Tag: بھارت

  • پاکستان اور بھارت میں بیک ڈور ڈپلومیسی نہیں ہو رہی، وزیر داخلہ

    پاکستان اور بھارت میں بیک ڈور ڈپلومیسی نہیں ہو رہی، وزیر داخلہ

    اسلام آباد (18 جولائی 2025): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بیک ڈور ڈپلومیسی نہیں ہو رہی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے واضح طور پر کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بیک ڈور ڈپلومیسی نہیں ہو رہی ہے۔ وزرات داخلہ کے ماتحت اداروں کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ ایران سے صرف دو ہفتوں میں تین لاکھ افغانیوں کو ملک بدر کیا گیا۔ ہم تو صرف غیر قانونی مقیم افغانوں کو واپس بھیج رہے ہیں۔ افغانستان برادر ملک ہے، لیکن پی او آر کارڈز ہولڈرز کو اب مزید توسیع نہیں ملے گی۔ پاکستان سے نکالے گئے افغانوں کو بلیک لسٹ کیا جائے گا۔

    محسن نقوی نے کہا کہ وزارت داخلہ کے ماتحت سول آرمڈ فورسز سے متعلق نیا فیصلہ کیا جا رہا ہے اور حاضر سروس یا ریٹائرڈ آرمی آفیسر کو سیکریٹری داخلہ کے ماتحت لایا جا رہا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایف آئی اے میں خود احتسابی کے لیے انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی بیورو تشکیل دیا جا رہا ہے۔ ایف سی کا سیکیورٹی ڈویژن پرانے طرز پر ہی رہے گا۔ تاہم اب کے پی کے علاوہ اس میں دیگر صوبوں سے بھی بھرتیاں ہوں گی۔

    وزیر داخلہ نے عراق میں 40 ہزار پاکستانیوں کے لاپتہ ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ اطلاعات درست نہیں ہیں۔ اس معاملے کے لیے سیکریٹری داخلہ اور ڈی جی ایف آئی اے عراق جائیں گے۔

    انہوں نے وفاقی دارالحکومت میں بڑھتی آلودگی سے متعلق کہا کہ گرین ایریا نہ ہونے کی وجہ سے اسلام آباد میں بھی اسموگ کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔ اس لیے یہاں گرین ایریا کو بڑھانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اسلام آباد کے گرین بیلٹ پر بنے تھانوں کی زمینیں خرید لی گئی ہیں۔

  • بھارت میں‌ منعقدہ ہاکی ایشیا کپ سے پاکستان کی دستبرداری کا امکان

    بھارت میں‌ منعقدہ ہاکی ایشیا کپ سے پاکستان کی دستبرداری کا امکان

    بھارت میں آئندہ ماہ ہونے والے ایشیا ہاکی کپ میں شرکت کھٹائی میں پڑ گئی ہے اور گرین شرٹس کے اس ایونٹس سے دستبرداری کا امکان ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے باعث پڑوسی ملک کی میزبانی میں آئندہ ماہ ہاکی ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کی شرکت کھٹائی میں پڑ گئی ہے اور قومی ٹیم کے ایونٹ سے دستبرداری کا امکان ہے۔ اگر ایسا ہوا تو گرین شرٹس ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے سے محروم رہ سکتی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹیم کو ایونٹ میں شرکت اور بھارت بھیجنے کے لیے حکومت سے کلیئرنس مانگی تھی۔ تاہم حکومت نے این او سی دینے سے انکار کر دیا ہے۔ جس کے بعد امکان ہے کہ ٹیم ٹورنامنٹ سے دستبرداری کا اعلان کر دے۔

    بھارتی حکومت ایشیا کپ کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کو ویزے جاری کرنے کی منظوری دے چکی تھی، لیکن بھارتی متعصب میڈیا کا اس حوالے سے پروپیگنڈا جاری رہا۔ جب کہ سوشل میدیا پر انتہا پسندوں کی جانب سے دھمکیوں نے کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کو خطرے میں ڈال دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت سے پاکستان ٹیم کو ویزوں کے اجرا کی اجازت ملنے کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن نے حکومت سے ٹیم کے بھارت جانے کے لیے کلیئرنس مانگی تھی۔ تاہم حکومت کی جانب سے نہ صرف اس ایونٹ کے لیے این او سی دینے سے انکار کر دیا بلکہ یہ بھی کہا گیا کہ رواں سال پاکستان کی کوئی بھی اسپورٹس ٹیم بھارت نہیں جائے گی۔

