Tag: طالبان

  • آٹھ سالہ بچے کا دہشتگردوں کیخلاف پاک فوج کیلئے پچاس ڈالر کا عطیہ

    آٹھ سالہ بچے کا دہشتگردوں کیخلاف پاک فوج کیلئے پچاس ڈالر کا عطیہ

    لاہور / کراچی : آٹھ سالہ بچے نے پاک فوج کیلئے اپنے ننھے جذبات کا انوکھا اظہار کردیا،پاک فوج کیلئے اپنی جیب خرچ سے پچاس ڈالربھیج دیئے۔

    تفصیلات کے مطابق  لاہور کے رہائشی تیسری جماعت کے طالب علم محمد یوسف معین نے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان کو ایک خط تحریر کیا ہے۔

    مذکورہ خط میں یوسف معین کا کہنا تھا کہ وہ پاک فوج میں شمولیت اختیار کرنا چاہتا ہے، لیکن ابھی اس کی عمراس کیلئے کم ہے، تاہم بچے نے خط میں اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ پاک فوج اور ملک و قوم کیلئے کچھ کرنا چاہتا ہے۔

    اس نے لکھا کہ میرے پاس ایک یہ ہی طریقہ تھا کہ جس سے میں پاک فوج کی مدد کر سکتا ہوں، اس کیلئے میرے پاس پچاس ڈالرکی رقم جو میں نے اپنی پاکٹ منی سے جمع کی ہے وہ بھیج رہاہوں۔جس سے آپ طالبان دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے گولیاں خرید سکتے ہیں۔

    آخر میں کمسن طالب علم محمد یوسف معین نے خود کو مستقبل کا فوجی افسر لکھتے ہوئے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    سر زمین پاکستان کے ایک ننھے بچے کا یہ جذبہ ہو تو ہمیں یقین ہے کہ اس ملک خداداد کی طرف کوئی دشمن میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

  • طالبان پاکستان میں بھارت کیلئے دہشت گردی کررہے ہیں، خواجہ آصف

    طالبان پاکستان میں بھارت کیلئے دہشت گردی کررہے ہیں، خواجہ آصف

    اسلام آباد : وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا ہے کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی پاکستان میں بھارت کی پراکسی جنگ لڑ رہی ہے۔

    وفاقی وزیر خواجہ آصف کا کہنا ہے پاکستانی فوج دشمن کی طرح طالبان سے لڑ رہی ہے،طالبان بھارت کے لئے پاکستان میں دہشت گردی کررہے ہیں.

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھارتی انٹیلی جنس اور دہشت گردوں کا گٹھ جوڑ ہے ،بلوچستان کی شورش میں بھی بھارت ملوث ہے۔

    ان کا کہنا تھا پاک فوج نے دہشت گردوں کے خلاف جس دن سے آپریشن ضرب عضب شروع کیا ہے اس دن سے بھارتی ایجنٹوں کا گٹھ جوڑ اور واضح ہوگیا ہے۔

  • سندھ پولیس کے پاس اسلحے کی کمی ہے، قائم علی شاہ

    سندھ پولیس کے پاس اسلحے کی کمی ہے، قائم علی شاہ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ پولیس کے پاس اسلحے کی کمی ہے جس کے سبب دہشت گردوں کے خلاف نبرد آزما ہونے میں مشکلات درپیش ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ دہشت گرد جدید اسلحے سے لیں ہیں جب کہ سندھ پولیس کے پاس جدید اسلحے کی قلت ہے جس کے سبب دہشت گردی کا سدِ باب مشکل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے آرمی چیف راحیل شریف سے جدید اسلحے کی فراہمی کی درخواست کی تھی جو کہ منظور کرلی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ طالبان سمیت تمام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کاروائی جاری ہے اور سندھ بھر سے دہشت گردوں کا صفایا کیا جائے گا۔

    وزیرِ اعلیٰ کے مطابق سندھ پولیس جلد ہی اپنی مشکلات پرقابو پالے گی اور کراچی میں جاری دہشت گردی کے خلاف آپریشن کو اس کے منطقی انجام تک پہنچائے گی۔

