Tag: یو اے ای

یو اے ای

متحدہ عرب امارات سے تازہ ترین خبریں اور معلومات

یو اے ای

  • عید الفطر کی تعطیلات پر خصوصی سفری پیکجز متعارف

    عید الفطر کی تعطیلات پر خصوصی سفری پیکجز متعارف

    ابوظبی: یو اے ای میں ایئر لائنز اور ٹریولنگ ایجنسیوں نے عید الفطر کی تعطیلات پر بین الاقوامی پروازوں کے لیے خصوصی پیکجز کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں فضائی کمپنیوں نے عید پر فضائی سفر کے لیے خصوصی پیکجز متعارف کرا دیے، پیکجز کا آغاز 1200 درہم سے کیا گیا ہے۔

    ان پیکجز میں ٹکٹ، ہوٹل میں رہائش، بکنگ کی فیس اور مفت انشورنس کی سہولتیں شامل ہیں، ٹریولنگ ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ عید الفطر کی تعطیلات پر آفرز کا مقصد لوگوں کو سفر پر آمادہ کرنا ہے، قیمتیں ایسی ہیں کہ زیادہ سے زیادہ لوگ سفر کا پروگرام بنا سکتے ہیں۔

    پیکجز کے مطابق جارجیا کے شہر تبلیسی کے لیے 1300 درہم ٹکٹ مع تین رات ہوٹل میں قیام، جب کہ بریفان کے لیے 1600 درہم کا ٹکٹ رکھا گیا ہے، جس میں 4 راتیں ہوٹل میں رہائش بھی شامل ہے۔

    قاہرہ کے لیے 1900 درہم کا پیکج متعارف کرایا گیا ہے جس میں فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام بھی شامل ہے، بلغراد کے لیے 2228 درہم کا پیکج ہے، زنجبار کے لیے 3 رات قیام اور سفر کا پیکج 2149 درہم پر مشتمل ہے، جب کہ مالدیپ کے لیے 3700 درہم کا پیکج متعارف کرایا گیا ہے۔

    ٹریول کمپنیوں کا کہنا ہے کہ سفری پابندیوں میں کمی پر نئے پیکجز دراصل لوگوں کو سفر کے لیے آمادہ کرنے کے لیے پیش کیے جا رہے ہیں۔

  • عرب دنیا کی پہلی خاتون خلا باز کا انتخاب

    عرب دنیا کی پہلی خاتون خلا باز کا انتخاب

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات نے اپنے خلا بازوں کے گروپ میں عرب دنیا کی پہلی خلا باز خاتون کو شامل کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یو اے ای نے ملک کے خلا باز گروپ کے لیے مزید 2 اماراتی خلا بازوں کا انتخاب کر لیا ہے، جن میں عرب دنیا کی پہلی خاتون بھی شامل ہیں، اس بات کا اعلان ہفتے کو وزیر اعظم اور نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے ایک ٹویٹ میں کیا۔

    وزیر اعظم یو اے ای نے لکھا آج ہم نے 4 ہزار درخواست دہندگان میں سے 2 نئے اماراتی خلا بازوں کا اعلان کیا ہے، جن میں عرب دنیا کی پہلی خاتون خلاباز نورا المطروشی اور ان کے ساتھ محمد الملا شامل ہیں۔

    نورا المطروشی اور محمد الملا کے انتخاب کے بعد امارات کے خلابازوں کی کل تعداد 4 ہوگئی ہے، واضح رہے کہ یو اے ای کے ان خلا بازوں کی ٹریننگ جلد ناسا کے خلائی پروگرام میں شروع ہو جائے گی۔

    شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے ٹوئٹ میں لکھا کہ ہم اس پر اپنے ملک کو مبارک باد دیتے ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ یہ دونوں آسمان میں متحدہ عرب امارات کا نام بلند کریں گے۔

    خیال رہے کہ یو اے ای کے ان خلا بازوں میں ھزا المنصوری کو ملک کا پہلا خلا باز ہونے کا اعزاز حاصل ہے، گزشتہ برس 20 جولائی کو متحدہ عرب امارات کے عرب دنیا کے پہلے خلائی مشن مسبار الأمل (ہوپ پروب) نے جاپان سے مریخ کے لیے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔

