Tag: پاکستان کی خبریں

  • صوبہ لاشیں اٹھا رہا ہے، شہباز شریف حساب مانگ رہے ہیں: شوکت یوسف زئی

    صوبہ لاشیں اٹھا رہا ہے، شہباز شریف حساب مانگ رہے ہیں: شوکت یوسف زئی

    پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ شہباز شریف لاشوں پر سیاست کر رہے ہیں، صوبہ لاشیں اٹھا رہا ہے، شہباز شریف 417 ارب کا حساب مانگ رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسف زئی نے پارٹی کے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے سے متعلق کہا ہے کہ اجلاس میں شرکت سے معذرت دو وجوہات پر کی۔

    شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ پہلی وجہ صوبے بھر میں آج فورسز کے حق میں ہونے والی ریلیوں کی تیاری ہے، تحریک انصاف آج پختونخواہ میں فورسز کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالے گی۔

    انہوں نے کہا کہ دوسری وجہ شہباز شریف کی جانب سے لاشوں پر سیاست ہے، صوبہ لاشیں اٹھا رہا ہے، شہباز شریف 417 ارب کا حساب مانگ رہے ہیں۔

    شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ 417 ارب صوبے کا حق تھا، بتایا جائے 1100 ارب کب دیے جائیں گے، تحریک انصاف حکومت میں آکر ہر چیز کا حساب لے گی۔

  • کون عجلت میں دہشت گردوں کو لایا ہے؟ قوم جواب چاہتی ہے: وزیر اعظم

    کون عجلت میں دہشت گردوں کو لایا ہے؟ قوم جواب چاہتی ہے: وزیر اعظم

    پشاور: وزیر اعظم کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا پاکستان کے ایک انچ پر بھی قبضہ نہیں ہے، کون عجلت میں دہشت گردوں کو لایا یہ ایک سوال ہے جس کا جواب قوم چاہتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں وزیر اعظم کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سول و عسکری قیادت شریک ہوئی۔

    اجلاس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر، وفاقی وزرا، صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ اور پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران بھی شریک ہوئے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 30 جنوری کو پشاور میں پولیس لائن کی مسجد میں 85 نمازی شہید ہوئے، مسجد میں نمازیوں کو بہیمانہ طریقے سے شہید کیا گیا، شہیدوں کے خاندانوں سے مکمل اظہار یکجہتی اس اجلاس کا مقصد ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سول لائنز میں دہشت گرد چیک پوسٹ سے گزرتا ہوا مسجد میں جا پہنچا، قوم سوال کرتی ہے دہشت گردی کے خاتمے کے بعد یہ واقعہ کیسے رونما ہوا، گزشتہ چند ہفتے اور مہینوں میں صوبے میں دوسرے مزید دہشت گرد حملے ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا اور دوسرے ذرائع سے الزام تراشی اور ناجائز تنقید کا سلسلہ جاری رہا، پشاور واقعے کے بعد تنقید کا سلسلہ بھی قابل مذمت ہے۔ دہشت گرد واقعے کی بھرپور تحقیقات ہونی چاہئیں کہ کہاں کمزوری تھی، یہ کہنا کہ ڈرون حملہ تھا یا کچھ اور، بے جا الزامات لگائے گئے جو نامناسب تھے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایسے کیا اقدامات بروئے کار لائیں تاکہ پھر دہشت گردی نہ ہو، تاریخ گواہ ہے کہ قومیں بنتی بھی ہیں اور ٹوٹتی بھی ہیں، اس بڑے صدمے کے باوجود ہم سب مل کر دہشت گردی پر قابو پائیں گے، یہ وقت کی ضرورت ہے کہ وفاق اور صوبے مل کر اس کی اونر شپ لیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم تب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا، ماضی میں ضرب عضب اور آپریشن رد الفساد کے ذریعے دہشت گردی دم توڑ گئی تھی، دنیا اور مخالفین بھی اتفاق کرتے ہیں کہ پاکستان نے جیسے دہشت گردی کا خاتمہ کیا کوئی آسان کام نہ تھا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ ایک دہشت گردی کا واقعہ تھا اسے کچلنے کے لیے بغیر وقت ضائع کیے آگے بڑھنا ہوگا، ہر بار طعنہ ملتا تھا کہ وفاق ساتھ نہیں دے رہا وسائل کی کمی ہے، سنہ 2010 سے آج تک خیبر پختونخواہ کو 417 ارب روپے دیا جا چکا ہے، وہ سب کہاں گیا؟ اس کا آدھا بھی خرچ ہوتا تو آج پختونخواہ کے لوگ سکون کی نیند سوتے۔