  • پاک فوج کی تازہ کارروائیوں میں27دہشتگرد ہلاک ،کیپٹن سمیت5جوان شہید

    پاک فوج کی تازہ کارروائیوں میں27دہشتگرد ہلاک ،کیپٹن سمیت5جوان شہید

    میرانشاہ: پاک فوج کا خیبرٹوآپریشن میں کامیابی کا سلسلہ جاری ہے، پاک فوج کی تازہ کارروائیوں میں ستائیس دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق تازہ کارروائیوں میں دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کردیئے، یہ کارروائیاں سندھاپال، توردارا، کنڈوالا اور مہرباں کلے میں کی گئیں، جس میں ستائیس دہشت گرد مارے گئے۔

     آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے جھڑپوں میں کیپٹن سمیت پانچ جوان بھی شہید ہوئے ہیں۔

  • طالبان، امریکا مذاکرات آج قطر میں ہوں گے

    طالبان، امریکا مذاکرات آج قطر میں ہوں گے

    دوحہ: غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق طالبان ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی حکام اورطالبان کے درمیان امن مذاکرات آج ہوں گے جبکہ دوسرا دورجمعے کو ہوگا۔

    طالبان ذرائع کے مطابق مذاکرات کے نتیجے میں فی الحاک کچھ نہیں کہا جا سکتا، افغان سفارتی حکام نے خدشہ ظاہرکیا ہے کہ افغان طالبان کے امیرملا عمرمذاکرات کے عمل میں رکاوٹ پیدا کرسکتے ہیں

    دوہزار ایک میں قطر میں ہونے والے طالبان اورامریکی حکام کے مذاکرات بے نتیجہ رہے تھے تاہم نئے افغان صدراشرف غنی کی امن کی بحالی کے لئے کی جانے والی کوششوں کے باعث اس مرتبہ مذاکرات کے نتیجہ خیز ہونے کی امید کی جارہی ہے۔

  • کراچی پولیس کی سہراب گوٹھ میں کاروائی، دوغیرملکی دہشت گرد ہلاک

    کراچی پولیس کی سہراب گوٹھ میں کاروائی، دوغیرملکی دہشت گرد ہلاک

    کراچی: سہراب گوٹھ میں مبینہ پولیس مقابلے میں دو غیر ملکی دہشت گردمارے گئے،پولیس کادعویٰ ہے کہ مارے جانے والے اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

    سہراب گوٹھ کے قریب واقع انڈس پلازہ مین چھپے دو غیرملکی دہشتگرد پولیس مقابلے میں مارے گئے۔

    ایس اسی پی رائو انوار کے مطابق پولیس نے غیر ملکی دہشتگردوں کے خلاف کاروائی خفیہ اطلاع پر کی تھی، ہلاک ہونے والے دونوں غیر ملکی اغوا برائے تاوان سمیت جرائم کی دیگر وارداتو ں میں پولیس کو مطلوب تھے ۔

    انہوں نے بتایا کہ پولیس جب ملزمان کو گرفتار کرنے پہنچی تو ملزمان اور اس کے ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔

    جوابی فائرنگ میں دو مبینہ دہشت گردہلاک اور ان کے ساتھی فرار ہوگئے ، ہلاک ہونے والوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

  • وزیرداخلہ چوہدری نثار کی زیرصدارت اجلاس،  نیشنل ایکشن پلان کا جائزہ

    وزیرداخلہ چوہدری نثار کی زیرصدارت اجلاس، نیشنل ایکشن پلان کا جائزہ

    اسلام آباد: قومی ایکشن پلان کے تحت ا ب تک دو لاکھ اٹھارہ ہزار دو سو بیس مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ ساٹھ تنظیموں کو کالعدم قرار دیا گیا ہے جس میں سے ایک تنظیم واچ لسٹ پر ہے۔

    وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر غور کیا گیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ غیر قانونی موبائل فون سمز رکھنے کو قابل دست اندازی پولیس جرم قرار دینے پر بل قومی اسمبلی میں لانے پر غور کیا جارہا ہے ۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ میڈیا ہاوٴسز اور میڈیا شخصیات کی سیکورٹی کے لیے صوبائی سطح پر کام جاری ہے۔

    وزیرداخلہ نے ہدایت کی کہ اسلام آباد کے تمام اہم مقامات پر رابطے کا مضبوط نظام قائم کیا جائے تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں کوئیک رسپانس فورس کو فوری حرکت میں لایا جاسکے۔

