Tag: یو اے ای

یو اے ای

متحدہ عرب امارات سے تازہ ترین خبریں اور معلومات

یو اے ای

  • دبئی، خاتون کو بلیک میل کرنے والے ملزم کو 9 ماہ قید کی سزا

    دبئی، خاتون کو بلیک میل کرنے والے ملزم کو 9 ماہ قید کی سزا

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی عدالت نے اردن سے تعلق رکھنے والے شخص کو اپنی ہم وطن خاتون کو بلیک میل کرنے کے الزام میں 9 ماہ کے لیے جیل بھیج دیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق دبئی کی عدالت نے اردن سے تعلق رکھنے والے 47 سالہ شخص کو اپنی ہم وطن 49 سالہ اردنی خاتون کو نازیبا ویڈیو بنا کر اسے بلیک میل کرنے کا جرم ثابت ہونے پر 9 ماہ قید کی سزا سنادی۔

    اردنی خاتون نے بتایا کہ وہ 2016 میں اپنے ہم وطن 47 سالہ شخص سے اس قت ملی جب وہ کچھ فرنیچر اپنے آبائی وطن بھجوانا چاہتی تھی جس پر ملزم نے اس سے رابطہ کیا اور اس کا سامان بھجوایا۔

    خاتون کے مطابق اس نے اپنے بیٹے کے ہمراہ ملزم کے اپارٹمنٹ میں بطور کرایہ دار عارضی طور پر رہائش اختیار کی کیونکہ اس کے گھر میں مرمت کا کچھ کام چل رہا تھا۔

    مزید پڑھیں: امارات، واٹس ایپ پر بلاک کرنے پر بنگلہ دیشی شہری نے اپنی دوست کو قتل کردیا

    چند دنوں بعد ملزم نے خاتون کو کھانے پر بلایا اور اسے بتایا کہ اس نے خاتون کی ان دنوں خفیہ ویڈیو بنالی تھی جب وہ اس کے اپارٹمنٹ میں مقیم تھی اور اگر اس کی بات نہ مانی گئی تو وہ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل کردے گا۔

    خاتون نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران ملزم کو بلیک میلنگ اور نجی زندگی میں مداخلت کا قصوروار ٹھہراتے ہوئے 9 ماہ قید کی سزا سنائی گئی اور ڈی پورٹ کرنے کا حکم بھی دے دیا گیا۔

  • دبئی، اکیلے کھانا کھانے سے ڈر لگتا ہے، بزرگ شہری نے پولیس بلالی

    دبئی، اکیلے کھانا کھانے سے ڈر لگتا ہے، بزرگ شہری نے پولیس بلالی

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں ایک بزرگ شہری نے اکیلے کھانا کھانے سے ڈر لگنے پر پولیس بلالی۔

    عرب میڈیا کے مطابق دبئی پولیس کے جنرل ڈائریکٹوریٹ کے کمانڈ اینڈ کنٹرول کے سربراہ کرنل ترکی بن فارس نے بتایا کہ کنٹرول روم میں مدد کے لیے موصول ہونے والی فون کالز میں بعض اوقات ایسی کالز موصول ہوتی ہیں جن کا ہنگامی صورت حال سے کوئی تعلق نہیں ہوتا ہے۔

    کرنل ترکی بن فارس نے کہا کہ شہری اور تارکین وطن ایسی کالز تواتر کے ساتھ کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ہمیں ایک بزرگ شہری کی کال موصول ہوئی جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے گھر میں اکیلے ہیں اور انہیں تنہا کھانا کھاتے ہوئے ڈر لگتا ہے۔

    کرنل ترکی بن فارس نے بتایا کہ ہم نے ان بزرگ شہری کی کال کو انسانی بنیادوں پر سنا، اسے ہنگامی کالز کے طور پر ڈیل نہیں کیا جاسکتا تھا تاہم انسانی پہلو سے ہم نے اس کال کو سن کر بزرگ شہری کو کھانے میں جاکر کمپنی دی تاکہ وہ مایوسی میں کوئی انتہائی قدم نہ اٹھالیں۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال ایمرجنسی لائن پر 541722 کالز کی گئیں جن میں سے 70 فیصد کالز کا تعلق ہنگامی صورت حال سے نہیں تھا۔

