Tag: CM Punjab

  • بلوچستان سے آئے طلبا کے وزیراعلیٰ پنجاب سے تند وتیزسوالات

    بلوچستان سے آئے طلبا کے وزیراعلیٰ پنجاب سے تند وتیزسوالات

    لاہور: بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلبا و طالبات نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے تندو تیز سوالات کیے اور کہا کہ سی پیک گوادر میں بن رہا ہے تو ترقی لاہور میں کیوں ہورہی ہے؟ چینی زبان سیکھنے کے لیے  صرف پنجاب کے طلبا کو ہی کیوں بھیجا گیا؟ سوالات پر شہباز شریف الجھ کر رہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے دورے پر آنے والے بلوچ طلبا و طالبات کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے خطاب کے بعد ان سے بلوچ طلبا و طالبات نے تلخ سوالات کیے جس پر شہباز شریف الجھ کر رہ گئے۔

    طلباء و طالبات کا کہنا تھا کہ سی پیک کا سن سن کر تھک چکے ہیں، سی پیک گوادر میں بن رہا ہے مگر ترقی لاہور میں کیوں ہو رہی ہے؟

    طلبا نے مزید کہا کہ سیاست دان گوادر کا دورہ کرتے ہیں تو لوڈ شیڈنگ ختم ہو جاتی ہے اور ان کی واپسی کے بعد لوڈ شیڈنگ دوبارہ سے شروع ہو جاتی ہے،ہمارے پاس تو کپڑے استری کرنے کے لیےبھی بجلی نہیں ہوتی“جس کے جواب میں میاں شہباز شریف نے کہا کہ ماضی میں ترقی کا راستہ روکنے والوں نے پنجاب کا نام لے کر نفرتوں کو پروان چڑھایا۔

    جواب میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ  پنجاب کو ہمیشہ بڑا بھائی کہہ کر طعنہ زنی ہوتی رہی، پنجاب سے متعلق باتیں اور بیانات غلط ہیں، چاروں صوبوں میں ترقی کا پہیہ اسی رفتار سے چلنا چاہیئے جس کا تقاضا عوام کرتے ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ غلط فہمی کی بنا پر بلوچستان کے عوام کو وفاق سے جائز شکایات ہوئیں بلوچ عوام نہ صرف محب وطن بلکہ پاکستان کی تشکیل میں بھی ان کا اہم کردار ہے، بلوچستان کے مسائل کو کافی حد تک حل کر لیا گیا ہے۔

    طلبا نے وزیراعلیٰ شہباز شریف سے شکایت کی کہ چینی زیان سیکھنے کے لیے گوادر کے بجائے پنجاب سے طلبا کو چین بھیجا گیا جو کہ سراسر ناانصافی ہے جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ 20 طلبا گوادر سے چین کا دورہ کریں گے۔

    شہبازشریف نے طلبا کو بتایا کہ میٹرو بس سی پیک سے پہلے لاہور میں چل رہی تھی جبکہ سڑکوں کا جال اور دانش اسکول بھی سی پیک منصوبے سے پہلے بنائے گئے ہیں۔

    بعد ازاں اے آر وائی نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے گوادر سے آئے طلبا و طالبات اپنے علاقوں میں بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر پھٹ پڑے۔

    وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گوادر سے تعلق رکھنے والے بیس طلبا و طالبات کو چین اسکالرشپ پر بھجوانے کے اعلان کے ساتھ دورے پر آئے ہوئے طلباء میں لیپ ٹاپس بھی تقسیم کیے۔

  • لاہور ہائیکورٹ، شہباز شریف کی نا اہلی کی درخواست مسترد

    لاہور ہائیکورٹ، شہباز شریف کی نا اہلی کی درخواست مسترد

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف کی نااہلی کے لیے درخواست کو نا قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا، درخواست نے وزیراعلیٰ کو اختیارات سے تجاوز اور حلف کی پاسداری نہ کرنے کا مرتکب کہتے ہوئے نااہل قرار دینے کی استدعا کی تھی۔

