Tag: India

  • مورتی توڑ کر مسلمانوں پر الزام لگانے والے پُجاری کی ڈرامائی گرفتاری

    مورتی توڑ کر مسلمانوں پر الزام لگانے والے پُجاری کی ڈرامائی گرفتاری

    نئی دہلی : ذاتی لڑائی کو مذہبی رنگ دینے کی کوشش کرنے والا مندر کا پجاری پکڑا گیا، ملزم نے خود مورتی توڑ کر اس کا الزام دو مسلم لڑکوں پر عائد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں دو مسلمان نوجوانوں پر مورتی توڑنے کا جھوٹا الزام لگانے والے مندر کے پجاری کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔

    بھارتی ریاست اترپردیش کی مندر کے ایک پجاری نے دو مسلم نوجوانوں کے خلاف تھانے میں شکایت کی تھی کہ انہوں نے مندر میں رکھی مورتیوں کو توڑ دیا ہے۔ تاہم پولیس نے تحقیقات کی تو سنسنی خیز باتیں سامنے آئیں۔

    پولیس کے مطابق مورتی کو توڑنے والا کوئی اور نہیں بلکہ مندر کا پجاری ہی ہے۔ پجاری نے محلے کے دو لڑکوں پر جن کا تعلق مسلم برادری سے ہے پر مورتی توڑنے کا جھوٹا الزام لگایا تھا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پجاری کا ان دو لڑکوں کے گھر والوں سے فافی عرصہ پہلے جھگڑا ہوا تھا، اس لیے پجاری نے ان لڑکوں کے خلاف پولیس میں ایف آئی آر درج کرائی، لیکن تفتیش کے دوران حقیقت سامنے آگئی اور پجاری پکڑا گیا۔

    کرچ رام نامی پجاری نے دعویٰ کیا تھا کہ دونوں لڑکوں نے مندر میں پوجا نہ کرنے کی بھی دھمکی دی تھی، لیکن جب پولیس نے سی سی ٹی وی کے ذریعے تفتیش شروع کی تو پتہ چلا کہ واقعہ کے وقت مندر کے آس پاس پجاری کے علاوہ کوئی اور شخص موجود ہی نہیں تھا اور اطراف میں صرف چند چھوٹے بچے کھیل رہے تھے۔

    جب ان بچوں سے پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ مورتی خود پجاری نے توڑی ہے، جس کے بعد پولس نے کرچ رام نامی پجاری کو حراست میں لے کر اس سے اچھی طرح پوچھ گچھ کی۔

    ملزم نے پولیس کی تفتیش کے دوران نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا، پجاری نے پولیس کو بتایا کہ اس کا منان اور سونو کے خاندانوں کے ساتھ مسلسل جھگڑا تھا۔

    میں ان سے بدلہ لینے کے لئے ان کے دونوں لڑکوں کو پھنسانا چاہتا تھا، اس لیے اس نے خود ہی مورتی کو توڑا اور پھر منان اور سونو پر اس کا الزام لگاتے ہوئے پولیس میں جھوٹی رپورٹ درج کرائی۔

  • سوشل میڈیا پوسٹ پر اسکول ڈائریکٹر کے ہاتھوں بیلٹ سے پٹنے والے طالب علم نے پھندا لگا کر خودکشی کر لی

    سوشل میڈیا پوسٹ پر اسکول ڈائریکٹر کے ہاتھوں بیلٹ سے پٹنے والے طالب علم نے پھندا لگا کر خودکشی کر لی

    بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ٹٹوالا میں ایک اسکول طالب علم نے گھر میں پھندا لگا کر خود کشی کر لی، پولیس نے اسکول ڈائریکٹر آلوین انتھونی کو گرفتار کر لیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گیارہویں جماعت کے طالب علم انیش دلوی کی خود کشی کے معاملے میں ٹٹوالا پولیس نے سیکریڈ ہارٹ اسکول کے ڈائریکٹر آلوین انتھونی کو گرفتار کرلیا۔

    ہندوستان ٹائمز کے مطابق ٹٹوالا پولیس میں درج کرائی گئی رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹر نے 11 ویں جماعت کے 4 طلبہ کو سوشل میڈیا پر ایک طالبہ کے بارے میں نامناسب مواد پوسٹ کرنے پر اپنے دفتر طلب کیا اور مبینہ طور پر طلبہ کو بیلٹ سے مارا پیٹا اور تھپڑ مارے۔