    میجر جنرل کامل السویدی کا کہنا تھا کہ والدین، اسکول اور یونیورسٹی انتظامیہ کو طالب علموں کو ہنگامی بنیادوں پر کالز کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنی چاہئے۔

    السویدی کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی نمبر 901 پر کالز کا فوری جواب دیا جاتا ہے جس کسی شہری کو بھی سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی مسائل درپیش ہوں تو وہ 901 پر رابطہ کرسکتا ہے۔

  • متحدہ عرب امارات نے’گولڈن کارڈ‘ مستقل سکونتی پروگرام کا آغاز کردیا

    متحدہ عرب امارات نے’گولڈن کارڈ‘ مستقل سکونتی پروگرام کا آغاز کردیا

    ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے اعزازات کی اپنی طویل فہرست میں ایک حالیہ نیا اضافہ کیا ہے۔ یہ اضافہ ملک میں مقیم غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل تارکین وطن کے لئے گولڈن کارڈ مستقل اقامہ کا اجراءہے۔

    میڈیارپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد المکتوم نے منگل کے روز مستقل سکونت پروگرام کا اجراءکیا۔ اس پروگرام سے استفادہ کرنے والے 6800 سرمایہ کاروں کی دبئی میں سرمایہ کاری کا حجم ایک سو ارب اماراتی درہم سے زیادہ ہے۔

    یو اے ای کا گولڈن کارڈ اقامہ طب،انجینئرنگ اور سائنس کے شعبے میں غیر معمولی پیشہ وارانہ ٹریک ریکارڈ کے حامل غیر ملکیوں کو جاری کیا جائے گا۔ نیز ملک میں غیر معمولی سرمایہ کاری کرنے والے تارکین وطن کو بھی مستقل سکونت دی جائے گی۔

    ٹویٹر پر گولڈن کارڈ مستقل سکونتی پروگرام کے اجراءکا اعلان کرتے ہوئے شیخ محمد نے کہا کہ امارات میں مستقل سکونت کا پروگرام شروع کیا ہے۔ گولڈن کارڈ سسٹم سے استفادہ کرنے والوں میں غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل شخصیات اور امارات کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے والے شامل ہوں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم انہیں اپنا مستقل شریک بنانا چاہتے ہیں تاکہ وہ ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر ہمارے ساتھ چل سکیں۔ یو اے ای میں بسنے والے تمام تارکین وطن ہمارے بھائی ہیں اور ہم انہیں امارات کے عظیم فیملی کا حصہ سمجھتے ہیں۔

    سعودی عرب میں پہلی بار تارکین وطن کو مستقل رہائش کی اجازت

    یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب نے بھی اپنے مقیم تارکین وطن کے لئے امریکی گرین کارڈ کی طرز پر مستقل اور مخصوص مدت کے لئے کارآمد منفرد اقامہ جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔

     اب تک سعودی عرب نے اپنی سرکاری پالیسیوں کے تحت وہاں رہنے والے تارکین وطن کو مستقل رہائش کا حق دینے میں بہت ہی ہچکچاہٹ سے کام لیا ہے اور اس سلسلے میں آج تک کوئی باقاعدہ قوانین بھی متعارف نہیں کرائے گئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ یہی وجہ ہے کہ اس عرب بادشاہت میں رہنے والے تمام غیر ملکی کارکن ہمیشہ انہیں سپانسر کرنے والے مقامی شہریوں پر انحصار کرنے پر مجبور ہوتے ہیں، جو عرف عام میں کفیل کہلاتے ہیں اور اپنے ’زیر کفالت‘ تارکین وطن کے جملہ قانونی معاملات کے ذمے دار بھی ہوتے ہیں۔

    اس فیصلے مقصد سعودی عرب کو طویل المدتی بنیادوں پرغیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے زیادہ پرکشش بنانا بھی ہے، خاص طور پر اس تناظر میں کہ ریاض حکومت کی کوشش ہے کہ وہ تیل کی برآمد پر اپنا بہت زیادہ اقتصادی اور مالیاتی انحصار کم کرتے ہوئے اندرون ملک سرمایہ کاری اور سرمائے کی گردش میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کر سکے۔