  • کراچی: دہشت گردی کیخلاف سول سو سائٹی کا مظا ہرہ

    کراچی: دہشت گردی کیخلاف سول سو سائٹی کا مظا ہرہ

    کراچی: دہشت گردی و ٹارگٹ کلنگ کیخلاف سول سو سائٹی نے وزیر اعلی ہا ؤس کے قر یب مظاہرہ و دھرنا دیا ۔

    کراچی میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دہشتگردی کے خلاف سول سوسائٹی نے احتجاجی مارچ کیا، پولیس اور مظاہرین میں تلخ کلامی کے بعد مظاہرین نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے قریب دھرنا دے دیا۔

    سول سوسائٹی کی جانب سے دہشتگردی کے خلاف وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے دہشتگردوں کے خلاف بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔

    مظاہرین کو روکنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری کو وزیر اعلیٰ ہاؤس کے اطراف تعینات کیا گیا تھا تاہم جب مظاہرین نے وزیر اعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش کی تو پولیس نے مظاہرین کو روکا۔

    اس دوران پولیس اور مظاہرین میں تلخ کلامی اور دھکم پیل ہوئی جس کے بعد مظاہرین نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے قریب دھرنا دے دیا۔

  • فوجی عدالتوں کو منتقل مقدمات کی فہرست اے آر وائی کو مل گئی

    فوجی عدالتوں کو منتقل مقدمات کی فہرست اے آر وائی کو مل گئی

    پشاور: خیبر پختونخوا سے فوجی عدالتوں کو منتقل کئے گئے مقدمات کی فہرست اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔تفصیلات کے مطابق کے پی کے سے فوجی عدالتوں کو منتقل کئے گئے مقدمات کی فہرست اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہیں اس میں دہشت گردی کے مقدمات کی تعداد چار سو تئیس ہے۔

    اے آروائی نیوز کو حاصل مقدمات کی فہرست چھیالیس صفحات پرمشتمل ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت خیبرپختونخوا پولیس نے صوبے بھرکے تھانوں سے دہشت گردی کے مقدمات پر مشتمل فہرست مکمل کرلی ہے،جس میں دہشت گردی کے چارسوتئیس مقدمات ہیں۔

    سب سے زیادہ ایک سو چھیاسٹھ مقدمات پشاور سے ہیں۔ دہشت گردی کے مقدمات میں بم دھماکے ،خودکش حملے، سیکورٹی فورسز پر حملے، بھتہ خوری جیسے واقعات کے مقدمات شامل ہیں ۔

    اس کے علاوہ ایسے مطلوب افراد کے مقدمات بھی شامل ہیں جن میں زیادہ تر ملزمان افغانستان میں روپوش ہیں۔ ان مقدمات میں کالعدم تحریک طالبان کے مولوی فضل اللہ ،مولوی فقیرمحمد،واحد محمد،وزیرمحمد اوردیگرکےنام شامل ہیں۔

    سینٹرل جیل میں قیدصوفی محمد کانام بھی مذکورہ رپورٹ میں شامل ہے۔

  • کراچی پولیس مقابلہ، کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت پانچ دہشتگرد ہلاک

    کراچی پولیس مقابلہ، کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت پانچ دہشتگرد ہلاک

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ملیر میں پولیس مقابلہ ، کالعدم تنظیم کے پانچ دہشت گرد مارے گئے، مارے جانے والے افراد کے قبضے سے تیار خود کش جیکٹ اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

    پولیس کے مطابق نواب ٹاؤن میں ہونے والے مقابلے میں کالعدم تنظیم کے پانچ کارندے مارے گئے جن کی شناخت نہیں ہوسکی ہے مارے جانے والے افراد کے قبضے سے دو تیار خودکش جیکٹ، کلاشنکوف سمیت دیگر اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

     پولیس کے مطابق مارے جانے والے ملزمان کے گھر سے رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر کے نقشے بھی ملے ہیں، علاقے سے دس سے زائد افراد کوحراست میں لیکر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

    خفیہ اطلاع پر پولیس کی نواب گوٹھ میں کارروائی کے نتیجے میں پانچ مبینہ دہشت گردمارے گئے،ایس ایس پی ملیر راوٗ انوار نے بتایا کہ دہشتگرد سنگین جرائم میں ملوث تھے، دہشتگردوں اور گینگ وار کے ملزمان نے ویران جگہ پر قبضہ کرکے اپنا اڈہ بنایا ہوا تھا۔