Tag: شیخ رشید

  • طالبان کے شیڈو گورنر نے اپنی طرف سے سرحد بند کی ہے: وزیر داخلہ

    طالبان کے شیڈو گورنر نے اپنی طرف سے سرحد بند کی ہے: وزیر داخلہ

    اسلام آباد: طالبان کی جانب سے بابِ دوستی کو بند کیے جانے پر وزیر داخلہ شیخ رشید نے ایک بیان میں کہا ہے کہ طالبان کے شیڈو گورنر نے اپنی طرف سے سرحد بند کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ طالبان نے چمن بارڈر اسپین بولدک کی سرحد بند کر دی، سرحد کی یہ بندش طالبان کے شیڈو گورنر کی جانب سے ہے، انھوں نے کرونا سرٹیفکیٹ اور بائیو میٹرک کو تسلیم کرنے سے انکار کیا ہے۔

    وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا پاکستان نے کرونا کی وجہ سے چمن، اسپین بولدک سرحد بند کی ہے، آپ کہہ سکتے ہیں کہ اس وقت سرحد مکمل بند ہو چکی ہے، انھوں نے بتایا کہ سرحد پر ویزا، بائیو میٹرک کے ساتھ راہداری کی سہولت حاصل تھی۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا پاکستان کا افغانستان کے اندرونی معاملات میں عمل دخل نہیں، پاکستان اپنی سرزمین افغانستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا، افغانستان بھی اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے۔

    افغان طالبان نے باب دوستی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا

    وزیر داخلہ نے کہا بارڈر منیجمنٹ میری پالیسی ہے، اس لیے حقائق بتا دیے۔

    واضح رہے کہ افغان طالبان نے ایک بار پھر باب دوستی کو پاکستان کے ساتھ آمد و رفت کے لیے بند کر دیا ہے، جس کے بعد پاکستان نے بھی پاک افغان بارڈر پر ہر قسم کی آمد و رفت معطل کر دی ہے۔

    گزشتہ ماہ طالبان نے 20 سال بعد افغانستان کی جانب سے باب دوستی کا کنٹرول دوبارہ حاصل کیا تھا، اور افغان قومی پرچم اتار کر اپنا سفید جھنڈا لہرا دیا تھا۔

  • پہلے کسی سفیر کے اہل خانہ کا پرائیویٹ ٹیکسی میں جانے کا واقعہ پیش نہیں آیا: وزیر داخلہ

    پہلے کسی سفیر کے اہل خانہ کا پرائیویٹ ٹیکسی میں جانے کا واقعہ پیش نہیں آیا: وزیر داخلہ

    اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی نے خود ٹیکسی ہائر کی تھی، یہ کل کا واقعہ ہے، تاہم پہلے کسی سفیر کے اہل خانہ کا پرائیویٹ ٹیکسی میں جانے کا واقعہ پیش نہیں آیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد میں افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا اور تشدد کے واقعے پر وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی کے بیان کے مطابق پہلی ٹیکسی میں اس پر تشدد ہوا تھا، تاہم قانونی کارروائی افغان سفیر کی بیٹی کے تحریری بیان پر کی جائے گی، ابھی انھوں نے کوئی تحریری بیان نہیں دیا۔

    شیخ رشید نے کہا جس ٹیکسی میں سفیر کی بیٹی پر تشدد ہوا، اس کی تلاش جاری ہے، تاہم دوسرے ٹیکسی ڈرائیور کو ٹریس کر لیا گیا ہے، اس ڈرائیور نے افغان سفیر کی بیٹی کی مدد کی تھی، جس پر انھوں نے ٹیکسی ڈرائیور کو 500 روپے انعام بھی دیا۔

    وزیر داخلہ نے بتایا کہ افغان سفیر کی بیٹی کے مطابق تشدد کرنے والا ٹیکسی ڈرائیور ایمبیسی کارڈ بھی لے گیا ہے، لڑکی کے پاس موبائل فون بھی نہیں تھا، پہلے بتایا گیا کہ ٹیکسی موبائل سے بک کرائی لیکن بعد میں پتا چلا کہ فون گھر پر تھا، پہلے کسی سفیر کے اہل خانہ کا پرائیویٹ ٹیکسی میں جانے کا واقعہ پیش نہیں آیا۔

