اسلام آباد: ذرائع کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں ق لیگ 10 نشستوں پر ن لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر غور کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ق لیگ قومی اسمبلی کی 3 اور صوبائی اسمبلی کی 7 نشستوں پر پاکستان مسلم لیگ ن کے ساتھ ایڈجسٹمنٹ کی خواہاں ہے۔
تاہم ذرائع نے کہا ہے کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے سلسلے میں حتمی فیصلہ نواز شریف اور چوہدری شجاعت حسین کی ملاقات میں ہوگا، یہ بات سامنے آئی ہے کہ ق لیگ گجرات اور بہاولپور سے قومی اسمبلی کی 3 سیٹوں پر ایڈجسٹمنٹ چاہتی ہے۔
ذرائع کے مطابق ق لیگ کی جانب سے چوہدری سالک، طارق بشیر اور حسین الہٰی قومی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے۔
لاہور : ملک میں عام انتخابات میں تاخیر کے معاملے پر پیپلزپارٹی کے بعد اب ن لیگ نے بھی آستینیں چڑھا لیں۔
مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما عطا تارڑ نے مقررہ وقت میں انتخابات نہ ہونے کی صورت میں ملک بھر میں احتجاجی تحریک شروع کرنے کا عندیہ دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر اگلے سال ماہ فروری تک ملک میں عام انتخابات منعقد نہ ہوئے تو مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی ایک ہی ٹرک پرسوار ہوں گی۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کی جانب سے عطاتارڑ سے پوچھے گئے ایک سوال پر کہ کیا چیئرمین پی ٹی آئی بھی اس ٹرک پر ہوں گے؟ جس ان کا جواب تھا کہ بالکل چیئرمین پی ٹی آئی بھی ہمارے ساتھ اسی ٹرک پر ہوسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے پہلے ہی عام انتخابات میں تاخیر کے معاملے پر سپریم کورٹ میں درخواست دائر کررکھی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت کو ہدایت کی جائے کہ نوے روز میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں۔
درخواست کے مطابق الیکشن کمیشن کو ہدایت دیں90 روز میں عام انتخابات کیلئےشیڈول جاری کیا جائے، صوبوں کے گورنرز کو بھی حکم دیا جائے کہ 90 روزمیں انتخابات کیلئےالیکشن تاریخ مقرر کریں۔
لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک سے مہنگائی کے اندھیرے ایسے ختم کرینگے جس طرح ہم نے لوڈ شیڈنگ ختم کی تھی۔
لاہور میں ن لیگ کی پنجاب ویمن ونگ کے عہدیداروں سے ملاقات کے موقع پر شعبہ خواتین کے تنظیمی ڈھانچے اور سرگرمیوں کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
پنجاب ویمن ونگ کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ خواتین نے سیاسی و جماعتی تاریخ میں ہمیشہ ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری خواتین نے ہر سیاسی معرکے میں بہادری، نظریاتی وابستگی کا مظاہرہ کیا، ن لیگ نے خواتین اور نوجوانوں کو سیاست کا ہراول دستہ بنادیا ہے۔
ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ قائد نوازشریف نے اپنے ہر دور میں خواتین اور نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کیے، سال 2013سے2018کا نوازشریف کا دور حکومت کم ترین مہنگائی اور ملکی ترقی کا سنہرا دور تھا۔
اپنی گفتگو میں مریم نواز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اقتدار میں آنے کے بعد پورے پاکستان سے مہنگائی کے اندھیرے ایسے ختم کرینگے جس طرح لوڈ شیڈنگ ختم کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے ہوتے ہوئے قوم کو مایوس اور ناامید ہونے کی ضرورت نہیں، یہ مہنگائی گزشتہ چار سال کے پروجیکٹ پی ٹی آئی کی وجہ سے ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت لاڈلے کی خاطر نوازشریف کو نااہل نہ کیا جاتا تو آج مہنگائی نہ ہوتی، قوم آج سوال پوچھے نوازشریف کو اقتدارسے الگ کیوں کیا گیا تھا؟
قصور : وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا اگلا وزیر اعظم نواز شریف ہے جو جلد واپس آکر ملک و قوم کی تقدیر بدل دے گا۔
