Tag: Cricket

  • لیستھ ملینگا آج اپنا آخری ون ڈے میچ کھیلیں گے

    لیستھ ملینگا آج اپنا آخری ون ڈے میچ کھیلیں گے

    لاہور: سری لنکن فاسٹ بولر لیستھ ملینگا کل اپنا آخری ون ڈے میچ بنگلادیش کے خلاف کھیلیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکن فاسٹ بولر لیستھ ملینگا (آج) 25 جولائی کو اپنا آخری ون ڈے میچ کھیلیں گے جبکہ کپتان کرونا رتنے نے ان کی ریٹائرمنٹ کی تصدیق کردی۔

    225 میچ کھیلنے والے میلنگا کو سری لنکا کی جانب سے سب سے زیادہ 335 وکٹ حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ ان کا نام بنگلا دیش کے خلاف سیریز کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں شامل کیا گیا۔

    کپتان کرونارتنے کے مطابق میلنگا آج کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں اپنا آخری ون ڈے میچ کھیلیں گے، میلنگا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلتے رہیں گے اور اس بات کے امکانات ہیں کہ وہ اگلے سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیل کر ہر قسم کی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔

    تین روز قبل اپنے ایک بیان میں سری لنکن ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ملنگا کی ریٹائرمنٹ ہمارے لیے بہت بڑا مسئلہ ہے کیونکہ وہ نہ صرف اہم باؤلر تھے بلکہ اچھی کارکردگی بھی دکھاتے تھے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ابھی فی الحال ہمارے پاس ایسی کوالٹی والا کوئی باؤلر نہیں جو میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوسکے یا مخالف ٹیم پر اُس کا رعب ہو۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ہم ایسے باؤلرز کی تلاش میں گزشتہ ایک ماہ سے لگے ہوئے تھے جو ابتدائی اوورز میں نئی گیند کے ساتھ وکٹیں لینے کی صلاحیت رکھتا ہو البتہ ابھی تک اس حوالے سے کوئی خاص کامیابی نہ مل سکی۔

  • عبدالقادر کا سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھنے کا مطالبہ

    عبدالقادر کا سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھنے کا مطالبہ

    لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیگ اسپنر عبدالقادر نے سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عبدالقادر نے پی سی بی (پاکستان کرکٹ بورڈ) سے سرفراز احمد کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے تینوں فارمیٹس کی قیادت برقرار رکھنے اور بیٹسمین بابر اعظم کو بطورِ نائب کپتان بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    ایک انٹرویو میں عبدالقادر نے کہا کہ یہ نہایت ہی افسوس کی بات ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 2019 کے ورلڈ کپ میں سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہی تاہم اس ناکامی کا الزام کپتان سرفراز احمد کو دینا درست نہیں ہے۔

    سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر نے کہا کہ سرفراز احمد فاتح کپتان ہیں اور بہت سے مشکل میچز میں انہوں نے زندہ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کو جیت کی راہ دکھائی۔

    عبدالقادر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین بابر اعظم کو نائب کپتان بنایا جائے، بابر اعظم ماضی میں بھی پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں، انہیں کپتانی کے گر آتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد دو سے تین سال کے بعد ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرلیں گے، اس عرصے میں بابر اعظم بھی بہتر طریقے سے ٹیم کی قیادت کرنے میں ماہر ہوجائیں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی کے لیے سرفراز احمد کے بعد بابر اعظم سے بہترکوئی دوسرا انتخاب نہیں ہوگا۔

    واضح رہے عبدالقادر 1977 سے 1993 کے دوران پاکستان کے لئے 67 ٹیسٹ جبکہ 104 ون ڈے میچز کھیل چکے ہیں، ساتھ ہی ساتھ کمنٹیٹر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر بھی رہ چکے ہیں۔

  • ورلڈ‌ کپ میں‌ غیر اطمینان بخش کارکردگی، پی سی بی حرکت میں آگئی، ٹیم کا پوسٹ مارٹم شروع

    ورلڈ‌ کپ میں‌ غیر اطمینان بخش کارکردگی، پی سی بی حرکت میں آگئی، ٹیم کا پوسٹ مارٹم شروع

    لاہور: ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان کی اوسط درجے کی کارکردگی پر بورڈ حرکت میں آگیا، ٹیم پرفارمینس کا پوسٹ مارٹم شروع ہوگیا.