    واضح رہے کہ ہاکی ایشیا کپ آئندہ ماہ 25 اگست سے 7 ستمبر تک بھارت میں کھیلا جائے گا۔ یہ ٹورنامنٹ ہاکی ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کی بھی حیثیت رکھتا ہے۔

    اگر پاکستان ٹیم نے ایشیا کپ سے دستبرداری کا اعلان کیا تو چار بار کی عالمی چیمپئن گرین شرٹس ایک بار پھر ورلڈ کپ میں شرکت سے محروم رہ سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث ایشیا کپ کو بھارت سے کسی نیوٹرل مقام پر منتقل کرنے کا مطالبہ بھی سامنے آ چکا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/hockey-asia-cup-should-be-moved-from-india-demand/

  • ایشین کرکٹ کونسل اجلاس میں بھارت شرکت کرے گا یا نہیں؟ اہم خبر

    ایشین کرکٹ کونسل اجلاس میں بھارت شرکت کرے گا یا نہیں؟ اہم خبر

    ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے 24 جولائی کو بنگلہ دیش میں ہونے والے اجلاس میں بھارت شرکت کرے گا یا نہیں اہم خبر سامنے آ گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق رواں برس 3 اپریل کو چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایشین کرکٹ کونسل کی صدارت کا منصب سنبھالا اور رواں ماہ 24 جولائی کو نئی باڈی کا اجلاس بنگلہ دیش میں طلب کیا ہے۔

    تاہم گزشتہ دنوں بھارت بنگلہ دیش سے سیاسی تناؤ کی وجہ سے اس اجلاس کی مخالفت میں کھل کر سامنے آیا اور رکن ممالک سے اجلاس میں شرکت نہ کرنے سے متعلق لابنگ شروع کر دی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں بھارت کی جانب سے رکن ممالک کو اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر پرکشش آفرز بھی کی گئیں اور آئی سی سی چیئرمین جے شاہ نے بھی اس کے لیے لابنگ کی۔ جس کے بعد سری لنکا اور اومان نے بھارت کے موقف کی حمایت کر دی، تاہم اکثر رکن ممالک اے سی سی اجلاس کا انعقاد ڈھاکا میں چاہتے ہیں۔

    تاہم اب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس ڈھاکا میں ہی ہوگا اور اس میں بھارت سمیت تمام رکن ممالک شرکت کریں گے۔

    امین الاسلام نے مزید کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ اہم ہے، جس میں رواں برس ایشیا کپ کے شیڈول کی حتمی منظوری بھی شامل ہے۔

    واضح رہے کہ ایشیا کپ رواں برس ستمبر میں بھارت کی میزبانی میں کھیلا جانا ہے۔ تاہم بھارت کی جانب سے گزشتہ دنوں پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت کے پاکستان نہ آنے اور اپنے میچز ہائبرڈ ماڈل کے تحت دبئی میں کھیلنے پر دونوں ممالک کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا تھا۔

    اس معاہدے کے تحت 2027 تک ایک دوسرے کے ملکوں میں ہونے والے کرکٹ ایونٹس میں پاکستان اور بھارت اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلیں گے۔ جس کے باعث پورا ایونٹ یا پاکستان کے میچز نیوٹرل وینیو (یو اے ای) میں ہونے کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025 ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے تحت کھیلا جا رہا ہے۔ اس ایونٹ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ایک کوالیفائر ٹیم حصہ لے گی۔

    https://urdu.arynews.tv/asian-cricket-councils-annual-meeting/

  • بھارت میں مون سون بارشوں سے تباہی، 106 ہلاک

    بھارت میں مون سون بارشوں سے تباہی، 106 ہلاک

    بھارت کی ریاست ہماچل پردیش میں مون سون کی بارشوں نے تہلکہ مچادیا، جس کے باعث اب تک 106 افراد لقمہ بن چکے ہیں۔

    بھارتی میڈیا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ ریاست ہماچل پردیش میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ 20 جون سے جاری ہے جس کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

