Tag: یو اے ای

یو اے ای

متحدہ عرب امارات سے تازہ ترین خبریں اور معلومات

یو اے ای

  • متحدہ عرب امارات، 400 سے زائد اساتذہ نے استعفیٰ دے دیا

    متحدہ عرب امارات، 400 سے زائد اساتذہ نے استعفیٰ دے دیا

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں 425 اساتذہ اور دیگر انتظامی اسٹاف نے استعفیٰ دے دیا جن میں مقامی اور غیرملکی مرد و خواتین شامل ہیں۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت تعلیم نے 425 اساتذہ اور دیگر انتظامی اسٹاف کے استعفے منظور کرلیے، رواں سال گزشتہ سال کی نسبت کم لوگوں نے درس و تدریس سے کنارہ کشی اختیار کی ہے۔

    وزارت تعلیم کے مطابق ہر سال سیکڑوں اساتذہ اپنی سروس کے اختتام پر یا گھریلو مجبوریوں کی بنا پر ملازمت چھوڑ دیتے ہیں، رواں سال 425 اساتذہ نے ملازمت سے استعفے دئیے جن میں غیرملکی افراد کی تعداد 177 ہے جبکہ اماراتی افراد کی تعداد 248 ہے۔

    وزارت تعلیم کے مطابق ملازمت کی مدت ختم ہونے یا دیگر وجوہات کی بنا پر تدریس کا پیشہ چھوڑنے والوں میں اساتذہ کے علاوہ دیگر انتظامی عملہ بھی شامل ہے۔

    رپورٹ کے مطابق غیرملکی اور مقامی افراد پر مشتمل جن اساتذہ نے استعفے دئیے ہیں انہوں نے کچھ عرصہ قبل استعفے جمع کرائے تھے جو وزارت تعلیم کی جانب سے منظور کرلیے گئے ہیں۔

    وزارت تعلیم کے مطابق تمام اساتذہ کی ملازمت کی ذمہ داریاں اسی وقت ختم ہوں گی، جب رواں تعلیمی سال کا اختتام ہوگا تاکہ طلبا کی پڑھائی کا عمل متاثر نہ ہو۔

    واضح رہے کہ 2017-18 کے تعلیمی سال کے دوران وزارت تعلیم کی جانب سے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق متحدہ عرب امارات میں سرکاری اور نجی اسکولوں میں اساتذہ کی تعداد 70.016 ہے۔

  • یو اے ای کا غیرملکیوں کو کاروبار کے مکمل مالکانہ حقوق دینے کا اعلان

    یو اے ای کا غیرملکیوں کو کاروبار کے مکمل مالکانہ حقوق دینے کا اعلان

    ابوظہبی : متحدہ عرب امارات نے غیرملکیوں کو کاروبار کے مکمل مالکانہ حقوق دینے کا اعلان کردیا ، اماراتی وزیراعظم نے کہا غیر ملکی افراد کو کاروباری اداروں کا مکمل انتظام اپنے پاس رکھنے کی اجازت حاصل ہوجائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے ملک میں دہائیوں سے عائد پابندی اٹھاتے ہوئے غیر ملکیوں کو تجارتی مراکز پر مکمل مالکانہ حقوق تفویض کرنے کا فیصلہ کرلیا، اس پابندی کے خاتمے کے بعد غیر ملکی افراد کو کاروباری اداروں کا مکمل انتظام اپنے پاس رکھنے کی اجازت حاصل ہوجائے گی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ابوظہبی میں میری صدارت میں ہونے والے کابینہ اجلاس میں 122 معاشی سرگرمیوں میں 100 فیصد غیر ملکی ملکیت کی منظوری دے دی گئی۔

    اس اعلان سے دہائیوں قبل نافذ کی گئی پابندی کا خاتمہ ہوگیا جس کے تحت غیر ملکیوں کو صرف 49 فیصد مالکانہ حقوق حاصل ہوتے تھے۔

    شیخ محمد بن راشد المکتوم کا مزید کہنا تھا کہ اس اجازت کا اطلاق زراعت، مینوفیکچرنگ، متبادل توانائی، ای کامرس ٹرانسپورٹ، ایئرپورٹس، تعمیرات اور انٹرٹینمنٹ کے شعبوں میں ہوگا۔7 عرب ریاستوں پر مشتمل متحدہ عرب امارات میں اہم کاروباری شعبوں میں غیر ملکی ملکیت کے بارے میں فیصلہ خود یو اے ای حکومت کرے گی۔

