Tag: Cricket

  • مصباح الحق نے کلثوم نواز کے انتقال کے باعث چلڈرن اسپتال کا افتتاح ملتوی کر دیا

    مصباح الحق نے کلثوم نواز کے انتقال کے باعث چلڈرن اسپتال کا افتتاح ملتوی کر دیا

    اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے لندن میں بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے باعث بچوں کے اسپتال کا افتتاح ملتوی کر دیا، اسپتال کے منصوبے کا افتتاح لاہور میں 14 ستمبر کو کیا جانا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے نہایت کام یاب کپتان مصباح نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ محترمہ کلثوم نواز کے انتقال کی خبر سے ان کے دل کو بہت تکلیف پہنچی۔

    مصباح الحق نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال کو بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے انتقال پُر ملال پر میں اور بچوں کے اسپتال کی ٹیم مرحومہ کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

    انھوں نے ٹویٹر پر لکھا ’ہم محترمہ کلثوم نواز کے انتقال پُر ملال کے باعث اپنے 14 ستمبر والی تقریب کو ملتوی کرتے ہیں، تقریب کی نئی تاریخ کا جلد اعلان کر دیا جائے گا۔‘

    خیال رہے کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز 68 سال کی عمر میں لندن میں انتقال کر گئی ہیں، انھیں ایک مدت سے گلے کا کینسر لاحق تھا۔


    یہ بھی پڑھیں:  مصباح الحق نے امراضِ قلب میں مبتلا بچوں کے لیے اسپتال کا اعلان کر دیا


    واضح رہے کہ مصباح الحق نے 6 ستمبر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اعلان کیا تھا کہ وہ بچوں کے لیے ایک اسپتال قائم کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا یہ منصوبہ ان بچوں کے لیے ہے جو پیدائشی طور پر دل کے امراض میں مبتلا ہوتے ہیں جنھیں طبی اصطلاح میں congenital heart disease کہا جاتا ہے۔

  • وقت آ گیا ہے کہ بین الاقوامی ٹیمیں پاکستان آ کر کھیلیں، ہارون لورگاٹ

    وقت آ گیا ہے کہ بین الاقوامی ٹیمیں پاکستان آ کر کھیلیں، ہارون لورگاٹ

    لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سابق چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ نے کہا ہے کہ پاکستان میں معیاری کرکٹ کھیلی جا رہی ہے، وقت آ گیا ہے کہ بین الاقوامی ٹیمیں پاکستان آ کر کھیلیں۔

    ہارون لورگاٹ لاہور میں پریس کانفرنس کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ اب بین الاقوامی کرکٹ ٹیموں کو پاکستان میں آ کر کھیلنا چاہیے، یہاں کرکٹ کا معیار دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔

    آئی سی سی کے سابق چیف ایگزیکٹو نے کہا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کرکٹ کا ایک معیار دیکھنے میں آیا ہے، یہ معیار باعثِ مسرّت ہے، بین الاقوامی ٹیمیں اب پاکستان آ کر کھیلیں۔

    ہارون لورگاٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی میں پی ایس ایل کا کردار اہم ہوگا، سپر لیگ میں ایک معیار نظر آیا ہے، یہ عالمی کرکٹ کی واپسی میں اہم کردار ادا کرے گی۔


    یہ بھی پڑھیں:  پاک بھارت کرکٹ سیریز کے لیے یونس خان نے آسان فارمولا پیش کردیا


    خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے بھی پی ایس ایل کے حوالے سے کہا تھا کہ جن ممالک نے اس طرز کے ایونٹ منعقد کیے وہاں سے ٹیلنٹ نکل کر سامنے آیا، صرف تین سال کے عرصے میں با صلاحیت نوجوان کرکٹر ز نے قومی ٹیم میں جگہ بنائی اور اپنا لوہا منوایا۔

    پی ایس ایل سے ہٹ کر بھی پاکستان کے مخلتف شہروں سے نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے ’کراچی کنگز سندھ کے شہزادے‘ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جس کا دائرہ کار پورے ملک پر پھیلایا جا رہا ہے۔

