Tag: بھارت

  • پاک بھارت اختلافات کاحل سفارت کاری ہے،جوش ارنسٹ

    پاک بھارت اختلافات کاحل سفارت کاری ہے،جوش ارنسٹ

    واشنگٹن: امریکہ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت پر زور دیا ہے کہ دونوں ممالک اپنے مسائل کا حل تشدد کے بجائے سفارت کاری کے ذریعے نکالیں۔

    تفصیلات کےمطابق ترجمان وائٹ ہاؤس جوش ارنسٹ نے میڈیا بریفنگ کے دوران پاک بھارت تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت اپنے اختلافات کا حل تشدد کے بجائے سفارت کاری سے نکالیں۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران اس سلسلے میں اہم پیش رفت بھی سامنے آئی ہے اور امید ہے کہ دونوں ممالک ایسی پیش رفت جاری رکھیں گے جس سے خطے میں استحکام آئے گا۔

    ترجمان وائٹ ہاوس نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے اڑی حملے کی براہ راست مذمت سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھرمیں جہاں دہشت گردی ہو اس کی مذمت کرتے ہیں۔

    موجودہ صورت حال مں پاکستان اور بھارت کے وائٹ ہاؤس سے رابطے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر جوش ارنسٹ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد یا نئی دلی سے کوئی رابطہ نہیں ہوا،اس حوالے سے مزید وضاحت کے لیے محکمہ خارجہ سے پوچھا جائے۔

  • پاکستانی فنکاروں کو لات مار کر نکال دینا چاہیے، بھارتی گلوکار ابھیجیت کی ہرزہ سرائی

    پاکستانی فنکاروں کو لات مار کر نکال دینا چاہیے، بھارتی گلوکار ابھیجیت کی ہرزہ سرائی

    ممبئی: اڑی حملے کے بعد جہاں مودی سرکار اور بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف زہر اگلتے تھکتا نظر نہیں آتا وہیں بالی ووڈ کے فن کار بھی پاکستان سے نفرت کے اظہار میں کسی سے پیچھے نہیں۔

    بالی ووڈ گلوکار ابھیجیت بھاٹیہ جو سوشل میڈیا پر اپنے بیانات کے حوالے سے متعدد بار تنازعات کا شکار ہو چکے ہیں جب کہ خاتون صحافی کے خلاف ایک متنازع ٹوئٹ پر موصوف جیل کی ہوا بھی کھا چکے ہیں۔

    اب انہوں نے پاکستانی فنکاروں کے خلاف اپنی روایتی کینہ پروری کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں بھارت سے نکالنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

    گلوکار ابھیجیت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نہ صرف پاکستانی اداکاروں کو بھارت سے نکالنے کا مطالبہ کیا وہیں ہدایت کار کرن جوہر، مہیش بھٹ اور بالی ووڈ کے کنگ خان کو بھی پاکستانی اداکاروں کو اپنی فلموں میں کاسٹ کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

    ابھیجیت نے بھارتی ہدایت کاروں کو دشمن قرار دیتے ہوئے انہیں سبق سکھانے کی گیڈر بھبکی بھی دی، انہوں نے کہا کہ پاکستانی فنکاروں کا بائیکاٹ نہیں کرنا چاہئے بلکہ انہیں لات مار کر ملک سے باہرنکال دینا چاہیے جب کہ ہدایت کاروں کو انہیں کام دینے پر اب شرم آنی چاہیے۔

  • پاکستانی ایجنٹ ہونے کا الزام، بھارت میں ایک اور کبوتر گرفتار

    پاکستانی ایجنٹ ہونے کا الزام، بھارت میں ایک اور کبوتر گرفتار

     

    ممبئی: بھارتی پنجاب کے شہر ہوشیار پور میں پولیس نے ایک کبوتر کو پکڑلیا اور اسے پاکستانی ایجنٹ قرار دے دیا۔

