Tag: شیخ رشید

  • الیکشن کمیشن کے سامنے پی ڈی ایم کا احتجاج، شیخ رشید کا امن وامان سے متعلق اجلاس طلب

    الیکشن کمیشن کے سامنے پی ڈی ایم کا احتجاج، شیخ رشید کا امن وامان سے متعلق اجلاس طلب

    اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے الیکشن کمیشن کے سامنے پی ڈی ایم کے احتجاج کے حوالے سے امن وامان سے متعلق اجلاس طلب کرلیا، جس میں ضروری حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کی جانب سے 19جنوری کوالیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے حوالے سے وزیرداخلہ شیخ رشید نے پیر کو امن وامان سے متعلق اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں کمشنراسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد سمیت قانون نافذکرنیوالےاداروں کے نمائندے شرکت کریں گے جبکہ پنجاب اور کے پی آئی جی پولیس بھی ویڈیولنک کے زریعے شریک ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے ، امن وامان سے متعلق اجلاس میں ضروری حفاظتی اقدامات کاجائزہ لیا جائے گا اور احتجاج کے موقع پر امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

    اجلاس میں وفاقی دارالحکومت کےداخلی راستوں کی سیکیورٹی کاجائزہ لیاجائےگا اور ریڈزون کی سیکیورٹی میں اضافے کے حوالے سے حکمت عملی طے ہوگی۔

    واضح رہے کہ پی ڈی ایم نے 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے تاہم اکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، احتجاج میں پیپلز پارٹی کا وفد شرکت کرے گا۔

    پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے سامنے ریلی اور احتجاج کا فیصلہ آئندہ الیکشنز میں ووٹ کو عزت دینے کے لیے کیا گیا ہے، موجودہ وزیر اعظم کے خلاف فارن فنڈنگ کیس ہے، جس پر پُر امن احتجاج میں تمام کارکنان اور ٹکٹ ہولڈرز سب شریک ہوں گے۔

  • مدارس کے بچوں کی جلسوں میں شرکت، وزیر اعظم نے وزیر داخلہ کو اہم ٹاسک سونپ دیا

    مدارس کے بچوں کی جلسوں میں شرکت، وزیر اعظم نے وزیر داخلہ کو اہم ٹاسک سونپ دیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وزیر داخلہ شیخ رشید کو اہم ٹاسک سونپتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مدارس کے بچوں کو پی ڈی ایم احتجاج میں شرکت سے روکا جائے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شیخ رشید نے وزیر اعظم سے ملاقات کی ہے، جس میں پی ڈی ایم کے جلسوں میں مدارس کے بچوں کی شرکت کے حوالے سے عمران خان کی جانب سے انھیں خصوصی ٹاسک سونپا گیا ہے۔

    وزیر اعظم نے شیخ رشید کو ہدایت کی کہ مدارس کے بچوں کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسوں میں شرکت سے روکا جائے، اس سلسلے میں وزیر داخلہ شیخ رشید کل علمائے کرام کے ساتھ ملاقات کریں گے۔

    وزیر داخلہ کی جانب سے ملاقات میں علمائے کرام کو حکومتی ترجیحات سے متعلق اعتماد میں لیا جائے گا۔

    ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم مذہب کی آڑ میں کسی کو سیاسی مفادات حاصل نہیں کرنے دیں گے، عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، جسے ہم نبھائیں گے۔

    امن وامان کے حوالے سے کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، وزیر اعظم

    دریں اثنا، وزیر داخلہ شیخ رشید نے کل اہم اجلاس طلب کر لیا، جس میں امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا، اجلاس میں علمائے کرام سے مذاکرات کا لائحہ عمل بھی بنایا جائے گا۔

    آج وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق بھی ایک اجلاس ہوا، جس میں وزیر داخلہ شیخ رشید سمیت دیگر وزرا نے شرکت کی، عمران خان نے ہدایت کی کہ وزرات داخلہ امن و امان کی بہتری یقینی بنائے، امن و امان کے حوالے سے کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

    اس سے قبل وزیر اعظم نے اپوزیشن جماعتوں کے جلسے جلوسوں کے دوران امن و امان کی صورت حال کی نگرانی کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی تھی، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اس کمیٹی کے کنونیئر ہیں جب کہ وزیر قانون فروغ نسیم، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر تعلیم شفقت محمود اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کمیٹی میں شامل ہیں۔