    افغان سفیر کی بیٹی کا مبینہ اغوا، وزیر اعظم کی 48 گھنٹوں میں حقائق سامنے لانے کی ہدایت

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ افسران کو بھیجا جا چکا ہے، اور واقعےکی تحقیقات جاری ہیں، واقعے کا فی الحال کوئی دوسرا پہلو نظر نہیں آتا۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد میں افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا اور بدسلوکی کے واقعے پر وزیر اعظم عمران خان نے نوٹس لے کر وزیر داخلہ شیخ رشید کو واقعے میں ملوث افراد کو 48 گھنٹے میں گرفتار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

  • ‘تمام ویزے آن لائن ہوگئے ،  پاکستان میں اب پاسپورٹ کا حصول ایک دن میں ممکن’

    ‘تمام ویزے آن لائن ہوگئے ، پاکستان میں اب پاسپورٹ کا حصول ایک دن میں ممکن’

    لاہور : وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ تمام ویزے آن لائن ہوگئے جبکہ 2ہزار180 روپے اضافی فیس کے ساتھ ایک دن میں بھی پاسپورٹ مل سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے گفتگو میں کہا ہے کہ تمام ویزے آن لائن ہوگئے، جس کا کریڈٹ عمران خان کو جاتاہے ، پہلی بارملک میں ایگزٹ ویزا بھی آن لائن کردیا ہے اور 2 ہزار180روپےاضافی فیس کےساتھ ایک دن میں بھی پاسپورٹ مل سکتا ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شناختی کارڈ کے حصول سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پہلی بارشناختی کارڈ مفت بنےگا ، ملک کے تمام تحصیل ہیڈکوارٹرز میں نادرا دفاتر کھولیں گے۔

    وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ ماضی میں بجلی کےمہنگے معاہدےکیےگئے، پاکستان میں بجلی سستی ہوجائےتوبہت سےمسائل حل ہوجائیں گے ، احساس پروگرام سے غریبوں کی بہت مدد ہورہی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس کون نہیں جاتا؟سب ہی جاتےہیں، اوورسیزپاکستانیوں نے مدد کی ورنہ روز کشکول لیکر پڑوسی ممالک جانا پڑتا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ ہمیں بہترالیکشن کے معاملات کی طرف جاناچاہئے، پاکستان میں وہ وقت آگیا ہے کہ ہمیں تلخیوں کوختم کرناہے، ساری پارٹیوں کومل بیٹھ کرالیکشن اصلاحات پربات کرنی چاہئے، تمام جماعتوں کوملکربارڈرکی صورتحال پربات کرنی چاہئے۔

  • میران شاہ میں پہلے پاسپورٹ آفس کا افتتاح

    میران شاہ میں پہلے پاسپورٹ آفس کا افتتاح

    میران شاہ: وفاقی وزیر داخلہ شيخ رشيد نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں پہلے پاسپورٹ آفس کا افتتاح کردیا، انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں میڈیکل یونیورسٹی کے لیے وزیر اعظم سے بات کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شيخ رشيد نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے میران شاہ میں پہلے پاسپورٹ آفس کا افتتاح کردیا، ميران شاہ ميں وزير داخلہ کو علاقے کے مسائل پر بريفنگ دی گئی۔

    وزير داخلہ نے علاقے کے لیے نادرا کی 2 موبائل وین فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا۔

    اس موقع پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ دور دراز علاقوں کے شہری موبائل وین سے مستفید ہوسکیں گے، انگور اڈہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی پاسپورٹ آفس بنائيں گے، پاسپورٹ، نادرا دفاتر ميں ميرٹ پر مقامی لوگ بھرتی کريں گے، خواتین کو بھی تربيت دے کر بھرتی کیا جائے گا۔

