Tag: یو اے ای

یو اے ای

متحدہ عرب امارات سے تازہ ترین خبریں اور معلومات

یو اے ای

  • متحدہ عرب امارات، نوجوانوں کے لیے مفت ویزا پالیسی متعارف

    متحدہ عرب امارات، نوجوانوں کے لیے مفت ویزا پالیسی متعارف

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات نے 18 سال یا اس سے کم عمر نوجوانوں کے لیے مفت ویزا پالیسی متعارف کرادی۔

    عرب میڈیا کے مطابق نوجوانوں یا نابالغ افراد کے لیے مفت ویزا پالیسی کی مدت 2 ماہ تک جاری رہے گی اور دنیا کے تمام ممالک کے افراد اس سہولت سے استفادہ کرسکیں گے۔

    پالیسی کے مطابق 15 جولائی سے 15 ستمبر تک دنیا بھر کے 18 برس یا اس سے کم عمر کے نوجوانوں کو متحدہ عرب امارات کا ویزا حاصل کرنے کے لیے کوئی فیس ادا نہیں کرنی ہوگی۔

    متحدہ عرب امارات میں لوگوں نے اسے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے امارات اور خلیجی ممالک میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔

    مزید پڑھیں: دبئی: غیر ملکیوں کے لیے نئی ویزا پالیسی متعارف

    خیال کیا جارہا ہے کہ گرمیوں میں دو ماہ کے لیے مفت ویزا سے پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور دیگر قریبی ممالک سے بڑی تعداد میں لوگ متحدہ عرب امارات پہنچیں گے۔

    واضح رہے کہ حکومت نے ہر سال دو ماہ کے لیے 18 سال یا اس سے کم عمر افراد کے لیے مفت ویزا پالیسی کا اعلان گزشتہ سال کیا تھا اور رواں برس اس کا اطلاق کیا جارہا ہے۔

    حکام کو توقع ہے کہ دو ماہ کے لیے مفت ویزا پالیسی سے متحدہ عرب امارات میں سیاحت میں اضافہ ہوگا۔

  • ابوظبی پولیس کی کارروائی، منشیات کی بڑی کھیپ پکڑی گئی

    ابوظبی پولیس کی کارروائی، منشیات کی بڑی کھیپ پکڑی گئی

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی بڑی کھیپ پکڑلی۔

    عرب میڈیا کے مطابق ابوظبی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 430 کلو گرام ہیئروئن اور آئس ہیروئن برآمد کرلی، ہیروئن کو گاڑی کے مختلف پارٹس میں چھپایا گیا تھا۔

    دوسری جانب پولیس نے ملک کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 12 ایشیائی شہریوں کو بھی گرفتار کیا ہے جن کے قبضے سے 5 لاکھ منشیات کے کیپسول برآمد کرلیے گئے۔

    کرنل طاہر ال داہری کا کہنا تھا کہ منشیات فروشوں نے نوجوانوں کو ٹارگٹ کیا ہوا ہے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ان کے مذموم مقاصد ناکام بنائے۔

    https://www.facebook.com/ADPoliceHQ/videos/392578308071814/

    کرنل طاہر کے مطابق پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن شروع کررکھا ہے جس کو ’پین فل‘ اسٹرائیک کا نام دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران منشیات کی یہ دوسری بڑی کھیپ پکڑی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں: ابوظبی پولیس نے 2 ہزار کروڑ درہم مالیت کی منشیات ضبط کرلی

    یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں اماراتی پولیس نے انسداد منشیات مہم کے تحت سال 2018 کے دوران ضبط کی گئی 2 ہزار کروڑ درہم مالیت کی ایک ہزار کلو منشیات تلف کی تھی۔

    پولیس نے گزشتہ برس اکتوبر میں ایک آپریشن کیا تھا جس میں پولیس نے 17 کلو منشیات ضبط کرکے 5 ایشیائی شہریوں کو گرفتار کیا تھا، ملزمان ملک بھر میں مبینہ طور پر نوجوانوں کو منشیات سپلائی کرتے تھے۔