  • شیخ رشید  کا اسامہ ستی کے والد سے رابطہ،  آپ جیسے تحقیقات چاہیں  گے، حکومت مدد کرے گی

    شیخ رشید کا اسامہ ستی کے والد سے رابطہ، آپ جیسے تحقیقات چاہیں گے، حکومت مدد کرے گی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسامہ ستی کے والد سے رابطہ کرکے کہا کہ وزیر اعظم اور کابینہ کافیصلہ ہےستی کےوالد جیسے تحقیقات چاہیں حکومت مددکرے گی، انکوائری رپورٹ سے مطمئن ہیں تو اس کوآگے بجھوایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نےاسامہ ستی کے والد کو فون کر کے کیس انکوائری رپورٹ پر بات چیت کرتے ہوئے کہا وزارت داخلہ کی طرف سےانکوائری کمیٹی کی رپورٹ دیکھ لیں، انکوائری رپورٹ سے مطمئن ہیں تو اس کوآگے بجھوایا جائے گا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم،کابینہ کافیصلہ ہےستی کےوالدجیسےتحقیقات چاہیں حکومت مددکرےگی، ہائی کورٹ کےجج سے انکوائری کرانی ہے تو جواب کا منتظر ہوں۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اطلاع دیں تووزارت داخلہ کی طرف سےوزارت قانون کوخط لکھوں گا ، تحقیقات سے آپ کا مطمئن ہونا سب سے زیادہ ضروری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسامہ کےقتل کاواقعہ بہت بڑا اورقابل مذمت ہے ، آزاداور مکمل تحقیقات کے لیے ہمیشہ تیار ہیں ، اولین ترجیح ہے کہ اسامہ ستی کےوالداور ان کا خاندان مطمئن ہو۔

    گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اسامہ ستی کےقتل کی تحقیقات کا معاملہ زیر بحث آیا تھا ، کابینہ نے رائے دی کہ اسامہ ستی کے والدین جیسے چاہیں ویسے تحقیقات کرائیں، جس پر وزیراعظم نے کہا تھا اسامہ ستی کے معاملے کو وزیر داخلہ دیکھیں ، اسامہ ستی کےورثاجس طرح وہ مطمئن ہوں ان کو مطمئن کریں، اپنا بیانیہ ہر فورم پر مضبوط بنائیں۔

  • اسلام آباد: گھر میں پناہ لینے والے ڈاکوؤں سے مقابلہ، وزیر داخلہ کا پولیس کو خراج تحسین

    اسلام آباد: گھر میں پناہ لینے والے ڈاکوؤں سے مقابلہ، وزیر داخلہ کا پولیس کو خراج تحسین

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جی سکس 2 میں پولیس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کے واقعے کا ڈراپ سین ہو گیا، 4 ڈاکوؤں نے سرنڈر کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے جی سکس ٹو میں پولیس اہل کاروں اور ڈاکوؤں کے درمیان آمنا سامنا ہو گیا تھا، 4 ڈاکو میلوڈی میں ایک گھر میں گھس گئے تھے، جس کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔

    رپورٹس کے مطابق اطلاع ملنے پر پولیس نے مذکورہ گھر کو چاروں طرف سےگھیر لیا تھا، اس دوران پولیس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، جس کے بعد گھر میں پناہ لینے والے چاروں ڈاکوؤں نے سرنڈر کر دیا۔

    اسلام آباد پولیس نے گرفتار 4 ڈاکوؤں کو تھانہ آبپارہ منتقل کر دیا جہاں ان سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

    ایس پی سٹی، سی آر ٹی، اے ٹی ایس اور تھانوں کی بھاری نفری موقع پر پہنچی تھی، ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید بھی موقع پر پہنچ گئے تھے۔

    دریں اثنا، وزیر داخلہ شیخ رشید نے ڈاکوؤں کی گرفتاری پر پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کا بروقت اقدام قابل تعریف ہے، ملزمان کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے، ان کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔

    وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • شیخ رشید نے مچھ واقعے پر رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی

    شیخ رشید نے مچھ واقعے پر رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی

    اسلام آباد : وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے مچھ واقعے پر رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کردی، شیخ رشید نے کہا کہ ہزارہ برادری کونشانہ بنانے میں بین الاقوامی قوتیں ملوث ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وزیرداخلہ شیخ رشید کی ملاقات ہوئی ، جس میں کوئٹہ میں جاری دھرنےکے حوالےسے اہم گفتگو کی گئی۔

    ملاقات میں شیخ رشید نے کوئٹہ واقعے پر وزیراعظم کو رپورٹ پیش کی اور اس حوالے پریس کانفرنس طلب کرلی۔

    بعد ازاں وزیرداخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر کوئٹہ گیا تھا، ہزارہ برادری کو پچھلے کئی سالوں سے نشانہ بنایاجارہاہے، چند ماہ میں 4گروہ پکڑے ہیں فرقہ ورانہ واقعات کراناچاہتےتھے۔

    وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ مچھ واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، ایسےواقعات میں عالمی قوتیں ملوث ہیں، ہزارہ برادری کونشانہ بنانے میں بین الاقوامی قوتیں ملوث ہیں۔

    شیخ رشید نے بتایا کہ دھرنا مظاہرین کے تمام مطالبات تسلیم کئے ، وزیراعظم کو رپورٹ دی، کچھ عناصر نہیں سمجھ رہے کہ سیاست کیلئے بڑا وقت پڑا ہے، افسوس کی بات ہے بعض لوگ سمجھ نہیں رہے ہیں ۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہزارہ قبیلے سے خاص ہمدردی رکھتے ہیں، علی زیدی اور زلفی بخاری کوئٹہ میں موجود ہیں، امید ہے تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے ہوجائیں گے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ ایف سی کو علاقےمیں بڑےپیمانے پر سرچ آپریشن کاکہہ چکا ہوں، آج ہی تدفین ہوجائے تووزیراعظم آج شام ہی کوئٹہ جانے کو تیار ہیں، اسکالرز اورعلمائے کرام سے بھی تعاون مانگا ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی نئی لہر ہے ، اسلام آباد،لاہور،کوئٹہ ،پشاور ہائی الرٹ ہیں، بھارتی را ایجنٹ اور پے رول پر کام کرنیوالوں کے تھریٹس ہیں، دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر اداروں کواطلاع دی ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ڈی پی او،ڈی سی سمیت پوری انتظامیہ کو معطل کیاجاچکاہے، مچھ واقعے سے کچھ دنوں پہلے فوجی جوانوں کو بھی شہید کیاگیا،۔ جاں بحق7افغانیوں کو بھی انتا ہی معاوضہ دیا جائےگاجنتاکہ پاکستانیوں کو دیا جائے گا۔

    وزیراعظم کے کوئٹہ دورے کے حوالے سے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کےجانےمیں تاخیرکی بہت سی وجوہات ہیں جوبتائی نہیں جا سکتیں، بہت سے واقعات ایسے جن سے مختلف طریقوں سے جان چھڑائی جاتی ہے ، وزیراعظم کی یہ شرط نہیں ،کئی معاملات ہیں میڈیا پر نہیں لائے جاسکتے، وزیراعظم جارہے ہیں وہ جائیں گے اورکسی بھی جاسکتے ہیں، بہتر طریقے سے جانا بھی جستجو ہے۔

    شیخ رشید نے کہا کہ کس گروہ نے کیا،داعش کےعلاوہ اور لوگوں نے بھی نام لیا ہے، دھرنےوالوں کاایک مطالبہ بلوچستان حکومت کاخاتمہ تھاجومیرے ہاتھ میں نہیں تھا، نہیں چاہتاان طاقتوں کوفائدہ پہنچےجوشعیہ،سنی فرقہ واریت پیداکرناچاہتےہیں ، تدفین ہوجائے،عمران خان کی حد تک مسئلہ ایک گھنٹے میں ہوجائے گا۔

