Tag: Cricket

  • ورلڈکپ سے قبل خامیوں پر قابو پانےکی کوشش کریں گے: بسمہ معروف

    ورلڈکپ سے قبل خامیوں پر قابو پانےکی کوشش کریں گے: بسمہ معروف

    لاہور: قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل کارکردگی اچھی تھی، آسٹریلیا میں ورلڈکپ سے قبل خامیوں پر قابو پانےکی کوشش کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بسمہ معروف نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف توقعات کے مطابق نتائج نہیں آسکے، عالمی نمبر دو ٹیم کے خلاف کھیل کر کافی تجربہ ملا، کوشش ہوگی کہ غلطیوں پر قابو پائیں۔

    انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر دیکھا جائے تو ہم نے ماضی کی نسبت بہتر کرکٹ کھیلی، امید ہے ثنا میر مستقبل کے لیے دستیاب ہوں گی، ثنامیر کا وزڈن میں نام آنا اورندا ڈار کا بگ بیش کھیلنا اعزاز ہے، فیلڈنگ میں کافی بہتری لائے ہیں، بیٹنگ میں تسلسل کی ضرورت ہے۔

    پاکستانی کرکٹر ثناء میر کے لیے ایک اور اعزاز

    خیال رہے کہ حال ہی میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف کلین سوئپ کیا ہے، انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو 26 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 3-0سے کامیابی حاصل کی۔

    واضح رہے کہ وزڈن نے دہائی کی بہترین خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے، ون ڈے میں 100 وکٹیں لینے والی ثناء میر کا نام بھی وزڈن کی بہترین کرکٹرز میں شامل ہے۔ دزڈن کی بہترین کھلاڑیوں کی فہرست میں ویسٹ انڈیز، بھارت، انگلینڈ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی کرکٹر شامل ہیں۔

  • پی سی بی کا سخت مؤقف، بنگلادیش کرکٹ بورڈ پریشان

    پی سی بی کا سخت مؤقف، بنگلادیش کرکٹ بورڈ پریشان

    لاہور: بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے سخت مؤقف سے بنگلادیش کرکٹ بورڈ پریشان ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے مکمل دورہ نہ کرنے پر بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو خط لکھ دیا، اور خط میں انتہائی سخت مؤقف اختیار کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ بنگلادیش دورہ پاکستان کے لیے مکمل ٹیم نہیں بھیجنا چاہتا جس پر پاکستان کو شدید تشویش ہے۔

    ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستانی بورڈ کے مؤقف پر جواب کے لیے بنگلادیش کے پاس کوئی مضبوط دلائل موجود نہیں ہیں، پی سی بی کے مضبوط مؤقف پر بنگلادیش بورڈ مشکل میں پڑگیا۔

    بنگلادیش بورڈ نے تاحال پی سی بی کو خط کا جواب نہیں دیا۔ پاکستان کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ بنگلادیش کا مکمل دورہ نہ کرنا منظورشدہ سیکیورٹی پلان کی نفی ہوگی۔

    پی سی بی نے بنگلادیش کو سیریز کا شیڈول بھیج دیا

    خط کے مطابق بنگلادیش کی 2ٹیمیں پاکستان آسکتی ہیں تو تیسری مکمل دورہ کیوں نہیں کرسکتی؟ البتہ پاکستان کرکٹ بورڈ بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے مکمل دورہ پاکستان کے لیے پر امید ہے۔

    خیال رہے کہ حال ہی میں بی سی بی نے دورہ پاکستان پر صرف ٹیسٹ میچ کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس پر پاکستان شدید برہم ہے، ذرائع کے مطابق رواں ہفتے بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا اعلان ہونے کا امکان ہے۔

  • کراچی میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ

    کراچی میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ

    کراچی: شہرقائد میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ سجے گا، پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں کل فیصلہ کن میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ رنگ جمائے گا، کل شاہین سری لنکن ٹیم پر جھپٹیں گے، میچ جمعرات کی صبح 10 بجے شروع ہوگا، دونوں ٹیموں نے تیاریاں مکمل کرلیں۔

    ون ڈے اور ٹی 20 کے پعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ بھی لوٹ آئی ہے، نیشنل اسٹیڈیم میں ایک دہائی بعد ٹیسٹ کرکٹ کی دھوم مچےگی، فیصلہ کن ٹیسٹ کے لیے پاکستان اور سری لنکن ٹیموں نے نیشنل اسٹیڈیم میں بھرپور تیاریاں کیں۔

    بہترین کمبی نیشن کے ساتھ دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گے: اظہرعلی

    قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی بھی سیریز جیتنے کے لیے پُرعزم ہیں، 2009 میں آخری بار اسی گراؤنڈ پر سری لنکن ٹیم نے ہی کھیلا تھا اب 2019 میں ٹوٹا ہوا سلسلہ سری لنکا ہی جوڑے گا، پنڈی ٹیسٹ سے پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی رونقیں بحال ہوئیں، اب کراچی میں کرکٹ کے دیوانوں کو مقابلے کا بےصبری سے انتظار ہے۔

    دوسری جانب قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہرعلی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بہترین کمبی نیشن کے ساتھ دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گے، وکٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم منتخب کی ہے، کھلاڑیوں نے فتح اپنے نام کرنے کے لیے جم کر پریکٹس کی ہے۔

    خیال رہے کہ فاسٹ بولر عثمان شنواری کو سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر کردیا ہے۔

  • پاکستان کرکٹ کے مستقبل سے متعلق حکمت عملی

    پاکستان کرکٹ کے مستقبل سے متعلق حکمت عملی

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایمر جنگ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے 3ماہ کا کیمپ لگانے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے پاکستان کرکٹ کے مستقبل سے متعلق حکمت عملی تیار کرلی گئی، اب ایمرجنگ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھانے کے لیے کیمپ لگے گا جہاں سے جونیئر کھلاڑی مستقبل میں قومی ٹیم کا حصہ ہوسکتے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ انڈر19 اور قائد اعظم ٹرافی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی اس کیمپ میں مدعو ہوں گے، قومی ایمر جنگ، جونیئر ٹیم کے کوچ اعجاز احمد کیمپ کی نگرانی کریں گے۔

    کیمپ کی تجویز قومی ایمر جنگ ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد نے دی، کیمپ انڈر 19 ورلڈکپ کے بعد لگایا جائے گا۔ آئندہ سال جونیئر، ایمرجنگ ٹیم کے آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے دورے متوقع ہیں۔

    ایمرجنگ ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتنا ایک بڑا اعزاز ہے: کپتان

    خیال رہے کہ پاکستان نے گزشتہ ماہ بنگلادیش کو اے سی سی ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں 77 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ سیمی فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو آخری اوور میں 3 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

    بعد ازاں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی ) ایمرجنگ ایشیا کپ کی فاتح پاکستان ٹیم کے کپتان سعود شکیل نے کہا تھا کہ یہ ٹائٹل جیتنا کسی بڑے اعزاز سے کم نہیں ہے۔

  • حسن علی کمر کے بعد پسلیوں کی تکلیف کا شکار

    حسن علی کمر کے بعد پسلیوں کی تکلیف کا شکار

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی فٹنس مسائل سے چھٹکارا نہ پاسکے، کمر کے بعد اب پسلیوں کی تکلیف کا شکار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ حسن علی قائداعظم ٹرافی کا میچ کھیلنے کے لیے کراچی گئے تھے، میچ سے پہلےحسن علی نے بائیں طرف پسلیوں میں تکلیف کا بتایا، کراچی میں ابتدائی اسکین رپورٹ میں ہئیرلائن فریکچر کا انکشاف ہوا ہے۔

    حسن علی کا لاہور میں بھی اسکین کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    فاسٹ بولر ستمبر میں کمر کی تکلیف کا شکار ہوئے اور وہ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز جبکہ دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی ٹیم میں بھی شامل نہ ہوسکے۔ انہوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں میڈیکل اسٹاف کی نگرانی میں ری ہیب میں بھی حصہ لیا تاہم بولر کمر کی تکلیف سے چھٹکارا پاکر 100 فیصد فٹ نہیں ہوسکے۔

    جبکہ پسلیوں کی تکلیف نے حسن علی کے کیریئر پر سوالات اٹھا دیے، فٹنس مسائل کے باعث فاسٹ بولر کراچی میں شروع ہونے والے قائداعظم ٹرافی کے راؤنڈ میچ میں بھی وہ شریک نہیں ہوسکے تھے۔

  • سرفراز نے قومی ٹیم کو ایڈلیڈ ٹیسٹ جیتنے کا گُر بتا دیا

    سرفراز نے قومی ٹیم کو ایڈلیڈ ٹیسٹ جیتنے کا گُر بتا دیا

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے پاکستان ٹیم کو ایڈلیڈ ٹیسٹ جیتنے کا گُر بتا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت اظہرعلی کے پاس ہے لیکن سابق کپتان سرفراز احمد آسٹریلیا کے پچز کا تجربہ رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے کھلاڑیوں کی رہنمائی کرتے ہوئے جیت کا گر بتایا۔

    ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی بلے بازوں کی وکٹیں جتنی جلدی گریں گی اتنے ہی زیادہ جیت کے چانسز ہوں گے، ایڈلیڈ کی کنڈیشنز یاسر شاہ کے لیے فائدہ مند رہے گی۔

    سرفراز نے ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے جیت کی دعا کی، انہوں نے مزید کہا کہ قومی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں اچھا پرفارم کرے گی، کھلاڑیوں کو بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

    ٹیم میں کئی تبدیلیاں کی گئی ہیں جس کا اعلان کل ہوگا: اظہرعلی

    خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کل کھیلا جائے گا، قومی ٹیم میں کئی تبدیلیوں کا امکان ہے جس کی تصدیق اظہر علی اپنی پریس کانفرنس میں کرچکے ہیں۔

    سابق کپتان کی طرح موجودہ کپتان بھی جیت کے لیے پرعزم ہیں۔

  • خود کو انوکھی سزا دینے والے آسٹریلوی کھلاڑی

    خود کو انوکھی سزا دینے والے آسٹریلوی کھلاڑی

    برسبین: پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں کم رنز بنانے پر اسٹیون اسمتھ نے خود کو انوکھی سزا دی۔

    تفصیلات کے مطابق میچ میں کم اسکور کرنے یا پھر غلطی سے آؤٹ ہونے پر کھلاڑیوں کو ندامت تو ہوتی ہے لیکن اسٹیون اسمتھ وہ واحد بلے باز ہیں جو خود کو سزا بھی دیتے ہیں۔

    ایسا ہی کچھ ہوا پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں جہاں قومی ٹیم کے باصلاحیت بولر یاسر شاہ نے اسٹیون اسمتھ کو 7 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کیا جس کے بعد اسمتھ کو مایوسی ہوئی۔

    ٹیسٹ کے نمبر ایک بیٹسمین آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ کا کہنا ہے کہ برسبین ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف صرف سات رنز پر آؤٹ ہونے پر خود کو سزا دی اور گراؤنڈ سے ہوٹل تک پیدل گیا۔

    انہوں نے دلچسپ انداز میں کہا کہ جب وہ رنز نہیں کرتے تب خود کو سزا دیتے ہیں اور جب رنز کرتے ہیں تو اپنے آپ کو چاکلیٹ کا تحفہ دیتے ہیں۔

    خیال رہے کہ یاسر شاہ نے آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن میں ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے اسٹیون اسمتھ کو ٹیسٹ میں ساتویں مرتبہ آؤٹ کیا۔ اپنے ایک انٹرویو میں اسٹیون اسمتھ نے کہا تھا کہ وہ اب یاسر شاہ کے خلاف مزید احتیاط کریں گے اور پوری کوشش کریں گے کہ کوئی غلطی نہ کریں۔

  • قومی کرکٹرز کا پیغام، محبت سرحدوں کی پابند نہیں ہوتی

    قومی کرکٹرز کا پیغام، محبت سرحدوں کی پابند نہیں ہوتی

    برسبین: آسٹریلیا میں قومی کرکٹرز بھارتی ٹیکسی ڈرائیور سے اتنی محبت سے پیش آئے کہ دنیا کھلاڑیوں کی معترف ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹرز نے بتا دیا کہ محبت سرحدوں کی پابند نہیں ہوتی، آسٹریلیا کے دورے پر موجود پاکستانی ٹیم برسبین ٹیسٹ تو نہ جیت سکی لیکن نوجوان کھلاڑیوں نے سب کے دل جیت لیے۔

    برسبین ٹیسٹ کے دوران اے بی سی ریڈیو چینل کی کمنٹیٹر نے بھارتی ڈرائیور اور قومی کھلاڑیوں کی ملاقات کی کہانی سنادی، مہمان نواز صوبے خیبرپختونخوا کے پانچ بولرز یاسرشاہ، شاہین آفریدی، عمران خان، محمد موسی اور نسیم شاہ نے بھارتی ٹیکسی ڈرائیور کی میزبانی کی اور سیلفیاں بنائیں۔

    پاک بھارت کشیدگی کے دوران قومی ٹیم کا یہ کردار دنیا کو بھا گیا اور لوگ تعریف کیے بغیر نہ رکے۔

    یاسرشاہ نے بتایا کہ بھارتی ڈرائیور نے انہیں ریسٹورنٹ ڈراپ کیا، لیکن جب پیسے لینے سے انکار کیا تو انہوں نے ڈرائیور کو کھانے پر روک لیا، میڈیا پر دونوں ممالک کے صارفین کو انڈین ٹیکسی ڈرائیور اور پاکستانی کھلاڑیوں کا رویہ بہت پسند آیا۔

    یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ محبت اور انسانیت کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔

  • مصباح کی کوچنگ میں قومی ٹیم کو مسلسل شکستوں کا سامنا

    مصباح کی کوچنگ میں قومی ٹیم کو مسلسل شکستوں کا سامنا

    لاہور: ٹی ٹوئنٹی کے بعد ٹیسٹ میچ میں بھی پاکستانی ٹیم کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شرمناک شکست ہوئی، ہیڈ کوچ مصباح الحق کے چارج سنبھالنے کے بعد قومی ٹیم اب تک ایک میچ بھی نہ جیت سکی۔

    تفصیلات کے مطابق مصباح کی کوچنگ میں مسلسل شکستوں کا سلسلہ جاری ہے، ان کے ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر بننے کے بعد بدقسمتی سے ٹیم ایک بھی میچ نہ جیت سکی، سری لنکا کے خلاف ہوم گراؤنڈ میں بھی پاکستان کو شکست کا مزا چکھنا پڑا تھا۔

    بعد ازاں آسٹریلیا میں آکر بھی شاہینوں کے لیے فتح کے دروازے بند ہیں، آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کے بعد ٹیسٹ کا بھی مایوس کن نتیجہ آیا، پہلے ٹیسٹ میچ میں کینگروز کے ہاتھوں اننگز اور پانچ رنز سے شکست ہوگئی۔

    مصباح کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ اسکواڈ آسٹریلیا کو سرپرائز کرے گا، ٹیم نے آسٹریلیا کے بجائے پاکستانی فینز کو سرپرائز کردیا۔ آسٹریلیا کے خلاف گزشتہ سیریز میں 17 وکٹیں لینے والے محمدعباس کو ڈراپ کردیا گیا جبکہ حارث سہیل دونوں پریکٹس میچ میں ناکام ہوئے پھر بھی وہ ٹیم میں شامل ہیں۔

    پہلا ٹیسٹ: آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کو شرمناک شکست

    افتخار احمد بھی اپنی سلیکشن کو درست ثابت نہ کرسکے، یاسرشاہ نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، لیکن 200 رنز بھی دیے، فیلڈنگ میں بھی پاکستان نے خوب بلنڈر کیے۔ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا بھی ہار کے ساتھ آغاز کیا، اگلا میچ ایڈلیڈ میں پنک بال سے ہوگا، پاکستان کو حکمت عملی بدلنی ہوگی ورنہ میچ کے ساتھ سیریز بھی ہاتھ سے جائے گی۔

    یاد رہے کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں پاکستان کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو اننگز اور 5 رنز سے ہرا دیا۔

  • قومی انڈر 19 کرکٹرز کا ہائی پرفارمنس کیمپ

    قومی انڈر 19 کرکٹرز کا ہائی پرفارمنس کیمپ

    لاہور: قومی انڈر 19 کرکٹرز کا ہائی پرفارمنس کیمپ پیر سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں شروع ہوگا، کیمپ میں 28 نوجوان کرکٹرز شرکت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں شروع ہونے والا قومی انڈر 19 کرکٹرز کا ہائی پرفارمنس کمپ 25 نومبر(پیر) سے شروع ہوکر 6 ہفتے تک جاری رہے گا۔

    کیمپ میں شریک کھلاڑی این سی اے کوچز کی زیرنگرانی تربیت لیں گے، نسیم شاہ، روحیل نذیر اور حیدر علی کو بھی کیمپ میں طلب کیا گیا ہے، نسیم شاہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد کیمپ جوائن کریں گے۔

    جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں روحیل نذیر اور حیدرعلی اےسی سی ایمرجنگ ٹیمزایشیاکپ کے بعد کیمپ آئیں گے، ڈومیسٹک کرکٹ میں مصروف کھلاڑی بھی میچز کے بعد کیمپ میں شریک ہوں گے، کیمپ کا مقصد آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2020 کی تیاریوں کا آغاز ہے۔

    دوسری جانب انگلینڈ سے سیریز جیتنے کے لیے قومی خواتین ٹیم کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں، سیریز میں‌ حصہ لینے والی پاکستان ویمنز ٹیم کی 20 ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ شروع ہوگیا، ہیڈکوچ اقبال امام کی زیر نگرانی ٹریننگ کا آغاز کردیا گیا۔

    ابتدائی روز پریکٹس میچ اور نیٹ سیشن ہوگا، کیمپ 29نومبر تک حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں جاری رہے گا۔ پی سی بی کے اعلان کے مطابق بسمہ معروف ویمنز ورلڈ کپ تک کپتانی کے فرائض انجام دیں گی۔