Tag: کراچی

کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور تجارتی مرکز ہے۔ کراچی شہر کی ساری خبریں اس پیج پر دیکھیں

Karachi News Urduکراچی

  • کراچی میں گھر سے خاتون کی گلا کٹی لاش برآمد، شناخت ہوگئی

    کراچی میں گھر سے خاتون کی گلا کٹی لاش برآمد، شناخت ہوگئی

    کراچی(24 جولائی 2025): بنارس فرنٹیئر کالونی میں گھر سے خاتون کی گلا کٹی لاش برآمد ہوئی ہے، مقتولہ کو اس کے شوہر نے قتل کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے بنارس فرنٹیئر کالونی میں گھر سے خاتون کی گلا کٹی لاش ملی ہے،کرائم سین یونٹ شواہد جمع کرنے کیلئے جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی شناخت 45 سالہ ملکیت بی بی کے نام سے ہوئی ہے، ابتدائی معلومات کے مطابق خاتون کو اس کے شوہر نے چھری کے وار سے قتل کیا اور فرار ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق فرار ملزم کی گرفتاری کیلئے کوشش کی جارہی ہے، مقتولہ 7 بچوں کی ماں اور ملزم شوہر فروٹ کا ٹھیلا لگاتا ہے، ابتدائی تفتیش میں خاتون کے قتل کی وجہ گھریلو جھگڑا معلوم ہوتی ہے تاہم خاتون کی لاش قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

    میٹرک امتحان میں فیل ہونے پر طالب علم نے دریائے جہلم میں چھلانگ لگادی

    دوسری جانب کراچی میں ملیر سٹی گلشن قادری کے قریب گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا، پولیس حکام کے مطابق گلشن قادری کے قریب گاڑی نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر ماردی، حادثے میں موٹرسائیکل سوار شخص جاں بحق ہوگیا، جاں بحق شخص کی شناخت 30 سال کے ذیشان احمد کے نام سے ہوئی ہے۔

  • کراچی کا مطلع ابر آلود، محکمہ موسمیات نے بارش کی نوید سنادی

    کراچی کا مطلع ابر آلود، محکمہ موسمیات نے بارش کی نوید سنادی

    کراچی(24 جولائی 2025): محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا مطلع جزوی ابر آلود ہے، جبکہ شہر میں آج شام میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بادلوں کا بسیرا ہے اور سمندری ہوائیں بحال ہیں جبکہ ہوام میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کی وجہ سے موسم مرطوب ہے۔

    محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کے لیے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ کراچی میں آج بھی بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے تاہم شہر کا آج کم سے کم درجہ حرارت 28.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔

    موسم سے متعلق خبریں

     محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے، دن بھر مطلع زیادہ تر ابر آلود رہنے کے ساتھ موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ جنوب مغربی سے 10 سے 12 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندری ہوائیں چل رہی ہیں، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

    دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں میں آج بھی شدید بارش کا انتباہ جاری کیا گیا ہے جس کے پیش نظر عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایات جاری کردی گئیں، محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، بونیر، چارسدہ، صوابی اور مردان میں شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

    این ڈی ایم اے کےمطابق حساس مقامات پر ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو نائٹ شفٹ میں ہائی الرٹ رہے گی، دریائے سوات کے کنارے ریسکیو اہلکاروں اور مقامی غوطہ خوروں کی پیٹرولنگ جاری رہے گی، ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ادارے رابطے میں رہیں گے۔

  • آٹو مینوفیکچررز کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی، عدالت نے حکومت کو اضافی کسٹم ڈیوٹی وصولی سے روک دیا

    آٹو مینوفیکچررز کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی، عدالت نے حکومت کو اضافی کسٹم ڈیوٹی وصولی سے روک دیا

    کراچی: آٹو مینوفیکچررز کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی پر کیس کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے وفاقی حکومت کو اضافی کسٹم ڈیوٹی وصولی سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں آج جمعرات کو آٹو مینوفیکچرز کی اضافی کسٹم ڈیوٹی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، عدالت نے وفاقی حکومت کو درخواست گزاروں سے اضافی کسٹم ڈیوٹی کی وصولی سے روک دیا، اور درخواست گزار کو ٹیکس کے فرق سے متعلق کارپوریٹ گارنٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

