Tag: یو اے ای

یو اے ای

متحدہ عرب امارات سے تازہ ترین خبریں اور معلومات

یو اے ای

  • امارات: پاکستان سمیت 6 ممالک کے مسافروں کے لیے بڑا اعلان

    امارات: پاکستان سمیت 6 ممالک کے مسافروں کے لیے بڑا اعلان

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات نے پاکستان سمیت 6 ممالک سے آنے والی پروازوں پر عائد پابندی میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یو اے ای نے پاکستان اور بھارت سمیت چھ ممالک سے آنے والی پروازوں پر عائد پابندی میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے مسافروں کو داخلے کی مشروط اجازت دے دی۔

    پاکستان اور بھارت کے علاوہ نیپال، سری لنکا، نائیجیریا اور یوگنڈا بھی ان ممالک میں شامل ہیں، جہاں کے مسافروں کو داخلے کی مشروط اجازت کے ساتھ نئی کیٹگریز کا اعلان کیا گیا ہے۔

    اماراتی حکام کے مطابق مذکورہ بالا 6 ممالک سے آنے والے مسافر 5 اگست سے متحدہ عرب امارات میں داخل ہو سکتے ہیں، بشرطیکہ ان کے پاس یو اے ای کا رہائشی اجازت نامہ موجود ہو، ان مسافروں کے لیے کرونا ویکسین کی دونوں ڈوز لگوانے کی شرط بھی ہوگی، دوسری ڈوز لگوائے ہوئے 14 دن گزر چکے ہوں۔

    امارات کے سرکاری حکام سے منظور شدہ ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کی بھی شرط عائد کی گئی ہے، داخلے کی اجازت صحت اور شعبہ تعلیم سے منسلک افراد کو ہوگی، جن میں ڈاکٹرز، نرسز یا دیگر طبی عملہ، یونیورسٹی، کالج یا اسکول کے اساتذہ شامل ہیں۔

    متحدہ عرب امارات میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو بھی 5 اگست سے پاکستان سے داخلے کی اجازت دی گئی ہے، سرکاری ملازمین کو بھی اجازت ہوگی۔

    حکام کے مطابق تمام مسافروں کو سفر سے قبل فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈینٹٹی اینڈ سٹیزن شپ سے اجازت حاصل کرنا ہوگی‘ جب کہ 48 گھنٹے قبل کا کرونا ٹیسٹ جمع کرانے کی شرط بھی عائد کی گئی ہے۔

    یو اے ای نے تمام ممالک سے آنے والی ٹرانزٹ پروازوں کو بھی داخلے کی اجازت دے دی ہے۔

  • متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے بڑا اعلان کر دیا

    متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے بڑا اعلان کر دیا

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے دنیا کے 10 بڑے بہترین بینکوں میں شامل ہونے کی حکمت عملی کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق یو اے ای نے کرپٹو کرنسی کے بڑھتے رجحان کے درمیان اپنی ڈیجیٹل کرنسی Govcoin جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ یہ اس کی دنیا کے دس بڑے بینکوں میں شامل ہونے کی حکمت عملی کا ایک حصہ ہے۔

    یو اے ای کی یہ حکمت عملی 2023 سے 2026 کے لیے ہے، مرکزی بینک کی جانب سے آج جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس کی حکمت عملی میں 7 مقاصد شامل ہیں، ان میں ڈیجیٹل کرنسی کا اجرا اور ملک کے مالیاتی خدماتی شعبے کو ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن بخشنا ہے، جو کہ جدید ترین مصنوعی ذہانت اور بگ ڈیٹا سلوشنز کو بروئے کار لاکر انجام دیا جائے گا۔

    اس حکمت عملی میں معائنہ کاری، مانیٹرنگ، انشورنس سسٹمز میں ٹیکنالوجی کا استعمال بھی شامل ہے، متحدہ عرب امارات کے ڈیجیٹل آئی ڈی انفرا اسٹرکچر (UAE Pass) کو مالیاتی شمولیت کو تقویت دینے اور مالیاتی خدمات تک آسان رسائی کے لیے استعمال میں لایا جائے گا۔

