Tag: یو اے ای

یو اے ای

متحدہ عرب امارات سے تازہ ترین خبریں اور معلومات

یو اے ای

  • شارجہ، بس اور موٹر سائیکل میں تصادم، 2 ایشیائی شہری جاں بحق

    شارجہ، بس اور موٹر سائیکل میں تصادم، 2 ایشیائی شہری جاں بحق

    شارجہ: متحدہ عرب کی ریاست شارجہ میں بس اور موٹر سائیکل کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 2 ایشیائی شہری جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق شارجہ انڈسٹریل ایریا میں تیز رفتار موٹر سائیل اور بس میں ہولناک تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، ہلاک و زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    شارجہ ٹریفک پولیس کے مطابق حادثہ موٹر سائیکل سوار نوجوانوں کی غفلت کے سبب پیش آیا جب انہوں نے ٹریفک سگنل کو نظر انداز کرتے بس سے ٹکرا گئے، موٹر سائیکل قلابازیاں کھاتی ہوئی دور جاگری۔

    پولیس کے مطابق حادثے کی اطلاع شام 7 بجکر 15 منٹ پر ملی، ٹریفک پولیس، ریسیکیو ٹیمیں اور ایمبولینس فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچیں۔

    مزید پڑھیں: شارجہ، غیرملکی سیاحوں کی گاڑی کو حادثہ، ایک جاں بحق، تین زخمی

    حادثے اتنا خطرناک تھا کہ موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ بس میں سوار متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں کویتی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

    ڈائریکٹر جنرل شارجہ ٹریفک اینڈ پیٹرول ڈیپارٹمنٹ لیفٹیننٹ کرنل محمد ال نقبی کا کہنا تھا کہ شارجہ پولیس کی جانب سے حال ہی میں ایک مہم شروع کی گئی ہے جس میں بغیر لائسنس موٹر سائیکل سواروں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں کرنے والے افراد پر جرمانہ عائد کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شارجہ میں ہونے والے زیادہ تر حادثے سائیکل اور موٹر سائیکل سواروں کی غفلت کے نتیجے میں پیش آتے ہیں، متعدد بغیر لائسنس موٹر سائیکلیں ضبط بھی کی جاچکی ہیں۔

    لیفٹیننٹ کرنل محمد ال نقبی نے کہا کہ سائیکل اور موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور آگاہی کے لیے مہم بھی چلائی جائے گی جس میں ڈیلیوری بوائز کو بھی حادثے سے بچاؤ کے لیے آگاہ کیا جائے گا۔

  • متحدہ عرب امارات، بیوی کو شوہر کے میسج چیک کرنا مہنگا پڑ گیا

    متحدہ عرب امارات، بیوی کو شوہر کے میسج چیک کرنا مہنگا پڑ گیا

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں بیوی کو شوہر کے میسج چیک کرنا مہنگا پڑ گیا، عدالت نے تین ہزار درہم جرمانے کی سزا سنادی۔

    عرب میڈیا کے مطابق اماراتی ریاست راس الخیمہ کی عدالت میں شوہر کی جانب سے درخواست دائر کی گئی کہ بیوی اس کی پرائیویسی میں دخل اندازی کرتی ہے اور اس کے موبائل کے میسج کو چیک کرتی ہے، جس پر عدالت نے خاتون کو 3 ہزار درہم جرمانہ کی سزا سنادی۔

    رپورٹ کے مطابق شوہر کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ اہلیہ کو میری ذاتی زندگی میں دخل اندازی کرنے پر آرٹیکل 378 کے تحت سزا سنائی جائے۔

    خاتون نے عدالت میں اپنے جرم کا اعتراف کیا لیکن ساتھ ہی شوہر پر الزام عائد کیا کہ اس کے کسی دوسری خاتون کے ساتھ تعلقات ہیں، جس پر وہ موبائل روزانہ چیک کرکے ان کے میسج پڑھا کرتی تھیں۔

    مزید پڑھیں: ابوظبی، واٹس ایپ پر بیوی کی بے عزتی کرنے والے شوہر کو 2 ماہ قید کی سزا