    وزیر داخلہ نے قبائلی عمائدین اور معززین کے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی عوام نے جانوں کی قربانیاں دے کر پاکستان کو بچایا ہے، آپ نے پاکستان کے بقا کی جنگ لڑی، قوم کو آپ پر ناز ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں میڈیکل یونیورسٹی کے لیے وزیر اعظم سے بات کروں گا، جرگہ منعقد کرنے کے لیے بھی وزیر اعظم سے بات کروں گا۔ جرگے کی روایت کا حامی ہوں، اس علاقے میں اپنی روایات کے مطابق قوانین کا نفاذ ہونا چاہیئے، جرگہ ایک بہترین متبادل نظام انصاف ہے۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزیرستان کے سماجی خدوخال بہت منفرد ہیں، علاقائی قوانین کو مضبوط کرنے کی کوشش کریں گے، علاقائی رسم و رواج کے مطابق قوانین بنانے کے لیے بات کروں گا۔

    انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں پاسپورٹ دفتر کا افتتاح کر دیا ہے، پاسپورٹ اور نادرا کے دفاتر میں مقامی اسٹاف کو بھرتی کیا جائے گا، نادرا رجسٹریشن کے لیے 2 موبائل وینز فوری فراہم کریں گے۔ شناختی کارڈز کے فوری اجرا کے لیے انتظامات کر رہا ہوں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاک افغان بارڈر پر آمد و رفت کے لیے امیگریشن کو آسان بنایا جائے گا، جنوبی وزیرستان میں انٹرنیٹ کی سہولت مہیا کردی گئی ہے، شمالی وزیرستان میں انٹرنیٹ سروس اسی سال شروع ہوجائے گی۔ علاقے کو ترقی دینے کے لیے مزید فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔

  • ایم کیو ایم پاکستان کا وفاقی وزیر داخلہ سے کراچی کے مسئلے پر بڑا مطالبہ

    ایم کیو ایم پاکستان کا وفاقی وزیر داخلہ سے کراچی کے مسئلے پر بڑا مطالبہ

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید سے کراچی کے مسئلے پر مطالبہ کیا ہے کہ پولیس کو حدود سے تجاوز سے روکا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے الزام لگایا ہے کہ سندھ حکومت کرونا ایس او پیز کی آڑ میں شہریوں کی عزت نفس مجروح کر رہی ہے، اور شہریوں کے حقوق پامال کیے جا رہے ہیں۔

    ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی نے کراچی کے دو روزہ دورے پر آئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پولیس کو حدود سے تجاوز اور قانون کی دھجیاں بکھیرنے سے روکیں۔

    ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی کو پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی، اراکین کا کہنا ہے کہ شب 8 بجے کے بعد کراچی کی سڑکوں پر پولیس کی لوٹ مار عروج پر ہوتی ہے، خواتین اور بزرگ شہریوں سے بھی ہتک آمیز رویہ رکھا جاتا ہے۔

    سندھ میں گورنر راج سے متعلق شیخ رشید احمد کا اہم بیان

    ایم کیو ایم کا مؤقف ہے کہ سندھ کی متعصب حکومت کرونا ایس او پیز کے بارے میں شعور اور آگاہی کی مہم چلانے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے، ایم کیو ایم نے دعویٰ کیا کہ پولیس بھتہ لے کر بند دوکانیں کھلواتی ہے، یہ عمل بھی رکنا چاہیے اور شہریوں کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے۔

    اراکین کا کہنا ہے کہ دعوے کیے جا رہے تھے کہ ویکسینیشن سینٹرز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے، لیکن یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ کرونا ویکسینیشن سینٹرز چھٹیوں میں بند نظر آئے اور بد نظمی کا شکار رہے۔

  • شیخ رشید نے رینجرز ہیڈکوارٹر میں اہم اجلاس طلب کر لیا، وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات طے

    شیخ رشید نے رینجرز ہیڈکوارٹر میں اہم اجلاس طلب کر لیا، وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات طے