    جنگی جنون میں مبتلا بھارت ایک بار پھر پرندے سے خوفزدہ ہو گیا اور امن کی علامت کبوتر کو پاکستانی ایجنٹ قرار دے دیا، بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ کبوتر کے پروں پر اردو لکھی ہوئی ہے۔


    جاسوسی کا الزام ، بھارت میں کبوتر گرفتار


    بھارتی پولیس نے گاؤں ہوشیار پور سے اردو مہر والے کبوتر کو پاکستانی قرار دے کر گرفتار کر لیا ہے، جس کا ایکسرے بھی کرایا گیا کبوتر کے جسم کے اندر کہیں کسی قسم کی کمپیوٹرائزڈ خفیہ چپ تو موجود نہیں۔

    hoshiarpur-india-harpreet-pigeon-photo-inscription-feathers_53409d9a-8189-11e6-b856-2be417b599e5

    واضح رہے کہ پچھلے برس بھی بھارتی فوج نے ایک پاکستانی کبوتر کو پکڑ کر اسے دہشت گرد قرار دیا تھا جس پر پوری دنیا میں بھارت کی خوب جگ ہنسائی ہوئی تھی ۔

    آج بھی ہوشیار پور کی مقامی پولیس نے ایک کبوتر پکڑا ہے جس کے پروں پر ہفتے کے دنوں کے نام لکھے ہوئےہیں۔

  • بھارتی کرکٹ بورڈ کا پاکستان سے سیریز کھیلنے سے انکار

    بھارتی کرکٹ بورڈ کا پاکستان سے سیریز کھیلنے سے انکار

    ممبئی : پاکستانی فنکاروں کو دھمکی کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے سے انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ بھی انتہا پسندی کا شکار ہو کر کھیل میں سیاست لے آیا، بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر انوراگ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ اڑی سیکٹر پر حملے کے بعد پاکستان سے سریز کھیلنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

    اڑی حملے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر انوراگ ٹھاکر زہر اگلنے میں مصروف ہیں اور کہتے ہیں کہ پاکستان سے سیریز کھیلنے کا کوئی تصور نہیں، پاکستان کے ساتھ کرکٹ کسی صورت نہیں ہوسکتی۔

    کرکٹ کے میدان سے راہ فرار اختیار کرنا بھارت کی پرانی عادت ہے، تجویز تھی کہ ٹیسٹ کی نمبر ایک ٹیم پاکستان اور نمبر دو ٹیم بھارت ہے تاہم ایک ٹیسٹ کھیل کر عالمی چیمپئن کا فیصلہ کریں لیکن یہ فیصلہ بھارت کو منظور نہ ہوا۔

    بھارتی بورڈ کے صدر انوراگ ٹھاکر حکمراں جماعت بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ بھی ہیں شاید یہی وجہ ہے کہ انوراگ ٹھاکر نے کھیل کو بھی نفرت کی بھینٹ چڑھا رکھا ہے اور بھارتی صدر کے زہریلے بیان کے بعد کسی طرح کی کرکٹ کا پاکستان کو بھی انکار کردینا چاہیئے۔

    سیاست کو کھیل سے الگ رکھیں، یہ بات کھیل کا ہر ماہر، ہر کھلاڑی کہتا ہے لیکن بھارت کرکٹ کو سیاست کے ساتھ نتھی کرتا آیا ہے، 1961 کی سیریز کے بعد دونوں ممالک نے سترہ سال کرکٹ نہیں کھیلی ۔

    سیاست اور 1965 کی جنگ کے بعد 1978 کے بعد کرکٹ بحال ہوئی لیکن یہ پھر 1989 کے بعد سیاست کا شکار ہوگئی، 1999 میں پاکستان نے ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے باوجود بھارت کا دورہ کیا۔