  • ابوظبی: بھارتی شہری کا فراڈ، پاکستانی کروڑ پتی شخص کباڑ کا کام کرنے پر مجبور

    ابوظبی: بھارتی شہری کا فراڈ، پاکستانی کروڑ پتی شخص کباڑ کا کام کرنے پر مجبور

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کروڑ پتی شخص نے بھارتی شہری کے فراڈ کے سبب کباڑ کا کام شروع کردیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق 2008 پاکستانی شہری اصغر حسین کی زندگی تب بدل گئی جب ایک بھارتی جعل ساز نے ان سے ایک لیگل کمپنی کے کاغذات پر دھوکے سے دستخط کروالیے اور وہاں سے فرار ہوگیا جبکہ اصغر حسین نے پانچ لاکھ درہم جرمانہ ادا کرنے کے بعد کباڑ کا کام شروع کردیا۔

    عدالت نے فرار ہونے والے شخص کو 5 پیشیوں میں مسلسل غیر حاضری کی وجہ سے پانچ سال قید اور جلاوطنی کی سزا سنادی۔

    اصغر حسین ان کی اہلیہ فرح گل اور چار بچوں کو اس عرصے میں بہت سی دشواریوں کا سامنا رہا، 2013 تک اصغر حسین بینک کے قرض ادا کرنے سے قاصر تھے اور 2014 میں ان کے بچوں کو اسکول کی فیس ادا کرنے کے باعث نکال دیا گیا تھا جو اب تک تعلیم حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔

    اصغر حسین جو پُرآسائش گھر میں رہتے تھے اب ایک چھوٹے سے کمرے میں رہنے پر مجبور ہیں۔

    پاکستانی شہری کی اہلیہ فرح گل نے کہا کہ میرے بچے تقریباً پانچ سال سے اسکول نہیں گئے، وہ اسکول جانے کے لیے بہت بے تاب ہیں جب وہ دوسرے بچوں کو اسکول جاتا دیکھتے ہیں تو سوال کرتے ہیں کہ ہم کب اسکول جائیں گے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اصغر حسین ابھی عارضی طور پر کباڑ کا کام کرتے ہیں ان کے ساتھ ان کا بڑا بیٹا بھی لیبر کا کام کرتا ہے جو بمشکل ماہانہ 500 درہم کما پاتے ہیں۔

    واضح رہے کہ یو اے ای میں مختلف سماجی تنظیموں کی جانب سے مستحق افراد کی مدد کی جاتی ہے تاہم اصغر حسین اہل خانہ کے ہمراہ کافی عرصے سے غیرقانونی طور پر رہائش پذیر تھے جس کے سبب سماجی تنظیموں نے ان کی مدد کرنے سے انکار کردیا۔

  • ابوظبی: فون کا پاس ورڈ نہ دینے پر شوہر نے بیوی کو قتل کردیا

    ابوظبی: فون کا پاس ورڈ نہ دینے پر شوہر نے بیوی کو قتل کردیا

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں شوہر نے بیوی کو فون کا پاس ورڈ نہ دینے پر موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق ابوظبی کے شہری نے بیوی کو موبائل فون کا پاس ورڈ نہ دینے پر قتل کردیا، پولیس حکام کے مطابق ملزم نے اپنی اہلیہ کے منہ اور جسم پر تیزاب پھینکا جس کے باعث اس کی ہلاکت ہوئی۔

    رپورٹ کے مطابق مقتولہ کی شادی 17 برس قبل ہوئی جس کے بعد ان کے یہاں چھ بچوں کی پیدائش ہوئی جن کی عمریں 3 سے 16 سال کے درمیان ہیں۔

    خاتون کے سب سے بڑے صاحب زادے کا کہنا ہے کہ حادثے کے دن والد جب گھر میں داخل ہوئے تھے ان کے ہاتھ میں ایک کالے رنگ کا بیگ تھا وہ والدہ سے موبائل فون کا پاس ورڈ مانگ رہے تھے۔