    یہ واقعہ منگل کو ٹٹوالا کے ایک معروف کانونٹ اسکول میں پیش آیا، 16 سالہ انیش دلوی مشہور تاجر انل دلوی کا بیٹا تھا، ڈائریکٹر نے متوفی سمیت چاروں طلبہ کو اسکول چھوڑنے کے سرٹیفکیٹ بھی جاری کیے۔

    انیش دلوی نے اسکول سے گھر آ کر رسی کا پھندا بنا کر خود کشی کر لی، اس وقت انیش کی والدہ کھانا پکا رہی تھیں، اور وہ اسے کھانے کے لیے بلانے گئیں تو اس کی لاش ٹیرس میں لٹکی پائی، بات سامنے آتے ہی علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی، ٹٹوالا پولیس نے اسکول انتظامیہ کے خلاف کیس درج کر کے تفتیش شروع کی اور جمعرات کی شب آلوین انتھونی کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 107 کے تحت خود کشی پر مجبور کرنے کا کیس درج کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔

    انیش دلوی کے ایک انکل نے میڈیا کو بتایا کہ اگر سوشل میڈیا پر کسی لڑکی سے متعلق پوسٹ کا معاملہ تھا تو ڈائریکٹر کو اس کے گھر والوں کو خبر کرنی چاہیے تھی، وہ ایک سلجھے اور معزز گھرانے سے تعلق رکھنے والا بچہ تھا۔

    کلیان کی عدالت نے ملزم کو 4 دن کی پولیس تحویل میں رکھنے کا حکم دیا، جب ملزم کو عدالت میں پیش کرنے کے لیے لے جایا جا رہا تھا تو پولیس کی بھاری نفری موجود تھی کیوں کہ ملزم پر حملے کی خفیہ اطلاع ملی تھی، عدالت کے باہر بڑی تعداد میں لوگ بھی جمع ہو گئے تھے۔

  • سانپ کے 7 بار کاٹنے پر شہری پیشگوئی کے مطابق صحت یاب، ڈاکٹر حیران

    سانپ کے 7 بار کاٹنے پر شہری پیشگوئی کے مطابق صحت یاب، ڈاکٹر حیران

    بھارتی ریاست اترپردیش میں سانپ کے کاٹے کا ایک ایسا عجیب اور حیرت انگیز کیس سامنے آیا ہے جس نے لوگوں اور ڈاکٹروں کو ششدر کر دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اترپردیش کے شہر فتح پور میں 24 سالہ وکاس دوبے نامی شہری کو صرف 40 دنوں کے اندر سانپ نے 7 بار کاٹ لیا ہے، اور سانپ صرف ہفتے کے دن اسے کاٹتا ہے، جس کے بعد اس کی حالت غیر ہو جاتی ہے تاہم پیش گوئی کے مطابق طبی امداد سے وہ تیزی سے صحت یاب ہو جاتا ہے۔

    نوجوان کو جب سانپ نے کاٹنا شروع کیا تو ہر بار کے واقعے کے بعد اس کے والدین کی تشویش بڑھتی گئی، اور معاملہ پراسرار ہوتا گیا، کاٹنے سے وکاس دوبے کی حالت سنگین ہو جاتی ہے لیکن وہ معجزانہ طور پر جلد ہی ٹھیک ہو جاتا ہے۔

    فتح پور کے سورا گاؤں کے رہائشی وکاس دوبے کو پہلی بار سانپ نے اس وقت کاٹا جب وہ اپنے چچا کے گھر پر تھا، اس کے بعد سے ناقابل فہم واقعات کا ایک سلسلہ شروع ہو گیا، اور 2 جون اور 6 جولائی کے درمیان وہ مزید 6 سانپوں کا شکار ہوا۔

    دوبے کے گھر والے سخت تشویش میں اس لیے مبتلا ہیں کہ دوبے نے پیش گوئی کی تھی کہ اسے 9 بار کاٹا جائے گا، اور صرف آٹھویں کاٹنے تک وہ زندہ رہے گا، اگر اسے نویں بار کاٹا گیا تو کوئی ڈاکٹر، پجاری یا تانترک اسے نہیں بچا پائے گا۔