    شیخ محمد المکتوم کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے یو اے ای کی معیشت کے دروازے تمام قومیتوں کے کھلیں گے، جس سے یہ عالمی سرمایہ کاری کا بہترین مقام بن جائے گا۔دنیائے عرب کی سب سے متنوع اور دوسری بڑی کابینہ نے ابتدائی طور پر انتہائی اہم 13 معاشی شعبہ جات کی اجازت دی ہے۔

    خیال رہے متحدہ عرب امارات کا دارالحکومت ابو ظہبی تیل کے وسیع ترین وسائل سے مالامال ہے جس کی روزانہ کی پیداوار 30 لاکھ بیرل ہے۔اس کے علاوہ عرب دنیا میں متحدہ عرب امارات براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری وصول کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے جس کو گزشتہ برس اس مد میں 11 ارب ڈالر حاصل ہوئے۔

  • ابوظبی: ملازم کو قتل کرنے والے کمپنی منیجر کو دس سال قید کی سزا

    ابوظبی: ملازم کو قتل کرنے والے کمپنی منیجر کو دس سال قید کی سزا

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں ملازم کو قتل کرنے والے پرائیویٹ کمپنی کے منیجر کو دس سال قید کی سزا سنادی گئی۔

    عرب میڈیا کے مطابق ابوظبی کی عدالت نے ملازم کے قتل میں ملوث پرائیویٹ کمپنی کے منیجر کو جرم ثابت ہونے پر دس سال قید اور 2 لاکھ درہم خون بہا کی رقم ادا کرنے کی سزا سنادی۔

    رپورٹ کے مطابق منیجر نے ملازم کو آفس کا کوئی کام دیا تھا جسے مقتول نے کرنے سے انکار کردیا جس کے بعد کمپنی منیجر نے اسے سمندر میں پھینک کر قتل کردیا۔

    عدالتی ریکارڈ کے مطابق دونوں آپس میں دوست اور اپنے ملک میں ایک ہی گاؤں سے تعلق رکھتے تھے۔

    مقتول اور مجرم ابوظبی میں ایک پرائیویٹ کمپنی میں نوکری کررہے تھے، مجرم اس کمپنی میں منیجر کے طور پر تعینات ہوا اور مقتول اسی کی ٹیم کا حصہ تھا۔

    مزید پڑھیں: دبئی: اپنے ہی بچوں‌کو قتل کرنے کی کوشش، سنگ دل ماں کو پانچ سال قید کی سزا

    رپورٹ کے مطابق کمپنی منیجر اپنے تین آفس کے دوستوں کے ہمراہ فشنگ کے لیے گھومنے گئے تھے جہاں کمپنی منیجر نے ملازم کو سمندر میں پھینک دیا۔

    ایک ملازم کے مطابق مقتول کو تیراکی نہیں آتی ہے جس کے سبب وہ جاں بحق ہوا، عدالت کی جانب سے ایک اور ملازم پر بھی جرمانہ عائد کیا گیا ہے جس نے واقعے سے متعلق پولیس کو آگاہ نہیں کیا تھا۔

    پبلک پراسیکیوٹر کی جانب سے مجرم کے لیے سزائے موت تجویز کی گئی تھی۔

    بعدازاں ابوظبی کی عدالت نے مجرم کو دس سال قید کی سزا اور مقتول کے ورثا کو 2 لاکھ درہم خون بہا کی رقم ادا کرنے کا حکم دیا۔

  • بچوں کو گاڑی میں بھول جانے پر 10 لاکھ درہم جرمانہ اور 10 سال قید کی سزا

    بچوں کو گاڑی میں بھول جانے پر 10 لاکھ درہم جرمانہ اور 10 سال قید کی سزا

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں بچوں کو گاڑی میں بھول جانے پر ایک ملین درہم جرمانہ اور 10 سال قید کی سزا بھگتنا پڑے گی۔

    عرب میڈیا کے مطابق والدین اور اسکول بس ڈرائیور کی جانب سے گاڑی میں بچوں کو بھول جانے کے سبب بچوں کی اموات ہوئی تھی جس کے بعد امارات میں چائلڈ رائٹس قانون کے تحت سزا اور جرمانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    شارجہ میں چند روز قبل والد کی جانب سے دو سالہ بچے کو گاڑی میں بھولنے کے سبب معصوم بچہ زندگی و موت کی کشمکش میں اسپتال میں زیر علاج ہے۔