  • 60 سے 90 دن سیاست میں بہت اہم ہوں گے، شیخ رشید

    60 سے 90 دن سیاست میں بہت اہم ہوں گے، شیخ رشید

    اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پوری کوشش ہوگی کہ امن وامان میں بہتری لائی جائے ، 60سے90دن سیاست میں بہت اہم ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا جب سارامعاشرہ کام نہیں کررہاہوتاایسےمیں پولیس کی ذمےداری بڑھ جاتی ہے، معاشرےمیں معاشی بحران کابوجھ سب سے زیادہ پولیس پر پڑتا ہے ، موجودہ سال ذمےداریوں کاسال ہے ، آپ کی ذمےداری ہے ایمانداری کے ساتھ کام کرنا ہے۔

    اسامہ قتل کے حوالے سے وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ اسامہ ستی کاکیس انتہائی سنجیدہ ہے ، ناحق بچے کی جان لی گئی، پوری کوشش ہوگی کہ امن وامان میں بہتری لائی جائے ، 60سے90دن سیاست میں بہت اہم ہوں گے۔

    شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم سے کوئٹہ جانے کی بات کی مگر وہ پہلےہی فیصلہ کرچکےتھے، وزیراعظم کسی بھی وقت کوئٹہ جاسکتے ہیں ، مچھ واقعے میں جاں بحق افغانیوں کو بھی امداد دینے کے حق میں ہوں۔

    اپوزیشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 19تاریخ کو اپوزیشن اسلام آباد آرہی ہے ، اپوزیشن کے احتجاج کےسامنے کوئی رکاوٹ نہیں بنیں گے ، میں نےکہاتھاضمنی اورسینیٹ الیکشن میں حصہ لیں گے اور لے رہےہیں۔

    وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ اپوزیشن والے استعفے نہیں دیں گے اور ایسا ہی ہوگا، اپوزیشن جیسا رویہ اختیار کرے گی ہم بھی وہی رویہ رکھیں گے۔

  • سانحہ مچھ: شیخ رشید کے مظاہرین سے مذاکرات ناکام، دھرنا جاری رکھنے کا اعلان

    سانحہ مچھ: شیخ رشید کے مظاہرین سے مذاکرات ناکام، دھرنا جاری رکھنے کا اعلان

    کوئٹہ: مچھ بلوچستان میں گیارہ کان کنوں کے لرزہ خیز قتل کے بعد دھرنا دینے والے مظاہرین کے ساتھ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے مذاکرات ناکام ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سانحہ مچھ کے مظاہرین نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کر دیا، مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان دھرنے میں خود تشریف لائیں، تب تک دھرنا جاری رہے گا۔

    وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کوئٹہ دھرنے کے شرکا سے خطاب میں کہا سانحہ مچھ پر شرمندہ ہوں، یقین دلاتا ہوں دہشت گرد نہیں بچیں گے، متاثرین کی مالی مدد بھی کی جائے گی اور ان کو 25،25 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

    شیخ رشید نے مظاہرین سے کہا کہ 3 سے 4 دن میں ان کی وزیر اعظم سے ملاقات کراؤں گا، واقعے سے متعلق جوڈیشل کمیٹی کا بھی اعلان کرتا ہوں، انھوں نے مزید کہا کہ آپ کا پیغام وزیر اعظم تک پہنچاؤں گا، لواحقین سے درخواست ہے کہ شہدا کی تدفین کر دیں۔

    11 کان کنوں کا قتل : سانحہ مچھ کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج

    قبل ازیں، وزیر داخلہ شیخ رشید سانحہ مچھ کے لواحقین کے دھرنے میں پہنچے تو ان کے ہمراہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا لانگو بھی موجود تھے، انھوں نے کا کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مجھے فوری کوئٹہ پہنچنے کی ہدایت کی تھی، یقین دلاتا ہوں کہ حملہ آور بچ نہیں سکیں گے، سانحہ مچھ متاثرین کو صوبائی حکومت 15 لاکھ، وفاق 10 لاکھ روپے دے گا۔

    انھوں نے مظاہرین سے خطاب میں کہا کہ دہشت گرد مچھ پر 4 بار حملہ کر چکے ہیں، یقین دلاتا ہوں کہ یہ مجرم نہیں بچنے والے، لواحقین کے جو مطالبات ہیں وزیر اعظم کے سامنے رکھیں گے، وزیر اعظم نے کہا تھا کہ میرا جہاز لے کر جاؤ اور تعزیت کرو، وزیر اعظم کا خصوصی پیغام لے کر یہاں آیا ہوں، امید ہے آپ لوگ وزیر اعظم کی درخواست کو رد نہیں کریں گے۔

