Tag: PML N

  • وزیراعظم کورونا ریلیف ٹائیگرفورس کا کمال، مسلم لیگ ن کے ارکان بھی فورس میں شامل

    وزیراعظم کورونا ریلیف ٹائیگرفورس کا کمال، مسلم لیگ ن کے ارکان بھی فورس میں شامل

    اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے ارکان قومی اسمبلی نےٹائیگرفورس کی سرگرمیوں میں حصہ لینا شروع کردیا، عثمان ڈار نے کہا خوشی ہے کہ مشکل وقت میں سیاسی اختالافات ایک طرف رکھ دئیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کورونا ریلیف ٹائیگرفورس کا کمال ، عوامی نمائندوں نےقومی معاملےپرسیاسی اختلافات بالائے طاق رکھ دئیے ، لیگی ارکان قومی اسمبلی نےٹائیگرفورس کی سرگرمیوں میں حصہ لینا شروع کردیا۔

    سیالکوٹ میں ٹائیگرفورس کیلئےقائم ڈسٹرکٹ کمیٹی کااجلاس ہوا ، جس میں ن لیگ کے 2 ارکان قومی اورایک رکن صوبائی اسمبلی اجلاس میں شریک ہوئے ، رکن قومی اسمبلی راناشمیم اورزارےشاہ نے بھی اجلاس میں شرکت کی تاہم رکن اسمبلی خواجہ آصف دعوت نامہ کےباوجوداجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔

    عثمان ڈار نے کہا کہ ارکان قومی اسمبلی نےقومی مہم میں شامل ہو کرذمہ داری کامظاہرہ کیا، خوشی ہے کہ مشکل وقت میں سیاسی اختالافات ایک طرف رکھ دئیےگئے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ دیگر ارکان اسمبلی بھی قومی ذمہ داری میں شامل ہوں، چاہتے ہیں متعلقہ عوامی نمائندوں کی رائےکو اہمیت دی جائے۔

    خیال رہے وزیراعظم کی ٹائیگر فورس کو ملک بھر میں آپریشنل کردیا گیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگرز فورس کے رضاکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی طرح کورونا وائرس پاکستان کیلئےبھی بڑا چیلنج ہے ،برطانیہ جیسے ملک کے وزیراعظم نے والنٹیئر فورس کی اپیل کی، اسی طرح ٹائیگرز فورس رضاکارانہ طورپر ایڈمنسٹریشن کی مدد کرے گی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹائیگرزفورس مشکل وقت میں ملک کیلئے جہاد لڑےگی، ٹائیگرز فورس میں شمولیت اختیار کرنیوالوں کا مشکور ہوں۔

  • کشمیری ماؤں، بہنوں نےثابت کیا کہ وہ حق سے پیچھے نہیں ہٹیں گی، شہباز شریف

    کشمیری ماؤں، بہنوں نےثابت کیا کہ وہ حق سے پیچھے نہیں ہٹیں گی، شہباز شریف

    لندن : مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا خواتین پر کیے گئے بھارتی فوج کے مظالم نہیں بھولی، آج کشمیری خواتین کی اجتماعی بےحرمتی کا واقعہ تاریخ کاسیاہ ترین دن ہے۔

    یہ بات انہوں نے کشمیری خواتین کے یوم مزاحمت پر کے موقع پر اپنے بیان میں کہی، شہباز شریف نے کہا کہ آج سے 27سال پہلے1991میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج نے ظلم کے پہاڑ توڑے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے کشمیر کے کنن اور پوش پورہ گاؤں میں مظالم کو دنیا نہیں بھولی، کشمیری خواتین کی اجتماعی بےحرمتی کا واقعہ تاریخ کاسیاہ ترین دن ہے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے دیہاتوں میں اس دن مردوں پر بھی بہیمانہ تشدد کیا گیا تھا، تحریک آزادی کشمیر میں خواتین کا کردار ناقابل فراموش ہے۔

    ن لیگی رہنما نے کہا کہ کشمیری ماؤں، بہنوں،بیٹیوں نےثابت کیا کہ وہ حق سے پیچھےنہیں ہٹیں گی، دنیا مقبوضہ کشمیر کی خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئےعملی اقدام کرے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارتی فوج کے خلاف جنگی جرائم کا مقدمہ اور سزائیں دی جائیں، ہم کشمیری خواتین کی لازوال قربانیوں اور ان کے عزم واستقامت کو سلام پیش کرتے ہیں۔