    دوبے کو جب سانپ نے چوتھی بار کاٹا تو گھر والوں نے کہا کہ وہ کہیں اور چلا جائے، اس لیے اس نے خالہ کے گھر میں پناہ لے لی، لیکن سانپ نے وہاں بھی اسے کاٹ لیا، 6 جولائی کو ساتویں بار کاٹنے کے بعد جب دوبے کی حالت بگڑ گئی تو اس کے والدین اسے ایک بار پھر اسپتال لے گئے، اور علاج سے دوبے جلد ہی صحت یاب ہو گیا۔

    لیکن اس کے بعد ان واقعات نے لوگوں کو سخت تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، اور اس بات پر ایک سوالیہ نشان لگ گیا ہے کہ کیا واقعی وکاس کی زندگی میں پراسرار قوتیں دخل دے رہی ہیں؟

    علاقے کے چیف میڈیکل آفیسر راجیو نین گری نے اس واقعے پر رد عمل میں کہا کہ ’’متاثرہ شہری نے حکام سے مالی مدد کی درخواست کی ہے، وہ کلکٹریٹ آیا اور رونے لگا کہ اس نے سانپ کے کاٹے کے علاج کے لیے کافی رقم خرچ کی ہے، اس لیے مالی مدد کی جائے، میں نے اسے مشورہ دیا کہ وہ سرکاری اسپتال میں جائیں جہاں وہ سانپ کے کاٹے کا علاج مفت حاصل کر سکتا ہے۔‘‘

    انھوں نے مزید کہا یہ بڑی عجیب بات ہے کہ ہر ہفتہ کے دن ایک شخص کو سانپ کاٹتا ہے۔ ہمیں ابھی بھی یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ آیا یہ واقعی ایک سانپ ہے جو اسے کاٹ رہا ہے۔ ہمیں اس ڈاکٹر کی اہلیت کو بھی دیکھنا ہوگا جو اس کا علاج کر رہا ہے۔ ایک شخص کو ہر ہفتہ کو سانپ کاٹتا ہے اور وہ شخص ہر بار اسی اسپتال میں داخل ہوتا ہے، اور صرف ایک دن میں صحت یاب ہو جاتا ہے، یہ سب عجیب ہے۔‘‘

    چیف میڈیکل آفیسر کے مطابق انھوں نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے 3 ڈاکٹروں کی ٹیم تشکیل دے دی ہے، جو جلد ہی رپورٹ پیش کرے گی، اور حقیقت سامنے آ جائے گی۔

  • مذہبی اجتماع میں بھگدڑ، مرنے والوں کی تعداد 116 ہوگئی

    مذہبی اجتماع میں بھگدڑ، مرنے والوں کی تعداد 116 ہوگئی

    نئی دہلی : بھارتی ریاست اُتر پردیش میں ایک مذہبی اجتماع کے دوران بھگدڑ مچنے سے ہلاکتوں کی تعداد 116 ہوگئی، مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ریاست کے ضلع ہاتھ رس کے گاؤں مغل گڑھی میں ’ستسنگ‘ (مذہبی اجتماع) کے دوران اس وقت پیش آیا جب ایک مذہبی رہنما خصوصی طور پر لگائے گئے خیمے میں پیروکاروں سے خطاب کر رہے تھے۔

    مذہبی تقریب کے دوران رسم کے اختتام پر بے پناہ رش کی وجہ سے اچانک بھگدڑ مچ گئی۔ مرنے والوں میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

    اموات کی وجہ بیان کرتے ہوئے مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ زیادہ تر لوگ بھگدڑ مچنے سے کچلے گئے، اب تک 116 فراد کی لاشیں اسپتال پہنچائی گئی ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے، زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

    ایک عینی شاہد نے میڈیا کو بتایا کہ ’اجتماع گاہ سے بار نکلنے کا راستہ انتہائی تنگ تھا۔ جب ہم دروازے پر پہنچے تو ہنگامہ ہوگیا، اس کے بعد کیا ہوا، کچھ پتا نہیں‘۔