  • پاک بھارت کرکٹ سیریز کے لیے یونس خان نے آسان فارمولا پیش کردیا

    پاک بھارت کرکٹ سیریز کے لیے یونس خان نے آسان فارمولا پیش کردیا

    کوئٹہ: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے پاک بھارت کرکٹ سیریز کی بحالی کے لیے آسان فارمولا پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین باقاعدگی سے ایشیز طرز کی سیریز ہونی چاہیے۔

    کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یونس خان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ کانٹے کا مقابلہ ہوگا، اچھا کھیل پیش کرنے والی ٹیم کامیاب ہوگی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز مستقل بنیادوں پر ہونی چاہیے، ایشیز سیریز کی طرز  پر دونوں ممالک کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مد مقابل آسکتی ہیں، لیجنڈ کرکٹر ز کے نام پر بھی سیریز  ہر سال یا دو برس بعد منعقد کی جاسکتی ہیں۔

    پاکستان سپرلیگ کے حوالے سے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ جن ممالک نے اس طرز کے ایونٹ منعقد کیے وہاں سے ٹیلنٹ نکل کر سامنے آیا، صرف تین سال کے عرصے میں باصلاحیت نوجوان کرکٹر ز نے قومی ٹیم میں جگہ بنائی اور اپنا لوہا منوایا۔

    مزید پڑھیں: ایشیا کپ میں شرکت کے لیے قومی کرکٹ ٹیم دبئی پہنچ گئی

    نئی حکومت کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے یونس خان کا کہنا تھاکہ قوم کو ایک سچے لیڈر کی ضرورت ہے، ہر پاکستانی کی خواہش ہے کہ ملک ترقی کرے اور ہمیں اچھے حکمران ملیں۔ یونس خان نے ڈیموں کی تعمیر کو زبردست اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر وہ کام ہونا چاہیے جس کی ملک کو ضرورت ہے۔

    قبل ازیں سابق ٹیسٹ کرکٹر  نے کوئٹہ میں بلوچستان کرکٹ ٹیم کے انتخاب کے لئے لگائے گئے تربیتی کیمپ کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں کو ٹپس بھی دیں۔

    دوسری جانب چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم ایشیا کپ میں بہترین کارکردگی دکھائے گی،کھلاڑی مکمل فٹ ہیں اور بھارت سمیت ہر ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات (دبئی) میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شریک ہیں، ایونٹ کا سب سے بڑا ٹاکر 19 ستمبرکو پاکستان اور روایتی حریف بھارت کے درمیان ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں: ایشیاکپ 2018: چمچماتی ٹرافی کی یو اے ای میں رونمائی

    خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں آج غیرملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے 623 سے دبئی پہنچی ، سرفراز الیون اپنا پہلا میچ ہانگ کانگ کے خلاف 16 ستمبر کو کھیلے گی۔

    ایشیا کپ کے لیے قومی ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کو سونپی گئی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخرزمان، بابراعظم، آصف علی، امام الحق، شعیب ملک، شان مسعود، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر، شاداب خان، حارث سہیل، محمد نواز، جنید خان، شاہین آفریدی اور عثمان شنواری شامل ہیں۔

  • شاہد آفریدی کی سعودی سفیر سے ملاقات، مل کر فلاحی کام کرنے کا فیصلہ

    شاہد آفریدی کی سعودی سفیر سے ملاقات، مل کر فلاحی کام کرنے کا فیصلہ

    کراچی: قومی کرکٹ کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سعودی سفارت خانے میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعيد المالکی سے ملاقات کی، ملاقات میں اسٹار کرکٹر کی این جی او کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق تیز ترین بلے باز شاہد آفریدی نے سعودی سفیر نواف المالکی سے ملاقات کی، سعودی سفارت خانے میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پر بھی گفتگو کی گئی۔

    ملاقات میں دونوں شخصیات کے درمیان پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی روابط اور تعلقات زیرِ بحث آئے، انھوں نے مستقبل کے حوالے سے بھی گفتگو کی اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید بہتر بنائے جاسکتے ہیں۔

    شاہد خان آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کیا کہ سعودی سفیر کے ساتھ باہمی تعلقات اور تعاون کے ساتھ ساتھ ان منصوبوں پر بھی بات کی گئی جہاں مشترکہ طور پر کام کیا جاسکتا ہے۔


