Tag: بھارت

  • پہلے ملک بدری پھر اپیل، بھارتی تارکین وطن برطانیہ میں بڑی مشکل میں پھنس گئے

    پہلے ملک بدری پھر اپیل، بھارتی تارکین وطن برطانیہ میں بڑی مشکل میں پھنس گئے

    لندن: برطانیہ میں غیر قانونی بھارتی تارکین وطن اس حوالے سے بڑی مشکل میں پھنس گئے ہیں کہ ان کی اپیلیں سننے کی بجائے انھیں پہلے ملک بدر کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ نے بھارت کے غیر قانونی تارکین وطن کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے، مجرم قرار دیے گئے بھارتی شہریوں کو فوری ملک بدر کر دیا جائے گا، اور غیر قانونی بھارتی تارکین کی اپیل ملک بدری کے بعد سنی جائے گی۔

    برطانوی پالیسی کے تحت غیر قانونی داخلے یا جرائم پر پہلے ملک بدر کیا جائے گا، اس کے بعد وہ اپنا کیس بیرونِ ملک سے ویڈیو لنک یا دیگر ذرائع سے لڑ سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ برطانیہ کی حکومت اپنی متنازعہ ’پہلے ملک بدری، بعد میں اپیل‘ اسکیم کو توسیع دے رہی ہے، تاکہ 23 ممالک کے غیر ملکی مجرموں کو اس اسکیم کے تحت ملک بدر کیا جا سکے، برطانوی حکومتی وزرا کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے جیلوں میں بھیڑ بھاڑ کو کم کرنے اور جرائم اور امیگریشن کے بارے میں عوامی خدشات کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔


    ’مودی ٹرمپ سے ملاقات کریں گے‘: بھارتی میڈیا غیر مصدقہ خبریں پھیلانے لگا


    یہ پروگرام فی الحال 8 ممالک کے شہریوں پر لاگو ہوتا ہے، مزید ممالک شامل ہونے سے اس کا حجم 3 گنا بڑھ جائے گا، اس فہرست میں اب بھارت، بلغاریہ، آسٹریلیا، کینیڈا، انگولا، بوٹسوانا، برونائی، گیانا، انڈونیشیا، کینیا، لٹویا، لبنان، ملائیشیا، یوگنڈا اور زیمبیا بھی شامل ہو رہے ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ملک بدری میں تاخیر کے قانونی نظام کا غلط فائدہ اٹھانے والے مجرموں کو اب اس توسیع کی مدد سے روکا جا سکے گا، جو لوگ انسانی حقوق کو نہیں مانتے، اور جرائم کرتے ہیں ان غیر ملکی شہریوں کو ان کی اپیلوں کی سماعت سے قبل ہی ملک بدر کر دیا جائے گا، اور پھر ویڈیو ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ان کے آبائی ممالک سے ان کی اپیلیں سنی جائیں گی۔

  • بھارت نے مذاکرات میں لچک نہیں دکھائی، امریکا

    بھارت نے مذاکرات میں لچک نہیں دکھائی، امریکا

    امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کا کہنا ہے کہ بھارت امریکا کے ساتھ مذاکرات میں ہٹ دھرم رہا ہے۔

    فاکس نیوز کو انٹرویو میں اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ سوئٹزر لینڈ اور بھارت سمیت کئی ممالک کے ساتھ تجارتی معاہدے ابھی مکمل ہونا باقی ہیں، بھارت نے مذاکرات میں لچک نہیں دکھائی۔

    امریکی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ امید ہے ٹرمپ انتظامیہ تجارتی مذاکرات اکتوبر کے آخر تک مکمل کرلے گی، امریکی حکام اگلے دو سے تین ماہ کے اندر چینی حکام سے دوبارہ ملاقات کریں گے، دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات کے مستقبل پر بات چیت ہوگی۔

    اس سے قبل اپنے بیان میں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس کا کہنا تھا کہ پاک بھارت تنازعہ جنگ کے دوران انتہائی خوفناک صورتحال میں بدل سکتا تھا۔

    واشنگٹن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا پاکستان اور بھارت کے ساتھ ایک تجربہ رہا ہے۔،

    پاکستان امریکا اور بھارت کے تعلقات کی اہمیت کے حوالے سے کیے گئے ایک سوال کے جواب میں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے کہا کہ پاکستان بھارت میں ایک تنازع تھا، جو کسی انتہائی خوفناک صورتحال میں بدل سکتا تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ ہمارے لیے فخر کا لمحہ اور بہترین مثال تھی کہ کس طرح اس گھمبیر معاملے کو وزیر خارجہ مارکو روبیو اور نائب صدر نے سنبھالا۔

