Tag: کراچی

کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور تجارتی مرکز ہے۔ کراچی شہر کی ساری خبریں اس پیج پر دیکھیں

Karachi News Urduکراچی

  • کراچی : دو دریا میں بچوں سمیت کودنے والا شخص کون تھا؟ اہم انکشاف

    کراچی : دو دریا میں بچوں سمیت کودنے والا شخص کون تھا؟ اہم انکشاف

    کراچی : سی ویو پر بچوں سمیت خودکشی کرنے والے شخص کی ابتدائی معلومات سامنے آگئی، خودکشی کرنے والا اسکول ٹیچر نکلا ۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سی ویو پر پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں بچوں سمیت سمندر میں کودنے والے شخص کی شناخت ہوگئی۔

    ابتدائی معلومات میں بتایا گیا کہ بچوں سمیت سمندر میں کودنے والے شخص اسکول ٹیچر نکلا، اورنگزیب عالم نامی شخص اورنگی ٹاؤن ساڑھے 8 نمبر کا رہائشی تھا اور عامر پبلک اسکول میں بطور استاد فرائض انجام دے رہا تھا۔

    علاقہ مکینوں اور پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اورنگزیب عالم کا اپنی اہلیہ سے گھریلو ناچاقیوں کے باعث اکثر جھگڑا رہتا تھا، جو مبینہ طور پر اس افسوسناک قدم کی وجہ بنا۔

    گزشتہ روز اورنگزیب عالم اپنے بیٹے اور بیٹی کو ساتھ لے کر سی ویو کے قریب دودریا پر پہنچا اور تینوں نے سمندر میں چھلانگ لگا دی۔

    ریسکیو اداروں کی جانب سے فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کی گئی، جس کے دوران ایک بچے کی لاش سمندر سے نکال لی گئی۔ لاش کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم، دیگر دو افراد کی تلاش تاحال جاری ہے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق اندھیرا ہونے کی وجہ سے گزشتہ رات سرچ آپریشن روک دیا گیا تھا، تاہم آج صبح روشنی ہوتے ہی بحری خدمات کی ٹیموں نے دوبارہ آپریشن شروع کر دیا۔

    مزید پڑھیں : کراچی: دو دریا پر بچوں کے ڈوبنے کا واقعہ، عینی شاہدین نے کیا دیکھا؟

    سرچ آپریشن میں دو اسپیڈ بوٹس اور آٹھ غوطہ خور حصہ لے رہے ہیں، جبکہ ممکنہ طور پر جدید سونار ٹیکنالوجی کی مدد سے بھی تلاش کا دائرہ بڑھایا جا رہا ہے۔

    پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور گھریلو جھگڑوں کے محرکات کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل رپورٹ تیار کی جا رہی ہے۔

    یہ واقعہ نہ صرف معاشرتی مسائل بلکہ ذہنی صحت کے بڑھتے ہوئے بحران کی سنگینی کو بھی اجاگر کرتا ہے، جس پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔

  • کراچی: پسند کی شادی کرنے والوں کی لاشیں لینے سے بھی رشتے داروں کا انکار

    کراچی: پسند کی شادی کرنے والوں کی لاشیں لینے سے بھی رشتے داروں کا انکار

    کراچی میں قتل کیے گئے پسند کی شادی کرنے والوں کی لاشیں لینے سے بھی رشتے داروں نے انکار کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے قریب گھگھر پھاٹک میں میاں، بیوی اور کم عمر بیٹے کو قتل کردیا گیا تھا۔ میتوں کو تدفین کے لیے بلوچستان کے علاقے بیلہ منتقل کیا گیا لیکن رشتے داروں نے تدفین کرنے سے انکار کردیا۔

    میتیں واپس کراچی لائی گئیں اور سہراگ گوٹھ قبرستان میں تدفین کردی گئی۔

    گزشتہ روز پولیس کا کہنا تھا کہ ماں باپ اور بچے کو بے دردی سے قتل کرنے والے قاتل ایک روز قبل ہی مقتولین کے گھر مہمان بن کر آئے تھے اور قتل کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔

    یہ پڑھیں: کراچی: میاں، بیوی اور بچے کے قاتل کون؟ تحقیقات میں سنسنی خیز انکشاف

    پولیس نے یہ بھی بتایا تھا کہ مقتول جوڑے عبدالمجید اور سکینہ نے 6 سال قبل پسند کی شادی کی تھی اور ان کا ایک بیٹا عبدالنبی تھا۔ یہ خاندان ایک سال قبل ہی گھگر پھاٹک کے قریب رہائش اختیار کی تھی۔

