Tag: شیخ رشید

  • ایل این جی اسکینڈل: شیخ رشید آج صبح نیب راولپنڈی میں پیش ہوں گے

    ایل این جی اسکینڈل: شیخ رشید آج صبح نیب راولپنڈی میں پیش ہوں گے

    راولپنڈی: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے حوالے سے ایل این جی اسکینڈل کیس میں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد آج صبح نیب آفس میں پیش ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق قطر کے ساتھ ایل این جی درآمد کے معاہدے پر مشتمل ایل این جی اسکینڈل میں ریلوے وزیر شیخ رشید آج صبح نیب آفس میں پیش ہو رہے ہیں۔

    شیخ رشید کو قومی احتساب بیورو نے بطور شکایت کنندہ طلب کر رکھا ہے، وزیر ریلوے نے ایل این جی معاہدے کی تحقیقات کی درخواست دی تھی۔

    یاد رہے کہ نیب نے ایل این جی اسکینڈل میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو دوبارہ 7 مارچ کو طلب کیا تھا لیکن انھوں نے قومی احتساب بیورو کے احکامات ہوا میں اڑا دیے، اور طلبی کے باجود نیب کے سامنے پیش نہ ہوئے۔

    شاہد خاقان عباسی کو طلبی کے ساتھ نیب سوالات کے جوابات بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم ان کی نیب کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ وہ ملک سے باہر ہیں، پیش نہیں ہوسکتے، 17 مارچ کے بعد کی تاریخ دے دیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  نیب طلبی کے باوجود غیرحاضری،شاہد خاقان عباسی نے احکامات ہوا میں اڑا دیے

    یاد رہے اکتوبر 2018 میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے ایل این جی اسکینڈل کیس دوبارہ کھولنے اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    خیال رہے کہ شیخ رشید احمد ماضی میں دعویٰ کر چکے ہیں کہ وہ ایل این جی معاہدے میں شاہد خاقان عباسی کو اندر کرائیں گے، ان کا دعویٰ تھا کہ وہ ثابت کریں گے کہ شاہد خاقان ایل این جی میں پارٹنر ہیں، ثابت نہ کر سکے تو سیاست سے دست بردار ہو جائیں گے۔

  • دنیا پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی سیاست پر ہنس رہی ہے

    دنیا پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی سیاست پر ہنس رہی ہے

    لاہور: دنیا پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی سیاست پر ہنس رہی ہے، الیکشن کے وقت یہ دشمن اور چوری پکڑی جائے تو اکٹھے ہوجاتے ہیں.

    ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید، وزیر ریلوے شیخ رشید اور جی ڈی اے کی نصرت سحر عباسی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا.

    یاد رہے کہ آج پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنی طویل پریس کانفرنس میں‌ پی ٹی آئی حکومت، اس کے اتحادیوں اور نیب کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا.

    اس ضمن میں‌ سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جو سیاست کی، وہ ملک سے غربت کے خاتمے کے لئے ہے.

    انھوں نے کہا کہ بلاول کی نوازشریف سےمتعلق کچھ دن پہلے کی تقریر دیکھ لیں، سب سمجھ آجائے گا، الیکشن کے وقت یہ دشمن اور چوری پکڑی جائے تو اکٹھے ہوجاتے ہیں.

    بلاول بھٹو کی نیب پر کڑی تنقید، چیئرمین نیب سے اپنے لوگوں کے احتساب کا مطالبہ

    جی ڈی اے کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں، جو ایک باری ہماری اور ایک تمھاری کھیل رہے ہیں، دنیا پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی سیاست پر ہنس رہی ہے.

    خیال رہے کہ اپنی پریس کانفرنس میں بلاول نے پی ٹی آئی کے وزرا کے کالعدم تنظیموں سے رابطہ کا الزام عائد کیا تھا.

    اس ضمن میں شیخ رشید نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول کس کی طرف اشارہ کر رہے ہیں، مجھے معلوم نہیں.

    انھوں نے کہا کہ بلاول میرا نام لینے سے شرماتا کیوں ہے، بلاول بھٹو کو مجھ سے تکلیف ہے تو میرا نام لے میں دور کروں گا.

  • اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل کی پاکستان آمد، وزیر ریلوے سے ملاقات

    اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل کی پاکستان آمد، وزیر ریلوے سے ملاقات

    اسلام آباد: اقتصادی تعاون تنظیم (اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن) کے سیکریٹری جنرل ہادی سلیمان کی وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی ملاقات ہوئی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق اقتصادی تعاون تنظیم (اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن) کے سیکریٹری جنرل ہادی سلیمان آج صبح اسلام آباد پہنچے۔ پاکستان پہنچنے کے بعد سیکریٹری جنرل اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں اسلام آباد، تہران، استنبول کنٹینر ٹرین بحالی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ پاکستان، ایران اور ترکی کے مابین رابطے فعال کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    وفاقی وزیر نے سیکریٹری جنرل کو ایم ایل ٹو اور تھری منصوبے اور کوئٹہ، تافتان ریلوے لائن اپ گریڈنگ منصوبے پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تنظیم ریل نیٹ ورک کے فروغ میں تعاون کرے۔

    انہوں نے کہا کہ کوئٹہ، تافتان منصوبے کو بی او ٹی کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا۔ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کو ترجیح دے گا۔

    ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ سیکریٹری جنرل نے پاکستان کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ مالی شراکت داری کے لیے ای سی او ترقیاتی بینک سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ سیکریٹری جنرل ای سی او 4 روز تک پاکستان میں قیام کریں گے، اس دوران وہ صدر وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کریں گے۔

    علاوہ ازیں وہ وزارئے خزانہ، اطلاعات، منصوبہ بندی اور مواصلات جبکہ مشیر تجارت اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ سیکریٹری جنرل ای سی او کا اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔

  • وزیر اعظم 30 مارچ کو لاہور سے جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے: وزیر ریلوے

    وزیر اعظم 30 مارچ کو لاہور سے جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے: وزیر ریلوے

    راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 30 مارچ کو لاہور سے جناح ایکسپریس چلے گی، وزیر اعظم افتتاح کریں گے۔ ہم ایک نیا شہر آباد کریں گے، وزیر اعظم نے منظوری دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو ٹریک ٹھیک نہیں وہ پہلے ٹھیک کریں گے، ہم اسٹینڈرڈ ٹریک ڈالنے جا رہے ہیں، ریلوے میں جو بھی نیا ٹریک بچھائیں گے وہ اسٹینڈرڈ ٹریک ہوگا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ ہم ایک اور نرسنگ اسپتال بنانے جارہے ہیں۔ 4 سال پہلے ہم نے اس کالج کی بنیاد رکھی تھی۔ چیف جسٹس صاحب کا شکریہ، ان کے فیصلے کے بعد تیزی آئی۔ اسپتال پاکستان کا سب سے جدید اسپتال ہوگا۔ نرسنگ ٹریننگ اسپتال کے لیے ٹینڈر الاٹ ہوگیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نالہ لئی ہمارا اہم پراجیکٹ ہے، منصوبے کا ڈیزائن منتخب کرلیا گیا ہے۔ نالہ لئی کا منصوبہ شہر کا نقشہ بدل دے گا۔ منصوبے کا افتتاح وزیر اعظم کریں گے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 7 کروڑ سے حیدر آباد میں اسٹیشن بنانے جا رہے ہیں، ایسے حکمران برسر اقتدار آئے جنہوں نے شہر کے ساتھ ظلم کیا۔ جناح ایکسپریس لاہور سے 30 تاریخ کو چلے گی، وزیر اعظم افتتاح کریں گے۔ ہم ایک نیا شہر آباد کریں گے، وزیر اعظم نے منظوری دے دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایران کا دورہ بڑا کامیاب رہا، سارے تھنک ٹینکز سے ملاقاتیں ہوئیں، اپنے طور پر ایران کی غلط فہمیاں دور کرنے کی کوشش کی۔ ایم ایل ون پر چین کے ساتھ چیزیں طے ہیں۔ روس اور ایران کے ساتھ بھی منصوبہ کرنے جا رہے ہیں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نیب زدہ لوگوں کے ملنے سے عمران خان حکومت کو خطرہ نہیں، ملکی معیشت کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ گیس و بجلی کی قیمتیں کنٹرول کر رہے ہیں۔ عمران خان کی پوری کوشش ہے کہ لوٹی ہوئی دولت واپس آئے۔

    انہوں نے کہا کہ 15 مارچ کو دن 11 بجے نیب میں پیش ہونے جا رہا ہوں۔ سیاسی مخالفین کے بارے میں انہوں نے کہا کہ میں نے ساری قوم کو کہا تھا کہ ان کا علاج لال حویلی میں ہے، لیکن ان لوگوں کو لندن کی ہوا پسند ہے۔

    شیخ رشید نے مزید کہا کہ لندن میں علاج کروانے کا فیصلہ وزیر اعظم ہی کر سکتے ہیں۔ شہباز شریف کو اپنی صحت کی فکر ہے۔ میں نے مارچ میں جھاڑو پھرنے کا انکشاف کیا تھا، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی سیاست نہیں دیکھ رہا باقی اللہ کو علم ہے۔

  • وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے کئی ٹرینوں کی منظوری دی: شیخ رشید

    وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے کئی ٹرینوں کی منظوری دی: شیخ رشید

    اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے کئی ٹرینوں کی منظوری دی ہے، ایران اور ترکی نے ریلوے میں تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی ملاقات ہوئی، وفاقی وزیر نے وزیر اعظم کو اپنے محکمے سے متعلق بریفنگ دی۔

    شیخ رشید نے وزیر اعظم کو ریلوے کی اپ گریڈیشن اور نئی ٹرینیں چلانے سے متعلق آگاہ کیا، انہوں نے ریلوے میں نئی بھرتیوں سے متعلق بھی وزیر اعظم کو اعتماد میں لیا۔ وزیر اعظم نے شیخ رشید کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    ملاقات کے بعد شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے کئی ٹرینوں کی منظوری دی، ایران اور ترکی نے ریلوے میں تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ ہم ایران اور ترکی کے ساتھ نیا سلسلہ شروع کرنا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر سے ملاقات ہوئی انہوں نے ریلوے میں تعاون کی یقین دہانی کروائی، وزیر اعظم عمران خان کو دورے پر ملاقاتوں سے آگاہ کیا ہے۔ وزیر اعظم بھی آئندہ چند روز میں ایرانی صدر سے ٹیلفونک رابطہ کریں گے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم سے نالہ لئی، پوسٹ گرلز کالج راولپنڈی کی باضابطہ منظوری لی۔ وزیر اعظم 30 مارچ کو لاہور اسٹیشن پر جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے، جناح ایکسپریس کے افتتاح پر وزیر اعلیٰ پنجاب بھی ہوں گے۔ سرسید ایکسپریس کو بھی جلد 10 ہزار کرائے کے ساتھ شروع کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اب ان لوگوں سے کوئی خطرہ نہیں، یہ چلے ہوئے کارتوس ہیں ان سے کوئی خطرہ نہیں۔ نواز شریف اور آصف زرداری کو صحت پر توجہ دینی چاہیئے۔ ’ان لوگوں کو سمجھنا چاہیئے جان ہے تو جہان ہے‘۔

    شیخ رشید نے مزید کہا کہ بلاول نواز شریف سے ملتے ہیں تو عمران خان کے لیے اچھا ہی ہے، ان کی ملاقات سے عوام کو پتہ چل جائے گا تمام کرپٹ اکٹھے ہو رہے ہیں۔

  • ایران: شیخ رشید کی ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات

    ایران: شیخ رشید کی ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات

    تہران: وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، پاکستان ایرانی ریلوے نیٹ ورک سے مستفید ہونا چاہتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید نے ایران کے سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کا فروغ چاہتا ہے۔

    [bs-quote quote=”پاکستان ایرانی ریلوے نیٹ ورک سے مستفید ہونا چاہتا ہے۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”شیخ رشید”][/bs-quote]

    قبل ازیں شیخ رشید نے ایران کے صدر حسن روحانی کے ساتھ قازوین رشت ریلوے کی افتتاحی تقریب کے دوران ملاقات کی۔

    واضح رہے کہ شیخ رشید کو قازوین تارشت ریلوے روٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی ایرانی حکومت کی جانب سے دعوت دی گئی تھی۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران ریلوے شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دیں گے، پاکستان ایرانی ریلوے نیٹ ورک سے مستفید ہونا چاہتا ہے۔

    وزیرِ ریلوے نے کہا کہ 70 سال میں پاک ایران تعلقات سے فائدہ نہیں اٹھایا گیا، پاکستان ایران کے ذریعے یورپ، وسطی ایشیائی ممالک تک رسائی پا سکتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  شیخ رشید وزیر اعظم کا خصوصی پیغام لے کر ایران جائیں گے

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران کے ساتھ ریل کے شعبے میں تعاون کے فروغ کا خواہش مند ہے، ایران تفتان تا کوئٹہ، چابہار تا گوادر ریلوے لائن تعمیر کے لیے تعاون کرے۔

    انھوں نے کہا کہ ایران دورے کے دوران وہ ایرانی صدر اور سپریم لیڈر کو پاکستانی قیادت کا اہم پیغام پہنچائیں گے۔

  • شیخ رشید وزیر اعظم کا خصوصی پیغام لے کر کل ایران روانہ ہوں گے

    شیخ رشید وزیر اعظم کا خصوصی پیغام لے کر کل ایران روانہ ہوں گے

    اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید کل تین روزہ سرکاری دورے پر ایران روانہ ہوں گے، جہاں وہ اہم شخصیات سے ملاقات کریں گے.