  • خواجہ آصف کے ساتھیوں کیخلاف گھیرا تنگ، محکمہ ریلوے کی بڑی کارروائی

    خواجہ آصف کے ساتھیوں کیخلاف گھیرا تنگ، محکمہ ریلوے کی بڑی کارروائی

    سیالکوٹ : ن لیگی دور میں نوازے گئے خواجہ آصف کے قریبی ساتھیوں کے خلاف گھیرا تنگ ہوگیا، محکمہ ریلوے نے سیالکوٹ میں بڑی الیکٹرانک مارکیٹ کو سیل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ریلوے نے ن لیگی دور حکومت میں کوڑیوں کے مول دی گئی ریلوے کی اربوں کی اراضی پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سیالکوٹ میں بڑی الیکٹرانک مارکیٹ سیل کردی ہے۔

    اس حوالے سے ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے گزشتہ دور حکومت میں ریلوے کی اربوں روپے مالیت کی اراضی پر مارکیٹ بنائی گئی اس مارکیٹ کی کمرشل اراضی ن لیگ کے من پسند افراد کو کوڑیوں کے بھاؤ دی گئی تھی۔

    ان افراد نے3سال سے کرائے کی مد میں واجبات تک ادا نہیں کیے، واجبات ادا نہ کرنے کے باعث محکمہ ریلوے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا جا چکا ہے۔

    ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ میں نبی لون اور شیخ قیصر کی الیکٹرانک مارکیٹ جو سربمہر کیا گیا ہے، واجبات کی عدم ادائیگی اور لیز ریویو نہ کرانے پردکانیں سیل کیں، مالکان کو واجبات کے لیے14دن قبل نوٹس بھی جاری کیے گئے تھے۔

  • پی پی، اے این پی اور ن لیگ سے ناراض مولانا فضل الرحمان نے علیحدہ اتحاد بنالیا

    پی پی، اے این پی اور ن لیگ سے ناراض مولانا فضل الرحمان نے علیحدہ اتحاد بنالیا

    اسلام آباد : جمیعت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پیپلزپارٹی، اے این پی اور ن لیگ کے ساتھ مشاورتی عمل ختم کرتے ہوئے علیحدہ اتحاد بنالیا ہے جس کے تحت رواں ماہ حکومت مخالف تحریک چلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی مفاہمتی پرواز کو دیکھتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن اتحاد سے عملاً علیحدگی اختیار کرلی، جے یو آئی نے 3اپوزیشن جماعتوں سے سیاسی قطع تعلق کا حتمی فیصلہ کرلیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں نیا سیاسی الائنس قائم کردیا گیا ہے،6جماعتی اپوزیشن الائنس نے ماہ فروری کے وسط سے حکومت کیخلاف ملک گیر تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق جمیعت علماء اسلام کے سربراہ نے پیپلزپارٹی، ن لیگ، اے این پی کے ساتھ مشاورتی عمل بھی ختم کردیا ہے، جس کے بعد مولانا فضل الرحمان نے6جماعتی اپوزیشن الائنس بنادیا ہے۔

    جس میں جے یو آئی، نیشنل پارٹی ،جمعیت اہلحدیث، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی شامل ہیں، اس کے علاوہ قومی وطن پارٹی اورجمعیت علمائے پاکستان بھی اس اتحاد کا حصہ ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 23فروری کو کراچی سے فضل الرحمان حکومت مخالف تحریک کا آغاز کریں گے، اسی روز کراچی میں 6اپوزیشن جماعتوں کامشترکہ جلسہ ہوگا جبکہ13مارچ کو مینار پاکستان لاہور میں جے یو آئی کے تحت جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا۔

    مولانا فضل الرحمان6فروری کو خصوصی دورے پر کراچی پہنچیں گے جہاں وہ علماء اور مدارس کے منتظمین سے اہم ملاقات کریں گے۔

  • نیا ہیٹ پہن کر تقریریں کرنے والے ملک سے فرار ہیں، فردوس عاشق اعوان

    نیا ہیٹ پہن کر تقریریں کرنے والے ملک سے فرار ہیں، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد : وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ روز نیا ہیٹ پہن کر تقریریں کرنے والے ملک سے فرار ہیں، قوم نے پہلے ایسے بیمار کبھی نہیں دیکھے۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویہب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی، فردوس عاشق اعوان نے نون لیگ کے رہنماؤں کی سیاست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نورا لیگ میدان سے بھاگ چکی ہے۔

    شہباز شریف کا نام لیے بغیر ان کا کہنا تھا کہ ترچھی ٹوپی، ذائقے دو نومبر سے ملک سے فرار ہیں، کیمروں، اجلاسوں، ہوٹلوں میں لندن کی سڑکوں پر وہ بھلے چنگے ہیں، روزانہ نیا ہیٹ پہن کر تقریریں کرتے ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ وہ عدالتوں کے سامنے اور کاغذات میں بیمار ہیں، پارلیمان سے تنخواہیں لیتے ہیں مگر قوم کی خدمت کیلئے دستیاب نہیں، ایسے بیمار قوم نے پہلے کبھی نہیں دیکھے۔