  • اسامہ قتل کیس میں انصاف ہو گا، وزیرداخلہ شیخ رشید

    اسامہ قتل کیس میں انصاف ہو گا، وزیرداخلہ شیخ رشید

    اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اسامہ قتل کیس میں انصاف ہو گا، بروقت کارروائی کی گئی، مقدمہ درج اور ملزمان گرفتار ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کمیٹی برائےداخلہ کا اجلاس ہوا، جس میں وزیر داخلہ شیخ رشید نےکہا کہ اسامہ قتل کیس میں انصاف ہو گا، بروقت کارروائی کی گئی، مقدمہ درج اور ملزمان گرفتارہوچکے جبکہ راولپنڈی اوراسلام آباد میں بھی ہائی الرٹ ہے۔

    رحمان ملک کا کہنا تھا کہ بلوچستان واقعےمیں غیر ملکی ہاتھ ملوث ہے، بیرونی مداخلت کے حوالے سے مشترکہ اجلاس بلانے کی ضرورت ہے۔

    اجلاس میں کرمنل لاترمیمی بل 2020پر بحث ہوئی ، سینیٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ ریپ کیس میں جب تک سزا نہیں ہوگی واقعات ہوتے رہیں گے، فرانزک شواہد کی اہمیت ہے، پولیس ٹریننگ کی بھی ضرورت ہے، ریپ متاثرہ خاتون کی شناخت سامنے نہیں آنی چاہیے۔

    سینیٹررانامقبول کا کہنا تھا کہ شہزاد ڈی این اے ٹیسٹ کو بنیادی ثبوت کے طور پر ہونا چاہیے، ایسے کیسز کی سینئر پولیس افسر کی نگرانی میں تفتیش ہونی چاہیے ، جس پر وزارت داخلہ نے کہا صوبوں سے رائے منگوائی ہے، جیسے ہی رائے آتی ہے پیش کردیں گے۔

    سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ ہم خود فوری اور سستے انصاف کی بات کرتےہیں، اس بل کو دیکھ لیں ابھی تک وزارت نے رائے تک نہیں دی، جس پر وزارت قانون نے بتایا کہ ریپ کیسز کے حوالے سے وزارت داخلہ آرڈیننس جاری کرچکی ہے۔

    جاویدعباسی کا مزید کہنا تھا کہ ریپ کیس کاہائیکورٹ میں ٹرائل ہوناچاہیےوہ اس آرڈیننس کاحصہ نہیں جبکہ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ ایسے کیسزمیں جھوٹ بولنےوالوں کوکیاسزاہوگی اسکابھی جائزہ لیاجائے۔

  • لانگ مارچ اسلام آباد آتا ہے تو اسے بطور وزیر داخلہ ڈیل کروں گا: شیخ رشید

    لانگ مارچ اسلام آباد آتا ہے تو اسے بطور وزیر داخلہ ڈیل کروں گا: شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا لانگ مارچ اسلام آباد آتا ہے تو میں اسے بطور وزیر داخلہ ڈیل کروں گا، فضل الرحمان لانگ مارچ میں مدرسوں کے طلبہ کو لے کر آئیں گے، طلبہ کو کہیں گے کہ اسلام اور اسلام آباد میں فرق کریں۔

    ان خیالات کا اظہار وہ اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں کر رہے تھے، انھوں نے کہا فضل الرحمان ایسی باتیں کر رہے ہیں جو عالم دین کے شایان شان نہیں، یہ منہ اور مسور کی دال، یہ استعفوں کی باتیں کر رہے تھے، جیسے انھوں نے استعفے دیے ویسے یہ پنڈی بھی جائیں گے، پہلے اسلام آباد تو آئیں۔

    شیخ رشید نے کہا میں یہ نہیں کہوں گا کہ پی ڈی ایم کو بیرونی فنڈنگ ہو رہی ہے، لیکن پی ڈی ایم اور بھارت کا پاکستان کے خلاف مؤقف تقریباً ایک جیسا ہے، پاک افواج کے پیچھے پاکستان کی عوام سیسہ پلائی دیوار کی طرح ہیں۔

