Tag: یو اے ای

یو اے ای

متحدہ عرب امارات سے تازہ ترین خبریں اور معلومات

یو اے ای

  • یو اے ای، جزیرہ کوراساؤ کے درمیان فضائی سروس کا اہم معاہدہ

    یو اے ای، جزیرہ کوراساؤ کے درمیان فضائی سروس کا اہم معاہدہ

    دبئی: متحدہ عرب امارات اور نیدرلینڈ کے ایک جزیرے کوراساؤ کے درمیان فضائی سروس کا معاہدہ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یو اے ای اور نیدر لینڈ کی آئینی کاؤنٹی جزیرہ کوراساؤ نے اپنی حدود کے درمیان اور اس سے آگے فضائی سروس کے قیام و آغاز کی خاطر ایئر سروس ایگریمنٹ پر دستخط کر دیے۔

    اس معاہدے پر جنرل سول ایوی ایشن کے دفتر میں دستخط کیے گئے جس پر متحدہ عرب امارات کی جانب سے سیف محمد السویدی نے اور نیدرلینڈ کے سفیر لودی امبریختس نے دستخط کیے۔

    جنرل سول ایوی ایشن کی جانب سے یہ قدم کیریبئن خطے میں یو اے ای کے وسیع فضائی مواصلاتی رابطے استوار کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران یو اے ای ہوابازی اتھارٹی نے اسی طرح کے معاہدے جمیکا، دولت مشترکہ بہاماس، انتیگوا اینڈ باربوڈا، جمہوریہ ہیٹی اور سینٹ لوسیا کے ساتھ بھی کیے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات نے بڑی شرط ختم کردی، 100 فیصد ملکیتی حق دینے کا اعلان

    یاد رہے کہ چند دن قبل متحدہ عرب امارات نے غیر ملکی سرمایہ کاروں پر عائد ہونے والی پابندی ختم کرتے ہوئے انھیں بغیر کفیل کے کاروبار کرنے کی اجازت دے دی ہے، یو اے ای کے صدر خلیفہ بن زاید آل نہیان نے خلیجی ممالک میں قائم غیر ملکی کمپنیوں کے قیام کے حوالے سے قانون میں ترمیم کر کے شاہی فرمان جاری کیا۔

  • یو اے ای کے نائب صدر نے کرونا ویکسین لگوا لی

    یو اے ای کے نائب صدر نے کرونا ویکسین لگوا لی

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد نے کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوا لی۔

    عرب میڈیا کے مطابق نائب صدر یو اے ای شیخ محمد بن راشد المکتوم نے آج ٹویٹر بیان میں کہا کہ انھوں نے کو وِڈ نائنٹین کی ویکسین لگوا لی ہے، ان کا بیان تھا ’آج میں نے کرونا کی ویکسین لگوائی ہے۔‘

    شیخ محمد کا کہنا تھا کہ وہ سب کے لیے اس وبا سے حفاظت اور صحت کے لیے دعاگو ہیں، انھوں نے ویکسین کی دستیابی کے لیے ٹیم پر فخر کا بھی اظہار کیا۔

    نائب صدر نے کہا ’مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے جس کی ان تھک محنت سے یو اے ای میں ویکسین دستیاب ہوئی۔‘

    انھوں نے اس موقع پر امارات کے روشن مستقبل کا بھی ذکر کیا، کہا یو اے ای کا مستقبل ہمیشہ روشن رہےگا۔

    واضح رہے کہ شیخ راشد نے کرونا کی ٹرائل ویکسین لگوائی ہے، انھوں نے اس سلسلے میں اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ویکسین لگوانے کی تصویر بھی شیئر کی ہے۔

    گزشتہ ماہ یو اے ای کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد النہیان نے بھی ٹرائل کرونا وائرس ویکسین لگوائی تھی، انھوں نے بھی اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرونا ویکسی نیشن معمول کی زندگی کی طرف لوٹنے کا راستہ ہے۔

    ستمبر میں یو اے ای نے فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کے لیے کو وِڈ 19 کی ویکسین ٹرائل کے لیے ایمرجنسی منظوری دی تھی۔