    پولیس کے مطابق شادی کے بعد خاتون کے بھائیوں نے جرگہ کیا تھا اور اس جرگے کے فیصلے کے مطابق بھائیوں نے بہن کے بدلے عبدالمجید کی دو خواتین لی تھیں۔

    دوسری جانب گھگر پھاٹک میں گھر سے میاں بیوی اور بچے کی لاشیں ملنے کے واقعہ کا وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو واقعہ کی انکوائری کرنے اور قاتلوں کی نشاندہی کر کے انہیں فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔

  • کراچی میں ڈکیتی کی بڑی واردات، ڈاکو 97 لاکھ نقدی رقم لوٹ کر فرار

    کراچی میں ڈکیتی کی بڑی واردات، ڈاکو 97 لاکھ نقدی رقم لوٹ کر فرار

    کراچی(31 جولائی 2025): شہر قائد میں میں حالیہ دنوں میں ڈکیتی کی متعدد بڑی وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں تاہم اب ڈاکو 97 لاکھ نقدی رقم لوٹ کر فرار ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ کراچی کے علاقے کورنگی چمڑا چورنگی کے قریب پیش آیا ہے، جہاں ڈاکوؤں نے کیش وین سے 97 لاکھوں روپے لوٹنے کے بعد مزاحمت پر 2 سیکیورٹی گارڈز کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیش وین بینک سے رقم لے کر نکلی تھی، ڈاکو کیش وین سے کیش لوٹ کر فرار ہوگئے اور مزاحمت پر فائرنگ کردی۔

    پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوگئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور پولیس بھی پولیس کرائم سین پر پہنچ گئی ہے۔

    دوسری جانب ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کا اس ڈکیتی سے متعلق کہنا تھا کہ کیش وین سےرقم لوٹی گئی ہے، بینک سمیت اطراف کی سی سی ٹی وی حاصل کررہے ہیں،ابتدائی اطلاع کے مطابق تین سے چار مسلح ملزمان نے واردات کی ہے۔

    ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی گارڈ کے روکنے کی کوشش پر ملزمان نے فائرنگ کی، ملزمان کی فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ سمیت 2 افراد زخمی ہوئے ہیں، کیش وین بینک سے رقم لیکر ہیڈ آفس جارہی تھی، ملزمان فرار ہوئے تو عوامی کالونی پولیس سے بھی مقابلہ ہوا، فرار ہونے والے ملزمان کا تعاقب کیا جا رہا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/robbery-resistance-citizen-dead-in-karachi/

    یاد رہے کہ اسی ماہ کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں ایک کار ڈیلر کے گھر 13 کروڑ روپے کی نقدی اور قیمتی اشیا کی ڈکیتی ہوئی تھی۔

    اس واقعے میں ایک معروف ٹک ٹاکر سمیت پانچ بہن بھائیوں پر الزام لگایا گیا تھا، لیکن پولیس اب تک لوٹی گئی رقم، قیمتی سامان، اور استعمال شدہ گاڑی کا سراغ لگانے میں ناکام رہی ہے۔ اس کیس میں ملزمان اور مدعی کے درمیان روابط کا انکشاف بھی ہوا تھا۔

    مارچ 2025 میں نیشنل ہائی وے لنک روڈ پر سحری کے وقت پولیس وردی میں ملبوس ڈاکوؤں نے ٹول پلازہ سے 10 لاکھ روپے نقدی اور ہتھیار لوٹے تھے۔ 9 ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر عملے کو یرغمال بنایا اور فرار ہوگئے۔ مقدمہ اسٹیل ٹاؤن تھانے میں درج کیا گیا تھا۔