    درخواست کی سماعت لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے کی۔ عدالت کے روبرو تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے اپنے اثاثے چھپائے، رقم غیرقانونی طور پر بیرون ملک منتقل کی اور قوم سے غلط بیانی کی،وزیر اعلی پنجاب نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے صوبے میں من پسند افسران کو میرٹ کے برعکس سیاسی مقاصد کے لیے تعینات کیا۔

    انہوں ںے کہا کہ  وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی شوگر ملیں ایک سے دوسرے علاقے میں منتقل کیں جب کہ قانون اس کی اجازت نہیں دیتا، وزیراعلی نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے بہت سے غیر قانونی احکامات جاری کیے لہذا انھیں نااہل قرار دیا جائے ۔

    سرکاری وکیل شان گل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار نے کمپنی کے حوالے سے درخواست دائر کی جو ناقابل سماعت ہونے کی بناءپر مسترد کی جائے۔

    عدالت نے ریمارکس دئیے کہ منتخب نمائندے کے خلاف فورم موجود ہونے کے باوجود درخواست گزار نے عدالت سے کیوں رجوع کیا۔

    عدالت نے ریمارکس دئیے کہ کسی رکن اسمبلی کے خلاف ریفرنس بھیجوانا اسپیکر کا اختیار ہے لہذا درخواست گزار کو ان سے رجوع کرنا چاہیے تھا۔

    عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد درخواست خارج کردی۔

  • حکمرانوں کی اپنی صفوں میں دہشت گرد موجود ہیں، قمرزمان کائرہ

    لاہور : پیپلزپارٹی پنجاب وسطی کے صدر قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو شوباز قرار دیتے ہوئے ان سے سوال کیا کہ دانش اسکول کے دعویدارکہاں ہیں؟ سستے تندور اور لیپ ٹاپ اسکیم کا کیا بنا؟ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی اپنی صفوں میں دہشت گرد موجود ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پی پی کی تنظیم سازی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ سیکرٹری جنرل ندیم افضل چن بھی موجود تھے۔

    اس موقع پر قمرزمان کائرہ نے پنجاب حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو شوباز قرار دیتے ہوئے انہوں نے سستے تندور لیپ ٹاپ اسکیم اور تعلیمی منصوبوں پر سوالات کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم مہنگی ہو رہی ہے،دانش اسکول کےدعویٰ دارکہاں ہیں؟ شہبازشریف نے سستے تندورلگائے وہ کہاں گئے؟ لیپ ٹاپ اسکیم شروع کی گئی،اب اس اسکیم کا کیا ہوا؟

    انہوں نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری یکم دسمبر کو بلوچستان کے ایک ڈویژن کے ضلع کے عہدیداران کا فیصلہ کریں گے جس کے بعد 2 دسمبر کو جنوبی پنجاب ، 3 دسمبر کو خیبر پختونخوا ، 4 دسمبر کو سندھ ، 5 دسمبر کو پنجاب اور 6 دسمبر کو آزاد جموں و کشمیر کے عہدیداران کا انتخاب کیا جائے گا۔

    اس اوپن ہاؤس میں کسی پر کوئی پابندی نہیں ہوگی بلکہ کسی بھی دن ملک بھر کے کسی بھی حصے کے کارکنان شریک ہوسکیں گے اور انہیں سوال و جواب کا بھرپور موقع دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سات روزہ اوپن ہاؤس کے بعد ملک کے دیگر حصوں کی جو ڈویژنز بچیں گی ان کیلئے چیئرمین بلاول بھٹو خود وہاں جا کر انٹرویوز کرکے عہدیداران کا انتخاب کریں گے۔

    پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زماں کائرہ کا کہنا تھا کہ ناراض کارکنوں کو گھر واپس لائیں گے، جبکہ سیکرٹری جنرل ندیم افضل چن کا کہنا ہے کہ شریفوں کی شرافت قوم کے سامنے لائیں گے۔