    مالیاتی و انشورنس خدمات میں ایڈوانسڈ اور محفوظ ترین کلاؤڈ انفرا اسٹرکچر کو تیار کرنے کے ساتھ اس حکمت عملی میں ملک کی گرین اکانومی کے لیے کاوشوں کو تقویت دینا اور اس شعبے میں ملک کی مسابقت بڑھانے کے لیے زیادہ تخلیقی انداز میں مالیاتی انفرا اسٹرکچر کی تعمیر شامل ہے۔

    متحدہ عرب امارات کو دنیا میں بہترین ملک بنانے کی خاطر ملک کی آئندہ 50 سالہ حکمت عملی مقاصد کے تحت مرکزی بینک نے ’شراکت دار جائزے کے لیے مستقبل کی توقعات اور ضروریات‘ کے موضوع سے سروے بھی شروع کیا تھا، جو کہ 15 جولائی 2021 کو مکمل ہونے جا رہا ہے۔

    اس سروے میں بینک کے شراکت داروں کو بھرپور شرکت کے لیے کہا گیا ہے۔

  • یو اے ای: گولڈن اقامے کے حوالے سے بڑی خوش خبری

    یو اے ای: گولڈن اقامے کے حوالے سے بڑی خوش خبری

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات کے گولڈن اقامے کے لیے ایک لاکھ پروگرامرز سے درخواستیں طلب کر لی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق یو اے ای نے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی ہدایت پر دنیا بھر کے ایک لاکھ پروگرامرز کے لیے گولڈن اقامہ جاری کرنے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔

    پروگرامرز کے قومی پروگرام کا کہنا ہے کہ درخواستیں امارات میں مقیم اور دنیا کے مختلف علاقوں سے پروگرامرز سے طلب کی گئی ہیں، گولڈن اقامہ ہولڈرز امارات کی ڈیجیٹل اکانومی کی تشکیل میں حصہ لیں گے اور ملک کے مختلف اہم شعبوں میں تیز رفتار تبدیلیوں کے پیش نظر بنیادی ڈھانچا استوار کریں گے۔

    قومی پروگرام کے مطابق متحدہ عرب امارات آئندہ پانچ برس کے دوران ایک ہزار ڈیجیٹل کمپنیاں قائم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے، امارات میں مصنوعی ذہانت و ڈیجیٹل اکانومی اور آن لائن ملازمت ایپلی کیشن کے وزیر عمر بن سلطان العلما نے کہا ہے کہ امارات ہر اس شخص کے لیے اپنے دروازے کھولے گا جو اپنے افکار، تجربات، توانائیوں اور خداداد صلاحیت کے ذریعے کامیابی کے سفر کا حصہ بننا چاہتا ہو، اور جو آنے والی نسل کے لیے مطلوبہ مستقبل کی تیاری میں سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت طرازی کی اہمیت کو مانتا ہو۔

    امارات: ذہین طلبہ اور ان کے اہل خانہ کو گولڈن اقامہ دینے کا اعلان

    وزیر عمر بن سلطان کا کہنا تھا پروگرامرز کا قومی پروگرام گولڈن اقامہ ہولڈرز کو ان کے منفرد آئیڈیاز مکمل منصوبوں میں تبدیل کرنے میں مدد دے گا۔

    کون لوگ درخواست دے سکتے ہیں؟

    ٹیکنالوجی سینٹر کی نامی گرامی بین الاقوامی کمپنیوں کے ملازم، پروگرامنگ کے مختلف شعبوں میں نمایاں افراد، منفرد صلاحیت کے مالک، پروگرامنگ انجنیئرنگ کے کسی ایک شعبے میں ڈگری ہولڈرز، کمپیوٹر سائنس، آلات کی انجنیئرنگ، کمپیوٹر انجینیئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس، دیوہیکل ڈیٹا اور الیکٹرانک انجنیئرنگ میں ڈگری رکھنے والے افراد گولڈن اقامے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