قصور میں مسلم لیگ ن کے تحت جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ عوام کا ٹھاٹیں مارتا سمندر یہ گواہی دیتا ہے اگلا وزیراعظم نوازشریف ہوگا جو جلد وطن واپس آئے گا اور پاکستان کی تقدیر بدل دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف وہ معمارہے جس نے پورے پاکستان میں موٹرویز کا جال بچھایا،
2008میں 20،20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوا کرتی تھی، نواز شریف کو موقع ملا تو 5سال میں اندھیرےختم کردیے، ایٹمی دھماکے کرکے ماریکہ اور بھارت کو کرارا جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نو اگست کو اسمبلی تحلیل کردوں گا، پھر نگران حکومت آئے گی، اگر ن لیگ کو دوبارہ موقع ملا تو ہم پوری جان لگا کر پاکستان کی تقدیر بدل دیں گے۔
شہباز شریف نے چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو بردباد کردیا، میڈیا انٹرویوز میں سی پیک پر الزام لگایا کہ کرپشن ہوتی ہے اور کہا کہ یہ مہنگے قرضے ہیں، چین کو یہاں آکر کہنا پڑا کہ آپ ہمارے دوست ہیں یا دشمن؟
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے75سال میں عوام کو فائدہ نہیں دیا، مقدمات میں پھسنے رہے، پیچیدہ مقدمات میں وکیلوں کی فیسوں میں قوم کے اربوں روپے خرچ ہوئے لیکن عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوا، اب ہمیں قرضوں سے جان چھڑانی ہے اس کیلئے نوجوانوں کو تیار کرنا ہوگا تاکہ بیرون ملک ملازمتیں ملیں۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کی معاشی ترقی کا پروگرام بنایا ہے، کوشش کرکے پاکستان کی زراعت میں انقلاب لے کر آئیں گے، پاکستان میں اربوں کھربوں ڈالر کے معدنی ذخائر ہیں، جن سے عوام کو ابھی تک فائدہ نہیں ملا۔
سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ ن لیگ کے رہنما طلال چوہدری کو ناحق 5 سالہ نااہلی کی سزا ثابت قدمی سے کاٹنے پرمبارکباد پیش کرتا ہوں۔
لندن میں موجود ن لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ جھوٹے مقدمات، نااہلی اور ہرطرح کے ظلم کو میں نے اور میرے ساتھیوں نے صبرو استقامت سے برداشت کرلیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ناانصافی پر مبنی ان فیصلوں کی سزا پاکستان نے بھگتی، 2017کے پھلتے پھولتے پاکستان کو جبر اور ناانصافی کے فیصلوں نے 2022 تک اس نہج تک پہنچا دیا۔
طلال چوہدری کو توہین عدالت میں ناحق 5 سالہ نااہلی کی سزا ثابت قدمی سے کاٹنے پر مبارک باد دیتا ہوں۔ جھوٹے مقدمات، سزاؤں، نااہلیوں اور ہر طرح کے ظلم کو میں نے اور میرے ساتھیوں نے تو صبر و استقامت سے برداشت کر لیا مگر ناانصافی پر مبنی ان فیصلوں کی سزا پاکستان نے بھگتی۔
نواز شریف نے کہا کہ ان ہی فیصلوں کی وجہ سے آج غریب عوام دو وقت کی روٹی کو ترس گئی، اگر اللہ نے ن لیگ کو دوبارہ موقع دیا تو 2017 سے بھی بہتر پاکستان بنائیں گے۔
لاہور : وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں کسی الیکشن الائنس میں نہیں جائیں گے، تاہم کسی پارٹی کے ساتھ محدود سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرسکتے ہیں۔
لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ 434نشستوں پر امیدوار انتخابی میدان میں اُتاریں گے، پارٹی کے سابق ارکان اسمبلی اور متحرک ورکرز پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آج سے باضابطہ انتخابی مہم کی سرگرمیوں کا آغاز کرنے جارہی ہے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے 2013میں الیکشن جیتنے کے بعد ملک بھر سے لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا لیکن ایک سازش کے تحت نواز شریف کو انتخابی عمل سے باہر کرکے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی جماعت پر شدید تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 9مئی واقعات پر کارروائی کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں ہورہی، کارروائیاں اس جتھے کیخلاف ہیں جنہوں نے نوجوانوں کے ذہن میں بارود بھرا۔