    واضح رہے کہ اترپردیش بھارت کی گنجان آباد ریاست ہے جس کی آبادی 20 کروڑ کے لگ بھگ ہے۔ ریاست کے وزیر اعلٰی یوگی ادتیہ ناتھ نے واقعے کی انکوائری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

    اتنی ساری لاشیں دیکھ کر سپاہی بھی جان سے گیا

    علاوہ ازیں ایک ساتھ اتنی ساری لاشوں کا ڈھیر دیکھ کر اتر پردیش پولیس کے ایک سپاہی کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ جسے فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا لیکن علاج کے دوران اس کی موت واقع ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ سپاہی کا نام روی بتایا جا رہا ہے جو کانپور کا رہنے والا اور کیو آر ٹی میں تعینات تھا، ہاتھرس حادثہ کے بعد اس کی ڈیوٹی اسپتال کے باہر لگائی گئی تھی۔

  • بھارتی دارالحکومت 2 دن کی موسلا دھار بارش میں ڈوب گیا

    بھارتی دارالحکومت 2 دن کی موسلا دھار بارش میں ڈوب گیا

    نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت 2 دن کی موسلا دھار بارش میں ڈوب گیا، دہلی میں گزشتہ روز بارش کا 88 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دہلی میں بارش نے مودی سرکار کے 10 سالہ راج کی کارکردگی کی قلعی کھول کر رکھ دی، 228 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جو دارالحکومت میں جون کے مہینے میں ریکارڈ کی گئی سب سے زیادہ بارشوں میں سے ایک ہے۔

    دہلی کے متعدد علاقے پانی میں ڈوب چکے ہیں، لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، گھروں کے اندر پانی آنے سے کروڑوں روپے مالیت کا نقصان ہوا، لوگوں نے نقل و حمل کے لیے کشتیاں نکال لیں۔

    مختلف حادثات میں 2 بچوں سمیت 5 افراد ہلاک ہوئے ہیں، بارش کے پانی سے بھرے ہوئے گڑھے میں نہاتے ہوئے 2 بچے ڈوب گئے۔

    بارش کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ہے، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، جب کہ کئی پروازیں منسوخ ہو گئیں، دوسری طرف پینے کے پانی کا بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے، بجلی کی بندش نے بھی رہی سہی کسر پوری کر دی ہے۔

    محکمہ موسمیات نے آئندہ 5 روز تک ہلکی سے معتدل بارش کا امکان ظاہر کیا ہے جب کہ دہلی کے کچھ حصوں میں مزید تین روز تک بارش ہوتی رہے گی۔

  • ٹرین سے کچلا جانے والا شخص زندہ کیسے لوٹا؟

    ٹرین سے کچلا جانے والا شخص زندہ کیسے لوٹا؟

    تلنگانہ: بھارت میں ایک ایسا شخص زندہ گھر لوٹ آیا جس کی لاش ریلوے کی پٹری سے ملی تھی، اور گھر میں ماتم کیا جا رہا تھا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست تلنگانہ کے ضلع وقار آباد میں ایک شخص کی آخری رسومات کی تیاریاں جاری تھیں کہ وہ اچانک گھر زندہ سلامت لوٹ آیا۔

    گورنمنٹ ریلوے پولیس کے مطابق 22 جون کی رات وقار آباد ریلوے اسٹیشن پر ریل کی پٹریوں پر ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی تھی، جس کا سر کچلا ہوا تھا، لاش کے پاس سے ایک موبائل فون بھی ملا، جس سے اس کے گھر والوں سے رابطہ ہوا اور پتا چلا کہ وہ 40 سالہ ییلپا کا ہے۔

    بعد ازاں 23 جون کو ییلپا کی بیوی اور اس کے خاندان کے افراد نے سرکاری اسپتال پہنچ کر کہا لاش ییلپا کی ہے، اور پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ان کے حوالے کی گئی جسے وہ گاؤں نوندگی لے گئے، تاہم آخری رسومات کی تیاری کے دوران کچھ دیہاتیوں نے دوپہر میں انھیں اطلاع دی کہ انھوں نے ییلپا کو ضلع کے تندور قصبے میں زندہ دیکھا ہے۔