  • دھرنا گروپ ملک کی ترقی سے خوفزدہ ہے، شہبازشریف

    دھرنا گروپ ملک کی ترقی سے خوفزدہ ہے، شہبازشریف

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت کی جانب سے اسلام آباد بند کرنے کی دھمکیوں کے پیچھے دراصل ملک کی تیزرفتارترقی کا خوف تھا۔ اب ملک سے جہالت اور بے روزگاری کے اندھیرے چھٹنےکاوقت آگیا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک جاری بیان میں کیا، وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ دھرنا گروپ خوفزدہ ہے کہ ترقیاتی منصوبے مکمل ہوگئے تو ان لوگوں کی سیاست ہمیشہ کے لئے دفن ہو جائے گی۔

    دھرنا گروپ ترقیاتی منصوبوں سےخوفزدہ ہے، با شعورعوام ان کی انتشار کی سیاست سے یکسرلاتعلق رہے، انہوں نے کہا کہ اب ملک سے جہالت اور بے روزگاری کے اندھیرے چھٹنےکا وقت آگیا ہے۔ سی پیک منصوبہ ملک کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان میں تجارتی معاشی اورسماجی سرگرمیاں بڑھیں گی۔ اربوں ڈالر کے منصوبوں کی تکمیل سے ملک کے عوام کی تقدیر بدل جائے گی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ان  توانائی منصوبوں کی تکمیل سے لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا قوم کو جلد راحت ملے گی۔

  • کے پی کے حکومت کا شریف برادران اور وزیر داخلہ پر مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ

    کے پی کے حکومت کا شریف برادران اور وزیر داخلہ پر مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: عمران خان نے خیبر پختون خوا حکومت کے فیصلے کی تائید کردی جس کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف ہنگامہ آرائی کا مقدمہ وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب، وزیر داخلہ اور آئی جی پنجاب کے خلاف درج کرایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق بنی گالہ میں عمران خان کی زیرصدارت پارٹی قیادت کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنان اور شہریوں پر لاٹھی چارج، شدید شیلنگ اور تشدد کے واقعات اور راستے روکنے کے خلاف وزیراعظم نواز شریف، وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور آئی جی پنجاب کے خلاف مقدمہ درج کرایا جائے گا۔

    اجلاس میں وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک اور ان کی کابینہ کے دیگر افراد شامل تھے۔ اجلاس میں اٹک میں تحریک انصاف کے کارکنوں پر تشد د کے واقعات اور احتجاج کے بعد پیدا ہونے والے صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وفاق اور پنجاب حکومت نے آئین و قانون کو نظرانداز کیا، وفاقی حکومت نے کے پی کے کابینہ کو اٹک کے مقام پر روک کر اچھا پیغام نہیں دیا۔ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کے اقدامات قابل مذمت ہے۔

    اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک اور صوبائی حکومت کی جانب سے اس اقدام کی حمایت کرتی ہے، کیونکہ عدالت نے حکم دیا تھا کہ پرامن احتجاج کا راستہ نہ روکا جائے، مسلم لیگ کی حکومت نے قانون کی دھجیاں اڑا دیں۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کو کسی بھی پارٹی کا حصہ نہیں بننا چاہئے، انہیں اپنے شہریوں کے ساتھ قانون کے مطابق برتاؤ کرنا چاہیئے۔

    مزید پڑھیں: کے پی کے حکومت کا چوہدری نثار اور آئی جی پنجاب کے خلاف مقدمات درج کرانے کا فیصلہ

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا پانامہ لیکس کے حوالے سے کہنا تھا کہ حکومت اب اپنا جھوٹ چھپانے کیلئے مزید جھوٹ بولے گی۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کا پی ٹی آئی کے گرفتار کارکنوں کی رہائی کا حکم

    وزیراعلیٰ پنجاب کا پی ٹی آئی کے گرفتار کارکنوں کی رہائی کا حکم

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار کارکنوں کی رہائی کے احکاما ت جاری کردیے، پنجاب بھر میں ہونے والے کریک ڈائون کے بعد سے تحریک انصاف کے سیکڑوں کارکنان اور ضلعی رہنما تھانوں اور جیلوں میں بند ہیں۔


