Tag: یو اے ای

یو اے ای

متحدہ عرب امارات سے تازہ ترین خبریں اور معلومات

یو اے ای

  • خاتون سے بدتمیزی پر ڈیلوری بوائے کو قید کی سزا

    خاتون سے بدتمیزی پر ڈیلوری بوائے کو قید کی سزا

    دبئی: عدالت نے خاتون کے ساتھ نازیبا حرکت کرنے والے ڈیلوری بوائے کو 6 ماہ قید کی سزا سنا دی۔

    اماراتی میڈیا کے مطابق 34 سالہ برطانوی خاتون نے شوہر کی سالگرہ کے موقع پر آن لائن بائی سائیکل خریدی جو تحفے میں دینی تھی۔

    شپمنٹ ڈیلور کرنے والا شخص بائی سائیکل لے کر پہنچا تو خاتون سے بدتمیزی کرنے لگا، مدعیہ کے بقول ڈیلوری بوائے کی نازیبا حرکت سے وہ خوفزدہ ہوگئی اور بائی سائیکل لینے سے انکار کردیا۔

    یہ بھی پڑھیں: یو اے ای، پاسپورٹ نہ دینے پر ملازم نے باس کو مکا دے مارا

    خاتون کا کہنا ہے کہ ڈیلوری بوائے کی جانب سے مسلسل دروازہ کھٹکھٹانے اور اصرار کے بعد دروازہ کھولا تو اس نے دوبارہ بدتمیزی کی جس پر وہ فوراً دروازہ بند کر کے اندر آگئی۔

    15 منٹ بعد ڈیلوری بوائے نے واٹس ایپ پیغام بھیج کر معافی مانگی اور ساتھ ہی دوستی کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، تھوڑی دیر بعد ملزم نے میسیج ڈیلیٹ کردیا تاہم تب تک اسکرین شارٹ بطور ثبوت محفوظ کر لیا اور پولیس کو واقعے کی رپورٹ کردی۔

    خاتون کی شکایت پر پولیس نے تفتیش کی اور عدالت نے تمام تر ثبوتوں کے بعد ملزم کو 6 ماہ قید کی سزا سنا دی اور اسے سزا ختم ہونے کے بعد ملک بدر کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

  • والد نے دھمکی پر بیٹے کو گرفتار کروا دیا

    والد نے دھمکی پر بیٹے کو گرفتار کروا دیا

    شارجہ: والد نے گھریلو ملازمہ کو قتل کرنے کی دھمکی دینے والے بیٹے کو گرفتار کروا دیا۔

    اماراتی میڈیا کے مطابق پولیس نے ایک 32 سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے جس کے والد نے شکایت کی تھی کہ بیٹے نے فون پر گھریلو ملازمہ کو قتل کرنے کی دھمکی دی ہے۔

    پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ پولیس کو والد نے اپنے بیٹے کے خطرناک عزائم سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اسے بیٹے نے گھریلو ملازمہ کو جان سے مارنے کی دھمکی دی، ملازمہ چونکہ ملزم کے والدین کے گھر میں رہتی تھی اس نے دھمکی سے متعلق اہل خانہ کو آگاہ کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: بیوی کو آگ سے بچاتے ہوئے شوہر نے جان دیدی

    دھمکی آمیز کال کے بعد گھر کے سرپرست نے پولیس کو اطلاع دی اور اپنے بیٹے کو گرفتار کروا دیا، دوران تفتیش ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے ملازمہ کو اس لیے قتل کی دھمکی دی تھی کیونکہ اس نے میری چار سالہ بیٹی پر تشدد کیا تھا۔

    ملزم کو پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچانے کے الزام میں بھی چارج کیا گیا، ملزم نے گرفتاری کے وقت مزاحمت کی اور فرار ہوتے ہوئے پولیس وین کو ٹکر دے ماری۔

  • بیوی کو آگ سے بچاتے ہوئے شوہر نے جان دیدی

    بیوی کو آگ سے بچاتے ہوئے شوہر نے جان دیدی

    ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں بیوی کو آتشزدگی سے بچاتے ہوئے شوہر خود جھلس کر ہلاک ہوگیا۔

    اماراتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست ام القوین میں پیش آیا جہاں ایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے میاں بیوی جھلس گئے۔

    مکینوں نے بتایا کہ خاتون اپارٹمنٹ کی راہداری میں موجود تھی کہ اس دوران شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی تو چیخ و پکار سن پر کمرے میں موجود شوہر بھاگتا ہوا آیا اور بیوی کو بچاتے ہوئے خود جھلس گیا۔