    جب ییلپا گھر پہنچا تو ماتم والا گھر خوشیوں سے بھر گیا، ریلوے پولیس والوں نے وہاں پڑی لاش واپس لے جا کر مردہ خانے میں رکھوا دی، ییلپا نے بتایا کہ وہ کام کی تلاش میں تھا کہ 20 جون کو تندور کے ایک بس اسٹاپ پر سو گیا، اور کسی نے اس کا فون چرا لیا۔ گھر والوں نے پولیس کو یہ بھی بتایا کہ ییلپا کام پر جانے کے بعد ایک ہفتہ یا اس سے زیادہ کے بعد گھر لوٹتا تھا۔

  • دہلی میں گرمی کا 6 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 11 ہلاک

    دہلی میں گرمی کا 6 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 11 ہلاک

    نئی دہلی: بھارت میں گرمی کی شدید لہر چل رہی ہے، دارالحکومت دہلی میں گرمی کا 6 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی دہلی میں ہیٹ اسٹروک سے 11 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جب کہ ریاست اتر پردیش میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران گرمی کی لہر نہایت جان لیوا ثابت ہوئی ہے، جس کے باعث 81 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    ٹائمز آف انڈیا کے مطابق گرمی کی لہریں مہلک ہوتی جا رہی ہیں، بھارت میں مارچ سے اب تک ہیٹ اسٹروک سے 100 سے زیادہ اموات اور 40,000 کیسز ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔

    ہیٹ اسٹروک کے شکار مریضوں میں خواتین سمیت معمر افراد کی زیادہ تعداد ریکارڈ کی گئی ہے، دوسری طرف ریاست آسام میں شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے، جس سے 108 دیہات زیر آب آ گئے ہیں، جس سے مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 37 تک پہنچ گئی ہے جب کہ 4 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

    آسام میں 1300 ایکڑ سے زائد رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں، سیلاب کے باعث 5 ہزار سے زیادہ لوگوں کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • ویڈیو: بھارت میں‌ دو ٹرینوں‌ میں‌ خوفناک تصادم، ایک ٹرین دوسری پر چڑھ دوڑی، 15 ہلاک

    ویڈیو: بھارت میں‌ دو ٹرینوں‌ میں‌ خوفناک تصادم، ایک ٹرین دوسری پر چڑھ دوڑی، 15 ہلاک

    بھارت میں‌ دو ٹرینوں‌ میں‌ خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک ٹرین دوسری پر چڑھ دوڑی، حادثے میں 15 افراد ہلاک ہو گئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی بنگال کے ضلع دارجلنگ میں مال گاڑی اور ایک مسافر ٹرین آپس میں ٹکرا گئیں، جس سے پندرہ افراد ہلاک اور 30 زخمی ہو گئے ہیں۔

    مسافر ٹرین کنچن جنگا ایکسپریس آج پیر کی صبح شہر اگرتلہ سے کولکتہ جا رہی تھی، کہ ایک مال گاڑی نے نیو جلپائی گوڑی کے قریب اسے زوردار ٹکر ماری، ٹکر اتنی زور دار تھی کہ مال گاڑی کی کئی بوگیاں مسافر ٹرین کے اوپر چڑھ گئیں۔

    ریلوے بورڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ حادثہ انسانی غلطی کی وجہ سے پیش آیا ہے، ایک پریس کانفرنس میں ریل بورڈ کے چیئرمین اور سی ای او جیا ورما سنہا نے کہا کہ لوکو ڈرائیور نے سگنل کو نظر انداز کیا لیکن انھوں نے مزید کہا کہ مکمل تحقیقات کے بعد ہی اصل وجہ سامنے آئے گی۔

    حادثے کے نتیجے میں 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جب کہ موسلادھار بارش کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ خیال رہے کہ بھارت میں ٹرین حادثے معمول بن چکے ہیں، جن میں سیکڑوں جانیں جا چکی ہیں۔ٰ