    ’یوکرین ہار گیا، روس نے جنگ جیت لی‘

    ٹیمی بروس نے کہا کہ امریکا کی اعلیٰ قیادت نے ایک ممکنہ تباہی روکنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا، امریکی سفارت کار بھی دونوں ممالک کے لیے پرعزم ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور امریکا میں انسداد دہشت گردی سے متعلق مذاکرات ہو رہے ہیں۔ اسلام آباد میں امریکا اور پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف مشترکہ وابستگی کی تصدیق کی ہے۔

  • بھارت میں یوم آزادی (15 اگست) پر بڑی پابندی عائد

    بھارت میں یوم آزادی (15 اگست) پر بڑی پابندی عائد

    بھارت کا یوم آزادی 15 اگست کو منایا جاتا ہے تاہم اس بار یوم آزادی کے موقع پر وہاں کے شہریوں پر بڑی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    بھارتی اپنا یوم آزادی جمعہ 15 اگست کو منائیں گے، لیکن آزادی کے موقع پر انہیں پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس کے خلاف شہری عدالت پہنچ گئے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق حیدرآباد دکن میں میونسپل کارپوریشن نے 15 اگست کو یوم آزادی اور 16 اگست کو جنم اشٹمی کے موقع پر گوشت فروخت کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے گوشت کی دکانیں اور مذبح خانے بند رکھنے کا حکم جاری کیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق حیدرآباد کے شہریوں نے یہ پابندی ماننے سے انکار کر دیا ہے اور اس کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔

    قانون کے طالبعلم وی سری کانت نے میونسپل کارپوریشن کے اس فیصلے کے خلاف عدالت میں پٹیشن دائر کی، جس میں موقف اختیار کیا کہ حیدرآباد کی میونسپل کارپوریشن کو اس قسم کے احکامات جاری کرنے کا قانونی اختیار حاصل نہیں جب کہ ان احکامات کا کوئی جواز بھی فراہم نہیں کیا گیا۔

    آج اس درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل وجے گوپال نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کا یہ اقدام غیر قانونی اور بھارتی آئین کے آرٹیکل کے تحت شہریوں کے حقوق کی خلاف ورزی ہے کیونکہ یہ تاجروں کے قانونی اور پر امن کاروبار میں رکاوٹ ہے، اس لیے اس حکمنامے کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔

    جسٹس بی وجے سین ریڈی نے جی ایچ ایم سی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں اس فیصلے کے پیچھے موجود وجوہات عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت بدھ 13 اگست تک ملتوی کر دی۔

    https://urdu.arynews.tv/betel-and-gutka-smoking-in-the-harrow-area-of-london/

  • بین الاقوامی ثالثی عدالت نے مغربی دریاؤں کے پانی سے متعلق بھارت کو حکم جاری کر دیا

    بین الاقوامی ثالثی عدالت نے مغربی دریاؤں کے پانی سے متعلق بھارت کو حکم جاری کر دیا

    اسلام آباد (12 اگست 2025): بین الاقوامی ثالثی عدالت (پی سی اے) نے حکم دیا ہے کہ بھارت مغربی دریاؤں کا پانی پاکستان کے لیے چھوڑ دے۔

    تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی ثالثی عدالت (پرمننٹ کورٹ آف اربٹریشن) نے کہا ہے کہ بھارت مغربی دریاؤں کا پانی پاکستان کے بلا روک ٹوک استعمال کے لیے چھوڑ دے۔

    ثالثی عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ یہ فیصلہ حتمی اور فریقین پر لازم ہے، یہ فیصلہ بھارت کو زیادہ سے زیادہ پانی ذخیرہ کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔

    پاکستان نے ثالثی عدالت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ثالثی عدالت کا فیصلہ پاکستان کے تاریخی مؤقف کی توثیق ہے، پاکستان ٹریٹی پر مکمل عمل درآمد کا پابند ہے اور بھارت سے فیصلے پر عمل کی توقع رکھتا ہے۔

    سندھ طاس معاہدے کی عمومی تشریح سے متعلق یہ فیصلہ 8 اگست کو سنایا گیا تھا، جسے عدالت کی ویب سائٹ پر اب جاری کر دیا گیا ہے۔ دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ مغربی دریاؤں پر بھارتی پن بجلی منصوبوں کے لیے ڈیزائن کردہ معیار کی ترجمانی کرتا ہے۔