  • دبئی کی اسکول بس میں بند ہوجانے سے 6 سالہ بچہ جاں بحق

    دبئی کی اسکول بس میں بند ہوجانے سے 6 سالہ بچہ جاں بحق

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کی اسکول بس میں بند ہوجانے کے باعث ایک بچہ زندگی کی بازی ہار گیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بس عملے کی غفلت کا نشانہ بننے والے 6 سالہ بچے کی شناخت محمد فرحان فیصل کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق بھارتی ریاست کیرالا سے ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بچہ اسلامیہ مدرسے سے مرکز تحفیظ القرآن سے دینی تعلیم حاصل کررہا تھا، بچے کی موت بس میں شدید حبس کے باعث ہوئی۔

    بچے کے والدین کا کہنا ہے کہ وہ صبح مدرسے جانے کے لیے بس میں سوار ہوا، صبح آٹھ بجے اس کے ساتھی طالب علم باہر آگئے مگر شاید نیند کے باعث وہ اپنی سیٹ پر سوتا رہا، ڈرائیور اور کنڈیکٹر نے بھی بس کو چیک کرنے میں لاپرواہی کا مظاہرہ کیا جس کے باعث اس کی حالت بگڑ گئی اور وہ انتقال کرگیا۔

    بس ڈرائیور کو بس میں بچے کی موجودگی کے بارے میں اس وقت پتا چلا جب وہ تین بجے کے قریب بچوں کو چھٹی کے وقت گھر لے جانے کے لیے بس میں سوار ہوا۔

    مزید پڑھیں: دبئی: اسکول بس ڈرائیور کی غفلت، بچے حادثے سے بال بال بچ گئے

    ڈرائیور نے فوری طور پر ایمبولینس کو طلب کیا تاہم بچے کو جب اسپتال لے جایا گیا تو وہاں اس کی موت کی تصدیق کردی گئی۔

    چھ سالہ فرحان کی میت کو ضروری میڈیکل کارروائی والدین کے حوالے کردی گئی۔

    محمد فرحان اپنے تین بچوں میں سب سے چھوٹا تھا جس نے تحفیظ القرآن کے مرکز میں اسی سال داخلہ لیا تھا، اس کے والدین طویل عرصے سے دبئی کے علاقے کراما میں مقیم تھے۔

    یاد رہے کہ اکتوبر 2014 میں بھی ابوظبی میں 4 سالہ بھارتی بچی اسکول بس کا دروازہ بند ہونے کے باعث زندگی کی بازی ہار گئی تھی۔

  • یمن جنگ کے خاتمے کے لیے جرمنی اور متحدہ عرب امارات سرگرم

    یمن جنگ کے خاتمے کے لیے جرمنی اور متحدہ عرب امارات سرگرم

    ابوظہبی: یمن میں سالوں سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے جرمنی اور متحدہ عرب امارات کا مشترکہ کوششوں اور حکمت عملی پر اتفاق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی اور متحدہ عرب امارات حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف اور یمن میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے مل کر کام کریں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گذشتہ روز جرمن چانسلر انجیلا مرکل اور یو اے ای کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان نے جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ملاقات کی اس دوران یہ فیصلہ کیا گیا۔

    دوسری جانب امارات نے 10 کروڑ ڈالر سے یمن میں پاور اسٹیشن بنانے کا اعلان کیا ہے، یہ اسٹیشن 2019 کے اواخر میں کام شروع کر دے گا اور اس سے 25 لاکھ کے قریب یمنی شہری مستفید ہوں گے۔

    متحدہ عرب امارات میں خلیفہ بن زاید آل نہیان فاؤنڈیشن نے یمن کی بجلی کی وزارت کے ساتھ ایک سمجھوتے پر دستخط کیے ہیں۔ اس کے تحت یمن کے جنوبی شہر عدن میں 10 کروڑ ڈالر لاگت سے بجلی کا پاور اسٹیشن بنایا جائے گا۔

    الحدیدہ میں حوثیوں کی عسکری سرگرمیاں بدستور جاری ہیں: اقوام متحدہ

    خلیفہ بن زاید آل نہیان فاؤنڈیشن کے نائب سربراہ حمد جمعہ الزعابی کے مطابق اس پاور اسٹیشن کی پیداواری طاقت 120 میگا واٹ ہو گی۔ یہ اسٹیشن 2019 کے اواخر میں کام شروع کر دے گا اور اس سے 25 لاکھ کے قریب یمنی شہری مستفید ہوں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ یمن میں تعمیر نو کے عمل میں اقتصادی اور انسانی بحرانات کے حوالے سے بڑے چیلنجوں کا سامنا ہے۔