    دونوں کو زخمی حالت میں مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی تاہم شوہر کی حالت تشویشناک ہونے پر ابوظہبی منتقل کیا گیا۔

    man, save, wife, uae, apartment fire, dies, hospital

    32 سالہ انیل کا 90 فیصد جسم جھلس چکا تھا جس کے باعث بچنے کے امکانات انتہائی کم تھے، انیل کئی دن زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد گزشتہ روز دم توڑ گیا۔

    متاثرہ فیملی کا تعلق بھارتی ریاست کیریلا سے ہے اور ان کا 4 سالہ بچہ بھی ہے، خاتون تاحال اسپتال میں داخل ہے تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

  • متحدہ عرب امارات سے خوش خبری آگئی

    متحدہ عرب امارات سے خوش خبری آگئی

    ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں کروناوائرس سے متاثر ہونے والے مزید دو افراد صحت یاب ہوگئے۔

    اماراتی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین سے پھیلنے والا جان لیوا کروناوائرس آہستہ آہستہ پوری دنیا تک پہنچ رہا ہے، تاہم متحدہ عرب امارات میں مہلک وائرس سے متاثر ہونے والے دو افراد شفایاب ہوچکے ہیں۔

    اماراتی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں مجموعی طور پر 8 مریض کرونا وائرس کا شکار تھے جن میں تین کا مکمل علاج کیا جاچکا ہے جبکہ دیگر افراد کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ قبل ازیں ایک چینی مریضہ بھی مکمل شفایاب ہوئی تھی۔

    حال ہی میں صحت یاب ہونے والے دونوں مریضوں کا تعلق بھی چین سے ہے جن میں سے ایک کی عمر41 سال ہے جبکہ دوسرا اس کا بیٹا ہے جس کی عمر8 سال ہے۔

    مصر میں بھی کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا

    محکمہ صحت نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ دیگر مریض بھی جلد صحت یاب ہوجائیں گے جبکہ خطرناک وائرس کا یو اے ای میں علاج ہونا اس کا ثبوت ہے کہ ہمارے ہاں صحت کے خدمات عالمی معیار کے ہیں۔

    خیال رہے کہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے مہلک کورونا وائرس (COVID-19) کی ہلاکت خیزی جاری ہے، وائرس سے چین کے اندر مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 1500 سے بھی بڑھ گئی، جب کہ کرونا وائرس کے مزید 14886 نئے کیسز رپورٹ ہو گئے ہیں، وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 60 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔

  • یو اے ای کا پاکستانی نوجوانوں کے لیے 200 ملین ڈالرز کی رقم دینے کا اعلان

    یو اے ای کا پاکستانی نوجوانوں کے لیے 200 ملین ڈالرز کی رقم دینے کا اعلان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے کامیاب جوان پروگرام کی عالمی سطح پر زبردست پذیرائی دیکھنے میں آ رہی ہے، یو اے ای حکومت نے پاکستان کو اس پروگرام میں تعاون کی بڑی پیش کش کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار سے یو اے ای سفیر حماد عبید ابراہیم نے ملاقات کر کے پاکستانی نوجوانوں کے لیے 200 ملین ڈالرز کی رقم دینے کا اعلان کیا، رقم کا وعدہ ابوظبی کے ولی عہد محمد بن زید النہیان نے حالیہ دورے میں کیا تھا۔

    متحدہ عرب امارات کے سفیر نے ملاقات میں کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ اور صلاحیت دیکھی ہے، ہم پاکستان سے مل کر نوجوانوں کی تعمیر و ترقی کے لیے کردار ادا کریں گے، اس سلسلے میں پاکستانی نوجوانوں کے لیے عملی اقدامات کا آغاز جلد کیا جا رہا ہے۔

    دریں اثنا، یو اے ای نے پاکستان کے ساتھ یوتھ ایکس چینج پروگرام شروع کرنےکا بھی اعلان کیا، ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستانی نوجوانوں کا وفد تربیت کے لیےمتحدہ عرب امارات بھیجا جائے گا، جہاں انھیں انٹرنشپ سمیت آرٹیفشل انٹیلی جنس مہارت سکھائی جائے گی، یواے ای نے پاکستانی نوجوانوں کو دبئی ایکسپو 2020 میں بھی شراکت داری کی پیش کش کرتے ہوئے اعلان کیا کہ دبئی ایکسپو میں پاکستانی نوجوانوں کو خصوصی پویلین دیے جائیں گے۔

    سفیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نوجوانوں کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، مستقبل میں ہنرمند نوجوانواں کو شان دار مواقع فراہم کریں گے۔ معاون خصوصی عثمان ڈار نے پروگرام میں تعاون کی پیش کش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق نوجوان طبقے کو اوپر اٹھانا ہے، ملکی تاریخ میں پہلی بار نوجوانوں پر خطیر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، نوجوان آنے والے برسوں میں ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی بنیں گے۔