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کی غیر اطمینان بخش کارکردگی اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے  لیے پی سی بی نے اجلاس بلا لیا.

    پی سی بی ذرائع کے مطابق یہ اہم جلاس 27 سے29 جولائی کےدرمیان ہوگا، ہیڈ کوچ مکی آرتھر27 جولائی کو پاکستان پہنچیں گے اور ٹیم رپورٹ جمع کرائیں گے. اس موقع پر مکی آرتھر ٹیم کی کارکردگی اور مستقبل کی پلاننگ پر بھی بریفنگ دیں گے.

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کی دستیابی پر اجلاس کی حتمی تاریخ کا اعلان ہوگا، پی سی بی کمیٹی اپنی تجاویز چئیرمین پی سی بی کو بھجوائے گی.

    توقع کی جارہی ہے کہ اجلاس کے بعد نئے کوچنگ اسٹاف کے لئے اشتہار دیا جائے گا. البتہ  مکی آرتھر کے  معاہدے میں توسیع کی بھی بازگشت ہے۔

    مزید پڑھیں: پی سی بی کی سری لنکن بورڈ کو سیکیورٹی وفد پاکستان بھیجنے کی دعوت

    واضح رہے کہ پاکستان کی ورلڈ کپ 2019 کے ابتدائی میچز میں کارکردگی مایوس کن رہی، البتہ انڈیا سے شکست کے بعد پاکستان نےشان دار کم بیک کیا.

    پاکستان نے لگاتار چار میچ جیت کر گیارہ پوائنٹ حاصل کیے، البتہ نیوزی لینڈ کے بہتر رن ریٹ کی وجہ سے پاکستان ٹورنامینٹ سے آؤٹ ہوگیا. بعد ازاں نیوزی لینڈ نے فائنل تک رسائی حاصل کی .

  • عالمی کپ 2019: پاکستانی ٹیم کا روایتی حریف بھارت سے ٹاکرا کل ہوگا

    عالمی کپ 2019: پاکستانی ٹیم کا روایتی حریف بھارت سے ٹاکرا کل ہوگا

    مانچسٹر: آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان کرکٹ ٹیم پانچواں میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف کل کھیلے گی۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے زیر اہتمام عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم پانچواں میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف کل 16 جون کو مانچسٹر میں کھیلے گی۔

    روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 16 جون کو مانچسٹر میں ہو گا چھٹا میچ 23 جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف لارڈز میں کھیلے گی، ساتواں میچ 26 جون کو نیوزی لینڈ کے خلاف برمنگھم میں کھیلے گی، آٹھواں میچ 29 جون کو افغانستان کے خلاف لیڈز کے مقام پر کھیلے گی جبکہ نواں میچ بنگلہ دیش کے خلاف 5 جولائی کو لارڈز کے مقام پر کھیلے گی۔

    دوسری جانب ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ابتدائی چار میں سے دوسرا میچ ہارنے کے بعد پاکستان ٹیم کا سفر مزید مشکل ہوگیا ہے تاہم سیمی فائنل کھیلنے کے لئے گرین شرٹس کو اگلے پانچ میچوں میں اچھی کارکردگی دکھانا ہوگی۔

    ماہرین کے مطابق بقیہ میچز میں پاکستان کے پاس غلطی کی گنجائش بھی نہیں ہے، کپتان سرفراز احمد نے بھی اعتراف کیا کہ اگر ہم نے بڑی ٹیموں کو ہرانا ہے تو کم سے کم غلطیاں کرنا ہوں گی۔پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو 10 ٹیموں کے اس ورلڈ کپ میں پاکستان کا آٹھواں نمبر ہے، نیوزی لینڈ تینوں میچ جیت کر ٹاپ پر ہے، آسٹریلیا نے چار میں سے تین میچ جیتے، اس طرح وہ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ انگلینڈ نے تین میں سے دو اور بھارت نے بھی اپنے دونوں میچز جیتے ہیں۔

    اگلے میچز میں اچھے رن ریٹ کے ساتھ فتح ہی پاکستانی کشتی کو کنارے لگاسکتی ہے، غیر ملکی کوچز اور بڑی تنخواہوں والے سلیکٹرز کی موجودگی میں بھی 15 رکنی ٹیم کی کارکردگی توقعات سے انتہائی کم تر ہے۔

  • کیا بارش ورلڈ کپ 2019 کے حسن کو گہنا دے گی؟

    کیا بارش ورلڈ کپ 2019 کے حسن کو گہنا دے گی؟

    لندن: کیا بارش ورلڈ کپ 2019 کے حسن کو گہنا دے گی؟ شائقین میں‌ تشویش کی لہر دوڑ گئی.