    یہ پڑھیں: پنجاب بھر میں کریک ڈاؤن، سیکڑوں پی ٹی آئی کارکنان گرفتار،سینیٹر کامل آغا کے گھر چھاپہ


    اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کے پنجاب بھر میں گرفتار کارکنوں کی رہائی کے احکامات جاری کردیے ہیں اور کہا ہے کہ متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: پنجاب بھر میں پولیس کا کریک ڈاؤن، تحریک انصاف کے متعدد کارکن گرفتار

    اسلام آباد دھرنے کے اعلان کے بعد سے تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے خلاف پنجاب بھر میں بڑا کریک ڈائون کیا گیا جس میں سیکڑوں کارکنوں اور متعدد ضلعی رہنماؤں کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

     بنی گالہ: پولیس کی شیلنگ‘ درجنوں کارکنان گرفتار

    پولیس اور ایف سی نے تحریک انصاف کے خلاف بنی گالہ میں بھی کریک ڈاؤن کرتے ہوئے درجنوں کارکنان کو حراست میں لے لیا تھا،اس دوران لاٹھی  چارج بھی کیا گیا اور شدید شیلنگ بھی کی گئی۔

    بنی گالہ جانے کی کوشش کرتی تحریک انصاف کی خواتین کارکن گرفتار

    تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاری کے ساتھ ساتھ اسلام آباد پولیس نے خواتین کو بھی نہ چھوڑا اور مزاحمت کرنے والی خواتین کو برے طریقے سے گھسیٹ کر گرفتار کرلیا گیا۔

    اسلام آباد: پی ٹی آئی اور پولیس میں ہاتھا پائی، متعدد کارکنان گرفتار

    اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے کنونشن کے دوران پولیس اور کارکنوں میں ہاتھا پائی ہوگئی تھی  پولیس نے کئی کارکنوں کو گرفتار کرلیا تھا، شاہ محمود قریشی بیچ بچائو کراتے رہے لیکن ان کی ایک نہ چلی اور ان کے میڈیا سے بات چیت کرنے کے دوران بھی پولیس ایک ایک کرکے کارکنوں کو گرفتار کرتی رہی۔

     لال حویلی پر کریک ڈاؤن، 500 کارکن گرفتار، راستے سیل

    راولپنڈی پولیس نے مختلف شہروں کی طرح شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی کے باہر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ اور تحریک انصاف کے 500 سے زائد کارکنوں اور حامیوں کو گرفتار کرلیا تھا۔

    پی ٹی آئی کی حمایت: اداکار کاشف محمود کی گرفتاری و رہائی

    قبل ازیں لاہور پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کی حمایت پر اداکار کاشف محمود کو ان کے گھر پر چھاپہ مارکر گرفتار کیا اور ایک ریلی کے دوران بنی گالہ سے گلوکار سلمان احمد کو حراست میں لے لیا، تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل اور رکن قومی اسمبلی عارف علوی کو گرفتار کیا تاہم ان سب رہنمائوں کو گرفتاری کے کچھ دیر بعد ہی رہا کردیا گیا تھا۔

  • شہباز شریف کا عمران خان پر 26 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان

    شہباز شریف کا عمران خان پر 26 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کو جھوٹ نہیں بولنا چاہیے،عمران خان نے اب تک 35 ارب روپے کی کرپشن کے دعوے کیے لیکن ثبوت آج تک پیش نہ کرسکے، مجھ پر لگائے گئے الزامات میں صداقت نہیں، ان کے الزامات کا جواب نہیں دوں گا اور عمران خان پر 26 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کروں گا۔

    عمران خان کی جانب سے کرپشن کے الزامات کے بعد لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جھوٹ کی انتہا کردی گئی ہے جاوید صادق کو میرا فرنٹ مین کہا گیا، کچھ کاغذات دکھائے گئے، یہ بات سن کر میں اسلام آباد سے بھاگا بھاگا یہاں آیا تاکہ حقائق بتا سکوں، مجھ پر کرپشن ثابت ہوجائے تو 20 کروڑ عوام کا مجرم ہوں گا۔