    کراچی: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے امن و امان کی صورت حال پر ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ نے اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، شیخ رشید کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق یہ اجلاس رینجرز ہیڈ کوارٹر میں ہوگا ، وزیر داخلہ کراچی اور سندھ میں امن و امان سے متعلق اجلاس میں اہم فیصلے کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کل صبح 10 بجے ہوگی، جس میں صوبے میں امن و امان اور وفاق سے جڑے امور کا جائزہ لیا جائے گا، وفاقی وزیر گورنر سندھ عمران اسماعیل سے بھی ون آن ون ملاقات دوپہر ایک بجے کریں گے۔

    واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید 2 روزہ دورے پر کراچی آئے ہیں، کراچی روانگی سے قبل اسلام آباد ایئر پورٹ پرگفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا میں کراچی میں امن و امان کاجائزہ لوں گا، مشن صرف امن ہے، کراچی سے واپسی پر وزیر اعظم کو امن و امان کی رپورٹ پیش کروں گا، کراچی میں میری اہم ملاقاتیں ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بھی ملاقات ہوگی۔

    وزیر اعظم نے سندھ میں بڑھتے ہوئے جرائم پر نوٹس لے لیا، شیخ رشید کو خصوصی ہدایت

    یاد رہے کہ سندھ میں امن و امان کی صورت حال پر نوٹس لیتے ہوئے گزشتہ روز وزیر اعظم نے وزیر داخلہ کو ہدایت کی تھی کہ وہ سندھ کا دورہ کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مل کر اس صورت حال پر حکمت عملی طے کریں۔

  • حکومت اور ٹی ایل پی مذاکرات کامیاب، شیخ رشید نے بیان جاری کر دیا

    حکومت اور ٹی ایل پی مذاکرات کامیاب، شیخ رشید نے بیان جاری کر دیا

    اسلام آباد: حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں، اس سلسلے میں وزیر داخلہ شیخ رشید کی جانب سے اہم ویڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے۔

    شیخ رشید نے پیغام میں کہا کہ حکومت پاکستان اور کالعدم ٹی ایل پی کے درمیان طویل مذاکرات ہوئے، طے پایا ہے کہ فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد پیش کی جائے گی، یہ قرارداد قومی اسمبلی میں آج پیش کی جائے گی۔

    وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ٹی ایل پی مسجد رحمت اللعالمینﷺ سمیت ملک بھر سے دھرنے ختم کرے گی، جب کہ بات چیت اور مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے گا، جن کے خلاف مقدمات ہیں، فورتھ شیڈول سمیت، ان کا اخراج کیا جائے گا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ اس سلسلے میں تفصیلی بیان آج شام یا کل دوپہر پریس کانفرنس میں دوں گا۔

    ادھر وزیر مذہبی امور و اوقاف پنجاب سید سعید الحسن شاہ نے ایک بیان میں کہا کہ مذاکرات میں تمام مراحل کامیابی سے طے پا گئے، ماہ رمضان کی برکت ملک بڑے فتنے سے بچ گیا، بریک تھرو میں کامیاب ہوگئے ہیں، تحریک لیبک اسلام آباد میں لانگ مارچ نہیں کرے گی۔

    راولپنڈی: مظاہرین نے لال حویلی کا گھیراؤ کرلیا

    کالعدم ٹی ایل پی سے مذاکرات کرنے والے علمائے اہل سنت کا بھی ویڈیو بیان جاری ہوا، صاحب زادہ حامد رضا نے بیان میں کہا عوام کو کامیاب مذاکرات پر مبارک باد پیش کرتے ہیں، کارکنوں کی رہائی کا مرحلہ آج شروع ہو جائے گا، جب کہ پرائیویٹ ممبر اسمبلی میں فرانسیسی سفیر سے متعلق قرارداد پیش کرے گا۔

    حامد رضا نے کہا فورتھ شیڈول میں ڈالے گئے افراد پر نظر ثانی کی جائے گی، علمائے اہل سنت حکومتی کمیٹی نہیں ہے، ہم نے ثالثی کا کردار ادا کیا ہے، امید ہے حکومت معاہدے پر عمل کرے گی۔

    دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ رکن ٹی ایل پی شوریٰ شفیق امینی اور دیگر مرکزی رہنما بیان جاری کریں گے، جب کہ حکومتی اعلان شیخ رشید، نورالحق قادری اور راجہ بشارت کریں گے، ذرائع نے کہا کہ 16 ایم پی او کے تحت گرفتار 2600 افراد ملک بھر سے رہا کیے جائیں گے، کالعدم تنظیم کے جن کارکنان پر مقدمات ہیں ان کی ضمانتیں کروائی جائیں گی۔

  • ٹی ایل پی سے مذاکرات شروع، مظاہرین نے یرغمال اہل کار چھوڑ دیے: شیخ رشید

    ٹی ایل پی سے مذاکرات شروع، مظاہرین نے یرغمال اہل کار چھوڑ دیے: شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ نے ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ساتھ مذاکرات شروع کر دیے گئے ہیں، جن پولیس اہل کاروں کو ترغمال بنایا گیا تھا انھیں چھوڑ دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ایک ویڈیو بیان جاری کیا ہے، جس میں انھوں نے ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات شروع ہونے کی اطلاع دی، انھوں نے کہا ٹی ایل پی سے مذاکرات کا پہلا دور ہو چکا ہے، مذاکرات کا دوسرا دور بھی آج صبح ہوگا۔

    شیخ رشید نے کہا مظاہرین نے 11 یرغمال پولیس اہل کار چھوڑ دیے ہیں، بات چیت کا پہلا دور کافی بہتری سے مکمل ہوا، اور ٹی ایل پی کے لوگ مسجد رحمت اللعالمین میں چلے گئے ہیں، پولیس بھی پیچھے ہٹ گئی ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا پنجاب حکومت کی پہلی میٹنگ کامیابی سے ہم کنار ہوئی ہے، دوسرے راؤنڈ میں باقی معاملات بھی طے پا جائیں گے، اللہ سے امید ہے ٹی ایل پی سے معاملات خوش اسلوبی سے طے پا جائیں گے۔

    گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ لاہور میں پولیس اور رینجرز کو اغوا کیا گیا تھا جس پر مظاہرین کے خلاف آپریشن کیا گیا، انھوں نے کہا کہ حکومت مذاکرات پر یقین رکھتی ہے لیکن بلیک میل نہیں ہوگی، ریاست کالعدم ٹی ٹی پی مسلح گروہ کے سامنے بلیک میل نہیں ہوئی۔

    ادھر آج لاہور واقعے کے خلاف مفتی منیب الرحمان نے دیگر علما کے ساتھ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک بھر میں پر امن پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا ہے، جس کی حمایت مولانا فضل الرحمان اور جماعت اسلامی سمیت تاجر اور ٹرانسپورٹر تنظمیوں نے بھی کر دی ہے۔

  • جس نے ووٹ کاسٹ کرنا ہوتا ہے، وہ کرونا کو بھی اہمیت نہیں دیتا: شیخ رشید

    جس نے ووٹ کاسٹ کرنا ہوتا ہے، وہ کرونا کو بھی اہمیت نہیں دیتا: شیخ رشید

    کراچی: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ڈسکہ میں پہلے اتنی بڑی تعداد میں سیکیورٹی نہیں دیکھی، جس نے ووٹ کاسٹ کرنا ہوتا ہے، وہ کرونا کو بھی اہمیت نہیں دیتا۔

    ان خیالات کا اظہار وہ اے آر وائی نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے کر رہے تھے، شیخ رشید نے کہا گزشتہ کئی ماہ سے این اے 75 ڈسکہ نہایت اہمیت اختیار کر گیا ہے، 2 افراد کی شہادت کے بعد اس حلقے کو بہت اہمیت ملی، ڈسکہ میں اتنی بڑی تعداد میں سیکیورٹی نہیں دیکھی، یہ واحد حلقہ ہے جہاں اتنی تعداد میں سیکیورٹی اہل کار تعینات ہوئے۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے کہا الیکشن پُر امن ہو یہ میرے لیے بہت بڑی خبر ہے، دونوں پارٹیاں کہہ رہی ہیں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی جو اچھی بات ہے، معاملہ سپریم کورٹ جانے کے بعد پُر امن انتخابات خوش آئند ہیں۔