    انہوں نے کہا کہ آئینی ادارے مل کر قوم کو اکٹھا نہیں کریں گے تو بات نہیں بنے گی، سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو اے پی سی کی دعوت دی ہے، منگل کے روز اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس ہوگی، یہی وقت کا تقاضہ اور ضرورت ہے۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کا پاکستان کے ایک انچ پر بھی قبضہ نہیں ہے، کون عجلت میں دہشت گردوں کو لایا یہ ایک سوال ہے جس کا جواب قوم چاہتی ہے، ابھی دیر نہیں ہوئی دہشت گردوں کا مل کر مقابلہ کریں گے۔

    انہوں نے پشاور دہشت گردی میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے لیے 20 لاکھ روپے اور زخمی ہونے والوں کے لیے 5 لاکھ روپے کا بھی اعلان کیا۔

  • پیٹرول کی قیمت میں مزید اضافہ، نئے ٹیکسوں کی بھرمار: آئی ایم کے نئے مطالبات

    پیٹرول کی قیمت میں مزید اضافہ، نئے ٹیکسوں کی بھرمار: آئی ایم کے نئے مطالبات

    اسلام آباد: انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے حکومت پاکستان سے مزید مطالبات کردیے، پیٹرولیم مصنوعات پر مزید لیوی اور مزید دیگر ٹیکسز نافذ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان تکنیکی مذکرات میں حکومت کے لیے ایک اور نئی مشکل کھڑی ہوگئی، آئی ایم ایف کی جانب سے پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی بڑھانے کا مطالبہ کر دیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پیٹرولیم لیوی کی مد میں 855 ارب روپے وصولی کے لیے پر عزم ہے، لیوی کے ہدف تک پہنچے کے لیے 50 روپے فی لیٹر سے بڑھانے پر بھی زور دیا جارہا ہے۔

    پیٹرولیم لیوی کو 50 روپے فی لیٹر سے بڑھانے پر قانون سازی کی تجویز دی گئی ہے، منی بجٹ میں لیوی 50 روپے فی لیٹر سے بڑھانے کے لیے ترامیم لانے کی تجویز دی گئی ہے۔

    اسی ماہ آرڈیننس یا پھر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں منی بجٹ لانے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نان ٹیکس آمدن بڑھا کر خسارہ کنٹرول کرنے کا پلان بھی پیش کیا گیا ہے، نجکاری پروگرام پر عملدر آمد تیز کر کے نان ٹیکس آمدن بڑھانے کا بھی پلان پیش کردیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق وفاق نے 200 ارب روپے کے منی بجٹ کی تیاریوں پر بریفنگ دی، منی بجٹ کے ذریعے درآمدات پر فلڈ لیوی عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    درآمدی خام مال اور فرنشڈ آئٹم پر فلڈ لیوی، درآمدی لگژری آئٹم پر 3 فیصد تک فلڈ لیوی، صفر کسٹم ڈیوٹی والی درآمدی اشیا پر 1 فیصد فلڈ لیوی اور مقامی سطح پر بھی فلڈ لیوی عائد کیے جانے پر غور کیا جارہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق بینکوں کے فارن ایکسچینج منافع پر فلڈ لیوی عائد کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے، ٹیکس نادہندگان کے خلاف ایکشن لینے کی تیاریوں اور نان فائلرز کے خلاف ٹیکس بڑھا کر اضافی آمدن پر بھی بریفنگ دی گئی ہے۔

  • وزارت خارجہ میں خلاف ضابطہ تقرریاں عدالت میں چیلنج

    وزارت خارجہ میں خلاف ضابطہ تقرریاں عدالت میں چیلنج

    کراچی: وزارت خارجہ میں خلاف ضابطہ کی جانے والی تقرریوں اور تبادلوں کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا، عدالت نے فریقین کو وضاحت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ کے دفتر میں خلاف ضابطہ تقرریوں اور تبادلوں کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

    درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وزارت خارجہ میں صوبوں سے ملازمین کو لا کر ضم کیا جا رہا ہے، ملازمین کو مستقل کر کے دنیا بھر کے دفاتر میں پوسٹنگ دی جا رہی ہے۔