    ایس ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 20 جون سے 15 جولائی کے دوران ہونے والی بارشوں سے 106 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ س میں سے 62 افراد کی اموات لینڈسلائیڈنگ، سیلاب، کلاؤڈ برسٹ، ڈوبنے اور کرنٹ لگنے سے ہوئی جب کہ اسی دوران مزید 44 افراد سڑک حادثات میں اپنی جان گنوا بیٹھے۔

    رپورٹس کے مطابق انتظامیہ نے انسانی جانوں کے ضیاع کے علاوہ املاک اور بنیادی ڈھانچے کو ہونے والے وسیع نقصان پر بھی رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ 293 سے زیادہ پکے اور 91 کچے مکانات مکمل طور پر زمین بوس ہوچکے ہیں۔

    بھارت کی مختلف ریاستوں میں موسلا دھار بارشوں کا الرٹ جاری

    اس کے علاوہ تقریباً 850 ایکڑ زرعی اراضی متاثر ہوئی اور 81 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی سرکاری املاک کو نقصان پہنچا ہے جس میں سڑکیں، پانی کی فراہمی کا اسٹرکچر، بجلی کا بنیادی ڈھانچہ، صحت اور تعلیم کی عمارتیں شامل ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق بھارت کی ریاست ہماچل پردیش میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کی جانب سے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کے پیش نظر عوام سے الرٹ رہنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

  • نیٹو چیف مارک روٹے نے برازیل، چین اور بھارت کو خبردار کردیا

    نیٹو چیف مارک روٹے نے برازیل، چین اور بھارت کو خبردار کردیا

    نیٹو چیف مارک روٹے نے خبردار کیا ہے کہ اگر برازیل، چین اور بھارت نے روس کے ساتھ تجارت جاری رکھی تو انہیں پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جو ان ممالک کی معیشت پر شدید منفی اثر ڈال سکتی ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیٹو چیف مارک روٹے نے کہا میری برازیل، بیجنگ اور نئی دہلی میں بیٹھے رہنماؤں سے اپیل ہے کہ وہ اس صورتحال کو سنجیدگی سے لیں، کیونکہ اگر روس کے ساتھ تجارتی تعلقات جاری رکھے گئے تو ان ممالک کو اس کا بھاری نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔

    نیٹو چیف مارک روٹے نے مزید کہا کہ یورپ یوکرین کو امن مذاکرات میں بہترین پوزیشن پر لانے کے لیے درکار مالی وسائل فراہم کرے گا۔

    دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے پچھلے ہفتے نیٹو کا مسئلہ حل کر دیا ہے۔

    فاکس نیوز کی اینکر پرسن اور اپنی بہو لارا ٹرمپ کو انٹرویو میں امریکی صدر نے بتایا کہ نیٹو کے ہر رکن ملک سے اب 2 فی صد کے بجائے 5 فی صد تک رقم لی جا رہی ہے، پہلے وہ دو فی صد بھی نہیں دیتے تھے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ وہ ممالک جو امریکا کو استعمال کرتے تھے لیکن ناشکری کرتے تھے وہ اب امریکا کے شکر گزار ہیں، اور یہ کہ ”ٹیرف وار“ اور اتحادیوں سے دفاعی اخراجات میں اضافے کے مطالبات کے فوائد سامنے آ رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا فاکس نیوز کے پہلے سے ریکارڈ شدہ انٹرویو میں ٹیرف کے سلسلے میں ممالک کے ساتھ جاری تجارتی مذاکرات کے بارے میں کہا ”ہر ملک شدت سے ہمارے ساتھ کاروبار کرنا چاہتا ہے، لیکن انھوں نے کبھی ہمارے ملک کا شکریہ ادا نہیں کیا، لیکن اب وہ کرتے ہیں۔ انھوں نے ہمارے ملک کو تجارت اور فوج کے حوالے سے استعمال کیا۔“

    نیٹو چیف نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ڈیڈی کہنے کے بیان کی وضاحت کر دی