ان کا کہنا تھا کہ 9مئی میں ملوث لوگوں کو معاف کردیں کہ اس نے الیکشن لڑنا ہے تو ایسا نہیں ہوسکتا، عدالتوں میں صفائی دینی ہے مگر وہاں یہ جتھے لیکر چلا جاتا ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ شہداء کی یادگاروں کی بےحرمتی، تنصیبات جلانے والوں کیخلاف کارروائی قانون کے مطابق ہورہی ہے، قاسم کے ابو نے اگر کچھ کیا ہے تو ابو جانے اور قاسم جانے، شہزاد اکبر بن کر یہ نہیں بتا سکتا کہ کس مقدمے میں کون گرفتار ہوگا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ جے آئی ٹیز اپنا کام کررہی ہیں ان کی تحقیقات کے مطابق کارروائی ہوگی، جلاؤ گھیراؤ کرنے والے اور مائنڈ سیٹ بنانے والے گرفتار بھی ہوں گے اور ان کا ٹرائل بھی ہوگا۔
ملتان : مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ 9مئی کا ماسٹر مائنڈ زمان پارک میں چھپا بیٹھا ہے، واقعہ تکلیف دہ تھا لیکن اچھا ہوا دشمن پہنچان لیا گیا۔
پنجاب کے شہر شجاع آباد میں مسلم لیگ ن کے یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ
ماسٹر مائنڈ کہتا ہے کارکنوں نے ایسا کردیا مجھے کیا پتا، لیڈر تو وہ ہوتا ہے جو اپنی بیٹی کے ساتھ جیل جائے اور کارکنوں پر آنچ نہ آنے دے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس نے سوچا کہ فوج کو جھکا لے گا مگر چال اُلٹی پڑ گئی، فوج کے خلاف بغاوت کے لیے نکلا تھا اب ان سے بات چیت کی بھیک مانگ رہا ہے۔
نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ کرنل شیرخان کے بھائی نے کہا کہ ان کی یادگار ہمارا اثاثہ تھی اسے بھی جلادیا گیا، جنہوں نے شہداء کی بےحرمتی کی کیا وہ کسی رحم کے مستحق ہیں؟ شہداء کی توہین کرنے والے سن لیں قوم آخر تک تمہارا پیچھا کرے گی، یہ قوم شہداء کی تذلیل کرنے والوں چین سے نہیں رہنے دے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ مشکل وقت میں ایک بھی کارکن نواز شریف کو چھوڑ کرنہیں گیا، ن لیگ کو توڑنے کی کوشش کرنے والوں کی اپنی جماعت ٹوٹ گئی، اب وہ جماعت اتنی سی ہوگئی ہے کہ ایک چنگچی میں پوری آجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وہ اب اپنی جماعت کا صدر، جنرل سیکرٹری، چیف آرگنائرز، ترجمان اور ووٹر بھی خود ہی ہے، جس کے جہاز میں جماعت آئی تھی اسی کے جہاز میں واپس بھی چلی گئی، وہ کہتا تھا 26سال کی محنت سے جماعت بنائی جو 26منٹ میں کرچی کرچی ہوگئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس نے نوجوانوں کا مستقبل چھین کر ان کے ہاتھوں میں پیٹرول بم پکڑا دیے، تکبر میں بڑے دعوے کیے، کہتا تھا کہ ان کو رلاؤں گا، ن لیگ کو رلانے والا باجماعت دھاڑیں مار کر رورہا ہے۔
نواز شریف سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ کیا نوازشریف نے ایک بار بھی کہا یہ املاک جلادو؟،جو ملک بناتا ہوں وہ ملک جلاسکتا ہے؟ درد تو اسی کو ہوگا جو اس مٹی کا بیٹا ہے، جس نے ایک ایک اینٹ سے ملک تعمیر کیا اسی کو ملک کا درد ہوگا، بڑی دفعہ ظلم کا سامنا کیا لیکن جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب نہیں دی، ہمیشہ جمہوری جدوجہد سے انتقام کا سامنا کیا، جن ہاتھوں نے میٹرو بس بنائی ہو کیا وہ میٹرو بس جلا سکتے ہیں؟ جو ہاتھ ملک تعمیر کر سکتے ہیں وہ ملک نہیں توڑ سکتے۔
اسلام آباد : سابق چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے وفاقی وزیر خواجہ آصف کے بیان پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف قانون اور اخلاقیات کی حد میں رہیں۔
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ جھوٹ بولنے میں خواجہ آصف اور ن لیگ گوئبلز کو بھی پیچھے چھوڑ گئے، اگر میں نے سچ بول دیا تو خواجہ آصف اور ان کے رفقاء منہ چھپاتے پھریں گے۔
میاں ثاقب نثار نے کہا کہ خواجہ آصف جھوٹ بول رہے ہیں مجھے نواز شریف نے سیکرٹری قانون اور جج بنایا، نواز شریف نے مجھے سیکرٹری بنایا اور نہ ہی جج۔،
سابق چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ بہتر ہے خواجہ آصف آئین، قانون اور اخلاقیات کی حد میں رہیں ،
