Tag: یو اے ای

یو اے ای

متحدہ عرب امارات سے تازہ ترین خبریں اور معلومات

یو اے ای

  • یو اے ای: بغیر دستاویزات والی لڑکی پاکستانی شخص کی بیٹی قرار

    یو اے ای: بغیر دستاویزات والی لڑکی پاکستانی شخص کی بیٹی قرار

    شارجہ: متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ کی شرعی عدالت نے بغیر قانونی دستاویزات کے رہنے والی 14 سالہ لڑکی کو پاکستانی شخص کی بیٹی قرار دے دیا۔

    خلیجی میڈیا رپورٹ کے مطابق 14 سالہ مریم کی پیدائش شارجہ میں ہوئی تھی اور وہ اپنی بنگلادیشی والدہ حلیمہ کے ساتھ رہائش پذیر تھی تاہم لڑکی کے پاس ریاست میں رہنے کی کوئی قانونی دستاویز نہیں تھیں۔

    یہ کیس شارجہ کی عدالت میں پیش ہوا جس پر فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے قرار دیا کہ 14 سالہ لڑکی مریم پاکستانی شخص کی بیٹی ہے اور اب وہ پاکستانی شناخت و قانونی دستاویزات کی اہل ہے۔

    32 سالہ حلیمہ کا کہنا ہے کہ جب وہ 4 ماہ کی حاملہ تھی تو اس کے پاکستانی شوہر نور محمد خان سے تعلقات ختم ہوگئے تھے، اس کے پاس عجمان میں ہونے والی اپنی شادی کی سند بھی موجود ہے۔

    خاتون کے بقول نور محمد خان ٹرک ڈرائیور ہے اور سالوں سے اس کی اور بیٹی کی ملاقات نہیں ہوئی جب کہ مریم کا بھی کہنا ہے کہ اس نے آج تک اپنے والد کو نہیں دیکھا۔حلیمہ ورک ویزہ پر شارجہ میں رہائش پذیر ہے اور گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرتی ہے۔

  • یو اے ای ویزہ کیلیے کتنی رقم ڈپازٹ کرنا ضروری؟

    یو اے ای ویزہ کیلیے کتنی رقم ڈپازٹ کرنا ضروری؟

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے مختلف قسم کے وزٹ ویزہ حاصل کرنے کے لیے آپ کو کتنی رقم ڈپازٹ کروانا ہوگی؟

    اماراتی ویب سائٹ کے مطابق جب آپ یو اے ای کے مختلف وزٹ ویزہ کے لیے درخواست دیتے ہیں تو آپ کو بطور سیکورٹی رقم ڈپازٹ کرنا لازمی ہے۔

    اس حوالے سے چند قواعد و ضوابط وضع کیے گئے ہیں جنہیں پورا کرنا ضروری ہے۔

    جب آپ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈینسی و فارن افیئرز کے ذریعے وزٹ ویزہ کی درخواست دیتے ہیں تو اس کے لیے آپ کو کم از کم مندرجہ ذیل مالیت کے قابل واپسی سیکورٹی کی رقوم ڈپازٹ کرنا ہوگی۔

    والدین، بچوں اور بہن بھائیوں کے لیے ایک ہزار 20 درہم، کسی رشتے دار کی کفالت کے لیے 2 ہزار 20 درہم ڈپازٹ کرنا ہوں گے۔
    اسی طرح کم از کم تنخواہ کی حد بھی مقرر کی گئی ہے۔

    والدین و بچوں کی رہائش و کفالت کے لیے 4 ہزار درہم یا پھر بہن بھائیوں اور دوست احباب کی کفالت کے لیے 6 ہزار درہم ڈپازٹ کرانا ہوں گے۔

    اگر آپ سیاحتی ایجنسی کے ذریعہ درخواست دیتے ہیں تو ، آپ ممکنہ طور پر ڈپازٹ کی ادائیگی سے بچ سکتے ہیں، آپ کو کم کاغذی کارروائی کا سامنا ہوگا۔

  • یو اے ای   میں اسکولوں کی تعطیلات کا اعلان

    یو اے ای میں اسکولوں کی تعطیلات کا اعلان

    متحدہ عرب امارات کے اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔

    اماراتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسکولوں میں 4 ہفتوں کے لیے موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی، چھٹیوں کا آغاز 15 دسمبر سے ہوگا اور اختتام 9 جنوری 2020 ہوگا۔