    مزید پڑھیں: ابوظبی: خاتون کو شوہر کو سرپرائز دینا مہنگا پڑ گیا

    مقتولہ کے بیٹے کے مطابق جب والدہ نے پاس ورڈ دینے سے انکار کیا تو والد نے بیگ سے تیزاب کی بوتل نکال کر والدہ کے چہرے اور جسم پر تیزاب پھینک دیا۔

    خاتون کے بچوں کی جانب سے والدہ کو بچانے کی ہرممکن کوشش کی گئی لیکن وہ ناکام رہے بعدازاں خاتون کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

    ابوظبی کی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر سفاک ملزم کو سزائے موت سنادی، ملزم کی جانب سے معافی کی درخواست دائر کی گئی جسے مسترد کردیا گیا۔

  • دبئی پولیس کی کارروائی، 365 کلو گرام منشیات پکڑی گئی، 16 ملزمان گرفتار

    دبئی پولیس کی کارروائی، 365 کلو گرام منشیات پکڑی گئی، 16 ملزمان گرفتار

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 365 کلو گرام منشیات پکڑلی اور 16 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق دبئی پولیس نے 280 ملین درہم مالیت کی منشیات گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس میں چھپا کر اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی، منشیات اسمگلنگ میں ملوث 16 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جن کا تعلق ایشیائی ملک سے بتایا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق پکڑی جانے والی منشیات کی کھیپ میں 268 کلو گرام ہیروئن، 96 کلو گرام کرسٹل اور ایک کلو گرام چرس شامل ہے۔

    ایشیائی ملک سے تعلق رکھنے والے ملزمان کی گرفتاری عجمان، شارجہ اور ام القوین پولیس کی مدد سے عمل میں آئی۔

    میجر جنرل المری نے کہا کہ پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ ایک بین الاقوامی گروہ امارات میں وسیع پیمانے پر منشیات پھیلا رہا ہے جس کے بعد اس گینگ کے کارندوں پر نظر رکھنا شروع کردی گئی تھی۔

    مزید پڑھیں: متحدہ عرب امارات، 20 لاکھ درہم کی ڈکیتی میں ملوث 5 ملزمان گرفتار

    انہوں نے کہا کہ ملزمان نے منشیات کی کھیپ شارجہ کے ایک گودام میں چھپا رکھی تھی۔

    میجر جنرل المری کے مطابق گینگ کا سربراہ اپنے آبائی وطن میں موجود منشیات فروشوں کے ذریعے امارات میں منشیات منگواتا تھا جبکہ ان کے ساتھ مل کر کام کرنے والا ایک دوسرا گینگ بھی گرفتار کیا گیا۔

    واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں منشیات فروشی کے الزام میں پہلے بھی متعدد ملزمان گرفتار ہوچکے ہیں۔

  • یو اے ای نے کویت سے انڈوں اور پرندوں کی درآمد پر عائد پابندی اٹھالی

    یو اے ای نے کویت سے انڈوں اور پرندوں کی درآمد پر عائد پابندی اٹھالی

    ابوظبی : متحدہ عرب امارات نے شہریوں کی صحت کو یقینی بنانے کے لیے کویت سے پرندوں اور انڈوں کی درآمد پر عائد کی گئی پابندی ختم کردی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت برائے ماحولیات کی جانب سے اتوار کے روز اعلان کیا گیا کہ کویت سے درآمد کیے جانے والے آرائشی پرندے، مرغیاں اور جنگلی پرندوں سمیت انڈے اور پولٹری گوست پر عائد پابندی ختم کردی ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ وزارت ماحولیات نے یہ فیصلہ پرندوں میں پھیلنے والے (ایچ 5 این 8) برڈ فلو وائرس کے باعث کیا تھا تاکہ شہریوں کو امراض سے محفوظ رکھا جاسکے۔

    یاد رہے کہ اماراتی حکام کی جانب سے شہریوں کی صحت کو یقینی بنانے کے لیے کویت سے درآمد کیے جانے والے پرندوں اور انڈوں پر عارضی طور پر پابندی عائد کی تھی۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ پرندوں اور انڈوں کی درآمدات پر پابندی کا اعلان جانوروں کی صحت کے حوالے کام کرنے والی ایمرجنسی سینٹر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں :‌ یو اے ای نے بھارت سے فروٹ اور سبزیوں کی درآمد پر پابندی لگادی