    درخواست گزار کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے دوسرے ڈپارٹمنٹس سے ملازمین کو ضم کرنے سے روک رکھا ہے، صوبوں سے لا کر مستقل ملازمت دینا سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی ہے۔

    عدالت نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، وزارت خارجہ اور دیگر سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے فریقین کو 17 فروری کو وضاحت پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

  • پنجاب کابینہ میں توسیع کا فیصلہ

    پنجاب کابینہ میں توسیع کا فیصلہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے، مجموعی طور پر 12 رکنی کابینہ تشکیل دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کابینہ میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں 8 نگراں وزرا کابینہ میں شامل کیے جائیں گے۔

    محکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کے بعد مزید 4 نگراں وزرا کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔

    صوبے میں مجموعی طور پر 12 رکنی کابینہ تشکیل دی جائے گی، محکمہ داخلہ اور خزانہ کے قلمدان نگراں وزیر اعلیٰ اپنے پاس رکھیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حساسیت کی بنیاد پر سیکیورٹی اور خزانہ کے امور نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی خود دیکھنا چاہتے ہیں۔

  • صوابی میں دہشت گردی کی کوشش ناکام، دہشت گردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر صوابی میں پولیس نے دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی، دہشت گردوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کی اور بعد ازاں خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوابی کے علاقے ہنڈ میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کی، بعد ازاں دہشت گردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا جسے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ آج سہ پہر صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی مسجد میں دوران نماز دھماکا ہوا ہے جس میں متعدد افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔

    دھماکے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ شہر بھر میں سیکیورٹی کو بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

  • پاکستان ریلوے شدید ترین مالی بحران کا شکار ہے: خواجہ سعد رفیق

    پاکستان ریلوے شدید ترین مالی بحران کا شکار ہے: خواجہ سعد رفیق

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے شدید ترین مالی بحران کا شکار ہے، ریلوے کی بہتری ایک دو سال کا کام نہیں اس کے لیے دہائیاں چاہئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے شدید ترین مالی بحران کا شکار ہے، ریلوے کو بہتر ادارہ بنائیں گے ہار نہیں مانیں گے۔

    سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سلیکٹڈ ریلوے اسٹیشنز کی برانڈنگ کریں گے، آہستہ آہستہ برانڈنگ پورے پاکستان میں لے کر جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی ریلوے نے سنہ 1988 میں بہتری کا آغاز کیا تھا، ریلوے کی بہتری ایک دو سال کا کام نہیں اس کے لیے دہائیاں چاہئیں۔

  • پشاور: مسجد میں نماز کے دوران دھماکا، 32 افراد شہید

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں پولیس لائن کی مسجد میں زوردار دھماکا ہوا جس میں اب تک 32 افراد شہید اور سو سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کی پولیس لائن میں مسجد میں نماز ظہر کے وقت زوردار دھماکا ہوا، دھماکے کے وقت مسجد میں درجنوں نمازی موجود تھے۔

    کمشنر پشاور ریاض محسود نے دھماکے میں 32 افراد کی شہادت اور 150 زخمیوں کی تصدیق کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی افراد کو لیڈی ریڈنگ اسپتال اور دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز اتنی شدید اور زور دار تھی کہ دور دور تک سنی گئی، دھماکا مسجد کے اندر ہوا جس سے مسجد کا ایک حصہ شہید ہوگیا۔ ملبے سے زخمیوں اور لاشوں کو نکالا جارہا ہے جبکہ مزید افراد کے دبے ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

    دھماکے سے پولیس لائن کی دیگر عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کرلیے ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تاحال دھماکے کی نوعیت کا اندازہ نہیں لگایا جا سکا، پولیس لائن کے داخلی راستے مکمل طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔

    دھماکا خودکش تھا: وزیر داخلہ کی تصدیق

    وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق مسجد میں خودکش حملہ ہوا ہے، اس وقت ترجیح زخمیوں اور شہدا کو سنبھالنے کی ہے، سیکیورٹی کے باوجود حملہ آور کیسے مسجد تک پہنچا اس کی انکوائری ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہونے کے خدشے کو رد نہیں کیا جا سکتا، ہمسایہ ممالک کی ایجنسیاں پاکستان کے خلاف برسر پیکار ہیں۔

    خون کے عطیات کی اپیل

    دوسری جانب ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال محمد عاصم کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد 50 سے زائد زخمی افراد لائے گئے ہیں۔ زخمیوں میں متعدد پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، کچھ زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

    لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ نے لوگوں سے خون کے عطیات کی بھی اپیل کی ہے۔

    دھماکے کے بعد تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ شہر بھر میں سیکیورٹی کو بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

    ’نماز پڑھنے جارہا تھا جب دھماکا ہوا‘

    دھماکے کے عینی شاہد پولیس اہلکار نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ وہ نماز پڑھنے کے لیے مسجد کی طرف جا رہے تھے کہ دھماکا ہوگیا۔ دھماکے کے بعد ہر طرف دھواں ہی دھواں پھیل گیا۔

    پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ دوران نماز ڈیوٹی پر اہلکار ہوتے ہیں مگر مسجد کی اتنی زیادہ سیکیورٹی نہیں ہوتی، اس مسجد میں ڈی ایس پی سمیت تمام پولیس اہلکار نماز ادا کرنے آتے ہیں۔

    ’نمازیوں کا بہیمانہ قتل قرآن کی تعلیمات کے منافی‘

    وزیر اعظم شہباز شریف نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نمازیوں کا بہیمانہ قتل قرآن کی تعلیمات کے منافی ہے، اللہ کے گھر کو نشانہ بنانا ثبوت ہے کہ حملہ آوروں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جنگ کرنے والوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے، ناحق شہریوں کا خون بہانے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قوم اور ادارے یکسو اور متحد ہیں۔

    ملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

    پشاور دھماکے کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت راولپنڈی، لاہور، کراچی اور دیگر شہروں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔

    ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے، تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ بڑھا دی گئی ہے اور سیف سٹی کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

    ترجمان نے کہا ہے کہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دوران سفر اپنے شناختی دستاویزات ساتھ رکھیں اور چیکنگ کے دوران پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔

  • سنیتا مارشل کا شان مسعود اور اہلیہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار

    معروف اداکارہ سنیتا مارشل نے کرکٹر شان مسعود کی شادی کی تقریب میں شرکت کی اور جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف پاکستانی اداکارہ سنیتا مارشل نے معروف کرکٹر شان مسعود کی شادی کی تقریب میں شرکت کی اور اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔

    اداکارہ نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ تقریب میں شرکت کی۔

    انسٹا گرام پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں انہوں نے شان مسعود کو مبارک باد دی اور زندگی کے نئے سفر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    خیال رہے کہ شان مسعود چند روز قبل نیشے خان کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے ہیں، ان کی دعوت ولیمہ میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی سمیت کئی کرکٹرز نے شرکت کی۔

    اس موقع پر شان مسعود نے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شادی کی تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Shan Masood (@shani_official89)

  • سیکیورٹی گارڈ کی ثابت قدمی، لاوارث پڑے ساڑھے 7 لاکھ مالک کو لوٹا دیے

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ایک سیکیورٹی گارڈ بھاری رقم سامنے دیکھ کر بھی ثابت قدم رہا اور ایمانداری سے اسے اس کے مالک کو واپس لوٹا دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں محمد پرویز نامی سیکیورٹی گارڈ نے شرکت کی اور اس سارے واقعے کے بارے میں بتایا۔

    محمد پرویز کا کہنا تھا کہ وہ ایک مال میں گارڈ کی ملازمت کرتے ہیں، 20 جنوری کے روز انہیں سیڑھیوں پر ایک سیاہ رنگ کا شاپنگ بیگ دکھائی دیا جس میں پیسوں کی جھلک بھی دکھائی دے رہی تھی۔

    انہوں نے وہ شاپنگ بیگ اٹھایا اور سیدھا ایڈمن آفس لے گئے، ساتھ ہی وہ دعا کر رہے تھے کہ یہ رقم جس شخص کی بھی ہے اس تک پہنچانے میں اللہ ان کی مدد کرے۔

    ایڈمن آفس میں بیگ کھولا گیا تو اندر سے ساڑھے 7 لاکھ روپے کی رقم نکلی۔

    محمد پرویز کا کہنا تھا کہ انہوں نے مطلوبہ شخص کو سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ٹریس کیا۔

    مذکورہ شخص شاپر کو جیکٹ کی جیب میں ڈالے، اور جیکٹ کو بازو پر لٹکائے ہوئے تھا، چلنے کے دوران بیگ جیکٹ سے پھسل کر گر گیا۔

    رقم ملنے پر وہ شخص محمد پرویز کا بے حد شکر گزار ہوا اور انہیں انعام بھی دیا۔