    پروگرام میں شامل ادارے

    وزیر عمر بن سلطان کے مطابق اس پروگرام میں متعدد سرکاری و نجی ادارے، اکیڈمیز اور امارات کے اندر اور باہر کی ٹیکنالوجی کمپنیاں خصوصا گوگل، مائیکروسافٹ، آئی بی ایم، لنکڈن، فیس بک، ہواوی، امازون، نفیبیا، فسکو، ایچ وی ای، ماجد الفطیم، دبئی ورلڈ کمرشل سینٹر، الامارات، دبئی نیشنل بینک، جی 42، جامعہ خلیفہ، آئی ٹیکنالوجی کالج، شارجہ یونیورسٹی، محمد بن زاید مصنوعی ذہانت کی یونیورسٹی، دبئی میں امریکن یونیورسٹی، لیویگن اور یلا شامل ہیں۔

  • امارات نے 2 ممالک آنے جانے پر پابندی لگا دی

    امارات نے 2 ممالک آنے جانے پر پابندی لگا دی

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات نے افغانستان اور انڈونیشیا آنے جانے پر پابندی لگا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یو اے ای حکام نے آج ہفتے کو نئی سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں جن کا اطلاق اتوار سے ہوگا، جس میں دو ممالک افغانستان اور انڈونیشیا آنے جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    عرب نیوز کے مطابق حکام نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے گزشتہ 14 روز کے اندر مذکورہ دو ممالک کا سفر کیا ہے، وہ بھی یو اے ای میں داخل نہیں ہو سکیں گے، تاہم ان ممالک کی ٹرانزٹ فلائٹس اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔

    اس فیصلے سے سفارتی مشنز، ہنگامی میڈیکل کیسز، سرکاری وفود کے علاوہ مجاز معاشی اور سائنسی وفود کو بھی استثنیٰ حاصل ہوگا۔

    یاد رہے یکم جولائی کو متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے جن 14 ممالک سے آمد پر پابندی لگائی تھی، وہاں کے سفر سے بھی منع کر دیا گیا تھا، ان ممالک میں بھارت، پاکستان، بنگلا دیش، نیپال، سری لنکا، ویتنام، نمیبیا، زیمبیا، ڈیموکریٹک کانگو، یوگنڈا، سرالیون، لائبیریا، جنوبی افریقا اور نائجیریا شامل ہیں۔

    اماراتی وزارت خارجہ نے اپنے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ وہ ممنوعہ ممالک کی فہرست سے خارج کسی بھی ملک کا سفر کرتے وقت تمام احتیاطی تدابیر کا خاص خیال رکھیں۔

    ہدایات میں کہا گیا ہے کہ سفر سے قبل بھی اور سفر کے دوران بھی اگر کسی ملک میں جانے کے بعد وائرس کا شکار ہو جائیں تو پہلی فرصت میں سفارت خانے کو مطلع کریں، متاثر شہریوں کو ضروری کارروائی کے بعد واپس لایا جائے گا۔

    شہریوں کو سفر سے قبل ’خدمت تواجدی‘ میں اندراج کی تاکید بھی کی گئی ہے، اس سے سفر کے دوران ضروری مدد فراہم کرنے میں آسانی ہوگی۔

  • ایئر عربیہ کو پاکستان کے دو شہروں کے لیے 4 پروازوں کی اجازت

    ایئر عربیہ کو پاکستان کے دو شہروں کے لیے 4 پروازوں کی اجازت

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئر عربیہ کو فیصل آباد اور ملتان کے لیے 4 پروازوں کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سی اے اے نے متحدہ عرب امارت کی فضائی کمپنی ایئر عربیہ کو فیصل آباد اور ملتان کے لیے مجموعی طور پر چار پروازوں کی اجازت دے دی ہے۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے باضابطہ اجازت نامہ جاری کر دیا، پروازیں ابوظبی، فیصل آباد اور ملتان کے درمیان آپریٹ ہوں گی۔