  • یو اے ای کی کراچی میں جلنے والی جھگیوں کے متاثرین کے لیے امداد

    یو اے ای کی کراچی میں جلنے والی جھگیوں کے متاثرین کے لیے امداد

    کراچی: متحدہ عرب امارات کی جانب سے کراچی میں جل کر راکھ ہونے والی جھگیوں کی بستی کے لیے امداد آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے تین ہٹی کے قریب جھگیوں میں آگ لگنے کے افسوس ناک واقعے میں متاثرین کی امداد کے لیے کراچی میں واقع یو اے ای قونصل خانے نے اہم قدم اٹھا لیا۔

    متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل سالم الخدیم نے متاثرہ جگہ کا دورہ کیا، اس موقع پر کمشنر کراچی افتخار شالوانی بھی ان کے ہم راہ تھے، قونصل جنرل نے متاثرین کے مسائل سنے اور ان میں امدادی اشیا تقسیم کیں۔ امدادی سامان میں کمبل، کھانے پینے کی اشیا اور گرم کپڑے شامل تھے، متاثرین میں عارضی ٹینٹ بھی تقسیم کیے گئے۔

    قونصل جنرل متحدہ عرب امارات نے اس موقع پر متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم آپ کے ساتھ ہیں، بحالی کے سلسلے میں ہم آپ کی ہر ممکن مدد کریں گے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ امدادی سرگرمیوں کے سلسلے میں اماراتی ہلال احمر کا کام سال بھر جاری رہتا ہے۔

    کراچی، تین ہٹی پل کے نیچے جھگیوں میں آگ بھڑک اٹھی، 2 افراد زخمی

    خیال رہے کہ منگل کے روز کراچی کے علاقے تین ہٹی پل کے نیچے واقع جھگیوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی، جس کے باعث 150 جھونپڑیاں جل کر راکھ ہو گئی تھیں۔ سندھ حکومت اور پولیس کی جانب سے متاثرین کو خیمے، خوارک کے سلسلے میں فوری امداد پہنچا دی گئی تھی، بعد ازاں پی ٹی آئی رہنماؤں نے بھی جا کر امدادی سامان تقسیم کیا، سندھ رینجرز کی جانب سے بھی متاثرین میں خیمے تقسیم کیے گئے۔

    جھگیوں میں آگ کیسے لگی؟

    کس کی غلطی سے درجنوں جھونپڑیاں سامان سمیت جل کر راکھ ہو گئی تھیں، اے آر وائی نیوز نے حادثے کے ذمے دار کا اعترافی بیان نشر کیا تھا، جھگیوں میں مقیم ایک رہایشی برجو نے کہا کہ وہ 22 سال سے تین ہٹی جھونپڑ پٹی میں رہایش پذیر ہے، آٹھ سالہ بھتیجی ممتا نے جھونپڑی میں بھگوان اور دیوی کے نام کا دیا جلایا، میں اس وقت گھر پر ہی موجود تھا لیکن اس دوران ممتا باہر چلی گئی، تھوڑی دیر بعد میں نے اپنی جھونپڑی کے دروازے کو کس کر بند کیا، اور روٹی لینے چلا گیا۔

    برجو کے بیان کے مطابق جب وہ روٹیاں لے کر واپس آیا تو آدھی سے زیادہ بستی جل چکی تھی، سب نے کہا تمھاری وجہ سے آگ لگی جس کی وجہ سے میں ڈر کر بھاگ گیا، آگ جان بوجھ کر نہیں لگائی، یہ ایک حادثہ تھا، پہلے پردے پھر جھونپڑی کو آگ لگی، میری والدہ نے جہیز کے لیے پیٹی میں 2 لاکھ روپے رکھے تھے وہ بھی جل گئے۔

  • مشہور ہوٹل میں خاتون سے نازیبا حرکت کی ویڈیو ریکارڈ

    مشہور ہوٹل میں خاتون سے نازیبا حرکت کی ویڈیو ریکارڈ

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں خاتون سے نازیبا حرکت کرنے والے شخص کو سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے شناخت کر لیا گیا۔

    اماراتی میڈیا کے مطابق اتوار کے روز دبئی کورٹ میں خاتون کو ہراساں کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں خاتون کو جنسی ہراساں کرنے کے الزام میں غیر ملکی شخص کو ابتدائی ٹرائل کے لیے پیش کیا گیا۔

    پبلک پراسیکیوٹر کے ریکارڈ کے تحت خاتون کو ہراساں کرنے کا واقعہ 22 ستمبر کو پیش آیا تھا جس کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے واقعے کا مقدمہ البشرہ پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا۔