    خاتون کے وکیل کا کہنا تھا کہ وہ شوہر کے ساتھ 9 سال سے ازدواجی زندگی گزار رہی ہیں لیکن شوہر کی جانب سے چیٹنگ کی گئی جس پر انہوں نے موبائل فون پر میسج چیک کرنا شروع کیے۔

    خاتون کے وکیل کا مزید کہنا تھا کہ شوہر کی جانب سے دوسری خاتون کو مختلف قسم ایموجیز بھیجے جاتے تھے اور اس سے محبت کا اظہاربھی کیا تھا۔

    عدالت نے شوہر اور بیوی دونوں کے موقف سننے کے بعد خاتون کو قصور وار ٹھہراتے ہوئے ان پر تین ہزار درہم جرمانہ عائد کردیا اور انہیں وکیل کی فیس کے 100 درہم بھی ادا کرنا ہوں گے۔

  • دبئی میں پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نے ایمانداری کی مثال قائم کردی

    دبئی میں پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نے ایمانداری کی مثال قائم کردی

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نے مسافر کو اس کے گمشدہ ہزاروں ڈالرز واپس کرکے ایمانداری کی مثال قائم کردی۔

    عرب میڈیا کے مطابق ڈنمارک کی ایک فیملی نے پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور شفاعت خان عبدالرشید کی گاڑی میں سفر کیا اور اس دوران فیملی 21 ہزار ڈالر، موبائل فون اور پاسپورٹ گاڑی میں بھول کر روانہ ہوگئی۔

    پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نے ایمانداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دبئی کے الرشیدیہ پولیس اسٹیشن میں نقدی اور سامان جمع کرادیا۔

    دبئی پولیس نے مذکورہ فیملی سے رابطہ کرکے اسے تھانے بلایا اور گشمدہ سامان واپس کردیا۔

    ڈائریکٹر الرشیدیہ پولیس اسٹیشن بریگیڈیئر سعید حماد بن سلیمان المالک نے اپنے دفتر میں تقریب منعقد کرکے پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور کو اس کی دیانت داری پر اعزازی سرٹیفکیٹ اور ایک تحفہ پیش کیا۔

    مزید پڑھیں: صفائی والے نے کروڑوں روپے مالیت کا سونا لوٹا کرمثال قائم کردی

    دوسری جانب ڈنمارک کی فیملی نے بھی پاکستانی ٹٰیکسی ڈرائیور کی ایمانداری کو سراہتے ہوئے اس کا شکریہ ادا کیا۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ پاکستانی شہری طاہر علی صفائی کے کام پر مامور تھا کہ اس دوران اسے 15 کلو سونا ملا تھا جو اس نے حکام کے حوالے کردیا تھا۔

    دبئی میں روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے طاہر علی کی ایمانداری کے اعتراف میں اسے اعزازی سرٹیفکیٹ پیش کیا تھا۔

    طاہر علی کا کہنا تھا کہ ایمانداری سے بڑھ کر کوئی دولت نہیں ہے، دبئی آنے کا مقصد فیملی کو مالی سپورٹ کرنا ہے، خواہش ہے کہ اپنے خاندان کے لیے مناسب گھر تعمیر کراسکوں۔

  • امارات کی سڑکوں پر گاڑیوں کے خطرناک کرتب دکھانے والے 3 نوجوان گرفتار

    امارات کی سڑکوں پر گاڑیوں کے خطرناک کرتب دکھانے والے 3 نوجوان گرفتار

    فجیرہ: متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں ہائی وے پر گاڑیوں کے خطرناک اسٹنٹس دکھانے والے 3 نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں تین اماراتی نوجوانوں کو فجیرہ کی شاہراہ پر گاڑیوں کی ریس اور مختلف خطرناک اسٹنٹس کرتے دیکھا گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق ان تینوں نوجوانوں کو نشاندہی کرکے گرفتار کرلیا گیا ہے اور فجیرہ ٹریفک پراسیکیوشن کے حوالے کیا گیا ہے جہاں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    ان نوجوانوں کی خطرناک ڈرائیونگ کے باعث سڑک پر سے گزرنے والے دیگر ڈرائیورز کو بھی شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا اور ان کی اپنی زندگی بھی خطرے میں محسوس ہورہی تھی۔