  • خلیج عمان میں 2 تیل بردار بحری جہازوں پر حملہ، آگ بھڑک اُٹھی

    خلیج عمان میں 2 تیل بردار بحری جہازوں پر حملہ، آگ بھڑک اُٹھی

    دبئی: خلیج عمان میں دو تیل بردار بحری جہازوں پر حملہ ہوا جس کے بعد ایک بحری جہاز میں آگ بھڑک اُٹھی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 2 بحری جہاز متحدہ عرب امارات میں تیل بھروانے کے بعد سنگاپور کی طرف جارہے تھے کہ اس دوران خلیج عمان میں دونوں تیل بردار جہازوں پر حملہ کیا گیا جس کے بعد ایک جہاز میں آگ لگ گئی تاہم دونوں بحری جہازوں سے عملے کو باحفاظت نکال لیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے، جہاز پر سوار عملے کے 23 ارکان خیریت سے ہیں جنہیں قریبی دوسرے بحری جہاز پر منتقل کردیا گیا ہے، عملے کے زیادہ تر افراد کا تعلق روس، جارجیا اور فلپائن سے ہے۔

    ایک بحری جہاز مارشل آئی لینڈ کے پرچم تلے سفر کررہا تھا اور ناروے کی فرنٹ لائن نامی جہاز ران کمپنی کے بیڑے میں شامل ہے، فرنٹ آلٹیٹر پر یو اے ای کے الفجیرہ نامی بندرگاہ سے تیل بھرا گیا تھا۔

    حملے کا نشانہ بننے والا دوسرا بحری جہاز جاپانی کمپنی کا تھا اور اس پر میتھنول لدا ہوا تھا، جہاز بیرہائرڈ شلئے نامی شپنگ کمپنی کی ملکیت ہے اور جہاز کے دائیں حصے کو نقصان پہنچا ہے۔

    مزید پڑھیں: یو اے ای کی سمندری حدود میں دو تیل بردار سعودی بحری جہازوں پر حملہ

    دوسری جانب امریکی نیوی کا کہنا ہے کہ انہیں خلیج عمان میں سفر کرنے والے تیل کی ترسیل کے دو بحری جہازوں کی جانب سے ہنگامی مدد کی کال موصول ہوئی تھی، ان بحری جہازوں کو مبینہ طور پر حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

    امریکی نیوی کا کہنا ہے کہ متاثرہ جہازوں کی مدد میں مصروف ہیں، برطانوی نیوی کی جانب سے بھی تیل بردار بحری جہازوں پر حملے کی تصدیق کی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ ایک ماہ قبل بھی خلیج عمان میں اسی طرح کے حملے میں 4 بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

  • متحدہ عرب امارات، ٹریفک حادثے میں عرب خاتون جاں بحق

    متحدہ عرب امارات، ٹریفک حادثے میں عرب خاتون جاں بحق

    راس الخیمہ: متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں عرب خاتون جاں بحق ہوگئیں۔

    عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ کے علاقے خزام میں عرب خاتون تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئیں، خاتون نے پیڈسٹرین برج کا استعمال ترک کرکے روڈ کراس کیا جس کے سبب حادثہ رونما ہوا۔

    راس الخیمہ پولیس اور ایمبولینس فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچی اور خاتون کو سقر اسپتال منتقل کیا تاہم پورے جسم پر شدید چوٹیں آنے کے سبب وہ جانبر نہ ہوسکیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ عرب خاتون بیوٹی سیلون گئی تھیں جہاں سے وہ اپنا کام مکمل کرنے کے بعد روڈ کراس کررہی تھی۔

    راس الخیمہ پولیس کے مطابق خاتون کے پیڈسٹرین برج استعمال نہ کرنے اور ڈرائیور کی تیز رفتاری کی وجہ سے حادثہ پیش آیا، اسی وجہ سے خاتون اُس کی گاڑی کے سامنے آئیں اور دونوں سنبھل نہیں سکے۔

    مزید پڑھیں: دبئی میں خوفناک ٹریفک حادثہ، دو پاکستانی سمیت 17 ہلاک

    اسپتال انتظامیہ کے مطابق ضابطے کی کارروائی کے بعد خاتون کی لاش کو ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل دبئی میں خوفناک ٹریفک حادثے میں دو پاکستانی شہری سمیت 17 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں 12 کا تعلق پڑوسی ملک بھارت سے تھا، جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں دو پاکستانی، ایک آئرش اور ایک عمانی شہری شامل تھا۔