    تفصیلات کے مطابق شیخ رشید قازوین تارشت ریلوے روٹ کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوں گے، ایرانی حکومت نے وزیر ر یلوے کو تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے.

    ترجمان ریلوے کے مطابق 6 مارچ کو تقریب کے مہمان خصوصی ایرانی صدرحسن روحانی ہوں گے، وزیر ریلوے دورے کے دوران ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کریں گے.

    ترجمان ریلوے کے مطابق شیخ رشید ایرانی صدر کو وزیراعظم کا خصوصی پیغام پہنچائیں گے، شیخ رشید ایرانی روحانی پیشواآیت اللہ خامنائی سے بھی ملاقات کریں گے اور صدر پاکستان کا پیغام پہنچائیں گے.

    مزید پڑھیں: مودی کی سیاست مسلمان دشمنی پر کھڑی ہے، شیخ رشید

    اس دورے میں شیخ رشید ریل نیٹ ورک کی بہتری اور شراکت داری پرمتعلقہ اداروں سے بات چیت کریں گے.

    خیال رہے کہ چند روز قبل شیخ رشید نے ایک ٹی وی پروگرام میں اس دورے کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا تھا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کا اہم پیغام لے کر ایران کے دورے پر جائیں گے.

    انھوں نے امید ظاہر کی تھی کہ اس دورے سے پاک ایران تعلقات مزید مضبوط ہوں گے.

  • وزیر اعظم 20 مارچ کو وی آئی پی جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے: شیخ رشید

    وزیر اعظم 20 مارچ کو وی آئی پی جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے: شیخ رشید

    لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم 20 مارچ کو وی آئی پی جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔ ساری دنیا بھارت کو انتہا پسند مانتی ہے، بھارت کے سارے اینکر میدان جنگ میں تھے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایل ون، ٹو اور تھری کا ٹینڈر دینے جا رہے ہیں، سمجھوتہ ایکسپریس پیر سے بھارت روانہ ہوگی۔ ترکی سے معاہدے ترک کرنسی میں ہوں گے، 20 مارچ کو وی آئی پی جناح ایکسپریس کا وزیر اعظم افتتاح کریں گے۔

    وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ہم لوگ عالمی معیار کے مطابق پٹری کو اسٹینڈرڈ گیج پر کریں گے، بغیر ٹکٹ سفر کرنے سے نقصان کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ رحمٰن بابا اور سکھر ایکسپریس بہت کامیابی سے چل رہی ہیں، 8 ٹرینیں 14 ٹرینوں تک پہنچ گئی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ریلوے نے 4 ماہ میں ایک ارب روپے کمائے، پاکستان کے اندر ریلوے کا جال بچھا دیں گے، ایئر پورٹ بند ہونے کے بعد ریلوے نے کمی پوری کی۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور عمران خان متحد ہیں، میں وہ سیاستدان ہوں جو کشمیر کو اندر سے جانتا ہوں۔ بچہ بھی ان کا تھا، بارود بھی ان کا تھا جگہ بھی ان کی تھی۔ بھارت کے سارے اینکر میدان جنگ میں تھے، بھارت میں 400 چینل پاکستان کے چینلز کا مقابلہ نہیں کر سکے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کو کہتا ہوں تم امن سے رہو ہم امن سے رہیں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر نے بڑا متحمل اور ذمے دارانہ بیان دیا۔ ہماری میزائل قوت بھارت سے زیادہ مضبوط ہے۔ ساری دنیا بھارت کو انتہا پسند مانتی ہے، بھارتی میڈیا اپنے مقام سے گر گیا، پاکستان کے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا نے ذمے داری کا ثبوت دیا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تھر ایکسپریس 600 مسافر لے کر کھوکھرا پار سے مونا باؤ روانہ ہوگئی، پیر کو سمجھوتہ ایکسپریس واہگہ سے بھارت جائے گی۔ پروازیں بند ہونے پر اضافی ویگنیں لگا کر مسافروں کی ضرورت پوری کی، ایمرجنسی کی صورت میں ملتان سمیت تمام اسٹشینوں پر ٹرینیں دی گئیں۔