    وزارت تعلیم کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر موسم سرماکی تعطیلات کا اعلان کرتے ہوئے بتایاگیا ہے کہ قریباً ایک ماہ اسکولز بند رہیں گے اور 12 جنوری 2020 سے کلاسز کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔

  • یو اے ای، شاہی خاندان کے فرزند ہولناک حادثے میں جاں بحق

    یو اے ای، شاہی خاندان کے فرزند ہولناک حادثے میں جاں بحق

    راس الخیمہ: متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں شاہی خاندان کا ایک چشم و چراغ ہولناک ٹریفک حادثے میں جان کی بازی ہار گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اماراتی میڈیا کا کہنا ہے کہ شاہی خاندان کا ایک نوجوان موٹرسائیکل کے حادثے میں جاں بق ہوگیا، یہ افسوسناک واقعہ الدھائت کے علاقے میں پیش آیا جہاں موٹرسائیکل سوار شیخ سقر بن طارق بن قید القسیمی جان لیوا حادثے میں خالق حقیقی سے جاملے۔

    راس الخیمہ پولیس نے واقعے سے متعلق بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں متوفی کو شدید چوٹیں آئیں جو جان لیوا ثابت ہوئیں اور انہیں مردہ حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    https://www.instagram.com/p/B5edAFSnpCy/?utm_source=ig_web_copy_link

    مرحوم کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر شیخ زید مسجدمیں ادا کی گئی جس کے بعد مقامی قبرستان میں انہیں سپردخاک کردیا گیا۔

    شیخ سقر راس الخیمہ پولیس میں فرسٹ لیفٹیننٹ آفیسر بھی تھے اور انہوں نے راس الخیمہ پولیس کی جانب سے کراٹے میں پہلی بار گولڈن میڈل جیتنے والے افسر کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

  • ڈھائی ہزار تارکین وطن کو یو اے ای کی مستقل رہائش مل گئی

    ڈھائی ہزار تارکین وطن کو یو اے ای کی مستقل رہائش مل گئی

    دبئی: متحدہ عرب امارات نے تاریخی اقدام کرتے ہوئے ڈھائی ہزار غیر ملکیوں کو مستقل رہائش دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق یہ اعلان دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کیا، پوسٹ میں شیخ محمد بن راشد المکتوم کی مستقل رہائش ملنے والے غیر ملکیوں کے ساتھ تصویر بھی شامل ہے۔

    شیخ محمد بن راشد المکتوم نے لکھا کہ آج ہم ان لوگوں کے ساتھ خوشیاں منارہے ہیں جنہیں یو اے ای میں مستقل رہائش کا ’گولڈن کارڈ‘ دیا گیا ہے۔

    انہوں نے لکھا کہ ہم ڈھائی ہزار تارکین وطن کو خوش آمدید کہتے ہیں، ان غیرملکیوں میں دانشور، سائنس دان اور سرمایہ کار شامل ہیں۔

    شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات سائنس دانوں، پڑھےلکھے، سرمایہ کاروں اورایسے باصلاحیت افراد کی سرزمین ہے جو کایہ پلٹ دیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم ایسے تمام تارکین وطن کا خیر مقدم کرتے ہیں اور آج ڈھائی ہزار باصلاحیت افراد کے پہلے گروہ کو مستقل رہائش کی سہولت دے رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ رواں سال مئی میں یو اے ای نے سعودی عرب کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے تارکین وطن کے لیے مستقل رہائش کی اسکیم متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت باصلاحیت افراد کو ’گولڈن کارڈ‘ فراہم کرنا تھا۔

  • سگریٹ نوش ہوشیار! حکومت کا بڑا اعلان

    سگریٹ نوش ہوشیار! حکومت کا بڑا اعلان

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے ایک سگریٹ پر کم از کم ٹیکس 40 فلس اور تمباکو پر 10 فلس ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں تمباکونوشی کی حوصلہ شکنی کرنے کے لیے نہ صرف عوامی سطح پر آگہی مہم چلائی جا رہی ہے بلکہ ٹیکس میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔

    امارات کی ٹیکس اتھارٹی کے مطابق تمباکو مصنوعات کے نئے نرخ مقرر کردیے گئے ہیں جس کے بعد ایک سگریٹ پر کم از کم ٹیکس 40 فلس اور تمباکو پر 10 فلس ٹیکس لگایا گیا ہے جس پر یکم دسمبر سے عملدرآمد ہوگا۔