    یاد رہے کہ اماراتی حکام گزشتہ برس اگست میں مشرقی ملائیشیا سے درآمد کیے جانے والے پرندوں اور انڈوں پر بھی پابندی عائد کرچکا ہے، اماراتی وزارت برائے ماحولیات نے ایچ ایس این 1 نامی خطرناک وائرس کو ملک میں داخل ہونے کےلیے روکنے کےلیے یہ اقدامات کیے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے 6 اگست کو خبردار کیا تھا کہ مشرقی ملائیشیا سے درآمد ہونے والی پولٹری اشیاء (پرندوں اور انڈوں) میں برڈ فلو کا وبائی مرض بہت زیادہ پھیلا ہوا ہے۔

  • یو اے ای کی سمندری حدود میں دو تیل بردار سعودی بحری جہازوں پر حملہ

    یو اے ای کی سمندری حدود میں دو تیل بردار سعودی بحری جہازوں پر حملہ

    ابوظبی : متحدہ عرب امارات کی سمندری حدود میں سعودی تیل بردار جہازوں پر حملہ، حملے کے وقت دونوں جہاز یو اے ای کی کمرشل بحری حدود میں فجیرہ کے قریب سے گذر رہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے وزیر توانائی انجینئر خالد الفالح نے پیر کے روز اس امر کی تصدیق کی ہے کہ متحدہ عرب امارات کی سمندری حدود کے قریب دو سعودی جہازوں کے خلاف تخریبی کارروائی کا ارتکاب کیا گیا ہے۔

    سعودی پریس ایجنسی ”ایس پی اے“ نے وزیر توانائی کے حوالے سے بتایا کہ 12 مئی بروز اتوار صبح چھ بجے دو سعودی تجارتی بحری جہازوں کو تخریبی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حملے کے وقت دونوں جہاز یو اے ای کی کمرشل بحری حدود میں فجیرہ کے قریب سے گذر رہے تھے۔ ایک کمرشل جہاز راس تنورہ بندرگاہ سے سعودی تیل لے کر امریکا جا رہا تھا جہاں اس تیل کو سعودی پیٹرولیم کمپنی آرامکو کے ایجنٹوں کو فراہم کیا جانا تھا۔

    انھوں نے بتایا کہ تخریبی حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی متاثرہ جہازوں سے تیل رسنے کی اطلاعات ہیں، تاہم حملے میں جہاز کے ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

    خالد الفالح نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی کا مقصد بحری نقل وحرکت اور دنیا بھر میں صارفین کو تیل کی محفوظ سپلائی کو گزند پہنچانا تھا۔

    انھوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ بین الاقوموامی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ بحری نقل وحرکت اور تیل لے جانے والے جہازوں کی حفاظت کے لئے اقدام اٹھائے کیونکہ اسے نقصان پہنچنے کی صورت میں توانائی مارکیٹ اور اس سے وابستہ اقتصادی سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

    یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات کے پانیوں کے نزدیک چار تجارتی بحری جہاز ’تخریب کاری‘ کی کارروائی کا ہدف بنے تھے۔ متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نے اتوار کو اس واقعے کی اطلاع دی ہے اور کہا ہے کہ اس میں کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ہے۔

    یو اے ای کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’وام‘ نے وزارت خارجہ کا ایک بیان جاری کیا ہے اور اس میں بتایا گیا ہے کہ متعلقہ حکام نے تمام ضروری اقدامات کرلیے ہیں اور وہ مقامی اور بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

  • متحدہ عرب امارات، اسکول وین اور مسافر بسوں پر پابندی عائد

    متحدہ عرب امارات، اسکول وین اور مسافر بسوں پر پابندی عائد

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں اسکول وین اور مسافر بسوں پر پابندی عائد کردی گئی۔

    عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات میں اسکول وین اور مسافر بسوں پر پابندی عائد کردی گئی، جس کا اطلاق 2021 اور 2023 میں ہوگا۔