    وزیر داخلہ نے کہا نواز شریف کا پاسپورٹ ری نیو نہیں ہوگا کیوں کہ مجھے ہدایت دی گئی ہے، عمران خان سے پوچھ کر ہی نواز شریف کے پاسپورٹ پر بیان دیا ہے، ان کے پاسپورٹ کی میعاد ختم ہو رہی ہے تو انھیں آنا چاہیے، وہ بیمار ہیں تو علاج کیوں نہیں کرا رہے۔

    شیخ رشید نے کہا عمران خان چاہتے ہیں یہ سینیٹ الیکشن میں حصہ نہ لیں، لیکن میں چاہتا ہوں یہ سینیٹ الیکشن میں حصہ لیں، عمران خان کو سینیٹ میں اکثریت ملی تو 72 گھنٹے میں وہ ترامیم کر دیں گے، ن لیگ اور جے یو آئی کا بس چلے تو سینیٹ اور ضمنی انتخاب کا بائیکاٹ کر لیں لیکن لکھ کر رکھ لیں ن لیگ بھی سینیٹ کے الیکشن میں حصہ لے گی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ یہ دونوں پارٹیاں کسی بھی طرح چاہتی ہیں حکومت چلی جائے، لیکن اندر سے ایسی آوازیں اٹھیں گی کہ اپنے ہی فیصلوں پر عمل نہیں کر سکیں گے، دونوں پارٹیاں مجبوری میں سینیٹ اور ضمنی انتخاب میں حصہ لیں گی، اپوزیشن میں لاہور جلسے کے بعد وہ دم خم نہیں ہے، اپوزیشن کے پاس لانگ مارچ کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں بچا، اپوزیشن صرف لانگ مارچ کا فیصلہ کرےگی باقی فیصلے یہ نہیں کر سکتے۔

    شیخ رشید نے کہا گرینڈ ڈائیلاگ ہو رہے ہیں یا نہیں اس کا مجھے علم نہیں، ہاں میں چاہتا ہوں کہ ڈائیلاگ ہوں، سیاست دان کبھی بھی مذاکرات کے راستے بند نہیں کرتا، اسٹیبلشمنٹ بھی کبھی بھی نہیں چاہے گی کہ ڈائیلاگ نہ ہوں، لیکن اپوزیشن کہتی ہے عمران خان سے مذاکرات نہیں کریں گے، تو وہ کس سے مذاکرات کرے گی؟

  • حکومت اس سال مہنگائی کم کر کے دم لے گی: شیخ رشید

    حکومت اس سال مہنگائی کم کر کے دم لے گی: شیخ رشید

    پشاور: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ عمران خان 5 سال پورے کریں گے، عمران خان مافیا کے خلاف لڑ رہا ہے۔ حکومت اس سال مہنگائی کم کر کے دم لے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ آج طور خم بارڈر کا دورہ کیا، آج سے آن لائن ویزہ سروس شروع کردی گئی، آج سے مینوئل ویزا ختم ہوگیا ہے۔ وزیر اعظم کی ہدایت ہے ویزوں کا اجرا آسان اور کرپشن کا خاتمہ کیا جائے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جو این جی اوز ٹھیک کام کر رہی ہیں وہ قابل احترام ہیں، جو این جی اوز سیاست میں ملوث ہیں ان کا نوٹس لیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ 16 فروری کو نواز شریف کا پاسپورٹ ری نیو نہیں ہوگا، ان کا پاسپورٹ ری نیو ہونے کے بجائے منسوخ کردیا جائے گا۔ پی ڈی ایم والے پاکستان میں میڈیا میڈیا کھیل رہے ہیں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اجلاس میں جو فیصلہ ہوگا اس پر کل بات ہوگی، مولانا فضل الرحمٰن کی وہاں کوئی سیٹ نہیں ہے۔ مولانا پچ سے باہر کھیل رہے ہیں۔ ان کا ارادہ ہے بند گلی میں لے جا کر کوئی غلطی کروائی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان 5 سال پورے کریں گے، عمران خان مافیا کے خلاف لڑ رہا ہے۔ حکومت اس سال مہنگائی کم کر کے دم لے گی۔

    شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ کرک واقعے کا سختی سے نوٹس لیا ہے، تمام چیف سیکریٹریز سے کہا ہے کہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی حفاظت کی جائے۔