    تفصیلات کے مطابق بارش کرکٹ کے سب سے بڑے میلے کو شدید متاثر کر رہی ہے. یکے بعد دیگرے میچز بارش کی زد میں آرہے ہیں.

    پاکستان اور سری لنکا کے اہم مقابلے کے بعد اب جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کا میچ بھی بارش کے باعث منسوخ ہوچکا ہے.

    ماہرین ماحولیات کے مطابق انگلینڈ میں بارہ ماہ بارش کا امکان ہوتا ہے، ایسے میں آئی سی سی کو ایونٹ کے میزبان کا تعین کرنے سے قبل اس پہلو کا خصوصی طور پر جائزہ لینا چاہیے تھا، مگر شاید اس ضمن میں‌ غفلت برتی گئی.

    اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے کئی میچز بارش سے متاثر ہوسکتے ہیں، جب کہ مزید میچز کی منسوخی کا بھی خدشہ ہے.

    سوشل میڈیا پر بارش کو آئی سی سی ورلڈکپ کی گیارہویں ٹیم قرار دیا جارہا ہے، شائقین کو تشویش ہے کہ کہیں یہی ٹیم ورلڈ ٹرافی اپنے نام نہ کر لے.

    بارش سے ٹیموں کو نقصان ہورہا ہے، ڈک ورتھ لوئس قانون سے کمزورٹیم بھی فائدہ اٹھا رہی ہے۔

  • اللہ نے میری بیٹی کے لیے جو کیا ، بہتر کیا: کرکٹر آصف علی

    اللہ نے میری بیٹی کے لیے جو کیا ، بہتر کیا: کرکٹر آصف علی

    پاکستانی کرکٹر آصف علی کا کہنا ہے کہ بیٹی کا غم اپنی جگہ لیکن وہ اپنی قومی ذمہ داری سے غافل نہیں ہیں، اللہ نے جو بھی کیا میری بیٹی کے لیے بہتر کیا۔

    بی بی سی کے سوال کے جواب میں ورلڈکپ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بلے باز آصف علی نے کہا کہ انہیں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران بیٹی کی بیماری کا پتا چلا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس مشکل صورتحال میں اہل خانہ اور ان کے مینیجر طلحہ نے ان کا بھرپور ساتھ دیا تھا۔ آصف علی نے بتایا کہ کہ ان کی اہلیہ بچی کو لے کر علاج کے لیے امریکہ بھی گئیں تاہم وہ یہ سمجھتے ہیں کہ اللہ نے جو بھی کیا وہ ان کی بیٹی کی بہتری کے لیے کیا۔

    یاد رہے کہ آصف علی کے لیے پچھلے چند ماہ بہت تکلیف دہ تھے کیونکہ ان کی ڈیڑھ سالہ بیٹی کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں جو بعد میں انتقال کرگئیں۔

    آصف علی آج بھی اپنی بچی کا غم نہیں بھلا سکے ہیں لیکن ساتھ ہی وہ اپنی اس ذمہ داری سے بھی غافل نہیں ہوئے جو انھیں پاکستانی بیٹنگ کو مستحکم کرنے کی صورت میں ملی ہے۔

    ٹیم میں اپنے رول کے بارے میں آصف علی کہتے ہیں کہ انہیں ٹیم میں اسی لیے رکھا گیا ہے کہ وہ جارحانہ بیٹنگ کریں، اپنا نیچرل گیم کھیلیں اور ان کے رنز ٹیم کے کام آئیں۔

    وہ کہتے ہیں کہ ’میں پاکستان کی نمائندگی کا موقع ضائع نہیں کرنا چاہتا کیونکہ ملک کی نمائندگی نصیب والوں کو ملتی ہے۔‘

    آصف علی کا کہنا ہے کہ انھیں انگلینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں ایسی صورتحال میں بھی بیٹنگ کے لیے بھیجا گیا جب کافی اوورز باقی تھے۔ انھوں نے اس سیریز میں دو نصف سنچریاں بنائیں۔

    آصف علی ورلڈ کپ کے پہلے اعلان کردہ سکواڈ میں شامل نہیں تھے لیکن انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز میں دو اچھی اننگز نے ان کی ورلڈ کپ کی ٹیم میں شمولیت یقینی بنا دی۔