    اس فیصلے میں کم درجے والے آؤٹ لیٹس، گیٹڈ اسپِل ویز اور ٹربائن انٹیک پاکستانی مؤقف کے مطابق قرار دیے گئے ہیں، بھارت سے توقع ہے کہ وہ فوری طور پر معاہدے پر دوبارہ عمل درآمد شروع کرے گا، اور امید ہے ثالثی عدالت کے فیصلے کو اس کی روح کے مطابق نافذ کرے گا۔

    یاد رہے کہ اپریل میں بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد سندھ طاس معاہدے کو معطل کر دیا تھا، جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے، نئی دلی نے بغیر کسی ثبوت کے اس واقعے کا الزام اسلام آباد پر عائد کر دیا تھا۔ تاہم، پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو ’جنگی اقدام‘ قرار دیا اور کہا تھا کہ سندھ طاس معاہدے میں یک طرفہ معطلی کی کوئی شق موجود نہیں ہے۔

  • بھارت نے دریائے ستلج میں پانی چھوڑ دیا، الرٹ جاری

    بھارت نے دریائے ستلج میں پانی چھوڑ دیا، الرٹ جاری

    لاہور : بھارت نے دریائے ستلج میں پانی چھوڑ دیا ، جس کے بعد دریائے ستلج میں نچلے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑنے کے بعد نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

    پی ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں اور اضلاع کو ہائی الرٹ جاری کردیا، ذرائع نے بتایا کہ بھارت نے ستلج سے ملحقہ دریائے بیاس پر قائم پونگ ڈیم سے پانی چھوڑا ہے، جس کے بعد گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

    عارف والا کے قریب دریائے ستلج میں عارضی حفاظتی بند ٹوٹنے سے قریبی فصلیں زیر آب آگئیں۔

    مزید پڑھیں : مون سون بارشوں کے نئے اسپیل کی پیشگوئی

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل 13 اگست سے شروع ہوگا، جس کے باعث دریائے ستلج، راوی، چناب، جہلم اور ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبے بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملے کو 24 گھنٹے مستعد رکھنے اور عوام کو جاری کردہ حفاظتی تدابیر پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔

  • جرائم کا مرکز چلانے والے جعلی پولیس اسٹیشن پر چھاپہ، 6 ملزمان گرفتار

    جرائم کا مرکز چلانے والے جعلی پولیس اسٹیشن پر چھاپہ، 6 ملزمان گرفتار

    بھارت میں پولیس نے جرائم کا مرکز چلانے والے جعلی پولیس اسٹیشن پر چھاپا مار کر 6 افراد کو حراست میں لے لیا۔

    بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بھارتی شہر نوئیڈا میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک احاطے پر چھاپہ مارا جہاں ملزمان نے ایک سرکاری ایجنسی سے مشابہ دفتر بنایا ہوا تھا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران متعدد جعلی آئی ڈیز، مہریں اور لیٹر ہیڈ برآمد کر کے قبضے میں لے لیے۔

    ملزمان نے لوگوں کو بیوقوف بنانے کے لئے جعلی تھانے کا نام ’انٹرنیشنل پولیس اینڈ کرائم انویسٹی گیشن بیورو آفس‘ رکھا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق گرفتار ملزمان نے مبینہ طور پر مختلف وزارتوں بشمول قبائلی امور اور سماجی انصاف کے نام پر جعلی سرٹیفکیٹ بھی بنائے ہوئے تھے اور فنڈز لینے کے لیے ویب سائٹ بھی بنا رکھی تھی۔

    لٹیروں نے جعلی پولیس بن کر مراکشی سے ہزاروں یورو اور ڈالر لوٹ لیے:

    کراچی میں لٹیروں نے جعلی پولیس بن کر ایک مراکشی تاجر سے ہزاروں یورو اور ڈالر لوٹ لیے ہیں۔

    کراچی میں غیر ملکی شہری بھی ڈاکوؤں کے ہتھے چڑھنے لگے ہیں، شمالی افریقی ملک مراکش کے ایک تاجر محمد موسید کو جعلی پولیس بن کر وارداتیں کرنے والے لٹیروں نے لوٹ لیا۔