    یہ تحقیقاتی مشن یو اے ای میں قائم سائنس ڈیٹا سینٹر کو مریخ کے بارے میں نیا ڈیٹا جمع کر کے بھیجے گا، جہاں امارات کی مریخ مشن سائنس ٹیم ان اعداد و شمار کا تجزیہ کرے گی اور انسانیت کی خدمت کے لیے اسے بین الاقوامی مریخ سائنس کمیونٹی کو مفت فراہم کرے گی۔

  • امارات: گاڑی اسٹارٹ حالت میں چھوڑنے پر کتنا جرمانہ ہوگا؟

    امارات: گاڑی اسٹارٹ حالت میں چھوڑنے پر کتنا جرمانہ ہوگا؟

    امارات: ابوظبی ٹریفک پولیس نے خبردار کیا ہے کہ اسٹارٹ حالت میں گاڑی چھوڑنے پر 500 درہم جرمانہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظبی میں اب گاڑی اسٹارٹ حالت میں چھوڑنے پر پانچ سو درہم جرمانہ کیا جائے گا، ٹریفک پولیس نے تنبیہ کی ہے کہ معمولی نوعیت کے کام کے لیے بھی گاڑی اسٹارٹ حال میں نہ چھوڑیں۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق قانون کی شق نمبر 70 کے تحت گاڑی کو پارک کرنے کے بعد اسے اسٹارٹ حالت میں چھوڑنا قانون کی خلاف ورزی ہے۔

    ابوظبی ٹریفک پولیس نے اس سلسلے میں گاڑی مالکان کو سختی سے ہدایت جاری کی ہے کہ معمولی نوعیت کا کام کیوں نہ ہو، جاتے وقت گاڑی کو اسٹارٹ حالت میں نہ چھوڑا جائے۔

    واضح رہے کہ بعض لوگ دکان سے کچھ خریدنے یا اے ٹی ایم سے رقم نکالنے کے لیے جاتے ہیں تو گاڑی کو اسٹارٹ حالت میں چھوڑ دیتے ہیں، جس سے گاڑی چوری کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

    ٹریفک پولیس نے ڈرائیورز کو قوانین پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گاڑی پارک کرنے کے بعد اسے اسٹارٹ حالت میں نہ چھوڑیں، بالخصوص جب گاڑی میں چھوٹے بچے تنہا بیٹھے ہوں۔

    خیال رہے کہ گاڑی کو غیر مناسب مقام پر پارک کرنا بھی قانون شکنی ہوتی ہے، جس پر چالان کیا جاتا ہے۔

  • یو اے ای میں تیار ہونے والی کرونا ویکسین کا نام کیا ہوگا؟

    یو اے ای میں تیار ہونے والی کرونا ویکسین کا نام کیا ہوگا؟

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں چین کی کرونا ویکسین تیار کی جائے گی، ویکسین کو حیات ویکس کا نام دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق یو اے ای نے چین کی کرونا ویکسین کی تیاری سے متعلق اہم فیصلہ کیا ہے، رواں سال کے آخر تک ابوظبی کی ایک نئی فیکٹری میں سائنو فارم کی کرونا ویکسین کی تیاری شروع کر دی جائے گی۔

    اس ویکسین کی تیاری کے لیے ابوظبی کی ٹیکنالوجی کمپنی گروپ 42 (G42) نے چینی کمپنی سائنو فارم کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔

    ویکسین کی تیاری کے اس منصوبے کو خلیجی خطے میں چینی سفارت کاری کی توسیع قرار دیا جا رہا ہے، جب کہ یو اے ای کی معیشت میں اس سے تنوع پیدا ہونے میں بھی مدد ملے گی۔

    خیال رہے کہ ویکسین تیار کرنے والا یہ پلانٹ خلیفہ انڈسٹریل زون آف ابوظبی میں تعمیر کیا جا رہا ہے، اس میں 3 فِلنگ لائنز اور 5 آٹومیٹڈ پیکیجنگ لائنز ہوں گی۔

    اس پلانٹ میں ایک سال کے دوران کرونا ویکسین کی 20 کروڑ خوراکیں تیار کی جائیں گی، جب کہ اس پروڈکشن لائن میں ابتدائی طور پر ایک ماہ میں 20 لاکھ خوراکیں تیار کی جا سکیں گی۔