    گزشتہ کرکٹ بورڈ نے اپنی بھرپور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا: شاہد آفریدی


    شاہد آفریدی نے کہا کہ عزب مآب سعودی سفیرنواف بن سعید المالکی نے سعودی عرب کے سفارت خانے میں دعوت دے کر  اُن کی عزت افزائی کی۔ خیال رہے کہ سعودی سفیر نے بھی اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے ملاقات کی تصویریں شیئر کیں۔

    انھوں نے کہا کہ وہ اپنی این جی او ’شاہد آفریدی فاؤنڈیشن‘ کو سرحدوں سے آگے بھی لے کر جانا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں سعودی عرب کے ساتھ اشتراک کے خواہش مند ہیں۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ جلد وہ اپنی این جی او کے سلسلے میں سعودی عرب کے ساتھ مل کر جدوجہد کر رہے ہوں گے۔

  • مصباح الحق نے امراضِ قلب میں مبتلا بچوں کے لیے اسپتال کا اعلان کر دیا

    مصباح الحق نے امراضِ قلب میں مبتلا بچوں کے لیے اسپتال کا اعلان کر دیا

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے بھی انسانی فلاح و بہبود کے سلسلے میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے بچوں کے لیے ایک اسپتال کے منصوبے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے نہایت کام یاب کپتان مصباح نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ بچوں کے لیے ایک اسپتال قائم کرنا چاہتے ہیں۔

    مصباح الحق نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اسپتال کا یہ منصوبہ ان بچوں کے لیے ہے جو پیدائشی طور پر دل کے امراض میں مبتلا ہوتے ہیں جنھیں طبی اصطلاح میں congenital heart disease کہا جاتا ہے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان نے کہا کہ اسپتال کا یہ منصوبہ لاہور میں 14 ستمبر کو شروع کیا جائے گا، انھوں نے پاکستان تحریکِ انصاف کی خاتون رہنما اور وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کو بھی دعوت دی کہ وہ افتتاحی تقریب میں شریک ہوں۔


    فرسٹ کلاس کرکٹرز کو دی گئی سہولیات انتہائی ناقص ہیں، مصباح الحق کا اظہار برہمی


    خیال رہے کہ بچوں کی بیماری CHD صحت کا ایک ایسا مسئلہ ہے جس میں پیدائشی طور پر دل کی ساخت میں نقص رہ جاتا ہے، دل کی دیواریں، شریانیں اور رگیں متاثر ہوسکتی ہیں جس کی وجہ سے خون کی روانی درست طور پر جاری نہیں رہتی۔

    واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے فرسٹ کلاس کرکٹرز کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں بھی اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے آواز اٹھائی، ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو ناقص سہولیات دی جا رہی ہیں۔

  • ریٹائرمنٹ کی خبریں بے بنیاد ہیں، پی سی بی کے ساتھ ہوں: محمد حفیظ

    ریٹائرمنٹ کی خبریں بے بنیاد ہیں، پی سی بی کے ساتھ ہوں: محمد حفیظ

    لاہور: پاکستان کے سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ ان کی ریٹائرمنٹ کی خبریں بے بنیاد ہیں.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور میں‌ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا. محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ عزت کے لئے کھیلتا ہوں، مجھ سے منسلک خبریں بے بنیاد ہیں.

    محمدحفیظ نے کہا کہ پی سی بی جوبھی فیصلہ کرے گی، میں‌ اس کے ساتھ ہوں، البتہ میرےکیریرسے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں.

    محمدحفیظ نے واضح کیا کہ ان کی کسی کے ساتھ کوئی ناراضی نہیں، فائٹر ہوں اور مقابلہ کروں گا، قائداعظم ٹرافی کھیلوں گا اور پرفارم کروں گا.

    سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں منتخب کرنا سلیکٹرز کا کام ہے، اس پرمیرا اختیار نہیں، پاکستان کرکٹ کے لئے ہروقت دست یاب ہوں.

    مزید پڑھیں: ایشیا کپ کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان، حفیظ اور عماد وسیم ڈراپ

    محمدحفیظ نے کہا کہ پاکستان کےلئے کھیلنا چاہتا ہوں، یہی میرا پہلا مقصد ہے اور اس کے لئے ہر وقت تیار ہوں.