    انہوں نے کہا کہ ریلوے کے پاس 7 دن کا تیل تھا، وفاق نے 1.2 ارب کا ادھار تیل دیا، ایم ایل ون روک دیا ہے 27 اپریل کو چین جانے سے پہلے فیصلہ ہوجائے۔ رسالپور اور مغلپورہ ورکشاپ میں پرانی مشینوں پر روس سے معاہدہ کریں گے، مغربی محاذ ریلوے تبدیل کرنا ہے، کوئٹہ سے جیکب آباد تافتان کا ٹینڈر دیں گے۔

  • پاکستان ریلوے ترکی کے تجربات سے استفادہ کرے گی: شیخ رشید

    پاکستان ریلوے ترکی کے تجربات سے استفادہ کرے گی: شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر شیخ رشید اور پاکستان میں ترکی کے سفیر احسان مصطفیٰ کی ملاقات ہوئی، شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے کو جدید بنیادوں پر ترقی دی جا رہی ہے، پاکستان ریلوے ترکی کے تجربات سے استفادہ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید اور پاکستان میں ترکی کے سفیر احسان مصطفیٰ کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان اور ترکی کے درمیان ریل منصوبوں میں شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے کو جدید بنیادوں پر ترقی دی جا رہی ہے، پاکستان ریلوے ترکی کے تجربات سے استفادہ کرے گی۔ خواہش ہے کہ ترکی سے ریل شراکت داری پر اقدامات ہوں۔

    پاکستان کی جانب سے ترکی کو ایم ایل ٹو، تھری، کوئٹہ، زاہدان اور تافتان ٹریک اپ گریڈنگ میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ترکی لوکو موٹو فیکٹری رسالپور میں شراکت داری کرے، تعاون کریں گے۔

    وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان کے مؤقف کی حمایت پر ترکی کے مشکور ہیں۔

    ملاقات کے دوران ترک سفیر احسان مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ ہاؤسنگ، سیاحت اور انفراسٹرکچر میں شراکت داری کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایک سال میں محکمہ ریلوے سے 10 ارب روپے کا منافع کما کر دکھائیں گے، موجودہ دور حکومت میں ریلوے کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا تھا کہ ریلوے میں اب صرف کام ہوگا، ریلوے کے غیر ضروری اخراجات ختم کردیے جائیں گے۔

  • بھارت نے عقل کا مظاہرہ نہ کیا تو صورتحال مزید بگڑے گی: شیخ رشید

    بھارت نے عقل کا مظاہرہ نہ کیا تو صورتحال مزید بگڑے گی: شیخ رشید

    کراچی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مودی نے اپنے انتخاب کے لیے بھارت کو آگ میں دھکیلا، بھارت نے عقل کا مظاہرہ نہ کیا تو صورتحال مزید بگڑے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورا پاکستان الرٹ ہے، پاک فوج بہترین فورس ہے، ایم ایم عالم کا نام آج بھی بھارت کو اچھی طرح یاد ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مودی نے اپنے انتخاب کے لیے بھارت کو آگ میں دھکیلا۔ کشیدگی بڑھنے جا رہی ہے تو ہمارے پاس کوئی جواب نہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے عقل کا مظاہرہ نہ کیا تو صورتحال مزید بگڑے گی۔

    خیال رہے کہ کچھ دیر قبل پاک فضائیہ نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 2 بھارتی طیارے مار گرائے ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے سربراہ میر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارت کے 2 طیارے لائن آف کنٹرول کے اطراف میں گر کر تباہ ہوئے ہیں۔ ایک طیارہ بھارتی مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام میں گرا، جبکہ دوسرا طیارہ پاکستان کی جانب گرا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی علاقے میں گرنے والے طیارے کے دونوں پائلٹ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ پاکستانی علاقے میں گرنے والے جہاز کے ایک پائلٹ کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    ایک روز قبل بھارتی طیاروں نے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دراندازی کی تھی تاہم پاک فضائیہ نے بروقت کارروائی کی اور بھارتی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔ بھارتی طیارے جاتے ہوئے اپنا پے لوڈ جنگل میں گرا کر چلے گئے۔

    فضائی دراندازی کی کوشش میں بری طرح منہ کی کھانے کے بعد بھارت نے گزشتہ روز لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 خواتین اور ایک بچہ شہید ہوگئے جبکہ 11 شہری زخمی ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق بزدل بھارتی فوج نے ایل او سی سے متصل عباس پور، چڑھوئی، کھوئی رٹہ، نتھیال، درہ شیر خان، بھمبر اور جھمپ سیکٹر پر گولہ باری کر کے شہری آبادی کو نشانہ بنایا تاہم پاکستانی فوج کی منہ توڑ جوابی کارروائی کے بعد بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں۔