    وکیل درخواست گزار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وفاقی حکومت نے کنسائنمنٹ اور پرزہ جات کی امپورٹ پر اضافی 2 فی صد کسٹم ڈیوٹی عائد کی ہے، اور آٹو موبائل ڈیولپمنٹ پالیسی کے تحت سرمایہ کاروں کو رعایت فراہم کی تھی، معاہدے کے تحت یہ رعایت 5 سال تک موجود رہے گی۔


    حکومتی کوششیں بےسود، چینی درآمد کرنے کےلئے کسی نے بولی نہیں لگائی


    وکیل نے مزید بتایا کہ پالیسی کے مطابق آٹو مینوفیکچرنگ کے لیے مجموعی طور پر ڈیوٹی کی حد 25 فی صد رکھی گئی تھی، 2 فی صد اضافی کسٹم ڈیوٹی کے بعد یہ حد ختم ہو جائے گی، لیکن سرمایہ کاروں کے ساتھ کیے گئے معاہدے کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، اس صورت حال سے ملک میں سرمایہ کاری متاثر ہوگی۔

    وکیل درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت نے اسی نوعیت کے دیگر درخواستوں میں اضافی ٹیکس کے خلاف حکم امتناع جاری کیا ہے۔

    عدالت نے ایک موقع پر کہا کہ درخواست گزار کو پہلے عبوری طور پر ڈیوٹی کا جائزہ لینا چاہیے تھا، وکیل نے کہا درخواست گزار نے ایس آر او کو چیلنج کیا ہے، بعد ازاں عدالت نے درخواستوں کی سماعت 19 اگست تک ملتوی کر دی۔

  • کراچی : شوہر کے تشدد کا شکار نوبیاہتا دلہن  دم توڑ گئی

    کراچی : شوہر کے تشدد کا شکار نوبیاہتا دلہن دم توڑ گئی

    کراچی : شوہر کے تشدد کا شکار نوبیا ہتادلہن دم توڑ گئی ، مقتولہ کی شادی 16 جون کواشوک سے ہوئی تھی اور واقعہ 17 جون کو پیش آیا تھا ۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری شاہ بیگ لین میں شوہر کے تشدد کا شکار نوبیا ہتادلہن شانتی اسپتال میں دم توڑ گئی۔

    پولیس نے بتایا کہ 19 سالہ شانتی نے سول اسپتال ٹراما سینٹر میں دم توڑا ، شوہرکے بہیمانہ تشدد کا شکار 19سالہ شانتی تشویشناک حالت میں مقامی اسپتال میں زیرعلاج تھی

    مقتولہ کی شادی 16 جون کواشوک سے ہوئی تھی اور واقعہ 17 جون کو پیش آیا تھا، ملزم نے لڑکی کے جسم کے مختلف حصوں کو کاٹا تھا جس سے اس کی حالت انتہائی تشویشناک ہوگئی تھی۔

    بعد ازاں بغدادی پولیس نے ملزم اشوک کو گرفتارکرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اشوک کیخلاف لڑکی کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : کراچی: گھر سے نئی نویلی دلہن کی لاش برآمد

    یاد رہے چند ماہ قبل محمود آباد کے علاقے کشمیر کالونی میں گھر سے نئی نویلی دلہن کی لاش ملی تھی۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ متوفیہ کی 3 روز قبل شادی ہوئی تھی لیکن جسم پر تشدد کا کوئی نشان نہیں ہے، لواحقین کا بیان ہے کہ متوفیہ کو سانس کا عارضہ تھا۔

    دلہن کے لواحقین نے پولیس حکام کو بتایا تھا کہ متوفیہ کو اکثر دورے پڑنے کی شکایت بھی رہتی تھی۔

  • کراچی میں مسلح ملزمان کی یونیورسٹی طالبہ سے لوٹ مار کی ویڈیو وائرل

    کراچی میں مسلح ملزمان کی یونیورسٹی طالبہ سے لوٹ مار کی ویڈیو وائرل

    کراچی : بفرزون سیکٹر 15 اے 2 میں مسلح ملزمان کی یونیورسٹی طالبہ سے لوٹ مار کی سی سی ٹی وی سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بفرزون سیکٹر 15 اے 2 میں موٹرسائیکل سوار ڈکیت گینگ سرگرم ہے۔

    مسلح ملزمان کی یونیورسٹی طالبہ سے لوٹ مار کی سی سی ٹی وی سامنے آگئی، شہری اپنی بیٹی کو موٹر سائیکل پریونیورسٹی چھوڑنے جا رہا تھا۔