  • خاتون نے 300 روپے کے جعلی زیورات 6 کروڑ روپے میں خرید لیے

    خاتون نے 300 روپے کے جعلی زیورات 6 کروڑ روپے میں خرید لیے

    جے پور: بھارتی شہر جے پور میں ایک امریکی خاتون اس وقت بڑے فراڈ کا شکار ہو گئیں، جب انھوں نے 6 کروڑ روپے کے زیورات خریدے اور پھر معلوم ہوا کہ وہ جعلی ہیں اور ان کی مالیت محض 300 روپے ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجستھان کے شہر جے پور میں ایک باپ بیٹے کی جوڑی نے چیرش نوکیا نامی امریکی خاتون کو مبینہ طور پر 300 روپے مالیت کے مصنوعی زیورات 6 کروڑ میں فروخت کر دیے۔

    پولیس حکام کے مطابق راجندر سونی اور اس کے بیٹے گورو سونی نے مبینہ طور پر امریکی خاتون کو چاندی کی ایسی چینیں بیچیں جن پر دھوکے سے سونے کا رنگ چڑھایا گیا تھا، اور قیمتی ہیروں کے دھوکے میں ایسے موئسانائٹ پتھر فروخت کیے جس کی قیمت 300 روپے تھی۔

    امریکی خاتون نے 18 مئی کو مانک چوک پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ پولیس کو تحقیقات میں معلوم ہوا کہ نند کشور نامی شخص نے ان جعلی زیورات کا جعلی سرٹیفکیٹ بنا کر خاتون کو دیا، پولیس نے جعلی سرٹیفکیٹ بنانے کے جرم میں نند کشور کو گرفتار کر لیا ہے، تاہم اصل مجرمان راجندر اور گورو فرار ہیں، جنھیں پولیس سرگرمی سے تلاش کر رہی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق جعل ساز باپ بیٹے نے خاتون سے کروڑوں روپے اینٹھ کر اس سے جے پور میں 3 کروڑ روپے کا فلیٹ خریدا۔

    چیرش نوکیا نامی خاتون امریکا میں اپنے کاروبار کے لیے 2022 سے جیولرز سے قیمتی پتھروں کے زیورات خرید رہی تھیں، تاہم اپریل 2024 میں امریکا میں ایک نمائش کے دوران ان پر انکشاف ہوا کہ زیورات جعلی ہیں، اس پر وہ مئی میں جے پور واپس آئیں تاکہ جعل سازوں کو پکڑا جا سکے۔ دل چسپ بات یہ تھی کہ الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مصداق راجندر اور گورو نے خاتون کے خلاف شکایت درج کروائی، اور الزام لگایا کہ اس نے ان کی دکان سے زیورات زبردستی لے لیے، تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج میں ان کا دعویٰ غلط ثابت ہو گیا۔

    جے پور پولیس نے سیتا پورہ کی ایک لیبارٹری سے زیورات کے جعلی ہونے کی تصدیق بھی کرائی۔

  • نریندر مودی نے وزارت عظمیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

    نریندر مودی نے وزارت عظمیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

    نئی دہلی: نریندر مودی نے وزارت عظمیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، اور صدر مملکت دروپدی مرمو سے 17 ویں لوک سبھا کو تحلیل کرنے کی درخواست کر دی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کابینہ میٹنگ کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے راشٹرپتی بھون پہنچ کر صدر مملکت سے ملاقات کی اور وزرا کونسل کے ساتھ اپنا استعفیٰ پیش کر دیا۔

    بھارتی صدر نے نریندر مودی کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے اور وزیر اعظم اور وزرا کونسل سے نئی حکومت کے عہدہ سنبھالنے تک ذمہ داریاں جاری رکھنے کی درخواست کی۔

    واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابات میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کو واضح اکثریت ملنے کے بعد مودی کے ہفتہ 8 جون کو مسلسل تیسری مدت کے لیے حلف اٹھانے کا امکان ہے، مرکزی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب بھی اسی دن ہوگی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آج بدھ کی صبح وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر مرکزی کابینہ کی میٹنگ ہوئی، جس میں 17 ویں لوک سبھا کو تحلیل کیے جانے کی سفارش کی گئی، موجودہ لوک سبھا کی تحلیل سے متعلق کابینہ کی سفارش 18 ویں لوک سبھا کے لیے راہ ہموار کرے گی، جب کہ موجودہ 17 ویں لوک سبھا کی میعاد 16 جون کو ختم ہو رہی ہے۔