    انھوں نے کہا ٹرن آؤٹ کم ہے تو اس میں کئی وجوہ ہو سکتی ہیں، جس نے ووٹ کاسٹ کرنا ہوتا ہے وہ کرونا کو بھی اہمیت نہیں دیتا، میں اس وقت کراچی میں موجود ہوں اور کوئی شخص ماسک پہنا نظر ہی نہیں آ رہا، خاموش ووٹر بہت بڑے فیصلے خاموشی سے کر جاتے ہیں، بڑی بات ہے کہ جو لوگ شہید ہوئے ان کے رشتے داروں نے ووٹ کاسٹ کیے۔

    جعلی ووٹس سے متعلق شیخ رشید کا کہنا تھا ووٹر چار جگہوں سے ہو کر ووٹ کاسٹ کرتا ہے تو وہ جعلی کیسے ہو سکتا ہے، دس بیس جعلی ووٹوں سے الیکشن کو کوئی فرق نہیں پڑتا، نوشین افتخار نے جعلی ووٹوں کا کہا ہے تو معلوم نہیں یہ کیسے کاسٹ ہو جاتے ہیں۔

    خیال رہے کہ این اے 75 ڈسکہ میں پولنگ کا عمل پورا ہو چکا ہے اور اب ووٹوں کی گنتی جاری ہے، اے آر وائی نیوز نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے سب سے پہلے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ عوام تک پہنچایا۔

  • شیخ رشید اور قطری وزیر اعظم کی ملاقات، عمران خان کا خصوصی مراسلہ پہنچا دیا

    شیخ رشید اور قطری وزیر اعظم کی ملاقات، عمران خان کا خصوصی مراسلہ پہنچا دیا

    دوحہ: وزیر داخلہ پاکستان شیخ رشید احمد نے قطر کے وزیر اعظم خالد بن خلیفہ سے ملاقات کی، دو طرفہ تعلقات اور تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ شیخ رشید نے انھیں وزیر اعظم پاکستان کا خصوصی مراسلہ بھی پہنچایا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید دو روزہ سرکاری دورے پر قطر میں موجود ہیں، آج انھوں نے قطری وزیر اعظم خالد بن خلیفہ سے ملاقات کی، جس میں پاک قطر دو طرفہ تعلقات اور تجارت کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔

    شیخ رشید نے قطر میں پاکستانی مین پاور بڑھانے اور داخلی سلامتی کے امور پر وزیر اعظم کے ساتھ گفتگو کی، انھوں نے کہا افغانستان کے پائیدار امن میں قطر کا کردار مثالی ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا افغانستان میں پائیدار امن پاکستان اور قطر کا دیرینہ مقصد ہے، افغان امن میں اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کامیاب مذاکرات کا سہرا قطر کے سر ہے۔

    وزیر داخلہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے

    قطری وزیر اعظم نے تجارت کے حوالے سے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت بڑھانے کا بے پناہ اسکوپ ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہت دیرینہ ہیں۔

    دریں اثنا، شیخ رشید نے قطر کے وزیر اعظم کو وزیر اعظم عمران خان کا خصوصی مراسلہ پہنچایا، اور قطر کے عوام کے لیے وزیر اعظم عمران خان کا خیر سگالی کا پیغام دیا۔

    واضح رہے کہ شیخ رشید گزشتہ روز قطر کے دو روزہ سرکاری دورے پر دوحہ پہنچے تھے، آج انھوں نے ملی پول (Milipol) قطر بین الاقوامی نمائش میں بھی شرکت کی، اور پاکستانی نمائشی اسٹال کا دورہ کیا۔