Tag: پاکستان کی خبریں

  • سینیٹ کے قیام کے 50 سال: یادگاری سکہ جاری ہوگا

    سینیٹ کے قیام کے 50 سال: یادگاری سکہ جاری ہوگا

    کراچی: سینیٹ آف پاکستان کے قیام کی گولڈن جوبلی کے موقع پر اسٹیٹ بینک نے 50 روپے کا یادگاری سکہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ آف پاکستان ک کی گولڈن جوبلی کے موقع پر اسٹیٹ بینک 50 روپے کا یادگاری سکہ جاری کرے گا۔

    سال 2023 پاکستان کے سینیٹ کی گولڈن جوبلی کا سال ہے، اس خصوصی موقع کی مناسبت سے وفاقی حکومت نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو 50 روپے کا یادگاری سکہ جاری کرنے کی اجازت دی ہے۔

    یہ یادگاری سکہ 17 مارچ 2023 سے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے فیلڈ دفاتر کے تمام تبادلہ کاؤنٹرز سے جاری کیا جائے گا۔

    سکے کا وزن 13.5 گرام ہے اور یہ تانبے اور نکل کے دھاتی اجزا پر مشتمل ہے۔

    سکے کے سامنے کے رخ کے درمیان میں بڑھتا ہوا ہلالی چاند اور 5 نوکوں پر مشتمل ستارہ نقش ہے۔

    سکے کے دائرے کے ساتھ چاند ستارے کے اوپر اسلامی جمہوریہ پاکستان کے الفاظ اردو اسکرپٹ میں کندہ کیے گئے ہیں، چاند کے نیچے اور گندم کی اوپر کو اٹھتی ہوئی 2 شاخوں کے اوپر سکے کے اجرا کا سال 2023 تحریر ہے۔

    سکے کی ظاہری مالیت 50 ابھرے ہوئے اعداد میں اور روپیہ اردو اسکرپٹ میں بالترتیب چاند ستارے کے دائیں اور بائیں جانب تحریر کیے گئے ہیں۔

    سکے کی پچھلی طرف اور سکے کے مرکز میں پاکستان کی سینیٹ کے امتیازی نشان کو 50 کے فنکارانہ عددی الفاظ کے ساتھ نقش کیا گیا ہے جو اس کے دائیں جانب ہے۔

    اس امتیازی نشان کے اوپر دائرے کے ساتھ اردو اسکرپٹ میں پاکستان سینیٹ گولڈن جوبلی کے الفاظ کندہ ہیں، سینیٹ کے امتیازی نشان کے نیچے گولڈن جوبلی کی مدت 1973- 2023 درج ہے۔

  • پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تجارت بڑھانے پر غور

    پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تجارت بڑھانے پر غور

    اسلام آباد: پاکستان اور آسٹریلیا کے وفود کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں سائنس و ٹیکنالوجی، کلائمٹ چینج، سیکیورٹی اور تجارت سمیت مختلف امور پر گفتگو ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے وفود نے اسلام آباد میں ملاقات کی، ملاقات میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، کلائمٹ چینج اور سیکیورٹی سمیت مختلف امور پر گفتگو کی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔

    دفتر خارجہ کے مطابق وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے توانائی کے حوالے سے ایس سی او کانفرنس میں اظہار خیال کیا۔

    دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت میں ہونے والی ایس ای او ہائی لیول میٹنگز میں شرکت کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔

  • کلائمٹ چینج: صوبے اپنی ضرورت کے پیش نظر خود قوانین بنائیں

    کلائمٹ چینج: صوبے اپنی ضرورت کے پیش نظر خود قوانین بنائیں

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے کلائمٹ چینج شیری رحمان کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں نے پاکستان میں شدید اثرات مرتب کیے، سیلاب سے پاکستان میں غیر معمولی نقصانات ہوئے ہیں، سیلاب نے بڑے انسانی المیے کو جنم دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے کلائمٹ چینج شیری رحمان نے ورلڈ بینک کی رپورٹ لانچنگ تقریب سے خطاب کیا۔

    اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں نے پاکستان میں شدید اثرات مرتب کیے، سیلاب سے پاکستان میں غیر معمولی نقصانات ہوئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے شکار ممالک میں صف اول میں ہے، وزارت موسمیاتی تبدیلی پالیسی بنا کر صوبوں کو دے رہی ہے، صوبے اپنی ضرورت کے پیش نظر اس حوالے سے خود قوانین بنائیں۔

    شیری رحمان کا کہنا تھا کہ 2022 کے سیلاب نے بڑے انسانی المیے کو جنم دیا، حکومت نے سیلاب زدگان میں 70 ارب کی رقم تقسیم کی۔

    انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے معاشی امداد کے ڈھانچے میں تبدیلی کی ضرورت ہے، قوانین کو پالیسیوں کے ساتھ نہ الجھائیں، صوبوں کو اپنے قانون بنانے کی ضرورت ہے۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے کلائمٹ فنانس سسٹم کو تبدیل کرنا ہوگا، جنیوا کانفرنس کامیاب رہی، لیکن جب فنڈنگ آئے گی زمین پر ایک اور آفت آسکتی ہے۔

  • پختونخواہ سے سال 2023 کا پہلا پولیو کیس رپورٹ

    پختونخواہ سے سال 2023 کا پہلا پولیو کیس رپورٹ

    اسلام آباد: ملک میں سال 2023 کا پہلا پولیو کیس رپورٹ ہوگیا، پولیو کیس صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع بنوں سے رپورٹ ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں رواں سال پولیو وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہوگیا، قومی ادارہ صحت کی لیبارٹری نے پولیو کیس کی تصدیق کردی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیو کیس صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع بنوں سے رپورٹ ہوا ہے۔

    اینڈ پولیو پاکستان کے مطابق گزشتہ برس 2022 میں پاکستان میں 20 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے تھے جو سب کے سب پختونخواہ سے رپورٹ ہوئے۔

    سنہ 2021 میں صرف ایک پولیو کیس بلوچستان سے رپورٹ ہوا تھا۔

    سنہ 2020 میں ملک بھر سے 84 پولیو کیس جبکہ 2019 میں 147 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے جو کہ پولیو کیسز کی بلند ترین شرح تھی۔

    ملک بھر میں پولیو کیسز کی سب سے زیادہ شرح خیبر پختونخواہ میں ہے۔

  • لیاری گینگ وار کے 2 ملزمان کو 35 سال قید کی سزا

    لیاری گینگ وار کے 2 ملزمان کو 35 سال قید کی سزا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے 2 ملزمان کو 35، 35 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے لیاری گینگ وار کے 2 کارندوں کو سزا سنا دی، عدالت نے 2 ملزمان ایوب عرف ملا اور اشفاق عرف شاہ نواز کو سزا سنائی۔

    دونوں ملزمان کو مجموعی طور پر 35، 35 سال قید کی سزا سنائی جبکہ 1، 1 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف دھماکا خیز مواد اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا الزام تھا، ملزمان کے خلاف نومبر 2022 میں بغدادی تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے اور وہ دیگر سنگین جرائم میں بھی ملوث ہیں۔

  • پاک امریکا موسمیاتی اور ماحولیاتی ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس کل ہوگا

    پاک امریکا موسمیاتی اور ماحولیاتی ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس کل ہوگا

    اسلام آباد: امریکی معاون سیکریٹری برائے سمندر، ماحولیات اور سائنسی امور آج پاکستان پہنچ رہی ہیں، اپنے دورے کے دوران وہ پاکستانی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک امریکا موسمیاتی اور ماحولیاتی ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس کل ہوگا، امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ سمندر، ماحولیات اور سائنسی امور کی معاون سیکریٹری مونیکا میڈینا آج پاکستان پہنچ رہی ہیں۔

    امریکی سفارتخانے مطابق مونیکا میڈینا حیاتیاتی تنوع اور آبی وسائل پر امریکی نمائندہ خصوصی بھی ہیں۔

    مونیکا میڈینا اسلام آباد آمد اور مصروفیات کے بعد کراچی بھی جائیں گی، امریکی نمائندہ خصوصی پاکستانی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گی۔

    ملاقاتوں میں فریقین پاکستان کی موسمیاتی ترجیحات، توانائی امور اور آبی انتظام پر تبادلہ خیال کریں گے جبکہ محفوظ ماحول، آب و ہوا کے معیار اور ٹھوس فضلہ جات کے انتظام پر بھی گفتگو کی جائے گی۔

    اجلاس اور ملاقاتوں کے دوران شفاف توانائی کا انتظام اور سائنس و ٹیکنالوجی تعاون میں وسعت بھی زیر غور آئے گی۔

  • کراچی سے اغوا ہونے والا 2 ماہ کا بچہ ننکانہ صاحب سے بازیاب

    کراچی سے اغوا ہونے والا 2 ماہ کا بچہ ننکانہ صاحب سے بازیاب

    لاہور / کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے اغوا ہونے والا 2 ماہ کا بچہ پنجاب سے بازیاب کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر ننکانہ صاحب میں پولیس نے کراچی سے اغوا ہونے والے 2 ماہ کے بچے کو بازیاب کرلیا۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزم نے چند روز قبل عبد اللہ کو تاوان کے لیے کراچی سے اغوا کیا تھا، ملزم کے خلاف کراچی کے ضلع کورنگی کے تھانہ زمان ٹاؤن میں مقدمہ درج تھا۔