    پیر کو بتایا گیا کہ متحدہ عرب امارات میں تیار ہونے والی اس ویکسین کو حیات ویکس (Hayat-Vax) کا نام دیا جائے گا، تاہم یہ بیجنگ انسٹی ٹیوٹ آف بائیولوجیکل پروڈکٹ کی ویکسین ہے جس کی امارات نے دسمبر میں منظوری دی تھی۔

  • کرونا ویکسین یا ہر ہفتے 150 درہم

    کرونا ویکسین یا ہر ہفتے 150 درہم

    ابوظبی: دنیا بھر میں کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے کرونا ویکسی نیشن جاری ہے، ایسے میں متحدہ عرب امارات میں ایک اہم فیصلہ سامنے آیا ہے۔

    امارات کی قومی فضائی کمپنی ایمریٹس نے اپنے عملے سے کہا ہے کہ وہ پہلی فرصت میں کرونا ویکسین لگوا لیں یا ہر ہفتے ڈیڑھ سو درہم ادا کریں۔

    فضائی کمپنی ایمریٹس کا کہنا ہے کہ یہ پابندی کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے مؤثر اور محفوظ ترین وسیلے ویکسین کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے لگائی گئی ہے۔

    امارات ایئر نے بیان میں کہا کہ جن کارکنان نے اب تک کرونا ویکسین نہیں لی ہے انھیں یکم اپریل 2021 سے اپنے خرچ پر ہر ہفتے پی سی آر کرانا ہوگا۔

    بیان کے مطابق امارات ایئر کے 5 ہزار کارکنان اب تک کرونا ویکسین لے چکے ہیں، جن میں پائلٹس، ایئر ہوسٹس اور دیگر فضائی عملہ شامل ہے، جب کہ الامارات گروپ کے کارکنان بھی ہزاروں کی تعداد میں ویکسین لگوا چکے ہیں۔

    یاد رہے کہ دبئی میں کرونا ٹیسٹ کی فیس 150 درہم کے لگ بھگ ہے، اس فیس میں لیبارٹری ٹیسٹ، رزلٹ رپورٹ سمیت تمام اخراجات شامل ہیں۔

    الامارات گروپ نے ویکسین کی سہولت کلینکس میں مہیا کر رکھی ہے جب کہ ویکسین سینٹرز میں بھی یہ سہولت دستیاب ہے۔

  • اماراتی خاتون ٹائم میگزین کی 100 با اثر شخصیات میں شامل

    اماراتی خاتون ٹائم میگزین کی 100 با اثر شخصیات میں شامل

    ابوظبی: اماراتی خاتون سارہ العمیری ٹائم کی 100 با اثر شخصیات کی فہرست میں شامل ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈوانسڈ ٹیکنالوجی کی وزیر مملکت اور متحدہ عرب امارات خلائی ایجنسی کی چیئر وومن سارہ العمیری کو متحدہ عرب امارات کے تحقیقاتی مشن امید کو کامیابی سے مریخ کے مدار میں داخل کرنے پر ٹائم کی 2021 کی 100 با اثر شخصیات کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ 2021 کے لیے ٹائم کی با اثر شخصیات کی فہرست میں تفریح​​، صحت، سیاسی اور کاروبار کے مستقبل کی تشکیل کے شعبوں میں 100 ابھرتے ہوئے رہنماؤں کا نام منتخب کیا گیا ہے۔ سرخ سیارے کے مدار میں یو اے ای کے تحقیقاتی مشن ’ہوپ‘ کے کامیاب داخلے پر سارہ العمیری کا نام بھی اس فہرست میں شامل کر دیا گیا ہے۔

    متحدہ عرب امارات کا تحقیقاتی مشن اس ماہ کی 9 تاریخ کو مریخ کے مدار میں کامیابی سے داخل ہوا تھا جس سے امارات مریخ پر پہنچنے والا پہلا عرب اور دنیا کا پانچواں ملک بن گیا۔