    بھارت نے اس تعلق کو پھر سیاست کی نذر کر دیا، 2004 سے 2007 تک چار پاک، بھارت سیریز ہوئیں، لیکن ممبئی حملوں کے بعد سے بھارت پھر اڑ گیا، 2014 میں پاکستان نے بھارت کے ساتھ چھ سیریز کا معاہدہ کیا لیکن بھارت کی وہی نہ نہ جاری رہی۔

    نیوٹرل وینیو پر بھی بھارت نے کرکٹ نہ کھیلی، پٹھان کوٹ حملہ ہو یا اڑی کا واقعہ بھارت اس سال بھی بار بار کرکٹ نہ کھیلنے کا کہتا رہا۔

  • آرمی چیف کو توسیع کی ضرورت نہیں،خورشید شاہ

    آرمی چیف کو توسیع کی ضرورت نہیں،خورشید شاہ

    سکھر: اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ کا کہنا ہےآرمی چیف کو توسیع کی ضرورت نہیں ہے،جنرل راحیل شریف نے بہت عزت کمائی ہے اور ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں مزید عزت ملے گی۔

    تفصیلات کےمطابق سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کا تصور اب نہیں ہے، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بہت عزت کمائی ہے اور انہیں توسیع کی ضرورت نہیں ہے۔

    اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بھارت کسی بڑے ایجنڈے پرکام کرنا چاہتا ہے،عالمی قوتیں بھارت کو جارحانہ اقدامات سے روکیں کیونکہ اگر جنگ ہوئی تو خطے اور دنیا کو خطرہ لاحق ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار کیا ایسی 10 سرکاریں بھی پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں لیکن اگر بھارت ایک بار پھر پاکستان کو آزمانا چاہتا ہے تو ہم تیار ہیں تاہم اسے یاد رکھنا چاہیے کہ جنگ کی صورت میں بھارت کو زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا۔

    خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کواقوام متحدہ جانے سے پہلے سیاستدانوں کے ساتھ بیٹھنا چاہیے تھا لیکن پھر بھی تمام سیاسی جماعتیں نہ صرف ملکی مفاد ميں ایک ہيں بلکہ پاکستان کو بچانے کے لیے بھی سب ایک پلیٹ فارم پر ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کو محفوظ بنانا چاہتے ہیں جبکہ پاکستان نہ صرف عالمی دہشت گردی کا مقابلہ کررہا ہے بلکہ افواج پاکستان ضرب عضب کی صورت میں دہشت گردوں سے مقابلہ کررہی ہیں۔

    ایک سوال کے جواب پر اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ جس پر آرٹیکل 6 تھا اسے وزیراعظم نوازشریف نے چھوڑدیا،ایم کیو ایم پاکستان متعدد بار کہہ چکی کہ ہم پاکستانی ہیں تو ہمیں ان کی بات تسلیم کرنی چاہیے۔

    واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بانی ایم کیوایم کا ذہنی توازن اور صحت ٹھیک نہیں ہے۔

  • بھارت الزام لگانے کے بجائےمسئلہ کشمیر پر توجہ دے،اعزازچوہدری

    بھارت الزام لگانے کے بجائےمسئلہ کشمیر پر توجہ دے،اعزازچوہدری

    نیویارک: سیکٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت کو پاکستان پر الزام لگانے کے بجائےمسئلہ کشمیر پر توجہ دینی چاہیے جبکہ مقبوضہ کشمیرکےمعاملےپرصورتحال جنگ کی جانب نہیں جانی چاہیے۔

    تفصیلات کےمطابق نیویارک میں پریس کانفرنس کے دوران سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کا ردعمل سامنے آتا رہے گا جبکہ بھارت کو کشمیری عوام کی آواز سننے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کےدھمکی آمیزبیانات سےعلاقائی امن کوخطرات لاحق ہیں لہذا مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر صورتحال جنگ کی جانب نہیں جانی چاہیے جبکہ امریکا مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر کردار ادا کر سکتا ہے۔