    پاکستان سے عراق کیلیے ہفتہ وار 4 پروازیں چلانے کا اعلان

    فضائی کمپنی ایئر عربیہ ہفتہ وار 2 پروازیں ابوظبی سے فیصل آباد کے لیے، جب کہ 2 پروازیں ابوظبی سے ملتان کے لیے آپریٹ کرے گی۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل فلائی بغداد نے بھی پاکستان سے عراق ہفتہ وار 4 پروازیں چلانے کا اعلان کیا تھا، ایئر لائن کا فلائٹ آپریشن 16 جولائی سے شروع کیا جائے گا اور پاکستان سے ‏عراق ہفتہ وار چار پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔

    فلائی بغداد ایئر لائن لاہور اور کراچی سے فلائٹ آپریشن شروع کرے گی، پہلے مرحلے میں کراچی ‏سے نجف فلائٹ آپریشن شروع کیا جائے گا اور دوسرے مرحلے میں لاہور سے نجف فلائٹ شیڈول کا ‏آغاز کیا جائے گا۔

  • امارات: ذہین طلبہ اور ان کے اہل خانہ کو گولڈن اقامہ دینے کا اعلان

    امارات: ذہین طلبہ اور ان کے اہل خانہ کو گولڈن اقامہ دینے کا اعلان

    دبئی: متحدہ عرب امارات نے دنیا بھر سے ہائی اسکول کے غیر معمولی گریجویٹس کو ان کے اہل خانہ سمیت رہائش کا گولڈن اقامہ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یو اے ای کی حکومت نے پیر کو ہائی اسکول کے ٹاپرز کو ان کی فیملیز سمیت 10 سالہ رہائشی ویزا ’گولڈن ریزیڈنسی‘ دینے کا اعلان کیا ہے، گولڈن ریزیڈنسی ان طلبہ کو دی جائے گی جنھوں نے اوسطاً کم سے کم 95 فی صد شرح حاصل کی ہو۔

    بتایا گیا ہے کہ ان طلبہ کا تعلق ملک کے اندر سے بھی ہو سکتا ہے اور ملک سے باہر بھی غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو گولڈن ویزا دیا جائے گا۔

    جن طلبہ کے سرکاری یا پرائیویٹ ہائی اسکولز کے سرٹفکیٹس میں پچانوے فی صد نمبرز ہوں، یونیورسٹی طلبہ بھی ان میں شامل ہوں گے، اور جن کا مجموعی جی پی اے 3.75 سے کم نہ ہو، یا مخصوص سائنسی مضامین میں اس کے مساوی ہو، نہ صرف انھیں بلکہ ان کے خاندان کو بھی ویزا دیا جائے گا۔

    اماراتی اخبار خلیج ٹائمز کے مطابق یہ اقدام ہونہار طلبہ کی کوششوں اور ان کے خاندانوں کو سراہنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

    یو اے ای حکومت کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ باصلاحیت افراد کے لیے پرکشش اور حوصلہ افزا ماحول پیدا کرنا اور یو اے ای کی ترقی کا حصہ بننے کے لیے غیر معمولی اذہان اور صلاحیتوں کے مالک افراد کو راغب کرنے کی حکومتی ہدایات کے مطابق ہے۔

    گولڈن ریزیڈنسی ویزے کے لیے درخواستیں امارات اسکولز اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے جمع کروانی ہوں گی۔

  • اماراتی فضائی سروس مکمل بحالی سے متعلق اہم اعلان

    اماراتی فضائی سروس مکمل بحالی سے متعلق اہم اعلان

    دبئی: ایمریٹس ایئرلائن کے صدر ٹم کلارک نے کہا ہے کہ فضائی کمپنی کے آپریشنز 2022 تک مکمل طور پر بحال ہو جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق عرب نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ایمریٹس ایئر لائن کے صدر کا کہنا تھا کہ کرونا وبا کی وجہ سے متاثرہ فضائی سروس بحال ہوتی جا رہی ہے، مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، کمپنی کے آپریشنز اگلے سال موسم گرما تک مکمل طور پر بحال ہو جائیں گے۔