    اس سے قبل متحدہ عرب امارات کی ٹیکس اتھارٹی نے ای سگریٹ درآمد، ذخیرہ اور تیار کرنے والوں کو کہا تھا کہ وہ آن لائن رجسٹریشن کرائیں، ایسا نہ کرنے کی صورت میں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    امارات کی ٹیکس اتھارٹی کا کہنا تھا کہ تمام منتخب اشیاء درآمد کرنے والوں کو آن لائن اندراج کرانا ضروری ہے۔ ٹیکس اتھارٹی کا کہنا تھا آن لائن رجسٹریشن کرانے والے لوگوں کو آئندہ درآمدی عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

    واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے منتخب ٹیکس اسکیم پر عملدرآمد کا آغاز یکم اکتوبر2017 سے کر رکھا ہے۔ ایسی تمام اشیاء جو موحولیاتی صحت یا صحت عامہ کے لیے ضرر رساں ہوں ان پر ٹیکس لگایا گیا ہے جن میں سگریٹ، تمباکو، انرجی ڈرنکس شامل ہیں۔

  • یو اے ای سے ڈیجیٹل پلیٹ فارم منسلک کرنے کے لیے تکنیکی طور پر تیار ہیں، زلفی بخاری

    یو اے ای سے ڈیجیٹل پلیٹ فارم منسلک کرنے کے لیے تکنیکی طور پر تیار ہیں، زلفی بخاری

    اسلام آباد: وزیراعظم کے معاو ن خصوصی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ یو اے ای سے ڈیجیٹل پلیٹ فارم منسلک کرنے کے لیے تکنیکی طور پر تیار ہیں، ڈیجیٹل ڈیٹا بیس تک رسائی کا عمل 3 مہینے تک مکمل کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری اور یو اے ای کے وزیر برائے انسانی وسائل نصیر بن الثانی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاکستانیوں کے لیے نوکریوں میں اضافے پر3 سالہ منصوبہ تیارکرنے پر اتفاق ہوا۔

    ملاقات میں پاکستان کو دبئی کی لیبر مارکیٹ کے ڈیجیٹل ڈیٹابیس تک رسائی دینے کی پیشکش کی گئی۔ ڈیجیٹل ڈیٹابیس تک رسائی سے پاکستانیوں کومتحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں روزگار ملنے میں آسانی ہوگی۔

    وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ اقدام کا مقصد خلیجی ممالک میں پاکستانی افرادی قوت بڑھانا ہے، اقدام سے پاکستان میں بیروز گاری کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

    زلفی بخاری نے کہا کہ یو اے ای سے ڈیجیٹل پلیٹ فارم منسلک کرنے کے لیے تکنیکی طور پر تیار ہیں، ڈیجیٹل ڈیٹا بیس تک رسائی کا عمل 3 مہینے تک مکمل کیا جائے گا۔

    وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ اقدام سے پاکستان میں بیروز گاری کے خاتمے میں مدد ملے گی، ایجنٹوں کے ذریعہ دھوکا دہی اورکارکنوں کے استحصال میں کمی آئے گی۔

  • شارجہ، ماں کی لاپروائی 3 سالہ بچے کی جان لے گئی

    شارجہ، ماں کی لاپروائی 3 سالہ بچے کی جان لے گئی

    شارجہ: متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں والدہ کے ہاتھ سے گرم پانی 3 سالہ بچے پر جاگرا جس کے نتیجے میں وہ دار فانی سے کوچ کرگیا۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق شارجہ میں بنگلہ دیشی خاتون کے ہاتھ سے گرم پانی اپنے 3 سالہ معصوم بچے پر جاگرا جس کے سبب بچے کا جسم 33 فی صد جھلس گیا اور اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

    رپورٹ کے مطابق بچہ تین دن تک القاسمی اسپتال کے برنس وارڈ میں زیر علاج رہا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ والدہ کچن میں کام کررہی تھیں اس دوران بچہ ان کی گو دمیں موجود تھا جیسے ہی انہوں نے گرم پانی اٹھایا تو وہ بچے پر جاگرا۔

    مزید پڑھیں: ابوظبی میں 2 سالہ بچہ سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق

    خاتون نے روتے ہوئے بتایا کہ کچن میں میرے ایک ہاتھ میں بچہ تھا اور دوسرے ہاتھ میں گرم پانی موجود تھا جسے میں سنبھال نہیں سکی اور پانی میرے معصوم بچے پر گر گیا۔

    بچے کو فوری طور پر شارجہ کے کویت اسپتال منتقل کیا گیا بعدازاں اسے القاسمی اسپتال ریفر کیا گیا جہاں تین دن زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔

    کمسن بچے کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق اس کے جسم کا زیادہ تر حصہ متاثر ہوا اور اس کی موت ہیموگلوبین اور بلڈ پریشر کی کمی کی وجہ سے ہوئی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل ابوظبی میں گھر کے صحن میں کھیلتا ہوا بچہ سوئمنگ پول میں گر کر جاں بحق ہوگیا تھا جبکہ گھر والے اندر کمروں میں موجود تھے۔

  • یو اے ای خلا باز نے گھر پہنچتے ہی والدہ کے قدم چوم لیے، ویڈیو وائرل

    یو اے ای خلا باز نے گھر پہنچتے ہی والدہ کے قدم چوم لیے، ویڈیو وائرل

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے خلا باز ہذاع المنصوری نے گھر پہنچتے ہی والدہ کے قدم چوم لیے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے پہلے خلا باز ہذاع المنصوری خلائی اسٹیشن سے واپس آنے کے بعد جب گھر پہنچے تو انہوں نے اپنی والدہ کے قدم چوم لیے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ المنصوری گھٹنوں کے بل بیٹھ کر والدہ کے پیروں کو بوسہ دے رہے ہیں اس کے بعد انہوں نے والدہ کو گلے بھی لگایا۔

    واضح رہے کہ المنصوری کا خلائی اسٹیشن سے واپس پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا تھا، ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان، ابوظبی کے ڈپٹی سپریم کمانڈر ان کے لیے استقبال کے لیے موجود تھے۔

    یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات کے دورے پر موجود روسی صدر ولاد میر پیوٹن نے یو اے ای کے خلا باز المنصوری سے ملاقات کی تھی۔

    متحدہ عرب امارات کے خلا نورد المنصوری روسی اسپیس کرافٹ کے ذریعے قازقستان سے خلا کے لیے روانہ ہوئے تھے اور چھ گھنٹے کے سفر کے بعد اسپیس اسٹیشن پہنچ گئے تھے۔

    دبئی کے محمد بن راشد اسپیس سینٹر میں لوگوں کی بڑی تعداد اس مشن کو دیکھنے کے لیے جمع ہوئی تھی اور خلائی گاڑی کے روانہ ہونے پر نعرے لگاتے ہوئے المنصوری کو قومی ہیرو قرار دیا تھا۔

  • شارجہ، ہولناک ٹریفک حادثے میں پاکستانی شہری سمیت 2 افراد جاں بحق

    شارجہ، ہولناک ٹریفک حادثے میں پاکستانی شہری سمیت 2 افراد جاں بحق

    شارجہ: متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں گاڑی اماراتی ڈرائیور سے بے قابو ہوگئی جس کے نتیجے میں پاکستانی شہری سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق شارجہ کے علاقے خورفقان میں تیز رفتار کار راہگیر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں پاکستانی شہری سمیت 18 سالہ اماراتی نوجوان زندگی کی بازی ہار گئے۔

    رپورٹ کے مطابق حادثہ آج صبح 8 بجکر 20 منٹ پر پیش آیا، ریسکیو اداروں نے حادثے میں زخمی پاکستانی شہری کو اسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

    حادثے میں جاں بحق ہونے والے اماراتی ڈرائیور کی عمر 18 سال بتائی گئی ہے جبکہ پاکستانی شہری کی عمر 44 سال تھی تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

    یہ پڑھیں: دبئی، ٹرک اور منی بس میں ہولناک تصادم، 8 افراد ہلاک

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 30 ستمبر کو دبئی میں منی بس اور ٹرک میں خوفناک تصادم ہوا تھا جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے، جاں بحق ہونے والوں میں پاکستانی ڈرائیور بھی شامل تھا۔

    یاد رہے کہ رواں سال جون میں دبئی میں خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 2 پاکستانی شہری سمیت 17 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    رواں سال فروری میں شارجہ میں ہولناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں بھارتی سیاح جوڑا ہلاک اور 5 افراد زخمی ہوگئے تھے۔