    اماراتی خلائی مشن ’ہوپ‘ نے مریخ کی پہلی تصویر بھیج دی

    امارات مریخ مشن کی نائب پروجیکٹ منیجر کے طور پر 30 سالہ سارہ العمیری سارہ العمیری نے اس ٹیم کی سربراہی کی جس میں 80 فی صد خواتین ہیں اور انھوں نے بین الاقوامی یونی ورسٹیز کے ساتھ مل کر پہلے عرب خلائی جہاز کی تعمیر اور لانچنگ کا مشکل مشن کامیابی سے مکمل کیا۔

    اپنے انتخاب پر سارہ العمیری نے ایک ٹویٹ میں آئندہ کے 100 با اثر افراد کی فہرست میں نامزد ہونے پر ٹائم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اعتراف ہے جسے وہ امارات کے مریخ مشن کی پوری ٹیم کی طرف سے قبول کرتی ہیں جن میں سے کئی اس سے بھی زیادہ تعریف کے مستحق ہیں۔

    سارہ العمیری نے امریکن یونی ورسٹی آف شارجہ (اے یو ایس) سے 2009 میں کمپیوٹر انجینئرنگ میں بیچلر ڈگری حاصل کرنے کے بعد محمد بن راشد خلائی مرکز (ایم بی آر ایس سی) میں پروگرام انجینئر کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی، انھوں نے متحدہ عرب امارات کے پہلے دو مصنوعی سیاروں دبئی سیٹ۔1 اور دبئی سیٹ۔2 اور مکمل طور پر اماراتی ساختہ خلیفہ سیٹ بنانے میں حصہ لیا۔

    2014 میں انھوں نے ایڈوانسڈ ایرئل سسٹم پروگرام کے قیام کی رہنمائی کی جہاں انھوں نے ایک پروٹو ٹائپ High Altitude Pseudo سیٹلائٹ کی کامیاب تیاری میں کردار ادا کیا۔ اس منصوبے کے نتیجے میں بغیر پائلٹ جہاز کی 24 گھنٹے کامیاب پرواز ہوئی جس نے متحدہ عرب امارات کی فضائی حدود سے کسی بغیر پائلٹ طیارے کی سب سے زیادہ اونچائی میں پرواز کا ریکارڈ قائم کیا۔

  • یو اے ای کی جامع مسجد کے شان دار فانوس، اسلامی فن تعمیر کا شاہ کار

    یو اے ای کی جامع مسجد کے شان دار فانوس، اسلامی فن تعمیر کا شاہ کار

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی شیخ زاید جامع مسجد کے فانوس اسلامی فن تعمیر کا شاہ کار ہیں، اس مسجد میں دنیا کے 7 منفرد، بڑے اور شان دار فانوس نصب ہیں۔

    یو اے ای میں واقع جامع الشیخ زاید الکبیر کے نام سے دنیا کی اس عظیم اور حسین ترین جامع مسجد کو دیکھنے کے لیے آنے والے سیاح ان فانوسوں کو دیکھ کر اسلامی آرٹ کی داد دیے بنا نہیں رہ سکتے۔

    دل چسپ امر یہ ہے کہ مسجد کے فانوسوں اور قالینوں کے ڈیزائن میں ایسی ہم آہنگی کا اہتمام کیا گیا ہے، کہ فانوس کے ٹکڑے دیکھنے میں رنگین قطروں جیسے لگتے ہیں، اور زائرین کو ایسا لگتا ہے کہ یہ کسی بھی وقت قالین پر گر جائیں گے، دوسری طرف قالین، فانوس کے رنگوں کو منعکس کرنے والے حوض کا تاثر دیتا ہے۔

    اس جامع مسجد کے بڑے ہال میں 3 گنبد ہیں، جن میں دیو ہیکل تین فانوس لگے ہوئے ہیں، ان سے چھوٹے سائز کے 4 فانوس وی آئی پی ہال، الذھور ہال اور بڑے ہال کے پہلو میں واقع ہالز میں آویزاں کیے گئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق بڑے فانوس کا وزن 12 ٹن کے لگ بھگ ہے، اس کا قطر 10 میٹر ہے، اونچائی 15.5 میٹر ہے جب کہ بڑے ہال میں اس سے چھوٹے حجم کے 2 فانوسوں میں ہر ایک کا وزن 8 ٹن، اونچائی 12.5 میٹر اور قطر 7 میٹر ہے، ان میں 9 ہزار 500 بلب لگے ہوئے ہیں۔