    فجیرہ پولیس کے ڈپٹی کمانڈر انچیف بریگیڈیئر محمد بن نایا التنائجی نے کہا کہ ان نوجوانوں نے بادیا اور ہالا کے علاقوں میں میں گاڑیوں کے خطرناک اسٹنٹس کیے جس سے ہائی ویز کے کچھ حصے کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

    View this post on Instagram

    . شرطة الفجيرة تضبط 3 سائقين قاموا باستعراضات خطرة بمركباتهم ضبطت إدارة شرطة دبا بالقيادة العامة لشرطة الفجيرة 3 شبان قاموا باستعراضات خطرة بمركباتهم وذلك في منطقة البدية ومنطقة الحلاة بإمارة الفجيرة مما شكل خطورة بالغة على حياتهم وحياة الآخرين، وتم اتخاذ الإجراءات القانونية بحقهم وتوقيفهم وحجز مركباتهم والتنسيق مع الجهات المعنية لدفع الأضرار التي تسببوا في الطرقات. وأكد العميد محمد بن نايع الطنيجي نائب القائد العام أن المخالفات التي تشكل خطورة على السلامة المرورية يتم التعامل معها بحسم بدون أي تهاون وذلك فى إطار الجهود المستمرة والتي تهدف للحد من القيادة بطيش وتهور، لافتا إلى أن هناك رقابة مستمرة ومكثفة من خلال الدوريات لمراقبة المناطق التي تتم فيها التجمعات الشبابية لتفحيط الويلات . ومن جانبه دعا العميد حميد محمد اليماحي مدير عام العمليات الشرطية أولياء الأمور والأسر إلى نصح أبنائهم وحثهم على الالتزام بقوانين السير والمرور، وتحذيرهم من القيام بالحركات الخطرة بالمركبات حفاظا على سلامتهم في المقام الأول وسلامة مستخدمي الطريق، لافتا إلى أن الاستعراضات الخطرة التي يقوم بها بعض السائقين تحول القيادة من هواية ومتعة إلى حوادث مرورية جسيمة ينتج عنها وفيات وإصابات بليغة. وحذرت شرطة الفجيرة من قيادة المركبات بطيش وتهور على الطرق، والابتعاد عن إجراء السباقات والاستعراضات الخطرة التي تعرض حياتهم وحياة مستخدمي الطريق للخطر، وأكدت على أنه سيتم تطبيق القانون على "المتهورين"، وإيقافهم وحجز مركباتهم واتخاذ الإجراءات القانونية تجاههم. شرطة_الفجيرة

    A post shared by الرمس نت (@alramsnet) on

    انہوں نے کہا کہ خطرناک اسٹنٹس میں استعمال ہونے والی گاڑیاں ضبط کرلی گئیں، اس کے علاوہ ان تینوں ڈرائیورز پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

    بریگیڈیئر محمد بن نایا التنائجی نے بتایا کہ ان علاقوں میں خاص طور پر پولیس کی پیٹرولنگ بڑھا دی گئی ہے جہاں پر نوجوان ڈرائیور اس طرح کے خطرناک اسٹنٹس کرتے رہتے ہیں۔

    انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر خاص طور پر نظر رکھیں اور انہیں ٹریفک قواعد و ضوابط کا احترام کرنا سکھائیں۔

    واضح رہے کہ متحدہ عرب ٹریفک قوانین کے مطابق خطرناک ڈرائیونگ پر 2 ہزار درہم جرمانہ، 23 ٹریفک پوائنٹس میں کمی اور 60 دن کے لیے گاڑی تحویل میں لے لی جاتی ہے۔

  • دبئی پولیس نے ڈکیتی میں ملوث 6 پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا

    دبئی پولیس نے ڈکیتی میں ملوث 6 پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں ڈکیتی کی واردات میں ملوث 6 پاکستانیوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق دبئی پولیس نے اپنے ہم وطن شہری کے آفس میں لوٹ مار کرنے والے 6 پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا، ملزمان النخیل میں واقعہ آفس سے پاکستانی 60 ہزار روپے، 1500 امریکی ڈالر اور 52 ہزار اماراتی درہم کے علاوہ سونے کی تین چین لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق ایک پاکستانی شخص نے رپورٹ درج کرائی کہ وہ اپنے بھائی کے دفتر میں موجود تھا جب چند افراد نے دفتر کے دروازے پر دستک دی جونہی اس نے دروازہ کھولا تو وہاں 6 لوگ موجود تھے۔

    متاثرہ شخص کے مطابق ملزمان آفس کے اندر داخل ہوئے اور بھائی کے بارے میں دریافت کیا جب اس نے بتایا کہ وہ یہاں نہیں ہے تو انہوں نے حملہ کردیا جبکہ دو تین افراد دفتر میں موجود نقدی لوٹنے لگے۔

    رپورٹ کے مطابق ملزمان نے دفتر میں موجود مذکورہ شخص کی بہن پر بھی دھاوا بول دیا اور کے پاس موجود سونے کی تین چین چھین لی، دفتر سے جاتے وقت ملزمان نے دونوں بہن بھائیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔

    مزید پڑھیں: دبئی پولیس کی کارروائی، 365 کلو گرام منشیات پکڑی گئی، 16 ملزمان گرفتار

    متاثرہ خاتون کے مطابق ان کا بھائی ملزمان کے پیچھے بھاگا اور ان میں سے ایک شخص کو پکڑ لیا مگر اس شخص بھائی کو تشدد کا نشانہ بنایا اور فرار ہوگیا۔

    پولیس نے ملزمان کو شارجہ سے گرفتار کیا، ملزمان کا کہنا تھا کہ وہ امارات میں کافی عرصے سے بے روزگار تھے جس کے باعث انہوں نے ڈکیتی کی واردات کی۔

    پولیس کی جانب سے کارروائی مکمل ہونے کے بعد ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں ان پر ڈکیتی اور تشدد کے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔

  • متحدہ عرب امارات، ٹریفک حادثے میں 2 افراد ہلاک، 31 زخمی

    متحدہ عرب امارات، ٹریفک حادثے میں 2 افراد ہلاک، 31 زخمی

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 31 زخمی ہوگئے۔

    عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں محمد بن زید روڈ پر مسافر بس حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 2 ایشیائی باشندے ہلاک اور 31 زخمی ہوگئے۔

    راس الخیمہ پولیس کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینس جائے وقوعہ پر پہنچیں اور ہلاک و زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔

    پولیس کے مطابق حادثہ اوور ٹیکنگ کے دوران پیش آیا، 6 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ دیگر زخمی افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز راس الخیمہ پولیس کی جانب سے ڈرائیورز کو وارننگ جاری کی گئی تھی کہ وہ شیخ بن زید روڈ پر اسپیڈ لمٹ کا خیال رکھیں۔

    مزید پڑھیں: دبئی میں خوفناک ٹریفک حادثہ، دو پاکستانی سمیت 17 ہلاک

    سرکاری ریکارڈ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ہونے والے زیادہ تر حادثات تیز رفتاری، ڈرائیورز کی غفلت اور حفاظتی فاصلے کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے پیش آتے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 8 جون کو دبئی میں خوفناک ٹریفک حادثے میں 2 پاکستانی شہریوں سمیت 17 افراد ہلاک ہوگئے تھے، حادثہ تیز رفتاری کے سبب پیش آیا تھا۔

    اس سے قبل اماراتی دارالحکومت ابوظبی کے ضلع الفلاح میں عید کے پہلے روز خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں تین بچے اور خاتون جاں بحق ہوگئی تھی۔

    یاد رہے رواں سال مارچ میں راس الخیمہ میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 3 اماراتی اور ایک اور ایشیائی نوجوان ہلاک ہوگیا تھا۔