    رپورٹ کے مطابق والد بچے کو لے کر جمعہ کی نماز پڑھنے گئے اور جب واپس آئے تو گاڑی لاک کرکے گھر کے اندر چلے گئے چند گھنٹے بعد جب انہیں احساس ہوا کہ بچہ موجود نہیں ہے تو وہ گاڑی کی جانب سے روانہ ہوئے، معصوم بچے کو بیہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    مزید پڑھیں: دبئی کی اسکول بس میں بند ہوجانے سے 6 سالہ بچہ جاں بحق

    پولیس کے مطابق بچے کو القاسم اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے لیکن اس کی حالت تشویش ناک ہے، واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے بظاہر اس میں والد کی لاپرواہی ظاہر ہورہی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ دبئی کی اسکول بس میں بند ہوجانے سے ایک بچہ زندگی کی بازی ہار گیا تھا، فرحان فیصل اسلامیہ مدرسے میں تحفیظ القرآن کی تعلیم حاصل کررہا تھا بچے کی موت بس میں شدید حبس کے باعث ہوئی۔

    یاد رہے کہ اکتوبر 2014 میں بھی ابوظبی میں 4 سالہ بھارتی بچی اسکول بس کا دروازہ بند ہونے کے باعث زندگی کی بازی ہار گئی تھی۔

  • ابوظبی، دو اسکول بسوں میں تصادم، 9 طالب علم زخمی، اسپتال منتقل

    ابوظبی، دو اسکول بسوں میں تصادم، 9 طالب علم زخمی، اسپتال منتقل

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں دو مختلف حادثات میں اسکول بسیں حادثے کا شکار ہوگئیں، جس کے نتیجے میں 9 طالب علم زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظبی میں دو مختلف حادثات کے نتیجے میں 9 طالب علم زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے مقامی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق پہلا حادثہ الریم آئی لینڈ کے قریب پیش آیا جہاں اسکول بس تیز رفتار کار سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں 6 بچے زخمی ہوئے۔

    دوسرا حادثہ الرہا ساحل روڈ پر پیش آیا جہاں کار اور اسکول بس میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں تین اماراتی بچوں سمیت 2 خواتین زخمی ہوئیں۔

    بریگیڈیئر جنرل سہیل الخلیلی نے گزشتہ روز اسپتال کا دورہ کیا اور اسپتال انتظامیہ کو بچوں کی جلد صحت یابی کی ہدایت کی۔

    مزید پڑھیں: متحدہ عرب امارات، خوفناک ٹریفک حادثے میں 4 بچوں کی ماں جاں بحق

    الخلیلی کا کہنا تھا کہ ابوظبی پولیس کو ہدایت کی کہ وہ حادثات کی روک تھام کے لیے آگاہی مہم چلائیں تاکہ حادثات کی روک تھام میں مدد مل سکے۔

    ان کا کہنا تھا کہ شہری گاڑی چلاتے ہوئے قانون پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال نہ کریں، اسپیڈ لمٹ کا بھی خیال رکھا جائے۔

    واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں حادثات میں اضافہ ہوا ہے، چند روز قبل بھی راس الخیمہ میں خوفناک تصادم میں تین بچے اور خاتون جاں بحق ہوگئی تھیں۔

    اس سے قبل دبئی میں سیاحوں کی بس کو خطرناک حادثہ پیش آیا تھا جس کے تنیجے میں 17 سیاح ہلاک ہوگئے تھے جن میں دو پاکستانی بھی شامل تھے۔

  • متحدہ عرب امارات حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی

    متحدہ عرب امارات حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی

    دبئی: متحدہ عرب امارات حکومت نے ماہ جولائی کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات حکومت نے ماہ جولائی کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کی ہے، سپر 98 پیٹرول کی قیمتوں میں 2.30 درہم فی لیٹر کمی کی گئی ہے جبکہ ماہ جون میں 2.53 اضافہ کیا گیا تھا۔

    اسپیشل 95 پیٹرول کی قیمتوں میں 2.18 درہم کمی کی گئی ہے، گزشتہ ماہ 2.42 اضافہ کیا گیا تھا۔

    ایک لیٹر ڈیزل کی قیمت میں 2.35 درہم کمی کی گئی ہے، ماہ جون میں 2.56 درہم اضافہ کیا گیا تھا۔

    پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔

    واضح‌ رہے کہ گزشتہ ماہ عالمی منڈی میں‌ پیٹرول کی قیمتوں‌ میں‌ اضافے کے سبب متحدہ عرب امارات حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں‌ میں‌ اضافہ کیا تھا.