    سیکٹری خارجہ نے بتایا کہ اوآئی سی کے کشمیر پررابطہ گروپ کا اہم اجلاس ہوا ہے اور وزیراعظم نواز شریف نے مسلم دنیا کو کشمیر کے ایشو پر اکٹھا کرنے کی کوشش کی جبکہ کشمیری عوام کی آوازبین الاقوامی برادری تک پہنچانا ہمارا اخلاقی فرض ہے۔

    اعزازچودھری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں جان کیری نےانسداددہشت گردی کےلیےپاکستانی کوششوں کوتسلیم کیا جبکہ وزیراعظم نے جان کیری کو نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سےآگاہ کیا بلکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان افغانستان کے مسئلے پر بھی بات ہوئی۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی برطانوی ہم منصب سے بھی کشمیر کے مسئلے پر بات ہوئی جبکہ سعودی ولی عہد سے ملاقات میں مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز پر بات کی گئی ہے۔

  • براہمداغ بگٹی نے بھارت میں سیاسی پناہ حاصل کرنےکا فیصلہ کرلیا

    براہمداغ بگٹی نے بھارت میں سیاسی پناہ حاصل کرنےکا فیصلہ کرلیا

    اسلام آباد : کالعدم بلوچ ری پبلکن پارٹی کے خودساختہ جلاوطن رہنما براہمداغ بگٹی نے بھارت میں سیاسی پناہ لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ممتاز بلوچ رہنما نواب اکبرخان بگٹی کے پوتے اور بلوچ علیحدگی پسند رہنما براہمداغ بگٹی نے بھارت میں سیاسی پناہ لینے کے لیے باضابطہ د رخواست جمع کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مودی کی حکومت نے بھی تیاری مکمل کر لی ہے اوراصولی طور پر براہمداغ بگٹی اوران کے قریبی ساتھیوں کو بھارتی شہریت دینے کافیصلہ کر لیا ہے تاکہ وہ دنیا بھر میں آزادانہ طورپرسفرکرسکیں۔

    واضح رہے بھارت اس قبل چین کے خلاف تحریک چلانے والے” دلائی لامہ” کو بھارتی پاسپورٹ جاری کرچکا ہے جسے استعمال کرتے ہوئے وہ دنیا بھر میں سفر کرتے تھے اورچین کے خلاف تحریک چلاتے تھے۔

    ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ براہمداغ بگٹی نے جنیوا میں اپنی پارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلایا ہے جس میں مشاورت کے بعد وہ 18 یا 19 ستمبر کو بھارت میں سیاسی پناہ کے حصول کے لیے جنیوا میں درخواست دیں گے۔

    واضح رہے کہ براہمداغ بگٹی 2006ء میں اپنے دادا نواب اکبر بگٹی کی ہلاکت کے بعد پاکستان سے افغانستان منتقل ہو گئے تھے اور کچھ عرصے بہ طور ریاستی مہمان قیام کرنے کے بعد 2010ء میں سوئٹزرلینڈ چلے گئے اورتب سے اپنی فیملی کے ساتھ وہیں پر سیاسی پناہ لیے ہوئے ہیں۔

  • اڑی حملہ : پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کا رابطہ

    اڑی حملہ : پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کا رابطہ

    راولپنڈی: آئی ایس پی آر کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت کی درخواست پر آج دوپہر پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کا ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا جس میں اڑی میں ہونے والے حملے سے متعلق بات چیت کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’’پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کا رابطہ بھارت کی درخواست پر کیاگیا، جس میں اڑی میں ہونے والے حملے پر بھارت کی جانب سے پاکستان پر عائد الزام پر بات کی گئی اور لائن آف کنٹرول پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ’’بھارت کے الزام پر پاکستان نے ایک بار پھر اپنا مؤقف واضح انداز میں پیش کردیا ہے اور انہیں کہا گیا ہے کہ ’’مقبوضہ کشمیر بارمولا کی تحصیل اڑی میں دہشت گردوں کے حوالے سے انٹیلی جنس ثبوت ہیں تو پیش کیے جائیں‘‘۔