    یہ پڑھیں: شہباز شریف کے فرنٹ مین جاوید صادق نے ٹھیکوں سے اربوں کمائے، عمران خان


    انہوں نے کہا کہ سچی اور کھری بات کی جائے، خان صاحب آج تک 35 ارب روپے کی کرپشن کے دعوے کرچکے لیکن ثبوت پیش نہیں کیے، میں نے کوئی کرپشن نہیں کی، اگر میری بات غلط ثابت ہوجائے تو قیامت کے دن منہ دکھانے کے لائق نہ ہوں، مجھ پر جتنے الزامات عائد کیے گئے اس میں سے کسی کا بھی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔

    اس موقع پر انہوں نے اپنے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات پیش کیں اور اس میں بچائے گئے اربوں روپے کی تفصیلات پیش کیں اور کہا کہ قوم کے اربوں روپے بچائے گئے کرپشن کہاں ہے؟

    انہوں نے کہا کہ سال 2014ء کے دھرنوں میں بھی پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے سے گریز نہیں کیا گیا،چین کے صدر کا دورہ پاکستان پی ٹی آئی کی وجہ سے ہی منسوخ ہوا، ہم پاکستان کا خزانہ بھرنے کے لیے چینی حکام سےملاقاتیں کرتے ہیں ، دھرنوں کی وجہ سے سی پیک کا اعلان 2014ء کے بجائے اب کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:دھرنا دینے والے سی پیک اور ملکی ترقی کے خلاف ہیں، شہباز شریف

    انہوں نے کہا کہ پانامالیکس کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے لیکن پھر بھی تحریک انصاف دو نومبر کو اسلام آباد بند کرنے کی ناپاک سازش کرچکی ہے۔

    اسی سے متعلق: دھرنا دینے والوں کی ہوا نکل چکی ہے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف

  • دھرنا دینے والے سی پیک اور ملکی ترقی کیخلاف ہیں، شہباز شریف

    دھرنا دینے والے سی پیک اور ملکی ترقی کیخلاف ہیں، شہباز شریف

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہروں کو بند کرنے والے سی پیک، توانائی منصوبوں، موٹرویز اور صنعت و حرفت کے منصوبوں کے خلاف ہیں، تبدیلی کی باتیں کرنیوالوں نے منفی سیاست کے سوا کچھ نہیں کیا۔

    یہ بات انہوں نے لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر کو ملکی ترقی اورعوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ یہ عناصر غیر جمہوری اقدام کے درپے ہیں اور شہروں کو بند کرکے ترقی کے سفر کو روکنا چاہتے ہیں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ یہ لوگ نہیں چاہتے کہ سی پیک، توانائی منصوبے مکمل ہونے سے اندھیر دور ہوں، صنعت و حرفت کا پہیہ چلے اور بیروزگاری کا خاتمہ ہو، اگر آئندہ 18 ماہ میں یہ منصوبے مکمل ہو گئے تو انہیں ایک مرتبہ پھر شکست کی دھول چاٹنی پڑے گی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملک کی ترقی کو روکنے والے ایک بار پھر اپنے عزائم میں ناکام ہوں گے، پاکستان کے 18 کروڑ عوام کبھی بھی ان کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ان کا ایجنڈا صرف اور صرف ملک میں افراتفری اور منفی سیاست کو فروغ دینا ہے۔

    انہوں نے عمران خان کا نام لیے بغیر ان پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ دھرنا سیاست والوں کے پاس نہ تو ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا کوئی ایجنڈا ہے اور نہ ہی وہ سیاسی اقدار پر یقین رکھتے ہیں۔

    منفی سیاست کرنے والے اپنے طرز سیاست پر نظرثانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر جگ ہنسائی، ترقی دشمن عناصر کا اصل ایجنڈا ہے۔

     

  • آئندہ سال ملک سے لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائے گی، شہباز شریف