    آصف علی کا کہنا ہے کہ وہ اس بارے میں زیادہ نہیں سوچ رہے تھے۔ انہیں یہ پتا تھا کہ اگر ورلڈ کپ ان کے نصیب میں لکھا ہوا ہے تو وہ اس میں ضرور کھیلیں گے۔

  • جنون کا ورلڈ کپ پر نیا گانا ریلیز کرنے کا اعلان

    جنون کا ورلڈ کپ پر نیا گانا ریلیز کرنے کا اعلان

    کراچی: عالمی شہرت یافتہ صوفی بینڈ ’جنون ‘ نے 15برس بعد متحد ہوکر عالمی کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے لئے نیا گانا بنانے کے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 90کی دہائی میں پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے والے جنون بینڈ کی جانب سے یوٹیوب پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا گیا جس میں 30 مئی سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ کیلئے گانا ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا۔

    تین پرانے دوست علی عظمت، سلمان احمد اور برائین او کونل پھر سے ملیں گے اور ‘جنون‘ بینڈ ایک بار پھر اسٹیج پر جلوہ افروز ہوگا۔جنون بینڈ کے اہم رکن اور گٹارسٹ سلمان احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ یوٹیوب پر جاری کردہ ویڈیوپیغام میں کہا کہ ”پاکستان کو متحد کرنے کےلئے ہم(علی عظمت ،برین اور میں) اکٹھے ہوئے ہیں، ہمارا نیا گانا رواں سال ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی بھرپور حمایت اور مورال بلند کرنے کے لیے بنایا جارہا ہے۔

    پاکستان کے معروف گلوکار اور بینڈ کے رکن علی عظمت نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ یہ گیت تمام پاکستانیوں کے لیے بنایا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ 22 سال قبل 1996کے کرکٹ ورلڈ کپ کےلئے جنون بینڈ کا گانا ’ جذبہ جنون‘ پیش کیا گیا تھا جس کا شمار 90کی دہائی کے مقبول ترین ملی نغموں میں ہوتا ہے جو آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہے۔

    واضح رہے کہ90 کی دہائی کے آغاز میں لاہور میں جنم لینے والے اس بینڈ میں سلمان احمد، غیرملکی گٹارسٹ برین اور علی عظمت بہ طور گلوکار شامل ہیں جنہوں نے جدید میوزیکل آلات کے ساتھ موسیقی کی دنیا کے تما م ہی شعبہ جات پر طبع آزمائی کی تاہم صوفیانہ کلام پیش کرنے میں یہ بینڈ اپنا ثانی نہیں رکھتا تھا۔

    کروڑوں دلوں کی دھڑکن بنے اس بینڈ کے گٹارسٹ سلمان احمد اور گلوکار علی عظمت کے درمیان اختلافات کے سبب عوام میں دیوانگی کی حد تک مقبول یہ بینڈ13 سال قبل بکھر گیا تھا ۔ اس کے بعد سے موسیقی کے شائقین صوفی راک میوزک سننے کو ترس ہی گئے تھے ۔ دوسال قبل  بینڈ کے گٹارسٹ سلمان احمد نے اشارے دینا شروع کیے کہ وہ ایک بار پھر بینڈ کو یکجا کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

    اس کے  نتیجے میں یہ تینوں موسیقار اکھٹے ہوئے اور اس کے بعد کراچی مین ایک شاندار فنکشن کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں نوجوانوں نے بھرپور تعداد میں شرکت کی تھی۔

     

     

  • پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ایک روزہ میچ آج کھیلا جائے گا

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ایک روزہ میچ آج کھیلا جائے گا

    برسٹل : پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ایک روزہ میچ آج برسٹل میں کھیلا جائے گا، سیریز برابر کرنے کے لئے شاہینوں نے جم کرتیاری کی ہے۔

    تفصییلات کے مطابق قومی ٹیم انگلینڈ سے دوسرے ون ڈے کا بدلہ لینے کے لئے تیار ہے۔ پچھلے میچ میں شکست کے باوجود کھلاڑیوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔

    شاہینوں نے پریکٹس سیشن میں تینوں شعبوں کو بہتر بنانے کی کوشش کی، ذرائع کے مطابق تیسرے ون ڈے میں یاسر شاہ کی جگہ شعیب ملک اور فہیم اشرف کی جگہ جنید خان اور محمد حسنین کی جگہ کسی ایک کو موقع دیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : دوسرا ون ڈے، قومی ٹیم کی شاندار بیٹنگ، انگلینڈ 12 رنز سے کامیاب

    انگلیںڈ کی ٹیم پر دباؤ ہوگا۔ دوسرے ون ڈے کے بعد انگلینڈ کے بولرز پر بال ٹیمپرنگ کے شکوک شبہات اٹھائے گئے تھے، دوسرا ون ڈے انگلینڈ نے بارہ رنزسے جیتا تھا۔

  • انگلینڈ کے سرد موسم نے پاکستانی کرکٹ ٹیم پر کیا اثرات مرتب کیے؟

    انگلینڈ کے سرد موسم نے پاکستانی کرکٹ ٹیم پر کیا اثرات مرتب کیے؟

    ساؤتھمپٹن:  پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھرنے انگلینڈ کے سرد موسم میں‌ پریکٹس کو ٹیم کے لیے مفید قرار دیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق ساؤتھمپٹن میں‌ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا کہ وارم اپ میچز اچھے رہے، ہم نے سردی میں کافی اچھی کرکٹ کھیلی.

    پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ اوول میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے پہلے میچ میں جو ہوا، وہ مایوس کن ہے. کنڈیشن مشکل ضرور تھیں، مگر ہم نے اچھا آغاز کیا.

    کوچ پاکستان کرکٹ ٹیم نے کہا ہے کہ امید ہے کہ ہم آگے اچھا کھیل پیش کریں گے، پہلے سے انگلینڈ آنا مفید ثابت ہو رہا ہے.

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ میں کچھ بھی ہوسکتا ہے، تمام ٹیمیں اچھی ہیں، پاکستانی ٹیم نوجوانوں پرمشتمل ہے، ہمیں اپنی بہترین کرکٹ کھیلنی ہے.

    مزید پڑھیں: آسٹریلیا نے رواں سال پاکستان کے خلاف سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا

    یاد رہے کہ اس وقت پاکستانی ٹیم انگلینڈ میں موجود ہے، جہاں‌ وہ مہمان ٹیم سے پانچ میچز کی سیریز کھیلے گی. سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا.

    انگلینڈ‌ کی سیریز کے بعد پاکستانی ٹیم ورلڈ‌ کپ کے میگا ایونٹ میں اترے گی.

  • صادق سنجرانی نے سینیٹ کی کرکٹ ٹیم تشکیل دے دی، کپتان کون ہوگا؟

    صادق سنجرانی نے سینیٹ کی کرکٹ ٹیم تشکیل دے دی، کپتان کون ہوگا؟

    اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایوان بالا کی کرکٹ ٹیم تشکیل دے دی.

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ‌ کی کرکٹ ٹیم تشکیل دی دے گئی، سینیٹ کی کرکٹ ٹیم جلد قومی اسمبلی کی کرکٹ ٹیم سے میچ کھیلے گی.

    سینیٹ ٹیم میں قائد ایوان شبلی فراز، مشاہداللہ خان، مشاہد حسین شامل ہیں. مرزا آفریدی، سجاد طوری، دلاور خان، محمدعلی خان سیف، ولید اقبال،شاہزیب درانی،تاج آفریدی ، ہلال الرحمان بھی سینیٹ کی ٹیم کا حصہ ہیں۔

    فیصل جاوید، جاوید عباسی، گیان چند، مصطفیٰ نواز، نعمان وزیر، بہرامندتنگی، منظوراحمد، شفیق ترین اور محمد علی جاموٹ بھی اس ٹیم میں شامل ہیں.

    شبلی فراز

    فی الحال ٹیم کے کپتان کا اعلان نہیں کیا گیا، البتہ توقع کی جارہی ہے کہ قائد ایوان شبلی فراز اس کی قیادت کریں گے.

    مزید پڑھیں: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا ون ڈے میچ بارش کی نذر

    خیال رہے کہ اس وقت پاکستان ٹیم انگلینڈ کے دورے پر ہے، جہاں‌ وہ پانچ ون ڈے کھیلے گی. سیریز کا پہلا ون ڈے بارش کی نذر ہوگیا تھا.

    انگلینڈ سے میچ کے بعد پاکستان ٹیم ورلڈ‌ کپ کے میگا مقابلے میں اترے گی.