    پڑھیں: کشمیرمیں ہندوستانی فوجی مرکز پر حملہ، 17فوجی ہلاک

    ترجمان نے  مزید کہا کہ ’’اڑی میں بھارتی افواج کے ہیڈ کوارٹر پر حملے کے پاکستان پر الزامات لگانا قبل از وقت ہیں اگر انٹیلی جنس کی بنیاد پر ثبوت ہیں تو پیش کیے جائیں جن کی روشنی میں پاکستان کارروائی کرے گا‘‘۔

    ڈی جی ایم او نے بھارت پر واضح کیا کہ ’’پاکستان اپنی سرزمین دہشت گردی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتا، اس لیے لائن آف کنٹرول، ورکنگ باؤنڈری کے اطراف میں سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں‘‘۔

    مزید پڑھیں:  بھارت مقبوضہ کشمیر میں اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے،پاکستان

    دونوں ممالک کے دی جی ایم اوز کے رابطے میں لائن آف کنٹرول پر جاری گشیدگی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور پاکستان کی جانب سے ثبوت فراہمی کے بعد تحقیقات کی یقین دہانی بھی کروائی گئی ہے۔

    یاد رہے مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر کے علاقے بارہ مولا کے اڑی سیکٹر میں واقع بھارتی فوج ہیڈکوارٹر پر مسلح افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا جس میں 17 اہلکار ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوئے تھے تاہم مقابلے کے دوران چاروں مسلح افراد بھی مارے گئے تھے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دہشت گردوں کے حملے کے بعد بھارتی فوج نے پورے علاقے کا گھیراؤ کر کے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جب کہ بھارتی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے حملے کے بعد امریکا اور روس کا دورہ منسوخ کر کے اعلیٰ سطحی ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے جب کہ بھارت کے آرمی چیف اور وزیر دفاع مقبوضہ کشمیر کے لئے روانہ ہو گئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر میں 72 ویں روز بھی کشیدگی، شہدا کی تعداد92 ہوگئی

    واضح رہے مقبوضہ کشمیر میں حریت کمانڈر برہان وانی کی دوران حراست شہادت کے بعد سے حالات کشیدہ ہیں اور بھارتی افواج کی جانب سے مسلسل نہتے کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ بھی جاری ہے، بھارتی افواج کی جانب سے مظاہرین پر پیلٹ گن کا استعمال کیا جارہا ہے جس کے بعد ہزاروں کشمیریوں کی بینائی متاثر ہوئی اور سینکڑوں شہید بھی ہوگئے۔

    بھارتی افواج کی جانب سے حریت رہنماؤں کو بھی گرفتار اور نظر بند کرنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے مسلسل 72 روز سے لگے کرفیو کے باعث کشمیری عوام کو اشیاء خوردونوش اور غذائی قلت کا بھی سامنا کرنا پڑا رہا ہے جبکہ ٹیلی فون، انٹرنیٹ اور دیگر مواصلاتی نظام بھی منقطع کردیا گیا ہے۔

  • جہالت ہمارے ملک کو تباہ کر رہی ہے،سونم کپور

    جہالت ہمارے ملک کو تباہ کر رہی ہے،سونم کپور

    نئی دہلی : سونم کپور کا کہنا ہے کہ میرے والد انیل کپور حقوق نسواں کے کٹر حامی ہیں اور اسی بنیاد پرہماری تربیت کی گئی ہے۔

    سونم کپور نے کہا کہ میرے والد نے اپنی دو بیٹیوں اور ایک بیٹے کی پرورش بغیر کسی تفریق کی ہے،انہوں نے اپنی بیٹیوں کو بھی اتنے حقوق اوراختیارات دیے جتنے کہ اپنے بیٹے کو دیے۔