    واضح رہے کہ محمد حفیظ کو ایشیا کپ کھیلنے والی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا. ان کا فٹنس ٹیسٹ بھی نہیں لیا گیا تھا، جس کے بعد یہ خبریں‌گردش کر رہی تھیں کہ وہ ریٹائرمینٹ پر غور کر رہے ہیں.

  • انگلینڈ کے الیسٹر کک نے عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

    انگلینڈ کے الیسٹر کک نے عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

    لندن : انگلینڈ کے مایہ ناز بلے باز 33 سالہ الیسٹر کک نے بھارت کے خلاف ٹیسٹ سریز کا آخری میچ کھیلنے کے بعد عالمی کرکٹ کو خیر باد کہنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیائے کرکٹ کے معروف بلے باز الیسٹر کک نے بھارت کے خلاف ٹیسٹ سریز مکمل کرنے کے بعد عالمی کرکٹ سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ یہ نئے کھلاڑیوں کو آگے لانے کا بہترین موقع ہے‘۔

    انگلینڈ کے مایہ ناز بلے باز الیسٹر کک نے کہا ہے کہ ’میں گذشتہ چند ماہ سے عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا سوچ رہا تھا اور باالاآخر اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ بھارت کے خلاف کھیلے جانے والی ٹیسٹ سریز کے آخری میچ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کروں گا‘۔

    سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ’آج کا دن میرے لیے بہت افسوس ناک ہے پھر بھی عالمی کرکٹ سے الگ ہونے کا فیصلہ ہستے ہوئے کررہا ہوں‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 33 سالہ کرکٹر الیسٹر کک نے کہا کہ ’اگلینڈ کرکٹ ٹیم کے لیے کئی برسوں تک کھیلنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، جتنا میں نے سوچا تھا اس سے کیہں زیادہ حاصل کیا ہے‘۔

    سابق انگلش کپتان کا کہنا تھا کہ آئندہ عالمی کرکٹ میں انگلینڈ کی نمائندگی نہیں کروں گا لیکن کاؤنٹی میچز ایسیکس کی جانب سے کھیلوں گا۔

    واضح رہے کہ 33 سالہ کھلاڑی الیسٹر کک نے اپنے عالمی کرکٹ کے کریئر کے دوران 160 ٹیسٹ، 92 ایک روزہ جبکہ 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں، کک نے ٹیسٹ میچز میں 12 ہزار 254، ون ڈے میں 3 ہزار 204 اور ٹی ٹوئنٹی میں 61 بنائے تھے۔

    انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے ٹیسٹ میچز میں 32 سنچریاں اور 56 نصف سنچریاں، اور ون ڈے میں 5 سنچریاں جبکہ 19 نصف سنچریاں اسکور کر چکے ہیں۔

  • انگلینڈ سے شکست: بھارتی میڈیا اور مداح کھلاڑیوں پر برس پڑے

    انگلینڈ سے شکست: بھارتی میڈیا اور مداح کھلاڑیوں پر برس پڑے

    نئی دہلی: انگلینڈ سے چوتھے ٹیسٹ میچ میں شرمناک شکست کھانے کے بعد بھارتی میڈیا اور مداح انڈین کرکٹ ٹیم پر برس پڑے، نہ کپتان نہ کوچ، کسی کو نہیں بخشا۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے بھارت کو چوتھے ٹیسٹ میں 60 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز میں 1-3 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی ہے۔

    بھارت کا غرور خاک میں ملا تو بھارتی میڈیا تلملا گیا، امیدوں پر پانی پھرنے پر کپتان ویرات کوہلی اور کوچ روی شاستری کی کھچائی کر دی، کہا ’عزت بچانے کے لیے ٹیم کے پاس اب کچھ بھی نہیں بچا۔‘

    بھارتی ٹیم کے فینز نے ٹیم کو صرف گھر کا شیر قرار دے دیا، سوشل میڈیا پر بھارتی فینز نے اپنی ٹیم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے ٹوئٹ کیے کہ بھارت کے بلے باز اپنے گھر کے ہی شیر ہیں۔