  • ابوظبی میں 2 سالہ بچہ سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق

    ابوظبی میں 2 سالہ بچہ سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں 2 سالہ بچہ گھر کے سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی کے علاقے العین میں 2 سالہ بچہ کھیل کے دوران اچانک سوئمنگ پول میں ڈوب گیا، بچے کو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

    ابوظبی پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ والدین بچوں پر کڑی نگاہ رکھیں، اس طرح کے واقعات کا ہونا والدین کی لاپرواہی ظاہر کرتا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ والدین سوئمنگ پول کی طرف جانے والے دروازوں کو بند رکھیں تاکہ اس طرح کے حادثات سے بچا جاسکے۔

    مزید پڑھیں: دبئی میں تین سالہ بچی سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئی

    واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں دبئی کی رہائشی عمارت کے سوئمنگ پول میں تین سالہ جرمن بچی جاں بحق ہوگئی تھی۔

    یاد رہے کہ شارجہ کے نجی اسکول کے سوئمنگ پول میں چار سالہ طالب علم 14 نومبر کو ڈوب گیا تھا، اسکول انتظامیہ کو جب واقعے کی اطلاع ملی تو انہوں نے بچے کو ایمبولینس کے ذریعے القاسمی اسپتال منتقل کیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا تھا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس جون میں دو بچے اس وقت سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے جب والدین افطاری کرنے میں مصروف تھے۔

  • متحدہ عرب امارات کا یمن میں فوجیوں کی دوبارہ تعیناتی پر تعداد کم کرنے کا فیصلہ

    متحدہ عرب امارات کا یمن میں فوجیوں کی دوبارہ تعیناتی پر تعداد کم کرنے کا فیصلہ

    دبئی: متحدہ عرب امارات نے جنگ زدہ یمن میں فوج کو واپس بلا کر ان کی دوبارہ تعیناتی پر تعداد کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ بحر احمر کے شہر حدیدہ میں فوجیوں کی تعداد کم کرنے کے لیے ہمارے پاس اسٹریٹجک وجوہات ہیں۔

    انہوں نے یمن حکومت اور سعودی اتحاد کے لیے یو اے ای کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ فوجیوں کی دوبارہ تعیناتی پر ایک سال سے زائد عرصے سے تبادلہ خیال ہورہا ہے۔

    اماراتی عہدیدار نے کہا کہ یمن کے 90 ہزار سپاہیوں کی عسکری تربیت مکمل ہورہی ہے جس کے بعد بعض علاقوں میں پیدا ہونے والے خلا کو پر کیا جاسکے گا، یو اے ای یمن میں ملٹری اسٹریٹیجی کو ملک میں امن و امان کے منصوبے پر منتقل کرنے کے لیے کام کررہا ہے۔

    مزید پڑھیں: عرب اتحادی فورسز نے حوثیوں کا ڈرون طیارہ مار گرایا

    دوسری جانب عرب اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات دونوں یمن میں اپنے مقاصد کے حصول کے لیے پرعزم ہیں۔

    کرنل ترکی المالکی نے کہا کہ اتحاد میں شامل متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک اپنے آپریشن اور اسٹریٹجک مقاصد کے حصول کو جاری رکھیں۔

    یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات سعودی اتحادی فوج کا اہم شراکت دار ہے، جس نے 2015 میں یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے خلاف صدر عبدریہ منصور بادی کی بین الاقوامی تسلیم شدہ حکومت کی حمایت میں مداخلت کی تھی۔

  • دبئی، گاڑی پارک کرنے پر جھگڑا، نوجوان نے خاتون کا ہاتھ توڑ دیا

    دبئی، گاڑی پارک کرنے پر جھگڑا، نوجوان نے خاتون کا ہاتھ توڑ دیا

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں گاڑی پارک کرنے پر جھگڑا ہوا جس پر نوجوان نے خاتون کا ہاتھ توڑ دیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق دبئی میں مقیم غیرملکی نوجوان نے شاپنگ مال کے پارکنگ ایریا میں گاڑی کھڑی کرنے پر جھگڑے کے دوران خاتون کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا کر اس کا ہاتھ توڑ دیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاتون پارکنگ ایریا میں غلط لین میں چلی گئی تو اس نے گاڑی صحیح طریقے سے پارک کرنے کے لیے ریورس کی تو وہاں موجود گاڑی میں بیٹھا نوجوان اپنی گاڑی پارک کرنے کے لیے ہارن دینے لگا۔

