Tag: یکم ستمبر

  • یکم ستمبر کو عام تعطیل کا اعلان

    یکم ستمبر کو عام تعطیل کا اعلان

    کراچی: سندھ کی نگراں حکومت نے یکم ستمبر کو سندھ بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کی نگراں حکومت نے معروف صوفی بزرگ شاہ عبدالطیف بھٹائی کے عرس کے موقع پر 1 ستمبر کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

    ہر سال کی طرح اس سال بھی صفر کی 14 تاریخ کو معروف صوفی بزرگ شاہ عبدالطیف بھٹائی کا عرس انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔

    اس ضمن میں سندھ حکومت نے صوبے میں تعطیل کا اعلان کردیا ہے اور عام تعطیل کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

    شاہ جو رسالوکے ذریعے پوری دنیا کو امن کا پیغام دینے والے صوفی بزرگ شاہ عبداللطیف بھٹائی نے 1689 میں ضلع مٹیاری کے تعلقہ ہالا میں سید حبیب شاہ کے گھر میں آنکھ کھولی۔

    آپ کے بزرگوں کا تعلق ہرات افغانستان سے تھا، آپ تصوف کی جانب مائل ہوئے، تلاش حق کے لیے کئی طویل سفرکیے جن کے تجربات کی جھلک آپ کی شاعری میں ملتی ہے۔

    آپ کے صوفیانہ کلام میں امن اور محبت کا درس، دنیا سے بے رغبتی اور عشق حقیقی کی تڑپ صاف نظرآتی ہے۔

    ہر سال ماہ صفر کی 14 تاریخ کو بھٹ شاہ میں آپ کا تین روزہ عرس منایاجاتا ہے جس کے دوران مختلف پروگرام اور سیمینارز کا انعقاد کیاجاتاہے۔

    اس موقع پر میلہ بھی لگتا ہے اور تینوں دن مزار پر محفل سماع جاری رہتی ہے، جس میں شاہ عبداللطیف بھٹائی سے منسوب ساز طنبورا بجایا جاتا ہے۔

  • یومِ وفات: پاکستان کی پہلی جاسوسی فلم کی کہانی سلیم احمد نے لکھی تھی

    یومِ وفات: پاکستان کی پہلی جاسوسی فلم کی کہانی سلیم احمد نے لکھی تھی

    ممتاز نقّاد، شاعر، ڈراما نگار، کالم نویس سلیم احمد نے جہاں اپنی فکر و تخلیق اور تنقیدی بصیرت سے کام لے کر اردو ادب میں مختلف کتابیں یادگار چھوڑی ہیں، وہیں ان کی شخصیت کا کھرا پن، بے لاگ تبصرے اور تنقیدی مضامین تنازع و مباحث کا سبب بھی بنے۔

    سلیم احمد یکم ستمبر 1983ء کو کراچی میں‌ وفات پاگئے تھے۔ آج ان کی برسی منائی جارہی ہے۔ انھوں نے ضلع بارہ بنکی کے ایک نواحی علاقے میں‌ 27 نومبر1927 کو آنکھ کھولی۔ تعلیم حاصل کرنے کے دوران علم و ادب کی کئی نام ور ہستیوں کی رفاقت نصیب ہوئی، جن سے ان کی فکر و تخیل کو توانائی ملتی رہی، قیام پاکستان کے بعد ہجرت کی اور یہاں آکر 1950ء میں ریڈیو پاکستان سے منسلک ہوگئے۔

    انھیں‌ منفرد لب و لہجے اور مضامینِ تازہ کا شاعر تو کہا جاتا ہے، مگر شعروسخن کی دنیا میں‌ وہ ہمیشہ اعتراضات اور تنقید کی زد پر رہے۔ ان کی شاعری پر کڑے اعتراضات کیے گئے۔

    سلیم احمد ایک بہت اچھے ڈرامہ نگار بھی تھے۔ انھوں نے ریڈیو اور ٹیلی وژن کے لیے متعدد ڈرامے تحریر کیے، اور پاکستان کی پہلی جاسوسی فلم ’’راز کی کہانی‘‘ بھی لکھی جس پر انھیں نگار ایوارڈ بھی دیا گیا۔

    سلیم احمد کے شعری مجموعوں میں بیاض، اکائی، چراغَِ نیم شب اور مشرق اور تنقیدی مضامین کے مجموعوں میں ادبی اقدار، نئی نظم اور پورا آدمی، غالب کون؟ ادھوری جدیدیت، اقبال ایک شاعر، محمد حسن عسکری آدمی یا انسان شامل ہیں۔

    سلیم احمد کی غزل کے دو شعر دیکھیے۔

    جانے کس نے کیا کہا تیز ہوا کے شور میں
    مجھ سے سنا نہیں گیا تیز ہوا کے شور میں
    میں بھی تجھے نہ سن سکا تُو بھی مجھے نہ سن سکا
    تجھ سے ہوا مکالمہ تیز ہوا کے شور میں

    ان کا یہ شعر بہت مشہور ہوا اور اسے ہر خاص و عام نے موضوع کے اعتبار سے اپنی تحریر اور تقریر میں استعمال کیا ہے۔

    شاید کوئی بندۂ خدا آئے
    صحرا میں اذان دے رہا ہوں

  • پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی متوقع

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی متوقع

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے مہنگائی سے بے حال عوام کو ریلیف دینےکی تیاری کرلی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یکم ستمبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا متوقع ہے، اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں دو روپے اور ڈیزل چھ روپے فی لیٹر سستا کرنے کی تجویز دے دی ہے۔

    اوگرا نے تین پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی تجویز دی ہے، مٹی کا تیل تیس پیسے فی لیٹر سستا کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاہم لائٹ ڈیزل کی قیمت میں ستر پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔

    پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی ٹیکس ختم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے، جس سے پیٹرولیم مصنوعات مزید سستی ہونے کا امکان ہے۔

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں در وبدل کا فیصلہ وزیراعظم آج کریں گے۔

    مزید پڑھیں : نگراں حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

    خیال رہے کہ اگست کے مہینے کے لیے نگران حکومت نے پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانےکی سفارش کی تھی۔

    یاد رہے کہ نگراں حکومت نے آتے ہی ایک ہی ماہ میں دو مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا، وزارتِ خزانہ کی جانب سے سمری منظور ہونے کے بعد پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے 54 پیسے اضافے سے پیٹرول 99.50 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا۔

  • پیٹرولیم مصنوعات ڈیڑھ روپےفی لیٹرسستی ہونےکا امکان

    پیٹرولیم مصنوعات ڈیڑھ روپےفی لیٹرسستی ہونےکا امکان

    اسلام آباد: اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک سے ڈیڑھ روپے فی لیٹرکمی کی سمری تیار کر کے وزارت پیٹرولیم کو ارسال کردی ہے۔اوگرا ذرائع کےمطابق یکم ستمبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔

    اطلاعات کےمطابق پیٹرول ایک روپے 40پیسے،ڈیزل ایک روپےاور ہائی اُوکٹین ایک روپے60 پیسےفی لیٹر سستا ہونےکاامکا ن ہے۔ جس کے بعد فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 106 روپے 37 پیسے۔ڈیزل ایک سو آٹھ روپے 34پیسے اور ہائی اُوکٹین کی قیمت 129 روپے 66 پیسےفی لیٹر پر آجائیگی۔جبکہ مٹی کےتیل کی قیمت برقرار رکھےجانےکا امکان ہے۔