    ٹم کلارک نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وبا ختم ہوتے ہی فضائی سفر کے طلب کا سونامی آئے گا، لوگ ہر طرح کے مقصد کا سفر کرنے نکلیں گے، کیوں کہ یہ گزشتہ 15 سے 16 ماہ سے نکلنا چاہتے ہیں اور نہیں نکل سکے، اس لیے 2022 تک ایمریٹس سمیت دیگر ایئرلائنز کے آپریشنز مکمل طور پر بحال ہو جائیں گے۔

    فضائی کمپنی کے صدر کے مطابق وبا کی وجہ سے گزشتہ سال ایئرلائن کو 5.5 ارب ڈالر کا خسارہ ہوا، انھوں نے دبئی کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا دبئی عالمی مرکز کے طور پر دوبارہ ابھرے گا، اور مضبوط ہوگا۔

    یو اے ای کرونا ویکسینیشن میں سب سے آگے نکل گیا

    انھوں نے کہا جب کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے باعث مشکلات بڑھ رہی تھیں اور وائرس کی نئے اقسام سامنے آ رہی تھیں، دبئی نے معیشت اور فضائی سروس کی سرگرمیاں شروع کر کے ایک درست قدم اٹھایا۔

    ٹم کلارک کا کہنا تھا کہ انھوں نے برطانیہ کی حکومت کے سامنے اپنی رائے رکھی ہے کہ متحدہ عرب امارات کو ریڈ لسٹ میں رکھنے کی کوئی وجہ نہیں، خاص طور پر جب ملک مسائل سے نمٹنے کے لیے پیش پیش ہے۔

  • یو اے ای کرونا ویکسینیشن میں سب سے آگے نکل گیا

    یو اے ای کرونا ویکسینیشن میں سب سے آگے نکل گیا

    دبئی: متحدہ عرب امارات دنیا میں سب سے زیادہ کرونا ویکسین لگانے والا ملک بن گیا ہے۔

    عرب نیوز کے مطابق بلومبرگ ویکسین ٹریکر کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ یو اے ای کرونا ویکسینیشن کی 15.5 ملین ڈوز مہیا کرنے کے بعد دنیا میں سب سے زیادہ کرونا ویکسین دینے والا ملک بن گیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امارات میں جاری قومی ویکسینیشن پروگرام نے اب تک ملک کی 72.1 فی صد سے زیادہ آبادی کی ویکسینیشن مکمل کر لی ہے، ہر 100 افراد کو لگائی جانے والی کل ڈوزز کے لحاظ سے یو اے ای سیچلز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔

    کوروناوائرس: اماراتی حکام کا ایک اور اہم اقدام

    یو اے ای وزیر صحت عبدالرحمان بن محمد بن ناصر ال اویس نے اس تازہ ترین کامیابی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قیادت کے فعال وِژن نے ملک کو کرونا وبا کے چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بنایا۔

    واضح رہے کہ اماراتی وزارت صحت نے گزشتہ روز اتوار کو بیٹا، ڈیلٹا اور الفا وائرسز کا مزید بہتر طور پر تدارک کرنے کے لیے ہنگامی طور پر موڈرنا ویکسین کی رجسٹریشن کی منظوری کا اعلان کیا تھا۔

    موڈرنا ویکسین متحدہ عرب امارات میں منظوری حاصل کرنے والی پانچویں ویکسین بن گئی ہے، اس سے قبل اماراتی حکومت سائنوفارم، آسٹرازینیکا، فائزر اور اسپوتنک V ویکسین کے استعمال کی اجازت دے چکی ہے۔

  • عرب امارات کا نیا منصوبہ

    عرب امارات کا نیا منصوبہ

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات نے سمندری فضلہ ٹھکانے لگانے کا نیا منصوبہ پیش کر دیا ہے، جس کے ذریعے پورے خطے کے لیے تاریخی نتائج کا حصول کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بیئہ اور یونانی کمپنی پولی گرین مل کر سمندری اور ماحولیاتی مسائل حل کریں گے، انھوں نے ایو گرین کے نام سے مشترکہ منصوبہ شروع کر دیا ہے۔