  • یو اے ای کے وزیر خارجہ کا شاہ محمود کو فون، کرونا وبا سے متعلق بات چیت

    یو اے ای کے وزیر خارجہ کا شاہ محمود کو فون، کرونا وبا سے متعلق بات چیت

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے متحدہ عرب امارات کے ہم منصب نے فون پر رابطہ کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور کرونا وائرس کی وبا سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اماراتی وزیر خارجہ عبداللہ بن زاید النہیان نے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے فون پر رابطہ کر کے کرونا وبا سے متعلق صورت حال پر تبادلہ خیال کیا، اماراتی وزیر خارجہ نے کہا کہ آپ کی علالت کی خبر سن کر بہت تشویش ہوئی تھی، خوشی ہے کہ آپ روبہ صحت ہیں۔

    اماراتی وزیر خارجہ نے شاہ محمود سے کہا میں آپ کی آواز سننے کا متمنی تھا، کرونا سے متاثر ہونے کا سن کر تشویش ہو گئی تھی۔ فون کر کے خیریت دریافت کرنے پر شاہ محمود قریشی نے اماراتی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

    وزیر خارجہ نے یو اے ای میں کرونا کے خلاف حکومتی کاوشوں کو سراہا، اور انھیں پاکستان میں کرونا کے خلاف کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا، شاہ محمود قریشی نے پاکستان کے لیے طبی معاونت کی فراہمی پر اماراتی ہم منصب کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    وزیر خارجہ نے مریخ کے لیے پہلے خلائی مشن پر اماراتی وزیر خارجہ کو مبارک باد دی۔ اماراتی وزیر خارجہ نے کہا کہ یو اے ای عالمی تعاون سے کرونا ویکسین کی تیاری میں مصروف ہے۔

    دونوں وزرائے خارجہ نے صورت حال معمول پر آنے کے بعد جلد ملاقات پر اتفاق کیا۔

  • سعودی عرب اور یو اے ای سے 25 ہزار پاکستانیوں کی واپسی کے لیے بڑا فضائی آپریشن

    سعودی عرب اور یو اے ای سے 25 ہزار پاکستانیوں کی واپسی کے لیے بڑا فضائی آپریشن

    کراچی: قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے 25 ہزار پاکستانیوں کی واپسی کے لیے بڑا فضائی آپریشن ترتیب دے دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بیرون ملک موجود پاکستانیوں کی واپسی کے سلسلے میں پی آئی اے کے دفاتر پر مسافروں کے رش کے پیش نظر آئندہ ہفتے میں قومی ایئرلائن نے بڑا فضائی آپریشن ترتیب دے دیا۔

    پی آئی اے آئندہ ہفتے سعودی عرب سے 10 ہزار افراد کو واپس لائے گی، جب کہ یو اے ای سے 15 ہزار افراد کو واپس لایا جائے گا، ان 25 ہزار مسافروں کو واپس لانے کے لیے 100 سے زائد پروازیں چلائی جائیں گی، ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں پروازوں کا مقصد ٹکٹس کی فراہمی آسان کرنا ہے۔

    واضح رہے کہ ملک میں بین الاقوامی فضائی آپریشن بحال کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں جناح ٹرمینل کراچی سے خلیجی ممالک کی 7 پروازیں آپریٹ کی گئیں، اور ایک ہزار سے زائد مسافر روانہ ہوئے۔

    ذرایع نے بتایا کہ پی آئی اے کی پروازوں میں نشستیں دفاتر، ایجنٹس یا ویب سائیٹ کے ذریعے منٹوں کے اندر فروخت ہو رہی تھیں اور زیادہ تر لوگ ٹکٹ حاصل کرنے سے رہ جاتے تھے، اس لیے پی آئی اے نے حکومت پاکستان سے اضافی افراد کو واپس لانے کے لیے اجازت مانگی تھی، اجازت ملنے پر قومی ایئر لائن نے بڑا فضائی آپریشن ترتیب دیا۔

    بیرون ممالک سے پاکستانیوں کی واپسی، 60 سے پروازیں شیڈول

    بتایا گیا ہے کہ 25 ہزار مسافروں کو 100 سے زائد خصوصی پروازوں کے ذریعے واپس لایا جائے گا، یہ ساری خصوصی پروازیں پاکستان سے خالی جائیں گی۔

    ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے نے اتنی تعداد میں پروازیں اس لیے لگائی ہیں تاکہ ٹکٹیں آرام سے سب کو دستیاب ہو سکیں، پی آئی اے کے دفاتر زیادہ تر جگہوں پر لاک ڈاؤن کی مقامی حکومتوں کی ہدایات کے باعث بند ہیں، اس لیے ٹکٹیں پاکستان میں پی آئی اے کے دفاتر، ویب سائٹ یا ایجنٹوں سے حاصل کیے جاسکتے ہیں، امید کرتے ہیں کہ زیادہ تر پاکستانی ان پروازوں کے ذریعے وطن واپس آ جائیں گے اور دباؤ کم ہو جائے گا۔

  • عرب دنیا کے لیے بڑی امید، یو اے ای کا مریخ مشن ہوپ لانچ ہونے کے لیے شیڈول

    عرب دنیا کے لیے بڑی امید، یو اے ای کا مریخ مشن ہوپ لانچ ہونے کے لیے شیڈول

    ابوظبی: عرب دنیا کے لیے بڑی امید بن کر متحدہ عرب امارات کا مریخ مشن ‘ہوپ’ اگلے ماہ 14 تاریخ کو لانچ ہوگا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارت اگلے ماہ مریخ پر اپنا مشن بھیجے گا، یہ مشن 14 جولائی کو روانہ ہوگا، محمد بن راشد اسپیس سینٹر کا کہنا ہے کہ یہ مشن صرف متحدہ عرب امارات کے لیے نہیں بلکہ پورے عرب خطے کے لیے ہے۔

    یہ مارس مشن یو اے کا اپنا تعمیر کر دہ ہے، جو 14 جولائی کو لانچ ہوگا، اور سرخ سیارے کے مدار میں جا کر مریخی فضا کی حرکیات اور بیرونی خلا اور شمسی ہوا کے ساتھ اس کے تعامل کا مطالعہ کرے گا۔

    محمد بن راشد اسپیس سینٹر

    اگلے ہفتے اس کی فیولنگ شروع کی جائے گی، اسے مریخ تک پہنچنے کے لیے 493 ملین کلو میٹر (308 ملین میل) کا سفر طے کرنے میں 7 ماہ لگیں گے، آربٹ ہونے کے بعد یہ مشن مریخی فضا اور ماحول سے متعلق غیر معمولی ڈیٹا واپس بھیجنا شروع کرے گا۔

    یہ تحقیقاتی مشن مریخ کے گرد ایک مکمل مریخی سال یعنی 687 دنوں تک چکر لگاتا رہے گا تاکہ مطلوبہ ڈیٹا جمع کر سکے، مریخ کے گرد صرف ایک چکر لگانے کے لیے اس مشن کو 55 گھنٹے درکار ہوں گے۔

    پیر کو ایک پریس بریفنگ میں پروگرام کی سربراہ سارہ بنت یوسف الامیری نے بتایا کہ یہ منصوبہ نوجوان عرب سائنس دانوں کے لیے خلائی انجینئرنگ میں کیریئر کا آغاز کرنے کے لیے ایک بہت بڑا موقع ہے۔

    سارہ بنت یوسف الامیری، یو اے ای کونسل آف سائنٹسٹس کی سربراہ، امارات کے مارس مشن کی ڈپٹی پروجیکٹ منیجر

    اگلے برس فروری میں مریخ تک پہنچنے والا یہ مارس مشن عرب دنیا کا پہلا بین السیارہ مشن ہے، اس پروجیکٹ کے لیڈرز کا کہنا ہے کہ اس مشن پر پورے مشرق وسطیٰ کے مستقبل کا انحصار ہے۔ یہ مشن خلائی تحقیقات کے پرانے کارٹل کے ٹوٹنے کی ایک تازہ علامت بھی ہے جب یہ صرف سپرپاورز تک محدود تھا۔

    ہوپ مارس مشن پر متحدہ عرب امارات 2014 سے کام کر رہا ہے، پروجیکٹ منیجر عمر شریف کا کہنا تھا کہ یہ ملک کی طویل مدتی معاشی ترقی کا حصہ ہے اور اس پر یو اے ای کا مستقبل منحصر ہے۔

  • یو اے ای میں کرونا وائرس کے 546 نئے کیس رپورٹ

    یو اے ای میں کرونا وائرس کے 546 نئے کیس رپورٹ

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے محکمہ صحت نے ملک میں مزید 546 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق کردی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات نے گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 546 نئے کیسز کی تصدیق کی ہے اور اب ملک میں اس مہلک وبا کے شکار افراد کی تعداد 15 ہزار 738 ہوگئی۔