    یہ بات انہوں نے ایک بھارتی نجی ٹیلی ویژن کے پروگرام کے مباحثے میں شرکت کے دوران کہی،ٹاک شو کا موضوع تھا ’خواتین حقیقی طور کس طرح قابل تقلید بن سکتی ہیں؟

    سونم کپور نے پروگرام کے شرکاء سے گفتگو کے دوران مزید کہا کہ سینیما لوگوں کے ذہنوں کو تبدیل کرنے اورمثبت خیالات کی ترویج اورتعلیم کا بہترین ذریعہ ہے جس کی ہمارے ملک کو اشد ضرورت ہے کیوں کہ جہالت ہمارے ملک کی اقدارکو کھوکھلا کرتی جا رہی ہے۔

    واضح رہے سونم کپور نے حال ہی میں ایک فلم میں حقیقی زندگی کے ایک کردار ’’نیرجا بھانوٹ‘‘ کو بہ خوبی نبھایا ہے جو کہ ایک ایئر ہوسٹس ہوتی ہے اور طیارے کی ہائی جیکنگ کے دوران اپنی جان پر کھیل کر مسافروں کی جان بچاتی ہے،سونم کپورنے اس کردارکوپُرکشش اورمتاثرکن قراردیا۔

    اس پروگرام کے شرکاء میں فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات کے علاوہ ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی سر کرنے والی پہلی خاتون ارونیما سنہا اور اشتہارات کی دنیا کے گرو پراسون جوشی شامل تھے۔

    جوشی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے حقوق اور معاشرے میں اُن کے مرتبے کے حوالے سے گفتگو بھی ملکی سطح پر کھلم کھلا کرنے کے بجائے ہم ایک نجی محفل میں کر پارہے ہیں اس کا مطلب ہے کہ ہمارے ملک سب کچھ اچھا نہیں ہورہا ہے کچھ چیزیں ہیں جنہیں زیر بحث بھی لانا ہے اوراس امتیازات کو ختم بھی کرنا ہے۔

  • بھارت: لڑکیوں کو چھیڑنے سے منع کرنے پر 4 مسلمان شہید

    بھارت: لڑکیوں کو چھیڑنے سے منع کرنے پر 4 مسلمان شہید

    نئی دہلی : بھارت کے شہر بجنور میں مسلمان بچیوں کو چھیڑنے پر احتجاج کرنے والے مسلمانوں پر فائرنگ کرکے چار مسلمان نوجوانوں کو شہید اور 12 کو زخمی کردیا گیا۔

    بجنور پولیس کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب مسلمان بچیاں معمول کے مطابق اسکول جا رہی تھیں کہ مقامی جاٹ برادری کے کچھ نوجوانوں نے بچیوں کے ساتھ چھیڑ خانی کی جس پر علاقہ کے بزرگوں نے انہیں منع کیا اور ایسی حرکات سے باز رہنے کی تاکید کی،تا ہم ہندو لڑکے باز نہ آئے جس پر تلخ کلامی بڑھ گئی۔

    مسلمان علاقہ مکینوں نے جاٹ برادری کے نوجوانوں کی شرم ناک حرکت پر احتجاج شروع کیا تو مسلح ہندو لڑکوں نے اُن پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 4 مسلمان نوجوان رضوان،سرفراز، احسان اور انیس جاں بحق اور 12 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو ادارے نے وقوعہ پر پہنچ کر زخمی اور جاں بحق ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے جب کہ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی میتیں لواحقین کے حوالے کر دی گئیں۔

    اس موقع پر پولیس نے موقف اختیار کیا ہے کہ جائے وقوعہ سے ابتدائی شواہد جمع کر لیے ہیں جب کہ تصادم میں ملوث سات افراد کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا گیا ہے جہاں ملزمان سے تحقیقات کا عمل جا ری ہے اور علاقے میں پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے جس کے بعد امن و امان کی صورتحال قابو میں ہے۔