  • ابوظبی، نشے میں دھت خاتون کا پولیس اہلکار پر حملہ

    ابوظبی، نشے میں دھت خاتون کا پولیس اہلکار پر حملہ

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں نشے میں دھت خاتون نے پولیس اہلکار پر حملہ کردیا اور اس کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا۔

    عرب میڈیا کے مطابق ابوظبی کی عدالت میں پولیس اہلکار پر حملے کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں خاتون نے نشے میں دھت ہوکر بغیر لائسنس گاڑی چلانے کا اعتراف کیا۔

    [bs-quote quote=”خاتون نے عدالت میں بغیر لائسنس نشے میں دھت ہوکر گاڑی چلانے کا اعتراف کرلیا” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    خاتون پر الزام ہے کہ اس پر ابوظبی میں پولیس اہلکار پر حملہ اور گاڑی کے شیشے کو نقصان پہنچایا۔

    خاتون نے عدالت میں بغیر لائسنس نشے میں دھت ہوکر گاڑی چلانے کا اعتراف تو کیا تاہم اپنے اوپر عائد پولیس اہلکار پر حملے اور پولیس گاڑی کے شیشے کو نقصان پہنچانے کے الزام کو مسترد کردیا۔

    پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ خاتون کو مذکورہ واقعے کے حوالے سے کچھ بھی یاد نہیں ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ وہ نشے میں دھت ہوکر گاڑی چلارہی تھیں۔

    خاتون کے وکیل کا کہنا تھا کہ خاتون کو شراب کا لائسنس حاصل کرنے کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ وہ مسلمان نہیں ہے اور اس کا اطلاق خاتون پر نہیں ہوتا۔

    خاتون نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ وہ 6 سال سے متحدہ عرب امارات میں رہائش پذیر ہے اور یہاں کے قانون پر ہر صورت عملدرآمد کرتی ہے اور نہ ہی ان کا کوئی کرمنل ریکارڈ ہے۔

    ملزمہ کا کہنا تھا کہ جب تک عدالت میں کیس چل رہا ہے مجھے ریلیف فراہم کیا جائے۔

  • متحدہ عرب امارات، خوفناک ٹریفک حادثے میں 4 بچوں کی ماں جاں بحق

    متحدہ عرب امارات، خوفناک ٹریفک حادثے میں 4 بچوں کی ماں جاں بحق

    راس الخیمہ: متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں خوفناک ٹریفک حادثے میں 4 بچوں کی ماں جاں بحق ہوگئیں۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق راس الخیمہ کے علاقے شام میں 32 سالہ اماراتی خاتون ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئی جبکہ ان کی دوست 29 سالہ خاتون کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    راس الخیمہ پولیس کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والی خاتون کے جسم پر متعدد چوٹیں آئی ہیں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق حادثے میں جاں بحق خاتون کی شناخت فاطمہ کے نام سے ہوئی ہیں، وہ ایک اسکول میں ٹیچر تھیں اور ان کے چار بچے تھے ان کی سب سے چھوٹی بچی 3 ماہ کی ہیں۔

    شام پولیس اسٹیشن کے چیف کرنل عبداللہ سعید القیس کا کہنا تھا کہ ہمیں ٹریفک حادثے کی اطلاع صبح 7:45 منٹ پر ملی۔

    مزید پڑھیں: متحدہ عرب امارات، 2 سالہ بچی ٹریفک حادثے میں جاں بحق

    ٹریفک پولیس، ایمبولینس، فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور حادثے میں زخمی اور جاں بحق خاتون کو اسپتال منتقل کیا۔

    حادثے خاتون ڈرائیور کی جانب سے اسٹیئرنگ پر کنٹرول نہ کرنے کے سبب پیش آیا اور تیز رفتار گاڑی روڈ کے بیریئر سے جاٹکرائی۔

    جاں بحق خاتون فاطمہ کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا۔

    بریگیڈیئر احمد النقبی کا کہنا تھا کہ خواتین و حضرات دوران ڈرائیونگ اسپیڈ لمٹ کا خیال کریں اور روڈ پر فوکس کریں اور دوران ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال نہ کریں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز راس الخیمہ میں ہی ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 2 سالہ بچی جان کی بازی ہار گئی تھی جبکہ اس کے والد اور والدہ کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