  • کیا فرار ہونے والے ملزم کو پاپوش نگر پولیس کی گولی غلطی سے لگی؟ مقدمہ درج

    کیا فرار ہونے والے ملزم کو پاپوش نگر پولیس کی گولی غلطی سے لگی؟ مقدمہ درج

    کراچی (31 جولائی 2025): شہر قائد کے علاقے پاپوش نگر میں تھانے سے فرار ہونے والا ملزم عباس گزشتہ روز پولیس کی گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا تھا، اس واقعے کا مقدمہ تھانہ پاپوش نگر میں سرکاری مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پاپوش نگر تھانے کے پیچھے پولیس کی فائرنگ سے ملزم کی ہلاکت کے بعد پولیس نے عباس کا کرمنل ریکارڈ بھی پیش کیا، اور بتایا کہ ملزم پر 5 سے زائد مقدمات درج تھے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم عباس کو تھانے کے لاک اپ سے تفتیشی افسر کے کمرے میں لے جایا گیا تھا، تاہم اس دوران ملزم کمرے سے نکل کر بھاگ گیا، اس کے پیچھے پولیس اہلکار بھاگا اور نہ رکنے پر فائرنگ کی، ملزم کو پکڑنے کے دوران پولیس اہلکار کی چلائی گولی جان لیوا ثابت ہوئی۔

    تاہم اب اس کیس کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، جس میں پولیس اہلکار سے ملزم کے فرار اور غلطی سے قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں، یہ مقدمہ سنتری اظہار الحق اور سب انسپکٹر خادم حسین کے خلاف درج کیا گیا ہے۔


    قاتل کیک لے کر آیا تھا، شعیب اور بچے کھا رہے تھے کہ گولیاں مار دی گئیں، مستونگ واقعے میں انکشاف


    ایف آئی آر کے مطابق ملزم عباس کو لاک اپ سے نکال کر ڈیوٹی افسر کے کمرے میں لے جایا جا رہا تھا کہ ملزم تھانے سے بھاگ نکلا، ریلوے پل کے قریب جا کر اہلکاروں نے اسے روکا، لیکن ملزم نے سنتری اظہار سے سرکاری اسلحہ چھیننے کی کوشش کی، اس چھینا جھپٹی کے دوران گولی چل گئی جو عباس کی کمر میں لگی، زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ وہ راستے ہی میں دم توڑ گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار سے مزید تفتیش جاری ہے۔

  • جامعہ کراچی کے طلبا کی بس پر فائرنگ کا واقعہ کیسے پیش آیا؟ فوٹیج سامنے آگئی

    جامعہ کراچی کے طلبا کی بس پر فائرنگ کا واقعہ کیسے پیش آیا؟ فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی(31 جولائی 2025): جامعہ کراچی کے طلبا کی بس پر فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور ڈرائیور کا موقف سامنے آگیا۔

    گزشتہ روز 30 جولائی 2025 کو جامعہ کراچی کے طلباء کی بس پر مبینہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، ملزم بلال احمد نے راستہ نا دینے پر یونیورسٹی پوائنٹ پر فائرنگ کی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج اےآروائی نیوز نے حاصل کرلی ہے۔

    فوٹیج میں گاڑی کو پوائنٹ کے پیچھے سے آگے نکلتے دیکھا جاسکتا ہے ایک جگہ سڑک پر گاڑی پوائنٹ کے آگے آکر کھڑی ہوگئی۔

    جامعہ کراچی کی بس پر فائرنگ کرنے والا پکڑا گیا

    پولیس حکام کے مطابق ڈرائیور کے مطابق ملزم نے بس کو اوورٹیک کیا تھا دو مرتبہ راستہ مانگنے کے لیے ہارن دیا مگر ملزم نا ہٹا، ڈرائیور کے مطابق اس سے پوچھا کیا مسئلہ ہے تو اس نے پستول دکھایا۔

    ڈرائیور کا موقف ہے کہ دو مرتبہ کار کی کھڑکی سے پستول نکال کر دکھائی گئی جب تیسری مرتبہ ہارن بجایا تو ملزم نے دو گولیاں چلائی جس سے ایک نشانہ ونڈ اسکرین پر لگا خوش قسمتی سے طلباء محفوظ رہے جبکہ کار مالک فائرنگ کے بعد این ای ڈی کے سامنے پل کی سائیڈ سے فرار ہوگیا۔

    رینجرز ذرائع کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ نے رینجرز حکام کو واقعے سے متعلق خط لکھا ہے، رینجرز کے خصوصی ونگ نے گلستان جوہر میں آئی بی او  سے ملزم کو گرفتار کرکے کسٹڈی متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کی، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس ملزم سے قانون کے مطابق کارروائی کرے گی۔