    معاون خصوصی نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پاکستانی قوم کو لوٹ کر بھی مظلوم ہونے کی دہائی دینے والے اب احتساب سے نہیں بچ سکتے۔

  • ن لیگ کا فیصل واوڈا سے استعفے کا مطالبہ، ٹاک شو پر پابندی مسئلہ کا حل نہیں

    ن لیگ کا فیصل واوڈا سے استعفے کا مطالبہ، ٹاک شو پر پابندی مسئلہ کا حل نہیں

    اسلام آباد : ن لیگ کی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ فیصل واوڈا نے اپنی پارٹی کے حکم اور ہدایت پر  بوٹ لانے والی حرکت کی، ٹاک شو پر پابندی اس مسئلہ کا حل نہیں، وفاقی وزیر سے استعفیٰ طلب کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے ٹی وی پروگرام میں بوٹ لانے پر وفاقی وزیر فیصل واوڈا سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔

    اس حوالے سے ن لیگی رہنما نے کہا کہ فیصل واوڈا نے جو کیا اور جو وہ کرتے ہیں اپنے قائد کے حکم پر کرتے ہیں، یہ حرکت بھی انہوں نے اپنی پارٹی کے احکامات پر کی۔

    مریم اورنگزیب نے کہا کہ24گھنٹے گزرنے کے باوجود فیصل واوڈا کیخلاف کارروائی نہیں ہوئی، وفاقی وزیر کیخلاف کارروائی کا نہ ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ اپنے بڑوں کے حکم پر یہ حرکت کی گئی۔

    ہمارا مطالبہ ہے کہ وزیر اعظم فیصل واوڈا سے ان کی وزارت اور قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ لیں، مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ فیصل واوڈا جیسے لوگوں کا پارلیمان اور کابینہ میں ہونا اس ملک کی بدقسمتی ہے۔

    پیمرا کو استعمال کرکے ٹاک شو پر پابندی سے مسئلہ حل نہیں ہوگا،16ماہ سے پیمرا کو استعمال کرکے نالائقی چھپانے کے لئے میڈیا کی آواز بند ہے، حکمرانوں کے دباؤ پر فیصل واوڈا کی بےنامی جائیداد پر اب تک نیب ایکشن نہیں ہوا۔

  • اس وقت ملک قرضوں میں بری طرح جکڑا ہوا ہے، شہباز شریف

    اس وقت ملک قرضوں میں بری طرح جکڑا ہوا ہے، شہباز شریف

    لندن : مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے قرضے لینے کا ریکارڈ توڑ دیا، اس وقت ملک قرضوں میں بری طرح جکڑا ہوا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں پارک لین اپارٹمنٹس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ن لیگ کے رہنما نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم اپوزیشن کے بجائے معیشت پر زور لگاتے تو حالات بہتر ہوتے۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں اتنے قرضے لیے گئے کہ پچھلے سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے، پاکستان کی معیشت حکمرانوں نے تباہ کردی۔

    ن لیگ کے رہنما کا کہنا تھا کہ ملک میں زراعت اور صنعت تباہ ہوچکی ہے، پاکستان میں کروڑوں افراد بے روزگار ہوچکے ہیں،50لاکھ گھراور ایک کروڑ نوکریاں کہاں ہیں؟

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے نوٹیفکیشن میں جان بوجھ کرغلطیاں کی گئیں، شہبازشریف نے مزید کہا کہ آئیں سب مل برآمدات میں اضافہ کریں اور عوام کو روزگارفراہم کریں۔

  • آرمی ایکٹ ترمیم : ن لیگ نے وہی فیصلہ کیا جو ان کو کرنا چاہیے تھا، غلام سرور خان

    آرمی ایکٹ ترمیم : ن لیگ نے وہی فیصلہ کیا جو ان کو کرنا چاہیے تھا، غلام سرور خان

    اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ ترمیم پر ن لیگ نے وہی فیصلہ کیا ہے جو ان کو کرنا چاہیے تھا، تمام سیاسی جماعتیں بھی غیر مشروط حمایت کریں۔

    یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، غلام سرور خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے بہت سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا ہے، آرمی ایکٹ ترمیم پر ن لیگی رہنماؤں نے وہی فیصلہ کیا ہے جو ان کو کرنا چاہیے تھا.