    محکمہ صحت نے بتایا کہ تقریب میں شرکت کرنے والے ایک ہی خاندان کے 30 افراد کرونا میں مبتلا ہوگئے، متاثرہ افراد میں 2 ماہ کی بچی بھی شامل ہے۔

    محکمہ صحت نے کرونا وائرس سے 11 نئی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جس کے بعد وفات پانے والوں کی تعداد 157 ہوگئی ہے، متحدہ عرب امارات میں کرونا کے شکار مزید 3359 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔

    محکمہ صحت کے مطابق یو اے ای میں لوگوں کے جمع ہونے اور تقریبات پر پابندی ہے،شاپنگ مالز میں 12 سال سے کم اور 60 سال سے زائد افراد کے داخلے پر بھی پابندی ہے۔

    متحدہ عرب امارات کے محکمہ صحت کے مطابق اب تک 10 لاکھ سے زائد افراد کی ٹیسٹنگ ہوچکی ہے۔ یو اے ای میں کرونا وائرس کے ٹیسٹوں کا عمل تیز کر دیا گیا ہے اور روزانہ ملک کے مختلف علاقوں میں ہزاروں افراد کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

  • کرونا وائرس: دبئی میں لوگوں کی مدد کے لیے دنیا کا بلند ترین چندہ باکس قائم

    کرونا وائرس: دبئی میں لوگوں کی مدد کے لیے دنیا کا بلند ترین چندہ باکس قائم

    دبئی: کرونا وائرس کی وبا کے دوران پریشان حال لوگوں کی مدد کے لیے دبئی میں دنیا کا بلند ترین چندہ باکس قائم کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کی بلند ترین عمارت اب ضرورت مندوں کے لیے دی جانے والی امداد سے روشن ہوگی، دبئی کا برج خلیفہ دنیا کا بلند ترین ڈونیشن باکس بن گیا ہے۔

    اس سلسلے میں 12 لاکھ ایل ای ڈی لائٹوں پر مشتمل 828 میٹر بلند عمارت میں 10 درہم عطیہ کرنے پر ایک ایل ای ڈی بلب روشن کیا جائے گا، اب تک 1 لاکھ 80 ہزار لائٹیں روشن ہو چکی ہیں۔

    یہ غیر معمولی ڈونیشن باکس متحدہ عرب امارات نے قائم کیا ہے، جسے ہفتے کو محمد بن راشد المکتوم گلوبل انیشی ایٹو اور برج الخلیفہ کے اشتراک سے شروع کیا گیا، اس کا مقصد یو اے ای کی ’10 ملین کھانے’ کی مہم کے ساتھ تعاون ہے۔

    کرونا کا ممکنہ علاج دریافت، یو اے ای سربراہان کا عوام کے نام اہم پیغام

    لوگوں سے اس مہم میں ایک وقت کے کھانے کے لیے دس درہم کے عطیے کی اپیل کی گئی ہے، ایک عطیے پر برج الخلیفہ پر ایک لائٹ روشن کر دی جاتی ہے، اس طرح پوری عمارت روشن کی جائے گی۔ عمارت پر لگی لائٹیں نہ صرف انفرادی سطح پر بلکہ کمپنیاں بھی دس درہم پر خرید سکتی ہیں، اس رقم سے یو اے ای میں کرونا وبا کی وجہ سے کھانے سے محروم لوگوں کو خوراک فراہم کی جائے گی۔

    اس مہم کے تحت 12 لاکھ کھانوں کے پارسلز کا ہدف رکھا گیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ اگر یہ ہدف پورا ہوتا ہے تو برج الخلیفہ پر 12 لاکھ لائٹیں روشن ہوں گی۔

    واضح رہے کہ اس طرح کے اقدامات امریکا اور ماسکو میں بھی کیے گئے ہیں، کرونا وبا کے خلاف جنگ لڑنے والے ہیروز کو سلام پیش کرنے نیویارک میں امپائر اسٹیٹ بلڈنگ اور ماسکو میں ٹی وی ٹاور کو روشنیوں سے جگمگایا گیا ہے۔

  • متحدہ عرب امارات  میں کرونا وائرس کے 490 نئے کیس رپورٹ

    متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے 490 نئے کیس رپورٹ

    دبئی: یو اے ای کے محکمہ صحت نے مزید 490 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق کردی جس کے بعد کرونا مریضوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات نے گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 490 نئے کیسز کی تصدیق کی ہے اور اب ملک میں اس مہلک وبا کے شکار افراد کی تعداد 10 ہزار 839 ہوگئی۔