وہ پہلے ہی پارلیمنٹ کے فلور پر کہہ چکے ہیں کہ ہمارا چیف جسٹس آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کسی جماعت کا نہیں بلکہ سپریم کورٹ کا ہوتا ہے جو آئین کے تحت حلف اٹھاتا ہے، یہ اپنی لوٹ مار کو چھپانے کے لیے دوسروں پر الزام تراشی کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر 2018 کے الیکشن میں دھاندلی ہوئی تھی تو انہوں نے اسے عدالت میں چیلنج کیوں نہیں کیا؟ اتنے برس گزر جانے کے بعد کیوں واویلا کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ آڈیو لیک سے ثاقب نثار ہی نہیں بلکہ تحریک انصاف کی لیڈر شپ بھی بے نقاب ہوگئی ہے، مافیا تو یہ ہے جو ٹکٹ کے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے پکڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ثاقب نثار کا بیٹا ایک کروڑ 20 لاکھ میں ٹکٹ بیچ رہا تھا ثاقب نثار نے ٹی وی پر تسلیم کیا یہ ان کے بیٹے کی آڈیو ہے، وہ نوازشریف کی دشمنی میں بہت دور نکل گئے۔
لاہور : وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پی ٹی آئی کو پاکستان کی آر ایس ایس قرار دے دیا، انہوں نے عمران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کے ساتھ رعایت برتی جارہی ہے۔
یہ بات انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے پی ٹی آئی کو پاکستان کی آر ایس ایس قرار دیتے ہوئے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان کے تربیت یافتہ لوگ بھی زمان پارک میں نظر آرہے ہیں، عمران خان نے جتھوں کی سیاست کو فروغ دیا، عمران خان انتہا پسند ہے آر ایس ایس کے راستے پرچل رہا ہے۔
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان نے فیصلہ کرلیا کہ اب وہ عدالت میں پیش نہیں ہونگے، وہ ایک ٹینور کیلئے نااہل ہوئے تھے، عمران خان کے ساتھ خصوصی رعایت برتی گئی ہے، آپ ریاست کو مضبوط کررہے ہیں یا نقصان پہنچارہے ہیں۔
انہوں نے زمان پارک میں ہونے والے واقعے کے حوالے سے کہا کہ وہاں پٹرول بم تیار ہیں، خواتین اور نوجوانوں کو استعمال کیا جارہا ہے، کالعدم تحریک طالبان کے تربیت یافتہ لوگ بھی وہاں نظرآرہے ہیں، کوئی قانون توڑے گا تو قانون حرکت میں آئے گا، ہم عدالتوں میں پیش ہوتے رہے ہیں، یہ سارے تماشے ہم نے بھی بھگتے ہیں۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک دن ہائیکورٹ گیا تو ساتھ جم غفیر لے کر گیا تاکہ عدالتوں پر پریشر ڈالا جائے عمران خان کیا چیزہے خود کو کیا سمجھتا ہے، اس نے سازش، جھوٹ اور گالیاں دینے کے سوا کچھ نہیں کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجاب پولیس مار کھانے کے بعد بھی فرض کی ادائیگی کیلئے کھڑی تھی، کیا کوئی پولیس والا کسی کا بیٹا، باپ یا بھائی نہیں ہے، زمان پارک میں پولیس والوں پر تشدد کیا گیا ہے وفاقی حکومت نوٹس لے گی، جو جو شخص اس میں ملوث ہے قانون کی گرفت میں آئے گا۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ گلگت میں سہولت کاروں نے آپ کی حکومت بنوائی تھی، گلگت بلتستان کا وزیراعلیٰ نے پنجاب میں اپنی فورس بھیج دی، اسلام آباد پولیس گلگت بلتستان کی پولیس سے مقابلہ کرے تو وہاں کے لوگوں کو کیسا لگے گا؟ یہ ریاست سے چھیڑخانی کریں گے۔ صوبائی منافرت پھیلائیں گے تو اس قیمت چکانا پڑے گی۔
پشاور: صوبہ خیبر پختون خوا میں پاکستان مسلم لیگ ن دو حصوں میں تقسیم ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نظریاتی گروپ نے معاون خصوصی انجینئر امیر مقام کے خلاف اجلاس بلا لیا ہے، جس کی صدارت آج سابق گورنر خیبر پختون خوا اقبال ظفر جھگڑا کریں گے۔
نظریاتی گروپ کے تمام کارکنوں کو آج اجلاس میں شرکت کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کے دورہ ایبٹ آباد سے قبل ن لیگ کے نظریاتی کارکنان نے خیبر پختون خوا کے صدر امیر مقام اور سیکریٹری مرتضیٰ جاوید عباسی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
ضلعی عہدہ داران کا کہنا تھا کہ مریم نواز کے دورے کے حوالے سے نظریاتی ورکرز سے رابطہ تک نہیں کیا گیا تھا، جس پر انھوں نے مؤقف پیش کیا کہ صوبائی لیگی قیادت نے پارٹی کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