    لاہور: جعلی پولیس اہلکاروں کی اغوا برائے تاوان کی کوشش ناکام

    یہ واردات شاہراہ فیصل پر ٹیپو سلطان تھانے کی حدود میں پیش آئی، جس میں کار سوار لٹیروں نے مراکشی تاجر سے 2700 مراکشی یورو، اور 750 ڈالر اور دیگر سامان چوری کر لیا۔

  • بارش کے دوران فوڈ ڈیلیوری بوائے کھلے نالے میں گر گیا، ویڈیو وائرل

    بارش کے دوران فوڈ ڈیلیوری بوائے کھلے نالے میں گر گیا، ویڈیو وائرل

    بھارت کے حیدرآباد میں موسلا دھار بارش کے دوران فوڈ ڈیلیوری بوائے کھلے نالے میں گر گیا، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے حیدرآباد کے ایل بی نگر علاقے میں طوفانی بارش کے دوران ایک افسوسناک واقعہ رونما ہوا، جب زومایٹو کا فوڈ ڈیلیوری بوائے سید فرحان کھلے نالے میں گر گیا۔

    رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ٹی کے آر کمان کے قریب پیش آیا جہاں بارش کے باعث نالہ میں پانی کی سطح بلند ہو گئی تھی۔

    فوڈ ڈیلیوری سید فرحان، جو سنتوش نگر کا رہائشی ہے اور گزشتہ 6 سالوں سے ڈیلیوری بوائے کے طور پر کام کر رہا ہے، ایک کسٹمر کو پارسل پہنچانے کے دوران نالے میں گر کر حادثے کا شکار ہوگیا۔

    اس حادثے میں اس کا موبائل فون پانی میں بہہ گیا اور نئی بائیک جس کی وہ ماہانہ قسطیں ادا کررہا تھا خراب ہو گئی اور نالے میں پھنس گئی۔

    خاتون نے اپنی سوتن کی جان بچانے کے لیے بڑی قربانی دے دی

    سید فرحان کو مقامی لوگوں نے نالے سے نکالا اور رسی کی مدد سے اس کی موٹر سائیکل کو بھی باہر نکالا، تاہم، اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) اور حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

    مقامی افراد کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ شہر میں کھلے نالوں کے قریب واضح انتباہی سائن بورڈز لگائے جائیں تاکہ ایسی ناخوشگوار صورتحال دوبارہ نہ ہوں۔

  • بھارت کا آپریشن سندور میں رسوائی اور جگ ہنسائی کے بعد مضحکہ خیز دعویٰ

    بھارت کا آپریشن سندور میں رسوائی اور جگ ہنسائی کے بعد مضحکہ خیز دعویٰ

    (9 اگست 2025): آپریشن سندور میں پاکستان کے ہاتھوں بدترین شکست پر بھارت شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔

     تفصیلات کے مطابق آپریشن سندور کے مہینوں بعد اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے بھارتی ایئر چیف نے 6 پاکستانی طیارے مار گرانے کا مضحکہ خیز دعویٰ کیا ہے، بھارتی ایئر چیف اے پی سنگھ نے پاک بھارت جنگ کے تین ماہ بعد پاکستان کے پانچ طیارے گرانے کا بھونڈا دعویٰ کردیا ہے۔

    بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے بغیر کسی ثبوت کے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے چھ ریڈار دو ہینگرز اور دو ایس اے جی ای سسٹم بھی تباہ کئے گئے۔

    بھارتی ایئرچیف کے جھوٹے دعوؤں نے مودی سرکار کو پھر دنیا میں رسوا کردیا ہے، بھارت کے اندر سے اٹھنے والی آوازوں کا جواب دینے کے بجائے ایک اور مضحکہ خیز دعویٰ کردیا ہے۔

    خود بھارتی جنرل، سفارتکار اور بین الاقوامی میڈیا بھارتی رافیل تباہ ہونے کی تصدیق کرچکے ہیں، رائٹرز سمیت غیرملکی خبر رساں ادارے بھارت کی جنگی حکمت اور انٹیلی جنس ناکامی کی تصدیق کرچکے ہیں۔

    دوسری جانب پاکستان نے 7 مئی کی فضائی جنگ کے فوراً بعد ہی رافیل سمیت بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرانے کی تفصیلات تک سامنے رکھ دی تھیں جن کی تائید بھارتی میڈیا کی رپورٹس سے بھی ہوئی تھی۔