    اس منصوبے کے ذریعے خطے کے سمندروں کے تحفظ کے لیے سمندری فضلہ بہترین طریقے سے ٹھکانے لگایا جائے گا، منصوبے کا مقصد بحری فضلے کو ٹھکانے لگانے کی صنعت میں بہترین طریقوں کو فروغ دینا بھی ہے۔

    ایو گرین نامی یہ کمپنی شارجہ کمپلیکس میں خام مال کے لیے اپنی ایک عمارت تعمیر کر چکی ہے، جہاں سمندری فضلے کو پراسس کر کے صنعتی استعمال کا متبادل مال تیار کیا جاتا ہے، اب گندے نالوں کے ذریعے آنے والے فضلے کو پراسس کر کے متبادل ایندھن میں بدلنے کے لیے ایک فیکٹری تعمیر کی جار ہی ہے۔

    یہ دونوں فیکٹریز متحدہ عرب امارات کی بندرگاہوں پر آنے والے بحری جہازوں سے اکٹھا کیے گئے مضر اور غیر مضر فضلے کو ری سائیکل کریں گی۔

    کمپنی پولی گرین کے سربراہ اتھناسیاس پولی کرونوپولوس نے اس منصوبے کو ماحول کی حفاظت اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی عالمی کوششوں کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا۔

    بیئہ کے چیئرمین سلیم بن محمد الاویس نے کہا کہ ایوگرین کمپنی متحدہ عرب امارات اور وسیع تر خطے کے لیے تاریخی نتائج حاصل کرنے کی جانب پیش قدمی کرے گی۔

  • یو اے ای: خاتون کو ٹیکسٹ میسجز کرنے پر ساڑھے تین لاکھ جرمانہ

    یو اے ای: خاتون کو ٹیکسٹ میسجز کرنے پر ساڑھے تین لاکھ جرمانہ

    العین: متحدہ عرب امارات میں خاتون کو ٹیکسٹ میسجز کر کے ان کے جذبات مجروح کرنے پر ایک شخص کو ساڑھے تین لاکھ روپے جرمانہ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یو اے ای میں ایک نوجوان کو موبائل فون پر میسجز بھیج کر خاتون کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے لیے 20 ہزار درہم ادا کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

    نوجوان خاتون نے شہری کے خلاف مقدمہ کیا تھا، جس میں انھوں نے مطالبہ کیا کہ انھیں ٹیکسٹ پیغامات بھیجنے پر شہری ایک لاکھ درہم زر تلافی ادا کرے، خاتون کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹ پیغامات میں اس شخص نے ان پر کئی مردوں کے ساتھ تعلقات کا الزام لگایا، اور یہ بھی کہا کہ میں نے اسے اپنی تصاویر بھیج کر اسے بہکایا۔

    خاتون نے عدالت سے استدعا کی کہ مذکورہ شخص نے اپنے موبائل فون سے بھیجے گئے ایک پیغام میں مردوں سے تعلقات کا الزام لگا کر ان کی توہین کی، اس لیے انھیں جذباتی طور پر پہنچنے والے نقصان کی زر تلافی ادا کی جائے۔

    دوسری طرف نوجوان نے عدالت سے یہ مقدمہ مسترد کرنے کی درخواست کی، اور یہ دعویٰ کیا کہ اس خاتون نے 39 ہزار درہم کی رقم پر گفت و شنید کی ہے، انھوں نے مزید کہا کہ اسی بارے میں ایک فیصلہ بھی جاری ہو چکا ہے۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق العین کورٹ نے مذکورہ شخص کو خاتون کی توہین کرنے کا مجرم قرار دیا، عدالت نے کہا کہ واقعہ اخلاقی نقصان، خاتون کے جذبات مجروح کرنے اور اس کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کا ہے، عدالت حکم دیتی ہے کہ مذکورہ شخص خاتون کو قانونی فیس اور چارجز کے علاوہ بیس ہزار درہم بھی ادا کرے۔