    محکمہ صحت نے کرونا وائرس سے 6 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جس کے بعد وفات پانے والوں کی تعداد 82 ہوگئی ہے،یو اے ای میں کرونا کے شکار 2090 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے 23 اپریل کو متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کا سب سے کم عمر مریض 9 سالہ فلپائنی لڑکا صحت یاب ہوگیا تھا۔ یو اے ای کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ انور قرقاش نے ایک ٹویٹ میں لڑکے کی صحت یابی کی اطلاع دی تھی۔

    متحدہ عرب امارات کے محکمہ صحت کے مطابق اب تک 10 لاکھ سے زائد افراد کی ٹیسٹنگ ہوچکی ہے۔ یو اے ای میں کرونا وائرس کے ٹیسٹوں کا عمل تیز کر دیا گیا ہے اور روزانہ ملک کے مختلف علاقوں میں ہزاروں افراد کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں دوسرے ممالک کے مقابلے میں کرونا وائرس کے زیادہ تعداد میں مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔

  • یو اے ای میں کرونا وائرس کے 532 نئے کیس رپورٹ

    یو اے ای میں کرونا وائرس کے 532 نئے کیس رپورٹ

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے محکمہ صحت نے مزید 532 افراد میں کروناوائرس کی تصدیق کردی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات نے گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 532 نئے کیسز کی تصدیق کی ہے اور اب ملک میں اس مہلک وبا کے شکار افراد کی تعداد 9 ہزار 813 ہوگئی۔

    محکمہ صحت نے کرونا وائرس سے 7 نئی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جس کے بعد وفات پانے والوں کی تعداد 71 ہوگئی ہے، متحدہ عرب امارات میں کرونا کے شکار مزید 1887 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات کے محکمہ صحت کے مطابق اب تک 10 لاکھ سے زائد افراد کی ٹیسٹنگ ہوچکی ہے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل متحدہ عرب امارات میں حکومت نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے رات 8 بجے سے 6 تک نافذ کرفیو کے اوقات میں رمضان المبارک کے دوران 2 گھنٹے کی کمی کی تھی۔

    یو اے ای کی سرکاری خبررساں امارات نیوز ایجنسی وام نے 23 اپریل کو وزارت صحت کے حوالے سے بتایا تھا کہ اب کرفیو کا آغاز رات 10 بجے ہوگا اور یہ صبح 6 بجے تک جاری رہے گا۔

  • یو اے ای میں رمضان کا چاند کب دیکھا جائے گا؟

    یو اے ای میں رمضان کا چاند کب دیکھا جائے گا؟

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں رمضان کا چاند آج مغرب کے بعد دیکھا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق یو اے ای کے محکمہ صحت نے کہا ہے کہ مون سائٹنگ کمیٹی آج مغرب کے بعد رمضان کا چاند دیکھے گی۔

    محکمہ صحت کی جانب سے شہریوں کے لیے ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں، شہریوں سے کہا گیا ہے کہ کرونا وبا کے باعث شہری افطار کا کھانا پڑوسیوں سے شیئر نہ کریں، جو لوگ ایک گھر میں رہتے ہیں صرف وہ ساتھ کھانا کھا سکتے ہیں۔

    سپر مارکیٹ، فارمیسی، گوشت، مچھلی، پھل، سبزیوں کی دکانیں کھلی رہیں گی، دبئی کے شاپنگ سینٹرز کھولنے کے لیے حکومت سے اجازت مانگی جا رہی ہے۔

    ماہ رمضان، یو اے ای میں قیدیوں کیلیے زبردست خوشخبری

    خیال رہے کہ ‌رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ متحدہ عرب امارات میں سیکڑوں قیدیوں کو رہائی کا پیغام بھی لے کر آیا ہے، گزشتہ روز ماہ مقدس کے موقع پر یو اے ای کے وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے مختلف جیلوں میں قید 874 افراد کو رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

    اٹارنی جنرل آف دبئی چانسلر اسام عیسیٰ الحدیم کا کہنا تھا کہ رہائی کے احکامات سے قیدیوں کو نئی زندگی شروع کرنے کا موقع ملے گا اور اس خوش خبری سے ان کے اہل خانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہوگی۔