Tag: ’یہ سرفراز احمد کا اصل چہرہ ہے‘ ویڈیو وائرل

  • ’یہ سرفراز احمد کا اصل چہرہ ہے‘ ویڈیو وائرل

    ’یہ سرفراز احمد کا اصل چہرہ ہے‘ ویڈیو وائرل

    سنچورین: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی نیلسن منڈیلا اسکوائر پر مقامی بچوں کے ہمراہ ریس لگانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی اہلیہ خوش بخت سرفراز بھی ان کے دفاع میں سامنے آگئیں، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر خوش بخت سرفراز نے ویڈیو ٹویٹ کی جس میں سرفراز بچوں کے ہمراہ ریس لگاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سرفراز نیلسن منڈیلا اسکوائر پر مقامی بچوں کے ہمراہ ریس لگاتے ہوئے نظر آرہے ہیں، خوش بخت نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ یہ سرفراز کا اصل چہرہ ہے جو انتہائی سادہ لوح انسان ہیں، مقامی بچوں کے ساتھ سرفراز کے بیٹے عبداللہ بھی موجود تھے۔

    واضح رہے کہ دوسرے ون ڈے میچ کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان جنوبی افریقی کھلاڑی فلک کوائیو کے خلاف سخت جملے کسنے پر تنقید کی زد میں رہے اس معاملے پر آئی سی سی کا فیصلہ آنا باقی ہے۔

    مزید پڑھیں: سرفرازکی جنوبی افریقا کے کھلاڑی فلک کوائیو سے ملاقات، جملے کسنے پر معافی مانگ لی

    سرفراز احمد نے گزشتہ روز فلک کوائیو سے میچ سے قبل ملاقات کی اور ان سے معافی مانگی، قبل ازیں جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی نے سرفراز احمد کی معافی قبول کرلی تھی۔

    جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ سرفراز احمد نے فلک کوائیو کے خلاف نسل پرستانہ جملے جان بوجھ نہیں کہے، سرفراز احمد اپنے الفاظ پر شرمندہ ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز سنچورین میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو ڈرک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 13 رنز سے شکست دی تھی، دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز میں پروٹیز کو 2-1 کی برتری حاصل ہے۔

    پانچ میچوں کی سیریز کا چوتھا میچ کل کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