    ٹرمپ نے کہا ”میں نے نیٹو کا مسئلہ حل کر دیا ہے، اب یہ ممالک دفاع کے لیے زیادہ رقم ادا کر رہے ہیں، انھوں نے کبھی جی ڈی پی کا 2 فی صد بھی دفاع کے لیے خرچ نہیں کیا تھا، لیکن اب وہ 5 فی صد خرچ کر رہے ہیں۔“ ان کا اشارہ گزشتہ ماہ دی ہیگ میں منعقدہ نیٹو سربراہی اجلاس کی طرف تھا جس میں نیٹو نے دفاعی اخراجات کو 2035 تک GDP کے 5 فیصد تک بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔

    امریکی صدر نے کہا اس سے ہم سالانہ ایک کھرب ڈالر حاصل کر رہے ہیں، نیٹو میں اب ہماری آواز بہت مضبوط ہے، بائیڈن دور میں تو ہماری کوئی سنتا ہی نہیں تھا، اسے تو یہ بھی علم نہیں ہوتا تھا کہ وہ کہاں ہے۔

  • بھارت کی مختلف ریاستوں میں موسلا دھار بارشوں کا الرٹ جاری

    بھارت کی مختلف ریاستوں میں موسلا دھار بارشوں کا الرٹ جاری

    بھارت کے شمال میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے دہلی میں بھی تیز بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 18 جولائی تک ہلکی سے درمیانی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، وہیں اتر پردیش، بہار، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، راجستھان، مدھیہ پردیش میں بھی شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے، اتر پردیش کے 13 اضلاع میں آج تیز بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بہرائچ، بلرام پور، گونڈا، اعظم گڑھ، جونپور، مہاراج گنج، وارانسی، چندولی، مرزا پور، امبیڈکر نگر، پریاگ راج، بلیا میں شدید بارشیں ہوسکتی ہیں، جبکہ بہار کے آرہ، پٹنہ، نالندہ، لکھی سرائے، جموئی، اورنگ آباد میں بھی بارش کا امکان ہے۔

    رپورٹس کے مطابق پہاڑی ریاستوں میں بھی مسلسل بارش ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے عام زندگی بُری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ہماچل پردیش میں 17 جولائی تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

    رپورٹس کے مطابق شملہ اور سولن ضلع میں بارش کو لے کر یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اترا کھنڈ کے دہرہ دون، باگیشور اور نینی تال میں شدید بارش کا آرینج الرٹ جاری کردیا گیا ہے، جبکہ ریاست کے دوسرے ضلعوں میں بھی ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق مدھیہ پردیش میں آج موسم تبدیل ہوسکتا ہے، ریاست کے کئی ضلعوں میں بارش کا امکان ہے، کچھ مقامات پر درجہ حرارت معمول سے تھوڑا کم ہوسکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق راجستھان کے کوٹا، جئے پور، اجمیر اور جودھپور ڈویژن کے ضلعوں میں بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا جاچکا ہے، جبکہ کونکن اور گوا میں الگ الگ مقامات، گجرات، وسطی مہاراشٹر کے گھاٹ علاقوں میں بھی تیز بارش کا امکان ہے۔

    نیو یارک، موسلا دھار بارشوں سے سیلاب کا خطرہ، ایمرجنسی نافذ

    رپورٹس کے مطابق اگلے 7 دنوں تک شمال مشرقی ہند میں کئی مقامات پر گرج اور بجلی کڑکنے کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے، آسام اور میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور اروناچل پردیش، تریپورہ میں بعض مقامات پر تیز بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

  • فضائی حدود کی خلاف ورزی، بھارتی فورسز کا میانمار میں حملہ

    فضائی حدود کی خلاف ورزی، بھارتی فورسز کا میانمار میں حملہ

    نئی دہلی: بھارتی میڈیا نے کہا ہے کہ انڈین فورسز نے میانمار کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اس کے اندر حملہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مودی کی توسیع پسندانہ سوچ میانمار تک جا پہنچی ہے، ایک آزاد ملک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بمباری کی گئی، یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام کے اہم کمانڈر نین آسوم سمیت متعدد افراد حملوں میں ہلاک ہو گئے۔

    انڈین میڈیا کے مطابق آج صبح بھارتی افواج کی جانب سے یو ایل ایف اے (آئی) کے مبینہ کیمپس پر 150 اسرائیلی ساختہ ڈرونز سے حملے کیے گئے، جس میں سگانگ ریجن میں یو ایل ایف اے (آئی) کے مشرقی کمانڈ ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا گیا۔