    شکایت کنندہ 32 سالہ آسٹریلوی خاتون نے الزام لگایا کہ وہ ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں دوستوں کے ہمراہ بولنگ سینٹر میں موجود تھی کہ اس دوران جوتے اٹھانے کے لیے جھکی تو 34 سالہ برطانوی شہری نے قریب پہنچ کر اس سے نازیبا حرکت کی اور جنسی ہراساں کیا۔

    پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کو ثبوت کے طور پر محفوظ کر لیا ہے اور اس کیس کی مزید تفتیش کی جائے گی۔

  • متحدہ عرب امارات میں عدالت کو چور پر رحم کیوں آ گیا؟

    متحدہ عرب امارات میں عدالت کو چور پر رحم کیوں آ گیا؟

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں عدالت نے بیمار ماں کے لیے چوری کرنے والے غیر ملکی شخص کی سزا میں کمی کردی۔

    اماراتی میڈیا کے مطابق عجمان کرمنل کورٹ میں چوری کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم نے بیمار ماں کے لیے کار سے پیسے چرائے اور اس پر جرم بھی ثابت ہوگیا ہے تو عدالت نے رحم دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزم کو صرف 3 ماہ قید کی سزا سنا دی۔

    عدالتی ریکارڈ میں بتایا گیا کہ ایشیائی شخص نے ایک کمپنی کی کار سے 7ہزار 5سو درہم چوری کیے جس میں ایک ہزار درہم والدہ کے علاج کی غرض سے فوری طور پر اپنے ملک بھیجے اور باقی رقم خرچ کرنے کی بجائے اسے صحرائی علاقے میں کہیں دفن کر دیا۔

    کار ڈرائیور نے بتایا کہ وہ کمپنی کے سامنے کچھ ضروری دستاویزات لینے کے لیے گاڑی کا انجن چلتا چھوڑ کر چند لمحوں کے لیے اندر گیا تھا اور واپسی میں دیکھا کہ پیسوں سے بھرا بیگ غائب ہے جس پر مقامی پولیس اسٹیشن کو فوری شکایت درج کرائی۔

    پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی تلاش کر کے اسے گرفتار کیا اور دوران تفتیش ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ بیمار والدہ کے لیے پیسے چوری کیے تھے۔

  • دبئی میں والدین سے ہاتھ چھڑانے والی بچی کو کار نے کچل دیا

    دبئی میں والدین سے ہاتھ چھڑانے والی بچی کو کار نے کچل دیا

    دبئی: والدین سے ہاتھ چھڑا کر روڈ پر بھاگنے والی 2 سالہ بچی کو تیز رفتار کار نے کچل دیا۔

    اماراتی میڈیا کے مطابق واقعہ دبئی کی ایک مصروف شاہراہ پر پیش آیا جہاں 2 سالہ بچی بے دھیانی میں سڑک پر آگئی اور خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی۔

    مقامی پولیس اسٹیشن کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر عبداللہ خادم نے بتایا کہ دوپہر ایک بجے کے قریب بچی اپنے والدین کے ہمراہ تھی اور ہوٹل میں داخل ہوتے ہوئے اچانک اس نے ہاتھ چھڑایا اور سڑک پر آگئی اور اس دوران تیز رفتار کار اس کے اوپر چڑھ دوڑی۔

    بریگیڈیئر عبداللہ خادم کا کہنا ہے کہ بچی گاڑی کے ٹائروں تلے بری طرح کچلی گئی اور اسے تشویشناک حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔

    پولیس افسر نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ لمحہ برابر بھی بچوں کے معاملے میں بے احتیاطی نہ کریں کیونکہ ذرا سی لاپروائی خوفناک حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔

  • دبئی پولیس نے واٹس ایپ الرٹ جاری کردیا

    دبئی پولیس نے واٹس ایپ الرٹ جاری کردیا

    دبئی: پولیس نے نئے سال کے آغاز پر موبائل میسیجنگ کی سب سے مقبول اپیلی کیشن ’واٹس ایپ‘ کے صارفین کو الرٹ جاری کردیا۔

    سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی پوسٹ میں دبئی پولیس نے واٹس ایپ صارفین کو اکاؤنٹ کو محفوظ بنانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے طریقہ کار وضع کیا ہے۔

    پوسٹ میں تصاویر کی مدد سے اکاؤنٹ کو محفوظ بنانے کے تمام مراحل واضح کیے گئے ہیں۔

    خیال رہے کی دبئی سمیت متحدہ عرب امارات میں واٹس ایپ کے حوالے خصوصی قوانین نافذ ہیں جس کی خلاف ورزی پر سزائیں اور جرمانے بھی کیے جاتے ہیں۔

    حال ہی میں یو اے ای کی ایک عدالت نے سوشل میڈیا پر سابقہ بیوی کا مذاق اڑانے اور واٹس ایپ پر پیغامات بھیج کر تنگ کرنے کے جرم میں ایک شخص کو جرمانہ کیا تھا۔