    یاد رہے کہ اماراتی دارالحکومت ابوظبی کے ضلع الفلاح میں عید کے پہلے روز خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں تین بچے اور خاتون جاں بحق ہوگئی تھی، حادثہ تیز رفتاری کے سبب پیش آیا تھا۔

  • ابوظبی، خوفناک ٹریفک حادثہ، 3 بچے اور خاتون جاں بحق

    ابوظبی، خوفناک ٹریفک حادثہ، 3 بچے اور خاتون جاں بحق

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں خوفناک ٹریفک حادثے میں خاتون سمیت 3 بچے جاں بحق ہوگئے۔

    عرب میڈیا کے مطابق ابوظبی کے ضلع الفلاح میں عید کے پہلے روز خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں تین بچے اور خاتون جاں بحق ہوگئی، حادثہ تیز رفتاری کے سبب پیش آیا۔

    رپورٹ کے مطابق حادثے میں جاں بحق خاتون بچوں کی آیا تھی، جبکہ بچوں کی والدہ کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    حادثہ تیز رفتاری کے سبب پیش آیا جب خاتون گاڑی کو کنٹرول نہیں کرسکیں اور گاڑی پول سے ٹکرا گئی۔

    حادثے میں جاں بحق ہونے والے اماراتی بچے کی عمر 15 سال جبکہ ان کی بہنوں کی عمریں 12 اور 11 سال ہیں۔

    مزید پڑھیں: شارجہ: ہولناک ٹریفک حادثہ، بھارتی سیاح جوڑا ہلاک، 5 افراد زخمی

    لیفٹیننٹ کرنل عبداللہ السعودی کا کہنا تھا کہ گاڑی چلانے والی خاتون کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہیں تھا، ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانا قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانا آرٹیکل 51 کی خلاف ورزی ہے جس کی صورت میں مذکورہ شخص کو 3 ماہ قید کی سزا اور 5 ہزار درہم جرمانے کا سامنا کرنا پڑٖتا ہے۔

    السعودی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں، گاڑی چلاتے وقت اسپیڈ لمٹ کا خیال رکھیں اور سیٹ بیلٹ کا استعمال لازمی کریں۔

    واضح رہے کہ رواں سال فروری میں شارجہ میں خطرناک ٹریفک حادثے میں بھارت سے تعلق رکھنے والا سیاح جوڑا ہلاک ہوگیا تھا جبکہ اسی خاندان کے پانچ افراد زخمی ہوئے تھے۔

  • دبئی، شیخ محمد راشد المکتوم نے عید کے پرمسرت لمحات اہل خانہ کے ساتھ گزارے، تصاویر وائرل

    دبئی، شیخ محمد راشد المکتوم نے عید کے پرمسرت لمحات اہل خانہ کے ساتھ گزارے، تصاویر وائرل

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم نے عید الفطر کے پرمسرت لمحات اہل خانہ کے ساتھ گزارے، اُن کی تصاویراور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق شیخ محمد راشد المکتوم کے بیٹے اور دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر تصویر شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شیخ محمد بن راشد المکتوم اہل خانہ کے ہمراہ عید الفطر منارہے ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    #family ❤️

    A post shared by Fazza (@faz3) on

    دوسری تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شیخ محمد بن راشد المکتوم بچے کو پشت پر اٹھا کر خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔

    شیخ محمد راشد المکتوم کی صاحب زادی شیخ لطیفہ نے ویڈیو شیئر کی ہے جس میں متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم ننھے بچے کے ساتھ موجود ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    تباركت خطوات محمد يوم أنها على إيدك ❤️❤️❤️ @hhshkmohd

    A post shared by Latifa M R Al Maktoum (@latifamrm1) on

    قبل ازیں شیخ محمد بن راشد المکتوم نے عید الفطر کی نماز زبیل مسجد میں ادا کی۔

    شیخ محمد کے بیٹے شیخ حمدان، شیخ مکتوم بن محمد بن راشد، شیخ احمد بن محمد نے دبئی میں عید الفطر کی نماز ادا کی۔