    پاکستان کو دھکمیاں دینے والا بھارت خود چین کے آبی منصوبوں سے خوفزدہ


    یہ کارروائی ایسے وقت پر کی گئی جب بھارت میں ’’آپریشن سندور‘‘ کے نتائج پر تنقید کی جا رہی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ میانمار پر ڈرون حملہ اجیت دوول کی نگرانی میں خفیہ آپریشن تھا، جس سے وزارت دفاع نے لا تعلقی کا اظہار کر دیا ہے۔

    عسکریت پسند تنظیم الفا-I نے اتوار کو کہا ہے کہ اس کے 3 سینئر ارکان میانمار کے علاقے سگانگ میں کچھ ’’موبائل کیمپوں‘‘ پر ہندوستانی فوج کے ڈرون حملوں میں مارے گئے۔

    بھارتی فوج نے باضابطہ طور پر ان کیمپوں پر کسی بھی طرح کے فضائی حملے کرنے کی تردید کی ہے جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ الفا اور منی پور ریوولیوشنری پیپلز فرنٹ مل کر چلا رہے تھے، یہ کیمپ انڈیا-میانمار سرحد کے پاس، ناگالینڈ میں لونگوا اور اروناچل پردیش میں پانگسو پاس سے ملحقہ حصے میں قائم ہیں۔

    الفا-I نے بیان میں کہا کہ حملے صبح 2 بجے سے صبح 4 بجے کے درمیان کیے گئے، جن میں اسرائیلی اور فرانسیسی ساختہ 150 سے زیادہ ڈرون شامل تھے، اس کے نتیجے میں تنظیم نے سابق باغی فوجیوں نین آسوم، گنیش آسوم اور پردیپ آسوم کو کھو دیا۔

  • میری کافی میں تھوک دیں 1000 روپے دونگا! ایک شخص کی عجیب فرمائش

    میری کافی میں تھوک دیں 1000 روپے دونگا! ایک شخص کی عجیب فرمائش

    بھارت میں ایک شخص نے عجیب و غریب فرمائش کرتے ہوئے خاتون سے کہا کہ وہ اس کی کافی میں تھوک پھنیکنے کے عوض 1000 روپے لے لیں۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ریڈایٹ پر بنگلورو سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے یہ حیرت انگیز واقعہ شیئر کی جو کچھ ہی دیر میں لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا، خاتون نے بتایا کہ وہ چہل قدمی کرنے باہر نکلی تھیں کہ انھیں اس قسم کا مکروہ تجربہ پیش آیا۔

    اپنی پوسٹ میں خاتون نے بتایا کہ وہ گھر سے باہر کسی کام سے نکلی تھیں کہ 30 ایک شخص نے اس کے ساتھ بات چیت شروع کی اسکا لہجہ شائستہ اور دوستانہ تھا اس لیے خاتون نے بھی اس کے ساتھ بات چیت کو آگے بڑھایا۔

    مذکورہ شخص نے خاتون کو کافی پلانے کی پیشکش کی اور دونوں بنگلورو کے مقامی کیفے میں کافی پینے گئے۔

    خاتون نے لکھا کہ "میں نہیں جانتی کہ میں نے ایسا کیوں کیا لیکن میں کافی پینے کی پیشکش پر ہاں کہا، مجھ سے بیوقوفی ہوئی میں نے اس کے ساتھ کافی پی لی تھی۔”

    صرف 15-20 منٹوں کی گفتگو کے بعد اس شخص نے کہا کہ آپ کو عجیب لگے گا لیکن کیا آپ مجھ پر ایک احسان کر سکت ہیں؟” اس کے بعد مذکورہ شخص نے اپنا اسٹاربکس کاف کا کپ سامنے کیا اور خاتون سے تھوکنے کی فرمائش کی۔

    خاتون اس کی بات سن کر گڑبڑا گئی اور کہا کہ کیا آپ نے واقعی یہی کہا ہے جو میں نے سنا تو اس شخص نے ہاں میں جواب دیا، جب خاتون جانے لگیں تو اس شخص نے التجا کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ میری کافی میں تھوکیں گی تو میں 1000 روپے دوں گا۔