  • متحدہ عرب امارات، 2 سالہ بچی ٹریفک حادثے میں جاں بحق

    متحدہ عرب امارات، 2 سالہ بچی ٹریفک حادثے میں جاں بحق

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں خوفناک ٹریفک حادثے میں 2 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی اور اس کے والدین زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں مسجد کے پیش امام کی 2 سالہ بیٹی جاں بحق ہوگئی جبکہ پیش امام اور ان کی اہلیہ زخمی ہیں۔

    پولیس کے مطابق حادثہ راس الخیمہ کے چھ کلو میٹر دوری پر پیش آیا، گاڑی تیز رفتاری کے سبب متعدد بار قلابازیاں کھاتی ہوئی دور جاگری۔

    حادثہ 14 جون کو پیش آیا، دو سالہ معصوم بچی زلفا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے گزشتہ روز انتقال کرگئی جبکہ ان کے والدین کو سقر اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    مزید پڑھیں: دبئی میں خوفناک ٹریفک حادثہ، دو پاکستانی سمیت 17 ہلاک

    ڈاکٹرز کے مطابق زلفا کو ایک ہفتے تک انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا اس کے سر پر گہری چھوٹ لگی جس کے سبب وہ جانبر نہ ہوسکی۔

    ڈاکٹرز کے مطابق زلفا کے والدین کی حالت خطرے سے باہر ہیں آئندہ چند روز میں انہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا جائے گا۔

    رپورٹ کے مطابق زلفا والدین کی اکلوتی بیٹی تھی، معصوم بچی کی نعش کو ورثا کے حوالے کردیا گیا۔

    واضح رہے کہ رواں سال 8 جون کو دبئی میں خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں دو پاکستانی شہری سمیت 17 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ ابوظبی کے ضلع الفلاح میں عید کے پہلے روز ٹریفک حادثے میں تین بچے اور خاتون جاں بحق ہوگئی تھیں، حادثہ تیز رفتاری کے سبب پیش آیا تھا۔

  • ابوظبی: بیرون ملک فرار کی کوشش ناکام، 600 ملین درہم چرانے والا بینک ملازم گرفتار

    ابوظبی: بیرون ملک فرار کی کوشش ناکام، 600 ملین درہم چرانے والا بینک ملازم گرفتار

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں 600 ملین درہم چرا کر بھاگنے والے بینک ملازم کو جہاز سے گرفتار کرکے اس کی بیرون ملک فرار کی کوشش ناکام بنادی گئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ابوظبی میں 600 ملین درہم چرانے پر نوکری سے نکالے جانے والے ملازم کو پولیس نے جہاز سے گرفتار کرلیا، ملزم ملک چھوڑ کر بھاگ رہا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق پولیس نے ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے ملزم کا نام بلیک لسٹ شامل میں ہونے پر اسے حراست میں لیا، اس کا نام 15000 درہم کا چیک باؤنس ہونے پر بلیک لسٹ میں شامل کیا گیا تھا۔

    ملزم نے بینک سے 600 ملین درہم کا فراڈ کرکے مذکورہ رقم آن لائن کے ذریعے دوسرے ممالک کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی تھی، ملزم نے یہ کارروائی شام کے دوران کی جب بینک کے الیکٹرانک سسٹم ایک دن کے لیے بند تھے۔

    مزید پڑھیں: دبئی: جعلی چیک کے ذریعے مہنگی گاڑیاں خریدنے والا عرب شہری گرفتار

    ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے ہاتھوں گرفتار ہونے کے بعد ملزم نے خود کو بینک کا ایک سینئر ملازم ٖظاہر کیا، اس نے کہا کہ میں چیک باؤنس کی رقم دینے کو تیار ہوں مجھے جانے دیا جائے۔

    سیکیورٹی فورس نے مذکورہ شخص کو پیش کش کو مسترد کرتے ہوئے اسے پبلک پراسیکیوٹر کے سامنے پیش کرنے کو کہا، بعدازاں پراسیکیوٹر کی جانب سے تفتیش کرنے پر پتا چلا کہ اس نے ایک بینک سے 600 ملین درہم کی رقم چرا کر بیرون ملک منتقل کردی ہے۔

    ابوظبی کی عدالت میں اگر مذکورہ شخص پر جرم ثابت ہوجاتا ہے تو اسے 15 سال قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔

    ملزم کی جانب سے کورٹ میں اپیل کرنے پر سزا میں 7 سال تک کمی ہوسکتی ہے تاہم وہ اگر 600 ملین درہم کی رقم بینک کو واپس کردیتا ہے تو ملزم کو سزا پوری کرنے کے بعد ڈی پورٹ کردیا جائے گا۔