Tag: پاکستان کی خبریں

  • ریلوے میں نئی ویگنز کا اضافہ

    لاہور: پاکستان ریلوے میں مزید نئی ویگنز رواں برس شامل کردی جائیں گی، جدید ویگنز کی سسٹم میں شمولیت سے ریلوے کے ذریعے مال کی ترسیل کے رجحان میں اضافہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق رواں سال مارچ میں مزید 130 ویگنز ریلوے سسٹم میں شامل ہوجائیں گی، ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی معاہدے کے تحت باقی 620 ویگنیں پاکستان میں بنیں گی۔

    نئی ویگنز سے ریلوے آمدن میں سالانہ ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوگا۔

    موجودہ ویگنز 60 ٹن وزن کے ساتھ 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ سکتی ہیں، نئی ویگنز میں 70 ٹن وزن کے ساتھ 100 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کی صلاحیت ہے۔

    جدید ویگنز کی سسٹم میں شمولیت سے ریلوے کے ذریعے مال کی ترسیل کے رجحان میں اضافہ ہوگا۔

  • وزیر اعظم نے بھارت سے مذاکرات کے لیے بھیک مانگی: شیریں مزاری

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم بھارت سے مذاکرات کے لیے بھیک مانگتے ہوئے کہتے ہیں پاکستان نے سبق سیکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرا پنے ٹویٹ میں کہا کہ شہباز شریف کی سوچنے سمجھنے کی صلاحیت نہیں، محض پاکستان کو کمزور کر رہے ہیں۔

    سابق وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت سے مذاکرات کے لیے بھیک مانگتے ہوئے کہتے ہیں پاکستان نے سبق سیکھا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی سربراہ کا مضحکہ خیز بیان حکومت کی تبدیلی کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔

  • آئی ایم ایف کا سخت رویہ، اسحٰق ڈار پریشان

    آئی ایم ایف کا سخت رویہ، اسحٰق ڈار پریشان

    اسلام آباد: پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہوگئے، وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار آئی ایم ایف کے سخت رویے سے پریشان ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہوگئے ہیں، آئی ایم ایف نے مذاکرات مطالبات پر پیش رفت سے مشروط کر دیے۔

    وزیر خزانہ اسحٰق ڈار آئی ایم ایف کے سخت رویے سے پریشان ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈالر کا ایکسچینج ریٹ فری فولٹ کروانا چاہتا ہے اور ڈالر کے ایکسچینج ریٹ پر مصنوعی پابندی ختم کروانا چاہتا ہے۔ پاکستان کو 30 جون 2023 تک پیٹرولیم لیوی 855 ارب روپے جمع کرنے کا روڈ میپ دینا ہوگا۔

    زرائع کے مطابق ڈیزل پر لیوی جلد از جلد 15 روپے فی لیٹر بڑھا کر 35 کی جگہ 50 روپے کرنا ہوگی، گیس کے شعبے میں بھی 15 سو ارب روپے کا سرکلر ڈیبٹ ختم کرنا ہوگا۔

    اوگرا کے گیس کے نرخ بڑھانے کے فیصلے پر عمل درآمد کرنا ہوگا، سرکلر ڈیٹ کم کرنے کے لیے گیس کے ریٹ یکم جولائی 2022 سے 74 فیصد بڑھانا ہوں گے۔

    ٹیکس آمدن میں 300 ارب روپے کے اضافے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے جبکہ بجلی کے نقصانات کم کرنے کے لیے بجلی کا بنیادی ٹیرف بھی بڑھانا ہوگا۔

  • ملک بھر میں کرونا وائرس کے 5 کیسز رپورٹ

    ملک بھر میں کرونا وائرس کے 5 کیسز رپورٹ

    اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز بدستور ریکارڈ کیے جارہے ہیں، گزشتہ روز کرونا وائرس کے نئے رپورٹ کیسز کی تعداد 5 رہی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، کرونا وائرس سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 30 ہزار 640 ہے۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 5 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 15 لاکھ 76 ہزار 86 ہوگئی۔

    ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 38 ہزار 689 ہوچکی ہے۔

    این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 1 ہزار 865 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 3 کروڑ 91 لاکھ 96 ہزار 757 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 0.27 فیصد رہی، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 12 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔

  • کراچی کے عوام نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا: سعید غنی

    کراچی کے عوام نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا: سعید غنی

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا ہے کہ کراچی کے عوام نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا، لوگوں سے رابطہ ہے کوشش کریں گے اتنا نمبر حاصل کرلیں کہ اپنا میئر بنائیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں کراچی نے پیپلز پارٹی کے امیدواروں پر اعتماد کا اظہار کیا، اب تک کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کراچی اور سندھ میں بڑی جماعت بن کر سامنے آئی۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اور حافظ نعیم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، جماعت اسلامی کی الیکشن کے لیے کارکردگی بہت اچھی رہی۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا آپ کے اعتماد پر پورا اتریں گے، ہم نے کراچی کے لوگوں کی خدمت کی ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی۔ پیپلز پارٹی کراچی کی سب سے بڑی پارٹی بن کر سامنے آ رہی ہے۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ لوگوں سے رابطہ ہے کوشش کریں گے اتنا نمبر حاصل کرلیں کہ اپنا میئر بنائیں، ہماری خواہش تھی کہ ایم کیو ایم بائیکاٹ نہ کرے، جو جیت کر آگئے وہ اپنی ذمہ داری اور شہریوں کی خدمت کریں گے۔

  • وزرا کے لیے مہنگی گاڑیوں کی خریداری: ’خبر جعلی ہے، قانونی کارروائی کریں گے‘

    وزرا کے لیے مہنگی گاڑیوں کی خریداری: ’خبر جعلی ہے، قانونی کارروائی کریں گے‘

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزرا اور مشیروں کے لیے گاڑیوں کی خریداری کی جعلی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزرا اور مشیروں کے لیے گاڑیوں کی خریداری کی جعلی اور من گھڑت خبریں پھیلائی جارہی ہیں۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ ایسی جعلی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا یے۔ دو ٹوک اور بار بار کی تردید کے باوجود افواہیں پھیلانے پر قانونی اقدام اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا سے درخواست ہے کہ افواہوں کو خبریں بنا کر پیش نہ کرے۔

  • ملک میں تیل کے بحران کا سنگین خدشہ

    ملک میں تیل کے بحران کا سنگین خدشہ

    اسلام آباد: ملک میں تیل کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا جس کے بعد حکومت کو اہم خط لکھ دیا گیا، ملکی ضروریات کے لیے 1 ارب 30 کروڑ ڈالر کا تیل درآمد کیا جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں تیل بحران کے خدشے کے تحت آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) نے حکومت کو خط لکھ دیا۔

    اپنے خط میں او سی اے سی نے کہا کہ بروقت ایل سیز نہ کھلنے سے ملک میں تیل بحران کا خدشہ ہے، ایل سیز یقینی بنانے کے لیے وزیر خزانہ اور وزیر پیٹرولیم کردار ادا کریں۔

    خط میں کہا گیا کہ بینکوں کی جانب سے ایل سیز نہ کھلنے سے کچھ آئل کارگوز منسوخ ہو چکے ہیں اور تیل سپلائی میں بھی تعطل پیدا ہو رہا ہے، ایک بار سپلائی چین متاثر ہونے کے بعد بحالی میں 6 سے 8 ہفتے لگیں گے۔

    خط میں کہا گیا کہ ملکی ضروریات کے لیے 1 ارب 30 کروڑ ڈالر کا تیل درآمد کیا جاتا ہے جبکہ ماہانہ 4 لاکھ 30 ہزار میٹرک ٹن پیٹرول اور 2 لاکھ میٹرک ٹن ڈیزل درآمد ہوتا ہے۔

  • کل سے ملک گیر انسداد پولیو مہم کا آغاز

    کل سے ملک گیر انسداد پولیو مہم کا آغاز

    اسلام آباد: ملک میں رواں برس کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم کل سے شروع کی جائے گی، مہم کے دوران مجموعی طور پر 4 کروڑ 4 لاکھ 28 ہزار 957 بچوں کی پولیو ویکسی نیشن ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سنہ 2023 کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم رواں ماہ چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، انسداد پولیو مہم 2 مراحل میں چلائی جائے گی۔

    ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ قومی انسداد پولیو مہم کا پہلا فیز 16 تا 20 جنوری منعقد ہوگا جبکہ دوسرا فیز 23 تا 29 جنوری منعقد ہوگا۔

    پہلے فیز میں انسداد پولیو مہم کراچی اور حیدر آباد کے علاوہ ملک بھر میں منعقد ہوگی، انسداد پولیو مہم کے دوران مجموعی طور پر 4 کروڑ 4 لاکھ 28 ہزار 957 بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی جس میں سے 3 کروڑ 81 لاکھ 37 ہزار 654 بچوں کی ویکسی نیشن پہلے مرحلے میں ہوگی۔

    مہم کا دوسرا فیز کراچی اور حیدر آباد کے 16 اضلاع میں ہوگا۔

    3 روزہ پولیو مہم کے بعد 2 روز کیچ اپ ڈیز ہوں گے جس میں رہ جانے والے بچوں کی پولیو ویکسی نیشن کی جائے گی۔ مہم میں 6 تا 59 ماہ کے بچوں کی وٹامن اے کی ویکسی نیشن بھی ہوگی، وٹامن اے کی ویکسی نیشن کا مقصد بچوں کی قوت مدافعت بہتر بنانا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی انسداد پولیو مہم میں 3 لاکھ سے زائد فرنٹ لائن ورکرز شریک ہوں گے۔

  • ملک میں اہل 22 لاکھ میں سے صرف 30 ہزار افراد ٹیکس دیتے ہیں: مفتاح اسماعیل

    ملک میں اہل 22 لاکھ میں سے صرف 30 ہزار افراد ٹیکس دیتے ہیں: مفتاح اسماعیل

    اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ملک میں 22 لاکھ میں سے صرف 30 ہزار افراد ٹیکس دیتے ہیں، ملک خسارے میں ہے، پنجاب میں اسمبلی جوڑ توڑ کا کھیل ہو رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ جب مجھے ہٹایا گیا تو پاکستان کی معیشت کی آج سے بہتر حالت تھی، ہمیں اس وقت پاکستان کے مستقبل کی فکر کرنا ہے۔

    مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس میں آئی ایم ایف کی جانب سے کافی آسانی دی گئی، آئی ایم ایف کی ڈیل پر کوئی بھی پورا نہیں اترا، جب آئی ایم ایف سے دوبارہ معاہدہ کرنا تھا تو مجھے فارغ کردیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں 22 لاکھ میں سے صرف 30 ہزار افراد ٹیکس دیتے ہیں، پاکستان ٹھیک نہیں چل رہا اس میں آئی ایم ایف، چین یا سعودی عرب کا قصور نہیں، ہم ہر ملک سے پیچھے جاتے جا رہے ہیں۔

    مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ملک خسارے میں ہے، پنجاب میں اسمبلی جوڑ توڑ کا کھیل ہو رہا ہے، ملک کی معیشت خطرے میں ہے اور عدم اعتماد کھیلا جا رہا ہے۔

  • کراچی میں بلدیاتی الیکشن: سندھ حکومت نے حتمی فیصلہ کرلیا

    کراچی میں بلدیاتی الیکشن: سندھ حکومت نے حتمی فیصلہ کرلیا

    کراچی: سندھ حکومت نے صوبائی دارالحکومت کراچی میں بلدیاتی الیکشن کل ہی کروانے کا فیصلہ کیا ہے، حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آئینی حکومت آئین کے خلاف جا کر کوئی فیصلہ نہیں کر سکتی۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے کل کراچی کے بلدیاتی الیکشن کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ کوئی آرڈیننس نہیں آئے گا، کل کراچی میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے الیکشن کمیشن سے بھرپور تعاون کی ہدایت کی ہے۔

    سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ آئینی حکومت آئین کے خلاف جا کر کوئی فیصلہ نہیں کر سکتی، شدید سیکیورٹی خدشات ہیں لیکن مکمل سیکیورٹی فراہم کریں گے۔

    خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر اعلان کیا ہے کہ کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی الیکشن کل ہی ہوں گے۔

    سندھ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت ہونے والے اہم مشاورتی اجلاس میں سندھ حکومت کی جانب سے لکھے گئے خط اور سیکشن 34 کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات کل ہی ہوں گے۔