    خاتون یہ بات سن کر کافی حیران ہوئی اور ناگواری سے فوراً وہاں سے چلی گئی اور قریبی میٹرو اسٹیشن کی طرف جار کر فوری اپنے گھر کی راہ لی۔

    https://urdu.arynews.tv/viral-video-men-beat-coffee-shop-worker-he-refuses-to-give-extra-cup/

  • بھارت کی معروف خاتون ٹینس پلیئر کو والد نے قتل کر دیا

    بھارت کی معروف خاتون ٹینس پلیئر کو والد نے قتل کر دیا

    بھارتی ریاست ہریانہ کے علاقے گروگرام میں 25 سالہ نیشنل ٹینس کھلاڑی رادھیکا یادو کو مبینہ طور پر ان کے والد نے گولی مار کر قتل کر دیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 10 جولائی کی صبح 10:30 بجے کے قریب گروگرام کے سیکٹر 57 میں ٹینس پلیئر  رادھیکا یادو کی رہائش گاہ کی پہلی منزل پر پیش آیا۔

    بھارت پولیس نے انکشاف کیا کہ  رادھیکا یادو کے والد مطابق دیپک یادو نے ٹینس کھلاڑی پر لگاتار 3گولیاں فائر کیں جس کے بعد انہیں شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئیں۔

    قتل کے حوالے سے پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ رادھیکا یادیو اور ان کے والد کے درمیان ایک ویڈیو ریل پر جھگڑا ہوا تھا، رادھیکا کی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی ریل پر ان کے والد سخت ناراض تھے۔

    پولیس میں درج ایف آئی آر کے مطابق دیپک یادو نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ گاؤں والے اس کی بیٹی رادھیکا کو اس کی کمائی پر طعنے دیتے تھے۔

    رادھیکا ایک ہونہار ٹینس کھلاڑی تھیں، جس نے کئی قومی سطح کی ٹرافیاں جیتی تھیں، انجری کے بعد اس نے کھیل چھوڑ دیا اور اپنی ٹینس اکیڈمی شروع کی۔ لیکن گاؤں والوں کے طعنے کی وجہ سے دیپک نے یہ قدم اٹھایا۔

  • بھارت میں پل کا ایک حصہ دریا میں گر گیا، متعدد ہلاکتیں

    بھارت میں پل کا ایک حصہ دریا میں گر گیا، متعدد ہلاکتیں

    بھارتی ریاست گجرات میں گمبھیرا پل کا ایک حصہ زمین بوس ہوگیا، جس کے باعث 9 افراد ہلاک ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گجرات میں گرنے والے پل پر موجود متعدد گاڑیاں دریا میں گر گئیں جبکہ مذکورہ مقام پر ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ضلعی آفیسر کا کہنا ہے کہ فی الحال لوگوں کو بچانے کے لئے آپریشن کا سلسلہ جاری ہے، پانی میں پھنسے لوگوں کو فوری نکالنا ہماری ترجیح ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، لیکن فی الحال ہماری توجہ ریسکیو آپریشن پر مرکوز ہے۔

    رپورٹس کے مطابق گمبھیرا پل جو 1981 میں تعمیر کیا گیا تھا اور 1985 میں اسے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا تھا، مذکورہ پل مبینہ طور پر برسوں سے خستہ حالت میں تھا۔ اس کے باوجود بھاری گاڑیاں پل کا استعمال کرتی رہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پل گرنے کے سبب ایک اہم ٹرانسپورٹ روٹ منقطع ہو گیا ہے، جس سے علاقائی رابطہ اور تجارت بری طرح متاثر ہوگی۔

    ٹیکساس کے سیلاب میں 111 افراد جان سے گئے، 161 لاپتہ

    واضح رہے کہ بھارت میں بڑے انفرا اسٹرکچر کی تعمیر کے دوران اس طرح کے حادثات عام طور پر پیش آتے رہتے ہیں۔

    اس سے قبل بھی مغربی بھارت میں کم از کم 20 مزدور اس وقت ہلاک ہو گئے تھے جب معاشی حب ممبئی کے باہر زیر تعمیر ایکسپریس وے کے اوپر ایک کرین گر گئی تھی۔