    جامع مسجد کے اہل کار سالم السویدی کا کہنا ہے کہ ان فانوسوں کی صفائی، تزئین و مرمت پر 45 افراد کی ٹیم مامور ہے، جب کہ ڈیڑھ مہینے تک روزانہ 12 گھنٹوں تک ان کی صفائی کی جاتی رہی۔ ان کا کہنا تھا فانوسوں کی تجدید کا کام جدید ترین عالمی معیار کے مطابق انجام دیا گیا ہےاور شیخ زاید جامع مسجد کے جمالیاتی عناصر مربوط سائنٹیفک سسٹم کے تحت ترتیب دیے گئے ہیں۔

  • مسلم امہ کے لیے فخر کا لمحہ، وفاقی وزیر سائنس کا اماراتی حکومت کو مبارک باد

    مسلم امہ کے لیے فخر کا لمحہ، وفاقی وزیر سائنس کا اماراتی حکومت کو مبارک باد

    اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس فواد چوہدری نے خلائی مشن کی کامیابی پر اماراتی حکومت اور عوام کو مبارک باد دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فواد چوہدری نے ایک ٹوئٹ میں متحدہ عرب امارات کو مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ آپ نے انسانیت کے لیے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے، یہ مسلم امہ اور عرب دنیا کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔

    واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کا خلائی مشن ’ہوپ‘ مریخ کے گرد مدار میں کامیابی سے داخل ہوگیا ہے، یہ عرب دنیا کا پہلا خلائی مشن ہے جو اتنی بڑی کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے.

    یو اے ای کے نائب صدر اور وزیر اعظم شیخ راشد المکتوم نے ٹویٹ میں لکھا کہ مشن مکمل ہوگیا، خلائی مشن ہوپ مریخ کے گرد مدار میں پہنچ گیا۔

    یو اے ای کا خلائی مشن ’ہوپ‘ مریخ کے گرد مدار میں کامیابی سے داخل

    ایک ایس یو وی کے حجم کا یہ اسپیس کرافٹ 9 فروری کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجکر 14 منٹ میں مریخ کے مدار میں داخل ہوا۔ ہوپ مشن 20 جولائی کو جاپان سے روانہ کیا گیا تھا اور 7 ماہ کے طویل سفر کے بعد سرخ سیارے تک پہنچنے میں کامیاب ہوا ہے۔

    ہوپ مشن کی کامیابی کے بعد یو اے ای پہلا مسلمان ملک اور دنیا کا پانچواں ملک بن گیا ہے جس نے خلائی پروگرام میں اتنی بڑی کامیابی حاصل کی ہے، رپورٹ کے مطابق یہ سیارے پر آئندہ چند ماہ میں اترے گا، مدار میں داخلے کے بعد ایک سگنل سے زمین پر موجود مشن کنٹرولرز کو تاریخی کامیابی کی تصدیق مل سکی۔

    واضح رہے کہ یو اے ای کا ہوپ اسپیس ایجنسی کا پہلا اہم خلائی مشن ہے جس کا مقصد سرخ سیارے کے مدار مریخ کے مکمل سال (زمین کے دو سال) تک گردش کرتے ہوئے وہاں کے موسم کا تفصیلی نقشہ تیار کرنا ہے۔

  • چینی کرونا ویکسین کے حوالے سے یو اے ای کا اہم قدم

    چینی کرونا ویکسین کے حوالے سے یو اے ای کا اہم قدم

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات نے کرونا ویکسین سے تحفظ فراہم کرنے والی چین کی تیار کردہ ویکسین کا اندراج کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اماراتی وزارت صحت نے بیجنگ انسٹی ٹیوٹ آف بائیولوجیکل پروڈکٹ کی انسداد کو وِڈ 19 ویکسین کے باضابطہ اندراج کا اعلان کر دیا ہے۔

    یو اے ای میڈیا کے مطابق سینوفرم سی این بی جی کی جانب سے درخواست کی گئی تھی، جس پر یو اے ای میں ویکسین کا اندراج کیا گیا، اس عمل سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے صحت حکام ویکسین کی محفوظ افادیت کے حوالے سے پُر اعتماد ہیں۔