  • کراچی میں گرفتار منشیات فروش اقبال بین الاقوامی نیٹ ورک کا اہم کارندہ نکلا

    کراچی میں گرفتار منشیات فروش اقبال بین الاقوامی نیٹ ورک کا اہم کارندہ نکلا

    کراچی (31 جولائی 2025): شہر قائد کے علاقے سہراب گوٹھ میں گرفتار منشیات فروش اقبال بین الاقوامی نیٹ ورک کا اہم کارندہ نکلا، ملزم نے دوران تحقیقات اہم انکشافات کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہائی ویلیو منشیات فروش اقبال بین الاقوامی ڈرگ سپلائی گروہ کا اہم کارندہ نکلا ہے، ملزم کی کار سے 60 لاکھ سے زائد مالیت کی اعلیٰ کوالٹی کی 700 گرام ویڈ برآمد ہوئی تھی۔

    ملزم نے پولیس کو ابتدائی تحقیقات کے دوران اہم انکشافات کیے، جس کے مطابق ملزم کا موجودہ پتا میرپورخاص جب کہ مستقل ایران چاہ بہار کا ہے، ملزم اقبال ابتدا میں مزدوری کرتا تھا اور اکثر کراچی کا چکر لگتا تھا، جہاں منشیات فروشوں سے دوستی ہوئی۔

    منشیات فروش گروہ کا گروپ لیڈر میرزاد ایرانی ہے اور ایران کے شہر شیراز میں رہتا ہے، جب کہ ساتھی مصطفیٰ دبئی اور ترکی میں ہوتا ہے، ملزم منشیات فروش گروہ سے وابستہ ہوا تو منشیات سپلائی کرنے لگا، ملزم نے پہلے گوادر سے امان اور امان سے گوادر سمندر میں منشیات کا کام کیا۔

    منشیات فروش اقبال نے 8 سال پاکستان میں ایرانی ڈیزل فروخت کرنے کا کام بھی کیا، ڈیزل کا کام بند ہو گیا تھا تو جیوانی کے غفور مکرانی سے ملاقات ہوئی اور غفور نے ویڈ سپلائی کے بدلے اچھی رقم دینے کی پیشکش کی، ملزم کے مطابق کار میں ویڈ کا فی ڈبہ کراچی پہنچانے کے 10 ہزار روپے میں بات طے ہوئی۔


    کراچی : اغوا میں ناکامی پر 8 سالہ بچے کے سر میں گولی مار دی گئی


    ملزم نے بتایا کہ مال جیوانی میں ملتا تھا جسے کار کے خفیہ خانوں میں چھپا دیا جاتا تھا، منشیات کراچی کے پوش علاقوں میں علی، شہزاد اور سردار کو دیتا تھا، گزشتہ روز بھی پہلے 15 پیکٹ علی اور شہزاد کو فراہم کیے اور دیگر پیکٹ سپلائی کرنے جا رہا تھا کہ پولیس نے گرفتار کر لیا۔

    پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

  • کراچی: میاں، بیوی اور بچے کے قاتل کون؟ تحقیقات میں سنسنی خیز انکشاف

    کراچی: میاں، بیوی اور بچے کے قاتل کون؟ تحقیقات میں سنسنی خیز انکشاف

    کراچی (30 جولائی 2025): آج گھگر پھاٹک میں گھر سے میاں بیوی اور بچے کی لاشیں ملیں تحقیقات میں قتل سے متعلق سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج کراچی کے علاقے گھگر پھاٹک کے قریب گھر میں میاں، بیوی اور بچے کو قتل کر دیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق مرنے والوں کا اصل تعلق بلوچستان سے تھا اور انہیں تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا تھا۔

    واقعہ کی مزید تفتیش کی تو نئے انکشافات سامنے آئے ہیں اور پولیس کا کہنا ہے کہ ماں باپ اور بچے کو بے دردی سے قتل کرنے والے قاتل ایک روز قبل ہی مقتولین کے گھر مہمان بن کر آئے تھے اور قتل کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔

    پولیس نے یہ بھی بتایا کہ مقتول جوڑے عبدالمجید اور سکینہ نے 6 سال قبل پسند کی شادی کی تھی اور ان کا ایک بیٹا عبدالنبی تھا۔ یہ خاندان ایک سال قبل ہی گھگر پھاٹک کے قریب رہائش اختیار کی تھی۔

    پولیس کے مطابق شادی کے بعد خاتون کے بھائیوں نے جرگہ کیا تھا اور اس جرگے کے فیصلے کے مطابق بھائیوں نے بہن کے بدلے عبدالمجید کی دو خواتین لی تھیں۔