  • پاکستان سے روایتی جنگ ہارنے والا بھارت انسانیت دشمن پر اتر آیا

    پاکستان سے روایتی جنگ ہارنے والا بھارت انسانیت دشمن پر اتر آیا

    اسلام آباد(9 اگست 2025): ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کو ویکسینز سپلائی میں رکاوٹیں ڈالنے لگا۔

    ذرائع وزارت صحت کے مطابق یونیسیف نے پاکستان کیلئے ویکسین بھارتی کمپنی سے خریدی ہیں، یونیسیف نے پاکستان کیلئے17 ملین سے زائد ویکسین ڈوز خریدی ہیں۔

    یونیسیف کی پاکستان کیلئے خریدی ویکسین کی مالیت 27 ارب روپے سے ہے، ویکسین  کی 60 فیصد رقم یونیسیف، 40 فیصد پاکستان نے ادا کی ہے، پاکستان نے یونیسیف سے ویکسین فراہمی کی درخواست کی تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی درخواست پر یونیسیف نے بھارت سے ویکسین خریداری کی، بھارت نے یونیسیف کو ویکسین جولائی کے آغاز پر سپلائی کرنی تھی، بھارتی کمپنی ویکسین سپلائی کرنے میں تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق یونیسیف کی پاکستان کیلئے ویکسین خریداری بھارتی علم میں نہیں تھی، بھارتی کمپنی پاکستان کا علم ہونے پر دانستہ طور تاخیر کر رہی ہے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ یونیسیف نے پاکستان کیلئے بی سی جی، پینٹا ویلنٹ، نمونیہ ویکسین خریدی ہے، یونیسیف نے پولیو، ٹائیفائیڈ، خسرہ و روبیلا، ہیضہ ویکیسن خریدی ہے۔

    یونیسیف نے پاکستان کیلئے ویکسین سیرم انسٹیٹیوٹ آف انڈیا سے خریدی ہیں، بھارت سے بچوں کی ٹی بی ویکسین کی 30 لاکھ سے زائد ڈوز اور پینٹاویلنٹ ویکسین کی 20 لاکھ سے زائد ڈوز خریدی گئی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت سے 20 لاکھ سے زائد پولیو ویکسین انجکشن خریدے گئے ہیں، نوموکوکل ویکسین کی ساڑھے چودہ لاکھ سے زائد ڈوز خریدی گئی ہیں، ٹائیفائیڈ 31، خسرہ 28 لاکھ، ہیضہ کی 30 لاکھ سے زائد ڈوز خریدی گئی ہیں۔

  • ٹرمپ کا خوف، بھارت روس سے تیل کی خریداری کم کرنے پر تیار

    ٹرمپ کا خوف، بھارت روس سے تیل کی خریداری کم کرنے پر تیار

    بھارت کے خلاف ٹرمپ کے ٹیرف اقدامات کے باعث بھارت روس سے تیل کی خریداری کم کرنے پر تیار ہوگیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت نے امریکا کو روس سے تیل کی خریداری میں کمی کا اشارہ بھی دے دیا۔

    خبر ایجنسی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بھارت نے امریکا سے ہتھیار خریدنے کا منصوبہ فی الحال روک دیا ہے، کیونکہ بھارت امریکی اسلحے کی خریداری پر دوبارہ بات سے پہلے ٹیرف پر وضاحت کا منتظر ہے۔

    علاوہ ازیں بھارتی وزیر دفاع نے امریکا کا طے شدہ دورہ بھی منسوخ کر دیا۔

    دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بھارت پر مزید ٹیرف لگانے کے بعد بھارتی کاروباری دنیا میں پلچل مچی ہوئی ہے، بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں شیئرز شدید مندی کا شکار ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بمبئی اسٹاک ایکسچینج سینسیکس میں شدید مندی کا رجحان دیکھا جارہا ہے، جو 240 پوائنٹس کم ہو کر 80 ہزار 303 پر آچکا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق بی ایس ایکس کے اگست میں سینسیکس کی گراوٹ ایک ہزار 399 پوائنٹس ہو چکی ہے۔

    اسٹاک مارکیٹ میں مندی سے بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب چکے ہیں، موجودہ معاشی صورتحال پر بھارتی سرمایہ کار سر پکڑ کر بیٹھ گئے۔

    پاک امریکا تعلقات سے بھارت کو پریشانی کا سامنا ہے، بلومبرگ

    واضح رہے کہ ٹرمپ نے بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف لگا دیا ہے، جس کے بعد بھارت پر مجموعی امریکی ٹیرف 50 فیصد ہوگیا۔