    واضح رہے کہ اس اعلان سے وزارت صحت نے محکمہ صحت ابوظبی کے تعاون سے سینوفرم سی این بی جی کے تیسرے مرحلے کے تجربات کا جائزہ بھی لیا تھا، واضح رہے کہ ٹرائلز میں بیجنگ انسٹی ٹیوٹ آف بائیولوجیکل پروڈکٹ کی یہ ویکسین کرونا انفیکشن کے خلاف 86 فی صد مؤثر ثابت ہوئی تھی۔

    یو اے ای کے نائب صدر نے کرونا ویکسین لگوا لی

    ٹرائلز سے یہ بھی پتا چلتا ہے کہ اس ویکسین میں اینٹی باڈی کو نیچرلائز کرنے کی 99 فی صد اور بیماری کی روک تھام میں 100 فی صد تاثیر موجود ہے۔

    یاد رہے کہ اس ویکسین کو ستمبر سے ایمرجنسی استعمال کی اجازت بھی دی گئی تھی تاکہ کو وِڈ 19 کے خلاف فرنٹ لائن پر کام کرنے والے طبی عملے کو تحفظ فراہم کیا جا سکے، ویکسین کے استعمال سے طبی عملے کی مؤثر طریقے سے حفاظت ممکن ہوئی۔

  • کرونا ویکسین کی دنیا بھر میں ترسیل کے لیے ابوظبی کا بڑا قدم

    کرونا ویکسین کی دنیا بھر میں ترسیل کے لیے ابوظبی کا بڑا قدم

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی نے کرونا ویکسین کی دنیا بھر میں ترسیل کے لیے ہوپ کنسورشیم لانچ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ویکسین کی ترسیل کی طلب میں متوقع اضافے کے پیش نظر ابو ظبی دنیا بھر میں کو وِڈ 19 ویکسین کی ترسیل کے لیے عالمی لاجسٹک کے مرکز کے طور پر اپنا کردار ادے کرنے کو تیار ہو گیا۔

    ابوظبی کا یہ ہوپ کنسورشیم معروف اور عالمی اداروں پر مشتمل ہے، جو کرونا ویکسین کی دنیا بھر میں ترسیل، سورسنگ، اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے بنیادی انفرااسٹرکچر کی فراہمی کے ساتھ ویکسین کی آسان دستیابی کے لیے ایک سپلائی چین فراہم کرے گا۔

    ہوپ کنسورشیم نے دنیا بھر میں تیار ہونے والی ویکسین کی 6 ارب سے زیادہ خوراکوں کی ترسیل کے لیے لاجسٹک خدمات مہیا کرنے کی غرض سے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کر لیا ہے۔

    محکمہ صحت ابوظبی کے چیئرمین شیخ عبد اللہ بن محمد الحامد کا کہنا ہے کہ ہوپ کنسورشیم نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سطح پر بھی سب سے بڑی استعداد کا حامل ہے جو دنیا کو وبا سے نکلنے میں مدد کر رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ہوپ کنسورشیم بین الاقوامی حکومتوں، غیر سرکاری تنظیموں اور ویکسین فراہم کرنے والوں کو سپلائی چین کی سہولت فراہم کرے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ویکسین تیار کرنا اس مسئلے کے حل تک پہنچنے کا صرف پہلا قدم ہے، ویکسین کو پوری دنیا میں پہنچانا بھی اس کے مساوی چیلنج ہے، امید ہے کنسورشیم اس مسئلے کو معیار کی اعلیٰ سطح کے مطابق انجام دے گا۔

    اتحاد ایوی ایشن گروپ کے گروپ چیف ایگزیکٹو افسر ٹونی ڈگلس کا کہنا ہے کہ 4 گھنٹوں کی پرواز کے ساتھ دنیا کے 2 تہائی مقامات تک رسائی کے ساتھ ابوظبی عالمی سطح پر لاجسٹک مرکز کی حیثیت سے خدمات انجام دے سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ ہوپ کنسورشیم اسکائی سیل کے ہائبرڈ کنٹینر کے ذریعے ویکسین کی ترسیل کرے گا، اسکائی سیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رچرڈ ایٹل کا کہنا ہے کہ ہمارے ہائبرڈ کنٹینر ویکسین کی مکمل افادیت کو برقرار رکھیں گے جو وبا کو شکست دینے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