    آئندہ سال ملک سے لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائے گی، شہباز شریف

    لاہور: وزیر اعلیٰ میاں پنجاب شہباز شریف نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ سال ملک سے نہ صرف لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائے گی بلکہ وافر مقدار میں‌ بجلی بھی دستیاب ہوگی۔

    پوزیشن ہولڈر طلبا کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’’اگلے سال نہ صرف ملک سے لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائے گی بلکہ وافر مقدار میں بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی‘‘۔

    یہ بھی پڑھیں:  مودی کو اقتصادی راہداری ہضم نہیں‌ ہورہی، شہبازشریف

     وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ’’آج کے نوجوانوں کو کل ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے اس کے لیے انہیں دل لگا کر تعلیم حاصل کرنی ہوگی، امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو لیپ ٹاپ تقسیم کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے طلبہ کو جدید سہولیات فراہم کیں تاکہ ہمارے بچے جدید تعلیم سے آراستہ ہو سکیں۔

    مزید پڑھیں: اورنج لائن ٹرین شہبازشریف کا ڈالر بناؤ منصوبہ ہے، چوہدری پرویزالٰہٰی

     انہوں نے کہا کہ شورو غل ملکی مفاد میں نہیں ہے اس لیے تمام جماعتوں کو مل کر ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،  عمران خان کی جانب سے اورنج لائن منصوبے پر تنقید کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’عوام کے لیے شروع کیے گئے منصوبوں پر وہ لوگ تنقید کرتے ہیں جو خود طیاروں اور ہیلی کاپٹروں میں سفر کرتے ہیں‘‘۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے آئی ٹی یونیورسٹی کو انڈوومنٹ فنڈ کی مد میں 50 کروڑ روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔

  • مودی کو اقتصادی راہداری ہضم نہیں‌ ہورہی، شہبازشریف

    مودی کو اقتصادی راہداری ہضم نہیں‌ ہورہی، شہبازشریف

    لاہور : وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی ہرزہ سرائی سے ثابت ہو گیا ہے کہ ہمسائے میں بیٹھے دشمنوں نے آپس میں گٹھ جوڑ کر لیا ہے۔ مودی کو اقتصادی راہداری ہضم نہیں ہو رہی لیکن تمام تر مخالفت کے باوجود یہ منصوبہ کامیاب ہو گا۔

    یہ بات انہوں نے ایوان وزیراعلیٰ میں چین کے تعلیمی دورے پر جانے والے 130 طلباء و طالبات پر مشتمل وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے مخالفین نے گٹھ جوڑ کر لیا ہے، اس کے باوجود یہ منصوبہ آگے بڑھے گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ راہداری منصوبے پر مستقبل میں مزید اربوں ڈالر سرمایہ کاری ہو گی۔

    اقتصادی راہداری کے خلاف اندرونی و بیرونی سازشوں سے آگاہ ہیں، مودی نے بلوچستان کے خلاف جو زبان درازی کی ہے اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عدالت عالیہ کی جانب سے اورنج لائن ٹرین منصوبے پر حکم امتناعی کے باوجود چینی قیادت کو یقین ہے کہ یہ منصوبہ شفافیت کے ساتھ بروقت مکمل ہو گا۔

    اس موقع پر لاہور میں تعینات چین کے قونصل جنرل یو برنٹ کا کہنا تھا کہ چین پاکستان میں توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے معاونت فراہم کرتا رہے گا۔

    تقریب کے اختتام پر وزیراعلٰی پنجاب نے نویں جماعت میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباء و طالبات اور اعلٰی تعلیم کیلئے اسکالرشپس پر بیرون ملک جانے والوں میں اسناد اور لیپ ٹاپس بھی تقسیم کئے۔

    انہوں نے کہا کہ پجاب حکومت اپنے خرچ پر طلبہ کو اسکالر شپ پروگرام پر چین بھجوا رہی ہے اور چین کی جانب سے ان طلباء کو سہولتیں دینے پر ان کے شکرگزار ہیں۔