    دوسری جانب گھگر پھاٹک میں گھر سے میاں بیوی اور بچے کی لاشیں ملنے کے واقعہ کا وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو واقعہ کی

    انکوائری کرنے اور قاتلوں کی نشاندہی کر کے انہیں فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔
    وزیر داخلہ نے اس حوالے سے انہیں رپورٹ پیش کرنے اور علاقے میں امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-husband-wife-and-child-brutally-murdered/

  • کراچی: پیچیدہ آپریشن کے بعد خاتون کے پیٹ سے 10 کلو وزنی ٹیومر نکال لیا گیا

    کراچی: پیچیدہ آپریشن کے بعد خاتون کے پیٹ سے 10 کلو وزنی ٹیومر نکال لیا گیا

    کراچی (30 جولائی 2025) لیاری کی رہائشی 40 سالہ خاتون کی کامیاب سرجری کر کے ڈاکٹروں نے ان کے پیٹ سے 10 کلو وزنی ٹیومر نکال لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری کی رہائشی خاتون 6 سال سے پیٹ کے شدید درد میں مبتلا تھیں۔ انہوں نے کئی اسپتالوں کے چکر لگائے لیکن متعدد اسپتالوں میں ان کے ٹیومر کے آپریشن سے انکار کر دیا گیا۔

    بالآخر لیاری جنرل اسپتال میں تین ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے بیک وقت طویل اور پیچیدہ آپریشن میں حصہ لیا اور خاتون کا کامیاب آپریشن کر کے انہیں اذیت سے نجات دلائی اور پیٹ سے 10 کلو وزنی ٹیومر کی کامیاب سرجری کی۔

  • کراچی میں میاں، بیوی اور بچے کا بے دردی سے قتل

    کراچی میں میاں، بیوی اور بچے کا بے دردی سے قتل

    کراچی (30 جولائی 2025): شہر قائد کے علاقے گھگر پھاٹک کے قریب میاں بیوی اور بچے کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق تہرے قتل کا یہ سنسنی خیز واقعہ کراچی کے علاقے گھگر پھاٹک کے قریب پیش آیا جہاں میاں بیوی اور بچے کو تیز دھار آلے سے بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔

    واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ادارے جائے وقوعہ پہنچ گئے اور لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں افراد کو گھر کے اندر تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا اور جائے وقوعہ سے دو کلہاڑیاں ملی ہیں۔

    پولیس کے مطابق مقتولین کا اصل تعلق بلوچستان سے بتایا جا رہا ہے اور انکی شناخت عبدالمجید، اہلیہ سکینہ اور بیٹے عبدالنبی کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/dead-body-found-from-home-new-karachi-police/

  • کراچی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن ،  4 خطرناک ملزمان گرفتار

    کراچی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن ، 4 خطرناک ملزمان گرفتار

    کراچی : شہر قائد میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران 4 خطرناک ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ، ملزمان بذریعہ ٹرین پنجاب سے کراچی پہنچے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے کراچی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 4 خطرناک ملزمان گرفتارکرلئے، ملزمان بذریعہ ٹرین پنجاب سے کراچی پہنچےتھے

    سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں محمد سجاد عرف شاوو، عبید علی عرف عبیدی، محمد عمیر اصغر اور شکیل احمد شامل ہیں۔

    گرفتار ملزمان 18 مئی 2025 کو ضلع بدین میں ہونے والے قتل میں ملوث ہیں، قتل کا مقدمہ تھانہ بدین میں نمبر 117/2025 کے تحت درج تھا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد ہوا ، جسے فرانزک کے لیے بھیجا گیا ہے۔

    سی ٹی ڈی نے کہا کہ ملزمان نے واردات سے قبل حیدرآباد میں قیام کیا اور مکمل ریکی کی، قتل کی واردات میں کالعدم علیحدگی تنظیم کے ملوث ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھے اور کالعدم دہشت گرد تنظیم سے وابستہ ہیں ، گرفتاری تکنیکی شواہد اور انٹیلیجنس کی بنیاد پر ممکن ہوئی، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اہم انکشافات متوقع ہیں۔

    آئی جی سندھ نے سی ٹی ڈی کی جانب سے کارروائی کرنے والی ٹیم کے لیے انعام اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا۔