    موٹرسائیکل سوارملزما ن اسلحہ کے زور پر طالبہ سے موبائل چھین کرفرار ہوئے ، ملزمان نے لوٹ مار کے بعد اس علاقے میں کچھ ہی فاصلے پر دوسری واردات بھی کی۔

    بچی کواسکول چھوڑنے والے شہری کو بھی اسلحے کے زور پر لوٹا گیا ، دونوں وارداتوں میں سی سی ٹی وی میں نظرآنے والے ملزمان ایک ہی ہیں۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ تاحال کسی متاثرہ شہری نے مقدمہ درج نہیں کرایا۔

  • کراچی: کار شوروم پر فائرنگ کے بعد واٹس ایپ پر بھتے کی کال آ گئی

    کراچی: کار شوروم پر فائرنگ کے بعد واٹس ایپ پر بھتے کی کال آ گئی

    کراچی: گزشتہ روز نیو کراچی میں کار شوروم پر فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ پولیس نے ملازم کی مدعیت میں درج کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نیو کراچی تھانے کی حدود میں ایک کار شوروم پر فائرنگ کی گئی تھی، جس کے بعد بھتہ خوروں کی جانب سے واٹس ایپ کال آ گئی۔

    پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیو کراچی تھانے میں مقدمہ رینٹ اے کار کے ملازم کی مدعیت میں بھتہ خوری، اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے، جس میں گینگ وار وصی اللہ لاکھو، عبدالصمد کاٹھیا واڑی، جواد راجہ اور فائرنگ کرنے والے 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔

    ایف آئی آر کے مطابق شوروم پر فائرنگ لیاری گینگ وار نے بھتہ خوری کے لیے کی، فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہو گئے، اور انھوں نے واٹس ایپ پر شوروم مالک سے بھتہ مانگا۔


    فیک جاب آفرز سے ہوشیار، نوجوانوں کو ٹریپ کرنے کے لیے واٹس ایپ گروپس متحرک


    جس وقت فائرنگ کی گئی اس وقت مہران، عطا اللہ اور سلمان شوروم میں موجود تھے لیکن خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، فائرنگ کے بعد بین الاقوامی نمبر سے کال آئی جس میں اس نے گینگ وار سے اپنا تعلق ظاہر کیا۔ بھتہ خور نے پیغام دیا کہ عمر فاروق یا سمیع اللہ رینٹ اے والے کو کہو کہ اپنا نمبر آن کرے اور بھتہ دے۔

    نیو کراچی پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے، ملزمان تک پہنچنے کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔

  • کراچی میں خاتون کے ہاں بیک وقت 5 بچوں کی پیدائش

    کراچی میں خاتون کے ہاں بیک وقت 5 بچوں کی پیدائش

    (23 جولائی 2025): کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن کے رہائشی عدنان شیخ کے ہاں بیک وقت پانچ بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاوٴن میں رہائشی عدنان شیخ کے ہاں بہ یک وقت پانچ بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ پانچوں بچے (Quintuplets) وقت سے پہلے 29 ہفتوں پر پیدا ہوئے۔

    ڈاکٹرزکے مطابق پیدائش ایمرجنسی سیزیرین سیکشن ذریعے ہوئی بچوں کا وزن بہت کم ہے سب بچوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا جبکہ بچوں کو بچوں کو آکسیجن دی گئی اور بچوں کے ابتدائی لیبارٹری ٹیسٹ کروائے گئے۔

    اہلخانہ کے مطابق عدنان شیخ کی ایک سال قبل شادی ہوئی تھی بچوں کی حالت پہلے سے بہتر ہے، پیشے کے اعتبار سے بچوں کے والد ڈرائیور ہیں۔

    بچوں کے والد کا کہنا ہے کہ اخراجات بہت زیادہ ہے لہذا نتظامیہ اور مخیر حضرات سے تعاون کی اپیل ہے، انھوں نے کہا کہ ایک ساتھ پانچ بچوں کی پیدائش پر وہ بہت خوش ہیں اور اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔

  • کراچی میں صبح سویرے مختلف علاقوں میں رم جھم، موسم خوشگوارہوگیا

    کراچی میں صبح سویرے مختلف علاقوں میں رم جھم، موسم خوشگوارہوگیا

    کراچی(23 جولائی 2025): شہر قائد کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہونے والی رم جھم بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کے بعد سے گزشتہ شام سے ہی بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں تاہم صبح سویرے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں مطلع ابرآلود ہے، صبح سویرے لیاری، ماڑی پور روڈ، کلفٹن، بلدیہ میں وقفے وقفے سے بوندا باندی ہوئی ہے جس سے شہر میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔

    موسم سے متعلق خبریں

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہیں اور آئندہ چند روز تک صبح و رات کے اوقات میں بوندا باندی کے امکان ہیں۔

    محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد ہونے سے موسم مرطوب ہے اور آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری تک جانےکا امکان ہے۔

    لاہور میں طوفانی بارش برس گئی، جڑواں شہروں میں بھی موسلادھار جھڑی

    دوسری جانب پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں طوفانی بارش برس گئی ہے، جس پر ریسکیو پنجاب ہائی الرٹ ہو گیا ہے، دوسری طرف جڑواں شہروں میں بھی موسلادھار بارش جاری ہے۔

    ترجمان ریسکیو پنجاب نے کہا ہے کہ لاہور میں بارش کے پیش نظر ریسکیو ٹیموں کو ہنگامی الرٹ پر رکھا گیا ہے، عوام نشیبی علاقوں میں جانے سے گریز کریں، اور الیکٹرک پولز، کھلے بورڈز اور سوئچز کو ہاتھ نہ لگائیں، بارش کے باعث پھسلن سے حادثات کا خدشہ ہے اس لیے شہری احتیاط کریں، اور کسی بھی ایمرجنسی میں فوری طور پر 1122 پر رابطہ کریں۔

  • کراچی : اسکریپ کے 15 گوداموں میں خوفناک آتشزدگی

    کراچی : اسکریپ کے 15 گوداموں میں خوفناک آتشزدگی

    کراچی : سہراب گوٹھ کے قریب مچھر کالونی اسکریپ کے 15 گوداموں میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، پلاسٹک، لنڈا کا کپڑا اور دیگر اشیا بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ 

    اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ کے قریب مچھر کالونی میں قائم اسکریپ کے ایک گودام میں اچانک آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    آگ اس قدر شدید تھی کہ اس نے چند گھنٹوں میں اسکریپ کے 15گوداموں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کر دی گئی۔

    مذکورہ گوداموں میں پلاسٹک، لنڈا کا کپڑا اور دیگر اشیا بڑی تعداد میں موجود ہیں، ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہ ہوسکی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    اس حوالے سے فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کیلیے عملے کو پانی کی کمی کا سامنا ہے، پانی کے مزید 2 ٹینکر طلب کرلیے گئے ہیں آگ پر جلد قابو پالیا جائیگا۔ جائے وقوعہ پر پولیس اور رینجرز کی نفری بھی موجود ہے۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں فوڈ ڈلیوری گودام میں خوفناک آتشزدگی

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے ناظم آباد عیدگاہ کے قریب فوڈ ڈلیوری کے گودام میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا، آگ عمارت کے بیسمنٹ میں لگی جس پر کئی گھنٹوں بعد قابو پایا گیا۔

    فائر بریگیڈ حکام کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر 5 گھنٹے سے زائد کا وقت گزر گیا تھا اور فائر فائٹرز گودام کے بیسمنٹ میں بھی داخل نہیں ہوسکے تھے۔

  • کراچی : ملزمان کی بچی کے سامنے شہری سے لوٹ مار، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی : ملزمان کی بچی کے سامنے شہری سے لوٹ مار، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی : ملزمان کی بچی کے سامنے شہری سے لوٹ مار کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز کا سر عام دن دہاڑے شہریوں سے لوٹ مار کا سلسلہ جاری ہے۔

    بفرزون کے علاقے میں ملزمان کی بچی کے سامنے شہری سے لوٹ مار کا واقعہ سامنے آیا، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اےآروائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہری بچی کو اسکول چھوڑنے کیلئے گھر کے باہر کھڑا تھا کہ موٹرسائیکل سواردوملزمان اسلحہ کےزورپرموبائل اورنقدی چھین کرفرار ہوئے۔

    فوٹیج میں اسکول یونیفارم میں بچی کودیکھاجاسکتا ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ شہری کی جانب سے ابھی تک کوئی رپورٹ درج نہیں، تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