    فیڈرل ٹریفک کونسل کے مطابق اسکول وین پر پابندی کا اطلاق ستمبر 2021 سے ہوگا جبکہ مسافر بسوں پر پابندی جنوری 2023 سے ہوگی۔

    میجر جنرل محمد سیف الزفین کی زیر صدارت میٹنگ میں مذکورہ تجویز ٹریفک پولیس کی جانب سے پیش کی گئی جس پر میٹنگ میں بیٹھے تمام ارکان نے اتفاق کیا اور وزارت ٹرانسپورٹ کے حکام نے فیصلے کی توثیق کی۔

    کونسل میٹنگ میں ٹریفک خلاف ورزیوں، حادثات پر بھی گفتگو کی گئی جس میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال متحدہ عرب امارات میں‌ ٹریفک خلاف ورزیوں میں 32 فی صد کمی آئی ہے۔

    مزید پڑھیں: متحدہ عرب امارات میں منی بسوں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ

    یاد رہے کہ فیڈرل ٹریفک کونسل کی جانب سے منی بسوں کو بند کرنے کی درخواست گزشتہ سال مارچ میں دی گئی تھی۔

    درخواست میں کہا گیا تھا کہ منی بسوں کو اس صورت میں چلانے کی اجازت دی جائے جب وہ سامان کی ترسیل کے لیے استعمال ہوں۔

    دبئی پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ وین میں سفر کرنے والے مسافروں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق تھے جن کی حفاظت کے پیش نظر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔

    دبئی پولیس ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کے مطابق دبئی میں ہونے والے 24 خطرناک حادثات میں منی بسیں شامل ہیں، ان حادثات میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

  • دبئی، انعامی رقم کا جھانسہ، عرب شہری دو لاکھ ڈالرز سے محروم

    دبئی، انعامی رقم کا جھانسہ، عرب شہری دو لاکھ ڈالرز سے محروم

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں مقیم ایک افریقی گروہ نے انعامی رقم کا جھانسہ دے کر عرب شہری کو لوٹ لیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق دبئی پولیس کو عرب شہری کی جانب سے موصول ہونے والی شکایت میں کہا گیا ہے کہ دبئی میں مقیم 3 افراد نے پر مشتمل افریقی گروہ نے 27 ملین ڈالر کی انعامی رقم کا جھانسہ دے کر اس سے 2 لاکھ ڈالر ہتھیالیے۔

    عرب شہری نے بتایا کہ وہ سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک پر ایک شخص سے بات چیت کرنے لگا جس نے اسے بتایا کہ ایک اماراتی بینک کی انعامی اسکیم میں اس کا 27 ملین ڈالر کا انعام نکلا ہے۔

    عرب شہری کے مطابق مذکورہ شخص نے انعامی رقم حاصل کرنے کے لیے پاسپورٹ کی کاپی بھی بھیجنے کا کہا اور ساتھ ہی 21 ہزار ڈالر ٹرانسفر کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ انعامی رقم حاصل کرنے کے لیے وکیل کی خدمات حاصل کی جاسکیں۔

    مزید پڑھیں: دبئی: فون پر انعامات کا لالچ دینے والے 33 غیر ملکی گرفتار

    رپورٹ کے مطابق کچھ دن بعد عرب شہری سے 27 ہزار ڈالر ٹرانسفر کرنے کا مطالبہ کیا گیا تاکہ بینک کی ادارتی فیس ادا کی جاسکیں جس کے بعد 43 ہزار ڈالر اور پھر 50 ہزار ڈالر طلب کیے گئے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال دبئی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے موبائل فون پر لوگوں کو انعامات کا لالچ دینے والے 33 غیرملکیوں کو گرفتار کیا تھا۔

    ڈائریکٹر الرشیدیا پولیس بریگیڈیئر سعید حماد بن سلیمان کا کہنا تھا کہ ہمیں اطلاعات موصول ہوئیں کے ڈیرہ کے اپارٹمنٹ میں گروہ کام کررہا ہے جو موبائل فون کے ذریعے لوگوں کو بیوقوف بناتا ہے، ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں سمیں اور موبائل فونز برآمد ہوئے ہیں، سمیں مختلف ناموں پر رجسٹرڈ کی گئی تھیں۔