماراتی اینالاگ خلا بازوں عبد اللہ الحمادی اور صالح العامری کا انتخاب کیا ہے۔

    یہ امیدوار مشن کی کریو ون ٹیم کا حصہ ہوں گے، اس مشن میں تنہائی اور ایک جگہ محدود رہنے کے انسانی نفسیات، فزیالوجی اور ٹیم کی حرکیات پر اثرات کا مطالعہ کیا جائے گا، تاکہ طویل عرصے تک خلائی تحقیق کی تیاری میں مدد مل سکے۔

    اماراتی اینالاگ خلا باز رواں سال کے آخر میں روسی دارالحکومت ماسکو میں این ای کے گراؤنڈ بیسڈ اینالاگ مرکز میں ہونے والے 8 ماہ دورانیے کی یونیک ٹیرسٹریئل اسٹیشن (ایس آئی آر آئی یو ایس) کی بین الاقوامی تحقیق کا حصہ ہوں گے۔

    عبداللہ الحمادی نے مانچسٹر میٹروپولیٹن سے ایرو اسپیس انجینئرنگ میں فاؤنڈیشن کی ڈگری اور ابوظبی یونیورسٹی سے مکینیکل انجینئرنگ میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی ہے، وہ گزشتہ 17 برسوں سے متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کا حصہ اور اس وقت بحالی شعبے کے عملے کے سربراہ ہیں۔

    صالح العامری نے خلیفہ یونیورسٹی سے مکینیکل انجینئرنگ میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی ہے، وہ موبیئس انسٹیٹیوٹ کے کمپین تجزیہ کار ہیں، العامری فی الحال ادنوک میں مکینیکل انجینئر کے طور پرکام کر رہے ہیں، ان کی ٹیم نے ابوظبی سولر چیلنج 2015 میں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

    ایم بی آر ایس سی کے ڈائریکٹر جنرل يوسف حمد الشيبانی کا کہنا تھا کہ ہم متحدہ عرب امارات میں خلائی تحقیق کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں، نالج بیسڈ اکانومی کو فروغ دینے کے لیے خلائی شعبے میں سرمایہ کاری جاری رکھی جائے گی۔