    بھارتی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ناکام ہونے پر برہم بھارتی میڈیا نے ٹیم کے کپتان اور کوچ کو آڑے ہاتھوں لیا، کہا جس بیٹنگ لائن پر غرور تھا وہ بری طرح ناکام ہوا، اب عزت بچانے کے لیے کیا رہ گیا ہے۔


    اسپیشن لالیگا: میسی اور سوارز نے مخالف ٹیم کی درگت بنا دی


    واضح رہے کہ گزشتہ روز ساؤتھ ہیمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں آؤٹ کلاس کر کے بدترین شکست سے دوچار کیا۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ 7 ستمبر سے اوول میں کھیلا جائے گا۔

  • کرکٹ بورڈ میں انقلابی تبدیلیوں کا امکان

    کرکٹ بورڈ میں انقلابی تبدیلیوں کا امکان

    اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ میں انقلابی تبدیلیوں کا امکان ہے، ذاکر خان پی ایس ایل چیئرمین بننے کے لیے مضبوط امیدوار بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ کے طور پر فرائض ادا کرنے والے آفیشل ذاکر خان پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین کے عہدے کے لیے مضبوط امیدوار بن گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کی تعیناتی کے بعد توقع ہے کہ ذاکر خان کی تعیناتی کے سلسلے میں بھی اعلان کر دیا جائے گا۔

    دوسری جانب پاکستان سپر لیگ فرنچائز نے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کے متوقع طور پر چیئرمین بننے پر اظہارِ اطمینان کر دیا ہے۔

    واضح رہے کہ عمران خان کے وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالے جانے کے بعد سے پاکستان کرکٹ بورڈ میں بڑی تبدیلیوں کے اشارے مل رہے ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم کی سابق کرکٹرزسے ملاقات، کرکٹ کا ڈھانچہ بدلنے کا عندیہ


    وزیرِ اعظم عمران خان نے سابق کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران ملک میں کرکٹ کا ڈھانچا تبدیل کرنے کا عندیہ دیا تھا، اور کرکٹ کی بہتری کے لیے انقلابی تبدیلیوں کا اعلان کیا گیا۔

    خیال رہے کہ نجم سیٹھی کے پی سی بی سے مستعفی ہونے کے چند گھنٹے بعد ہی حکومت کی جانب سے احسان مانی کو پی سی بی کا نیا چیئرمین نامزد کردیا گیا تھا۔

  • اے آر وائی نیوز کی خبر کا اثر: پاکستان کرکٹ بورڈ کا متنازع اشتہار منسوخ

    اے آر وائی نیوز کی خبر کا اثر: پاکستان کرکٹ بورڈ کا متنازع اشتہار منسوخ

    لاہور: اے آر وائی نیوز کی خبر اثر کر گئی، پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنا متنازع اشتہار منسوخ کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹی وی رائٹس کا اشتہار منسوخ کردیا گیا، اشتہار کےمطابق ٹی وی رائٹس کی بولی آج ہونا تھی.

    یاد رہے کہ حکومتی تبدیلی کے بعد پی سی بی حکام نے پاکستان کے بین الاقوامی میچوں کے آئندہ تین سال کے نشریاتی حقوق کے لئے ایئر ٹائم کا ٹینڈر عید کی چھٹی کے دن جمع کرانے کا اشتہار جاری کردیا تھا.

    جلد بازی میں‌ کیے جانے والے اس فیصلے میں جن میچوں کے رائٹس کا ٹینڈر کیا گیا، اس میں پی ایس ایل کے مقابلے نمایاں تھے۔


    مزید پڑھیں: حکومتی تبدیلی نے پی سی بی کے اعلیٰ‌ حکام کو بدحواس کر دیا

    پہلے اشتہار میں بڈ کے لئے 22 اگست کی ڈید لائن تھی، حالاں کہ 22 کو عید الاضحیٰ کی عام تعطیل تھی، غلطی کا احساس ہونے کے بعد نیا اشتہار دیا گیا، جس میں‌ میعاد 28 اگست تک بڑھا دی گئی۔ البتہ اب تنازعات کا شکار بننے والا یہ اشتہار منسوخ کر دیا گیا ہے.

    اب نئے پی سی بی چیئرمین احسان مانی عہدہ سنبھالنے کےبعد ٹی وی رائٹس کا نئے سرے سے اشتہار دیں گے۔