    خاتون نے اسے انتظار کرنے کوکہا اس پر نوجوان خاتون کا مذاق اڑانے لگا، عرب خاتون نے جب نوجوان کو مذاق اڑاتے دیکھا تو گاڑی سے اتر کر اس کے پاس گئی اور پوچھا کہ وہ اس کی بے عزتی کیوں کررہا ہے۔

    ملزم بھی گاڑی سے باہر نکل آیا اور خاتون کو دھکا دے کر نیچے گرادیا، خاتون نے ملزم کی گاڑی کی نمبر پلیٹ کی تصویر کھینچنے کی کوشش کی تاکہ پولیس کو شکایت درج کراسکے۔

    مزید پڑھیں: ابوظبی، نشے میں دھت خاتون کا پولیس اہلکار پر حملہ

    غیرملکی نوجوان یہ دیکھ کر مشتعل ہوگیا اور خاتون پر تشدد کرکے اس کا ہاتھ توڑ دیا، خاتون کی چیخ و پکار پر وہاں لوگ جمع ہوگئے اور نوجوان کو روکنے کی کوشش کی تو وہ موقع سے فرار ہوگیا۔

    بعدازاں خاتون کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں سے اسے بتایا کہ اس حملے کے باعث اس کے ہاتھ کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے۔

    عرب خاتون نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ہاتھ میں فریکچر کے سبب اسے نوکری سے بھی نکال دیا گیا ہے۔

    شاپنگ مال کی پارکنگ میں نصب کیمرے کی ویڈیو بھی عدالت میں پیش کی گئی، اس واقعے کی اگلی سماعت کچھ روز کے لیے ملتوی کردی گئی ہے۔

  • ابوظبی: نوجوان کو اپنے دوست کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنا مہنگا پڑ گیا

    ابوظبی: نوجوان کو اپنے دوست کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنا مہنگا پڑ گیا

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں عدالت نے ایک عرب نوجوان کو اپنے دوست کی تصویر اس کی مرضی کے بغیر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے جرم میں بھاری جرمانے کی سزا سنادی۔

    عرب میڈیا کے مطابق نوجوان نے اپنے دوست کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ دوست نے پیشگی اجازت کے بغیر اس کی نجی نوعیت کی تصویر سوشل میڈیا پر جاری کرکے اماراتی سائبر قوانین کی خلاف ورزی کی ہے اس لیے اس پر جرمانہ عائد کیا جائے۔

    عدالت نے نوجوان کو قصور وار ٹھہراتے ہوئے 10 ہزار درہم جرمانہ عائد کیا اور 21 ہزار درہم ہرجانے کی مد میں دوست کو ادا کرنے کا حکم سنایا۔

    ابوظبی کی عدالت نے ملزم کو مقدمے پر اٹھنے والے تمام اخراجات کی ادائیگی کا بھی حکم سنایا۔

    مزید پڑھیں: ابوظبی: نوجوان کو سوشل میڈیا پرمزاحیہ ویڈیو شیئر کرنا مہنگا پڑ گیا

    ملزم نے اس فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدالت میں اپیل دائر کی جس میں اس نے ایک دستاویز پیش کرکے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ اس نے اپنے دوست کی جو تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی اسے وہ خود بھی سوشل میڈیا پر پہلے ہی شیئر کرچکا ہے۔

    عدالت نے ملزم پر عائد جرمانہ برقرار رکھتے ہوئے اسے مجموعی طور پر 31 ہزار درہم کی ادائیگی کا حکم سنایا۔

    واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں انفاریشن ٹیکنالوجی جرائم کے انسداد کا قانون جاری کیا تھا جس کے تحت کسی شخص کی نجی نوعیت کی تصویر یا ویڈیو سوشل میڈیا پر بغیر اجازت کے شیئر کرنا جرم ہے۔