    پولیس نے بچے کو والدین کے حوالے کر دیا ہے جبکہ ملزم سے مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔

  • بھارت سے تجارت معطل ہونے کے باوجود کروڑوں ڈالرز کی امپورٹ جاری

    بھارت سے تجارت معطل ہونے کے باوجود کروڑوں ڈالرز کی امپورٹ جاری

    اسلام آباد: 3 سال قبل بھارت کے ساتھ تجارت معطل کیے جانے کے باوجود بھارت سے امپورٹ جاری ہے، بھارت سے ہونے والی امپورٹ میں سالانہ بنیاد پر 13 فیصد اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے ساتھ تجارت کی معطلی کے باوجود بھارت سے درآمدات میں اضافہ ہورہا ہے، گزشتہ ماہ بھارت سے ہونے والی امپورٹ میں سالانہ بنیاد پر 13 فیصد اضافہ ہوا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فروری میں بھارت سے امپورٹ کا حجم 2 کروڑ 42 لاکھ 20 ہزار ڈالرز رہا، گزشتہ برس فروری 2022 میں بھارت سے 2 کروڑ 14 لاکھ 60 ہزار ڈالرز کی امپورٹ ہوئی تھیں۔

    پاکستان نے سنہ 2019 میں بھارت کے ساتھ تجارت معطل کردی تھی۔

  • ملک میں انفراسٹرکچر کے منصوبوں کے لیے 920 ارب ڈالر سالانہ کی ضرورت

    ملک میں انفراسٹرکچر کے منصوبوں کے لیے 920 ارب ڈالر سالانہ کی ضرورت

    کراچی: گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کا کہنا ہے کہ ملک میں انفراسٹرکچر کے منصوبوں کے لیے 920 ارب ڈالر سالانہ کی ضرورت ہے، گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب نے ملک کے پہلے سے خستہ حال انفراسٹرکچر کو مزید تباہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے انفراسٹرکچر سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری سے معیشت میں ترقی ہوتی ہے۔ کرونا وائرس کی وبا کے بعد انفراسٹرکچر منصوبوں میں سرمایہ کاری کی ضرورت بڑھ گئی ہے۔

    گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں 2 ارب لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں، دنیا بھر میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے 80 ہزار ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کو انفراسٹرکچر کے منصوبوں کی کمی کا سامنا ہے، انفراسٹرکچر کے منصوبوں کے لیے 920 ارب ڈالر سالانہ کی ضرورت ہے۔

    گورنر اسٹیٹ بینک نے مزید کہا کہ توانائی، مواصلات، ٹرانسپورٹ، پینے کا صاف پانی اور دیگر شعبوں میں بڑی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب نے ملک کے پہلے سے خستہ حال انفراسٹرکچر کو مزید تباہ کیا ہے۔

  • کراچی میں آتشزدگی کے واقعات: 3 کروڑ کی آبادی والے شہر میں صرف 4 اسنارکلز، 2 ناکارہ

    کراچی میں آتشزدگی کے واقعات: 3 کروڑ کی آبادی والے شہر میں صرف 4 اسنارکلز، 2 ناکارہ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آئے روز آتشزدگی کے واقعات پیش آرہے ہیں، تاہم آگ سے بچانے والا فائر بریگیڈ کا محکمہ شدید مالی بحران اور وسائل کی کمی کا شکار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ فائر بریگیڈ شدید مالی بحران کا شکار ہے جس کی وجہ سے عوام کا جان و مال داؤ پر ہے۔

    فائر بریگیڈ کے پاس آگ بجھانے کے لیے پانی کا اپنا کوئی بندوبست نہیں، 3 کروڑ کی آبادی کے لیے موجود صرف 4 چار اسنارکلز میں سے بھی دو ناکارہ ہیں۔

    شہر میں موجود کل 55 فائر ٹینڈرز میں سے 40 کام کر رہے ہیں جبکہ 30 میں سے 29 فائر اسٹیشنز فعال ہیں، ان میں سے بھی بعض رات کو بند ہوتے ہیں، اکثر فائر اسٹیشن میں صرف ایک آگ بجھانے والا فائر ٹینڈر دستیاب ہے۔

    اتنے بڑے شہر میں 800 فائر فائٹرز 200 کی تعداد میں دیگر عملہ محکمے کا حصہ ہے۔

    فائر بریگیڈ کے محکمے کو گاڑیوں کی مرمت کے لیے سالانہ 10 کروڑ روپے درکار ہیں جبکہ مرمتی کام کے لیے سالانہ 2 کروڑ روپے بھی فراہم نہیں کیے جا رہے۔

    فائر فائٹرز بھی 34 ماہ کے فائر رسک الاؤنس سے محروم ہیں۔