    وفاقی وزیر نے کہا کہ ن لیگ کے کچھ دوستوں نے بتایا ہے کہ حمایت کا اصولی فیصلہ ہوگیا ہے، اپوزیشن جماعتوں کو پہلے ہی بڑی بات نہیں کرنی چاہئے تھی۔

    غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ آج نماز جمعہ سے پہلے آرمی ایکٹ ترمیمی بل قومی اسمبلی سے منظور کرلیا جائے گا، بعد ازاں بل کو سینیٹ میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ آج رانا ثناءاللہ کا بیان سن کر بڑی خوشی ہوئی، بتایا جائے کہ ن لیگ نے رانا ثناءاللہ کو ترجمان کیوں بنادیا ہے؟۔

  • آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع، مسلم لیگ(ن) کا آرمی ایکٹ میں ترمیم کی حمایت کا فیصلہ

    آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع، مسلم لیگ(ن) کا آرمی ایکٹ میں ترمیم کی حمایت کا فیصلہ

    اسلام آباد : مسلم لیگ(ن) نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق آرمی ایکٹ میں ترمیم کی حمایت کا فیصلہ کرلیا، حکومت نے آرمی ایکٹ میں ترمیم پر ن لیگ کی حمایت مانگی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ن) کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق آرمی ایکٹ میں ترمیم کی حمایت کا فیصلہ کیا گیا۔

    ن لیگی رہنما مشاہد اللہ خان نے کہا آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع پرکوئی اعتراض نہیں، آرمی ایکٹ میں معمولی تبدیلی درکارہے، ترمیم کے ذریعے وزیراعظم کو توسیع کا اختیار مل سکتا ہے۔

    اس سے قبل آرمی ایکٹ میں ترمیم کے معاملے پر حکومت نے ن لیگ سےحمایت مانگی تھی، اپوزیشن چیمبر میں حکومت اور اپوزیشن ارکان کےدرمیان مذاکرات ہوئے ، پرویز خٹک، شبلی فراز، اعظم سواتی، علی محمدخان حکومتی وفد میں جبکہ خواجہ آصف،رانا تنویر،ایاز صادق ودیگر ارکان لیگی وفدمیں شامل تھے۔

    مزید پڑھیں : آرمی ایکٹ میں ترمیم کا معاملہ، حکومت نے ن لیگ سے حمایت مانگ لی

    پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ن لیگ کےبعداپوزیشن کی دیگر جماعتوں سےرابطےکریں گے، مشاورت مکمل ہونےپربل پارلیمنٹ میں لائیں گے، امید ہےشام تک مشاورت مکمل کرلیں گے۔

    خیال رہے حکومت کی جانب سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق آرمی ایکٹ میں ترمیم کا بل قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا اور قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد بل سینیٹ میں لایا جائے گا۔

    گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے غیرمعمولی اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق آرمی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دی گئی جبکہ اپوزیشن کواعتمادمیں لینےکیلئے وزیردفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی تھی۔

    واضح رہے سپریم کورٹ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے متعلق قانون سازی کے لئے حکومت کو پارلیمنٹ کا پابند کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایکٹ آف پارلیمنٹ کے ذریعے 6 ماہ میں آرٹیکل 243 کی وسعت کا تعین کیا جائے۔

  • مجھ پر ایک جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ قائم کیا گیا، رانا ثناء اللہ

    مجھ پر ایک جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ قائم کیا گیا، رانا ثناء اللہ

    لاہور : مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ مجھ پر ایک بے بنیاد مقدمہ قائم کیا گیا جو سراسر جھوٹ تھا، میری رہائی ہائی کورٹ کے حکم پر عمل میں آئی۔

    یہ بات انہوں نے لاہور میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پارٹی کارکنان اور ساتھیوں کا شکر گزار ہوں، ان اینکرز کا بھی شکریہ جنہوں نے حق میں آواز بلند کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ یکم جولائی2019 کو اپنے گھر سے روانہ ہوا، راوی ٹول پلازہ کراس کیا تو میرے گارڈ کو گاڑیوں سے زبردستی اتارا گیا، مجھے تھانے لے جایا گیا پوری رات وہاں رکھا گیا۔

    پوری رات کسی تفتیشی افسر نے کوئی بات نہیں کی، میرے پوچھنے پر کہا گیا کہ میرے قبضے سے منشیات برآمد ہوئی ہے اور اس کی فوٹیج بھی موجود ہیں۔

    رانا ثناءاللہ نے کہا کہ یہ سراسر جھوٹ تھا میرے خلاف ایک بے بنیاد مقدمہ قائم کرکے مجھے بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ یکم جولائی کو میں سو فیصد اپنی جماعت کے ساتھ کھڑا تھا اور آج ایک ہزار فیصد اپنی جماعت مسلم لیگ ن کے ساتھ کھڑا ہوں، ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، ہم کہتے ہیں کہ عوام کے ووٹ کو عزت دو۔

    مزید پڑھیں: منشیات برآمدگی کیس: رانا ثنا اللہ ضمانت پر رہا

    واضح رہے کہ منشیات برآمدگی کیس میں لاہور ہائی کورٹ نے لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کی ضمانت کا نو صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا تھا جس کے بعد آج ان کو کیمپ جیل سے رہا کر دیا گیا، اس موقع پر لیگی کارکنان کی بڑی تعداد رانا ثنا اللہ کے استقبال کے لیے پہنچی۔