  • شارجہ، 6 سالہ بچی عمارت کی تیسری منزل سے گر کر شدید زخمی، اسپتال منتقل

    شارجہ، 6 سالہ بچی عمارت کی تیسری منزل سے گر کر شدید زخمی، اسپتال منتقل

    شارجہ: متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں 6 سالہ بچی عمارت کی تیسری منزل سے گر کر شدید زخمی ہوگئی۔

    عرب میڈیا کے مطابق شارجہ کے علاقے مویلی میں عمارت کی تیسری منزل سے گر کر 6 سالہ بچی شدید زخمی ہوگئی جسے انتہائی نگہداشت کے وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے بچی کے پورے جسم کی متعدد ہڈیاں متاثر ہوئیں ایکسرے رپورٹ میں جسم پر کئی فریکچرز سامنے آئے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ القاسم اسپتال سے اطلاع ملی کہ ایک بچی کو اسپتال لایا گیا ہے جو کہ عمارت سے گر گئی ہے جس کے بعد جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور شواہد اکٹھے کیے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق بچی کا تعلق بھارت سے ہے وہ اپنے گھر کی بالکونی میں کھیل رہی تھی کہ اچانک گر گئی جبکہ والدین گھرکے اندر موجود تھے۔

    مزید پڑھیں: شارجہ: 18 ماہ کی بچی کے بالکونی سے گرنے پر والدین کیخلاف مقدمہ درج

    پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    متحدہ عرب امارات میں بچوں کے بالکونی سے گرنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے گزشتہ تین ماہ میں 16 بچے اس طرح کے حادثات کا شکار ہوئے، حادثات کی وجہ والدین کی لاپرواہی کا نتیجہ قرار دیا جارہا ہے۔

    واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں بھی شارجہ کے علاقے کلبہ میں واقع رہائشی عمارت میں مقیم 18 ماہ کی بچی اچانک بالکونی سے گر گئی تھی۔

    شارجہ پولیس نے پبلک پراسیکیوٹر کی شکایت پر متاثرہ بچی کے والدین کے خلاف لاپرواہی کا مقدمہ درج کیا تھا۔

  • متحدہ عرب امارات: 12 سالہ بچے سے زیادتی کرنے والے امام مسجد کو 5 سال قید کی سزا

    متحدہ عرب امارات: 12 سالہ بچے سے زیادتی کرنے والے امام مسجد کو 5 سال قید کی سزا

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں عدالت نے 12 سالہ بچے سے زیادتی کرنے والے امام مسجد کو 5 سال قید کی سزا سنادی۔

    عرب میڈیا کے مطابق عجمان میں امام مسجد نے 12 سالہ بچے کو کئی بار زیادتی کا نشانہ بنایا، مقامی عدالت نے ایک ایشیائی ملک سے تعلق رکھنے والے امام مسجد کو پانچ سال قید کی سزا سنادی جبکہ سزا کی مدت ختم ہونے کے فوری بعد اُسے ڈی پورٹ کردیا جائے گا۔

    عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ نے موقف اختیار کیا کہ ایک 31 سالہ ایشیائی باشندہ الجرف 2 کے علاقے میں واقع ایک چھوٹی مسجد کا امام تھا، بچہ اس مسجد میں نماز پڑھنے جاتا تھا۔

    مزید پڑھیں: دبئی: خاتون سے جنسی زیادتی کا الزام، عدالت نے مصری شہری پر فرد جرم عائد کردی

    بچہ اکثر نماز کے بعد دیر سے گھر پہنچتا تو اس کی والدہ نے ڈانٹ ڈپٹ کر پوچھا کہ وہ دیر سے کیوں آتا ہے جس پر بچے نے امام مسجد کی جانب سے کی جانے والی زیادتی کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

    بچے نے انکشاف کیا کہ امام مسجد نماز ختم ہونے کے بعد اسے 5 درہم کا نوٹ دے کر اپنے حجرے میں لے جاکر زیادتی کا نشانہ بناتا تھا۔

    بچے کے اس انکشاف کے بعد والدین نے قریبی پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کرادی۔

    فرانزک رپورٹ سے بھی امام مسجد کی بچے سے زیادتی کی تصدیق ہوئی، عدالت نے جرم ثابت ہونے پر امام مسجد کو 5 سال قید کی سزا سنائی اور سزا مکمل ہونے کے بعد ملزم کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا۔